🏠 Portal 🔍 Proofreading Workbench 📘 Bilingual Edition 📄 Markdown
مُـرَقَّـعِ بَـحْـرِ الْـعُـلُـوْم
Muraqqa-e-Bahrul Uloom: The Luminous Memorial Album & Biography
مولوی محمد مصطفیٰ عتیق الدین صدیقی قادری قدیری عفی عنہ (صدر شعبۂ اردو، گورنمنٹ ڈگری کالج، کریم نگر)
Mawlawī Muḥammad Muṣṭafā ‘Atīq al-Dīn Ṣiddīqī Qādrī (Head of Urdu Department, Govt. Degree College, Karimnagar)
حسرت اکیڈیمی پبلیکیشنز، صدیق گلشن، حیدرآباد دکن · اشاعتِ حسرت اکیڈیمی / Hasrat Academy Publications (1416 AH / 1995 CE)
هُوَ الْقَدِيرُ
نَحْمَدُهُ وَنُصَلِّي عَلَىٰ رَسُولِهِ الْكَرِيمِ
مُـرَقَّـعِ بَـحْـرِ الْـعُـلُـوْم
حضرت محمد عبد القدیر صدیقی حسرتؔ رحمۃ اللہ علیہ

قلم کار:
خاکپائے حضرت رحمۃ اللہ علیہ: محمد مصطفیٰ عتیق الدین صدیقی قادری قدیری عفی عنہ
(لیکچرر و صدر شعبۂ اردو، گورنمنٹ ڈگری کالج، کریم نگر)

ناشرین:
حسرت اکیڈیمی پبلیکیشنز، صدیق گلشن، حیدرآباد دکن۔

اِنْتِسَاب

خُدَّامِ حَرَمِ مَدِیْنَۂ طَیِّبَہ کے نام:
جنہوں نے عبد القدیر کو گودوں میں اٹھا کر مدینہ طیبہ میں چراغوں کو روشن کیا۔ اور اس تنویر بخش نور کی روشنی سے دکن میں کئی چراغوں نے تجلی پائی، جس سے ہمیں فیض یاب ہونے کا شرف اور موقع ملا۔

خاکپائے حسرتؒ: عتیق

بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَٰنِ الرَّحِيمِ
تَعَارُف

بحر العلوم، شمس المفسرین، استاذ العلماء، حضرت مولانا مولوی محمد عبد القدیر صدیقی حسرتؔ، سابق پروفیسر و صدر شعبۂ دینیات جامعہ عثمانیہ، سلطنتِ حیدرآباد فرخندہ بنیاد کی بڑی ہی نامور شخصیت رہے ہیں۔ آپ اپنے ہم عصر و ہم رتبہ ہستیوں میں نمایاں اور ممتاز رہے ہیں۔ اللہ اللہ کیا شانِ بحر العلوم ہے! بلا مبالغہ کرۂ ارض کے شمال و جنوب، مشرق و مغرب، ہندوستان و پاکستان، عرب و عجم، امریکہ و افریقہ، روس و برطانیہ، غرض کہ اقطائے عالم کے گوشہ گوشہ میں آپ کے نام لیوا آج بھی موجود ہیں۔ ہر چند کہ آپ کو پردہ فرمائے پینتیس (۳۵) سال کا قابلِ لحاظ عرصہ گزر چکا ہے، لیکن عالمی حیثیت سے آج بھی آپ کی شہرت علمی و ادبی حلقوں اور دینی و ملی محفلوں کے سجانے والوں کے دلوں میں پیوست ہے۔

وِلَادَتِ بَاسَعَادَت

ولادت: بات کل کی ہے، یعنی آج سے ٹھیک ایک سو اٹھائیس (۱۲۸) سال قبل ماہِ رجب کی ستائیسویں شب، شبِ معراج کی متبرک آخری ساعتوں میں، جبکہ سحر بے چینی سے روزِ جمعہ کو خوش آمدید کہنے جا رہی تھی، کہ حضرت مولانا مولوی محمد عبد القادر صدیقی ناظم قضایائے عُروب کے دولت کدہ میں ایک نومولودِ خوشنود کی آمد کا غلغلہ اٹھا۔ یہ تھے اُن کے فرزندِ دلبند و ارجمند، یعنی جناب محمد عبد القدیر صدیقی۔ اس خوشی کے موقعہ پر دل آویزی کچھ اور بھی زیادہ ہو گئی جبکہ بادشاہِ وقت نواب میر محبوب علی خان آصف جاہ سادس کی جانب سے نو روپے ماہانہ تاحیات منصب کا شاہی فرمان جاری ہوا۔

اس خوش نصیب نومولود کی فیروز بختی کی پہلی علامت جہاں خود شبِ معراج کی فیروز بختی رہی، وہیں دوسری علامت صبحِ جمعہ کی آمد آمد تھی جو تمام دنوں کا سردار ہے۔ کیا منظر ہوگا سبحان اللہ! وہ نور میں ڈوبی ہوئی شبِ معراج، وہ آسمانِ دنیا پر اجلاسِ خداوندی کا شامیانہ، وہ ماں باپ کا رجوع الی اللہ ہونا، وہ طورِ تجلی کی ولادت! ایک نعمت ہزار رحمت، پھر پرندوں کی چہک، پھولوں کی مہک، نسیمِ سحر کی کلیوں اور پھولوں کے پتوں سے دھیمی دھیمی نرم نرم سرگوشیاں، اور ایسے میں صباحتِ جمعہ کی خنکی، شفق کی سرخی اور افق کی...

شہابی رنگت کیسی دل آویز رہی ہوگی! مروحۂ ارضِ دکن کا خوش آمدید خوش آمدید کہتے کہتے مدحتِ رسول اللہ ﷺ میں گم ہو کر یوں رطب اللسان ہونا:

بَسِیْچ اے آمَدَنَتْ بَاعِثِ آبَادِیٔ مَـا!

اس آنے والے کو، آنکھوں کی ٹھنڈک، دل کی راحت کو، ماں باپ نے دیکھا، سب دیکھنے والوں نے دیکھا اور بعد میں آنے والوں نے بھی دیکھا۔ سب کی آنکھیں چکا چوند ہو کر رہ گئیں اور کہہ اٹھیں: "اک آدمی ہے مگر دیکھنے کی تاب نہیں!"
آج بھی ہم بے اختیار اپنے سر کی جنبش سے اظہارِ حال کرنے اور زبان سے اقرار کرتے ہوئے بول اٹھتے ہیں: "ایسا تو دیکھا نہ بھالا!"
موئے قلم کی کیا بساط کہ اس ذاتِ گرامی والا صفات، اس صاحبِ الاشان کی تصویر کشی کر سکے۔ کچھ جھلکیاں ہی دکھلا سکے یا پھر گوناگوں خوبیوں کا ہی شمار کر سکے۔

حدیث نبوی ﷺ
أَلَا بِذِكْرِ الصَّالِحِينَ تَنْزِلُ الْبَرَكَةُ

لیکن حضرت حسرتؔ کے چاہنے والوں کی توجہ دہانی نے وہ اثر پذیرائی دکھائی کہ ہم سب کے آقا، تاجدارِ مدینہ صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشادِ مبارک: "أَلَا بِذِكْرِ الصَّالِحِينَ تَنْزِلُ الْبَرَكَةُ" توفیق من اللہ کا ضامن بن گیا اور قلم چل نکلا، والحمد للہ۔

جَشْنِ وِلَادَت و تَبْرِیْکَات

اس مبارک محفل میں شرکت کی اجازتِ خصوصی پر محترم المقام الحاج حضرت مولانا مولوی حسین شجاع الدین صدیقی صاحب عزت مآب قبلہ و کعبہ مد ظلہ العالی کی خدمتِ عالی میں صد ہزار سلام و تشکر اور درگاہ سے سلامتی کی تمنائیں... اور بحر العلوم مرشدنا و مولانا، پیرِ کامل حضرت محمد عبد القدیر صدیقی حسرتؔ رحمۃ اللہ علیہ کی ایک سو اٹھائیسویں (۱۲۸ ویں) جشنِ سالگرہ کی مبارکبادیاں پیشِ خدمت ہیں۔
محترم خواتین و حضرات متعلق بہ خانوادۂ حضرت حسرتؔ علیہ الرحمہ، جمیع سامعینِ کرام و خواتینِ با تمکین، آپ سب کی خدمات میں تسلیمات و جشنِ سالگرہ پیرِ طریقت حضرت حسرتؔ کی مبارکبادیاں۔
جمیع سالکینِ طریقت و جہاں حضرات ذرا پہچانیں یہ کون ہیں جو صدرِ محفل بنے بیٹھے ہیں؟ یہ حضرت عزت ہیں، سجادہ نشینِ حسرت ہیں۔ ہو بہو حسرت ہیں، ماشاء اللہ، چشمِ بد دور!

لَڑَکْپَن اور فِطْرِی شَوْقِ مُطَالَعَہ

یہ ہماری خوش نصیبی ہے کہ حضرت قبلہ بحر العلوم رحمۃ اللہ علیہ کی خدمت میں رہنے کا شرف ہمیں اپنے لڑکپن سے ہی حاصل رہا۔ ہماری عمر کا اعتبار کر کے حضرت قبلہ نے اپنی ابتدائی عمر کے چند ایک واقعات جو ارشاد فرمائے وہ ہمارے لئے سنگِ میل کی حیثیت رکھتے ہیں۔

فطری شوقِ مطالعہ: حضرت قبلہ کے ارشاد کے مطابق، حضرت قبلہ کو اپنی کم عمری سے ہی کتابوں کے مطالعہ کا غیر معمولی شوق رہا۔ کتابیں آپ کی نہایت ہی پسندیدہ چیزیں رہیں۔ کتابیں خریدنا اور پڑھنا اور اُن کو قرینہ سے رکھنا آپ کا وطیرہ تھا۔ کتابیں خریدتے جاتے اور پڑھتے جاتے۔ منصب داری تو پیدائش سے ہی مقدر میں لکھی رکھی تھی، پھر حضرت کے والدِ محترم ناظم قضایائے عُروب جیسے جلیل القدر عہدہ پر فائز تھے، کسی قسم کی کوئی کمی نہ تھی۔ لیکن اگر کبھی کچھ رقم کی ضرورت، وہ بھی کسی کتاب کی خریدی کے ضمن میں درپیش ہوتی، تو کاغذ کے ایک پرزہ پر درکار رقم کا مطالبہ درج فرما کر خاموشی سے اپنی والدہ محترمہ کے پاندان کے اندر رکھ دیتے۔ وہ ملاحظہ فرماتیں اور تحریر کی پرچی حضرت قبلہ کے والدِ محترم کے حضور موقعہ سے پیش فرما دیتیں۔ دریافت کیا جاتا کہ کیا ضرورت آپڑی ہے؟ اور جب معلوم کرایا جاتا کہ فلاں کتاب خریدنی ہے، تو بخوشی منظوری مل جاتی اور ساتھ ہی ساتھ رقم بھی۔

غور فرمائیے کہ حضرت قبلہ کے مزاج میں کم عمری سے ہی کیسی بردباری ہے، کیسی عالی ظرفی ہے، کیا ہی حسین طریقہ ہے! پھر علم کی طلب کی ابتدا ملاحظہ ہو کہ وہ عمر کے اُس حصہ سے شروع ہوتی ہے جبکہ عام طور پر بچے کھیل کود، سیر و تفریح اور خورد و نوش ہی کی منزلوں میں کھوئے رہتے ہیں۔ لیکن ماشاء اللہ حصولِ علم کے اس غیر معمولی اور فطری شوق نے آخر کار حضرت قبلہ کو بحر العلوم بنا دیا، والحمد للہ۔

فُنُوْنِ سِپَہ گَرِی و مَیْدَانِ عَمَل

یہاں اس بات کا تذکرہ بے محل نہ ہوگا کہ حضرت قبلہ جہاں آسمانِ علم کے آفتاب تھے وہیں میدانِ عمل کے بڑے شہسوار تھے: ورزشِ جسمانی، کشتی، پنجہ کشی، شمشیر زنی، لٹھ بنوٹ، گھوڑ سواری، تیراکی، غرض کہ تمام طرح کے فنونِ سپہ گری میں اپنے زمانے کے بڑے ماہر بلکہ استادِ دوراں تھے۔

والدین کے ساتھ کمسنی میں حج و زیارت:
حضرت قبلہ نے پہلی بار بہت ہی کم سنی میں...

حَجّ و زِیَارَتِ حَرَمَیْنِ شَرِیْفَیْن اور بَچْپَن کِی حَاضِرِی

اپنے والدِ محترم اور والدہ صاحبہ کے ہمراہ حج و زیارت سے مشرف ہونے کی سعادت حاصل فرمائی تھی۔ آپ کے برادرِ خورد حضرت مولانا عبد المقتدر صاحب قبلہ بھی آپ کے ہمرکاب تھے۔ دونوں برادرانِ والا شان لڑکپن سے ہی مکہ معظمہ اور مدینہ منورہ کی پرانوار تجلیات سے فیض یاب رہے۔

مدینہ شریف کے قیام کے دوران حرم شریف میں روزانہ شام کے اوقات میں جب چراغوں کے روشن کرنے کا وقت آتا، تو خدامِ حرمِ مدینہ طیبہ بطورِ خاص آواز لگاتے کہ کہاں ہیں عبد القدیر، کہاں ہیں عبد المقتدر، اور اس کے ساتھ ہی دونوں برادران تیزی سے جا پہنچتے۔ اُن کو گودوں میں اٹھا لیا جاتا اور وہ چراغوں کو روشن کرتے جاتے۔
سبحان اللہ! آقائے دو جہاں، سرورِ کائنات، تاجدارِ مدینہ صلی اللہ علیہ وسلم کا دربار اور ایسی نادر حاضری! خوش نصیبی کی انتہا ہے۔
غور فرمائیے کہ پیدائش ہی سے ہمارے حضرت قبلہ تقدیر کے کیسے دھنی رہے ہیں۔ ایک چراغ سے اور چراغوں کو روشن کرنے کی تربیت مرکزِ انوار و تجلیات یعنی مدینہ منورہ ہی میں پائی تھی، سبحان اللہ!

مَشَقَّت بَرَائے حُصُوْلِ عِلْم

ایک موقعہ پر حضرت قبلہ نے فرمایا کہ پتھر گٹی کے آبائی مکان سے روزانہ خود حضرت قبلہ اور حضرت کے بھائی صاحب دونوں اپنی اپنی کتابیں تھامے ہوئے پیدل چل پڑتے اور قلعہ گولکنڈہ میں اپنے استادِ محترم کے مکان پر پہنچ کر ہی دم لیتے۔ پڑھائی کے بعد استاد صاحب کے مکان میں پانی کی سربراہی بھی ایک ذمہ داری تھی، اُس کی تکمیل کے بعد ہی گھر لوٹتے۔

یہاں توجہ چاہوں گا کہ چاہے کوئی شخص گھر سے پیٹ بھر دودھ پی کر نکلے اور ساتھ میں کچھ کھجوریں، مصری بادام بھی رکھ لے تو کیا ہو؟! فاصلہ پھر فاصلہ ہے۔ روزانہ آمد و رفت میں میلوں قدم قدم طے کرنا، یعنی جانا اور پھر لوٹ آنا، تو یہ بات بہر طور کسی مجاہدہ سے کم نہیں۔ وہ تو سراسر علم کی سچی طلب تھی اور فطری لگاؤ تھا، ورنہ ایسی مثال جانے انجانے کوئی فردِ بشر زمانۂ حال میں تو پیش کرنے سے قاصر ہے۔

فَضْلِ خُدَاوَنْدِی اور خُوَاجَہ مَحْبُوْبُ اللّٰہؒ کِی تَرْبِیَت

فضلِ خداوندی: ایک روز حضرت قبلہ نے بڑی ہی اہم بات ارشاد فرمائی۔ فرماتے ہیں: میر خواجہ نے ایک دن فرمایا (خواجہ محمد صدیق محبوب اللہ کو ہمارے حضرت "میر خواجہ" فرماتے تھے): "مولوی! اللہ تعالیٰ نے فرمایا: اس بچہ (مولوی) کو ہمیں دیدو، اس کی تربیت ہم کرتے ہیں"۔ خواجہ سرکار نے ہاتھ جوڑ کر عرض کیا: "مالک! اور کیا چاہیئے، ہماری ساری کوشش اسی دن کے لئے تو ہے"۔ (خواجہ سرکار ہمارے حضرت یعنی بحر العلوم کو "مولوی" سے مخاطب کرتے تھے)۔

فَیْضَانِ مُرْشِد

یہاں میں ضروری سمجھتا ہوں کہ حضرت قبلہ کے رہبرِ طریقت، مرشدِ کامل، عارف باللہ، شیخِ بے مثل کا تعارف ہو جائے۔
فیضانِ مرشد: حضرت کے مرشد کا اسمِ گرامی نامِ نامی حضرت حافظ سید شاہ محمد صدیق حسینی قادری تھا، "محبوب اللہ" (قدس سرہ) کے لقب سے یاد کئے جاتے ہیں، عرفِ عام میں "خواجہ میاں حضرت" کے نام سے مشہور ہیں۔ ہمارے حضرت اپنے مرشد کے حقیقی بھانجے تھے۔
خواجہ میاں حضرت مرشد تھے اور ایسے مرشد کہ فیضِ ظاہری و باطنی میں ایک مینارۂ نور تھے، جن کی فیض رسانی کے کمال کا یہ عالم تھا کہ ذرۂ بے مقدار دمکتا تارا بن جاتا، ستارہ روشن ماہتاب، اور مہتاب تو آفتاب بن جاتا، اور آفتاب..... وہ تو بس وہی بن سکا جس کو کہ بننا تھا!

کہنے کا مطلب یہی ہے کہ خواجہ سرکار کے فیضِ حق پرست کے سنوارے ہوئے حضرت عبد القدیر کو خود ربِ قدیر نے اپنی تربیتِ خصوصی کے لئے منتخب فرمالیا تھا۔ سبحان اللہ! قربان جائیں ایسی ہستی کے جس کی تربیت اللہ تبارک و تعالیٰ نے خود فرمائی ہے۔ دامنِ حسرت سے وابستہ شخص حق بجانب ہے اگر یہ کہتا ہے:

جِتْنَا بِھِی کَرُوں نَاز مِرَا نَاز بَجَا ہَے!
مُرِیْدِ صَادِق

بہت ساری باتیں جو حضرت قبلہ کی کمسنی سے متعلق تھیں اور جو بیشتر مریدِ صادق حضرت قبلہ ہی سے سننے کو ملیں، انھیں پیش کر دیا۔ ان کے علاوہ بھی کچھ...

نَوَادِرِ یَادْدَاشْت

آوازیں، کچھ مناظر، اور کچھ کلمات ایسے ہیں جو اس خادمِ حسرت کے ذہن میں بستے ہیں، نظر میں، آنکھوں میں گھومتے ہیں اور کانوں میں گونجتے ہیں۔ مشتے نمونہ از خروارے چند ایک پیشِ خدمت ہیں!
حضرت سیدی یحییٰ پاشاہ قبلہ کے وصال فرمانے کے بعد اُن کے بڑے صاحبزادے یعنی حضرت چاند پاشاہ صاحب قبلہ کی جانشینی کا موقع وہ تھا۔ ہمارے حضرت قبلہ 'یحییٰ پاشاہ قبلہ' کے حقیقی پھوپھی زاد برادرِ بزرگ تھے۔ اس لحاظ سے بزرگِ خاندان بھی۔ چنانچہ رسمِ سجادگی ہمارے ہی حضرت کے ہاتھوں سرانجام پائی۔

خُوَاجَہ کِی تَصْوِیْر

خواجہ کی تصویر: اس تقریب کی ابتدا شیخ الاسلام حضرت مولانا سید شاہ محمد بادشاہ حسینی صاحب قبلہ کے خطاب سے ہوئی۔ خطاب کے دوران حضرت شیخ الاسلام ہمارے حضرت قبلہ کی طرف اشارہ کرتے جاتے اور فرماتے جاتے: "عبد القدیر میاں، خواجہ میاں کی تصویر ہیں! عبد القدیر میاں، خواجہ میاں کی تصویر ہیں!"
یاد رکھنے کی بات تو یہ ہے کہ یہ واقعہ قاضی پورہ شریف میں انجام پایا اور ٹھیک خواجہ میاں سرکار کے مواجہ شریف میں۔ (یہ راقمِ سطور کا اپنا چشم دید بھی ہے)۔

اس خصوص میں کیوں نہ حضرت قبلہ کے ایک مصرعہ کی طرف آپ سب کی توجہ مرکوز ہوجائے جو "خواجہ میاں کی تصویر ہیں" سے بڑا میل کھاتا ہے اور وہ یوں ہے:

حَسْرَت ہَے خُوَاجَہ کَا خَزَانَہ، یَہ جُھوْٹِی نَہِیْں یَہ بَات، اَب ڈَر کَاہَے کَا!
خُوَاجَہ کَا خَزَانَہ

خواجہ کا خزانہ: در اصل اس میں حضرت حسرت کے مقام کی جانب نشاندہی ہو رہی ہے اور خواجہ کا خزانہ ہونے کی حقیقت کے اظہار کے بعد "یہ جھوٹی نہیں یہ بات" کے فرمان کے بعد شک و شبہات کی تمام عمارتیں مسمار ہو چکیں۔
ہم تو بس ان ہر دو بزرگوں کو سچے اور صادق مانتے ہیں۔ ان کے ارشادات تو نہ فقط ہمارے دلوں کو بلکہ ہمارے ایمان کو بھی چھو لیتے ہیں۔ پھر قرآنِ مبین یوں ہماری رہنمائی فرماتا ہے:

آیتِ قرآنی
يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا اتَّقُوا اللَّهَ وَكُونُوا مَعَ الصَّادِقِينَ
پِیْرِ جِیْلَانِیؒ کِی حَضْرَت قِبْلَہ سَے مُلَاقَات

مدینہ منزل ملک پیٹ میں (حضرت قبلہ کے مدعا و مکاشفے کے مطابق) حضرت قبلہ کی سالگرہ کی تقریب تھی، بڑے مکان میں اندرونی بڑے صحن میں فرش کا اہتمام کیا گیا تھا، حضرت پیر نجم الدین گیلانی صاحب قبلہ، شہزادۂ غوثِ اعظم کی آمد اور شرکت کی بھی اطلاع تھی۔ ہمارے حضرت قبلہ نے ایک بڑی شاندار صوفہ نما غالیچہ دار کرسی بھی رکھوائی تھی۔
محفل جم چکی تھی، سب اپنی اپنی نشست سنبھال چکے تھے۔ اتنے میں پیر صاحب قبلہ تشریف لائے، سب اٹھ کھڑے ہوئے۔ حضرت قبلہ اور پیر صاحب قبلہ کی باہم ملاقات ہوئی۔ حضرت قبلہ نے پیر صاحب قبلہ سے کرسی پر تشریف رکھنے کی پیشکش فرمائی۔ پیر صاحب نے بھی جواباً پیشکش فرمائی، لیکن حضرت قبلہ نے پیر صاحب کو بصد اصرار بٹھا دیا یہ کہتے ہوئے کہ "آپ غوثِ اعظم کے شہزادے ہیں، تشریف رکھئے"۔ پیر صاحب قبلہ نے بے اختیار فرمایا: "حضرت! آپ تجلیٔ اعظم ہیں، آپ تشریف رکھیں"، مگر پھر حضرت قبلہ کے اصرار پر پیر صاحب نے بیٹھنا قبول فرما لیا۔

معروضہ یہ ہے کہ "تجلیٔ اعظم ہیں" کہنا کچھ آسان بات نہیں۔ اس سے معلوم ہوتا ہے کہ پیر صاحب قبلہ کے دل میں ہمارے حضرت قبلہ کیلئے کیا جگہ ہوگی، کیا ہی عزت ہوگی اور کیا ہی عظمت ہوگی! ورنہ یہ جملہ تو ایسا یادگار ہے کہ پیر صاحب قبلہ کی زبانِ مبارک سے کسی اور کے لئے نہ نکل سکتا ہے نہ نکلا ہوگا۔

تَجَلِّیٔ اَعْظَم

تجلیٔ اعظم ایک اصطلاح ہے علمِ تصوف کی، جو بتلاتی ہے کہ ہر زمانہ میں ایک شخص بزرگ و برگزیدہ مسندِ ارشاد کے اس مقام پر فائز ہوتا ہے جو عالمِ تمام کی برگزیدہ ہستیوں کا سردار اور اپنے زمانہ کے عالمِ تکوینی کا ممتاز ترین بندۂ خدا اور اپنی خلقت میں، اپنی حقیقت میں خدائی فرماں روا، حاکمِ مطلق اور مقتدرِ اعلیٰ ہوتا ہے۔ جس کی باقاعدہ ایک عالم پر حکومت رہتی ہے۔ اس کا عرصۂ حکومت برس ہا برس تک اور کبھی صدیوں تک جاری رہتا ہے۔

حَضْرَت قِبْلَہ کِی لَاجَوَاب شَخْصِیَّت اور اُس کِی جِہَات

حضرت بحر العلوم رحمۃ اللہ علیہ کی شخصیت جہاں لاجواب و بے مثل رہی، وہیں اس لاثانی شخصیت کی جہتیں بھی بے شمار رہیں۔ ان جہتوں کا شمار ہمارے شمار کے بس کی بات نہیں۔
ایک وقت تھا حضرت لڑکپن میں تھے، سنِ بلوغ کو پہنچے ہی تھے کہ شادی ہوئی، پھر والد بنے۔ شاگرد تھے، استاد بنے؛ مرید تھے، مرشد بنے؛ لیکن شیوۂ طلبِ علم میں رمق برابر بھی فرق نہ آیا۔ ابتدائے عمر تا انتہائے عمر یکساں رہا۔ یوں سمجھئے کہ اللہ نے علم کو آپ کے لئے اور آپ کو علم کے لئے پیدا فرمایا تھا۔ آپ کے تئیں علم کی طلب بر بنائے شوق تھی نہ کہ بر بنائے خوف۔ علم آپ کا طرۂ امتیاز رہا۔

حَیْرَت اَنْگِیْز قُوَّتِ حَافِظَہ

اللہ نے دین و دنیا، علم و عمل، اولاد و گھر بار، عقل و شعور، سوجھ بوجھ، ادراک و احساس، حافظہ و یادداشت، قوتِ ارادہ و فیصلہ، سب کچھ عطا فرمایا تھا، اور عطا کرنے کی شریعت سے فرمایا تھا! جب کوئی بات ایک بار سن لیتے وہ ہمیشہ کو یاد ہو جاتی۔ حضرت فرماتے تھے:
"لوگ کہتے ہیں بلکہ شکایت کرتے ہیں کہ انھیں کوئی بات یاد ہی نہیں رہتی، اور میں کہتا ہوں کہ میں کوئی بات نہیں بھولتا!" سبحان اللہ۔

مَجْلِسِ اِتِّحَادِ الْمُسْلِمِیْن کَا قِیَام

جب حضرت قبلہ کی علمی و فکری بصیرت اپنی انتہا کو پہنچ چکی، دینوی اور دنیوی علوم، مشرق و مغرب کے علوم، علم الادیان اور علم الابدان سے مکمل آگہی ہو چکی، مختلف زبانوں، ذاتوں اور مذاہب کو بھی اچھی طرح جان گئے، سیاسی، معاشی، معاشرتی، اخلاقی اور نفسیاتی بگاڑ کو اپنے اطراف دیکھ لیا، ایسے میں بگڑا ہوا اور فرسودہ نظامِ حیات آپ کی حکمتِ بالغہ کو آواز دے رہا تھا کہ ایک انقلاب آجائے۔
آپ پر یہ بھی خوب روشن تھا کہ سیاست اور مذہب جدا نہیں، لیکن آپ نے روایتی سیاست سے کنارہ کش رہ کر ہی اندرونی خلفشارِ قومی کو درست فرمانے کا تہیہ کر ہی لیا، اور اس خاطر سے مجلسِ اتحاد المسلمین کی بنا ڈال ہی دی اور شہرِ حیدرآباد میں موجود تمام فرقوں میں قومی اتحاد و اتفاق کی لہر دوڑا دی۔ (ملاحظہ ہو: اصولِ اسلام از بحر العلوم)

قِیَامِ جَامِعَۂ عُثْمَانِیَہ

عثمانیہ یونیورسٹی کا قیام: اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم، انعامات و احساناتِ خصوصی جو حضرت قبلہ کے شاملِ حال رہے وہ کسی وقفہ کے بغیر پیدائش سے لے کر ایامِ طفولیت تا عمر مسلسل جاری ہی رہے۔
عثمانیہ یونیورسٹی (۱۹۱۸ء) جس کی تاریخ زریں سنگِ بنیاد ہے، جب پوری طرح کامیاب انداز میں چلنا شروع ہوئی، تو شاہِ دکن سلطان العلوم میر عثمان علی خان بہادر نے شاہی عالمان کو اور اسکالرز (Scholars) کو ہندوستان کے گوشہ گوشہ سے منتخب کر کے بلایا اور یونیورسٹی کے بڑے بڑے عہدوں پر ان کو فائز کیا۔

پْرُوفِیْسَر و صَدْرِ شُعْبَۂ دِیْنِیَات

شعبۂ دینیات کے لئے سارے ہندوستان میں حضرت بحر العلوم سے بڑھ کر بہتر یا کم از کم برابر والی بھی کوئی ہستی نہ تھی۔ شاہِ دکن نے آپ کو پروفیسر و صدرِ شعبۂ دینیات کے اہم ترین اور باوقعت عہدے پر مامور کیا۔ اس سے حضرت قبلہ کے تبحرِ علمی، خاندانی وجاہت و شرافت اور خود آپ کی اپنی شخصیت کے بلند و بالا ہونے کی دلیل ملتی ہے۔

یُوْنِیْوَرْسِٹِی کَے پْرُوفِیْسَروں کَے دِلُوْں مِیْں حَضْرَت کِی وَقْعَت

ایک جھلک حضرت کے تختِ اجلاس کی جیسی کچھ سنی مختصراً پیشِ خدمت ہے:
حضرت بحر العلوم پروفیسر و صدرِ شعبۂ دینیات جامعہ عثمانیہ اپنے اجلاس میں تشریف فرما ہیں۔ اجلاس کے متصلہ ہال سے اساتذۂ دینیات کی باہم گفتگو کی آواز آرہی ہے۔ وہ سب کے سب باہم بحث میں الجھے ہوئے ہیں۔ ہر ایک دوسرے پر اپنی فوقیت جتانا چاہتا ہے، لیکن کب تک! بحث تو ناتمام رہی۔ آخر سب مل کر فیصلہ کرتے ہیں کہ چلیں اور بحر العلوم کو، مولانا کو حَکَم بنایا جائے۔
چنانچہ حضرت قبلہ کے آگے ساری روئداد سنائی گئی۔ آپ نے فرداً فرداً ہر ایک کی کوتاہی کی طرف نشاندہی فرمائی، مسئلہ کا صحیح جواب عنایت فرمایا، مستند کتابوں کے حوالے دیئے، صفحہ نشان وغیرہ بتلا دیئے تا کہ وہ سنتے ہی تصدیق کر لیں، حلِ مشکل کر لیں اور مطمئن ہو جائیں۔

ہُوئی ہَر اَیْک کِی دو بَاتُوْں مِیْں حَل مُشْکِل!

حضرات! اگر ہم یونیورسٹی کے گزرے ہوئے ماضی پر اور ماحول پر غور کریں تو معلوم ہوتا ہے کہ سب کے دلوں میں حضرت بحر العلوم کی کیسی وقعت تھی۔ بلکہ تمام پروفیسر صاحبان آپ کو ایک نعمتِ غیر مترقبہ جانتے تھے۔ اختلافی مسائل میں اپنا حَکَم بناتے تھے، اور آپ کے فیصلے کو بَسر و چشم قبول کرتے تھے۔

دِیْنِی و عِلْمِی خِدْمَات اور مَقَامِ اِجْتِہَاد

حضرت قبلہ کی دینی و علمی خدمات: حضرت بحر العلوم نے بڑے ہی جید علماء سے اکتسابِ فیضِ علم کیا تھا، پھر اپنی خداداد صلاحیت، محنت اور جانفشانی سے خود ایسے نامور عالم بنے کہ ایک عالم میں آپ کا شہرہ ہو گیا۔

پَہْلَا فَتْوٰی اور مَسْئَلَۂ عَدَمِ تَنْسِیْخِ قُرْآن

آپ نے اپنا پہلا فتویٰ صرف اٹھارہ یا بیس (۱۸ یا ۲۰) برس کی عمر میں جاری فرمایا، جو طلاق کے ایک اہم مسئلہ پر تھا، اُس کو عالمِ اسلام نے ہاتھوں ہاتھ لیا۔ یہ آپ کی قبولیت کی پہلی منزل تھی۔
"مسئلہ عدمِ تنسیخِ قرآن" کے عنوان پر آپ نے معرکۃ الآراء مقالہ تحریر فرمایا جس نے آپ کو عالمِ اسلام کے چوٹی کے جید عالموں کی صف میں نمایاں مقام کا حامل بنا دیا۔

شَاہْکَارِ تَفْسِیْر: 'تَفْسِیْرِ صِدِّیْقِی'

تفسیرِ صدیقی آپ کی مشہور و معروف تفسیر ہے جس کی اشاعت برس ہا برس تک قسط وار "درسِ قرآن" نامی جریدہ میں آج سے نصف صدی قبل لگاتار ہوا کرتی رہی۔ پاکستان میں آپ کے لا تعداد شاگردوں اور معتقدین و مریدین نے اس کی طباعت اور اشاعت کا اہتمام کیا۔ اس کی کاپیاں یا نسخہ جات حیدرآباد اور ہندوستان کے دوسرے تمام شہروں میں مقبولِ عام ہوئیں۔ اب اس کی دوبارہ اشاعت نظرِ ثانی کے بعد تکمیل کے حدود میں ہے۔ یہاں حیدرآباد میں بھی حسرت اکیڈیمی کے زیرِ اہتمام چودھویں (۱۴) پارے تک طباعت عمل میں آچکی اور آگے کام تیزی سے جاری ہے۔ آپ کی تفسیر ہر معیار کے قاری کے لئے دلپذیر ہے جس نے آپ کو شمس المفسرین بنا دیا۔

کِتَاب "الدِّيْن"

کتاب "الدِّين": آپ کا جمع کردہ احادیث کا مجموعہ ہے جس میں آپ نے ہر عنوان پر قرآنی آیتوں کے ساتھ حدیثوں کو جوڑا ہے۔ یہ ایک انمول خزانہ ہے۔ یہ کتاب عثمانیہ یونیورسٹی کی بی اے ڈگری نصاب میں شامل رہی۔

حِکْمَتِ اِسْلَامِیَّہ: عِلْمِ تَصَوُّف کِی بُنْیَادِی کِتَاب

"حکمتِ اسلامیہ": علمِ تصوف کی لاجواب بنیادی کتاب ہے۔ نئے اور آسان اصطلاحات کے ذریعہ تفہیم کو آسان بنا دیا ہے۔ یہ کتاب بھی داخلِ نصابِ جامعہ رہی۔

تَرْجَمَہ و شَرْحِ فُصُوْصِ الْحِکَم

"ترجمہ و شرحِ فصوص الحکم": یہ تصوف اور اسلامی فلسفہ کی معیاری کتاب ہے جو حضرت محی الدین ابن عربی رحمۃ اللہ علیہ کی تصنیف کردہ ہے۔ بحر العلوم نے اس کا اردو زبان میں بامحاورہ ترجمہ فرمایا ہے اور بڑی احتیاط اور دور اندیشی کے ساتھ کیا ہے۔ ساتھ میں لاجواب تشریحات یوں جڑ دیئے ہیں کہ اصل متنِ کتاب کا لازمی جزو بن گئے ہیں۔

دَارُ الْعِرْفَان کَا قِیَام

"دار العرفان": بنیادی دینی تعلیم کی ترویج و اشاعت کے لئے آپ کی ایماء پر قائم کردہ دکن کا پہلا ادارہ ہے جس میں تعلیم و تعلم کے ساتھ ساتھ، امتحانات کا انعقاد بھی ہوتا ہے اور کامیاب طلباء کو صداقت نامہ جات (اسناد) بھی عطا کئے جاتے ہیں۔ آج بھی یہ ادارہ کل ڈیوری، حیدرآباد میں قائم ہے اور کارکرد حالت میں ہے۔ اس ادارہ کو حضرت بحر العلوم کی سرپرستی ہمیشہ حاصل رہی۔

دَوْرِ عُثْمَانِی مِیْں دِیْنِیَات کَے نِصَاب کِی اِدَارَت

دورِ عثمانی: یعنی سلطان العلوم شاہِ دکن میر عثمان علی خان بہادر کا دور، سلطنتِ آصفیہ کا سنہرا اور آخری دور رہا۔ اس دور میں دینیات کی کتابیں پہلی جماعت سے دسویں جماعت تک داخلِ نصاب تھیں۔ ان کتابوں کی ادارت کے لئے ایک ذمہ دار مجلس تھی جس کے روحِ رواں حضرت بحر العلوم رہے۔ البتہ اشاعت و نگرانی وغیرہ محکمہ امورِ مذہبی کے سپرد تھی۔
غرض کہ آپ کی (یعنی بحر العلوم کی) لگاتار اور سلسلہ وار تدریس، دینی کتب، ان کی اشاعت، ان کی ترویج وغیرہ اسکول کی ابتدائی جماعتوں سے انتہائی جماعتوں تک اور پھر یونیورسٹی اور کالجوں کی ابتدا تا انتہا تمام جماعتوں تک پورے معیار کے ساتھ جاری و ساری رہی۔ آپ کی قیام گاہیں چاہے وہ رکاب گنج والی ہوں یا مدینہ منزل ملک پیٹ والی، صبح تا شام تشنگانِ علم کی تسکین کے لئے ایک چشمۂ نرم رو تھیں اور فضلِ خدا و عنایتِ رسول اللہ کی کھلی نشانیاں۔

حضرت کا فیضِ عام: اگر یہ کہا جائے کہ اس طور سے آپ کے فیضانِ علم نے تارِ نفس کی طرح...

مسلسل حرکت پذیر اور کارکرد رہ کر نہ صرف حیدرآباد بلکہ سارے ہندوستان، پاکستان اور دور دراز کے ممالک میں رہنے والے آپ کے شاگرد و متعلقین اور ہمنواؤں کے لئے حیاتِ جاودانی کا اہتمام فرمایا اور ان کی نس نس میں حرارتِ ایمانی کو بیدار رکھا، تو اس کو ہرگز ہرگز مبالغہ نہیں کہا جا سکتا۔

حَضْرَت کَا مَقَام اور مَرْتَبَہ

الحاصل! ہند و پاک کی اقلیمِ علم و دانش میں حضرت شاہ ولی اللہ محدث دہلوی رحمۃ اللہ علیہ کے بعد اگر کسی ہستیِ کامل نے اسی جاہ و حشمت کے ساتھ، اسی تمکنت و وقار کے ساتھ نہ صرف علومِ دینیہ کی فراوانی میں حصہ لیا، بلکہ اشاعتِ علومِ قرآن و تفسیر، حدیث و فقہ، تصوف و فلسفہ، منطق و تاریخ، طب و تحقیق وغیرہ میں نہ صرف یہ کہ اپنا سکہ بٹھایا بلکہ اُس کو سکۂ رائج الوقت بنا دیا، تو وہ ہستی صرف اور صرف ہستیِ عبد القدیر ہے، جو بے شک بحر العلوم ہے اور مرشدِ بے نظیر ہے!

تِیْرِی صُوْرَت سَے کِسِی کِی نَہِیْں مِلْتِی صُوْرَت ہَم جَہَاں مِیْں تِیْرِی تَصْوِیْر لِیْئے پِھْرْتَے ہَیْں!

-(+)-
بموقع جشنِ ولادت حضرت بحر العلومؒ:
۲۷ رجب ۱۴۱۶ھ مطابق ۳۰ دسمبر ۱۹۹۵ء
کتابت: حقیر فقیر محمد ضمیر نظامی عفی عنہ
طباعت: رحیم پریس، چھتہ بازار، حیدرآباد

یَادِ بَـحْـرِ الْـعُـلُـوْم

شمس المفسرین، شیخ الحدیثین، بحر العلوم علامہ حضرت محمد عبد القدیر صدیقی حسرتؔ، پروفیسر و سابق صدرِ شعبۂ دینیات جامعہ عثمانیہ کا جشنِ ولادت ہر سال ۲۷ رجب درگاہ شریف، صدیق گلشن پر منایا جاتا ہے۔ اس عظیم المرتبت عالم کی یاد کو ان کے علم سے تازہ رکھنے کا سلسلہ آپ کے جانشین شیخ الحدیث حضرت ابو تراب علی صدیقی خاکی رحمۃ اللہ علیہ نے اس طرح ڈالا کہ سال تمام تکمیل پانے والی کتبِ احادیث کی اسناد اسی دن عطا کی جائیں اور اس ضمن میں قرأتِ کلامِ پاک، نعت شریف کے بعد حضرت بحر العلوم کی حیاتِ مبارکہ پر ایک مقالہ پڑھنے کی بھی کسی نہ کسی کو دعوت دی جاتی۔

الحمد للہ یہ مبارک سلسلہ اب بھی قائم ہے۔ حضرت مولانا محمد انور الدین صدیقی رحمۃ اللہ علیہ کے فرزندوں کو یہ شرف بارہا ملا کہ حضرت کی حیاتِ طیبہ پر روشنی ڈالیں۔ سب سے پہلے حضرت محمد انوار الدین صدیقی مرحوم نے کئی بار مقالات پڑھے۔ ایک مرتبہ آپ کی صدیق گلشن پر کی گئی تقریر آل انڈیا ریڈیو حیدرآباد سے نشر بھی کی گئی۔ انہی کے برادر جناب محمد اعظم الدین صدیقی صاحب نے گذشتہ سال حضرت کی زندگی کے مختلف ادوار سے لوگوں کو روشناس کرایا۔

اسی وقت میں نے جناب مولوی مصطفیٰ عتیق الدین صاحب صدیقی سے گزارش کی تھی کہ اس خاندانی سلسلہ کو قائم رکھنے کے لئے اب ان کی باری ہے کہ حضرت کے یومِ ولادت پر مقالہ پڑھیں۔ مجھے خوشی ہے کہ انھوں نے اس دعوت کو قبول کرتے ہوئے اپنی صاف ستھری اور شستہ زبان میں یہ مقالہ تیار کیا۔ اپنے طرز و اندازِ فکر کو کچھ اس خوبی سے بیان فرمایا کہ اس مقالہ کو ایک اچھوتا پن دیا۔ میں ان کا شکر گزار ہوں۔ امید ہے کہ اس طرح کے مقالے بحر العلوم پر ریسرچ کرنے والوں کے لئے فائدہ مند ہوں گے۔

خاکسار:
محمد عباس علم بردار صدیقی
مہتمم حسرت اکیڈیمی پبلیکیشنز و کتب خانہ بحر العلوم