🏠 Portal 🔍 Proofreading Workbench 📘 Bilingual Edition 📄 Markdown
نظامِ تمدنِ اسلام: سرمایہ داری و اشتراکیت
Niẓām-e-Tamaddun-e-Islām: The Social Order of Islam, Critique of Capitalism & Socialism, Usury & Economic Justice
بحر العلوم حضرت مولانا محمد عبد القدیر صدیقیؔ حسرتؒ
Bahr al-‘Uloom Hazrat Maulana Muhammad Abdul Qadeer Siddiqi Qadri Hasrat (Rh.A)
Faculty of Theology, Osmania University / Hasrat Academy, Hyderabad Deccan · Authenticated Treatise on Islamic Economic Jurisprudence & Nomocracy
آیت [سورۃ البقرۃ 2:۲۹]
هُوَ الَّذِي خَلَقَ لَكُم مَّا فِي الْأَرْضِ جَمِيعًا
نِظَامِ تَمَدُّنِ اِسْلَام: سَرْمَایَہ دَارِی وَ اِشْتِرَاکِیَّت

از: بحر العلوم مولوی محمد عبد القدیر صاحب صدیقیؔ حسرتؔ حیدرآبادی
سابق صدر شعبۂ دینیات جامعہ عثمانیہ
حسب فرمائش: میر جعفر علی صاحب قادری بی ۔ اے
بہ اہتمام: محمد مظہر الدین قدیری القادری
قیمت: [مطبوعہ]
مطبوعہ: محمودیہ پریس، چارمینار، حیدرآباد دکن۔

بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيمِ
تسخیرِ ارض و سما اور رحمتِ عامۂ الٰہی
آیت [سورۃ الجاثیۃ / الاعراف 45:13 / 7:156:۱۳ / ۱۵۶]
وَسَخَّرَ لَكُم مَّا فِي السَّمَاوَاتِ وَمَا فِي الْأَرْضِ جَمِيعًا ... وَرَحْمَتِي وَسِعَتْ كُلَّ شَيْءٍ

خدائے تعالیٰ نے اپنے فضل و کرم اور شانِ رحمانیت سے مخلوقات کیلئے تمام چیزیں پیدا کی ہیں: «وَسَخَّرَ لَكُم مَّا فِي السَّمَاوَاتِ وَمَا فِي الْأَرْضِ جَمِيعًا»، «وَرَحْمَتِي وَسِعَتْ كُلَّ شَيْءٍ»۔ اس کی رحمت عام ہے اور اسی رحمتِ عام ہی سے سب کو حصہ ملتا ہے:
ادیمِ زمین سفرۂ خوانِ اوست
برین خوانِ یغما چہ دشمن چہ دوست
خدا کو ماننے والے بھی اس سے فائدہ اٹھاتے ہیں اور نہ ماننے والے بھی۔

مگر کیا ہو! خدا کی ایک صفت رحیم بھی ہے۔ رحمانیت سے فائدہ اٹھانے کی قوت بھی خدا نے دی ہے۔ خدا نے ہاتھ پاؤں دیئے ہیں، عقل و ادراک عطا کیا ہے۔ سب انسان زور و قوت کے لحاظ سے، صحت و عافیت کے لحاظ سے برابر نہیں ہیں۔ ایک کام نادان بھی کرتا ہے اور دانا بھی، مگر دانا اور قوی کا کام زیادہ اچھا اور زیادہ دلکش ہوتا ہے، اور وہ مقدار میں نادان کے کام کی بہ نسبت زیادہ فائدہ اٹھائے گا۔ «خدا پنج انگشت یکساں نہ کرد»۔

اسی اختلافات کی وجہ سے سرمایہ داری اور اشتراکیت پیدا ہوتی ہے۔ اب ہم سرمایہ داری اور اشتراکیت کے متعلق تھوڑی سی بحث کر لینا چاہتے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی ساتھ نظامِ تمدنِ اسلام سے بھی بحث کر لیں گے، کیونکے وہی معتدل اور افراط و تفریط سے پاک ہے۔

سَرْمَایَہ دَارِی: محنت، بچت اور سرمایہ کا انحراف

یہ بات ظاہر ہے کہ دولت اور سرمایہ بغیر محنت اور جانفشانی کے پیدا نہیں ہوتا۔ سرمایہ دار اپنے عیش و عشرت کو کم کرتا یا چھوڑتا ہے۔ کم کھاتا اور خراب پہنتا ہے اور اپنے کھانے کپڑے کے اخراجات کو بھی بَہِی کھاتہ میں لکھتا ہے۔ غرض ہر قسم کے لذاتِ دنیا سے محروم رہتا ہے تب کہیں جا کر سرمایہ جمع ہوتا ہے۔ اس کا دین، اس کا مذہب صرف روپیہ پیسہ ہوتا ہے اور دولت کو یہ اپنا دیوتا سمجھتا ہے، لہٰذا اپنی دولت میں سے کسی کو کچھ دینے کو اپنے دیوتا کی ناراضی کے مترادف جانتا ہے۔

سرمایہ دار اپنی دولت اور مال کام اور محنت کرنے والوں کو دیتا ہے۔ کام کرنے والا مزدور اور کاشتکار اس سرمایہ سے نفع اٹھاتا ہے۔ سرمایہ دار اپنے سرمایہ سے ان کے نفع ہونے کی وجہ سے اصل کے سوا اور رقم واجب الادا سمجھتا ہے۔ اگر وقتِ معین پر رقم ادا نہیں کی جاتی تو وہ مزید رقم ذمہ لگاتا ہے، اور اس کو «معاوضۂ انتظار» خیال کرتا ہے، اور یہ سود ہے۔ اس کا نظریہ ہے کہ تجارت آزاد رہنی چاہیئے، کیونکے بغیر نفع کے کوئی شخص کام نہیں کر سکتا، اگر نفع نہ رکھا جائے گا تو تجارت موقوف ہو جائے گی۔

جب سال بھر تک رقم ادا نہیں کی جاتی تو سرمایہ دار زائد رقم کو اصل کے ساتھ جوڑ کر سب کا سود لگاتا ہے۔ اس کا نام «سودِ مرکب» یا «سود در سود» ہے۔ اگر وقتِ معین پر اس رقم کا کچھ خردہ (جزوی ادا) کر دیا جاتا ہے تو سود میں کمی کر دی جاتی ہے، اس کو «کٹے متی» کہتے ہیں۔ بعض سود خوار کمی نہیں کرتے اور جب تک رقم ادا نہ ہو، ایک ہی مقطوع شرح کا سود لیتے ہیں، اس کو «کھڑا سود» کہتے ہیں۔

سُود خوری کی نفسیات: قساوتِ قلبی اور طفیلی کاہلی

سود لینے والوں کو اس سے غرض نہیں کہ دوسرا جئے یا بھوکا مرے۔ ان کا دل سخت اور درشت ہو جاتا ہے، انسانی ہمدردی ان میں باقی نہیں رہتی، اور جب بلا محنت روپیہ ملنے لگتا ہے تو یہ لوگ کاہل اور آرام طلب ہو جاتے ہیں۔ محنت کی عادت ان سے چھوٹ جاتی ہے اور اس کا نتیجہ خود تباہی اور بربادی کے سوا کیا ہو سکتا ہے؟ اس سود اور سود در سود کی وجہ سے دولت کھنچ کر سرمایہ دار کے پاس چلی جاتی ہے اور مزدور مفلس و بے بس بن جاتا ہے۔

اس زمانہ میں دخان اور کلیں ایجاد ہو گئی ہیں۔ کمپنیاں قائم ہو گئی ہیں۔ ریل اور جہاز کی وجہ سے مال کے لانے لے جانے میں سہولتیں پیدا ہو گئی ہیں، جس کا نتیجہ یہ ہوتا ہے کہ ساری دولت اور مال چند سرمایہ داروں کے پاس جمع ہو جاتا ہے، اور دوسرے تمام لوگ بیکار اور بغیر مزدوری کے ہو جاتے ہیں۔ معدودے چند لوگ تو متمول ہو جاتے ہیں اور باقی تمام مفلس و تباہ حال۔

اِشْتِرَاکِیَّت: محنت کی قدر اور طبقاتی کشمکش

یہ امر واضح ہے کہ محنت سب کرتے ہیں مگر سب کی محنتیں ایک پیمانہ پر نہیں ہوتیں۔ کاشتکار اور مزدور سخت محنت کرتے ہیں اور سرمایہ دار کچھ بھی نہیں کرتے، حالانکہ محنت اور کام بھی دولت ہے۔ سرمایہ داروں اور کام کرنے والوں کی محنت میں مساوات نہیں ہے۔ کام کرنے والوں کی محنت اور اس کی قیمت زیادہ ہے تو اس کے مقابل سرمایہ داروں کی قوت اور اس کی قیمت بھی زیادہ۔ یہ زیادت بلا معاوضہ اور سود ہے۔ خدا نے عامۃ الناس کے لیے دولت پیدا کی ہے۔ سرمایہ داروں کی تعداد کم ہوتی ہے اور کام کرنے والوں کی زیادہ۔ سرمایہ دار اپنی دولت کو قوت جانتے ہیں اور کام کرنے والے اپنی کثرت کو قوت سمجھتے ہیں۔ کثرت جو بڑی قوت ہے کام کرنے والوں کو حاصل ہے، لہٰذا وہ برسرِ پیکار ہوتے ہیں...

...اور نوبت قتل و کشت تک پہنچتی ہے۔ مستحقین کو ان کا حق دلانے کیلئے تلوار بیچ میں آ جاتی ہے۔ یہ بات بھی ظاہر ہے کہ جس طرح سرمایہ دار کو جینے کا حق ہے، اسی طرح مزدوروں اور کام کرنے والوں کو بھی زندہ رہنے کا حق حاصل ہے۔ کوئی شخص اپنے گھر میں، اپنی جائداد یا اپنی دولت کو اس طرح صرف نہیں کر سکتا کہ دوسروں کو نقصان پہنچے۔ انصاف کا تقاضا ہے کہ ظالم کو ظلم سے روکے، حقدار کو اس کا حق پہنچائے، اور غریب کو قوی کے ہاتھ سے بچائے۔ غرض کہ سرمایہ داروں اور محنت کرنے والوں میں جنگ ہو جاتی ہے! نتیجہ کیا نکلتا ہے؟ اس کو روس کی تاریخ بتلائے گی۔

محنت کرنے والے سرمایہ داری سے کچھ ایسے بیزار ہو جاتے ہیں کہ تمام ملکیتیں سلطنت میں منتقل کر دی جاتی ہیں۔ جو چیز ہے مشترک اور سرکار کی: دولت سرکار کی، مال سرکار کا، رعایا سرکار کی، بچے سرکار کے، عورت سرکار کی، غرض جو ہے سرکار کا، سب ایک ہی رنگ میں رنگ دیئے جاتے ہیں۔

یاد رکھو کہ انسان کو حیوانات پر شرف صرف محبت کی وجہ سے ہے، مگر یہاں کسی کو کسی سے محبت نہیں۔ نظامِ عالم خود محبت پر قائم ہے، یہ لوگ اس نعمتِ عظمیٰ سے محروم ہیں۔ ان کے پاس نہ مذہب ہے نہ ملت۔ اگر سرمایہ داری ایک آفت ہے تو اشتراکیت بھی ایک قیامت ہے! «سب کو ایک ہی لکڑی سے ہانکا جا رہا ہے»۔ ایران میں مزدکیوں کے زمانہ میں اس کا خوب تجربہ ہو چکا ہے اور اب روس اور دنیا کے دیگر علاقہ جات میں ہو رہا ہے۔

نِظَامِ تَمَدُّنِ اِسْلَام: عدل، توازن اور اعتدال

نظامِ تمدنِ اسلام کیا ہے؟ اسلام سرمایہ داری اور اشتراکیت دونوں کے مناسب حصص کو جمع کرتا ہے، اس طرح کہ سب کمانے میں ایک حد تک آزاد ہیں مگر نہ اس قدر کہ غریب...

...تباہ ہو جائیں اور مفلوک الحال بن جائیں۔ اسلام نے تقسیمِ دولت اور غریبوں کی امداد کیلئے جو اصول بتلائے ہیں ان میں کچھ تو مذہبی حیثیت سے ہیں، کچھ اخلاقی اور کچھ قانونی۔ زکوٰۃ کے نام سے تو ہر سال دولت کا چالیسواں حصہ (ڈھائی فی صد) غریبوں میں تقسیم کیا جاتا ہے۔

کفارۂ گناہ میں بھی غریبوں کی امداد کو پیشِ نظر رکھا گیا ہے۔ اسلام ہمیشہ غریبوں کی اعانت کیلئے مالداروں کو ترغیب دیتا رہتا ہے۔ قرابت دار اگر نادار ہوں یا بے کار ہوں تو ان کا نفقہ بھی مالداروں پر واجب کرتا ہے۔ اصولِ تورِیث سے مرنے کے بعد تمام دولت ورثاء میں تقسیم ہو جاتی ہے۔ اسلام اور دوسری قسم کے ٹیکس بھی جب ضرورت ہو عائد کرتا ہے۔ جو لوگ فوجی سروس میں شریک نہیں ہوئے ان سے بھی ایک قسم کا محصول لیا جاتا ہے جس کا نام گزیدہ جزیہ، ٹیکسِ حفاظت یا وار فنڈ ہے۔ اسلام سود کو ہرگز جائز نہیں رکھتا، اس کو قطعاً حرام کر دیا گیا ہے، چونکہ سود سرمایہ داری کی جان اور تمام مظالم کی جڑ ہے، اس لیے اس کی تحقیق بھی یہاں ضروری ہے۔

سُود: تعریف، حقیقت اور ساہوکاروں کی مفت خوری کی ممانعت

اسلام میں سود کیا ہے؟ اصل مال پر مال کی زیادتی بلا معاوضہ، یا بمقابلہ زمانہ و وقت کے۔ اسلام ساہوکاروں کو مفت خوری کی اجازت نہیں دیتا۔ اسلام میں سود دو چیزوں میں مانا گیا ہے: اول «زر» یعنی سونے چاندی میں (تانبے اور نکل کے سکے بھی اجلۂ علماء کے پاس زر میں شامل ہیں)، دوم اس قسم کے کیل میں جو عموماً سود میں لگائے جاتے ہیں۔

حدیث نبوی ﷺ [صحیح مسلم ۱۵۸۷؛ صحیح البخاری ۲۱۷۴]
رسولِ خدا صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: «سونا سونے کے عوض، چاندی چاندی کے عوض، گیہوں گیہوں کے عوض، جو جو کے عوض، کھجور کھجور کے عوض، نمک نمک کے عوض، برابر برابر، دست بدست لین دین کرنا چاہیئے۔ اگر یہ اصناف مختلف ہوں تو جس طرح چاہیں بیچ سکتے ہیں مگر دست بدست»۔
فقہی تحقیق: مذاہبِ اربعہ میں علتِ ربا اور فقہِ حنفی کی بصیرت

بعض علمائے ظاہر نے ربا یعنی سود کو انہی مذکورہ چھ چیزوں میں منحصر سمجھا۔ دیگر ائمہ نے قیاس کر کے بعض اور چیزوں کو بھی قابلِ ربا یعنی سود سمجھا۔ حضرت امام ابو حنیفہؒ کے پاس قابلِ سود وہ چیزیں ہیں جو ناپی اور تولی جاتی ہیں (مکیل و موزون)، ان دونوں کے لیے «قدر» کا لفظ ہے۔ پس سود کے لیے قدر اور ہم جنس ہونا شرط ہے۔ اگر قدر اور ہم جنسی دونوں موجود ہوں تو نہ فضل یعنی زیادت جائز ہے نہ نساء یعنی ادھار۔ اور اگر قدر تو موجود ہو مگر ہم جنسی نہ ہو تو زیادت جائز ہے اور ادھار نا جائز۔ جو چیزیں گنی جاتی ہیں (عددیات) وہ ان میں سے نہیں۔

حضرت امام شافعیؒ کے پاس قابلِ ربا چیزیں ماکولات یعنی کھائی جانے والی اشیاء ہیں جیسے انڈے، سیب وغیرہ، اور سونا چاندی (ثمنیت)۔ پس اگر یہ چیزیں ہم جنس ہوں تو زیادت اور نساء یعنی ادھار جائز نہیں۔ حضرت امام مالکؒ کے پاس قابلِ ربا مال نقدین (سونا چاندی)، «قوت» یعنی بنیادی غذائی اشیاء اور مصلحِ غذا اشیاء مثلاً نمک، مرچ، شکر وغیرہ ہیں، اور اتحادِ جنس بھی حسبِ سابق مشروط ہے۔ عبد الملک بن ماجشونؒ کے پاس ہر قابلِ نفع چیز میں ربا ہو گا۔

بہر حال جو زیادت وقت کے مقابل ہوتی ہے وہ سود ہے، اس کا لین دین ہرگز جائز نہیں۔ بعض سود خوار سلطنتیں بھی جن کا مقولہ «تجارت آزاد» تھا، سرمایہ داروں کی زیادہ نفع طلبی اور خود غرضی کی وجہ سے خود اشیائے تجارت خریدنے لگی ہیں اور راشن کا نظام قائم ہو گیا ہے۔ یعنی غریبوں کی پرورش کی غرض سے یہ ریاستیں خود چھوٹے چھوٹے پیمانے پر اشیاء و حبوب بیچنے لگی ہیں اور بوقتِ ضرورت کوپن تقسیم ہوتے ہیں، جس سے غریبوں کو سہولت اور کما حقہ کم قیمت پر اشیائے ماحتاج میسر ہو جاتی ہیں۔ غور کرنے سے معلوم ہو جائے گا کہ یہ...

تحدیدِ تجارت: نظامِ تمدنِ اسلام کا شعبہ اور دار الحرب کے عذر کا بطلان

...تحدیدِ تجارت نظامِ تمدنِ اسلام کا ایک شعبہ ہے۔ آج کل غیر مسلموں کو سود لیتا دیکھ کر بعض نام نہاد علماء کا دل بھی لہرایا گیا ہے، اور انہوں نے سود کو جائز کرنے کی ترکیبیں سوچی ہیں۔ وہ دار الاسلام میں قرض میں بھی زیادت کو سود نہیں سمجھتے، حالانکہ کھلی بلا معاوضہ زیادت تو قرض ہی میں نمایاں تر ہے! ان کو سمجھنا چاہیئے کہ قرض بھی مبادلہ مال بہ مال ہے۔ دیگر اقسامِ بیع میں سود کو واقع سمجھنا اور قرض میں نہ سمجھنا نہایت افسوسناک جہالت ہے۔

بعض علماء نے یہ فتویٰ نکالا ہے کہ دار الحرب میں سود لینا جائز ہے، یا دار الحرب میں جو لین دین ہوتا ہے وہ سود نہیں۔ لہٰذا ہم پہلے دار الحرب کا تعین کرتے ہیں اور پھر دار الحرب میں سود لینے کے مسئلہ کی تحقیق کرتے ہیں۔

دار الحرب کی تعیین میں بڑا اختلاف ہے: بعض کہتے ہیں کہ شعائرِ اسلام سے جس سلطنت میں روکا جائے وہ دار الحرب ہے۔ بعض کا خیال ہے کہ جہاں شرعی احکام کے نفاذ سے روکا جائے تو یہ بھی مداخلت فی الدین ہے اور وہ سلطنت دار الحرب ہے۔ بعض لوگوں کا کہنا ہے کہ ملک ایک بار دار الاسلام ہو جانے کے بعد ہمیشہ دار الاسلام ہی رہے گا چاہے پھر وہ کافروں کے پاس کیوں نہ چلا جائے۔ ہمارا خیال ہے کہ دار الاسلام اور دار الکفر یا دار الحرب کی تمیز بہ اعتبار لشکر، اقتدار اور غلبۂ قوت کے ہے۔ اگر مسلمانوں کا بادشاہ ہے اور فوج بھی رکھتا ہے اور وہ فوج بادشاہ کے حکم پر جس غیر مسلم ریاست کے مقابل حکم دیا جائے لڑنے کو تیار ہے، تو وہ سلطنت اسلامی ہے اور وہ ملک دار الاسلام ہے، خواہ وہ ریاست کافروں کی حلیف ہو یا ناتواں ہو۔ بعض حضرات کے پاس دار الکفر اور دار الاسلام کا مابہ الامتیاز...

دار الاسلام اور دار الحرب کی حقیقی تعریف اور سود کی حرمتِ مطلقہ
آیت [سورۃ البقرۃ 2:۱۹۴]
فَمَنِ اعْتَدَىٰ عَلَيْكُمْ فَاعْتَدُوا عَلَيْهِ بِمِثْلِ مَا اعْتَدَىٰ عَلَيْكُمْ

...اقتدارِ اعلیٰ ہے۔ اگر اقتدارِ اعلیٰ اہلِ اسلام کا ہے تو وہ دار الاسلام ہے ورنہ دار الکفر۔ دار الاسلام اور دار الحرب کی تعیین کے بعد اب دار الحرب میں سود لینے کے تعلق سے با آسانی اظہارِ رائے کیا جا سکتا ہے۔ بعض لوگ کہتے ہیں کہ «فَمَنِ اعْتَدَىٰ عَلَيْكُمْ فَاعْتَدُوا عَلَيْهِ بِمِثْلِ مَا اعْتَدَىٰ عَلَيْكُمْ» یعنی جو تم پر تعدی کرے تو تم بھی ویسی ہی اس پر تعدی کرو، یہ صرف جنگ سے خاص نہیں بلکہ مستأمن یعنی امان دیے ہوئے آدمی کو بھی شامل ہے۔ اور ہدایہ کی عبارت «لَا رِبَا بَيْنَ مُسْلِمٍ وَحَرْبِيٍّ فِي دَارِ الْحَرْبِ» کو لاتے ہیں، یعنی حربی کے ساتھ مال کی زیادت ربا و سود نہیں، وہ ایسے زائد مال کو «فئے» یعنی عطیہ کہتے ہیں اور ان کا مقولہ ہے: «جیسے کو تیسا»۔

اس وقت کئی بنیادی سوال پیدا ہوتے ہیں:
اول: کیا جیسا سود لینا جائز ہے ویسا ہی دینا بھی جائز ہو جائے گا؟
دوم: کیا قمار اور جوا جس میں فریقین کی خوشی سے مال دیا جاتا ہے، وہ بھی جائز ہو جائے گا؟
سوم: کیا یہ نام نہاد جواز صرف سود تک محدود ہے یا دیگر حرام منافع کو بھی شامل ہے؟
چہارم: کیا «فئے» کا نام دینے سے سودی معاملہ سود نہیں رہتا؟
پنجم: کیا قمار اور غصب کے نام بدل دینے سے ان کی اصل حقیقتیں بدل جاتی ہیں؟
ہمارے نزدیک اس قسم کے حیلے گھڑنا شریعت کے احکام میں بڑی خطرناک اور گمراہ کن جرات ہے!

اکثر لوگ یہ عذر پیش کرتے ہیں کہ اگر دار الحرب میں سود جائز نہ کیا گیا تو مسلمان معاشی طور پر تباہ ہو جائیں گے، کیونکے تمام مالی معاملات سود پر چلتے ہیں، اور «شرِّ کثیر کے مقابلے میں شرِّ قلیل قابلِ اختیار ہے»۔

اسلامی متبادل: بیعِ سلم، مضاربت اور شراکت کے پیداواری اصول

ان کو معلوم ہونا چاہیئے کہ اسلام نے صرف سود کو ممنوع کیا ہے، دوسری تمام اقسام کے تجارتی و مالی معاملات اسلام میں جائز ہیں۔ بیعِ سلم کی اجازت ہے، یعنی کاشتکار کو روپیہ پہلے دینا اور جنس بعد میں وصول کرنا۔ اسی طرح مضاربت اور مشارکت بھی جائز ہے، یعنی ایک فریق کا روپیہ اور دوسرے فریق کی محنت۔ بعض صحابۂ کرام اسلامی اصولوں سے معاملات کر کے لکھ پتی بن گئے تھے! صحابہ کے علاوہ دوسرے اکابر بھی تجارت کرتے تھے۔ خود حضرت امام ابو حنیفہؒ امامِ اعظم کپڑے کی تجارت فرماتے تھے مگر پابندیِ قواعدِ اسلام کے ساتھ، اور اس طرح نہایت خوشحال اور باوقار زندگی بسر کرتے تھے۔ یہ خیال بالکل غلط ہے کہ بغیر سود کے مالی معاملات چل ہی نہیں سکتے! اور یہ کہنا بھی درست نہیں ہے کہ مسلمان سود نہ لینے کی وجہ سے مخالفین کے مقابلے میں مفلس اور عاجز ہو رہے ہیں؛ مسلمانوں کی اصل تباہی بے جا رسوم اور فضول اسراف ہے!

آیت [سورۃ الاسراء 17:۲۷]
إِنَّ الْمُبَذِّرِينَ كَانُوا إِخْوَانَ الشَّيَاطِينِ
آیت [سورۃ المزمل 73:۲۰]
وَأَقْرِضُوا اللَّهَ قَرْضًا حَسَنًا

اللہ تعالیٰ فرماتا ہے: «إِنَّ الْمُبَذِّرِينَ كَانُوا إِخْوَانَ الشَّيَاطِينِ» یعنی اسراف کرنے والے شیطان کے بھائی ہیں۔ شدید ضرورت پر اگر قرض لیا جائے اور ضرورت مند محتاج ہو تو اسلام مسلمانوں کو قرضِ حسنہ دینے کی تاکید فرماتا ہے۔ «وَأَقْرِضُوا اللَّهَ قَرْضًا حَسَنًا» یعنی صاحبِ حاجت کو قرض دینا درحقیقت خدا کو قرض دینا ہے! کوئی ذرا ہمیں بتا دے کہ سرمایہ کی پیداواری ترقی کے لیے کتنے مسلمان قرض لیتے ہیں؟ تمام لوگ بے جا رسوم، جھوٹی فیشن اور نام و نمود کی خاطر غیروں کے سامنے قرض کے لیے ہاتھ پھیلاتے ہیں! جب خدا نے محتاج پر زکوٰۃ فرض نہیں کی، حج فرض نہیں کیا، تو دوسری کون سی رسم محتاج پر واجب ہو سکتی ہے؟ یہ محض شیخی، جھوٹی نخوت، اور باطل نمائش ہے۔ اپنی جتنی چادر دیکھو اتنے پاؤں پھیلاؤ۔ خوشحال لوگوں کو دیکھ کر...

مسلمانوں کی بدحالی کا اصل سبب: رسومِ بد، اسراف اور قرض کا جال

...ان کی برابری کا ارادہ کرنا خود کو برباد کرنا ہے۔ پیدائش کے زمانہ سے موت تک کون کون سی بے جا رسوم میں روپیہ لٹایا جاتا ہے: چھٹی، چلہ، بسم اللہ خوانی، منگنی، رسمِ پاندان، شادی بیاہ، جمعگی، سیوم، دسواں، چہلم، ششماہی، سالانہ... یہ سب کرنے کی نادار کو کیا ضرورت ہے؟ سودی قرضہ لے کر نام نہاد دینی رسوم ادا کرنے کا کس امام، کس ولی نے حکم دیا ہے؟ اقتصاد (کفایت شعاری) پر عمل کرو، احتیاط سے لین دین کرو، کچھ کھاؤ اور کچھ بچاؤ، تو تم کیوں تباہ ہو اور کیوں تمھاری جان سود کے جنجال میں پھنسے؟ جو لوگ احتیاط اور تدبر سے کام لیتے ہیں ان کو قرض لینے کی ضرورت ہی نہیں پڑتی!

ڈبویا رسومِ تکلف نے ہم کو
کہ جن کا نتیجہ قرضداریاں ہیں
بکیں سود در سود میں جائدادیں
کہ عدالت سے جاری گرفتاریاں ہیں
یہ چلہ، یہ چھٹی، یہ بسم اللہ خوانی
سب اسراف ہے جبکہ ناداریاں ہیں
سیوم اور چہلم کی اور عرس کی بھی
فقط قرضِ سودی سے تیاریاں ہیں

سینما میں جاؤ، قمار پر روپیہ لگاؤ، گھوڑ دوڑ میں شرطیں باندھو، خوب شراب اڑاؤ، باپ دادا کی دولت لٹاؤ، اور پھر شکایت کرو کہ سود سے روکنے سے مسلمانوں کی دولت میں ترقی نہیں ہوتی! نہ تجارت، نہ صنعت، نہ حرفت، دولت کمانے کی کون سی جائز صورت تمھارے پاس ہے؟ افسوس صد افسوس! تم کو لٹانا آتا ہے مگر دانشمندی سے کھانا اور کمانا نہیں آتا۔ مذہب کی عزت باقی رکھو! تم پختگی کے ساتھ ثابت کرو کہ تم باعمل مسلمان ہو۔ کیا کبھی کسی دورِ شوکت میں مسلمانوں نے سود لے کر ترقی کی ہے؟ ہرگز نہیں!

آیت [سورۃ البقرۃ 2:۲۷۵]
وَأَحَلَّ اللَّهُ الْبَيْعَ وَحَرَّمَ الرِّبَا
تحلیلِ حرام کی شناعت اور قرآن کا حتمی اعلانِ جنگ

...الربوا! کس کی مقدور ہے کہ جس کو خدا حرام کرے وہ اس کو حلال کرے؟! قرآن تحلیلِ حرام کرنے والوں کو اعلانِ جنگ کرتا ہے اور حکم دیتا ہے کہ خدا اور اس کے رسول سے لڑنے کیلئے تیار ہو جائیں:

آیت [سورۃ البقرۃ 2:۲۷۹]
فَإِن لَّمْ تَفْعَلُوا فَأْذَنُوا بِحَرْبٍ مِّنَ اللَّهِ وَرَسُولِهِ

یہ خدائی الٹی میٹم بڑا سخت ہے! سمجھو، خبردار ہو جاؤ اور برے کاموں سے باز آؤ۔ صاحبو! سود خواری بڑی بری خصلت ہے۔ نام بدلنے سے حقیقت نہیں بدلتی۔ تمھارا ضمیر بآوازِ دہل کہتا ہے کہ تم سود لے رہے ہو اور دے رہے ہو، اور صرف بے جا تاویلات سے حقائق کو بدلنا چاہتے ہو۔ اس خطرناک تباہی اور اس دین کی بربادی سے خدا مسلمانوں کو بچائے!

حیف، الصد حیف! دولت چلی گئی اور اس کے ساتھ عزت بھی چلی گئی، اب نہ مال ہے نہ کمال۔ خدا تم کو توفیقِ نیک عطا کرے! تم کو کہتے کہتے ہم تو تھک گئے، اب ہمارے پاس بجز دعا کرنے کے کچھ باقی نہیں: خدا توفیق کو تمھارا رفیق کرے!
وَمَا عَلَيْنَا إِلَّا الْبَلَاغُ