🏠 Portal 🔍 Proofreading Workbench 📘 Bilingual Edition 📄 Markdown
حَـقِـیْـقَـتِ مِـعْـرَاج
Ḥaqīqat-e-Mi‘rāj (The Mystical & Physical Reality of the Heavenly Ascension)
شمس المفسرین بحر العلوم حضرت محمد عبد القدیر صدیقی حسرتؔ قادری قدس سرہ
Shams al-Mufassirīn Hazrat Bahr al-‘Uloom Muhammad Abdul Qadeer Siddiqi (Rh.A)
حسرت اکیڈمی پبلیکیشنز، صدیق گلشن، بہادر پورہ، حیدرآباد دکن / Hasrat Academy Publications · اشاعتِ حسرت اکیڈیمی (رجب ۱۳۱۳ھ / طبع دوم) / Hasrat Academy Academic Edition
سرورق و عنوان
بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَٰنِ الرَّحِيمِ
آیت [سورۃ الإسراء 17:۱]
سُبْحَانَ الَّذِي أَسْرَىٰ بِعَبْدِهِ لَيْلًا مِّنَ الْمَسْجِدِ الْحَرَامِ إِلَى الْمَسْجِدِ الْأَقْصَى الَّذِي بَارَكْنَا حَوْلَهُ لِنُرِيَهُ مِنْ آيَاتِنَا ۚ إِنَّهُ هُوَ السَّمِيعُ الْبَصِيرُ ﴿۱﴾

حقیقتِ معراج

از
شمس المفسرین استاد العلماء بحر العلوم
حضرت محمد عبد القدیر صدیقی حسرتؔ قادری قدس سرہ
(۱۲۸۸ - ۱۳۸۱ھ)
سابق صدر شعبہ دینیات جامعہ عثمانیہ حیدرآباد دکن

باہتمام: محمد عباس علمدار صدیقی

دوسرا ایڈیشن
حسرت اکیڈیمی پبلیکیشنز
صدیق گلشن، بہادر پورہ، حیدرآباد ۵۰۰۲۶۴

(حقوق طبع محفوظ)
قیمت: ۱.۲ روپیہ

۱. حقیقتِ اسراء و معراج اور مفہومِ عبدیت
بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَٰنِ الرَّحِيمِ

معراج النبی صلی اللہ علیہ وسلم

آیت [سورۃ الإسراء 17:۱]
سُبْحَانَ الَّذِي أَسْرَىٰ بِعَبْدِهِ لَيْلًا مِّنَ الْمَسْجِدِ الْحَرَامِ إِلَى الْمَسْجِدِ الْأَقْصَى الَّذِي بَارَكْنَا حَوْلَهُ لِنُرِيَهُ مِنْ آيَاتِنَا ۚ إِنَّهُ هُوَ السَّمِيعُ الْبَصِيرُ ﴿۱﴾

سُبْحَانَ الَّذِي وہ ذات پاک ہے۔ أَسْرَىٰ بِعَبْدِهِ لَيْلًا، جو اپنے بندے کو رات کے وقت لے گیا۔
مِنَ الْمَسْجِدِ الْحَرَامِ إِلَى الْمَسْجِدِ الْأَقْصَى، قابلِ احترام مسجد سے یعنی مسجدِ کعبہ معظمہ سے جس میں کعبۃ اللہ شریف ہے دور کی مسجد یعنی بیت المقدس کی طرف۔
الَّذِي بَارَكْنَا حَوْلَهُ، جس کے اطراف ہم نے برکت دی یعنے مسجدِ اقصیٰ کے چاروں طرف برکت ہی برکت ہے۔
لِنُرِيَهُ مِنْ آيَاتِنَا، تاکہ ہم اپنے بندے کو اپنی نشانیاں اور آثارِ قدرت دکھائیں۔ جب رسولِ خدا صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ اللہ تھا تو معراج کیوں ہوا؟ فرماتا ہے کہ ہماری قدرت کے کرشمے دکھانے کے لئے۔
إِنَّهُ هُوَ السَّمِيعُ الْبَصِيرُ، بے شک وہی ہے سننے دیکھنے والا۔ معراج میں حضرت نے جو کچھ سنا اور جو کچھ دیکھا سب پرتوِ اسمائے الٰہی تھا۔ اللہ کی سماعت سے آپ نے سنا اور اللہ کی بصارت سے دیکھا۔

ترجمہ: پاک ہے وہ ذات جو ایک رات اپنے بندے کو باحرمت مسجد سے یعنی مسجدِ کعبہ سے مسجدِ اقصیٰ یعنی بیت المقدس کی طرف لے گیا، جس کے اطراف ہم نے برکت دی ہے (ابراہیم علیہ السلام اور دوسرے بہت سے پیغمبر اور عیسیٰ علیہ السلام بھی وہیں پیدا ہوئے تھے)۔ بے شک وہ سننے، دیکھنے والا ہے۔ (بالذات صفات حق ہی کی ہیں، تم کیا کر رہے ہو اور کیا کہہ رہے ہو اس سے اللہ باخبر ہے سمیع و بصیر ہے)۔

صاحبو! معراج شریف کے متعلق بہت سی قابلِ تفصیل باتیں ہیں۔ مشتے از خروارے ہم بھی لکھتے ہیں۔ کیا معراج کا ہونا ممکن ہے؟ بے شک ممکن ہے جس طرح جبرئیل علیہ السلام کا اترنا ممکن ہے، اس عالم میں صورت متشکل لے کر آنا ممکن ہے۔ حضرت رسولِ خدا محمد مصطفےٰ صلی اللہ علیہ وسلم کا اس عالم سے عروج فرما کر، لوازمِ بشری کو چھوڑ کر دربارِ رب العزت میں پہنچنا بھی ممکن ہے۔ بے صورت جبرئیل کا باصورت ہو جانا، باصورت آنحضرت کا بے صورت ہو جانا کچھ دشوار...

۲. معراجِ جسمانی، عوالم کا تنوع اور زمانی تاریخ

...نہیں، ذرا سوچو کہ ہم اس دنیا میں ہیں مادی سمتوں میں گرفتار ہیں۔ کیا اس سے پہلے عالمِ مثال میں نہ تھے؟ کیا اس سے پہلے عالمِ ارواح میں نہ تھے؟ کیا اس سے پہلے ہم علمِ الٰہی میں نہ تھے؟ جو زمانے اور مکان کے زندان میں گرفتار ہیں اب عالمِ مثال میں نہیں رہے؟ یا عالمِ ارواح میں نہیں رہے؟ ہماری انا سچ پوچھو تو مادیات اور لواحقِ مادیات دونوں سے بالاتر ہے۔ ہم جس طرح اس دنیا میں معلوم ہوتے ہیں، مافوق عوالم میں بھی ہیں۔ پھر رسولِ خدا صلی اللہ علیہ وسلم کا معراج میں تشریف لے جانا اپنے قدیم محل کی طرف رجوع کرنا ہے، کیسی رجوع ہے؟

معراج شریف کب ہوا؟ رسالت سے پانچویں سال۔ معراج شریف کہاں ہوا؟ آپ مکہ معظمہ میں حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی بہن ام ہانی کے گھر میں تھے، وہاں سے مسجدِ حرام میں آ کر استراحت فرمائی۔ 'أَسْرَىٰ بِعَبْدِهِ' سے معلوم ہوتا ہے کہ معراج شریف میں رات کے وقت رسولِ خدا صلی اللہ علیہ وسلم کو اللہ اپنے ساتھ لے گیا۔ معراج رات کو کیوں ہوا؟ مذہبی کاموں کا دار و مدار علمِ غیب پر ہے۔ بے دیکھے یقین کرنا ہی کمال ہے۔ اگر دن کو معراج ہوتا تو سب کو یقین آ جاتا۔ حضرت ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ اور ابو جہل میں ما بہ الامتیاز کیا رہتا؟

'أَسْرَىٰ بِمُحَمَّدٍ' کیوں نہیں ہے اور 'بِعَبْدِهِ' کیوں ہے؟ انسان کو جتنا عروج ہوتا ہے اس کی عبدیت کی وجہ سے ہوتا ہے، جس کی جتنی عبدیت اتنا ہی اس کا مرتبہ اور اس کا عروج۔ 'بِعَبْدِهِ' میں گویا معراج کی علت اور سبب بیان کیا گیا ہے اور یہ بھی کہ عبد اللہِ کامل صرف حضرت رسولِ خدا صلی اللہ علیہ وسلم ہیں۔ 'أَسْرَىٰ' شب روی کو کہتے ہیں، پھر 'لَيْلًا' کیوں؟ یہ بتانے کے لئے کہ شب بیداری میں خاص سرفرازیاں ہیں۔ بعض عاشقانِ محمدی کا خیال ہے کہ معراج اگر دن کو ہوتا اور آنکھوں کے سامنے سے جسدِ مبارک غائب ہو جاتا تو عاشقانِ دیدارِ نبوت تڑپ تڑپ کر جان دے دیتے۔

'بِعَبْدِهِ' سے یہ بھی معلوم ہوتا ہے کہ معراج مبارک جسمانی ہوا۔ کیونکہ جہاں جہاں عبد کا لفظ آتا ہے وہاں وہاں جان و تن کا مجموعہ مراد ہوتا ہے نہ کہ صرف جان و روح۔ کیا معراج مبارک جسمانی ہوا یا روحانی؟ جسمانی بھی ہوا اور روحانی بھی۔ جب تک عالمِ اجساد میں تھے جسمانی معراج تھا۔ جب آپ نے عالمِ علوی کی طرف توجہ فرمائی آپ کا جسمِ مبارک اسی کے لائق ہو گیا اور معراج روحانی ہوا۔ ہم نے ابھی بیان کیا ہے کہ بے صورت غیر مادی جبرئیل کا مادی صورت میں آنا اور آنحضرت کا مادہ کو چھوڑ کر غیر مادی ہو جانا کچھ زیادہ مشکل...

۳. اولیاء کے روحانی معراج بنام نبوی معراجِ جسمانی

...نہیں۔ روحانی معراج تو ہمیشہ ہی ہوا کرتا تھا۔ روحانی معراج تو غلامانِ محمد کو بھی ہوتا ہے۔ جن پر عالمِ مثال منکشف ہو گیا ہے وہ کیا نہیں دیکھتے؟ خادمانِ حضرتِ رسالت و نبوت کو معراجِ جسمانی نہ سہی نعلینِ نبوی کے صدقہ سے معراجِ روحانی حاصل ہو جاتا ہے۔

مِنَ الْمَسْجِدِ الْحَرَامِ سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ مسجدِ کعبہ مسجدِ بیت المقدس سے زیادہ بااحترام ہے۔ ایک نماز مسجدِ کعبہ میں پڑھی جائے تو اس کا مسجدِ اقصیٰ سے زیادہ اجر ملتا ہے۔
إِنَّ أَوَّلَ بَيْتٍ وُضِعَ لِلنَّاسِ لَلَّذِي بِبَكَّةَ (آل عمران: ۹۶) سے ثابت ہوتا ہے کہ سب سے پہلا معبدِ الٰہی کعبۃ اللہ شریف اور اس کی مسجد ہی ہے۔ عام لوگ سمجھتے ہیں کہ بیت اللہ شریف کو ابراہیم علیہ السلام نے بنایا۔ اول بیت سے تو یہ ثابت ہوتا ہے سب سے پہلی عبادت گاہ کعبہ ہے جہاں عرفات میں آدم و حوا علیہما السلام ملے ہیں جہاں امنا حوا کی قبر مبارک ہے۔ سب سے بڑی بات تو یہ ہے کہ حبیبِ خدا صلی اللہ علیہ وسلم کا جسدِ پاک وہیں کی مٹی کا ہے، اسی خاکِ پاک کا ہے۔ پہلے مسجدِ اقصیٰ کی طرف معراج میں آنحضرت کیوں پہونچے؟ وہاں تمام پیغمبر تھے۔ اُن سے ملاقات بھی ضروری تھی، اُن کے کمالات پر سے گزرنا بھی ضروری تھا، مسجدِ اقصیٰ کی برکتوں سے بھی مالا مال ہونے کی حاجت تھی۔ پھر اس کے بعد کمالاتِ محمدی کی سیر ہے۔ قدرتِ خداوندی کے کرشمے ہیں اور آثار و اسرار کے مطالعہ سے سرفراز ہونا ہے۔ معراج شریف کے متعلق گونہ تفصیل سورۃ النجم میں ہے۔ (مأخوذ از تفسیر صدیقی، پارہ ۱۵، سورہ بنی اسرائیل)

تمثیل: پتھر کے گولے اور انسانی ارتقاء کے مدارج

زمین پر پتھر کا ایک گولہ پڑا ہوا ہے۔ ایک شخص آتا ہے اور اس کو اٹھا لیتا ہے، اس کے پاس ہی دوسرا گولہ اور پڑا ہوا ہے جو پہلے گولے سے وزن میں دوگنا ہے۔ اس کو اٹھانے کے لئے زور لگاتا ہے۔ بیچارہ زور لگاتا لگاتا تھک گیا، گولہ نہ اٹھا سو نہ اٹھا۔ دوسرا آدمی آتا ہے اور اس آدمی کے عجز کو دیکھ کر ہنستا ہے، گولے کے نیچے لوہے کے ایک عتلے (lever) کے سرے کو لگاتا ہے، تھوڑے فاصلے پر ٹیک دے کر عتلے کے دوسرے کنارے پر زور لگاتا ہے اور اپنا وزن ڈالتا ہے، پتھر بڑی سہولت سے اٹھ جاتا ہے۔ ایک مسمریزم والا آتا ہے اور صرف اپنی نظر اس پر ڈالتا ہے اور وہی گولہ زمین سے معلق کھڑا ہو جاتا ہے۔ ذرا غور کرو، پہلا شخص گو وہ انسان ہی ہے مگر...

۴. انسان کے چار مراتب اور تختِ بلقیس کی مثال

وہ پہلا شخص اپنے آپ کو حیوان سمجھتا ہے، اپنی قوتِ عقل سے واقف نہیں اس لئے اس سے کام نہیں لیا۔ دوسرا اپنے آپ کو عاقل انسان سمجھتا ہے اس لئے اس نے اپنی عقل سے کام لے کر اس پتھر کو اٹھا لیا جس کو اپنے آپ کو حیوان سمجھنے والا آدمی اٹھا نہ سکا۔ تیسرا شخص اپنے میں روحانی قوت پاتا ہے اور اس سے کام لیتا بھی ہے مگر بہت ادنیٰ درجہ کی روحانی قوت۔

حضرت سلیمان علیہ السلام نے فرمایا: کوئی ہے جو بلقیس کے تخت کو اس کے یہاں پہنچنے سے پہلے لائے؟ عفریت نے جو قومِ جن سے تھا کہا کہ میں اس تخت کو آپ کے اپنے مقام سے اٹھنے سے پہلے لے آتا ہوں۔ آصف بن برخیا وزیر حضرت سلیمان نے کہا کہ میں چشم زدن میں بلقیس کا تخت حاضر کرتا ہوں۔ دیکھو آصف بن برخیا نے خود کو کچھ سمجھا تو اپنی قوت کو جن کی قوت سے بہت زیادہ پایا، طرفۃ العین میں تختِ بلقیس کو سینکڑوں کوس سے اٹھا لایا! نہ دیوار مانع ہوئی نہ در۔

افسوس ہم نے کبھی کوشش نہیں کی کہ سمجھیں کہ ہم کون ہیں، ہماری قوتیں کیا کیا ہیں اور کس پیمانہ پر ہیں۔ ہم اپنے آپ کو گوشت اور ہڈیوں کا مجموعہ سمجھتے ہیں اس لئے ہم سے اتنے ہی آثار و افعال نمایاں ہوتے ہیں۔ اپنا پتا جتنا زیادہ لگاتے اتنے ہی ہم زیادہ کام کے ہوتے۔

اس سے بڑھ کر ہو کیا جہالت اب تک نہ کھلا کہ کون تو ہے
(حسرتؔ صدیقی)

آؤ ذرا اپنے پر پھر ایک سرسری نظر ڈالیں۔ آدمی اپنے پر غور کرتا ہے تو معلوم ہوتا ہے کہ اس کا وزن ہے، وہ جگہ گھیرتا ہے، کاٹو تو کٹتا ہے، یہ تو تمام مادے کے خواص ہیں۔ ان میں لکڑی پتھر بھی تو شریک ہیں۔ طول، عرض، عمق میں طبعی طور پر بڑھتا ہے یعنی نامی ہے، کیا درخت اس طرح نہیں بڑھتے؟ چلتا پھرتا ہے حس رکھتا ہے، بیل گائے بھی تو چلتے پھرتے حس و حرکت کرتے ہیں۔ آدمی عقل رکھتا ہے سوچتا سمجھتا ہے، عقل و ادراک کیا مادے کی صفت ہے؟
مادے کا خاصہ تو استمرار ہے۔ ساکن ہے تو ہمیشہ ساکن جب تک کوئی حرکت نہ دے؛ متحرک ہے تو دائماً متحرک جب تک کوئی ساکن نہ کرے۔ پھر یہ بالارادہ حرکت و سکون کیسا؟ عالمِ مادی کا تو یہ خاصہ نہیں۔ لہٰذا ہمارا اپنے آپ کو مادی سمجھنا چاند پر خاک ڈالنا ہے۔

تنم غبارِ رخِ جانِ باصفائے من است ہے خاک میں ملایا اس پستیِ نظر نے اے شاہبازِ معنی سدرہ مقام تیرا
گر آپ کو نہ بھلائے نام و نشانِ شاہی سرنامۂ کتابِ ہستی ہو نام تیرا
(حسرتؔ صدیقی)
۵. تجددِ امثال، انانیت کی وحدت اور عالمِ رویا

آؤ ہم اپنے آپ پر ایک اور تحقیقی نظر ڈالیں۔ جب ہم تولد ہوئے تھے تو ہاتھ بھر سے بھی چھوٹے تھے، چند پونڈ وزن تھا۔ پھر بڑھتے بڑھتے عنفوانِ شباب کو پہونچے، پھر تو یہ جوان ہو گئے، پھر جوانی ڈھلنے لگی۔ میں تو ادھیڑ ہو گیا بلکہ بڑھاپے کی وادی میں قدم رکھ چکا ہوں۔ اس عرصۂ مدت میں کیا کیا طور بدلے، کیسے کیسے رنگ بدلے، وزن کچھ کا کچھ ہو گیا۔ جسم کا ہر حصہ کاربانک ایسڈ گیس بن کر تنفس سے نکلتا گیا، اور غذا نے تلافیِ مافات اور بدلِ ما یتحلل کیا، اب ابتدا سے تولد کے زمانے کے کچھ ذرے رہ گئے ہوں تو ممکن ہے۔ مگر مشہور تو یہ ہے کہ سات یا بارہ سال میں جسم بالکل نیا ہو جاتا ہے۔ خیر کچھ ہی ہو۔ لیکن میں تو وہی عبد القدیر صدیقی ہوں خواہ جسم پہلا رہے یا نہ رہے۔ بچہ تھا یا جوان، ادھیڑ ہوں یا بوڑھا، میری انانیت میں کوئی فرق نہیں۔ سب صورتیں، اطوار، احوال میرے ہی ہیں مگر فی الحقیقت میں تو ان سب صورتوں سے پاک ہوں۔ میری انانیت کو کوئی صورت یا حالت لازم ہوتی تو پھر کوئی اور حالت بدل ہی نہیں سکتی۔ مگر واقعہ اس کی تصدیق نہیں کرتا ہے۔

سائنس فلاسفی سے ہے کیا حاصل کیا ہے لاجک و ہسٹری کا حاصل
جو اپنی حقیقت کو نہ سمجھا تم نے جو کچھ کہ لکھا پڑھا وہ سب لا حاصل
(حسرتؔ صدیقی)

آؤ ایک ذرا تدقیقی نظر ڈالیں۔ ہم کوس دو کوس کے فاصلے پر جاتے ہیں تو وقت درکار ہوتا ہے، سنتے ہیں تو ہوا کے تموج کی ضرورت ہوتی ہے، دیکھتے ہیں تو آفتاب یا ستاروں یا چراغ کی ضرورت ہوتی ہے۔ کسی نہ کسی جہت میں ہماری نظر پڑتی ہے۔ جب ہم چراغ بجھا کر حجرے میں آنکھ بند کر کے سو جاتے ہیں تو ایک اور ہی عالم ہمارے سامنے آ جاتا ہے۔ ہم مکہ معظمہ، مدینہ منورہ میں یا لندن و پیرس میں پہنچتے ہیں، بزرگوں سے ملتے ہیں یا اپنے دوست آشنا سے ملاقات کرتے ہیں، بلکہ بعض دفعہ تو ہم کو قبل از وقوع بہت سے واقعات معلوم ہو جاتے ہیں۔ دیکھو اس دیکھنے کے لئے نہ ضیائے شمس کی ضرورت ہے نہ سننے کے لئے تموجِ ہوا کی، نہ چلنے کے لئے جسم کی حرکت کی۔ ان اجسامِ مثالی کا نہ وزن ہے نہ وہ جگہ گھیرتے ہیں۔ آنکھیں بند ہونا ہی تھا کہ سینکڑوں کوس پر پہنچ گئے۔ نہ وہاں مدت درکار ہے نہ دنیوی زمانے کی وہاں گنجائش ہے۔ وہاں نہ بعدِ مکانی ہے نہ زمانی۔ خواب مختلف قسم کے پڑتے ہیں، بعض تعبیر طلب ہوتے ہیں، بعض رویائے صادقہ، بعض اضغاث...

۶. صدقِ رویا، خیالِ متصل و منفصل اور عالمِ مثال

...احلام یعنی واہی تباہی خواب ہوتے ہیں۔ خواب کی خوبی، درشتی، صحت و صدق کا معیار اپنی توجہ پر موقوف ہے۔ آدمی کا خیال اسفل کی طرف مائل ہوتا ہے تو اسفل ہی کا خواب پڑے گا، اعلیٰ کی طرف تو خواب میں اعلیٰ چیز ہی نظر آئے گی، 'جو من میں بسے وہ سپنے میں دکھے'۔ نفس میں کسی شئے کا میلان یا کراہت ہوگی تو اپنی طرف سے وہ حسبِ مرضی کمی زیادتی کر دے گا اور وہ خواب حقیقت سے دور ہو جائے گا۔ اگر نفس ساکن ہوگا کسی قسم کی حرکت نہ کرے گا تو خواب علی الصبح صحیح ہوگا۔ چونکہ پیغمبر معصوم ہوتا ہے اور اس کا نفس مطمئنہ رہتا ہے لہٰذا اس کا خواب بھی وحی کا حکم رکھتا ہے۔

جس طرح انسان کا ایک شخصی خیال رہتا ہے جس میں نفسِ ناطقہ داخلی و خارجی اشیاء، جوہر و عرض سب کو مصوّر بنا کر مطالعہ کرتا ہے، اسی طرح انسانِ کبیر یعنی تمام عالم کا ایک خیال ہے جس کو عالمِ مثال کہتے ہیں۔ اس میں تمام اشیاء نمودار ہوتی ہیں۔ انسانِ صغیر کا خیال 'خیالِ متصل' ہے اور انسانِ کبیر کا خیال 'خیالِ منفصل' ہے۔ جو کچھ عالمِ ناسوت میں ہونے والا ہے وہ سب پہلے عالمِ مثال میں متشکّل ہوتا ہے، لوحِ محفوظ پر لکھا جاتا ہے، پھر اس دنیا میں ظاہر ہوتا ہے۔

ایک دفعہ حضرت نے خواب میں دودھ پیا اور اس کا بچا ہوا حصہ آپ نے فاروقِ اعظم کو دیا۔ ظاہر ہے کہ علم غیر محسوس شئے اور معانی میں سے ایک معنی ہے جس کی کوئی صورت نہیں۔ مگر جب وہ عالمِ خیال میں آیا تو آخر دودھ کی صورت لے ہی لی۔ مگر کیا اس سے علم کے حقیقتاً بے صورت ہونے میں کچھ فرق آ سکتا ہے؟ نہیں۔ بڑا ہی بے معنی ہے وہ شخص جو صورت سے معنی کی طرف نہیں جاتا، یا معنی کو صورت میں مقید کر دیتا ہے۔ دیکھو! جب ہم یہ کہتے ہیں کہ مجہولِ مطلق پر کسی قسم کا حکم نہیں لگا سکتے یعنی جس کو ہم کچھ بھی نہیں جانتے اس پر کسی قسم کا حکم نہیں لگا سکتے۔ ذرا خوب غور کرو کہ لفظِ مجہولِ مطلق کو جو ایک معلوم موجود فی العقل لفظ و مفہوم ہے، ایسے نامعلوم کے لئے عنوان بناتے اور اس کے ذریعہ ایسی ذات پر حکم لگاتے ہیں جو عقل میں موجود نہیں۔ بہر حال عالمِ مثال و تشبیہ میں کسی شئے کا صورت لینا حقیقتاً بے صورت ہونے پر کوئی اثر نہیں ڈالتا۔ یہ دنیا جس کو تم حقیقی و واقعی شئے سمجھ رہے ہو، یہ بھی ایک خواب ہے۔ 'النَّاسُ نِيَامٌ فَإِذَا مَاتُوا انْتَبَهُوا' لوگ سو رہے ہیں...

۷. بیداریِ بعد از موت، سوفسطائی کی تردید اور صدیقِ اکبرؓ کا ایقان

...جب مریں گے تو متنبہ ہوں گے، اس وقت جاگنے میں سو رہے ہیں، مرو گے تو آنکھیں کھلیں گی اور اس خواب کی تعبیر دیکھو گے کہ کیا ہوگی۔ یہ دنیا بھی کسی اگلے خواب کی تعبیر ہے، عقل پاک ہوتی تو کسی گزشتہ خواب کی طرف رجوع کرتے:

کیسی پیاری شکلیں دکھلاتا ہے نقاشِ خیال لوحش اللہ ہو گئے ہیں روکشِ بت خانہ ہم
(حسرتؔ صدیقی)
سوفسطائی کہ از خرد بے خبر است گوید عالم خیالے اندر گزر است
آرے عالم خیالے اندر گزر است پیوستہ درو حقیقتی جلوہ گر است

اب میں اصل مقصود معراجِ مبارک کی طرف رجوع کرتا ہوں۔ معراجِ نبوی کے متعلق ابو جہل اور ابوبکر صدیق رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی حالت یہ آیت بتلاتی ہے: وَاللَّيْلِ إِذَا يَغْشَىٰ وَالنَّهَارِ إِذَا تَجَلَّىٰ (اللیل: ۱-۲)۔ ابو جہل کو کبھی تصدیق نہ ہوئی اور ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ کو کبھی شک و شبہ نہ ہوا۔ معراج شریف کے بعد ابو جہل، جناب صدیقِ اکبر رضی اللہ عنہ کی خدمت میں گیا اور کہنے لگا کہ اب تو تمہارے پیغمبر بیت المقدس کو جانے اور عرشِ اعظم پر اپنے کو معراج ہونے کا دعویٰ کرتے ہیں۔ کیا اب بھی تم ان کی تصدیق کرو گے؟ جناب صدیقِ اکبر نے فرمایا کہ مجھے تصدیق میں کیوں تردد ہونے لگا جبکہ میں یقین رکھتا ہوں کہ روزانہ جبرئیلِ امین خدمتِ حبیبِ خدا میں حاضر ہوتے اور وحیِ خداوندی پہنچاتے ہیں۔ اس ایک قل و دل جواب پر غور کرو تو معراج شریف کے متعلق کوئی شک و شبہ باقی نہ رہے گا۔ یہ لطیف جواب ہی تو تھا جس نے ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ کو حبیبِ خدا سے 'صدیقِ اکبر' کا خطاب دلوایا۔

حضرت کو معراجِ جسمانی ہو سکتا ہے۔ جبرئیل کا جو روح ہیں دحیہ کلبی کی شکل میں عالمِ ناسوت میں آنا، کیا اس سے زیادہ عجیب نہیں ہے کہ حضرت جو روح الارواح ہیں پھر عالمِ ارواح میں پہنچ جائیں؟ کیا پروردگارِ عالم کا دیدار عرشِ اعظم پر حضرت کو ہوا؟ جبرئیل جب ناسوتی شکل نہ رکھتے تھے اور اس عالمِ ناسوت میں تمام صحابہ کو نظر آ گئے اور ان کے روح ہونے میں کچھ فرق نہ آیا تو کیا خدائے تعالیٰ کی تجلی عرشِ اعظم پر حضرت کے سامنے ہو تو اس کی بے رنگی و بے چونی میں کچھ فرق پیدا کر سکتی ہے؟ ہرگز نہیں۔

۸. سرعتِ حرکت، تنزیہِ جہت اور لطائفِ 'سبحان الذی اسریٰ'

حضرت اس سرعت سے بیت المقدس اور عرشِ بریں کو کیونکر پہنچے یا جبرئیل اس سرعت سے عالمِ ارواح سے عالمِ ناسوت کو کیونکر روانہ آیا کرتے تھے۔ خدائے تعالیٰ بے جہت ہے دیکھنے کے لئے جہت کی ضرورت ہے اور وہ اس سے پاک ہے۔ جبرئیل بھی تو ناسوت کے اعتبار سے بے جہت تھے وہ اس عالم میں آئے تو جہت اُن کو بھی لاحق ہو گئی۔ اگر حضرت عالمِ ملکوت میں پہنچ کر اس کے اقتضاء کے موافق بے جہت ہو جائیں اور خدائے تعالیٰ کا بے جہت دیدار ہو تو کیا دشوار ہے۔ جناب عیسیٰ علیہ السلام جب تک عالمِ ناسوت میں تھے، کھاتے پیتے، جاگتے سوتے تھے۔ ان کو دوسرے بشری عوارض لاحق ہوتے تھے۔ اب سماءِ ثانیہ (دوسرے آسمان) میں ہیں تو یہ عوارض بھی اُن سے زائل ہو گئے۔ ہر عالم کا ایک اقتضاء ہوتا ہے جس کے مطابق عوارض و لواحق متعلق ہوتے ہیں۔ جب وہ عالم ہی نہ رہا تو اس کے عوارض بھی نہ رہے۔ مادی حالت پر غیر مادی کو قیاس کرنا قیاس مع الفارق ہے۔

اب میں آیتِ کریمہ کے لطائف بیان کرتا ہوں۔ خدائے تعالیٰ فرماتا ہے:
سُبْحَانَ الَّذِي أَسْرَىٰ بِعَبْدِهِ لَيْلًا (پاک ہے وہ ذات جو اپنے بندے کو رات کو لے گیا)
خدائے تعالیٰ نے ابتدا ہی میں 'پاک ہے' اس لئے فرمایا کہ ناواقفِ اسرار معراج کو خدائے تعالیٰ کی تنزیہ و بے چونی کے خلاف نہ سمجھے۔ معراج شریف کے رات کو ہونے سے یہ فائدہ ہے کہ ایمان بالغیب ہی تصدیق کا معیار ہے۔ پروانہ ہائے نبوت کو پریشانی نہ ہو۔ یہ بات ہمیشہ یاد رکھو کہ هُوَ الظَّاهِرُ کا جلوہ دن سے اور هُوَ الْبَاطِنُ کا رات سے مناسبت رکھتا ہے۔ اسی لئے اشغالِ باطنہ رات کو زیادہ مفید ہوتے ہیں۔ بِعَبْدِهِ میں 'ب' معیت و جامعیت پر دلالت کرتی ہے۔ یعنی حضرت کو اللہ تعالیٰ کی معیت پہلے ہی سے تھی یہ نہیں کہ معراج سے پہلے کچھ بُعد تھا اور معراج میں عرش ہی پر قرب ہوا۔ نہ گزشتہ معیت سے خدائے تعالیٰ کی تنزیہ پر کوئی اثر پڑتا تھا نہ عرش کے قرب سے اس کی بے چونی میں کوئی تغیر لازم آتا ہے۔
عبد کا لفظ اس لئے بیان فرمایا کہ سب سے افضل صفت عبدیت ہی ہے۔ خدائے تعالیٰ نے تمام عالم کو اظہارِ عبودیت کے لئے ہی پیدا کیا ہے کیونکہ عبد ہی پر رب کے صفات نمایاں ہوتے ہیں۔ وَمَا خَلَقْتُ الْجِنَّ وَالْإِنْسَ إِلَّا لِيَعْبُدُونِ (الذاریات: ۵۶)۔ نیز رسالت میں خدا کے ساتھ امّت کا بھی لحاظ ضرور ہوتا ہے۔ عبدیت میں صرف حق سے نسبت ہوتی ہے۔

۹. سرِّ عبدیت، قوسینِ وجوب و امکاں اور تحویلِ قبلہ

نیز معراج شریف میں کوئی تبلیغی کام بھی متعلق نہ تھا۔ محبوبیت بھی ایک وصفِ خاص ہی میں نمایاں ہوتی ہے۔ عبدیت ہی ہے جو ہر رنگ میں ظاہر ہوتی ہے۔ عبد اپنے کمالِ احتیاج الی الرب کی وجہ سے روح، مثال، جسمِ ناسوتی پر صادق آتا ہے، جو معراجِ جسمانی پر دال ہے۔ 'بِعَبْدِهِ' میں اپنی ذاتِ پاک کی طرف نسبت کی ہے جو حضرت کے عبد اللہ ہونے پر دال ہے، نیز 'بِعَبْدِهِ' میں اظہارِ محلیتِ اسراء ہے۔ یعنی کمالِ عبدیت کی وجہ سے حضرت کو معراجِ جسمانی سے سرفرازی ہوئی اور آپ جسمِ ناسوتی تک جس طرح روح سے نزول فرماتے آئے، اسی طرح پھر ناسوت سے عروج کرتے کراتے روح کو پہنچ گئے اور وہاں قوسِ اعلائے دائرۂ وجود یعنی الوہیت اور قوسِ اسفلِ دائرۂ وجود یعنی عبودیت دونوں ایک دوسرے سے مل گئے۔

عبدیت سے اس امر کی طرف اشارہ بھی ہے کہ غلامانِ دربارِ نبوت اگر اپنے آقا کی بندگی میں اتباع کریں گے تو انہیں ان کے لائق معراج یعنی روحانی و کشفی ترقی اور 'أَعْبُدُ اللَّهَ كَأَنَّكَ تَرَاهُ' (اللہ کی عبادت کرو گویا کہ تم اسے دیکھ رہے ہو) سے سرفراز اور ممتاز ہوں گے۔

مِنَ الْمَسْجِدِ الْحَرَامِ إِلَى الْمَسْجِدِ الْأَقْصَى الَّذِي بَارَكْنَا حَوْلَهُ: مسجدِ حرام یعنی مسجدِ کعبہ معظمہ سے مسجدِ بیت المقدس کی طرف لے گیا جس کے اطراف ہم نے برکت دی ہے۔ حضرت کو خدائے تعالیٰ نے پہلے کمالاتِ ابراہیمی کی تفصیلی سیر سے مشرف کیا۔ اس لئے آپ مسجدِ کعبہ معظمہ میں تھے۔ پھر کمالاتِ دیگر انبیاء اولو العزم کی سیر سے ممتاز فرمایا، اس لئے آپ کو بیت المقدس کی طرف لے گیا جہاں ان حضرات کے قبورِ متبرکہ ہیں، پھر کمالاتِ ذاتِ محمدی کی سیر کرائی اور فوقِ عرشِ اعظم تک عروج ہوا۔ اس تقریر سے غالباً سرِّ تبدیلِ قبلہ منکشف ہو گیا ہوگا کہ پہلے کعبہ معظمہ قبلہ بنا پھر بیت المقدس پھر کعبہ معظمہ، مگر نوبتِ ثانیہ میں کعبہ ابراہیمی کعبۂ محمدی ہو گیا تھا! وَالْحَمْدُ لِلَّهِ وَالصَّلَاةُ عَلَى عَبْدِهِ وَحَبِيبِهِ وَنَبِيِّهِ وَمُصْطَفَاهُ۔

لِنُرِيَهُ مِنْ آيَاتِنَا: تاکہ ہم اپنے بندے کو اپنی نشانیاں دکھائیں۔ اس میں اس امر کی طرف اشارہ ہے کہ ہزار تجلیات دکھائے جائیں مگر ذاتِ قدسی و صفاتِ خداوندی محیط ادراکِ بشری سے پاک ہی رہتی ہے، اس کی تنزیہِ ذات پر کوئی داغ نہیں۔ وہ اس وقت بھی ہے:

اے برتر از قیاس و خیال و گمان و وہم وز ہر چه دیده‌ایم و شنیده‌ایم و خوانده‌ایم
دفتر تمام گشت و به پایان رسید عمر ما ہمچنان در اوّلِ وصفِ تو مانده‌ایم
۱۰. تنزیہِ باری، سرِّ فنا اور رویتِ الٰہی پر تین مباحث

وہ اب بھی 'لَا تُدْرِكُهُ الْأَبْصَارُ وَهُوَ يُدْرِكُ الْأَبْصَارَ' 'أَلَا إِنَّهُ بِكُلِّ شَيْءٍ مُحِيطٌ' (شوریٰ: ۵۴) ہے۔ وہ اَلْآنَ كَمَا كَانَ ہے۔

إِنَّهُ هُوَ السَّمِيعُ الْبَصِيرُ: اگر ضمیر اللہ جل جلالہ کی طرف رجوع کرے تو معنی یہ ہوں گے کہ چونکہ بندہ کی کیا مجال کہ آقا سے کسی امر میں دعوائے شرکت کر سکے۔ موجودِ حقیقی ہمیشہ موجود رہے گا اور معدوم ہمیشہ معدوم۔ اس لئے نیستِ ہست نما میں جو کچھ ہے یہی حقیقی کا ہے۔ بندے میں جو کچھ صفات ہیں وہ سب پروردگار کے ہیں، لہٰذا بالحقیقۃ وہی سننے والا، وہی دیکھنے والا ہے۔ یا یہی معنی ہیں کہ جب تک فنائیت نہ ہو دیدار سے کوئی مشرف نہیں ہو سکتا۔ خدا ہی اپنے آپ کو دیکھتا ہے نہ کہ کوئی اور۔ اگر ضمیر حضرت کی طرف راجع ہو تو یہ معنی ہوں گے: چونکہ ہر شخص اپنی نسبت کو جو حق تعالیٰ سے ہے دیکھتا اور سنتا ہے اور اپنی حقیقت و عین سے بھی باہر کبھی نہیں نکل سکتا، اور تمام نسبتوں کا مرکز و منبع نسبتِ محمدی ہے اور تمام حقائق و اعیان کا مرجع حقیقت و عینِ محمدی ہے۔ لہٰذا حضرت ہی اپنی نسبت و حقیقت کو دیکھتے اور سنتے ہیں۔

نہ اٹھا ہے نہ اٹھے گا کبھی یہ بیچ سے پردہ تو اے نورِ خدا بے شک نقابِ روئے وحدت ہے
میں یہ عینک لگا کر جس کو چاہوں دیکھ لیتا ہوں اگر یہ کج کلاہ عینک ہو پھر تو نور ظلمت ہے
(حسرتؔ صدیقی)
معراج شریف کے تین تنقیح طلب مسائل

معراج سیدِ کائنات کے متعلق چند امور قابلِ تنقیح خیال کئے گئے ہیں:
۱۔ کیا معراجِ مبارک جسمانی ہوا یا مثالی و کشفی یا منامی یعنی خواب میں؟
۲۔ معراجِ مبارک کہاں تک ہوا؟ کیا بیت المقدس تک یا عرشِ اعظم تک؟
۳۔ کیا سید المرسلین کو رویت سے سرفرازی ہوئی یا نہیں؟
ہم تیسرے اور تنقیح طلب امر سے پہلے بحث کریں گے، کیونکہ ہماری نظر میں یہ امر دوسرے امور سے زیادہ اہمیت رکھتا ہے۔ اس مسئلہ میں سب سے بڑا استدلال جو کیا جاتا ہے وہ حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا کا قول ہے:۔

حدیث نبوی ﷺ [صحیح بخاری و مسلم و ترمذی]
عَنْ مَسْرُوقٍ، قَالَ: قُلْتُ لِعَائِشَةَ رَضِيَ اللَّهُ تَعَالَى عَنْهَا: يَا أُمَّتَاهُ هَلْ رَأَى مُحَمَّدٌ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ رَبَّهُ؟
۱۱. حدیثِ عائشہؓ اور نفیِ رویت پر اجتہادی استدلال
حدیث نبوی ﷺ [أخرجه الشيخان والترمذي]
فَقَالَتْ: لَقَدْ قَفَّ شَعْرِي مِمَّا قُلْتَ! أَيْنَ أَنْتَ مِنْ ثَلَاثٍ مَنْ حَدَّثَكَهُنَّ فَقَدْ كَذَبَ:
مَنْ حَدَّثَكَ أَنَّ مُحَمَّدًا رَأَى رَبَّهُ فَقَدْ كَذَبَ؛ ثُمَّ قَرَأَتْ: 'لَا تُدْرِكُهُ الْأَبْصَارُ وَهُوَ يُدْرِكُ الْأَبْصَارَ'۔
وَمَنْ حَدَّثَكَ أَنَّهُ يَعْلَمُ مَا فِي غَدٍ فَقَدْ كَذَبَ؛ ثُمَّ قَرَأَتْ: 'وَمَا تَدْرِي نَفْسٌ مَّاذَا تَكْسِبُ غَدًا'۔
وَمَنْ حَدَّثَكَ أَنَّهُ كَتَمَ شَيْئًا مِنَ الْوَحْيِ فَقَدْ كَذَبَ؛ ثُمَّ قَرَأَتْ: 'يَا أَيُّهَا الرَّسُولُ بَلِّغْ مَا أُنْزِلَ إِلَيْكَ' الآية۔
وَلَكِنَّهُ رَأَى جِبْرِيلَ فِي صُورَتِهِ مَرَّتَيْنِ۔ (أخرجه الشيخان والترمذي)

(ترجمہ) مسروق سے روایت ہے کہ انہوں نے کہا کہ میں نے عائشہ رضی اللہ عنہا سے عرض کیا: اماں جان! کیا محمد صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے رب کو دیکھا تھا؟ تو انہوں نے فرمایا کہ جو تم نے کہا اس سے میرے رونگٹے کھڑے ہو گئے۔ تین باتیں ایسی ہیں کہ جس نے ان میں سے کسی بات کو تم سے بیان کیا اس نے جھوٹ بولا:
جو شخص تم سے یہ کہے کہ محمد صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے رب کو دیکھا اس نے جھوٹ بولا، پھر انہوں نے یہ آیت پڑھی: 'لَا تُدْرِكُهُ الْأَبْصَارُ وَهُوَ يُدْرِكُ الْأَبْصَارَ'۔
اور جو شخص تم سے یہ کہے کہ وہ کل کی بات جانتے ہیں اس نے جھوٹ بولا، پھر انہوں نے یہ آیت پڑھی: 'وَمَا تَدْرِي نَفْسٌ مَّاذَا تَكْسِبُ غَدًا'۔
اور جو شخص تم سے یہ کہے کہ آپ نے وحی میں سے کچھ چھپا لیا اس نے جھوٹ بولا، پھر انہوں نے یہ آیت پڑھی: 'يَا أَيُّهَا الرَّسُولُ بَلِّغْ مَا أُنْزِلَ إِلَيْكَ' الایہ۔
مگر حضرت نے جبرئیل کو ان کی صورت میں دو مرتبہ دیکھا ہے۔ اس حدیث کو بخاری، مسلم اور ترمذی نے روایت کیا۔

اس حدیث پر غور کرو: جنابِ عائشہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا کوئی حدیث روایت نہیں کرتی ہیں بلکہ آیت کی تفسیر فرماتی ہیں اور اسی سے استدلال کرتی ہیں۔ لہٰذا ہم کو چاہیے کہ اسی آیت پر غور کریں۔ یہ آیت معراج شریف ہی سے متعلق نہیں بلکہ مطلقاً ادراک سے متعلق ہے۔

۱۲. ادراک اور رویت کا فرق اور ابن عباسؓ کا مسلک

اولاً: اس آیت سے جس شئے کی نفی کی گئی ہے وہ ادراکِ کُنْہِ ذات و تجلیِ تنزیہی ہے۔ اس آیت میں رویتِ تجلیات کی نفی نہیں ہے۔
ثانیاً: ادراک احاطہ کو چاہتا ہے اور رویت احاطہ کو نہیں چاہتی۔
ثالثاً: 'الْأَبْصَارُ' کے لام میں حضرت بھی شریک ہیں یا نہیں۔ اگر لام استغراق کا نہ ہو اور عہد کا ہو تو بعض افراد کا نہ دیکھنا کافی ہے۔
رابعاً: 'الْأَبْصَارُ' سے مراد ابصارِ اہلِ دنیا ہیں، اور جب حضرت عالمِ بالا میں منتقل ہو گئے تو جو کچھ اس عالم کا تھا وہ باقی نہ رہا۔ مثلاً جب عیسیٰ علیہ السلام دنیا میں تھے تو کھانا پینا سونا اور اس عالم کے دیگر عوارض آپ کو لاحق ہوتے تھے، اب کہ آپ عالمِ علوی میں ہیں تو یہ لوازم باقی نہ رہے۔ یا جیسے جبرئیل علیہ السلام غیر مرئی و لطیف تھے، جب اس عالمِ کثیف میں آتے تھے تو اس عالم کے لوازم ان کو لاحق ہو جاتے تھے، مثلاً اعرابی یا دحیہ کلبی کی صورت و لباس وغیرہ۔

اس لئے کہا جاتا ہے کہ جب جن عالمِ شہادت میں سانپ کی شکل لیتا ہے تو اس میں زہر بھی آ جاتا ہے اور وہ لکڑی کی ضرب سے مر بھی جاتا ہے۔ پس جب حضرت سید الاولین والآخرین عالمِ علوی میں منتقل ہو گئے تو آپ کے ابصار سے ابصارِ عالمِ شہادت کے احکام یعنی جہت، تحیز و احتیاجِ نورِ شمس وغیرہ بھی باقی نہ رہے۔

آیت [سورۃ القيامة 75:۲۲-۲۳]
وُجُوهٌ يَوْمَئِذٍ نَّاضِرَةٌ ﴿۲۲﴾ إِلَىٰ رَبِّهَا نَاظِرَةٌ ﴿۲۳﴾

بعض چہرے اس دن تروتازہ ہوں گے اپنے رب کو دیکھتے ہوں گے، اور دوسری طرف فرمایا: 'كَلَّا إِنَّهُمْ عَن رَّبِّهِمْ يَوْمَئِذٍ لَّمَحْجُوبُونَ' (المطففین: ۱۵) ہرگز نہیں! وہ تو اپنے رب سے اس دن محجوب رہیں گے۔ ان آیات سے ثابت ہوتا ہے کہ دیدارِ الٰہی مومنین کے لئے واقع ہوگا۔ پس ان دونوں آیتوں میں تطبیق اسی طرح ہو سکتی ہے کہ کُنْہِ ذات و مرتبۂ احدیت و تجلیِ ذاتی ادراکِ بصر سے خارج ہے۔ ہاں تجلیِ صفاتی و تجلیِ مثالی و تشبیہی ہو سکتی ہے۔ ہماری اس تطبیق کی تائید جناب ابن عباس رضی اللہ عنہ کے قول سے ہوتی ہے:

حدیث نبوی ﷺ [جامع ترمذی و مشکوٰۃ المصابیح]
وَفِي رِوَايَةِ التَّرْمِذِي قَالَ: رَأَى مُحَمَّدٌ رَبَّهُ۔ قَالَ عِكْرِمَةُ: قُلْتُ أَلَيْسَ اللَّهُ يَقُولُ: 'لَا تُدْرِكُهُ الْأَبْصَارُ وَهُوَ يُدْرِكُ الْأَبْصَارَ'؟ قَالَ: وَيْحَكَ! ذَاكَ إِذَا تَجَلَّى بِنُورِهِ الَّذِي هُوَ نُورُهُ، وَقَدْ رَأَى رَبَّهُ مَرَّتَيْنِ۔ (مشكوة، ترمذی)
۱۳. تطبیقِ بین الروایات اور احادیثِ رویت

اور عبد اللہ ابن عباس نے فرمایا: اس سے یہ مراد ہے کہ اللہ تعالیٰ اپنے اس نور سے تجلی فرمائے جو اس (ذات) کا نور ہے۔ حضرت نے اپنے رب کو دو بار دیکھا۔
ہماری اس تطبیق سے کتنی کشمکش دفع ہو جاتی ہے کہ جتنی آیتیں یا احادیث نفیِ رویت کی ہیں وہ سب شانِ احدیت و تجلیِ ذاتی و کُنْہِ حقیقت سے متعلق ہیں، اور جتنی آیتیں یا حدیثیں ثبوتِ رویت کی ہیں وہ سب عالمِ مثال اور تجلیِ صفاتی اور اپنی اپنی نسبت کی طرف رجوع کرتی ہیں۔ اگر ایسا نہ کیا جائے تو بہت سی صحیح حدیثوں سے انکار کرنا پڑتا ہے اور چونکہ کل قیامت کے دن عینِ ایمان ہی مشہود ہو جاتا ہے اس لئے اگر دنیا میں دیدار کا یقین و ایمان نہ تھا تو پھر بڑی مشکل ہے۔ صحابہ کے اختلاف پر نہ جاؤ کیونکہ ہر ایک کا موقف میں نے بیان کر دیا ہے۔ اب وہ صحیح احادیث بیان کرتا ہوں جن سے ثبوتِ رویت ہوتا ہے۔

حدیث نبوی ﷺ [صحیح بخاری و مشکوٰۃ]
عَنْ جَرِيرٍ قَالَ كُنَّا جُلُوسًا عِنْدَ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ إِذْ نَظَرَ إِلَى الْقَمَرِ لَيْلَةَ الْبَدْرِ قَالَ إِنَّكُمْ سَتَرَوْنَ رَبَّكُمْ كَمَا تَرَوْنَ هَذَا الْقَمَرَ لَا تُضَامُونَ فِي رُؤْيَتِهِ۔ (حديث البخاري - مشكواة)۔
جریر رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے انھوں نے کہا کہ ہم حضرت نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس بیٹھے ہوئے تھے۔ ایک دفعہ آپ کی نظر چودھویں رات کے چاند پر پڑی تو آپ نے فرمایا کہ تم تمہارے رب کو ایسا دیکھو گے جیسے اس چاند کو دیکھتے ہو کہ اس کے دیکھنے میں تم کو کچھ التباس اور شک نہیں۔ (بخاری، مشکوٰۃ)
حدیث نبوی ﷺ [صحیح بخاری و مسلم]
عَنْ جَرِيرِ بْنِ عَبْدِ اللَّهِ قَالَ: قَالَ النَّبِيُّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: أَنَّكُمْ سَتَرَوْنَ رَبَّكُمْ عَيَانًا۔ (رواه البخاري ومسلم، مشكوة)

جریر رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے انہوں نے کہا نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: عنقریب تم تمہارے رب کو کھلم کھلا دیکھو گے۔ اس حدیث میں تو قیامت کی بھی شرط نہیں ہے بلکہ اس میں غالباً حضرت کے خواصِ اصحاب مخاطب ہیں جو کشف اور وجدان سے سرفراز اور ممتاز تھے۔

حدیث نبوی ﷺ [سنن ابن ماجہ و مشکوٰۃ]
عَنْ جَابِرٍ عَنِ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: بَيْنَا أَهْلُ الْجَنَّةِ فِي نَعِيمِهِمْ...
۱۴. تجلیِ ربانی در جنت اور 'اتانی ربی فی احسن صورۃ'
حدیث نبوی ﷺ [سنن ابن ماجہ و مشکوٰۃ]
إِذْ سَطَعَ لَهُمْ نُورٌ فَرَفَعُوا رُءُوسَهُمْ فَإِذَا الرَّبُّ قَدْ أَشْرَفَ عَلَيْهِمْ مِنْ فَوْقِهِمْ فَقَالَ: السَّلَامُ عَلَيْكُمْ يَا أَهْلَ الْجَنَّةِ! قَالَ: وَذَلِكَ قَوْلُهُ تَعَالَى: 'سَلَامٌ قَوْلًا مِّن رَّبٍّ رَّحِيمٍ'۔ قَالَ: فَيَنْظُرُ إِلَيْهِمْ وَيَنْظُرُونَ إِلَيْهِ فَلَا يَلْتَفِتُونَ إِلَى شَيْءٍ مِنَ النَّعِيمِ مَا دَامُوا يَنْظُرُونَ إِلَيْهِ حَتَّى يَحْتَجِبَ عَنْهُمْ وَيَبْقَى نُورُهُ۔ (رواه ابن ماجة، مشكوة)

جابر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے وہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت کرتے ہیں کہ جنتی اپنی نعمتوں میں ہوں گے کہ یکایک ان کے اوپر ایک نور چمکے گا، وہ اپنا سر اٹھائیں گے تو کیا دیکھتے ہیں کہ شانِ رب کی تجلی ان پر جلوہ گر ہے۔ رب نے فرمایا: السلام علیکم اے جنت والو! حضرت نے فرمایا: یہ تفسیر ہے اللہ تعالیٰ کے قول کی: 'سَلَامٌ قَوْلًا مِّن رَّبٍّ رَّحِيمٍ'۔ حضرت نے فرمایا کہ وہ رب کو دیکھتے رہیں گے اور رب انہیں دیکھتا رہے گا، جب تک وہ رب کو دیکھتے رہیں گے جنت کی کسی نعمت کی طرف التفات نہ کریں گے، یہاں تک کہ وہ ان سے پردہ فرما لے گا اور اس کا نور ان پر باقی رہے گا۔

حدیث نبوی ﷺ [جامع ترمذی و مشکوٰۃ المصابیح]
عَنْ ابْنِ عَبَّاسٍ رَضِيَ اللَّهُ تَعَالَى عَنْهُمَا قَالَ قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: أَتَانِي رَبِّي فِي أَحْسَنِ صُورَةٍ فَقَالَ: يَا مُحَمَّدُ! فَقُلْتُ: لَبَّيْكَ رَبِّي وَسَعْدَيْكَ۔ قَالَ: هَلْ تَدْرِي فِيمَ يَخْتَصِمُ الْمَلَأُ الْأَعْلَىٰ؟ قُلْتُ: لَا۔ فَوَضَعَ يَدَهُ بَيْنَ كَتِفَيَّ حَتَّى وَجَدْتُ بَرْدَهَا بَيْنَ ثَدْيَيَّ، فَعَلِمْتُ مَا فِي السَّمَاوَاتِ وَمَا فِي الْأَرْضِ۔ (حديث الترمذي - مشكواة)

ابن عباس سے روایت ہے، کہا انھوں نے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: میرا رب میرے پاس (عالمِ مثال میں) اچھی صورت میں آیا۔ پھر فرمایا: اے محمد! میں نے عرض کیا: میرے پروردگار حاضر، حاضر! فرمایا: تمھیں کچھ معلوم ہے ملاءِ اعلیٰ کس بات میں جھگڑتے ہیں؟ میں نے عرض کیا: جی نہیں۔ پھر اس نے اپنا دستِ قدرت میرے شانوں کے درمیان رکھا اور اس کی ٹھنڈک میں نے اپنے سینے میں پائی، پھر میں نے آسمانوں اور زمین میں جو کچھ ہے سب جان لیا۔ (حدیث الترمذی، مشکوٰۃ)

۱۵. ردِ فلاسفہ مادیین اور ثبوتِ معراجِ جسمانی کے دلائل

قدیم فلاسفہ مادیین ابصار کے لیے جہت، خروجِ شعاع یا انطباع وغیرہ کی شرائط لگاتے ہیں، وہ ان کے اپنے مادی ابصار کے متعلق ہے۔ روحانین کے ابصار کے متعلق نہیں ہے۔ آج کل مسمریزم اور ہپناٹزم والے ان مادیین کے نسج العنکبوت کو تہِ خاک کر رہے ہیں۔ ہم کو نہ پہلے فلسفے کی وجہ سے شک ہوا نہ اب ان اسپرٹ پرستوں کی تائید سے کچھ مزید یقین پیدا ہوا ہے۔ ہمارا یقین خدا اور رسول کے کلام پر ہے۔ وہ اَلْآنَ كَمَا كَانَ ہے اس لئے ہمارا ایمان بھی اَلْآنَ كَمَا كَانَ ہے۔

اب میں پہلے امرِ تنقیح طلب پر بحث کرتا ہوں کہ معراج مبارک جسمانی ہوا یا کشفی مثالی یا منامی و خواب میں؟ میرے نزدیک معراج مبارک تینوں طرح سے ہوا ہے۔ ان میں سے میں پہلے معراجِ جسمانی پر گفتگو کروں گا۔
'سُبْحَانَ الَّذِي أَسْرَىٰ بِعَبْدِهِ' یعنی پاک ہے وہ پروردگار جو لے گیا اپنے بندے کو 'مِنَ الْمَسْجِدِ الْحَرَامِ إِلَى الْمَسْجِدِ الْأَقْصَى' مسجدِ حرام سے مسجدِ اقصیٰ یعنی بیت المقدس تک۔ اب ذرا غور کرو:
اولاً: لفظِ سبحان خود اس کو بتاتا ہے کہ معراج مبارک سے خدائے تعالیٰ کی تنزیہِ ذات پر کوئی اثر نہیں پڑتا، کیونکہ آگے چل کر 'لِنُرِيَهُ مِنْ آيَاتِنَا' ہے تاکہ ہم اس کو اپنی تجلیوں میں سے تجلیِ اعظم دکھائیں۔ اور یہ تمام لوگ جو معراج مبارک کے منکر ہیں وہ معراجِ جسمانی اور شانِ تنزیہ کی وجہ سے ہیں۔ جب معراج مبارک میں تجلیِ اعظم کا دیدار مراد لیں تو معراجِ جسمانی ماننے میں کوئی حرج نہیں۔
ثانیاً: 'أَسْرَىٰ' کے معنی حقیقتاً رات کے وقت لے جانے کے ہیں، خواب اور منام پر یہ لفظ حقیقۃً نہیں بولا جا سکتا۔ ظاہر ہے کہ جب تک حقیقی معنی ممتنع و محال ثابت نہ ہوں مجازی معنی لینے کا کوئی حق نہیں۔
ثالثاً: اگر معراج روحانی ہوتا تو 'أَسْرَىٰ بِرُوحِ عَبْدِهِ' فرمانا چاہئے تھا، کیونکہ عبدہ میں حضرت کی روح و تن دونوں شریک ہیں۔ پس اگر صرف روح مقصود ہوتی تو 'بِرُوحِ عَبْدِهِ' فرمایا جاتا۔
رابعاً: خواب دیکھنے سے کون انکار کر سکتا ہے؟ کفار کا اعتراض، ضعیف عقیدے والوں کا بدل جانا اور مرتد ہو جانا، تصدیق کرنے والوں کے مراتب میں ترقی، اور حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ تعالیٰ عنہ کا اسی واقعہ کی تصدیق کی وجہ سے خطابِ 'صدیقِ اکبر' سے سرفراز ہونا—یہ سب واضح شاہد ہیں کہ معراج مبارک جسمانی تھا!
خامساً: حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے وہ حضرت سے روایت کرتے ہیں کہ میں نے اپنے آپ کو حطیم میں دیکھا...

۱۶. امتحانِ قریش، کشفِ بیت المقدس اور مسلکِ ائمہ اہل بیت

...کہ قریش میرے سفرِ شب سے سوال کرتے جاتے۔ انہوں نے بعض ایسی چیزوں سے بھی سوال کیا جن پر میں نے غور نہیں کیا تھا۔ اس سے مجھے ایسی بے قراری ہوئی کہ کبھی ویسی بے قراری نہ ہوئی تھی۔ خدائے تعالیٰ نے میرے لئے بیت المقدس کو بلند کر دیا کہ میں اس کو دیکھتا تھا اور جواب دیتا جاتا تھا۔ بھلا کوئی منصف کہے کہ خواب کی کوئی ایسی تنقید کیوں کرتا؟

سادساً: بیہقی اور ابن مردویہ نے شداد بن اوس کے واسطے سے حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ سے روایت کی ہے کہ انہوں نے حضرت صلی اللہ علیہ وسلم سے شبِ معراج عرض کیا: یا رسول اللہ! میں نے رات کو آپ کو آپ کی جگہ ڈھونڈا مگر آپ کو نہ پایا۔ حضرت نے جواب دیا کہ مجھے جبرئیل علیہ السلام مسجدِ اقصیٰ کو لے گئے تھے۔

اب رہا معراجِ منامی کا ہونا، وہ احادیث میں بکثرت پایا جاتا ہے اور حضرت کی عادتِ مبارک تھی کہ صبح کی نماز کے بعد لوگوں کے خواب دریافت فرماتے۔ کئی دفعہ خود آپ نے معراجِ منامی پر دلالت کرنے والے خواب بیان فرمائے۔ اسی طرح کشفی و مثالی معراج بھی بکثرت ہوئے، بلکہ سرکار کی حالت تو یہ تھی کہ 'وَلَلْآخِرَةُ خَيْرٌ لَّكَ مِنَ الْأُولَىٰ' (الضحیٰ: ۴) یعنی آپ کی ہر پچھلی حالت سے اگلی حالت اعلیٰ و بالا تھی۔ جناب امامِ اعظم نے سو دفعہ خدائے تعالیٰ کو خواب میں دیکھا، جناب امام احمد بن حنبل نے بھی کئی دفعہ خدائے تعالیٰ کو خواب میں دیکھا۔ غلامانِ محمد کو ایسے خواب اور ایسے کشف ہوتے ہی رہتے ہیں اور ان شاء اللہ قیامت تک ہوتے رہیں گے۔ ان احادیثِ معراجِ منامی کی وجہ سے ہی بعض لوگ معراجِ جسمانی کے منکر ہو گئے۔ اگر وہ معراجِ جسمانی، کشفی اور منامی تینوں کے قائل ہو جاتے تو کوئی چپقلش اور کشمکش نہ رہتی۔

اب رہا یہ تصفیہ طلب امر کہ معراجِ مبارک کہاں تک واقع ہوا؟ اس کا جواب یہ ہے کہ مسجدِ اقصیٰ تک تو قرآن سے ثابت ہے جو حجتِ قطعی ہے، لہٰذا اس کا منکر کافر یا منافق ہے۔ دیگر احادیث سے عرشِ اعظم تک جانا اور دیدارِ الٰہی سے سرفراز ہونا ثابت ہوتا ہے۔ چونکہ یہ احادیث متواتر نہیں ہیں لہٰذا ان کے انکار سے کفر لازم نہیں آتا، مگر ائمہ اہلِ بیت سے 'ثُمَّ دَنَا فَتَدَلَّىٰ فَكَانَ قَابَ قَوْسَيْنِ أَوْ أَدْنَىٰ' کی تفسیر میں خدائے تعالیٰ ہی مراد ہے۔ میں تو اس پر بھی یقین رکھتا ہوں۔

حدیث نبوی ﷺ [تفسیر ائمہ اہل بیتؓ]
إِمَام جَعْفَر صَادِق رض فرماتے ہیں: دَنَا رَبُّهُ مِنْهُ حَتَّى كَانَ مِنْهُ كَقَابِ قَوْسَيْنِ۔ وَقَالَ جَعْفَرُ بْنُ مُحَمَّدٍ: وَالدُّنُوُّ مِنَ اللَّهِ لَا حَدَّ لَهُ وَمِنَ الْعِبَادِ بِالْحُدُودِ...
۱۷. انقطاعِ کیفیتِ دنو اور حقیقتِ عبدیت و رقیت
حدیث نبوی ﷺ [تفسیر ائمہ اہل بیتؓ]
أَيْضًا انْقَطَعَتِ الْكَيْفِيَّةُ عَنِ الدُّنُوِّ، أَلَا تَرَى كَيْفَ حَجَبَ جِبْرِيلُ عَلَيْهِ السَّلَامُ عَنْ دُنُوِّهِ، وَدَنَا مُحَمَّدٌ إِلَى مَا أَوْدَعَ قَلْبَهُ مِنَ الْمَعْرِفَةِ وَالْإِيمَانِ، فَتَدَلَّى لِسُكُونِ قَلْبِهِ وَزَالَ عَنْ قَلْبِهِ الشَّكُّ وَالْإِرْتِيَابُ، وَاللَّهُ تَعَالَى أَعْلَمُ بِالصَّوَابِ وَإِلَيْهِ الْمَرْجَعُ وَالْمَآبُ، وَالْحَمْدُ لِلَّهِ رَبِّ الْأَرْبَابِ۔
۳۔ عبد (مقامِ عبدیت اور اس کے مراتب)

کون نہیں جانتا کہ غلام کا کچھ نہیں کیونکہ وہ خود اپنا نہیں بلکہ اپنے آقا کا ہے۔ جو غلام اپنے آپ کو آقا کی طرح آزاد سمجھتا ہے وہ باغی ہے؛ جو اپنی کمائی کو اپنا مال سمجھتا ہے وہ غاصب ہے؛ نمک حرام ہے وہ جو آقا کی خدمت سے جی چراتا ہے؛ ناشکرا ہے وہ جو مالک کی عطا پر راضی نہیں ہوتا یا اس کو بے محل صرف کرتا ہے۔ عاقل بندہ آقا کی اطاعت کرتا ہے، شب و روز کمرِ بندگی چست رکھتا ہے، نہ کپڑے کی فکر، نہ کھانے کا خیال، نہ راحت سے غرض، نہ آرام سے مطلب، کفش برداری پر ناز، نیاز ہی اس کا مابہ الامتیاز۔ اس کی فکر ہے تو آقا کو، اس کے متعلقین کی فکر ہے تو آقا کو۔ دیکھو، جوان بیٹے کا نفقہ باپ پر واجب نہیں مگر غلام اور اس کے بیوی بچوں کا نفقہ آقا پر لازم ہے! واہ رے غلامی کہ غلام کی عزت آقا کی عزت ہو جاتی ہے۔ ضَرْبُ الْعَبْدِ إِهَانَةُ الْمَوْلَى (غلام کو مارنا درحقیقت آقا کی توہین ہے)۔ غلام کی ذات اس کے آقا کی ذات: مَوْلَى الْقَوْمِ مِنْهُمْ۔ أَصْبَحْتُ كُرْدِيًّا وَأَمْسَيْتُ عَرَبِيًّا۔

جو غلام آقا کے سوا کسی اور سے مانگتا ہے وہ بد معاش ہے کیونکہ وہ اس طرح اپنے آقا کو بدنام کرتا ہے۔ بعض غلام اپنے آقا سے ہی مانگتے ہیں مگر جلد باز نہیں ہوتے؛ بعض التجا کرتے، خوشامد کرتے رہتے ہیں، جہاں آقا کو خوش دیکھا اپنی کوئی آرزو پوری کرائی؛ بعض اپنے مقاصد کی تکمیل آقا پر چھوڑتے ہیں، بعض کی نہ تو کوئی ذاتی غرض رہتی ہے نہ کوئی سوال ہی کرتے ہیں؛ بعض ذاتی غرض تو نہیں رکھتے مگر سوال کو بندگی کا کمال سمجھتے ہیں؛ بعض وقت کا اقتضاء اور مالک کا مقصد دیکھتا رہتا ہے، محنت کو برداشت، تکلیف پر صبر کرتا ہے، درد سے لذت اٹھاتا ہے۔ جب سمجھتا ہے کہ اس وقت سوال سے مالک کا کمال ظاہر ہوگا تو بندہ عرض سے زیادہ گڑگڑاتا ہے اور آقا سے مانگتا ہے، خود مانگتا ہے اور دوسروں...

۱۸. محمود و ایاز کی تمثیل اور فدائیانِ عشق کی جاں بازی

...کو مانگنا سکھاتا ہے۔ مالک بھی خود سمجھتا ہے کہ اس کا ذاتی مقصد میں ہوں، اس کی اصلی غرض ہے تو میرے کمال کا اظہار ہے۔ ایسے غلام کو عہدہ ملتا ہے، جاگیر ملتی ہے اور وہ صوبہ داری سے سرفراز ہوتا ہے۔ سب کچھ رکھتا ہے مگر اپنا کچھ نہیں سمجھتا، کیوں؟ وہ غلام ہے اور غلام کا جو کچھ ہے سب آقا کا ہے۔

زیادہ عنایت ہوتی ہے تو ندیموں میں جگہ ملتی ہے، آقا کے پاس بیٹھتا ہے، ایک دسترخوان پر کھاتا ہے، ایک جام سے پیتا ہے۔ غلامی محبوبیت میں نمایاں ہوتی ہے۔ محمود کو اپنا تماشا دیکھنا منظور ہوتا ہے تو وہ ایاز کو اپنے کپڑے پہناتا ہے، تخت پر بٹھاتا ہے، سب سے نذریں دلواتا ہے۔ ایاز بھی اکڑ کر بیٹھتا ہے، بڑی ہی بے پرواہی سے نذریں لیتا ہے۔ کیوں؟ وہ اس وقت آقا کی تمثیل کر رہا ہے، مگر دل میں خوب سمجھتا ہے کہ نہ کپڑے میرے ہیں نہ تن میرا، اور میں وہی غلام ہوں اور وہ میرے آقا ہیں۔ تماشا ختم ہو جاتا ہے پھر وہی اگلے کپڑے، وہی پہلی جگہ! نہ اس تمثیل سے اس کی کوئی ذاتی غرض متعلق تھی، نہ اس سابقہ حالت پر عود کرنے سے اس کے دل پر کچھ گرانی ہی ہے۔ اس میں آقا کی خوشی تھی اور یہ اس کی اصلی حالت ہے جو اس کے نقطۂ نظر سے کبھی ہٹی نہیں۔ ایاز بقدرِ خود شناسی آقا کو ضرورت ہوتی ہے تو اس کو دوسرے شہر کو روانہ کرتا ہے۔ رعایا کو اس کے ذریعہ نہایت ضروری اور اہم احکام بھیجتا ہے۔ غلام خوشی سے دربار چھوڑتا ہے، اپنی خوشی پر بادشاہ کی خوشی کو ترجیح دیتا ہے یعنی حضور پر غیبت کو اختیار کرتا ہے۔ نہیں! یہاں غیبت کہاں؟ جو حکم بادشاہ خود اپنے منہ سے سناتا تھا، غلام کے منہ سے سنا ہے۔ حقیقت میں یہ بھی ایک تمثیل ہے جو یہ غلام ادا کر رہا ہے۔

شہاب الدین غوری کو مہاراجہ قنوج، جس کا باپ خراج دیتا تھا، کتی میں لگا کر تلوار بھیجتا ہے کہ اب تمہارے ہمارے بیچ میں تلوار ہے۔ شاہِ جلالت پناہ تخت سے اٹھتا ہے، کمر سے تلوار نکالتا ہے اور اس سے ان فرستادہ تلواروں کو کاٹ کاٹ کر ڈھیر کر دیتا ہے۔ غلاموں کی طرف اشارہ کرتا ہے، غلام گردنیں جھکائے آگے بڑھتے ہیں۔ بادشاہ وار کرتا ہے، سر کٹ کر گر جاتا ہے اور غلام کی جاں نثاری سے سبکدوش ہوتا ہے۔ ایک کے بعد دوسرا اور دوسرے کے بعد تیسرا سربکف کھڑا ہے۔ اس واقعہ سے بادشاہ کا کمالِ شمشیر زنی اور غلاموں کا کمالِ جاں بازی نمایاں ہوتا ہے، اور ان کا خوشی سے مرنا ان کو صفحۂ تاریخ پر حیاتِ دائمی بخشتا ہے۔

۱۹. خدا کے بندے — انانیت کا زوال اور فقرِ حقیقی

۴۔ خدا کے بندے:
یہ تو دنیا کے غلاموں کا ذکر تھا جن کو ان کے آقاؤں نے نہ نیست سے ہست کیا، نہ جان ان کی ملک ہے۔ وہ تو غلاموں کے باطنی حالات سے ناواقف ہیں اور ان کو غلاموں کے دلی خیالات پر بھی قابو نہیں۔ آقا چاہے تو اپنے غلام کو آزاد کر سکتا ہے، کچھ نہ ہوا تو ایک دن مر کر ضرور غلام آزاد ہو جائے گا۔ مگر خدا اور بندے کی نسبت ایسی نہیں۔ یہ رشتہ ایسا مضبوط ہے کہ نہ کسی کے توڑے ٹوٹ سکتا ہے نہ کسی کے کاٹے کٹ سکتا ہے۔ لاکھ نہ مانو مگر ہم ہیں غلام! مرنا بھی غلامی میں کوئی فرق نہیں پیدا کر سکتا، جان بھی ہے تو خدا کی ہے: 'وَنَفَخْتُ فِيهِ مِن رُّوحِي' (الحجر: ۲۹)۔

حسرت میرے پاس کیا دھرا ہے اک جان، سو وہ بھی ہے پرائی
(حسرتؔ صدیقی)

شریک الباری پیدا ہوتا تو بندہ آزاد ہوتا۔ نازشِ حسرت بیچارہ کہ بیچارہ ہے۔ نادان اشیاء کو اپنا سمجھتے ہیں اور خدائے تعالیٰ فرماتا ہے: 'لِلَّهِ مَا فِي السَّمَاوَاتِ وَمَا فِي الْأَرْضِ' (البقرہ: ۲۸۴)۔

لِلّٰہِ الارضُ والسمٰوٰت میری ہر چیز ہے پرائی
دعویٰ حق کا ہے راست برحق میری ہر بات ادعائی
(حسرتؔ صدیقی)

بندہ جھوٹا ہے اور خدا سچا: 'وَمَنْ أَصْدَقُ مِنَ اللَّهِ حَدِيثًا' (النساء: ۸۷)۔ ذی فہم اپنے اعمال پر غور کرتا ہے تو ان کی قدرت بھی اپنے میں نہیں پاتا: 'خَلَقَكُمْ وَمَا تَعْمَلُونَ' (الصافات: ۹۶) (تم کو اور تمہارے عملوں کو پیدا کیا)۔ صفات پر نظر کرتا ہے تو اپنے لئے اس کا پتا نہیں پاتا، نہ سماعت ہے نہ بصارت: 'إِنَّهُ هُوَ السَّمِيعُ الْبَصِيرُ'۔ نہ ارادہ ہے نہ مشیت: 'وَمَا تَشَاءُونَ إِلَّا أَن يَشَاءَ اللَّهُ رَبُّ الْعَالَمِينَ' (التکویر: ۲۹)۔

مقصد میرا وہی ہے جو مطلب ہے یار کا میں اپنے اختیار میں بے اختیار ہوں
(حسرتؔ صدیقی)

تمام خوبیاں اس کی ہیں اور تمام حمد اس کی طرف رجوع کرتے ہیں: 'إِلَيْهِ يَصْعَدُ الْكَلِمُ الطَّيِّبُ وَالْعَمَلُ الصَّالِحُ يَرْفَعُهُ' (فاطر: ۱۰)۔

۲۰. الحمد للہ رب العالمین — ادعائے ہستی کا بطلان
آیت [سورۃ الأنعام 6:۴۵]
وَالْحَمْدُ لِلَّهِ رَبِّ الْعَالَمِينَ ﴿۴۵﴾
تم سا نہیں دنیا میں جو کچھ ہو سو تم ہی ہو ہم تم سے کسی بات کا دعویٰ نہیں کرتے
(حسرتؔ صدیقی)

خود کو سمجھتا ہے کہ میں ہوں، تو حیات ڈانٹتی ہے کہ نفسِ وجود کیا ایک معنی نہیں ہے اور کیا سمجھتا ہے کہ میں ہوں؟ وحدتِ انتزاعی وحدتِ منشاء پر دال نہیں، پھر تو کس سے دعوائے اشتراک و ہمسری کرتا ہے؟

انسان اور اس کی خود نمائی بندہ اور دعوائے خدائی؟
زرِ نعمِ باطل کی تجھ کو مستی کب تک نادان یہ ادعائے ہستی کب تک
تو بھی موجود اور حق بھی موجود ظالم یہ شرک و خود پرستی کب تک
(حسرتؔ صدیقی)

کبھی خیال کرتا ہے کہ میں نہیں ہوں تو عقل قہقہہ لگاتی ہے کہ یہ بداہت کا انکار ہے اور حق کی مخالفت ہے اور دنیا سے اعیان ناپید! پھر خیال کرتا ہے کہ میں نہیں ہوں اور اپنے آپ کو ناحق ہوں؟ خیال کرتا ہوں:

بے بود ہے نمود، عدم ہے مرا وجود میں چشمِ اعتبار میں محض اعتبار ہوں
اک وہمِ خودی ہے جس پہ مغرور ہے تو جویا جس کا ہے اس سے کب دور ہے تو
اٹھ جائے اگر بعدِ خیالی کا حجاب آنکھیں جسے ڈھونڈتی ہیں وہ نور ہے تو
(حسرتؔ صدیقی)

اگر دنیا میرا بے ہودہ خیال ہے تو میرے نہیں خیال کرنے سے نیست ہو جاتی؟ نہیں، وہ تو اَلْآنَ كَمَا كَانَ ہے۔ نہ میرے خیال کرنے سے کوئی چیز پیدا ہوتی ہے نہ نہیں خیال کرنے سے معدوم۔

نہ مٹائے سے مٹے گی یہ بلائے آسمانی مرا اعتبار حسرتؔ مرا اعتبارِ موہوم
(حسرتؔ صدیقی)

کیا نیستی میں ہستی کا جلوہ ہے؟

۲۱. صورتِ باطل میں جلوۂ حق اور ثبوتِ شئے لِشئے
بے وجہ نہیں دل کشیِ صورتِ باطل باطل میں بھی ہے حق کا تماشا مرے آگے
(حسرتؔ صدیقی)

نیستی بھی کوئی شئے ہے کہ اس میں ہستی کا جلوہ ہو؟ کیا 'ثُبُوتُ شَيْءٍ لِشَيْءٍ فَرْعُ ثُبُوتِ الْمُثْبَتِ لَهُ' صحیح نہیں؟ 'ثَبِّتِ الْعَرْشَ ثُمَّ انْقُشْ'۔ کیا ہستی ہی نیستی ہے؟ لَا حَوْلَ وَلَا قُوَّةَ إِلَّا بِاللَّهِ، یہ تو اجتماعِ نقیضین ہے! کیا ہستی نیستی بن گئی ہے، یا اپنی نیستی ہستی؟ یہ تو انقلابِ حقائق ہے۔ جب میں نہ ہستی میں ہوں اور نہ نیستی میں تو احکامِ واقعہ مجھ پر کیسے؟ 'إِنَّا لِلَّهِ وَإِنَّا إِلَيْهِ رَاجِعُونَ' (البقرہ: ۱۵۶)۔ وجودی احکام وجود پر لگتے ہیں اور علمی علم پر۔

نیستی میں ہوں نہ ہستی میں ہوں بے نشانی ہے نشانی میری
ہم نے تو لاکھ ڈھونڈا کچھ بھی پتا نہ پایا مجنوں کدھر چھپا ہے لیلیٰ تری گلی میں
دیکھا تو کچھ نہ پایا سوچا تو بس یہ سمجھا اک نام رہ گیا ہے میرا تری گلی میں
(حسرتؔ صدیقی)

نہ میں آسمان پر نہ زمین پر، نہ ہی میں اپنے آپ کو نہیں جانتا تو کیا پروا، میں خدا کے علم میں ہوں کیونکہ خدا مجھے جانتا ہے اور وہی خوب جانتا ہے کہ میں کیا ہوں، کیونکر ہوں۔

ہے پیشِ نظر خیال تیرا ہر چند ہوں پیکرِ خیالی
(حسرتؔ صدیقی)
عبد اللہ کی حقیقت اور رجوع الی اللہ کا تنوع

رجوع الی اللہ بندوں کو مختلف طور پر ہوتا ہے۔ کوئی ہر شئے کو اپنے حصولِ کمال میں خدائے تعالیٰ کا محتاج پاتا ہے اور اس کی ربوبیت کی شان جلوہ گر ہوتی ہے۔ کوئی مخلوقات کو سراپا احتیاج دیکھتا ہے اور قیومیت کی اس پر تجلی ہوتی ہے۔ کسی کی ہر ایک کے مرنے اور فنا ہونے پر نظر پڑتی ہے اور اسم 'القہار' یا 'الممیت' نمایاں ہوتا ہے۔ کوئی دنیا کی ہر شئے کو نیست سے ہست ہوتا ہوا دیکھتا ہے اور اسم 'البدیع' کی اس پر تجلی ہوتی ہے۔ غرض کہ کسی پر دو کسی پر چار کسی پر دس کسی پر بیس صفات کا انکشاف ہوتا ہے۔ خدائے تعالیٰ کے صفات کا علم ہوتا ہے تو اپنے صفات کو کالعدم پاتا ہے، بلکہ اپنے صفات کے اثبات کو شرک فی الصفات اور دور از توحید سمجھتا ہے، جس میں جس قدر جس کو اپنے فقرِ کامل کا علم ہوگا اس قدر خدا تعالیٰ...

۲۲. نسبتِ اسمائی اور کمالِ عبدیت در لقبِ 'عبد اللہ'

...کی غنا کا انکشاف ہوگا اور یہ علم اس کو خدا تعالیٰ سے ایک نسبت و ربط پیدا کر دے گا۔ شخصی خطرات، ذاتی تجربہ و مشاہدہ، صحبتِ اہلِ نسبت، دوام، قوتِ توجہ سے اس نسبت کو قوت ہوتی ہے۔ جس اسم سے کسی کو نسبت ہوگی اس اسم کی تجلی اس پر ہوگی اور اس سے دوسروں پر اس کا اثر ظہور پائے گا اور وہ شخص اس اسم کا بندہ کہلائے گا۔ مثلاً جس شخص کی نظر خدائے تعالیٰ کی شان ہائے رحمت پر پڑتی ہے اور رات دن اسی خیال میں مستغرق رہتا ہے تو یہ اس شخص پر خدائے تعالیٰ کا رحم ہوگا اور وہ بھی خدائے تعالیٰ کے بندوں پر رحم کرے گا، یہ شخص 'عبد الرحمٰن' یا 'عبد الرحیم' سے موسوم ہوگا۔ کسی کو خدائے تعالیٰ کی قدرت سے نسبت و ربط ہوگا تو وہ 'عبد القادر' یا 'عبد المقتدر' ہوگا۔ مگر کامل بندہ تو وہی ہوگا جس کو خدائے تعالیٰ کی ذاتِ مستجمعِ جمیعِ کمالات سے وابستگی ہوگی اور یہی شخص 'عبد اللہ' کہلانے کا حقدار ہوگا۔ وہ اپنی عدمیتِ محض پر رہے گا۔ نہ کسی شئے کو اپنی ملک جانے گا، نہ کسی قوت سے خود کو موصوف سمجھے گا۔ وہ خود کو بالکل عاجز پائے گا اور خدائے تعالیٰ اس سے عظیم الشان آثارِ قدرت و خوارقِ عادات نمایاں فرمائے گا۔ بالجملہ عبد اللہ وہ ہے جو اپنا کچھ نہ سمجھے اور خدائے تعالیٰ ساری دنیا کو اس کا کر دے!

جو کچھ ہے وہ آقا کا، کچھ بھی نہیں بندے کا حسرتؔ ترا بندہ ہے وہ تجھ کو بھلا کیا دے
(حسرتؔ صدیقی)
عبد اللہ کون ہے؟ (قرآنی القاب کا موازنہ)

عبد اللہ کون ہے؟ بندے تو سب خدائے تعالیٰ کے ہیں خواہ کوئی مانے یا نہ مانے۔ ماننے والوں کی بھی کمی کیا ہے، ہزاروں بار ہم بھی خدا کو پکارتے ہیں، عمر بھر ان شاء اللہ پکاریں گے، مگر وہ بھی کہے کہ ہاں تو میرا بندہ ہے! قرآن شریف میں جنابِ عیسیٰ علیہ السلام کی طرف سے نقل کیا گیا ہے: 'إِنِّي عَبْدُ اللَّهِ آتَانِيَ الْكِتَابَ' (مریم: ۳۰) (میں اللہ کا بندہ ہوں، اس نے مجھے کتاب دی ہے)۔ حضرت خضر علیہ السلام کے متعلق فرمایا: 'عَبْدًا مِّنْ عِبَادِنَا' (الکہف: ۶۵) (ہمارے بندوں میں سے ایک بندہ، یعنی ایسے بندے اور بھی ہیں)۔ اسی طرح دوسرے انبیاء علیہم السلام کو ایک ایک صفت سے یاد کیا، مگر محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو فرماتا ہے: 'وَأَنَّهُ لَمَّا قَامَ عَبْدُ اللَّهِ يَدْعُوهُ' (الجن: ۱۹) (جب اللہ کا بندہ کھڑا ہوا اس کو پکارتا ہوا)۔

۲۳. عبد اللہ کے لوازم — عجز و جلال کا کمال اور ہجرتِ نبوی

'سُبْحَانَ الَّذِي أَسْرَىٰ بِعَبْدِهِ لَيْلًا' (پاک ہے وہ جو اپنے بندے کو شب کو لے گیا)۔
عبد اللہ کے لوازم:
حضرت محمد عبدہ و رسولہ صلی اللہ علیہ وسلم کے حالاتِ معجز آیات پر ذرا غور کرو تو ایک عجیب تماشا نظر آئے گا: عجز و انکسار، بندگی و بے چارگی بدرجۂ اتم؛ اور معجزات و خرقِ عادات، کرشمہ ہائے قدرتِ الٰہی، آثارِ کمالاتِ لامتناہی مرتبۂ اکمل پر! کبھی جمال نمایاں ہے کبھی جلال، کیونکہ ان کا اجتماع ہی کمال ہے۔

جمال اک شان ہے تیری، جلال اک شان ہے تیری عجب تصویرِ قدرت ہے کہ جس میں نور و ظلمت ہے
(حسرتؔ صدیقی)

شکمِ مادر ہی میں ہیں کہ والدِ ماجد کا انتقال ہو جاتا ہے۔ چار سال کی عمر میں والدہ ماجدہ کا، چھ سال کی عمر میں جدِ امجد کا۔ سر پر کوئی بڑا نہیں کہ تعلیم و تربیت کرے: اللہ اکبر! خدا سب سے بڑا ہے اور رب العالمین ہی آپ کا مربی ہے: 'أَلَمْ يَجِدْكَ يَتِيمًا فَآوَىٰ ٭ وَوَجَدَكَ ضَالًّا فَهَدَىٰ' (الضحیٰ: ۶-۷)۔ کیا تجھے یتیم نہ پایا پھر پناہ دی؟

تمام شہر خون کا پیاسا ہو گیا ہے۔ گھر میں چھپے بیٹھے ہیں، نہ پاس دوست ہیں نہ آشنا۔ تمام قبائل کے سردار باالاجتماع حملہ کرنے کا منصوبہ گانٹھ کر گھر کا محاصرہ کئے بیٹھے ہیں کہ بنی ہاشم کچھ نہ کر سکیں۔ مگر لطیفۂ ربانی سے ناواقف کہ کیا ہوتا ہے۔ حضرت باہر نکلتے ہیں اور مشتِ خاک ان دل کے اندھوں پر پھینکتے ہیں: 'وَجَعَلْنَا مِن بَيْنِ أَيْدِيهِمْ سَدًّا وَمِنْ خَلْفِهِمْ سَدًّا فَأَغْشَيْنَاهُمْ فَهُمْ لَا يُبْصِرُونَ' (یس: ۹) (ترجمہ: ہم نے ان کے آگے سے اور ان کے پیچھے سے ایک دیوار کھڑی کر دی پھر ہم نے ان پر پردہ ڈال دیا لہٰذا وہ دیکھ بھی نہیں سکتے)۔ انہیں خبر بھی نہیں ہوتی اور آپ ان کے سامنے سے چلے جاتے ہیں۔

منکرین کے مظالم کی کچھ انتہا بھی ہے! برا بھلا کہتے ہیں، پتھر مارتے ہیں، راستے میں گڑھے کھودتے ہیں، کانٹے ڈالتے ہیں، پروانہ ہائے شمعِ نبوت کو قسم قسم کی ایذائیں پہنچاتے ہیں۔ دھوپ میں...

۲۴. استقامتِ بلالؓ و غارِ ثور بنام فتحِ مکہ کا جلال

...ریت پر پڑے ہیں، سینے پر پتھر ہے، کوڑے پر کوڑے پڑتے ہیں اور صدائے 'أَحَدٌ أَحَد' بلند ہے۔ آخر آپ صحابہ کو ترکِ وطن کا حکم دیتے ہیں، کوئی حبشہ کو جاتا ہے کوئی مدینہ کو۔ انتہا یہ کہ حضرت کو وطن چھوڑنا پڑتا ہے، گھر بار سب سے منہ موڑنا پڑتا ہے۔ صدیقِ اکبر آپ کو دوش پر اٹھائے نشانِ قدم مٹاتے جاتے ہیں۔ آخر ایک غار میں چھپتے ہیں، کفارِ ناہنجار چاروں طرف منڈلا رہے ہیں۔ ثانیِ اثنین یعنی صدیقِ اکبر اپنے آقائے باوقار کے لئے مضطرب و پریشان ہیں، آپ تسلی دے رہے ہیں: 'لَا تَحْزَنْ إِنَّ اللَّهَ مَعَنَا' (التوبہ: ۴۰) (ترجمہ: تم غم نہ کرو کیونکہ اللہ ہمارے ساتھ ہے)۔

یہی معیت ایک دوسرا تماشا دکھاتی ہے: مکے کو آ رہے ہیں، بارہ ہزار فوجِ ظفر موج ہمراہ درکاب ہے! ہر قبیلے کا علم جدا ہے، نعرہ جدا ہے۔ مقدمۃ الجیش پر سیف اللہ خالد بن ولید سرکردگی کر رہے ہیں۔ دو ہزار جنگجو آتشیں خو، نبردکوش، فولادپوش خاص موکبِ ہمایوں میں، زرہیں تاباں، خود درخشاں، اسلحہ کا شور، نعروں کا زور! ہر ایک سپاہی اسلحہ میں چھپا ہوا ہے، خود کے نیچے سے صرف دو آنکھیں نظر آتی ہیں۔ فاروقِ اعظم ہیں کہ نقابت کر رہے ہیں، رعد کی طرح گرج رہے ہیں: صفیں درست رکھو! آگے والے آگے، پیچھے والے پیچھے! ناقۂ قصواء پر فخرِ عرب، محبوبِ رب جلوہ گر ہے! سیاہ عمامے کے نیچے تاباں و درخشاں چہرہ، دلکش آواز میں 'إِنَّا فَتَحْنَا'، فرطِ مسرت سے کبھی سجدہ کبھی شکر، کبھی دعا ہے! بجلی چمک چمک کر گرتی ہے چار جانب:

ہے ایک طورِ سینا گویا تری گلی میں
(حسرتؔ صدیقی)

سردارِ قریش ابوسفیان بن حرب کو ان کی جان بخشی کروا کر عمِ رسول عباس بن عبد المطلب ایک پہاڑی پر لئے کھڑے ہیں۔

ظَلَّتْ لِهَيْبَتِكَ الْأَعْنَاقُ خَاشِعَةً بِحَدِّ سَيْفِكَ حَدُّ الْكُفْرِ يَنْتَلِمُ
(حسرتؔ صدیقی)

ابو سفیان بن حرب نے کسریٰ و قیصر کے دربار دیکھے، ان کی فوجیں دیکھیں، مگر اس وقت وہ بھی پیکرِ تصویر بنے کھڑے ہیں اور دل ہی دل میں کہہ رہے ہیں: الٰہی یہ کیا تماشا ہے! یہ منظر اور اس منظر کی روحِ رواں—رُوحِي وَأَرْوَاحُ الْعَالَمِينَ لَهُ الْفِدَاءُ (میری جان اور تمام دنیا کی جانیں اس پر تصدق)—ایمان بن کر ابو سفیان کے دل میں گھستے ہیں: 'ثُمَّ اسْتَقَرَّ إِيمَانُهُ' (پھر اس کا ایمان قرار گیر ہو گیا)۔

۲۵. فتحِ مکہ کا منظر، رفاقتِ صدیقی اور نبوی فیاضی و معجزات

سب کچھ درست، مگر اس منظر کا سب سے بڑا لطف اٹھانے والا وہی ثانی اثنین ہے جو مکے سے نکلتے ہوئے بھی اس بے سایہ کے ساتھ سایہ کی طرح قدموں سے لپٹا ہوا تھا، اور اس وقت بھی ایک اونٹ پر محوِ تماشا بنا ہوا، ہمراہِ رکاب ہے۔ گذشتہ حزن اور موجودہ مسرت کا صحیح اندازہ ان کے سوا بھلا کون کر سکتا ہے ے

آئینہ کہے گا کیا، کیا تجھ میں ہے رعنائی پوچھ اس سے تیری قیمت تیرا جو ہے شیدائی
اے پرتوِ حسنِ تو ہنگامہ کند برپا در پردہ نمی گنجد ایں جلوۂ رعنائی
(شعر: حضرت حسرتؔ صدیقی رحمۃ اللہ علیہ)

کفار کے گزشتہ مظالم کا بدلہ تو دیکھو: جو ابو سفیان کے گھر میں داخل ہوا وہ امن میں، جو ہتھیار ڈال دے وہ امن میں، جو مسجدِ کعبہ میں داخل ہو وہ امن میں، جو گھر کا دروازہ بند کر لے وہ امن میں! کلیدِ کعبہ سابق کلید بردار کے حوالے، انتہا یہ کہ مکہ اہل مکہ کے لئے اور خود مدینہ روانہ: 'وَمَا أَرْسَلْنَاكَ إِلَّا رَحْمَةً لِّلْعَالَمِينَ' (الانبیاء: ۱۰۷)۔

دو دو مہینے چولہے پر ہانڈی نہیں چڑھتی، اسی میں خوش اور اس پر صلی اللہ علیہ وسلم کی شکرگزاری ہے۔ اصحاب نثار ہو رہے ہیں، شہادت کی گرم بازاری ہے، قرابتدار شہید ہو رہے ہیں، اولاد کا انتقال ہو رہا ہے، دندانِ مبارک شہید ہو گیا ہے، خود سر میں گھس گیا ہے، خون بہہ رہا ہے، زمین پر گرنے نہیں دیتے کہ کہیں یہ سرزمین تباہ نہ ہو جائے! گڑھے میں آ گئے ہیں، خون بہت نکل گیا ہے، باہر نکلنا چاہتے ہیں نہیں نکل سکتے، طلحہ بن عبید اللہ کے سہارے سے اوپر چڑھتے ہیں۔ خود بھی بھوکے ہیں، اصحاب بھی بھوکے، پیٹ پر پتھر باندھ رکھتے ہیں۔ کدال لئے خندق کھود رہے ہیں، کدال پتھر پر پڑتا ہے، آگ کا شرارہ نکلتا ہے، جوشِ شادمانی سے پکار اٹھتے ہیں: ملکِ کسریٰ مل گیا، ملکِ قیصر پر قبضہ ہو گیا!

حدیث نبوی ﷺ [حدیث نبوی ﷺ]
دل میں لہر آتی ہے تو چند روٹیوں کے ٹکڑوں سے سینکڑوں کو سیر کر دیتے ہیں (بخاری عن جابر، صحیحین عن ابی ہریرہ)۔ پانی کے لگن میں ہاتھ رکھتے ہیں، اس چشمۂ فیضِ الٰہی کی انگلیوں سے پانی بلبلے دیتا ابلتا جاتا ہے اور تمام فوج سیراب ہو جاتی ہے (مالک، عن انس رض)۔
۲۶. بدر کا معجزہ، کمالِ عبدیت اور الٰہی عطایا کا توازن

مٹھی بھر ریت کے کرشموں کی طرف نظر ہے اور کانوں میں یہ روح پرور آواز: 'سَيُهْزَمُ الْجَمْعُ وَيُوَلُّونَ الدُّبُرَ' (القمر: ۴۵) (عنقریب فوج شکست کھائے گی اور پیٹھ پھیر دے گی)۔

حضرت فرماتے ہیں: 'لَوْ كُنتُ أَعْلَمُ الْغَيْبَ لَاسْتَكْثَرْتُ مِنَ الْخَيْرِ' (الاعراف: ۱۸۸) (ترجمہ: اگر میں غیب جانتا ہوتا تو بہت کچھ بھلائیاں حاصل کر لیتا)، اور اللہ تعالیٰ فرماتا ہے: 'فَلَا يُظْهِرُ عَلَىٰ غَيْبِهِ أَحَدًا إِلَّا مَنِ ارْتَضَىٰ مِن رَّسُولٍ' (الجن: ۲۶-۲۷) (ترجمہ: وہ اپنے غیب پر کسی کو مطلع نہیں فرماتا سوائے اپنے پسندیدہ رسول کے)۔
آپ فرماتے ہیں: 'مَا أَدْرِي مَا يُفْعَلُ بِي وَلَا بِكُمْ' (الاحقاف: ۹) (ترجمہ: میں نہیں جانتا کہ میرے ساتھ کیا معاملہ کیا جائے گا اور نہ یہ کہ تمہارے ساتھ کیا ہوگا)، اور اللہ تعالیٰ فرماتا ہے: 'إِنَّا أَعْطَيْنَاكَ الْكَوْثَرَ' (الکوثر: ۱) (بے شک ہم نے آپ کو خیرِ کثیر عطا فرما دیا ہے)؛ 'عَسَىٰ أَن يَبْعَثَكَ رَبُّكَ مَقَامًا مَّحْمُودًا' (بنی اسرائیل: ۷۹) (امید ہے کہ آپ کا رب آپ کو مقامِ محمود پر فائز فرمائے گا)؛ 'وَلَسَوْفَ يُعْطِيكَ رَبُّكَ فَتَرْضَىٰ' (الضحیٰ: ۵) (اور عنقریب آپ کا رب آپ کو اتنا عطا فرمائے گا کہ آپ راضی و خوش ہو جائیں گے)؛ 'وَلَلْآخِرَةُ خَيْرٌ لَّكَ مِنَ الْأُولَىٰ' (الضحیٰ: ۴) (اور یقیناً آپ کا ہر بعد کا دور پہلے سے کہیں بہتر ہے)؛ 'وَرَفَعْنَا لَكَ ذِكْرَكَ' (الانشراح: ۴) (اور ہم نے آپ کے ذکر کو فلک الاَفلاک پر بلند کر دیا)۔

ترکِ تدبیر کے لئے فرماتے ہیں: ترکِ اسباب میں لوگوں کا امتحان ہوتا ہے۔ ایک سال خرما کم آتے ہیں، لوگ شکایت کرتے ہیں، قلتِ خرما کو ترکِ تدبیر کا نتیجہ سمجھتے ہیں۔ آپ فرماتے ہیں: 'أَنْتُمْ أَعْلَمُ بِأُمُورِ دُنْيَاكُمْ' (تم دنیوی امور کے متعلق زیادہ جانتے ہو، یعنی کسب و زراعت کے جھگڑے تم ہی خوب جانتے ہو)۔

حدیث نبوی ﷺ [حدیث نبوی ﷺ]
ایک صحابیہ ہانڈی میں بکری کا گوشت پکاتی ہیں۔ حضرت فرماتے ہیں: بکری کا دست دو، وہ دیتی ہیں۔ پھر مانگتے ہیں، دوسرا دست دیتی ہیں۔ پھر مانگتے ہیں تو وہ عرض کرتی ہیں: بکری کے دو ہی دست ہوتے ہیں، وہ تو میں دے چکی! آپ فرماتے ہیں: اگر تو یہ نہ کہتی اور دیتی چلی جاتی تو دست نکلتے ہی چلے جاتے! اصل یہ ہے کہ ان امور میں 'إِنَّكَ لَن تَسْتَطِيعَ مَعِيَ صَبْرًا' (الکہف: ۶۷) (تم میرے ساتھ صبر نہیں کر سکتے)۔
۲۷. بشریتِ مطہرہ کا امتیاز اور کمالاتِ جسمِ اقدس

آپ فرماتے ہیں: 'أَنَا بَشَرٌ مِّثْلُكُمْ' (کہف: ۱۱۰) (میں تم جیسا بشر ہوں)، مگر کوئی دیکھے کہ یہ بشر بھی کیسا بشر ہے! ظلمت اور نور میں برابر دیکھتے ہیں (بیہقی عن عائشہ و ابن عباس)۔ آگے پیچھے سے برابر دیکھتے ہیں (صحیحین عن انس و عائشہ رض)۔ سوتے ہیں مگر دل بیدار ہے، وضو کی حاجت نہیں: 'إِنَّ عَيْنَيَّ تَنَامَانِ وَلَا يَنَامُ قَلْبِي' (شیخان) (میری آنکھ سوتی ہے اور دل نہیں سوتا)۔ ایک صحابیہ حضرت کا پیشاب پی لیتی ہیں تو ہمیشہ کے لئے دردِ شکم موقوف! زمین ہے کہ آپ کا فضلہ کھا جاتی ہے اور وہاں سے خوشبو آتی ہے۔ آپ کا پسینہ دلہنوں کو عطر کی طرح لگایا جاتا ہے۔ جس گلی سے نکل جاتے ہیں معطر ہو جاتی ہے اور صحابہ پتا لگا لیتے ہیں کہ حضرت اس طرف سے گزرے ہیں۔ روزے پر روزے رکھتے ہیں، لوگ تقلید کرنا چاہتے ہیں اور وہ نہیں ہو سکتی، آخر فرماتے ہیں: 'لَسْتُ كَهَيْئَتِكُمْ، أَبِيتُ عِنْدَ رَبِّي يُطْعِمُنِي وَيَسْقِينِي' (میں تمہاری طرح نہیں ہوں، میں اپنے رب کے پاس رہتا ہوں، وہ مجھے کھلاتا پلاتا ہے) (شیخان عن ابن عمر و ابی ہریرہ و انس و عائشہ رض)۔

ابو قتادہ کی آنکھ نکل جاتی ہے، آپ لگاتے ہیں وہ پہلے سے زیادہ بہتر ہو جاتی ہے (شفا)۔ تنۂ درختِ خرما پر تکیہ لگاتے ہیں تو اس میں جان آ جاتی ہے، جدا ہوتے ہیں تو روتا ہے (بخاری، مسلم، ابن حبان، ابن خزیمہ)۔ چاند کی طرف انگلی کا اشارہ کرتے ہیں وہ دو ٹکڑے ہو جاتا ہے: 'اقْتَرَبَتِ السَّاعَةُ وَانشَقَّ الْقَمَرُ' (قمر: ۱) (قیامت قریب آ گئی اور چاند پھٹ گیا)۔ نَیِّرِ اعظم (آفتاب) کو جس کی بہت سے نادان پرستش کرتے ہیں، حکم دیتے ہیں اور وہ کھڑا ہو جاتا ہے (طحاوی، ابن مندہ، ابن شاہین)۔ ایک لڑکی کی قبر پر جا کر آواز دیتے ہیں: 'یا فلانہ'، وہ جواب دیتی ہے: 'لَبَّيْكَ يَا رَسُولَ اللَّهِ' (حاضر یا رسول اللہ!) (دلائل النبوۃ للبیہقی)۔

نماز میں ایک شیطان آتا ہے آپ پکڑ لیتے ہیں کہ ستون سے باندھ دیں، پھر سلیمان علیہ السلام کا خیال آتا ہے اور چھوڑ دیتے ہیں (صحیحین)۔ اس تواضع کا اثر دیکھو: آپ کے خادم خالد ابن ولید عربی پرستوں کی سرکوبی کو جاتے ہیں، حضرت فرماتے ہیں وہ عربی تھی (نسائی، بیہقی)۔ بتوں کے سامنے جاتے ہیں، بعصا اشارہ کر کے فرماتے ہیں: 'جَاءَ الْحَقُّ وَزَهَقَ الْبَاطِلُ' (حق آیا اور باطل زائل ہوا) (شفا)...

۲۸. بشریتِ تمثیلی، 'لی مع اللہ وقت'، اعترافِ صحابہؓ اور منعِ سجود

...اور وہ منہ کے بل گر جاتے ہیں۔ ناحق آپ کی بشر سے مثلیت اس سے زیادہ نہیں جتنی جبرئیل علیہ السلام کو اعرابی سے ہے: 'وَلَوْ جَعَلْنَاهُ مَلَكًا لَّجَعَلْنَاهُ رَجُلًا وَلَلَبَسْنَا عَلَيْهِم مَّا يَلْبِسُونَ' (الانعام: ۹) (ترجمہ: اگر ہم پیغمبر فرشتے کو بناتے تو آدمی ہی بناتے اور وہی التباس ان پر ڈالتے جس التباس میں اب وہ ہیں)۔

کبھی 'حَدِّثِينِي يَا حُمَيْرَاءُ' ہے (عائشہ مجھ سے بات کرو)؛ کبھی 'مَنْ عَائِشَةُ؟ مَنْ صِدِّيقٌ؟ مَنْ مُحَمَّدٌ؟' (عائشہ کون، صدیق کون، محمد کون!)؛ 'لِي مَعَ اللَّهِ وَقْتٌ لَا يَسَعُنِي فِيهِ مَلَكٌ مُقَرَّبٌ وَلَا نَبِيٌّ مُرْسَلٌ' صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ (میرا خدا کے ساتھ ایک ایسا وقت بھی رہتا ہے کہ اس میں مجھ سے نہ مقرب فرشتہ کی گنجائش ہے نہ مرسل نبی کی)۔

امت نوازی تو دیکھو، اپنے خادموں، کفش برداروں کو اپنا بھائی فرماتے ہیں: 'لَا تَنْسَنَا مِنْ دُعَائِكَ يَا أُخَيَّ' (ترجمہ: مت بھول اپنی دعا سے اے میرے بھائی)۔ مگر آپ کے جو حقیقی چچازاد بھائی ہیں یعنے حضرت علی کرم اللہ وجہہ وہ کیا کہتے ہیں؟ قبر پر حضرت علی رض وعظ فرما رہے ہیں، ایک یہودی آتا ہے چند سوالات کرتا ہے، بَابِ مَدِينَةِ الْعِلْم معارف کا دریا بہا دیتے ہیں، آخر وہ کہتا ہے: 'أَنْتَ نَبِيٌّ مِنَ الْأَنْبِيَاءِ؟' (کیا آپ انبیاء میں سے ایک نبی ہو؟)۔ آپ فرماتے ہیں: 'وَيْحَكَ! أَنَا عَبْدٌ مِنْ عَبِيدِ مُحَمَّدٍ' (تجھ پر افسوس ہے، میں تو محمد کے غلاموں میں سے ایک غلام ہوں!)۔

حدیث نبوی ﷺ [حدیث نبوی ﷺ]
فاروقِ اعظم رضی اللہ عنہ خلیفہ بنے ہیں اور پہلے ہی خطبہ میں بر سرِ منبر کیا فرما رہے ہیں:
'أَيُّهَا النَّاسُ إِنِّي قَدْ عَلِمْتُ أَنَّكُمْ تُونِسُونَ مِنِّي شِدَّةً وَغِلْظَةً، وَذَلِكَ إِنِّي كُنْتُ مَعَ رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ فَكُنْتُ عَبْدَهُ وَخَادِمَهُ' (مستدرک للحاکم)۔
(ترجمہ: لوگو! مجھے خوب علم ہے کہ تم مجھ سے شدت اور سختی دیکھتے ہو، اس کی وجہ یہ ہے کہ میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ تھا، پس میں آپ کا غلام اور خادم تھا)۔

اونٹ آتا ہے، حضرت کو سجدہ کرتا ہے (بزار)۔ بکری آتی ہے سجدہ کرتی ہے۔ صدیقِ اکبر اور دیگر صحابہ بھی اجازت چاہتے ہیں، اور آپ فرماتے ہیں: 'لَا يَصْلُحُ لِبَشَرٍ أَنْ يَسْجُدَ لِبَشَرٍ' (احمد، بزار عن انس) (آدمی کو مناسب نہیں کہ وہ آدمی کو سجدہ کرے)۔

۲۹. عاجزی و بندگی کا کمال، دعائے حزبِ اعظم اور حدیثِ قربِ نوافل
اے دستِ ادب دامنِ شوخیِ تمنا رها کن تا بینم و افتم به سر و پای محمد
(شعر: از کلامِ اکابر)

خدا کی بندگی اور اُس کے سامنے عاجزی کوئی خدا کے حبیب سے سیکھے: 'لَقَدْ كَانَ لَكُمْ فِي رَسُولِ اللَّهِ أُسْوَةٌ حَسَنَةٌ' (احزاب: ۲۱) (تمہارے لئے رسول اللہ میں بہترین نمونہ ہے)۔

حدیث نبوی ﷺ [حدیث نبوی ﷺ]
آپ دعا کرتے ہیں:
'اللَّهُمَّ إِنَّكَ تَسْمَعُ كَلَامِي، وَتَرَى مَكَانِي، وَتَعْلَمُ سِرِّي وَعَلَانِيَتِي، لَا يَخْفَىٰ عَلَيْكَ شَيْءٌ مِنْ أَمْرِي، وَأَنَا الْبَائِسُ الْفَقِيرُ، الْمُسْتَغِيثُ الْمُسْتَجِيرُ، الْوَجِلُ الْمُشْفِقُ، الْمُقِرُّ الْمُعْتَرِفُ بِذَنْبِي، أَسْأَلُكَ مَسْأَلَةَ الْمِسْكِينِ، وَأَبْتَهِلُ إِلَيْكَ ابْتِهَالَ الْمُذْنِبِ الذَّلِيلِ، وَأَدْعُوكَ دُعَاءَ الْخَائِفِ الضَّرِيرِ، وَدُعَاءَ مَنْ خَضَعَتْ لَكَ رَقَبَتُهُ، وَفَاضَتْ لَكَ عَبْرَتُهُ، وَذَلَّ لَكَ جِسْمُهُ، وَرَغِمَ لَكَ أَنْفُهُ' (الحزب الاعظم للقاری)۔
ترجمہ: اے اللہ! تو میرا کلام سنتا ہے اور میرا مقام دیکھتا ہے، میرا باطن و ظاہر جانتا ہے، تجھ سے پوشیدہ نہیں میری کوئی بات۔ میں آفت زدہ ہوں، فقیر، فریادی، پناہ خواہ، گھبرایا ہوا، خوف زدہ، اپنے گناہوں کا مقر اور معترف۔ میں تجھ سے ایسا سوال کرتا ہوں جیسے مسکین کرتا ہے اور تجھ سے ایسی التجا کرتا ہوں، جیسے گنہگار، ذلیل کرتا ہے۔ اور تجھے ایسا پکارتا ہوں جیسے خوف زدہ نابینا پکارتا ہے یا وہ پکارتا ہے جس کی گردن تیرے سامنے جھکی ہوئی ہے، جس کے آنسو تیرے سامنے بہتے ہیں، جس کا جسم تیرے سامنے ذلیل ہے، جس کی ناک تیرے سامنے خاک آلودہ ہے۔

اس دعا کے ایک ایک لفظ پر غور کرو کہ کتنی بندگی میں ڈوبے ہوئے ہیں۔ اب اُن کے مقابل مالک کی سرفرازی بھی دیکھو کہ وہ آپ کے متعلق کیا کیا کلمات فرماتا ہے:
'لَا يَزَالُ عَبْدِي يَتَقَرَّبُ إِلَيَّ بِالنَّوَافِلِ حَتَّىٰ أُحِبَّهُ، فَإِذَا أَحْبَبْتُهُ كُنْتُ سَمْعَهُ الَّذِي يَسْمَعُ بِهِ، وَبَصَرَهُ الَّذِي يُبْصِرُ بِهِ، وَيَدَهُ الَّتِي يَبْطِشُ بِهَا، وَرِجْلَهُ الَّتِي يَمْشِي بِهَا'۔
ترجمہ: میرا بندہ ہمیشہ میری قربت ڈھونڈتا ہے نوافل سے حتیٰ کہ میں اس کو محبت کرتا ہوں، پھر جب اس کو...

۳۰. قربِ الٰہی کی انتہا، القابِ ربانی اور کمالِ عبدیت

...محبت کرتا ہوں تو اُس کی سماعت بن جاتا ہوں جس سے وہ سنتا ہے اور اس کی بصارت بن جاتا ہوں جس سے وہ دیکھتا ہے، اُس کا ہاتھ بن جاتا ہوں جس سے وہ پکڑتا ہے اور اس کا پاؤں ہو جاتا ہوں جس سے وہ چلتا ہے۔
'وَمَا رَمَيْتَ إِذْ رَمَيْتَ وَلَٰكِنَّ اللَّهَ رَمَىٰ' (الانفال: ۱۷) (تو نے نہیں پھینکا جب کہ پھینکا مگر اللہ نے پھینکا)۔
'إِنَّ الَّذِينَ يُبَايِعُونَكَ إِنَّمَا يُبَايِعُونَ اللَّهَ يَدُ اللَّهِ فَوْقَ أَيْدِيهِمْ' (الفتح: ۱۰) (جو لوگ تجھ سے بیعت کرتے ہیں وہ اللہ تعالیٰ سے بیعت کرتے ہیں، خدا کا ہاتھ ان کے ہاتھوں پر ہے)۔
اور اپنے کتنے اسماءِ عظام سے آپ کو یاد فرماتا ہے:
'بِالْمُؤْمِنِينَ رَءُوفٌ رَّحِيمٌ' (التوبہ: ۱۲۸) (ایمان والوں پر رافت و رحمت کرنے والے)؛
'قَدْ جَاءَكُم مِّنَ اللَّهِ نُورٌ وَكِتَابٌ مُّبِينٌ' (المائدہ: ۱۵) (تمہارے پاس اللہ سے نور اور ایسی کتاب آئی جو خوب بیان کرنے والی ہے)؛
اور 'فَقَدْ كَذَّبُوا بِالْحَقِّ لَمَّا جَاءَهُمْ' (الانعام: ۵) (انہوں نے حق کی تکذیب کی جب ان کے پاس حق آیا)؛
اور 'إِنَّهُ لَقَوْلُ رَسُولٍ كَرِيمٍ' (الحاقہ: ۴۰) (بے شک یہ قول ہے رسولِ کریم کا)؛
اور 'فَاسْأَلْ بِهِ خَبِيرًا' (الفرقان: ۵۹) (یہ بات خبیر سے پوچھو)۔

مالک کی طرف سے کیا کیا سرفرازیاں ہو رہی ہیں اور یہ عظیم الشان قوی البرہان عبد اللہ ہے کہ اس کے نقطۂ نظر سے اس کی عبدیت، اس کا امکانِ ذاتی، اس کی عدمیتِ اصلی کبھی نہیں مٹتی:
'اللَّهُمَّ إِنِّي عَبْدُكَ، وَابْنُ عَبْدِكَ، وَابْنُ أَمَتِكَ، نَاصِيَتِي بِيَدِكَ، مَاضٍ فِيَّ حُكْمُكَ، عَدْلٌ فِيَّ قَضَاؤُكَ'۔
(اے اللہ! بیشک میں تیرا بندہ ہوں، تیرے بندے کا بیٹا ہوں، تیری بندی کا بیٹا ہوں، میری پیشانی کے بال تیرے ہاتھ میں ہیں، جاری ہے مجھ میں تیرا حکم، عدل ہے مجھ میں تیرا فیصلہ)۔

کتنی وقاحت ہے ان جہالت مآبوں، ضلالت انتسابوں کی جو اس تصویرِ قدرت کے تاریک پہلو ہی پر، جو حقیقتاً اسی قسم کا نور ہی ہے، ان کی نظر پڑتی ہے اور آپ کو اپنا بڑا بھائی کہنے کی جرأت کرتے ہیں! میں تو یہ سمجھتا ہوں کہ آپ کا غلام ہوا تو بلالؓ ہوتا اور خاکِ صحابیت پر پامال ہو کر یکتائے نعلینِ پا ہوتا از روئے غلامی، اور عرشِ بریں پر ساتھ ہونا۔ برا ہوں اور بے شک برا ہوں یا رسول اللہ! مگر ہوں آپ کا، کہ 'الطَّالِحُونَ مِنِّي' (برے میرے ہیں)۔
اے تجلّیِ الذات، مظہر الاسماء والصفات، روح الارواح الساری...

۳۱. فیوضاتِ غوثِ اعظمؓ، کمالِ بشریت اور خاتمۂ کتاب
حدیث نبوی ﷺ [حدیث نبوی ﷺ]
...فِي الْأَشْبَاحِ 'لَا يُشَاكُ أَحَدُكُمْ بِشَوْكَةٍ إِلَّا وَأَجِدُ أَلَمَهَا' مَجْمَعُ الْحَقَائِقِ اللَّاهُوتِ، مَنْبَعُ دَقَائِقِ النَّاسُوتِ (الفيوضات الربانية)۔
ذات کا تجلی گاہ، اسما و صفات کا مظہر، روحوں کی روح جو تمام اجساد میں سرایت کی ہوئی ہے، 'تم میں سے کسی کے کانٹا نہیں چھبتا مگر یہ کہ اس کا الم میں پاتا ہوں'، حقائقِ لاہوت کا مجمع، دقائقِ ناسوت کا منبع (از ادعیہ محبوبِ سبحانی سیدی عبد القادر جیلانی رضی اللہ عنہ وارضاہ عنا) کے اوصافِ جلیلہ و مراتبِ نبیلہ کو کوئی کہاں تک بیان کرے ے
فَمَبْلَغُ الْعِلْمِ فِيهِ أَنَّهُ بَشَرٌ وَأَنَّهُ خَيْرُ خَلْقِ اللَّهِ كُلِّهِمِ
(قصیدۂ بردہ شریف: امام بوصیری رحمۃ اللہ علیہ)

علم کی رسائی آپ تک اتنی ہی ہے کہ آپ بشر ہیں اور تمام خلق اللہ سے بہتر ہیں۔
تمت۔

کاتب الحروف رقم قلم بندۂ حقیر محمد منیر الدین الفخری نظامی بی اے

۳۲. نعتِ مبارک: 'لہرا دیا کملی والے نے'
اسلام کا پرچم عالم پر لہرا دیا کملی والے نے اللہ احد کا نقارہ بجوا دیا کملی والے نے
تاریکی کفر و ضلالت تھی آفاق میں سب پر چھائی ہوئی خورشید حقیقت کو چمکا دیا کملی والے نے
تثلیث پرستی ہر جا تھی اوہام کی ظلمت برپا تھی توحید کے گرج سے پردے کو اٹھا دیا کملی والے نے
دہریت ساری دور ہوئی ایمان و ایقان کی نور ہوئی یوں رازِ حقیقت ہستی سمجھا دیا کملی والے نے
کفار کے دل ہیبت سے لرزے اور منہ کے بل اوندھے گر پڑے جب نعرۂ اللہ اکبر فرما دیا کملی والے نے
اک نور سمایا آنکھوں میں اور دل میں بسا بن جان و جگر جو کچھ نہ دیکھا تھا ہم نے دکھلا دیا کملی والے نے
ایمان سے دل معمور ہوا اور خارِ تردد دور ہوا اس لطف سے رازِ نہاں سمجھا دیا کملی والے نے
قوسین وجوب و امکاں کے معراج میں جب جلوے چمکے سب دائرۂ وہم کے سائے مٹا دیا کملی والے نے
ہاں صبحِ ہدایت کی چمکی تاریکی سب ہوئی زائل جب جاءَ الحق و زہق الباطل فرما دیا کملی والے نے
اللہ نے راضی ہونے کا مژدہ بر شفاعت فرمایا پھر باغِ جناں میں امت کو پہنچا دیا کملی والے نے
إِنَّا أَعْطَيْنَاكَ الْكَوْثَرَ اللہ نے فرمایا جس دم بھر بھر کے جامِ محبت کا پلوا دیا کملی والے نے
محشر میں جو امت تھی نالاں جب ہو کے سجدہ میں گریاں تب امت کو عذابِ دوزخ سے بچا دیا کملی والے نے
جبریلِ امیں جس دم آئے احکامِ خداوندی لائے اللہ نے جو کچھ فرمایا پہنچا دیا کملی والے نے
معراج میں جس دم آئے نبی اللہ نے کہا ادنُ منی تو شکر میں جو کچھ اپنا تھا لٹوا دیا کملی والے نے
جنت کے قریب تھے منتظر سب خاموش پریشاں کے در پر اللہ سے کہہ کے درِ جنت کھلوا دیا کملی والے نے
اے حسرتِ شیدا فکر نہ کر ہیں ساتھ ہمارے پیغمبر جب أَنْتَ مَعَ مَنْ أَحْبَبْتَ فرما دیا کملی والے نے
(نعتِ پاک: حضرت بحر العلوم محمد عبد القدیر حسرتؔ صدیقی قادری رحمۃ اللہ علیہ)