🏠 Portal 🔍 Proofreading Workbench 📘 Bilingual Edition 📄 Markdown
سُـوْد کَـا مَـسْـئَـلَـہ
Sūd kā Mas’ala: The Problem of Usury & Islamic Economics
شمس المفسرین بحر العلوم حضرت محمد عبد القدیر صدیقی قادری حسرت رحمۃ اللہ علیہ
Ḥaḍrat Muḥammad ‘Abd al-Qadīr Ṣiddīqī Qādrī ‘Ḥasrat’ (Baḥr al-‘Ulūm)
با اہتمام: محمد عباس علم بردار صدیقی، حسرت اکیڈیمی پبلیکیشنز، صدیق گلشن، حیدرآباد دکن · اشاعتِ حسرت اکیڈیمی / Hasrat Academy Publications (1989 CE)
بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَٰنِ الرَّحِيمِ
آیت [سورۃ البقرۃ 2:۲۷۵]
وَأَحَلَّ اللَّهُ الْبَيْعَ وَحَرَّمَ الرِّبَا ۚ ﴿۲۷۵﴾
(ترجمہ) اور اللہ نے بیع کو حلال کیا اور سود کو حرام کیا۔
سُـوْد کَـا مَـسْـئَـلَـہ
حضرت بحر العلوم کی نظر میں

بحر العلوم مولانا محمد عبد القدیر صدیقی حسرتؔ حیدر آبادی کا سود اور دار الحرب پر تفصیلی مضمون

باہتمام: محمد عباس علمبردار صدیقی
ناشر: حسرت اکیڈیمی پبلیکیشنز، صدیق گلشن نزد بہادر پورہ، حیدرآباد ۵۰۰۲۶۴، اے۔پی (انڈیا)
قیمت: ( ۲/- ) دو روپئے
(فیضِ نظامی)

مُقَدِّمَۂ نَاشِر
بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَٰنِ الرَّحِيمِ

بحر العلوم حضرت مولانا محمد عبد القدیر صدیقی حسرتؔ رحمۃ اللہ علیہ سابق صدر شعبۂ دینیات جامعہ عثمانیہ حیدرآباد دکن (انڈیا) کی ذاتِ بابرکات کسی تعارف کی محتاج نہیں۔ آپ بجا طور پر استاذ العلماء اور 'بحر العلوم' کے لقب سے جانے جاتے تھے۔ عربی ادب، فلسفہ، کلام، منطق، تفسیر، اصولِ تفسیر، حدیث، اسماء الرجال، اصولِ حدیث، فقہ، اصولِ فقہ، عقائد، تصوف—غرض جس فن میں بھی حضرت سے استفادہ کیا جاتا تو معلوم ہوتا کہ وہی حضرت کا خاص فن ہے۔

آج سے لگ بھگ پچاس سال قبل آپ کی تفسیر حیدرآباد دکن سے نکلنے والے ماہنامہ 'درسِ قرآن' میں شائع ہوتی رہی، پھر اس کے بعد کچھ عرصہ تک ماہنامہ 'القدیر' میں۔ ۱۹۵۶ء میں کراچی (پاکستان) سے پہلی بار 'تفسیر صدیقی' کے نام سے ادارۂ اشاعتِ تفسیر صدیقی کے زیر اہتمام پانچ پانچ پاروں کی جلدوں میں آپ کی تفسیر کی اشاعت شروع ہوئی۔ زمانہ کی ترقی اور بدلتے ہوئے حالات پر آپ کی گہری نظر رہتی تھی۔ چنانچہ لاؤڈ اسپیکر پر نماز کے جواز میں آپ کا صرف ایک جملہ: "میں مسجد کے محراب کو آلۂ مکبر الصوت ہی کی ایک قسم سمجھتا ہوں" فتویٰ تصور کیا گیا۔

موجودہ دور میں سود کا مسئلہ پھر سے کھڑا ہوا ہے اور بیانات پر بیانات آرہے ہیں۔ اور اسی سلسلہ میں حضرت بحر العلوم کا نامِ گرامی بھی بعض مقامی اخبارات میں کچھ اس طرح سے پیش کیا گیا ہے کہ عام قاری کے ذہن میں یہ تاثر پیدا ہو کہ حضرت بھی اس کی حلت کے مؤید تھے، حالانکہ واقعہ اس کے برعکس ہے!

مسئلہ سود میں حضرت بحر العلوم (رحمۃ اللہ علیہ) کی رائے اور تفصیلی بحث (جو تفسیر صدیقی سے ماخوذ ہے) قارئین کے لئے پیش کی جاتی ہے۔
حضرت بحر العلوم کا یہ ارشاد: "کس کا مقدور ہے کہ جس کو خدا حرام کرے وہ اس کو حلال کرے!" رہنمائی کے لئے کافی ہے۔

محمد عباس علمبردار صدیقی
مہتمم حسرت اکیڈیمی پبلیکیشنز، حیدرآباد دکن (انڈیا)
۲۲ ستمبر ۱۹۸۹ء

حدیث نبوی ﷺ [صحیح مسلم]
عَنْ جَابِرٍ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ: لَعَنَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ آكِلَ الرِّبَا وَمُؤْكِلَهُ وَكَاتِبَهُ وَشَاهِدَيْهِ، وَقَالَ: هُمْ سَوَاءٌ. (رَوَاهُ مُسْلِمٌ)

حضرت جابر رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے سود کھانے والے اور دینے والے، گواہ بننے والے اور اس کے لکھنے والے پر بھی لعنت بھیجی ہے اور فرمایا کہ سب (گناہ میں) برابر ہیں۔ اس حدیث کو مسلم نے روایت کیا۔

بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَٰنِ الرَّحِيمِ
اللہ تعالیٰ فرماتا ہے:
آیت [سورۃ البقرۃ 2:۲۷۵]
الَّذِينَ يَأْكُلُونَ الرِّبَا لَا يَقُومُونَ إِلَّا كَمَا يَقُومُ الَّذِي يَتَخَبَّطُهُ الشَّيْطَانُ مِنَ الْمَسِّ ۚ ذَٰلِكَ بِأَنَّهُمْ قَالُوا إِنَّمَا الْبَيْعُ مِثْلُ الرِّبَا ۗ وَأَحَلَّ اللَّهُ الْبَيْعَ وَحَرَّمَ الرِّبَا ۚ فَمَن جَاءَهُ مَوْعِظَةٌ مِّن رَّبِّهِ فَانتَهَىٰ فَلَهُ مَا سَلَفَ وَأَمْرُهُ إِلَى اللَّهِ ۖ وَمَنْ عَادَ فَأُولَٰئِكَ أَصْحَابُ النَّارِ ۖ هُمْ فِيهَا خَالِدُونَ ﴿۲۷۵﴾

(ترجمہ) جو لوگ سود کھاتے ہیں وہ کھڑے نہیں ہو سکیں گے مگر مثل اس آدمی کے جس کو شیطان نے خبطی بنا دیا ہو۔ یہ اس وجہ سے ہے کہ ان سود خواروں نے کہا کہ جیسا سودا ہے ویسا سود ہے (جیسی بیع ہے ویسی ربا بھی ہے)، اور خدا نے بیع کو حلال کیا اور ربا (اور سود) کو حرام کیا۔ اور پھر جس کے پاس اس کے رب کے پاس سے نصیحت (اور ممانعت) پہنچ چکی اور وہ باز بھی آ گیا (اور اپنی سود خواری سے رک گیا) تو اُسی کے لئے ہے جو کچھ ہوا اور اس کا کام خدا کے حوالے ہے، اور جو دوبارہ کرے (یعنی با وجود ممانعت کے پھر سود لے) تو پھر یہی لوگ دوزخی ہیں، وہ تو اس میں ہمیشہ رہیں گے۔

آیت [سورۃ البقرۃ 2:۲۷۶]
يَمْحَقُ اللَّهُ الرِّبَا وَيُرْبِي الصَّدَقَاتِ ۗ وَاللَّهُ لَا يُحِبُّ كُلَّ كَفَّارٍ أَثِيمٍ ﴿۲۷۶﴾

(ترجمہ) اللہ ربا (اور سود) کو مٹاتا (گھٹاتا اور بے برکت کر دیتا) ہے، اور خیرات و مبرات کو بڑھاتا (اور ترقی پذیر کرتا) ہے۔ اور اللہ کسی ناشکرے گناہ گار کو پسند نہیں کرتا۔

آیت [سورۃ البقرۃ 2:۲۷۷]
إِنَّ الَّذِينَ آمَنُوا وَعَمِلُوا الصَّالِحَاتِ وَأَقَامُوا الصَّلَاةَ وَآتَوُا الزَّكَاةَ لَهُمْ أَجْرُهُمْ عِندَ رَبِّهِمْ وَلَا خَوْفٌ عَلَيْهِمْ وَلَا هُمْ يَحْزَنُونَ ﴿۲۷۷﴾

بیشک جو لوگ ایمان لائے اور نیک عمل کئے اور (جنھوں نے) پابندی سے نماز پڑھی اور زکوٰۃ دی، ان کو ان کے رب کے پاس اجر (اور ثواب) ملے گا، نہ ان کو خوف ہو گا اور نہ کوئی حزن و ملال۔

آیت [سورۃ البقرۃ 2:۲۷۸]
يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا اتَّقُوا اللَّهَ وَذَرُوا مَا بَقِيَ مِنَ الرِّبَا إِن كُنتُم مُّؤْمِنِينَ ﴿۲۷۸﴾

(ترجمہ) اے مومنو! خدا کی مخالفت سے بچو اور جو کچھ ربا و سود لوگوں پر باقی رہ گیا ہے اس کو معاف کر دو، اگر (تم کو ایمان ہے اور) تم مومن ہو۔

آیت [سورۃ البقرۃ 2:۲۷۹]
فَإِن لَّمْ تَفْعَلُوا فَأْذَنُوا بِحَرْبٍ مِّنَ اللَّهِ وَرَسُولِهِ ۖ وَإِن تُبْتُمْ فَلَكُمْ رُءُوسُ أَمْوَالِكُمْ لَا تَظْلِمُونَ وَلَا تُظْلَمُونَ ﴿۲۷۹﴾

(ترجمہ) اگر تم نے ایسا نہیں کیا تو خدا اور اس کے رسول سے لڑنے سے خبردار ہو جاؤ، اور اگر تم نے توبہ کر لی تو تمہارے لئے تمہارا اصل مال ہے۔ نہ تم ظلم کرو، نہ تم پر ظلم کیا جائے۔

آیت [سورۃ البقرۃ 2:۲۸۰]
وَإِن كَانَ ذُو عُسْرَةٍ فَنَظِرَةٌ إِلَىٰ مَيْسَرَةٍ ۚ وَأَن تَصَدَّقُوا خَيْرٌ لَّكُمْ ۖ إِن كُنتُمْ تَعْلَمُونَ ﴿۲۸۰﴾

(ترجمہ) اور اگر کوئی (قرضدار) تنگدست ہو تو اس کو کشادہ دستی تک (تونگری تک) مہلت دینی چاہیے، اور معاف کر دینا تمہارے لئے بہتر ہے اگر تم کچھ علم بھی رکھتے ہو۔

آیت [سورۃ البقرۃ 2:۲۸۱]
وَاتَّقُوا يَوْمًا تُرْجَعُونَ فِيهِ إِلَى اللَّهِ ۖ ثُمَّ تُوَفَّىٰ كُلُّ نَفْسٍ مَّا كَسَبَتْ وَهُمْ لَا يُظْلَمُونَ ﴿۲۸۱﴾

(ترجمہ) اور اس دن سے ڈرتے رہو جس دن تم خدا کی طرف واپس کئے جاؤ گے، پھر جس نے جو کچھ کمایا ہے اس کو اس کا پورا پورا بدلہ دیا جائے گا اور ان لوگوں پر کسی قسم کا ظلم نہ کیا جائے گا۔

صاحبو! ان آیات میں سود، بیع وغیرہ کا ذکر ہے۔ لہٰذا ان کی تحقیق ذیل میں کی جاتی ہے:۔
سود کے مسئلہ کی تحقیق اصولِ تمدن کے سمجھنے پر موقوف ہے۔ اصولِ تمدن تین ہیں:
(۱) نظامِ سرمایہ داری
(۲) نظامِ اشتراکیت
(۳) نظامِ تمدنِ اسلام

۱- سرمایہ داری:
یہ بات ظاہر ہے کہ دولت اور سرمایہ بغیر محنت اور جانفشانی کے پیدا نہیں ہوتا۔ سرمایہ دار اپنے عیش و عشرت کو کم کرتا یا چھوڑتا ہے۔ کم کھاتا اور خراب پہنتا ہے اور دیگر لذاتِ دنیا سے محروم رہتا ہے، تب کہیں سرمایہ جمع ہوتا ہے۔ سرمایہ دار اپنی دولت اور مال کام اور محنت کرنے والوں کو دیتا ہے۔ کام کرنے والا مزدور اور کاشتکار اس سرمایہ سے نفع اٹھاتا ہے۔ سرمایہ دار اپنے سرمایہ سے ان کے منتفع ہونے کی وجہ سے اصل کے سوا اور رقم واجب الادا سمجھتا ہے۔ اگر وقتِ معین پر رقم ادا نہیں کی جاتی تو مزید رقم ذمہ لگاتا ہے اور اس کو معاوضۂ انتظار کشی سمجھتا ہے، اور یہ سود ہے۔ ان کا نظریہ ہے کہ تجارت آزاد رہنی چاہیے، کیونکہ بغیر نفع کے کوئی شخص کام نہیں کرتا۔ اگر نفع روکا جائے گا تو تجارت موقوف ہو جائے گی۔ اگر سال بھر

تک مثلاً رقم ادا نہیں کی جاتی تو زائد رقم کو اصل کے ساتھ جوڑ کر سب کا سود لگاتا ہے، اس کا نام سودِ مرکب یا سود در سود ہے۔ اگر وقتِ معین پر اصل کا کچھ حصہ ادا کر دیا جاتا ہے تو سود کی کمی کر دی جاتی ہے، اس کو کٹ متی کہتے ہیں۔ بعض سود خوار یہ کمی نہیں کرتے اور جب تک رقم ادا نہ ہو ایک ہی مقدار کا سود لیتے ہیں، اس کو کھڑا سود کہتے ہیں۔

سود لینے والوں کو اس سے غرض نہیں کہ دوسرا جئے یا بھوکا مرے۔ ان کا دل سخت اور درشت ہو جاتا ہے۔ انسانی ہمدردی ان میں باقی نہیں رہتی، اور جب بلا محنت روپیہ ملنے لگتا ہے تو یہ لوگ کاہل اور آرام طلب ہو جاتے ہیں، محنت کی عادت اُن سے چھوٹ جاتی ہے، اور اس کا نتیجہ سوائے تباہی اور بربادی کے کیا ہو سکتا ہے؟

اس سود اور سود در سود کی وجہ سے دولت کھینچ کر سرمایہ دار کے پاس چلی جاتی ہے اور مزدور نادار و مفلس ہو جاتا ہے۔ اس زمانہ میں مشینریاں اور کلیں ایجاد ہو گئی ہیں، کمپنیاں قائم ہو گئی ہیں، ریل اور جہاز کی وجہ سے مال کے لانے لے جانے میں سہولتیں پیدا ہو گئی ہیں، جس کا نتیجہ یہ ہوتا ہے کہ ساری دولت اور مال چند سرمایہ داروں کے پاس جمع ہو جاتا ہے اور دوسرے تمام لوگ بیکار اور بغیر مزدوری کے ہو جاتے ہیں۔ معدودے چند لوگ تو متمول ہو جاتے ہیں اور باقی تمام مفلس و تباہ!

۲- اشتراکیت:
یہ بات ظاہر ہے کہ محنت سب کرتے ہیں مگر سب کی محنتیں ایک پیمانے پر نہیں ہوتیں۔ کاشتکار، مزدور سخت محنت کرتے ہیں اور سرمایہ دار کچھ بھی نہیں یا بہت کم محنت اور کام بھی دولت سے

سرمایہ داروں اور کام کرنے والوں کی محنتوں میں مساوات نہیں ہوتی۔ کام کرنے والوں کی محنت اور اس کی قیمت زیادہ ہے تو اس کے مقابل سرمایہ داروں کی دولت اور اس کی قیمت زیادہ ہے، یہ زیادت بلا معاوضہ اور سود ہے۔ خدا نے عامۃ الناس کے لئے دولت پیدا کی ہے، مواد پیدا کیا ہے۔ سرمایہ داروں کی تعداد کم ہوتی ہے اور کام کرنے والوں کی زیادہ۔ کثرت بڑی قوت ہے، جو کام کرنے والوں کو حاصل ہے۔ وہ بگڑ جاتے ہیں اور نوبت کشت و خون تک پہنچتی ہے۔ مستحقین کو ان کا حق دلانے کے لئے تلوار بیچ میں آ جاتی ہے۔

یہ بات بھی ظاہر ہے کہ جس طرح سرمایہ دار کو جینے کا حق ہے، مزدوروں اور کام کرنے والوں کو بھی جینے کا حق ہے۔ کوئی اپنے گھر میں کوئی کام یا اپنی دولت کو اس طرح صرف نہیں کر سکتا کہ دوسروں کو نقصان پہنچے۔ انصاف کا تقاضہ ہے کہ ظالم کو ظلم سے روکے، حقدار کو اس کا حق پہنچائے اور غریب کو قوی کے ہاتھ سے بچائے۔ غرض کہ سرمایہ داروں اور محنت کرنے والوں میں جنگ ہو جاتی ہے۔ نتیجہ کیا نکلا؟ اس کو روس کی تاریخ بتلائے گی:

محنت کرنے والے سرمایہ داری سے کچھ ایسے بیزار ہو جاتے ہیں کہ تمام ملکیتیں سلطنت میں منتقل کر دی جاتی ہیں۔ جو چیز ہے مشترک اور سرکار کی: دولت سرکار کی، مال سرکار کا، رعایا سرکار کی، بچے سرکار کے، عورت سرکار کی، غرض جو ہے سرکار کا! سب ایک رنگ ہیں۔ نہ مذہب ہے نہ ملت۔ گویا مساوات کو کوڑھ ہو گیا ہے! اگر سرمایہ داری آفت ہے تو اشتراکیت بھی اِک قیامت ہے! "ٹکے سیر بھاجی، ٹکے سیر کھاجا"—ایک لکڑی سے سب کو ہانکا جا رہا ہے۔ ایران میں مزدکیوں کے

زمانے میں اس کا خوب تجربہ ہو چکا ہے، اور اب روس میں ہو رہا ہے۔

۳- نظامِ تمدنِ اسلام:
نظامِ تمدنِ اسلام کیا ہے؟ اسلام سرمایہ داری اور اشتراکیت دونوں کو مناسب طریقہ سے جمع کرتا ہے، اس طرح کہ سب کمانے میں ایک حد تک آزاد ہیں، مگر نہ اس قدر کہ غریب تباہ ہو جائیں۔ ہر سال چالیسواں حصہ دولت کا غریبوں میں تقسیم کیا جاتا ہے۔ جو لوگ فوجی کاموں میں شریک نہیں ہوتے ان سے بھی ایک قسم کا ٹیکس لیا جاتا ہے جس کا نام گزیدہ، جزیہ یا وار فنڈ ہے۔ اسلام اور دوسرے قسم کے ٹیکس بھی بحسبِ ضرورت لگاتا ہے۔ کچھ تو اخلاقی حیثیت سے اور کچھ قانونی طور پر۔ اصولِ توریث سے مرنے کے بعد تمام دولت تقسیم ہو جاتی ہے۔ اسلام ہمیشہ غریبوں کی امداد کے لئے مالداروں کو ترغیب دیتا ہے۔ قرابت دار اگر نادار ہوں یا بیکار تو ان کا نفقہ مالداروں پر واجب کرتا ہے۔ اسلام سود کو ہرگز جائز نہیں رکھتا، جو سرمایہ داری کی جان ہے اور تمام مظالم کی جڑ!

اسلام میں سود کیا ہے؟ اصل مال پر مال کی زیادتی، بلا معاوضہ یا بمقابلہ زمانہ یا وقت کے۔ یعنی اسلام ساہوکاروں کو مفت خوری کی اجازت نہیں دیتا۔ اسلام میں سود دو چیزوں میں مانا گیا ہے:
اول: زر، یعنی چاندی سونے میں۔ تانبے اور نکل کے سکے بھی بعض علماء کے پاس زر میں شامل ہیں۔
دوم: اس قسم کے مال میں جو عموماً سود میں لگائے جاتے ہیں۔
رسولِ خدا صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: سونا سونے کے عوض، چاندی چاندی

حدیث نبوی ﷺ [صحیح مسلم]
الذَّهَبُ بِالذَّهَبِ، وَالْفِضَّةُ بِالْفِضَّةِ، وَالْبُرُّ بِالْبُرِّ، وَالشَّعِيرُ بِالشَّعِيرِ، وَالتَّمْرُ بِالتَّمْرِ، وَالْمِلْحُ بِالْمِلْحِ، مِثْلًا بِمِثْلٍ، سَوَاءً بِسَوَاءٍ، يَدًا بِيَدٍ، فَإِذَا اخْتَلَفَتْ هَذِهِ الْأَصْنَافُ فَبِيعُوا كَيْفَ شِئْتُمْ إِذَا كَانَ يَدًا بِيَدٍ.
(کے عوض، گیہوں گیہوں کے عوض، جو جو کے عوض، کھجور کھجور کے عوض، نمک نمک کے عوض، برابر کو برابر، دست بدست لین دین کرنا چاہیے۔ اگر یہ اصناف مختلف ہوں تو جس طرح چاہے بیچ سکتے ہیں مگر دست بدست۔)

بعض علمائے ظاہر نے ربا یعنی سود کو ان ہی مذکورہ صورتوں میں منحصر سمجھا۔ دوسرے ائمہ نے قیاس کر کے بعض اور چیزوں کو بھی قابلِ ربا یعنی سود سمجھا:
۱- حضرت امام ابو حنیفہ رحمۃ اللہ علیہ کے پاس قابلِ سود چیزیں وہ ہیں جو ناپی اور تولی جاتی ہیں، ان دونوں کے لئے 'قدر' کا لفظ ہے۔ پس سود کے لئے قدر اور ہم جنس ہونا شرط ہے۔ اگر جنس قدری اور ہم جنس ہے تو نہ فضل (یعنی زیادت) جائز ہے نہ نسیئہ (یعنی ادھار)۔ اور اگر جنس ایک نہیں تو زیادت جائز ہے اور ادھار ناجائز ہے۔ پس جو چیزیں گنی جاتی ہیں ان میں سود نہیں۔

۲- امام شافعی رحمۃ اللہ علیہ کے پاس قابلِ ربا چیزیں ماکولات (یعنی جو چیزیں کھائی جاتی ہیں جیسے انڈے، سیب وغیرہ) اور چاندی سونا ہیں۔ پس اگر یہ چیزیں ہم جنس ہوں تو زیادت اور نسیئہ یعنی ادھار جائز نہیں۔
۳- امام مالک رحمۃ اللہ علیہ کے پاس قابلِ ربا و سود مال نقدین (یعنی چاندی سونا) اور قوت (یعنی غذا اور مصلحِ غذا چیزیں جیسے نمک، مرچ، شکر وغیرہ) ہیں، اور اتحادِ جنس بھی حسبِ سابق مشروط ہے۔
۴- عبد الملک ابن ماجشون کے پاس ہر قابلِ نفع چیز میں ربا ہو گا۔
بہر حال، جو زیادت وقت کے مقابل ہوتی ہے وہ سود ہے، اس کا لین دین جائز

نہیں! بعض سود خوار سلطنتیں بھی جن کا مقولہ "تجارت آزاد ہے" تھا، سرمایہ داروں کی زیادہ نفع طلبی اور خود غرضی کی وجہ سے خود اشیاءِ تجارت خریدنے لگی ہیں اور راشن قائم ہو گیا ہے، یعنی غریبوں کی پرورش کی غرض سے یہ ریاستیں خود چھوٹے چھوٹے پیمانے پر بیچنے لگی ہیں اور حسبِ ضرورت کوپن تقسیم ہوتے ہیں، جس سے غریبوں کو یہ سہولت اور گونہ کم قیمت پر اشیائے مایحتاج میسر ہو جاتے ہیں۔ غور کرنے سے معلوم ہو جائے گا کہ یہ تحدیدِ تجارت نظامِ تمدنِ اسلام کا ایک شعبہ ہے!

آج کل غیر مسلموں کو سود لیتا دیکھ کر بعض علماء کا دل بھی مِجھر جھرا گیا ہے اور انھوں نے سود کے جائز کرنے کی ترکیبیں سوچیں۔ سب سے بدتر صورت دار الاسلام میں قرض میں بھی زیادت کو سود نہ سمجھنا ہے۔ کھلی بلا معاوضہ صورت تو قرض ہی میں نمایاں تر ہے۔ ان کو سمجھنا چاہیے کہ قرض بھی مبادلہ مال بہ مال ہے اور بیع کی ایک صورت ہے۔ دیگر اقسامِ بیع میں سود کو واقع سمجھنا اور قرض میں نہ سمجھنا نہایت افسوسناک ہے۔

تحقیقِ دار الحرب:
بعض علماء نے فتویٰ نکالا ہے کہ دار الحرب میں سود لینا جائز ہے، یا دار الحرب میں جو لین دین ہوتا ہے وہ سود نہیں، فئی ہے۔ ہم پہلے دار الحرب کی تعیین کرتے ہیں، پھر دار الحرب میں سود لینے کی۔
دار الحرب کی تعیین میں بڑا اختلاف ہے:
• بعض کہتے ہیں: شعائرِ اسلام سے جس سلطنت میں روکا جائے وہ دار الحرب ہے۔
• بعض کہتے ہیں: شرعی کام سے بھی روکا جائے تو وہ مداخلت فی الدین ہے

اور وہ سلطنت دار الحرب ہے۔
• بعض لوگ کہتے ہیں: ملک ایک بار دار الاسلام ہو جانے کے بعد چاہے پھر کافروں کے پاس چلا جائے، وہ دار الاسلام ہی رہے گا۔
• ہمارا خیال ہے کہ دار الاسلام اور دار الکفر کی تمیز بہ اعتبارِ لشکر اور قوت کے ہے۔ اگر مسلمانوں کا بادشاہ ہے اور فوج بھی رکھتا ہے اور وہ فوج بادشاہ کے حکم پر جس غیر مسلم ریاست کے مقابل حکم دیا جائے لڑنے پر تیار ہے، تو وہ سلطنت اسلامی ہے اور وہ ملک دار الاسلام، گو وہ ریاست کافروں کی حلیف ہو یا روفرما (باجگزار) ہو یا کسی قدر ضعیف و ناتواں ہو۔
• بعض لوگوں کے پاس دار الکفر اور دار الاسلام کا مابہ الامتیاز اقتدارِ اعلیٰ ہے۔ اگر اقتدارِ اعلیٰ اہلِ اسلام کا ہے تو وہ دار الاسلام ہے ورنہ دار الکفر۔

• بعض لوگ کہتے ہیں: "فَمَنِ اعْتَدَىٰ عَلَيْكُمْ فَاعْتَدُوا عَلَيْهِ بِمِثْلِ مَا اعْتَدَىٰ عَلَيْكُمْ" (سورۃ البقرۃ آیت ۱۹۴)، یعنی جو تم پر تعدی کرے تم بھی ویسی ہی اس پر تعدی کرو، جنگ سے خاص نہیں، مستأمن یعنی امن دئیے ہوئے آدمی کو بھی شامل ہے۔ اور ہدایہ کی عبارت "لَا رِبَا بَيْنَ مُسْلِمٍ وَحَرْبِيٍّ فِي دَارِ الْحَرْبِ" یعنی حربی کے ساتھ مال کی زیادت ربا نہیں، وہ ایسے زیادہ مال کو فئی یعنی عطیہ کہتے ہیں اور ان کا مقولہ ہے: "ہر جیسے کو تیسا"۔

اس وقت کئی سوال پیدا ہوتے ہیں: کیا جیسا سود لینا جائز ہے دینا بھی جائز ہے؟ کیا قمار اور جوا جس میں خوشی سے مال دیا جاتا ہے وہ بھی جائز ہے؟ اور کیا جواز صرف سود تک محدود ہے یا اور دوسرے تمتعات کو بھی شامل ہے؟ اور فئی کا نام دینے سے سودی معاملہ سودی نہیں رہتا تو کیا قمار اور تمتع کا نام رکھنے سے ان کی حقیقتیں بدل جاتی ہیں؟ ہمارے پاس اس میں بڑی خطرناک جرات ہے۔

اکثر لوگ یہ عذرِ لنگ پیش کرتے ہیں کہ اگر دار الحرب میں سود جائز نہ کیا گیا تو مسلمان تباہ ہو جائیں گے کیونکہ تمام مالی معاملات سود پر چلتے ہیں، اور شرِ کثیر کے مقابل شرِ قلیل قابلِ اختیار ہے۔
ان کو معلوم ہونا چاہیے کہ اسلام نے صرف سود کو ممنوع کیا ہے۔ دوسرے قسم کے معاملات اسلام میں جائز ہیں۔ بیعِ سَلَم جائز ہے یعنی پیشگی کاشتکار یا بیوپاری کو پہلے دینا اور جنس بعد میں وصول کرنا۔ مشارکت (مضاربت و شرکت) بھی جائز ہے یعنی ایک کا پیسہ اور ایک کی محنت۔

صحابہ کرام رضی اللہ عنہم اسلامی اصول سے معاملات کر کے لکھ پتی تھے۔ صحابہ کے سوا دوسرے لوگ بھی تجارت کرتے تھے۔ خود حضرت ابو حنیفہ رحمۃ اللہ علیہ امامِ اعظم تجارت فرماتے تھے مگر پابندیِ قواعدِ اسلام کے ساتھ اور خوشحال زندگی بسر کرتے تھے۔ ان مسائل کی تفصیل کتبِ فقہ میں مذکور ہے۔
• بغیر سود لئے بھی مالی معاملات چل سکتے ہیں اور اچھی طرح چل سکتے ہیں۔ بالکل غلط خیال ہے کہ مسلمان سود نہ لینے کی وجہ سے مخالفین کے مقابل مفلس اور عاجز ہو جائیں گے!

مَنْظُوْمِ تَنْبِیْہ: اِسْرَاف اور قَرْضِ سُوْدِی کَا وَبَال
یہ چلّہ، یہ چھٹی، یہ بسم اللہ خوانی سب اسراف ہے جبکہ ناداریاں ہیں
سوم اور چہلم کی اور عرس کی بھی! عبث قرضِ سودی سے تیاریاں ہیں
(حسرتؔ صدیقی)

سینما میں جاؤ، برج پر روپیہ لگاؤ، گھوڑ دوڑ میں شرطیں باندھو، خوب شراب اڑاؤ، باپ دادا کی دولت لٹاؤ، خود کچھ نہ کماؤ اور شکایت کرو کہ سود سے روکنے سے مسلمانوں کی دولت میں ترقی نہیں ہوتی! نہ تجارت، نہ صنعت، نہ حرفت—دولت کمانے کی کونسی صورتیں تمہارے پاس ہیں؟ افسوس! تم کو لٹانا آتا ہے اور کمانا نہیں آتا! مذہب کی عزت باقی رکھو، تم پختگی کے ساتھ ثابت کرو کہ تم سچے مسلمان ہو۔

کیا کبھی مکی حالت میں مسلمانوں نے سود لیا ہے؟ ہرگز نہیں!
خدا نے سود کو حرام کیا ہے اور بیع کو جائز۔ کس کی مقدور ہے کہ جس کو خدا حرام کرے وہ اس کو حلال کرے! خدا ان تحلیلِ حرام کرنے والوں کے خلاف اعلانِ جنگ کرتا ہے اور حکم دیتا ہے کہ خدا اور رسول سے لڑنے کے لیے تیار ہو جائیں۔
صاحبو! سود خواری بڑی بری صفت ہے۔ نام بدلنے سے حقیقت نہیں بدلتی۔ تمہارا ضمیر بآوازِ دہل کہتا ہے کہ تم سود لے رہے ہو اور بے جا تاویلات سے حقائق کو بدلنا چاہتے ہو۔ اس خطرناک تباہی سے، اس دین کی بربادی سے خدا مسلمانوں کو بچائے!

آیت [سورۃ الإسراء 17:۲۷]
إِنَّ الْمُبَذِّرِينَ كَانُوا إِخْوَانَ الشَّيَاطِينِ ۖ وَكَانَ الشَّيْطَانُ لِرَبِّهِ كَفُورًا ﴿۲۷﴾
أَقْرِضُوا اللَّهَ قَرْضًا حَسَنًا ۚ

مسلمانوں کی اصل تباہی بے جا صرفہ اور اسراف سے ہے۔ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے: إِنَّ الْمُبَذِّرِينَ كَانُوا إِخْوَانَ الشَّيَاطِينِ (اسراف کرنے والے برادرانِ شیطان ہیں)۔ ضرورت پر اگر قرض لیا جائے اور صاحبِ حاجت محتاج ہوں تو اسلام مسلمانوں کو قرضۂ حسنہ دینے کی تاکید فرماتا ہے، اور فرماتا ہے: "أَقْرِضُوا اللَّهَ قَرْضًا حَسَنًا" یعنی صاحبِ حاجت کو قرض دینا خدا کو قرض دینا ہے۔ کوئی مجھے بتا دے کہ سرمایہ کی ترقی کے لئے کتنے لوگ قرض لیتے ہیں؟ تمام لوگ بے جا رسوم، جھوٹے فیشن اور غلط نام و نمود پر کافروں کے سامنے قرض کے لئے ہاتھ پھیلاتے ہیں۔ جب خدا نے محتاج پر زکوٰۃ فرض نہیں کی، حج فرض نہیں کیا تو دوسری کونسی چیز محتاج پر واجب ہے؟ شیخی، جھوٹی شیخی! نمائش، غلط نمائش! "اپنی جتنی چادر دیکھو، اتنے پاؤں پھیلاؤ"۔ خوشحال لوگوں کو دیکھ کر ان کی برابری کا ارادہ کرنا خود کو برباد کرنا ہے۔

پیدائش کے زمانے سے موت تک کون کون سے بے جا رسوم میں روپیہ لگایا جاتا ہے: چھٹی، چلّہ، بسم اللہ خوانی، منگنی، رسمِ پان دان، شادی بیاہ، جمعگیاں، سوم، دہم، چہلم، ششماہی، سالیانہ—کرنے کی نادار کو کیا ضرورت ہے؟ سودی قرض لے کر دینی کام کرنے کا کس امام نے حکم دیا ہے؟ اقتصاد پر عمل کرو، احتیاط سے لین دین کرو، کچھ کھاؤ کچھ بچاؤ تو تم کیوں تباہ ہو، اور کیوں جان سود کے جنجال میں پھنسے؟ جو لوگ احتیاط سے کام لیتے ہیں، ان کو قرض لینے کی ضرورت ہی نہیں پڑتی!

ڈبویا رسوم و تکلف نے ہم کو کہ جن کا نتیجہ قرضداریاں ہیں
بکیں سود در سود میں جائدادیں عدالت سے جاری گرفتاریاں ہیں
(خاکسار: محمد عبد القدیر صدیقی حسرتؔ حیدرآبادی رحمۃ اللہ علیہ)