🏠 Portal 🔍 Proofreading Workbench 📘 Bilingual Edition 📄 Markdown
لا الہ الا اللہ
Lā Ilāha Illallāh: Metaphysical Reality of Divine Unity, Essence vs. Accident & Real vs. Metaphorical Existence
بحر العلوم حضرت مولانا محمد عبد القدیر صدیقیؔ حسرتؒ
Bahr al-‘Uloom Hazrat Maulana Muhammad Abdul Qadeer Siddiqi Qadri Hasrat (Rh.A)
Hasrat Academy / Ijaz Printing Press, Chatta Bazaar, Hyderabad Deccan · Devotional Gift Edition (Tuhfah), 1371 AH / 1952 CE (Print Run: 10,000)
آیتِ قرآنی
لَا إِلٰهَ إِلَّا اللّٰهُ مُحَمَّدٌ رَّسُولُ اللّٰهِ
از: حضرت بحر العلوم مولانا محمد عبد القدیر صدیقیؔ قادری حسرتؔ مدظلہ العالی

گذرانی: ابو الفیض محمد انوار الدین صدیقی قدیری
تعدادِ طبع: دس ہزار (۱۳۷۱ھ)
مطبوعہ: اعجاز پرنٹنگ پریس، چھتہ بازار، حیدرآباد دکن (تحفہ)

لا الہ الا اللہ محمد رسول اللہ: تمہید و مبادی

ہم اپنا مقصود بیان کرنے سے پہلے چند متفرق باتوں کو بیان کرتے ہیں جن سے امید ہے کہ ہمارے مقصود کے سمجھنے میں سہولت ہوگی۔

۱۔ کسی مسلمان کو خدائے تعالیٰ کے «وَحْدَهُ لَا شَرِيكَ لَهُ» ہونے میں شک نہیں ہے۔

۲۔ اصلی اور بالذات وجود اللہ تعالیٰ کا ہے۔ تمام مخلوقات اور بندوں کا وجود بالعرض ہے، خدا کا عطیہ ہے۔

۳۔ بعض دفعہ غیر اصلی، بالعرض، ناقص چیز کو کالعدم سمجھتے ہیں اور یوں کہتے ہیں کہ: «آپ کے سوا دینے والا کون ہے!» مگر کہنے والے کی مراد رہتی ہے کہ آپ بہت کچھ دینے والے ہیں۔ دوسرے دیتے بھی ہیں تو اس قدر کم ہے کہ اُن کا دینا نہ دینا دونوں برابر ہیں۔ اس محاورے میں غیر اہم کو معدوم بیان کیا گیا ہے۔ اسی طرح خدائے تعالیٰ کے موجود بالذات اور اصلی وجود رکھنے کے مقابل بندے کا وجود بالعرض کالعدم ہے، نا قابلِ توجہ ہے۔

۴۔ ہر ایک چیز کا ایک جدا ہی حکم ہوتا ہے۔ ماں باپ کی تعظیم و توقیر کرو، بیوی سے محبت کرو، بچوں پر مہربانی رکھو، پیغمبروں کی تعظیم اور اطاعت کرو، دشمنانِ خدا و رسول سے دشمنی رکھو اور ان کو اپنا دوست نہ سمجھو۔ یہ احکام ہیں، ہر ایک کا حکم جدا ہے۔ «وَآتِ كُلَّ ذِي حَقٍّ حَقَّهُ» پر عمل کرو۔ ہر مستحق کو اس کا حق ادا کرو۔

۵۔ اگر کوئی کہے کہ «خدا کے سوا کوئی نہیں»، تو اس کے معنی یہ ہیں کہ خدا کا وجود بالذات ہے، دوسروں کا بالذات نہیں ہے۔ یہ ہرگز معنی نہیں ہیں کہ بندوں کا وجود بالعرض بھی نہیں اور عطیۂ خدا بھی نہیں!

۶۔ ایک اور بات کو ہمیشہ پیشِ نظر رکھو! کہ منطقی زبان الگ ہوتی ہے اور ادب کی الگ۔

ادیب غیر اہم کو «نہیں» کے طور پر ادا کرتا ہے اور منطقی اس طرزِ بیان سے ناواقف ہے۔
(الف) جس وقت خدا سے غفلت کی جا رہی ہو، اس کے وجودِ بالذات سے بے التفاتی ہو، تو توحید پر زور دینے والے کہتے ہیں: «خدا کے سوا ہے کون! کس کی مقدور ہے کہ خدا کے سامنے اپنے وجود کا دعویٰ کرے؟» لَا إِلٰهَ إِلَّا اللّٰهُ۔ «اللہ حق باقی ہوس»۔ وہ وجودِ بالذات کی طرف متوجہ کرنا چاہتے ہیں، وجودِ بالعرض سے انکار نہیں کرتے۔

۷۔ موجودات کو بالکل باطل نہ جاننا سراسر غلط ہے۔ ہر چیز کو اس کا حق دینا ضروری ہے۔ حقائقِ اشیاء ثابت ہیں تو خدا کا «وَحْدَهُ لَا شَرِيكَ لَهُ» ہونا بھی ثابت ہے۔ نہ اس سے انکار ممکن ہے نہ اس سے انکار جائز ہے۔
حاصل یہ کہ بالذات اور بالعرض دونوں حق ہیں۔ بالعرض پر اگر اتنا زور دیں کہ وہ بالذات کے حدود میں داخل ہو جائے تو یہ شرک ہے۔ بالعرض کے احکام سے اتنی بے التفاتی کی جائے کہ بالعرض کے احکام بالذات پر لگائیں تو یہ زندقہ و الحاد ہے۔

۸۔ وجود حقیقتاً، بالذات، اصلی طور سے کس کی صفت ہے؟ خدائے تعالیٰ کی! یہی وجود بندے کی طرف لگائیں تو مجاز ہے، بالعرض ہے۔ مجاز کے قائل ہونے کے بعد نہ زندقہ رہتا ہے نہ شرک، الحمد للّٰہ۔

فرماتا ہے: «وَاللَّهُ خَيْرُ الْمَاكِرِينَ»۔ مکر کرنا بندے کی صفت ہے مگر قرینہ اس کے معنی لے آتا ہے کہ مکر کی سزا دینے والا ہے۔ کچھ گناہ نہیں ہے۔ جبرئیل نے بھی بی بی مریم کو کہا: «لِأَهَبَ لَكِ غُلَامًا زَكِيًّا» کہ میں تم کو اچھا بیٹا دینے آیا ہوں۔ قرینہ سے معلوم ہو رہا ہے کہ جبرئیل کے پھونکنے کی وجہ سے بیٹا دینے کا لفظ استعمال کیا گیا ہے اور یہ مجاز ہے، لہٰذا یہ شرک نہیں ہے۔
اگر کوئی ڈاکٹر کہے کہ «میں فلاں بیمار کو اچھا کر دیتا ہوں»، اگر خدا پرست ہے تو اس کا مقصد ہو گا کہ خدا کے فضل کے ذریعے میں نے بیمار کو اچھا کیا، اور اس کا کہنا مجاز ہو گا۔ قرینہ اس کا مسلمان ہونا ہے۔ اگر غیر مسلم کہے کہ میں بیمار کو اچھا کر دیتا ہوں تو چونکہ اللہ کا فضل اس کے پاس کوئی چیز نہیں ہے اس لیے یہ شرک ہے۔ لفظی معنوں کو چھوڑ کر قرینہ سے مجازی معنے لے سکتے ہیں۔

مثلاً ایک شخص قسم کھا کر کہے کہ «میں تمہارے گھر میں قدم نہ رکھوں گا»، تو چونکہ اس کے معنی یہ ہیں کہ تمہارے گھر میں نہیں جاؤں گا، پس گھر کے باہر بیٹھ کر اپنا قدم چوکھٹ کے اندر ڈالے تو قسم نہ ٹوٹے گی۔ بہر حال ساری خرابی مطلب نہ سمجھنے کی ہے۔ ایک شخص قرینہ سے مجازی معنے لیتا ہے، اس کو حقیقت پر محمول کر کے شرک کہہ دینا بڑی جہالت ہے۔ حقیقی معنی سے شرک ہوتا ہے نہ کہ مجازی سے۔
اسی طرح حقیقی معنے سے زندقہ ہوتا ہے نہ کہ مجازی سے۔ ہم صبح سے شام تک ہزاروں جملے مجازی استعمال کرتے ہیں، اگر سب کو حقیقت پر محمول کریں تو بات کرنا مشکل ہو جائے گا۔

یاد رکھو! جو صوفی ہوتا ہے وہ مجاز کو استعمال بھی کرتا ہے تو حقیقت اور بالذات سے غفلت نہیں کرتا۔ حقیقت اور بالذات سے غفلت کرنے کو وہ شرکِ خفی سمجھتا ہے اور اس سے ہمیشہ پرہیز کرتا ہے۔ یہ بالذات سے ہوشیار رہنا فنائے افعال، فنائے صفات اور فنائے ذات کو پیدا کرتا ہے۔

آیتِ قرآنی
اب میں پھر کہتا ہوں:
لَا إِلٰهَ إِلَّا اللّٰهُ مُحَمَّدٌ رَّسُولُ اللّٰهِ
عَلَيْهَا نَحْيَا وَعَلَيْهَا نَمُوتُ وَعَلَيْهَا نُبْعَثُ إِنْ شَاءَ اللّٰهُ۔