🏠 Portal 🔍 Proofreading Workbench 📘 Bilingual Edition 📄 Markdown
دَورِ حَاضِر (آئینہ دورِ حاضر)
Daur-e-Ḥāḍir: The Mirror of the Present Age (Poetic Critique of Modernity & Moral Crisis)
حضرت بحر العلوم مولانا محمد عبد القدیر صدیقی قادریؔ حسرت رحمۃ اللہ علیہ
Hazrat Baḥr al-‘Ulūm Maulana Muhammad Abdul Qadeer Siddiqi Qadri 'Hasrat' (Rh.A)
Hasrat Academy, Siddiq Gulshan, Hyderabad Deccan · Authenticated Classical Poetic Edition with Scholarly English Apparatus
آیتِ قرآنی
إِنَّ اللَّهَ لَا يُغَيِّرُ مَا بِقَوْمٍ حَتَّى يُغَيِّرُوا مَا بِأَنْفُسِهِمْ
یہ آئینہ دورِ حاضر ہے حضرت
دَورِ حَاضِر

تالیف: حضرت علامہ مولانا محمد عبد القدیر صدیقی قادریؔ حسرت رحمۃ اللہ علیہ
سابق صدر شعبہ دینیات، جامعہ عثمانیہ، حیدر آباد دکن
ناشر: سلسلہ اشاعت حسرت اکیڈیمی، صدیق گلشن، حیدر آباد دکن

[صفحۂ بیاض — اصل نسخہ میں یہ سرورق کی پشت پر سفید صفحہ ہے]

جدھر دیکھتا ہوں تباہ کاریاں ہیں دغا بازیاں ہیں، ستم گاریاں ہیں
وفا چھپ گئی جائے عدم میں جدھر آنکھ اٹھاؤ جفا کاریاں ہیں
کہیں نام لطف و کرم کا نہیں ہے زیاں کاریاں ہیں، دل آزاریاں ہیں
نہ ماں باپ میں حبِ اولاد باقی نہ اولاد میں ان کی دلداریاں ہیں
جہاں سے نکالا ملا مخلصی کو غرض ہی غرض کی طلب گاریاں ہیں
مقامِ صداقت ہے برپشتِ عنقا کہ مکاریوں کی عملداریاں ہیں
ہوا و ہوس کی ہوا چل رہی ہے مظالم کی ہر سو شرر باریاں ہیں
دلِ سنگ دل میں ہے نارِ عداوت اگر سنگِ خارا میں چنگاریاں ہیں
گرفتار ہر اک ہے، درہم درہم ملے گر نہ درہم تو بیزاریاں ہیں
کہیں تہمتیں ہیں، کہیں غیبتیں ہیں کہیں جھوٹ ہے اور دل آزاریاں ہیں
اگر ایک بھی لفظ سُن لیں کسی سے تو اس پر قیامت کی گلکاریاں ہیں
بہت عقل سے ہو گئی ہے عداوت شب و روز یعنی کہ مئے خواریاں ہیں
ہے اشراف سے اشرفی کو عداوت کمینوں کی ہر طرح دلداریاں ہیں
Pتنگ اُڑتے ہیں جس طرف کو ہوا ہو ہوا جس طرف ہے طرفداریاں ہیں
زر و زور اور علم سے عزتیں ہیں اگر یہ نہیں ہیں تو پھر خواریاں ہیں
نہ صنعت نہ حرفت نہ محنت نہ جدت تو افلاس ہے اور ناداریاں ہیں
زر و سیم سے شادیاں ہو رہی ہیں قرابت شرافت سے بیزاریاں ہیں
سلیکشن ہے نوشاہ کا سینما میں ہوئی دور شادی کی دشواریاں ہیں
نہ شوفر سے پردہ نہ بیرے سے پردہ تو آیا کی بھی ناز برداریاں ہیں
اگر آپ کے باغ کا پھول سونگھیں برا کیا ہے، یہ تو رواداریاں ہیں
اُدھر تم ہو خوش اور اِدھر ہم بھی خوش ہیں یہ آزادی میں کیا مزیداریاں ہیں
ہر اک اپنی ماں کا ہے بیٹا یقیناً اب آگے خدا ہی کی ستاریاں ہیں
مسلمان عورت کا کافر سے رشتہ یہ کیا خواریاں ہیں، یہ کیا خواریاں ہیں
حیا سوز ہیں سینما کے تماشے تو قہرِ خدا کی شررباریاں ہیں
بھلا ہینڈلینوں میں کیونکر چھپیں گی جو چہروں سے ظاہر سیہ کاریاں ہیں
یہ تہذیبِ حاضر کفن دین کا ہے فریبِ نظر جس پہ گل کاریاں ہیں
کٹیں چوٹیاں سب کی فیشن کے ہاتھوں بس اب ناک کٹنے کی تیاریاں ہیں
ڈرامہ میں جب کام کرتے ہیں لڑکے تو کیا کیا زنانہ ادا کاریاں ہیں
شجاعت جو تھا خاصہ مسلموں کا اب اُس کے بھی جانے کی تیاریاں ہیں
یہ لیڈی فیشن ملک کو کیا بچائیں جو پہنے ہوئے ریشمی ساریاں ہیں
یہ عورت نما کس طرح سے لڑیں گے جہاں چار جانب سے بمباریاں ہیں
بڑھو سلطنت پر سے قربان ہونے حمیت کی گر دل میں چنگاریاں ہیں
جو ہو طالبِ موت، موت اُس سے بھاگے جو بھاگے، اُسی کی گرفتاریاں ہیں
جو آئیں سربکف اور در دست شمشیر انہی کی خوشامد، ہے دلداریاں ہیں
اگر پالٹیشن ہیں پتلون والے تو جبوں میں مخفی ریاکاریاں ہیں
زباں سے تو سب تھینک یو بولتے ہیں دلوں میں مگر سب کے مکاریاں ہیں
بظاہر تو جویا ہیں سب امن ہی کے حکومت سے درپردہ غداریاں ہیں
ہمیشہ ترانے ہیں آزادیوں کے مگر اپنے بھائی پہ خودداریاں ہیں
اگر ہو ذرا مخالفت کسی سے تو پھر اُس پہ گولیاں ہیں، تلواریاں ہیں
جو کہتے ہیں کچھ اور کرتے ہیں کچھ اور عجب یہ فریب اور مکاریاں ہیں
ہر اک شخص کی دو دو عمریں ہیں ہوتی سراپا غلط ہیں، جو سرکاریاں ہیں
قرض لیں تو اہل غرض میں ضمانت عجب دین داری میں دینداریاں ہیں
جو مسلم نہیں، ان کی ترجیح لازم یہ ایثار ہے اور رواداریاں ہیں
مسلمان آپس میں تھے بھائی بھائی مگر اب کہاں اگلی غمخواریاں ہیں
حسد ملکیوں کو ہے خود ملکیوں سے نہ ہمدردیاں ہیں، نہ دل داریاں ہیں
اگر سربرآوردہ ہو کوئی ملکی تو پھر ملکیوں پر ستم گاریاں ہیں
مسلمان خوابِ گراں میں پڑے ہیں جو مسلم نہیں اُن میں بیداریاں ہیں
شب و روز ہے مضحکہ اہل دیں کا مذاہب سے اب سخت بیزاریاں ہیں
نہ تعظیمِ دیں ہے کہ جب بنتی ہے شرائع تو گویا غلط کاریاں ہیں
خدا کو تمہاری غرض کیا پڑی ہے جو تم کو خدا ہی سے بیزاریاں ہیں
ترقی میں پوچھو تو ہے سست گامی تنزل میں کیا تیز رفتاریاں ہیں
روایاتِ قومی کی حافظ ہیں قومیں مسلمان کو سہل انگاریاں ہیں
ہے فوارہ تکفیر کا عالمِ دیں مسلمان کہنے میں دشواریاں ہیں
نیا روز مذہب ہے ایجاد ہوتا یہی کام ہے جب کہ بیکاریاں ہیں
ہے شیرازۂ دیں از ہم گسستہ یہ فرقے نہیں تفرقہ داریاں ہیں
مباحات میں سارے جھگڑے پڑے ہیں فرائض سے کس کو خبرداریاں ہیں
حمیت تعصب سے، اب سمجھی جاتی حمیت کا کھونا، رواداریاں ہیں
یہ بے دین، بے دین تم ہو تو مائیں عبث پھر منانے کی تیاریاں ہیں
وہ جھنڈے کے آگے جھکاتے ہیں سر کو جنہیں انبیاء سے بھی خودداریاں ہیں
معاذ الإلہ—معاذ الإلہ یہ کیا جہل ہے، کیا غلط کاریاں ہیں
ملا کچھ نہ ان کو مزا عبدیت کا عجب خود پرستی کی دینداریاں ہیں
کوئی شیخ سدھو کو، ترسو کو مانے شیاطین کی کیا پرستاریاں ہیں
کرامت دکھاتے ہیں سفلی عمل سے یہ بے دینیاں ہیں، کہ دین داریاں ہیں
«إِذَا صَارَ يَهْدِي غُرَابُ رِجَالًا» تو آخر تباہی ہے اور خواریاں ہیں
محبت ہے با زرد و رنگ المنقش فدا اس پہ تقویٰ ہے، دینداریاں ہیں
جداگانہ ہر پارٹی کی ہے فیلنگ اسی سے جہاں میں تباہ کاریاں ہیں
بنے رُکن بلدیہ دے دے کے ڈھیر مقنن بھی بننے کی تیاریاں ہیں
دھری کی دھری رہ گئی قابلیت بزرگی کا معیار زرداریاں ہیں
مسلّم سیادت ہے شمشیر زن کی ہر اک جا اسی پر حکم داریاں ہیں
ہے پابندیِ عہد ہمسر سے ہوتی ضعیفوں پہ جائز ستم گاریاں ہیں
ڈیوائیڈ اینڈ رول از گولڈن رول اسی پر جہاں میں عملداریاں ہیں
«اٹ از رائٹ» کہہ کر ان رائٹ کی ہے اسی پر دعاوی ہیں، حقداریاں ہیں
بغاوت ہے نامِ وطن لب پہ لانا مظالم کی ہر دم شررباریاں ہیں
سرچشمہ شاید گرفتن بہ میل آب شرارت کی ہر سمت تیاریاں ہیں
جو ہوں دوست، جزوِ بدن ان کو کر لو یہ ہے اتحاد اور وفاداریاں ہیں
ڈبویا رسوم و تکلف نے ہم کو کہ جن کا نتیجہ قرضداریاں ہیں
پلیس سود در سود میں جائیدادیں عدالت سے جاری گرفتاریاں ہیں
کیا خانہ برباد ان شادیوں نے یہ کیا لذتیں ہیں، یہ کیا خواریاں ہیں
سوئم اور چہلم کی اور عرس کی بھی عبث قرض سودی سے تیاریاں ہیں
یہ چلہ، یہ چھٹی، یہ بسم اللہ خوانی سب اسراف ہیں جب کہ ناداریاں ہیں
نہ دولت ہماری نہ دولت تمہاری اسی طرح اقوام کی باریاں ہیں
یہ آئینۂ دورِ حاضر ہے حسرتؔ کہ جس میں سراپا زیاں کاریاں ہیں