🏠 Portal 🔍 Proofreading Workbench 📘 Bilingual Edition 📄 Markdown
اِرْشَادَاتِ صِدِّیْقِی (حصہ اوّل)
Irshādāt-e-Ṣiddīqī (Part 1): Counsels of Siddiqi on Social Reform, Ethical Directives & Shariah Rectification
حضرت بحر العلوم مولانا محمد عبد القدیر صدیقی قادریؔ حسرت رحمۃ اللہ علیہ
Hazrat Baḥr al-‘Ulūm Maulana Muhammad Abdul Qadeer Siddiqi Qadri 'Hasrat' (Rh.A)
Hasrat Academy, Siddiq Gulshan, Hyderabad Deccan · Authenticated Scholarly Edition with Academic English Apparatus
آیت [آیت 3:103]
وَاعْتَصَمُوا بِحَبْلِ اللَّهِ جَمِيعًا وَلَا تَفَرَّقُوا
اِرْشَادَاتِ صِدِّیْقِی
(حصہ اوّل)

افادات: بحر العلوم مولوی محمد عبد القدیر صدیقی حسرتؔ حیدرآبادی
سابق صدر شعبہ دینیات جامعہ عثمانیہ
باہتمام: محمد مظہر الدین قدیری القادری
مطبوعہ: محمودی اسٹیم پریس، چار مینار، حیدرآباد دکن، یکم اپریل ۱۹۵۳ء

بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيمِ
غیبت
آیت [آیت 4:148]
لَّا يُحِبُّ اللَّهُ الْجَهْرَ بِالسُّوءِ مِنَ الْقَوْلِ إِلَّا مَن ظُلِمَ

صاحبو! اللہ تعالیٰ فرماتاہے: لَا يُحِبُّ اللَّهُ الْجَهْرَ بِالسُّوءِ مِنَ الْقَوْلِ إِلَّا مَن ظُلِمَ — یعنی خدا بری بات کے بیان کرنے کو پسند نہیں کرتا مگر یہ کہ وہ مظلوم ہو۔ آج کل ایک عادت ہی ہوگئی ہے کہ جہاں دو چار آدمی جمع ہوجائیں کسی نہ کسی شخص کی برائی بیان کرنے لگتے ہیں، اس کی غیبت شروع کردیتے ہیں؟ حالانکہ غیبت کرنا حرام ہے، غیبت کرنے سے دوست دشمن ہو جاتے ہیں۔

یہ عادتِ بد اکثر اشخاص میں پائی جاتی ہے۔ بالخصوص پڑھے لکھوں میں ملاؤں میں زیادہ ہے۔ وہ سمجھتے ہیں کہ ہم دین کی خدمت کر رہے ہیں، اس کی تائید دیتے ہیں۔ اول تنہائی میں ان کو نصیحت کرو، اپنی نیت نیک رکھو، نرمی سے بولو۔ دیکھو! فرعون سے بھی مخاطبت کرنے کے لئے «فَقُولَا لَهُ قَوْلًا لَّيِّنًا» کا حکم دیا جا رہا ہے۔ اگر اتنی پابندی کرو، ان باتوں کا لحاظ رکھو، ورنہ تمھارے کہے میں اثر نہ ہوگا؛ اپنی تعلی دوسروں کی تحقیر و تضحیک اثر کے لئے زہر ہے۔ اب رہا یہ کہ کسی کے متعلق ناگوار بات منہ سے نکال سکتے ہیں؟ اور کس کو ایسی اجازت دی جا سکتی ہے؟

استثنائی صورتیں: جہاں شرعاً برائی بیان کرنا جائز ہے

۱۔ مظلوم شخص جس پر ظلم کیا گیا وہ یہ بیان کر سکتا ہے کہ اس پر کیا ظلم ہوا۔ مگر جتنا ظلم ہوا جس بات کا لحاظ ہو اتنا ہی بیان کرنے کا حق ہے۔ اس پر حاشیے چڑھانا، اس میں نمک مرچ لگانا، کسی کے دیگر شخصی حالات بیان کرنا، ان کی تنقید کرنا بے کار ہے، بے ضرورت ہے، ناجائز ہے۔

۲۔ گواہی: اس کو حاکم کے سامنے صحیح حالات بیان کر دینا چاہیئے چاہے کسی کے موافق ہو یا مخالف، کسی کو فائدہ ہو یا نقصان؛ گواہ کا کام سچ کہنے کا ہے۔ ۳۔ شادی بیاہ کے معاملے میں صحیح واقعات کہہ دینے چاہئیں، ورنہ دوسروں کا نقصان ہوگا، خصوصاً عورت کا۔ ۴۔ جو شخص علانیہ برا کام کرتا ہو اس کو بیان کر سکتے ہیں، جب اس نے شریعت کا لحاظ نہیں کیا اور علی الاعلان مرتکبِ کبائر ہوا ہے تو ایسے شخص کی برائی بیان کرنی چاہیئے۔ ایسے شخص کو «فاسقِ معلن» کہتے ہیں۔

یہ برائی اتنی عام ہوگئی ہے کہ اس کو کوئی عیب ہی نہیں سمجھتا۔ عوام تو عوام، مشائخوں کو علماء کو رقعے دیئے جاتے ہیں: «شریکِ محفلِ نشاط شدہ ممنون فرمایند، شرکتِ تناولِ طعام سے مشکور فرمائیں گے» اور علماء، مشائخ، پیشوایانِ ملت سب پہلے سے سنتے ہیں، اچھی طرح سے جانتے ہیں کہ داعی فاسقِ معلن ہے، مگر یہ لوگ ہیں کہ پلاؤ کھانے کو ضرور جاتے ہیں کیونکہ دعوت قبول کرنے کی سنت ان کے پیشِ نظر ہے! مگر رات رات بھر عبادت کرنے اور پیٹ کو پتھر باندھنے کی سنت ان کو یاد نہیں رہتی۔ افسوس! اس پلاؤ خوری نے کیا تباہی ڈالی ہے، نہ دین کی عزت، نہ مذہب کی حمیت! ایسے فاسقِ معلن کے

...اور گھر دعوت میں جانا دین کو ذلیل کرتا ہے؛ سلامتِ ایمان کے ساتھ جوار کی روٹی اور چٹنی، نان اور قورمہ سے بہتر ہے۔ اصلی خرابی یہ ہے کہ امر بالمعروف یعنی اچھی بات کا حکم دینا اور نہی عن المنکر یعنی بری بات سے روکنا مفقود ہو گیا ہے۔ انھیں امور سے جہالت بڑھتی جا رہی ہے اور دین ضعیف ہو رہا ہے۔

صاحبو! غیبت کے بھی درجات ہیں۔ بعض لوگ غیبت کرتے ہیں، اور روکیں تو فرماتے ہیں: میں تو ان کے منہ پر کہتا ہوں! بری بات رو در رو منہ پر کہنے کو دل آزاری اور دل شکنی کہتے ہیں۔ بعض لوگ کہتے ہیں: میں تو سچ سچ کہہ رہا ہوں۔ ہاں جناب بالکل سچ! آپ جو فرماتے ہیں اگر جھوٹ ہوتا تو افترا ہوتا، بہتان ہوتا۔ سچ ہے جبھی تو غیبت ہے اور اسی لئے جائز نہیں۔

بعض حضرات خود تو غیبت نہیں کرتے مگر چھیڑ کر دوسروں سے غیبت کراتے ہیں۔ اور جب غیبت ہونے لگتی ہے تو کرید کرید کر سوالات کرتے جاتے ہیں اور خوب لطف اٹھاتے ہیں۔ بعض لوگ خود نہیں چھیڑتے مگر کوئی دوسرا غیبت کرے تو اس کے بڑے مزے لیتے ہیں اور غیبت کرنے والے کو روکنے کی مطلق کوشش نہیں کرتے۔ یاد رکھو کہ انہیں باتوں سے مسلمانوں کا وفاق نفاق سے مبدل ہو رہا ہے، دوستی دشمنی سے بدلتی جا رہی ہے۔ آج کل محفلوں اور مجلسوں کی ابتداء عموماً غیبت ہی سے ہوتی ہے۔ عورتیں مردوں سے زیادہ اس بلا میں گرفتار ہیں۔ جہاں چار بیبیاں سر جوڑ کر بیٹھیں شکوے شکایتوں کی داستان شروع ہوگئی۔ کٹر کٹر

حدیث نبوی ﷺ
«كُفْرَانُ الْعَشِيرِ» — حَدِيثِ نَبَوِيٌّ شَرِيفٌ

چھالیہ کتری جارہی ہے اور خاوندوں کی شکایت بھی ہو رہی ہے۔ ایک نے شکایت کی دوسری نے روایت کی۔ حدیث میں آیا ہے کہ خاوندوں کی ناشکر گذاری کی وجہ سے اکثر عورتیں دوزخ میں ہونگی۔ عمر بھر ان کے ساتھ بھلائی کرو، ساری عمر ان کے پیچھے برباد کرو، مگر جب ایک بات بھی خلافِ مرضی ہوئی، صاف کہہ دینگی کہ: «میری تو ساری عمر تمھارے ساتھ تکلیف ہی میں گذری! اس گھر میں آکر میں نے بھلائی کی صورت دیکھی ہی نہیں! کونسا سکھ پایا؟ کونسی خوشی دیکھی؟ اللہ میرے ماں باپ کو سلامت رکھے، مجھے بڑے ناز و نعم سے پالا، بڑے آرام و راحت میں رکھا!» اب اگر ان سے تعارض کیا جائے، کچھ کہا جائے تو سمجھو کہ ہنگامہ برپا ہو گیا۔ گھر سر پر اٹھا لیا اور سواری منگوائی، چل دیں میکے! غرض کہ شکر گزاری بہت کم صورتوں میں پائی جاتی ہے۔

شراب خوری کی قطعی ممانعت اور شیطانی ناپاکی
آیت [آیت 5:90]
يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا إِنَّمَا الْخَمْرُ وَالْمَيْسِرُ وَالْأَنصَابُ وَالْأَزْلَامُ رِجْسٌ مِّنْ عَمَلِ الشَّيْطَانِ فَاجْتَنِبُوهُ لَعَلَّكُمْ تُفْلِحُونَ

صاحبو! اللہ تعالیٰ فرماتا ہے: يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا إِنَّمَا الْخَمْرُ وَالْمَيْسِرُ وَالْأَنصَابُ وَالْأَزْلَامُ رِجْسٌ مِّنْ عَمَلِ الشَّيْطَانِ فَاجْتَنِبُوهُ لَعَلَّكُمْ تُفْلِحُونَ — یعنی اے ایمان والو! شراب اور جوا اور بت اور پانسے، یہ سب شیطان کے ناپاک کام ہیں۔ لہٰذا اس سے بچتے رہو تاکہ تم کو کامیابی ملے اور تمھارا بھلا ہو۔

یہ ظاہر ہے کہ انسان کا امتیاز حیوان سے عقل ہی کی وجہ سے ہے۔ گویا انسان کی فضیلت اور اس کا سرمایۂ امتیاز عقل ہے۔ عربی میں شراب کو خمر کہتے ہیں، جس کے معنی ہیں عقل کو ڈھانک دینے والی چیز، یعنی سرمایۂ عقل کو برباد کرنے والی شئے۔ دیکھو! شراب سے تمھارا سرمایۂ امتیاز باقی نہیں رہتا۔ تم جانوروں کی اقسام میں سے ایک قسم بن جاتے ہو؛ نہ شرم و حیا، نہ تہذیب، نہ اخلاق، سب برباد! نہ خدا کا خیال، نہ رسول کی پروا۔ غرض شراب کی برائی اور اس کے نقصانات ناقابلِ بیان ہیں، ان سے کیسے انکار ہو سکتا ہے؟

حدیث نبوی ﷺ
ایک مرتبہ کسی ظالم حاکم نے ایک شخص کو مجبور کیا کہ ایک شخص کو مار ڈالے یا ایک عورت سے زنا کرے یا شراب پیئے۔ اس بیوقوف شخص نے شراب کو ہلکا گناہ سمجھا اور اس کو پی گیا۔ جب شراب نے اپنا اثر کیا تو وہ دونوں نہ کرنے کے کام بھی کر بیٹھا۔ اسی لئے شراب کو «أُمُّ الْخَبَائِثِ» کہا گیا ہے۔ شراب صرف اسلام میں حرام ہے۔ تیرہ سو برس کے بعد اب بعض...
مغربی انسدادِ منشیات کی ناکامی بمقابلہ اسلامی اصلاح

...غیر مسلموں کی سمجھ میں آیا کہ شراب بری چیز ہے، اس کے روکنے کے لئے جا بجا انجمن ہائے ترکِ مسکرات قائم ہو رہی ہیں۔ مگر چونکہ ان کی روش غیر اسلامی ہے، ان میں ایمان نہیں ہے اس لئے کامیابی سے کوسوں دور ہیں اور کوئی معتد بہٖ فائدہ مرتب نہیں ہو رہا ہے۔ امریکہ میں بھی ترکِ مسکرات کے لئے بڑی بڑی کوششیں کی گئیں، مگر چونکہ ایمان پر مبنی نہ تھیں لہٰذا سب بے سود ہو گئیں اور حالت بد سے بدتر ہونے لگی؛ آخر تھک کر اس تحریک ہی سے ہاتھ اٹھا لیا گیا۔ سبحان اللہ! عرب کے ایک امّی مصلح نے تحریک کی اور سولہ آنے کامیاب! کچھ سمجھتے ہو؟ «لَعَلَّكُمْ تُفْلِحُونَ» سے اس بات کی طرف تو اشارہ ہے۔

آج کل یوروپین طرزِ زندگی کی وجہ سے شراب خواری داخلِ تہذیب ہو گئی ہے۔ غیر مسلم پئیں تو ان سے ہم کو کیا تعلق؟ مگر مسلمان بھی شراب خواری میں غیر مسلموں سے کب کم ہیں! الامان و الحفیظ! خوب پی رہے ہیں اور اتنی پیتے ہیں کہ جگر تباہ ہو جاتا ہے، دماغ خراب ہو جاتا ہے، تمام اعضا ضعیف اور ماؤف ہو جاتے ہیں، آخر میں دل کی حرکت بند ہو جاتی ہے یعنی ہارٹ فیل ہو جاتا ہے۔ زبان سے نہ خدا کا نام نکلتا ہے نہ رسول کا، اور ملک الموت اپنے شکار کو پکڑ لیتے ہیں۔

شراب نوشی اتنی عام ہوگئی ہے کہ خدا کی پناہ! مرد تو مرد ہیں اب عورتیں بھی پیا کر رہی ہیں۔ ایک بوڑھی بدوی عورت کو شراب پلائی گئی۔ شراب نے جب اپنا اثر کیا اور نشہ پیدا ہوا تو اس نے پوچھا کہ کیا تم جوان عورتوں کو بھی یہ چیز پلاتے ہو؟ جواب اثبات میں دیا گیا۔ اس بڑھیا نے کہا: میں قسم کھا کر کہتی ہوں کہ تمھارے میں کا کوئی اپنے باپ کا صحیح نام نہیں بتا سکتا! آپ کو سن کر تعجب ہو گا کہ...

...ایک دفعہ ایک نمائش گاہ میں عورتوں اور مردوں کی شراب خواری کا اندازہ کیا گیا تو جیت عورتوں ہی کے ہاتھ رہی۔

او شرابِ خانہ خراب! او میخوار بادہ پر خدا کی سنوار! یہ ظالم شراب تھوڑی دیر کی فرحت ہے اور ہمیشہ کی لعنت ہے! ذرا سے وقت کی عشرت و شادی ہے اور عمر بھر کی بربادی ہے! تھوڑی بہار ہے، پھر دنیا تیرہ و تار ہے۔ منجمد آنسو ہیں، یہ جام نہیں، خونِ دل ہے! یہ مے و مدام نہیں، یہ ایک دیو ہے، اس سے جو لڑتا ہے گرتا ہے! یہ کلیجہ بھونتا ہے، اس کے کباب کھاتا ہے! جو اس سے مقابلہ کرتا ہے ہارتا ہے؛ اس سے لڑنے والے کے نہ تن میں طاقت رہتی ہے نہ دل میں ہمت! کتنے پہلوانوں کو اس نے پچھاڑا ہے! کتنے نوجوانوں کو دھتکارا ہے! میخوار نہ دین کے رہے نہ دنیا کے!

اے میخوار! دیکھ، اس سیاہ شیشہ میں لال پری کیا ہے۔ فتنہ سے بھری ہے! پہلے کھلاتی ہنساتی ہے، پھر آنسوؤں سے منہ دھلاتی ہے۔ اس بے باک کے شیشے کا کاک نہ نکال، آفت آ جائے گی، قیامت ہو جائے گی! وہ ڈھلکی اور گلے پر چھری پھری! اس کے رنگ و بو میں دلربائی ہے، مگر اس کے دل میں بے وفائی ہے۔ آتشیں رنگ ہے، جو دیکھتا ہے دنگ ہے۔ بڑی پر بہار ہے مگر خونخوار ہے! اس کی سحر کاری دیکھ! جس نے اس کو ہاتھ لگایا نہیں، خطِ غلامی لکھ دیا۔ جو اس کے پنجہ میں گرفتار ہوا، احمق اسے کیوں پیٹ میں اتارتا ہے؟ کلیجہ کھا جائے گی، خاک میں سلائے گی! جسم زار ہے، تن بیمار ہے، دل بیقرار ہے، جگر فگار ہے، چشم اشکبار ہے، آہ دلدوز ہے، نالہ جگر سوز ہے، صحت کوسوں دور ہے، جوانی کافور ہے، اب نہ زور ہے نہ زر ہے، دنیا سے بے خبر ہے، دین و دنیا میں خوار ہے، آخرش فی النار!

باب ۳: قمار بازی، سٹہ اور جوئے کی لعنت

جوئے بازی: شراب خواری کا بھائی جوئے بازی ہے۔ آج کل شراب خواری کے ساتھ قمار بازی یعنی جوئے بازی بھی عام ہو گئی ہے۔ انسان محنت کر کے کمانے کے لئے پیدا ہوا ہے نہ کہ «مالِ مفت دلِ بے رحم» کے لئے۔ اس زمانہ میں تو جوئے بازی کا بول بالا ہے۔ قانون میں جوئے بازی جرم ہے مگر جب حکامِ ریاست خود جوئے میں مبتلا ہوں تو اس جرم پر سزا دے کون؟ گھوڑوں پر قمار بازی تو زمانہ سے تھی ہی، اب گھر گھر برج کھیلا جا رہا ہے جس میں لازماً شرط باندھی جاتی ہے۔ بڑے سے چھوٹے تک، امیر سے غریب تک سب برج کھیلتے ہیں۔ خالی پتے کھیلنا انہیں پسند نہیں، جب تک کھیل میں روپیہ نہ لگایا جائے وہ کھیل ہی کیا ہوا!

جا بجا کلب قائم ہیں اور اس کے تمام کاموں میں سب سے زیادہ دلچسپی برج کھیلنے میں لی جاتی ہے جو جوا ہے۔ جسے برج کھیلنا نہیں آتا وہ سوسائٹی کے قابل سمجھا نہیں جاتا، اسے غیر مہذب خیال کیا جاتا ہے۔ گذشتہ زمانہ میں عرب جو جوا کھیلتے تھے تو جانوروں کے گوشت پر، ان کا مقصد یہ رہتا تھا کہ جس طرح ممکن ہو غریبوں کو گوشت پہنچ جائے، کیونکہ گوشت تیروں کے ذریعہ تقسیم کیا جاتا تھا۔ اس وقت کی برائی میں بھی بھلائی کا ایک پہلو تھا۔ اب تو «خَسِرَ الدُّنْيَا وَالْآخِرَةَ» ہے: دنیا برباد، آخرت میں منہ کالا! بعض لوگ سمجھتے ہیں کہ شراب سے شجاعت پیدا ہوتی ہے اور جوئے سے دولت، لیکن غور طلب امر یہ ہے کہ ہر چیز نفع و نقصان دونوں رکھتی ہے۔

آیت [آیت 2:219]
يَسْأَلُونَكَ عَنِ الْخَمْرِ وَالْمَيْسِرِ ۖ قُلْ فِيهِمَا إِثْمٌ كَبِيرٌ وَمَنَافِعُ لِلنَّاسِ وَإِثْمُهُمَا أَكْبَرُ مِن نَّفْعِهِمَا

یعنی اے پیغمبر! تم کہہ دو کہ ان میں (شراب و جوئے میں) بڑا گناہ ہے اور لوگوں کے لئے کچھ نفع بھی ہے، مگر ان کا گناہ ان کے نفع سے بہت بڑا ہے۔ دیکھو! عقل مند خیرِ کثیر کا طالب ہوتا ہے اور شرِّ کثیر سے مجتنب۔

صاحبو! اللہ تعالیٰ شراب خواری اور جوئے بازی کی کس کس طریقے سے ممانعت فرماتا ہے۔ ارشاد ہوتا ہے کہ یہ شیطانی کام ہیں، ان سے پرہیز کرنا چاہیے، تمھاری کامیابی ان سے بچنے میں ہے۔ شراب خواری اور جوئے بازی سے خود تم میں، تمھارے دوستوں میں، تمھارے یار آشناؤں میں عداوت اور کینہ پیدا ہوتا ہے۔ نہ تم خدا کی یاد کر سکتے ہو نہ نماز ہی پڑھ سکتے ہو۔ اتنا جان بوجھ کر بھی کیا تم پرہیز نہ کرو گے؟ دیکھو! یہ شراب خواری اور یہ جوئے بازی تم کو کہیں کا نہ رکھے گی۔ نہ دین کے رہو گے نہ دنیا کے، «خَسِرَ الدُّنْيَا وَالْآخِرَةَ» کے مصداق ہو جاؤ گے۔ سمجھو، سنبھلو! بیوی بچے ترس رہے ہیں، کھانے پینے کو محتاج ہیں، اور تم ہو کہ شراب خواری اور جوئے بازی میں روپیہ اڑاتے ہو!

اُٹھو اُٹھو یہ خوابِ غفلت کب تک جاگو جاگو اجل کمیں گاہ میں ہے!
باب ۴: رشوت خوری کی حرمت اور عدالتی ناانصافی
آیت [آیت 2:188]
وَلَا تَأْكُلُوا أَمْوَالَكُم بَيْنَكُم بِالْبَاطِلِ وَتُدْلُوا بِهَا إِلَى الْحُكَّامِ لِتَأْكُلُوا فَرِيقًا مِّنْ أَمْوَالِ النَّاسِ بِالْإِثْمِ وَأَنتُمْ تَعْلَمُونَ

صاحبو! اللہ تعالیٰ فرماتا ہے: وَلَا تَأْكُلُوا أَمْوَالَكُم بَيْنَكُم بِالْبَاطِلِ وَتُدْلُوا بِهَا إِلَى الْحُكَّامِ لِتَأْكُلُوا فَرِيقًا مِّنْ أَمْوَالِ النَّاسِ بِالْإِثْمِ وَأَنتُمْ تَعْلَمُونَ — یعنی تم آپس میں اپنے مالوں کو ناجائز طور سے نہ کھایا کرو، اور نہ اس کو حکام تک پہنچاؤ تاکہ لوگوں کے مال کا کوئی حصہ ناجائز طور پر کھاؤ حالانکہ تم اس کو جانتے ہو اور تم اہل علم سے ہو۔

اچھا! یہ باطل طریقہ کیا ہے؟ جس چیز کو خدا نے منع کیا ہے اس کا اختیار کرنا: رشوت لینا، جھوٹے مقدمہ کو سچا بنانا، بے اصل واقعہ کو زورِ فصاحت سے ثابت کرنا، جھوٹی گواہی دینا، سود کھانا، جوا کھیلنا، برج کھیلنے پر پیسہ لگانا، گھوڑ دوڑ پر شرط لگانا، آبکاری کی رقم جمع کرنا۔ یہ بھی مخفی نہ رہے کہ اچھے خاصے حاکم کو بہکانا، ناجائز آمدنی کے لئے برانگیختہ کرنا بھی ناجائز ہے۔ رشوت لے کر سرکاری مال کا نقصان کرنا تمام قوم کا گنہگار ہونا ہے۔

رشوت صرف روپیہ لینے ہی کا نام نہیں بلکہ سرکاری قانون میں «مابہ الاحتفاظ» کا حاصل کرنا لکھا ہے، یعنی ایسی چیز لینا جس سے لینے والے کو کچھ مزا کچھ حظ ہو۔ ذرا قانون کے الفاظ کی وسعت دیکھو! اور ایسے اعمال کی شرمناک حالت کو ملاحظہ کرو کہ کس قدر اور کیا کیا مابہ الاحتفاظ حاصل کیا جاتا ہے۔ ان ناجائز طور سے حاصل کئے ہوئے مال والوں کے پاس دعوتیں کھانا، ڈنر اڑانا، اور دعائے برکت و ترقی دینا ناجائز کمانے سے کچھ کم برا نہیں ہے۔ غور کرو کہ یہ حرام کا روپیہ پیسہ اور کسے پیدا کر سکے گا؟ اور اس سے اطمینانِ قلبی کیوں کر حاصل ہوگا؟ حرام کا ایک لقمہ چالیس دن کی عبادت کو برباد کر دیتا ہے۔

آیت [آیت 4:29]
يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا لَا تَأْكُلُوا أَمْوَالَكُم بَيْنَكُم بِالْبَاطِلِ إِلَّا أَن تَكُونَ تِجَارَةً عَن تَرَاضٍ مِّنكُمْ ۚ وَلَا تَقْتُلُوا أَنفُسَكُمْ ۚ إِنَّ اللَّهَ كَانَ بِكُمْ رَحِيمًا

اللّٰهُمَّ احْفَظْنَا مِنْ كُلِّ بَلَاءٍ! خدا ہم سب کو عملِ صالح کی توفیق عطا فرمائے۔ صاحبو! ایک اور جگہ اللہ تعالیٰ ارشاد فرماتا ہے: يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا لَا تَأْكُلُوا أَمْوَالَكُم بَيْنَكُم بِالْبَاطِلِ إِلَّا أَن تَكُونَ تِجَارَةً عَن تَرَاضٍ مِّنكُمْ وَلَا تَقْتُلُوا أَنفُسَكُمْ إِنَّ اللَّهَ كَانَ بِكُمْ رَحِيمًا — یعنی مسلمانو! ایماندارو! تم آپس کے مال کو ناجائز طور سے نہ کھاؤ، مگر تراضیٔ طرفین سے تجارت کی جا رہی ہو تو کوئی مضائقہ نہیں، اور تم آپس میں خونریزی نہ کرو، بے شک اللہ تم پر بڑا مہربان ہے۔

اس سے پہلے باطل کی وضاحت کی جا چکی ہے، اس میں رشوت خواری بھی داخل ہے۔ آؤ! اب ذرا غور کریں کہ رشوت خواری کو کن کن ناموں سے موسوم کیا جاتا ہے اور وہ کس کس طرح کی جاتی ہے۔ یہ ظاہر ہے کہ آج کل رشوت خواری کا بازار خوب گرم ہے، ہر شخص اس حرام خواری میں گرفتار ہے۔ چپراسی سے لے کر اعلیٰ عہدہ دار تک اس سے خالی نہیں، «إِلَّا مَا شَاءَ اللَّهُ وَقَلِيلٌ مَّا هُمْ» اور وہ بہت ہی کم ہیں۔

رشوت خواری کہیں «شیرینی» کے نام سے موسوم ہوتی ہے اور کہیں «بالائی» کے نام سے، کہیں «بخشش» کے نام سے اور کہیں «آمدنی» کے نام سے۔ رشوت کئی طریقوں سے وصول کی جاتی ہے: کہیں «حق» اور «رسم» اور کہیں «معمول» کے نام سے۔ غرض عہدہ داروں سے لے کر ادنیٰ کارندوں تک اس میں سے حصہ پاتے ہیں۔ بعض حضرات ان لوگوں سے رشوت لیتے ہیں جو حق پر ہیں؛ بیشک ناحق فیصلہ نہیں کرتے مگر منہ بھرائی کے بعد! بعض لوگ اسی فیصلہ کو حق سمجھتے ہیں جس میں ان کی مٹھی گرم کی جائے۔ بعض لوگ طرفین سے مابہ الاحتفاظ حاصل کرتے ہیں اور فیصلہ ایسا کرتے ہیں جس سے طرفین کی تائید ہوتی ہے۔

بعض لوگ مقدمہ میں اتنی طوالت دیتے ہیں کہ بار بار کے آنے جانے کے خرچ سے سبکدوشی حاصل کرنے کے لئے کچھ نہ کچھ دینا ہی پڑتا ہے۔ جو حضرات روپیہ نہیں لیتے ان کے پاس سفارش چلتی ہے۔ بعض لوگ جب تک مقدمہ چلتا ہے کچھ نہیں لیتے، جب مقدمہ ختم ہو جاتا ہے، فیصلہ ہو چکتا ہے تو جو کچھ ان کو دیا جاتا ہے اس کو شیرِ مادر سمجھتے ہیں! بعض لوگ تحفے تحائف کو رشوت میں داخل نہیں سمجھتے، چنانچہ یہ لوگ خود تو رشوت نہیں لیتے مگر اپنے قرابتداروں کو، گھر کے بیوی بچوں کو تحفے تحائف لینے کا موقع دیتے ہیں۔

یہ ایک مثل ہوگئی ہے کہ بیسوا، وکیل اور رشوت خوار کا کوئی مذہب نہیں ہوتا؛ اس کا دین و ایمان نقد بن جاتا ہے، اس کے دل میں ثوابِ دارین کا خیال تک نہیں آتا۔ مال کا ناجائز طور سے لینا اتنا ہی برا ہے جتنا کسی کو قتل کرنا۔ ایک اور مثل بھی مشہور ہے: «جو جیتا سو ہارا، جو ہارا وہ مرا!»

اگر ایمانداری پیدا ہو اور سلطنت کا دل میں درد ہو، ناجائز کاموں سے پرہیز ہو تو مسلمان کیوں تباہ ہوں؟ غیر مسلموں سے روپیہ لینا، مسلمانوں کو گرفتار کرا دینا، ان کی سزاؤں میں زیادتی کروا دینا ان کا ایک ادنیٰ کھیل ہے۔ غیر مسلموں کی تائید میں مسلمانوں پر فائر کروا دینا بڑی ہی انتظامی قابلیت اور وفاداری کی علامت ہے! لَا حَوْلَ وَلَا قُوَّةَ إِلَّا بِاللَّهِ! خدا ان اسلامی نام رکھنے والے مسلمانوں کے شر سے بچائے! وہ صاف صاف کہتے ہیں کہ: «ہم مسلم ہیں نہ غیر مسلم، ہم کو شریعت سے کیا کام؟ اسلام سے کیا غرض؟ ہم تابعِ قانونِ حال ہیں، قوانینِ اسلام گذشتہ زمانے کے لئے تھے، حال میں...»

باب ۵: فضول خرچی، جاہلانہ رسومات اور معاشی خودکشی

...ماضی کی کیا مجال؟ غرض جتنے منہ اتنی باتیں! صاحبو! دنیا میں اسراف کرنے والے کون ہیں؟ مسلمان! شادیوں اور رسموں میں روپیہ اڑانے والے کون ہیں؟ مسلمان! سود پر قرض لے کر فضول رسوم ادا کرنے والے کون ہیں؟ مسلمان! غیر مسلموں کے سینماؤں میں کون جاتے ہیں اور کون ان کو اپنا خون پلاتے ہیں؟ رات دن برج اور جوا کون کھیلتے ہیں؟ شراب خواری میں کون روپیہ برباد کرتے ہیں؟ مسلمان! اچھا، کون کمانا نہیں جانتے اور اڑانا خوب جانتے ہیں؟ مسلمان! کس کی جائیدادیں بک رہی ہیں؟ مسلمانوں کی! یہ سب کیوں ہو رہا ہے؟ اسراف کی وجہ سے، بے جا رسوم سے، جھوٹی واہ واہ سے، نام و نمود سے! اسراف عام طور پر سب سے زیادہ شادیوں میں ہوا کرتا ہے۔

نکاح کی سادگی بمقابلہ شادیوں کی خانہ بربادی

شادی: آج کل شادیاں کیا ہیں؟ خانہ بربادیاں ہیں! «جتنی کمبل دیکھو اتنے پیر پھیلاؤ!» «كَادَ الْفَقْرُ أَنْ يَكُونَ كُفْرًا» — اسراف سے فقیری آتی ہے اور کفر تک پہنچاتی ہے۔ شادی کیوں کی جاتی ہے؟ اس میں لوگوں کے مختلف خیالات ہیں، جدا جدا اغراض و حالات ہیں۔ بعض کا خیال ہے کہ ساری شادی مال و دولت سے ہے، اسی سے عزت ہے، حرمت ہے۔ مال پاس نہ ہو تو دنیا جنجال ہے، جینا محال ہے۔ روپیہ قاضی الحاجات ہے، کافی المہمات ہے! مال نہ ہو تو زندگی درماندگی ہے، حیات پر آفات ہے۔

زر و مال سے شادیاں ہو رہی ہیں شرافت قرابت سے بیزاریاں ہیں!

گذشتہ زمانہ میں مرد کماتا تھا، بیوی بچوں کو کھلاتا تھا، اس کو اپنے زورِ بازو پر بھروسہ تھا۔ اب پہلا سوال یہ ہوتا ہے: کیا دو گے؟ بنگلہ دو گے؟ موٹر دو گے؟ طلائی پازیب دو گے؟ طلائی زنجیر دو گے؟ نقد کیا دو گے؟ اعلیٰ تعلیم کے اخراجات برداشت کرنے آمادہ ہیں؟ کیا انگلستان اور امریکہ بھیجنے کے لئے تیار ہیں؟ آج کل میاں کا مہر معجل ہے، بیوی کا مہر موجل! اب دولہا میاں پر لینے والوں کی طرف سے بولی لگتی ہے، جو زیادہ روپیہ دیتے ہیں وہی کامیاب ہوتے ہیں!

بعض کا مذاق ہے کہ دلہن صاحبِ حسن و جمال ہو، حسن بھی بے کمال ہو۔ حسن عطیۂ خدا ہے، دادِ مولیٰ ہے۔ وہ حیوان سے بدتر ہے جو سیم و زر کو انسان سے بہتر سمجھتا ہے۔ بعض سمجھتے ہیں: عورت فیشن ایبل ہو، سوشیل ہو، پریم کی دیوی ہو، اداکار ہو، پردہ سے بیزار ہو، بال ناچنے میں ہوشیار ہو، فتنہ اس کے اشاروں میں، لاکھوں اس کے گرفتاروں میں، جو دیکھے دنگ، نشانۂ خدنگ!

رفتار برق آثار، گفتار سرکار، جوانی اس کی دیوانی، دل ہاتھ سے گیا کسی کافر نے لے لیا! اب نہ دین سے کام ہے نہ ایمان سے، عذاب میں جان ہے۔ عورت بت پرست تو مرد کب بت پرست نہیں؟ قاضی نکاح نہیں باندھتا نہ سہی، سول میرج تو ہو سکتا ہے! مسلمانی نہیں، صاحبِ ایمان نہیں، شیرِ مادر نہیں تو شرافتِ خاندان بھی نہیں! جس کی جھولی میں روٹی ہوگی وہی کھائے گا، دوسرا رہ جائے گا۔ باپ کا تعین نکاح سے ہوتا ہے، جب نکاح ہی نہیں تو کس کے بچے؟ کیا ان کا دین ہے؟ کہاں کا ایمان؟

کفر و اسلام تیرے کاکل و رخ نے لوٹے نہ دھرم باقی، نہ ایمانِ جاناں باقی!

بعض کی رائے ہے: چونکہ ہم یوروپ ریٹرن ہیں تو بیوی بھی یوروپین ہو، یا کم سے کم بھارت کی کوئی دیش بھگت ہو! سب میں احترام ہوگا، سوسائٹی میں اعلیٰ مقام ہوگا، کارِ سفارت میں سہولت ہوگی، ہر جگہ عزت ہوگی، حرمت ہوگی، پشت پر سلطنت کی قوت ہوگی، اس سے بڑھ کر کیا عظمت ہوگی؟ مگر وہ کیا فکر کرتی ہے؟ پہلے الو کا شکار کرو، پھر لڑائی جھگڑے سے ناچار کرو، اپنے وطن پہنچو یا میکے جا کر نصف ماہوارہ سرکار سے بندھوا لو!

بعض پرانے فیشن والوں کا اعتقاد ہے کہ بیوی مرد کی عزت ہوتی ہے، خاندان کی عظمت ہوتی ہے۔ لہٰذا ایماندار ہو، خوش کردار ہو، باوقار ہو، نیک رفتار ہو، شوہر کی خزانہ دار ہو، اہلِ قرابت کی غمگسار ہو، اولاد کی جاں نثار ہو، خاندان کی باغ و بہار ہو، شوہر کی خادمہ بھی ہو اور اس کی مالکہ بھی ہو! یہاں اس کے دامن پر نماز پڑھ سکتا ہے، اس کی عصمت کی قسم کھا سکتا ہے۔ بیوی چونکہ مرکزِ محبت ہوتی ہے اس لئے یہاں عشقِ مجازی سے عشقِ حقیقی تک پہنچ جاتا ہے۔ یہ قدیم شادی ہے، خانہ آبادی ہے۔ خدا عمر دراز کرے، سر فراز کرے!