و
سَرْگُذَشْتِ فَقِیْر
حسبِ روایت: مولانا حسن محی الدین غیرتؔ صدیقی
باہتمام: علی محی الدین صدیقی، ذوالحجہ ۱۳۹۷ھ
سلسلہ اشاعت: صدیق گلشن، حیدر آباد دکن
حسبِ روایت: مولانا حسن محی الدین غیرتؔ صدیقی
باہتمام: علی محی الدین صدیقی، ذوالحجہ ۱۳۹۷ھ
سلسلہ اشاعت: صدیق گلشن، حیدر آباد دکن
[صفحۂ بیاض — اصل نسخہ میں یہ سرورق کی پشت پر سفید صفحہ ہے]
• بَعدَ ہر نماز: «لَا إِلٰهَ إِلَّا اللهُ» ۱۶۵ بار
• بعد اذان: «تَوَجُّهٌ إِلَى اللهِ مُحَمَّدٌ رَسُوْلُ اللهِ»
• ہر روز: «اَللّٰهُمَّ صَلِّ وَسَلِّمْ عَلَى النَّبِيِّ الْأُمِّيِّ وَآلِهِ» ۱۲ بار (یا قل مرتبہ)
• «يَا شَيْخَ عَبْدَ الْقَادِرِ شَيْئًا لِلّٰهِ» ۲۰۰ بار
• «يَا مُحَمَّدُ صِدِّيْقُ يَا مَحْبُوْبَ اللهِ» ۳۰۰ بار
• «يَا طُوْرَ التَّجَلِّي» ۲۰۰ بار
• «اَللّٰهُمَّ ارْضَ عَنْ عَبْدِكَ عَبْدِ الْقَدِيْرِ» ۳۰۰ بار
الحمد لله، لاکھ لاکھ شکر اس پاک پروردگار کا جس نے ہم کو اشرف المخلوقات کا شرف بخشا اور ہر دور میں پیغمبر اور ہادی مبعوث فرما کر بنی نوع انسان کی رہبری فرمائی۔ ہم ناچیزوں پر باری تعالیٰ کا احسانِ عظیم ہے کہ ہم کو نبیِ آخر الزماں ، خاتم النبیین ، سرکارِ دو عالم ، سرورِ کونین ، محبوبِ رب العالمین ﷺ کی امتِ مرحومہ میں پیدا کرا کر ایمان کی دولت سے سرفراز فرمایا۔
یہ حقیقت ہے کہ نبوت کا سلسلہ آنحضرت ﷺ پر ختم ہو چکا مگر طالبانِ حق کی ہدایت کیلئے دنیا کے گوشہ گوشہ میں خاصانِ خدا پیدا ہوتے رہے اور خلقِ خداوندی کو اپنے فیض و برکات سے مالا مال کرتے رہے ہیں۔ ایسے خاصانِ خدا اور عاشقانِ رسول میں ایک بزرگ شخصیت مولانا حسن محی الدین صدیقی غیرتؔ تشنگانِ راہِ حق کی سیرابی کیلئے آج بھی مستعد و سرگرمِ عمل ہے۔ ان کی زندگی کا ہر لمحہ ہم جیسے عاصیوں کے لئے مشعلِ راہ ہے۔ اس لئے یہ حقیر بے توقیر حضرت قبلہ کے مختصر حالات زندگی معہ شجرۂ بیعت طبع کروا کر اپنے پیر بھائیوں کی خدمت میں پیش کرنے کی سعادت حاصل کرتا ہے تاکہ وہ حضرت کے نقشِ قدم پر چلیں اور اپنی عاقبت سنواریں ، پھر:—
بموجبِ حدیثِ نبوی ﷺ ہندوستان کو اور خصوصاً اس ریاست [حیدرآباد دکن] کو تو اس بات کا شرف حاصل ہے کہ یہاں سرکارِ دو عالم ﷺ کے چاہنے والوں کی کمی نہیں۔ گوشہ گوشہ، چپہ چپہ اللہ اور اس کے رسول ﷺ کے عاشقوں سے بھرا پڑا ہے۔ حیدرآباد، با مسمّیٰ حیدرآباد، اللہ کے چاہنے والوں کی سرزمین ہے۔ جس تاریخ سے اس سرزمین پر مسلمانوں کے قدم پہنچے، آج تک شمعِ ہدایت فروزاں ہے۔ زیادہ دور کیوں جائیں؟ تیرھویں صدی ہجری میں ایک ایسی برگزیدہ ہستی گزری جس کا شہرۂ آفاق نہ صرف بلدۂ حیدرآباد بلکہ سارے ہندوستان اور اس کے باہر اقصائے عالم تک پہنچا۔ حدیث شریف میں آیا ہے کہ ہر صدی پر ایک مجدد پیدا ہوگا اور احیائے دین کا کام اس کے سپرد ہوگا؛ چنانچہ خواجۂ دکن، قطب الاقطاب، سید خواجہ محمد صدیق (محبوب اللہ) المعروف بہ خواجہ میاں صاحب قبلہ حسینی القادری چشتی رفاعی نقشبندی سہروردی قدس سرہ العزیز بلاشبہ اس تیرھویں صدی کے مجدد گزرے ہیں۔ آپ کا حلیہ، آپ کا لباس، آپ کے اخلاق، آپ کا علم و فضل، اور آپ کے باطنی فیوضات، کس کس کا ذکر کیا جائے!
ایسی ہستیِ ستودہ صفات کی فیض یافتہ اور تربیت یافتہ شخصیت: استاذ الاساتذہ، خادمِ قرآن، بحر العلوم مولانا مولوی حضرت محمد عبد القدیر صدیقی حسرتؔ رحمۃ اللہ علیہ تھیں، جن کی زندگی کا ہر لمحہ بلکہ ان کے قلب کی ہر دھڑکن ہمارے لئے مشعلِ راہ ہے۔ خوش قسمت ہیں وہ حضرات جنہوں نے مولانا کی صحبتِ بابرکات میں رہ کر ان کے فیوضِ ظاہری و باطنی سے استفادہ کیا۔
حضرت مولانا مولوی محمد عبد القدیر صدیقی رحمۃ اللہ علیہ کی کنیت ابو العباس اور حسرتؔ تخلص فرماتے تھے۔ آپ کے مورثِ اعلیٰ حضرت شاہ عبد الغفور چنگی گجرات میں پیدا ہوئے اور احمد آباد میں وفات پائی۔ آپ کے اجدادِ کرام زمانۂ سابق میں بڑے بڑے مناصب اور عہدوں پر فائز رہے۔
آپ کے والدِ ماجد الحاج شاہ عبد القادر صدیقی عالم، فاضل، متقی، شجاع اور ناظمِ دار القضاء بلدہ تھے۔ آپ کا سلسلۂ نسب ۲۸ ویں پشت میں آپ کے والد شاہ عبد القادر بن فضل اللہ بن محمد علی بن عبد القادر علی الدولہ بن عبد الغفور بن شیخ محمد چنگی بن تاج الدین بن عبد الغفور بن شیخ محمد بن عبد الحلیم بن بدیع الدین بن شیخ احمد بن علی چنگی بن شیخ اسماعیل بن عبد اللہ بن عبد الرحیم بن ابو نصر بن ابو القاسم بن ابو نصر بن ابو عبد اللہ بن ابو بکر بن عبد الرحمن بن ابو بکر بن عبد الرحمن بن ابو بکر بن قاسم بن محمد بن امیر المؤمنین حضرت سیدنا ابو بکر صدیق رضی اللہ تعالیٰ عنہ خلیفۂ اول سے ملتا ہے؛ اور مادری سلسلہ ساداتِ بنی ہاشم سے ۳۲ ویں واسطوں سے حضرت سیدنا امام حسین علیہ الصلوٰۃ والسلام سے ملتا ہے۔ آپ کی والدۂ ماجدہ حضرت زینب بیگم صاحبہ عرف ببو بیگم، حضرت محمد صدیق محبوب اللہ عرف خواجہ میاں صاحب رحمۃ اللہ علیہ کی ہمشیرۂ خاص تھیں۔
حضرت عبد القدیر محمد صدیقی حسرتؔ بتاریخ ۷ رجب المرجب ۱۲۸۸ھ ہجری میں تولد ہوئے۔ اپنے والدِ بزرگوار شاہ محمد عبد القادر صدیقی کی نگرانی میں ابتدائی تعلیم کی تکمیل کے بعد دار العلوم ملحقہ پنجاب یونیورسٹی میں شریک ہوئے جہاں حیدرآباد کے جید علماء و مشائخِ عظام سے علومِ ظاہری و باطنی کا استفادہ کیا:
• جن میں حبیب ابو بکر بن شہاب سے عربی ادب،
• علامہ سید انوار اللہ خان (فضیلت جنگ) سے فقہ و فلسفہ،
• مولانا عبد الحمید قندھاری سے منطق،
• اور مولانا عون الدین اور مولوی محمد سعید سے تفسیر و حدیث کی تعلیم حاصل فرمائی۔
• فنِ قرأت سید عمر صاحب اور سید محمد تونس صاحب سے سیکھی،
• اور علمِ طب حکیم منصور علی خاں صاحب رئیس الاطباء سے حاصل فرمائی۔
• شاعری میں اپنے پیر و مرشد اور حقیقی ماموں حضرت محمد صدیق محبوب اللہ 'خُلق' سے تلمذ رہا۔
اس کے علاوہ فنِ سپاہ گری: لکڑی، تلوار، پٹہ، چھوٹ، نیزہ بازی، کشتی اور پنجہ لڑانے میں بھی کمالِ طاق رکھتے تھے، اور مشہور اساتذہ و مشائخ سے ان فنون کی تربیت حاصل فرمائی۔
دار العلوم سے تعلیم ختم کرنے کے بعد اُسی درس گاہ میں عربی ادب کے مدرس مقرر ہوئے۔ اس کے بعد جب جامعہ عثمانیہ (Osmania University) کا قیام عمل میں آیا تو آپ پروفیسرِ حدیث اور صدر شعبۂ دینیات (Head of Faculty of Theology) مقرر ہوئے۔ ۱۳۵۱ھ (۱۹۳۲ء) میں وظیفۂ حسنِ خدمت پر سبکدوش ہوئے۔ اس کے بعد جامعہ نظامیہ حیدرآباد کے شیخ الجامعہ (Vice Chancellor / Rector) کے عہدۂ جلیلہ پر منتخب ہوئے۔
سات برس کی عمر ہی میں اپنے والدِ بزرگوار کے ہمراہ حج بیت اللہ اور زیارتِ مدینۂ منورہ سے مشرف ہو چکے تھے؛ اس کے علاوہ شام، عراق اور حجازِ مقدس کا بھی تفصیلی سفر فرمایا۔
آپ کو متعدد سلاسل میں مختلف اولیائے کرام و پیرانِ طریقت سے بیعت، خلافت اور اجازتِ طریق حاصل تھی، جن میں:
• آپ کے والدِ بزرگوار حضرت شاہ محمد عبد القادر صدیقی،
• خسرِ محترم شاہ احسان الحق صاحب فاروقی،
• نقیب الاشراف پیر حسام الدین محمود سجادہ نشین روضۂ غوثیہ بغداد شریف،
• حقیقی ماموں سید محمد صدیق قادری (محبوب اللہ) المعروف خواجہ میاں صاحب قبلہ،
• اور حضرت شاہ عبد الغنی صاحب مہاجر مدنی
شامل ہیں، جن سے تمام سلاسلِ اربعہ (قادریہ، چشتیہ، نقشبندیہ، سہروردیہ) میں اجازت و خلافت حاصل تھی۔
حضرت مرحوم کے مریدین ہندوستان اور پاکستان میں ہی نہیں بلکہ بیرونِ ہند بھی بکثرت موجود ہیں۔ آپ درس و تدریس اور رشد و ہدایت میں تادمِ زیست مصروف رہے اور آپ بلاشبہ 'استاذ العلماء' تسلیم کئے جاتے ہیں۔ چنانچہ حضرت کے تلامذہ میں دکن اور برصغیر کے جید علمائے کرام کی ایک بڑی تعداد شامل ہے، اور آپ کے ارادتمندوں کا حلقہ بے حد وسیع ہے۔
آپ نے نظم و نثر میں پچاسوں معرکۃ الآراء کتابیں تصنیف فرمائیں جو حدیث، فقہ، تصوف، فلسفہ، منطق اور کلام پر مشتمل ہیں۔ آپ کی سب سے زیادہ شاہکار اور معرکۃ الآراء تصنیف کلام اللہ کی 'تفسیرِ صدیقی' ہے؛ اس تفسیر میں بہت سے قرآنی معارف اور غوامض کو بڑی علمی خوبی اور بلاغت سے حل کیا گیا ہے۔ یہ تصنیف عالمِ انسانیت کیلئے 'حکمتِ حسرت' کا لازوال سرمایہ ہے اور موجودہ دور میں شمعِ ہدایت کا کام دیتی ہے۔
آپ ایک سچے صوفی باصفا تھے، آپ کا تصوف دنیوی وجاہت یا نام و نمود کا ذریعہ نہ تھا بلکہ آپ نے تصوف کو حقیقی معنوں میں برتا اور سکھایا۔ آپ تزکیۂ نفس، قلبِ سلیم اور پاکیزہ اخلاق کی تربیت فرماتے رہے۔ تصوف میں حضرت کی 'شرح فصوص الحکم' اور 'عرفان' مینارۂ نور ہیں۔ علمِ حدیث میں حضرت کی کتاب 'الدین' تشنگانِ علم کی پیاس بجھاتی ہے۔ ہر ماہ کی گیارہویں شریف کو سماع کی مجلس، محرم الحرام میں آثارِ مبارکہ کی زیارت، اور ہر جمعہ کو تفسیرِ قرآن کا عام درس آپ کے خانگی اجتماعات کے مشہور ترین علمی و روحانی ستون تھے۔ آپ دین داری اور دین دوستی کے تقریباً ایک صدی پر محیط تاریخ کا ایک زرین باب ہیں۔
آپ کی پہلی شادی اپنی چچا زاد ہمشیرہ حضرت بادشاہ بیگم صاحبہ بنت حضرت شاہ غلام حسین صدیقی ابن حضرت فضل اللہ صدیقی سے ہوئی، جن کے بطن سے ۶ صاحبزادے اور ۷ صاحبزادیاں تولد ہوئیں۔ موصوفہ کی رحلت کے بعد دوسری شادی حضرت عائشہ سلطان صاحبہ بنت حضرت شاہ احسان الحق صاحب فاروقی سے ہوئی جن کے بطن سے ۳ صاحبزادے تولد ہوئے۔ موصوفہ کی رحلت کے بعد تیسری شادی حضرت فرح بیگم صاحبہ بنت حضرت حکیم حبیب الرحمن صاحب سے ہوئی، جو شادی کے ۹ ماہ بعد لاولد انتقال فرما گئیں۔ چوتھی شادی حضرت سیدہ بی بی رابعہ مدنی صاحبہ بنت حضرت سید اکبر علی صاحب موصلی سے ہوئی، جن کے بطن سے ۷ صاحبزادے اور ۶ صاحبزادیاں تولد ہوئیں۔
آپ حیدرآباد کے عظیم المرتبت عالم اور صوفی تھے؛ آپ نے ۹۴ سال کی طویل و بابرکت عمر پائی۔ بالآخر بتاریخ ۲۴ مارچ ۱۹۶۲ء مطابق ۱۷ شوال ۱۳۸۱ھ بروزِ شنبہ وصال فرمایا۔
اپنی زندگی ہی میں اپنی زرخرید زمین ۱۴ ایکڑ، جس میں دو باؤلیاں بھی ہیں، واقع دربچۂ براہین، بیرونِ دروازۂ دودی باؤلی میں لے کر اس کا ایک حصہ اپنے مقبرۂ عالیہ کیلئے مختص فرمایا، اور اس مبارک احاطے کا نام اپنے شیخ کے نام کی مناسبت سے 'صدیق گلشن' رکھا، اور وہیں آپ کی تدفین عمل میں آئی۔
اسی باکمال گھرانے کے چشم و چراغ، امامِ اربابِ طریقت، پیشوائے اصحابِ حقیقت، واقفِ اسرارِ یزدانی، کاشفِ رموزِ ربانی، چشمۂ جود و سخا، منبعِ لطف و عطا، حامیِ دینِ مبین، حضرت سیدنا و سندنا و مرشدنا و حبیبنا قرۃ اعیننا حضرت محمد عبد الکریم محمد حسن محی الدین صدیقی المتخلص بہ غیرتؔ صدیقی ہیں۔
آپ حضرت عائشہ سلطان صاحبہ بنت حضرت شاہ احسان الحق صاحب فاروقی کے بطن سے بتاریخ ۲۱ ذی الحجہ ۱۳۴۴ھ روزِ دوشنبہ بوقت ۵ بجے شام عالمِ شہادت میں جلوہ گر ہوئے۔ ابھی آپ محض دو سال ہی کے تھے کہ محترمہ والدہ ماجدہ اس جہانِ فانی سے رخصت ہو گئیں؛ اب سایۂ پدری ہی آغوشِ مادر تھا۔ تمیز کی عمر میں ہوش سنبھالا اور مروجہ نصاب کی تکمیل کیلئے اسکول میں داخل کئے گئے۔ ۱۱ سال کی عمر میں مڈل کا امتحان گورنمنٹ مڈل اسکول علی بنڈہ سے شاندار کامیابی سے پاس کیا، اور مضمونِ عربی میں پوری ریاستِ حیدرآباد میں اول آئے۔
مدرسہ دار العلوم سے میٹرک کا امتحان درجۂ اول میں کامیاب کیا۔ قاری کلیم اللہ حسینی صاحب سے قرأتِ سبعہ و عشرہ کی تکمیل فرمائی، اور حضرت قبلہ نے برادرِ معظم محمد عبد العزیز صدیقی صاحب کا حفظ کیا ہوا قرآنِ پاک نکلوا کر حوالے فرمایا۔ اسی طرح درجہ بدرجہ انٹر اور بی۔ اے درجۂ دوم سے کامیاب ہوئے اور ہمیشہ اپنے ہم پلہ طلباء میں اول رہنے کا اعزاز حاصل کرتے رہے۔ بعد ازیں ایم۔ اے کی ڈگری فقہ اور اصولِ فقہ میں درجۂ اول (First Class) میں حاصل کی۔ دو سال تک جامعہ عثمانیہ میں ریسرچ اسکالر کی حیثیت سے اعلیٰ ترین تحقیق فرمائی۔
حصولِ تعلیم کے اس پورے دور میں آپ کے والدِ بزرگوار ہی بطورِ استاد آپ کے نگراں اور مربی رہے۔ اس طرح کیا مکتب کیا گھر، آپ کی پوری تربیت اپنے والد کے سایۂ عاطفت میں ہوتی رہی۔
تعلیم ختم ہونے کے بعد پانچ سال تک مہاراجہ سر کشن پرشاد کے اسٹیٹ میں بحیثیت منتظم اور تحصیلدارِ ملک رہے۔ دریں اثناء امتحانِ عہدہ دارانِ مال میں امتیازی کامیابی حاصل کی۔ بعد ازیں اہل کارِ درجہ دوم کی حیثیت سے سرشتۂ کوتوالی بلدہ (Police Commissionerate) سے وابستہ ہوئے۔ اسی دوران جناب غوث صدیقی صاحب نائب کوتوال تھے؛ انہوں نے آپ کی غیر معمولی صلاحیتوں اور فضل و کمال کو دیکھتے ہوئے بعد اصرار اس بات پر آمادہ کیا کہ آپ سرشتۂ تعلیمات (Education Department) سے منسلک ہو جائیں، کیونکہ یہی ایک ایسا محکمہ ہے جہاں سے فیضانِ علم کا چشمہ جاری رہتا ہے اور بندگانِ خدا کی رہبری ہوتی رہتی ہے۔
چنانچہ آپ محکمۂ تعلیمات میں منتقل ہو کر قلیل مدت ہی میں غیر معمولی ترقی پاتے ہوئے بحیثیت جونیئر لکچرر گورنمنٹ ڈگری کالج گلبرگہ مامور ہوئے، اور اسی سال لکچرر کے مستقل عہدے پر فائز کر دیئے گئے۔ پھر ریڈر (Reader) کے باوقار عہدے پر فائز ہوئے، اور باوجود وظیفۂ حسنِ خدمت پر سبکدوش ہونے کے، ۱۹۸۰ء میں آپ کو دوبارہ تدریسی خدمت کیلئے مامور کیا گیا۔ اس کے بعد بھی آپ نے مسلسل لکچرر اور پروفیسر کی حیثیت سے درس و تدریس کا بابرکت سلسلہ جاری رکھا۔
اس طرح آپ نے علمی ماحول میں آنکھ کھولی، علمی آغوش میں پرورش پائی اور تاحیات درس و تدریس میں زندگی گزار رہے ہیں۔ ان گوناگوں مصروفیات کے باوجود آپ علومِ دینیہ: منطق، فلسفہ، حدیث، تفسیر، کلام، فقہ اور اصولِ فقہ کی تدریس و ترویج میں ہمہ تن مشغول رہے اور آج تک بھی یہ سلسلہ جاری ہے؛ اور جو گراں مایہ خزانہ آپ نے اپنے والدِ بزرگوار سے حاصل کیا تھا، اسے اپنے ارادتمندوں میں بے دریغ لٹا رہے ہیں۔
حضرت بحر العلوم رحمۃ اللہ علیہ فرمایا کرتے تھے: «یہ میرے دو بیٹے فقیر ہیں اور دو بیٹے مولوی ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے مولوی کو فقیر اور فقیروں کو مولوی بنا دیا!»— یعنی حضرت حسن محی الدین صاحب قبلہ اور حضرت ابو تراب علی صاحب قبلہ کو مولوی، اور حضرت عبد الرحیم صاحب قبلہ اور حضرت حسین شجاع الدین صاحب قبلہ کو فقیر فرمایا تھا۔
بقولِ کسے: «سو سال سے ہے پیشۂ آبا سپہ گری»— آپ نے بھی محض ۱۳ برس کی عمر ہی میں اپنے والدِ بزرگوار سے بنوٹ، تلوار، پٹہ اور کشتی کے فنون کو مکمل طور پر سیکھا، کمال حاصل کیا اور شاگردوں کو سکھانا شروع کیا، یہاں تک کہ جب کبھی لوگ والدِ بزرگوار کے پاس اس فن کے سیکھنے اور ریاض کرنے کیلئے آتے تو ان کی تربیت کی پوری ذمہ داری آپ کے سپرد کی جاتی۔ حضرت قبلۂ والد صاحب آپ کو کبھی 'بحر العلومِ ثانی'، کبھی 'شبِ لیلیٰ'، تو کبھی 'شیخ الدلائل' اور 'شیخ الرئیس' کے اعزازی القاب سے مخاطب فرماتے تھے۔
آپ ۳۲ سال کی عمر میں اپنے والدِ بزرگوار سے تمام سلاسل میں خرقۂ خلافت سے سرفراز فرمائے گئے۔
فنونِ لطیفہ میں آپ کا ذوق بے مثال ہے؛ آپ سخن فہم اور قادر الکلام شاعر ہیں اور عربی، اردو، ہندی اور فارسی چاروں زبانوں میں شعر کہتے ہیں، اور 'غیرتؔ' تخلص فرماتے ہیں۔ ابتدائی زمانے میں حکیم اصغر علی انصاری سہارنپوری سے ربط رہا۔
میدانِ خطابت میں انفرادی مقام رکھتے ہیں؛ اندازِ بیان دلنشین ہوتا ہے، مشکل سے مشکل نکات کو سلجھے ہوئے انداز میں عام فہم، سلیس زبان میں بیان فرماتے ہیں۔ طریقۂ تعلیم بھی اسی طرح بے حد خاص ہے کہ آپ فقہ، منطق اور فلسفہ میں یدِ طولیٰ رکھتے ہیں، اور اس خوبی سے جس مضمون پر گفتگو فرماتے ہیں تو ایسا معلوم ہوتا ہے کہ آپ اس فن کے امام ہیں۔ غرض بلا مبالغہ خواہ رزم ہو کہ بزم، آپ ہر دو میدانوں کے شہسوار ہیں!
آپ کی وسیع الاخلاقی اور ہمہ گیر شفقت کا یہ عالم ہے کہ آپ کا ہر شاگرد، ہر مرید، ہر عزیز اور ہر ملنے والا یہی سمجھتا ہے کہ آپ سب سے زیادہ اسی پر مہربان ہیں۔ ہر کسی سے خندہ پیشانی سے ملنا آپ کا وصفِ خاص ہے۔ چونکہ آپ صدیقی الاصل ہیں، صدق و صداقت آپ کو خاندانی ورثے میں ملی ہے۔
آپ کے قلبِ صافی کا تو پوچھنا ہی کیا! اکثر مخاطب کے دل میں گزرنے والے خیالات آپ کی زبان پر پہلے سے ہوتے، اور جب کسی کو بلانا ہوتا تو اس کو صرف دل میں یاد کر لیتے۔ آپ صرف ظاہری عالم ہی نہیں بلکہ عارف باللہ صوفی بھی ہیں؛ ہمیشہ سلوک اور جذب کی اجتماعی کیفیت کے حامل ہیں۔ اکثر ایسا اتفاق ہوا کہ آپ گفتگو فرماتے فرماتے بالکل گم اور مستغرق ہو جاتے۔
تواضع و انکساری آپ کی نمایاں خصوصیات ہیں۔ امیری میں فقیری حضرت کا دائم شعار ہے۔ استغنا کی شان آپ کی ہر ادا سے ظاہر ہے؛ باوجود استادِ زماں ہونے کے اب بھی اپنے آپ کو طالبِ علم بتلاتے ہیں۔ بزرگانِ دین سے خاص عقیدت و محبت رکھتے ہیں۔ حضرت خواجہ میاں صاحب دادا پیر قبلہ کے عاشقِ زار ہیں؛ سماع کے بے حد شائق ہیں اور بارہا عالمِ وجد و حال میں بے خودی کی کیفیت طاری رہتی ہے۔
حضرت 'حسرت پیا' کی محفلوں کے آپ روحِ رواں ہیں۔ حضرت قبلہ کے ظاہری اور باطنی علوم اور ہدایات کی روشنی ایک دنیا کو راستہ دکھا رہی ہے۔ آپ روحانی قوت کا سرچشمہ ہیں جس سے ہزاروں لوگ فیض یاب ہو رہے ہیں اور نجاتِ اخروی کا راستہ پا رہے ہیں۔ آپ مادی اور روحانی تقاضوں میں توازن کا ایک اعلیٰ نمونہ ہیں۔ آپ کے ان گنت شاگرد، مرید اور خلفاء ہیں۔
آپ کی شادی آپ کے والدِ بزرگوار کے ارشاد و توثیق ہی کے مطابق سیدہ آمنہ بیگم صاحبہ بنت مولانا حضرت سید اسرار الرحمن صاحب سے ہوئی۔ آپ کو ایک صاحبزادہ اور چار صاحبزادیاں اللہ تعالیٰ نے عطا فرمائیں۔
آپ فرماتے ہیں کہ شاہِ عزّت محمد صدیق رضی اللہ عنہ [محبوب اللہ] سے بیعت کرنے والے بہت کم تھے، اور اُن سے خلافت و اجازت پانے والے اور بھی کم تھے، لیکن ان میں سے ہر ایک روشن چراغ تھا۔ اُن سے قبلۂ عالم عبد القدیر محمد الصدیقی کو فیض پہنچا ہے جن کے کمالات ظاہر و باہر ہیں۔ میرے استاد تو قبلۂ عالم ہی رہے۔
دوسری جگہ ارشاد فرمایا کہ: «حضرت کو تم نے کیا دیکھا ہے! وہ خواجہ میاں کا چلہ ہیں، اور میں اُسی عظیم الشان آدمی کا دیکھنے والا ہوں!»
پھر ایک بار ارشاد فرمایا کہ: «گوری کے رخسار کا تل کالا ہو کر بھی اس کے حسن کو داغدار نہیں کرتا بلکہ افزائشِ حسن کا باعث ہوتا ہے۔ ایسا ہی ایک کالا تل یہ فقیر بھی ہے؛ اور چاہے پروردگار اسے حسن کا باعث بنائے یا کلنک، میں غلامِ علی ہوں اور اسی ربط کے ساتھ مرنا چاہتا ہوں!»
غلام مظفر جنگ
خاکپائے غیرتؔ:
میر احمد علی خاں عاقل رفاعی
[تَمَّ بِالْخَيْر]