🏠 Portal 🔍 Proofreading Workbench 📘 Bilingual Edition 📄 Markdown
کَلِـمَـۂ طَـیِّـبَـہ (لَا إِلٰهَ إِلَّا اللهُ مُحَمَّدٌ رَّسُوْلُ اللهِ)
Kalimah-e-Tayyibah: The Pure Word (Theological, Metaphysical & Practical Exegesis with Canonical Awrad)
حضرت بحر العلوم مولانا محمد عبد القدیر صدیقی قادریؔ حسرت رحمۃ اللہ علیہ
Hazrat Baḥr al-‘Ulūm Maulana Muhammad Abdul Qadeer Siddiqi Qadri 'Hasrat' (Rh.A)
Hasrat Academy, Siddiq Gulshan, Hyderabad Deccan / Idarah Isha'at-e-Tafsir-e-Siddiqi · Scholarly Theological & Mystical Edition with Canonical Methods of Dhikr
آیتِ قرآنی
فَاعْلَمْ أَنَّهُ لَا إِلٰهَ إِلَّا اللَّهُ
کَلِـمَـۂ طَـیِّـبَـہ
(لَا إِلٰهَ إِلَّا اللهُ مُحَمَّدٌ رَّسُوْلُ اللهِ)

تصنیف لطیف: علامہ محمد عبد القدیر صدیقی قادریؔ حسرت
مفسرِ قرآن و سابق صدر شعبۂ دینیات، جامعہ عثمانیہ، حیدر آباد دکن۔

بتاریخ یکم محرم الحرام ۱۳۷۵ھ مطابق ۱۳ اگست ۱۹۵۵ء
۱۰۰۰ جلد طبعِ اول (پاکستان)
باہتمام: ادارۂ اشاعتِ تفسیر صدیقی
شاخ: حیدر آباد سندھ (پاکستان)

لِلَّهِ
منظوم ترانۂ توحید و رسالت
کوئی نہیں ہے اس کے سوا، لَا إِلٰهَ إِلَّا اللهُ سب میں اسی کا ہے جلوہ، لَا إِلٰهَ إِلَّا اللهُ
زندہ و دانا، بینا وہ، میری دعا کا شنوا وہ مرید و قادر اور گویا، لَا إِلٰهَ إِلَّا اللهُ
بندھا اسی کا نہ یہ ہے اس کی عظمت بے حد ہے وہ یکتا اور بے ہمتا، لَا إِلٰهَ إِلَّا اللهُ
اس کے سوا معبود نہیں، اس کے سوا مقصود نہیں کوئی نہیں ہے غیرِ خدا، لَا إِلٰهَ إِلَّا اللهُ
اس کے سوا معاون نہیں، اس کو نہ عجز و جور نہیں اس کے سوا ہے کون مرا کہ، لَا إِلٰهَ إِلَّا اللهُ
دل میں درد وہی میری، فکر وہی میرا جینا اور مرنا، لَا إِلٰهَ إِلَّا اللهُ
علم کی کارستانی ہے، حکمتِ ربانی ہے جس پر سب کی پڑی بنا، لَا إِلٰهَ إِلَّا اللهُ
ذات و وصف و فعل و اثر، ربنا اللہ الاکبر مناسب کا وہی تو تا، لَا إِلٰهَ إِلَّا اللهُ
حدری ہے تیریری دونوں سے آزاد، وہی سب سے اکبر اور اعلیٰ لَا إِلٰهَ إِلَّا اللهُ
اجارہ دست کی دہ داور وہ او یابانی در روح و جان و تن میں پرتا، لَا إِلٰهَ إِلَّا اللهُ
دل میں آتشِ الفت ہے، اچھی میری قسمت ہے عشق نے سب کچھ پھونک دیا، لَا إِلٰهَ إِلَّا اللهُ
باطل کا سب رنگ مٹا، حق نے کیا اپنا جلوہ جو اول تھا آخر تھا، لَا إِلٰهَ إِلَّا اللهُ
حسرتؔ اس کی یاد رہے، یاد سے دل آباد رہے کوئی نہیں ہے اس کے سوا، لَا إِلٰهَ إِلَّا اللهُ
بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيمِ
لَا إِلٰهَ إِلَّا اللهُ
کلمہ طیبہ کے جو معانی سمجھ میں آتے ہیں یہ ہیں:

۱. لا الہ: کوئی معبود نہیں۔ جس میں اگر اللہ بھی شریک ہو تو یقیناً کفر ہے۔ "الا اللہ" ایمان ہے۔

۲. لا الہ الا اللہ: اللہ خارج میں موجود ہیں اور مستحقِ عبادت بھی ہیں۔ یہ کھلا شرک، شرک فی المعبود، شرک فی العبادت ہے، ہر قسم کا شرک ہے۔ اس کلمہ طیبہ سے شرک کی بیخ کنی کی گئی ہے کہ کوئی الہ مستحقِ عبادت نہیں، غیر اللہ لفظِ بلا مصداق ہے۔ اللہ کے سوا کوئی معبود برحق نہیں۔ اسی کا وجود بالذات ہے۔ اصلی ہے، ذاتی ہے۔ دوسرے تمام ممکنات کا وجود، مخلوقات کی ہستی بالعرض ہے، ذاتی نہیں۔

۳. لا الہ الا اللہ: اللہ تو ہیں مگر لائقِ عبادت نہیں۔ یہ بھی شرک فی الوجود ہے۔ سوائے اللہ کے خارج میں، نفس الامر میں، حقیقت میں، فی الواقعی کوئی معبود نہیں، کوئی خدا نہیں۔

۴. لا الہ الا اللہ: کوئی معبود بالذات موجود تو نہیں مگر معبودیت کی صفات اور وجودِ ذاتی اور استغنائے بالذات ممکن سے بھی ظاہر ہوتا ہے، یہ بھی شرک فی الوجود اور شرک فی الوجوب ہے۔ شرک اور استغنائے ذاتی ہے۔ ممکن سے اگر وجوب اور استغنائے ذاتی ظاہر ہو تو ممکن واجب ہو جائے، بندہ خدا بن جائے۔ تجلیاتِ الہی میں سے وجوب اور استغنائے ذاتی ہی ایسی تجلیات ہیں جو ذاتِ خداوندی سے خاص ہیں۔ استغنائے الہی اور استغنائے ذاتی میں فرق نہ کرنا جہالت ہے۔

استغنائے ذاتی تو بڑی چیز ہے، معمولی استغنا بھی کاملین ہی سے ظاہر ہوتا ہے۔ ہمارے پاس تو کمالِ احتیاج ہی کمال ہے۔ اپنی بندگی ہی کو سمجھنا سرمایۂ افتخار ہے کہ:

اے ذاتِ تو مجمعِ الکمالات من بیہمہ و تو بے کمالی
ممکن چہ بود امکان کہ ہمہ عجز و نیاز است سرمایۂ دولت چہ سلاطین چہ خدام را

وجودِ بالذات اور وجودِ بالعرض ضدان لا يجتمعان ہیں۔ بالذات کا بالعرض ہونا اور بالعرض کا بالذات ہو جانا اجتماعِ نقیضین ہے۔ انقلابِ ماہیت ہے جو ناممکن ہے۔

۵. لا الہ الا اللہ: معبود کے معنی محتاج الیہ لیں تو کلمہ کے معنی یہ ہوں گے کہ اشیاء جو ایک دوسرے کے محتاج ہیں، ان میں معبودیت ہے، یہ بھی شرک ہے۔ اللہ جل جلالہ کے سوا بظاہر جو تاثیر و قدرت ہوتی ہے، وہ بھی اصل میں تاثیرِ حق ہی ہے۔ اور حقیقت میں خدا کے سوائے کوئی محتاج الیہ نہیں، کیونکہ ممکن فی حد ذاتہ معدوم ہے۔ وجود سے اس کو کوئی حصہ ملا ہی نہیں، نہ صرف وجود بلکہ ممکن کے تمام صفات بالعرض ہیں۔ صفات وجود کی تفصیل ہیں۔ جب موجود ہی غیرِ خدا کے لئے نہیں تو دوسرے صفات کہاں سے ہوں گے؟ ہمیشہ بالذات اور بالعرض کے امتیاز کو پیشِ نظر رکھو، شرک کی جڑ یہی ہے۔ شرک کی بیخ کنی نہایت ضروری ہے۔ شرک بالذات ماننے سے ہوتا ہے۔ کون سی چیز ہے جس سے قدرتِ الہی کے جلوے ظاہر نہیں ہوتے:

برگِ درختانِ سبز در نظرِ ہوشیار ہر ورقے دفتریست معرفتِ کردگار

۶. لا الہ الا اللہ: خدائے تعالیٰ کے صفات بالذات ہیں، بے شک! مگر ان کو مستقل موجود سمجھنا بھی شرک ہے۔ خدائے تعالیٰ کے صفات انضمامی نہیں، انتزاعی ہیں، یعنی سمجھنے میں صفات اور ذات الگ الگ اور جدا جدا ہیں، مگر ان سب کا منشاء، ان کا منتزع عنہ، ان کی حقیقت، ان کی ذات ایک ہی ہے۔ "لا عین ولا غیر" کہتے ہیں۔ صفاتِ الہیہ کو بالذات سمجھنا بے شک شرک ہے۔

۷. لا إله إلا الله: حکم دینا صرف اللہ کا کام ہے۔ «إِنِ الْحُكْمُ إِلَّا لِلَّهِ» یہ خدا کی صفتِ خاصہ ہے۔ حکم دینے کا حق خدا کے سوا کسی اور کو نہیں۔ مگر احکامِ الہی کو ہر شخص تو دریافت نہیں کر سکتا۔ پھر اس کو حاصل کرنے کی کیا سبیل ہے؟ احکامِ الہی پیغمبروں کے ذریعہ پہنچتے ہیں۔ ہمارا ذریعۂ حصولِ احکامِ الہی محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ہیں۔ ان کا دین قیامت تک رہنے والا ہے، ان کا دین کبھی منسوخ نہیں ہو گا۔ یہ خاتم النبیین ہیں۔ ان کا قدم «كَافَّةً لِّلنَّاسِ» کے لئے ہے۔ دیگر پیغمبروں کا تو انتقال ہو گیا، اور اس وقت رسولِ مقبول بھی تشریف فرما نہیں ہیں اور واقعات بدلتے جا رہے ہیں، حالات میں تغیر ہو رہا ہے، «وَتِلْكَ الْأَيَّامُ نُدَاوِلُهَا بَيْنَ النَّاسِ» کی جلوہ گری ہے۔

پھر اب ذریعۂ حصولِ احکام کون ہے؟ حکم دینے کا حق کس کو ہے؟ حکم دینے کا تو کسی کو حق نہیں، تعلیمِ نبوی کچھ ایسی ہمہ گیر اور اصولی ہے کہ اس کو سمجھ کر تفصیلات پر احکام لگانا اور اس کی تحقیق کر کے حکم سنانا مجتہدوں کا کام ہے۔ لوگ کہتے ہیں مجتہدین تو گزر چکے، اب کوئی مجتہد نہیں ہو سکتا، یہ بالکل غلط خیال ہے۔ اجتہاد کا دروازہ نہ بند ہوا ہے نہ ہو گا۔ امام مہدی اور حضرت عیسیٰ کسی امام کے قطعاً مقلد نہ ہوں گے۔ پھر مجتہد کے بھی درجات ہیں: مجتہدِ مطلق، مجتہد فی المذہب، اصحابِ ترجیح، مجتہد فی المسئلہ۔ یاد رکھو ہر زمانہ میں مجتہد فی المسئلہ کا ہونا ضروری بات ہے۔

اتنا سمجھ لینے کے بعد کلمہ طیبہ کے معنی معلوم اور مکمل ہونے کے لئے سب سے پہلے اللہ کے معنی پر غور کرو اور اس کے کیا کیا صفات ہیں، اس پر بھی توجہ دو۔ ہم نے اوپر بیان کیا ہے کہ اللہ کا موجود بالذات ہونا ضرور ہے۔ جس کا وجود اصلی نہ ہو، وہ دوسرے کو کیا موجود کرے گا؟
خفتہ را خفتہ کے کند بیدار
جس کی ذات محروم ہو، وہ دوسرے کو کیا وجود دے گا۔ بھلا مفلس کسی کو کچھ دے سکتا ہے؟

ہرگز نہیں! اللہ کا وجود بالذات ہونے کے علاوہ اس میں علم بھی ہونے کی ضرورت ہے۔ جاہلِ مطلق کونسا اچھا کام کر سکتا ہے؟ عالم و جاہل کبھی مساوی نہیں ہیں، «قُلْ هَلْ يَسْتَوِي الَّذِينَ يَعْلَمُونَ وَالَّذِينَ لَا يَعْلَمُونَ»۔ اس میں سماعت اور بصارت بھی ہو کہ غریبوں کی فریاد رسی کرے، ان کے حالِ زار کو دیکھے، ان کی چیخیں اور ہر پکار کو سنے۔ اس میں قدرت بھی ہو کہ جس پر عاجز اور کسی قسم کا بوجھ نہیں اٹھا سکتا۔ اس میں رحم بھی ہو، غریبوں کے درد کا احساس بھی ہو۔ جس کے دل میں رحم نہیں وہ ظلم کے سوا اور کیا کرے گا؟ اس کا کوئی شریک بھی نہ ہو، تاکہ «دو ملاؤں میں مرغی مردار» نہ ہو، اور «لَوْ كَانَ فِيهِمَا آلِهَةٌ إِلَّا اللَّهُ لَفَسَدَتَا» کا ظہور نہ ہونے پائے۔ ایک کچھ کہے گا اور دوسرا کچھ، ایک مارنا چاہے گا اور دوسرا جلانا۔ جس کی نہ چلے وہ مجبور ہے، عاجز ہے۔ خدا اور مجبوری؟! لا حول ولا قوة الا باللہ! عاجزی تو بندے کی صفت ہے۔ عاجز ہو کر خود کو قادر سمجھنا شرک ہے۔ حماقت ہے، سفاہت ہے، بلاهت ہے۔

فرض کرو کہ جماعت میں چند لڑکے ہیں۔ ان میں سے ایک لڑکا دوسرے لڑکے پر آ کر گرتا ہے۔ ضرر رسیدہ بچہ بگڑ جاتا ہے اور لڑنے کو تیار ہو جاتا ہے۔ گرنے والا لڑکا عذر کرتا ہے کہ میں خود سے نہیں گرا، دوسرے نے مجھے دھکا دیا ہے۔ جماعت کے تمام بچے یہی عذر کرتے ہیں۔ ضرر رسیدہ بچہ اس کو ہرگز نہیں مانتا اور کہتا ہے کہ تم میں سے کسی ایک نے ضرور دھکا دینے کی ابتدا کی ہے۔

آپ نے سمجھا وہ کیا کہہ رہا ہے؟ یہی کہ بغیر محرک کے عمل کے حرکت ہو ہی نہیں سکتی۔ یعنی وہ کہہ رہا ہے کہ بغیر وجودِ بالذات کے وجودِ بالعرض نہیں ہو سکتا، کیونکہ بغیر علت العلل کے کوئی معلول پیدا نہیں ہو سکتا اور دنیا میں کوئی شے بغیر سبب الاسباب کے ظاہر نہیں ہو سکتی، عدم سے منصۂ شہود پر نہیں آ سکتی۔ جو اس کو نہیں مانتا، اس پر بچہ کی عقل بھی کھلکھلا کر ہنستی ہے کہ یہ جہالت ہے، واقع نفس الامری میں ایسا ممکن نہیں، اور جو اس کو جائز سمجھتا ہے، بچہ اس کو بے وقوف جانتا ہے۔

اب غور کرو کہ لا الہ الا اللہ کے معنی کیا ہوئے؟ خدا کے سوا کوئی علت العلل نہیں، کوئی مسبب الاسباب نہیں، کوئی موجود بالذات نہیں۔ خدا ہی موجود ہے، وہی علیم ہے، سمیع و بصیر ہے، کلیم و قدیر ہے۔ ساری دنیا اس کی قدرت کا ایک تماشا ہے۔

تماشہ گاہ ہے عالم کسی استادِ کامل کا یہ ہم تم کیا ہیں گویا سینما کی چند تصویریں (حسرتؔ)

دنیا کیا ہے؟ ایک سینما ہے۔ خدا محرک ہے۔ اس کے اسما و صفات کے پردے یکے بعد دیگرے گرتے جاتے ہیں، اور نادان سمجھتا ہے کہ وہ جو کچھ دیکھ رہا ہے حق ہے۔ ارے نادان! عقل سے عاری انسان! اتنا سمجھ کہ جو حق ہے وہ تو اسما و صفات کے پردوں میں چھپا ہوا ہے۔ ہمارے پاس تو خدا کے سوا اپنے کو یا دوسرے کو موجود سمجھنا شرک فی الوجود کرنا ہے، کسی کام کو کر سکتا شرک فی القدرت ہے، کسی خوبی کا رکھنا شرک فی الصفات ہے، اس کلمہ طیبہ میں شرک کی نفی کی گئی ہے۔

اچھا! کفر کیا ہے؟ خدا سے انکار کرنا یا اس کے صفاتِ حمیدہ کو نہ ماننا۔ غرض کہ جتنی چیزیں ہیں سب بالعرض ہیں۔ بندہ کی ذات بالعرض، بندہ کا وجود بالعرض، بندہ کے صفات بالعرض۔ کسی بندے کو کوئی حکم دینے کا اختیار نہیں۔ بندے کے ہر فعل کا ماخذ حکمِ خدا ہونا چاہئے۔ قرآن کے مقتدا رسولِ خدا صلی اللہ علیہ وسلم اور قرآن و حدیث کے مفسر ائمہ کرام ہیں۔ لہذا لا الہ الا اللہ کے معنی یہ ہیں کہ اللہ کے سوا کوئی موجود بالذات نہیں، اللہ کے سوا کوئی مستحقِ عبادت نہیں، اللہ کے سوا کوئی محتاج الیہ نہیں، اللہ کے سوا کوئی اور حکم دینے والا نہیں، اللہ کے صفات بالذات ہیں۔ لہذا بندے کو ہر وقت اپنے عدمِ ذاتی اور اللہ کے وجودِ بالذات کی طرف توجہ رکھنی چاہئے، اور اگر کبھی غفلت ہو تو استغفار کر لینا ضروری ہے۔

مُحَمَّدٌ رَّسُوْلُ اللهِ
تحقیق و تشریحِ کلمۂ رسالت

لا الہ الا اللہ کے متعلق تو ایک مختصر سی بحث ہو چکی۔ اب میں محمد رسول اللہ کے تعلق سے بھی کچھ گفتگو کر لینی چاہتا ہوں۔ میرے سابقہ مضمون "محمد رسول اللہ" میں رسولِ خدا صلی اللہ علیہ وسلم کے متعلق انبیاءِ سلف نے جو پیش گوئیاں کی ہیں، وہ بیان کر دی گئی ہیں۔ یہ بات ظاہر ہے کہ تعلیم کی خوبی سے معلم کی خوبی نمایاں ہوتی ہے۔ حضرت نے کس بات کی تعلیم دی؟ خدا کی الوہیت اور اپنی بندگی کی۔ کبھی رسولِ خدا صلی اللہ علیہ وسلم نے خدائی کا دعویٰ نہیں کیا اور نہ اپنی بندگی سے انکار کیا۔ گذشتہ تمام پیغمبروں کی تعلیم کو بھی حق سمجھا۔

صاحبو! تعلیمِ نبوی میں خدائے تعالیٰ کے امن و امان کا پیغام ہے۔ ایک خدا کو مانو اور جتنی قسم کے شرک ہیں ان سے بچو۔ اسلام میں ذات پات کا جھگڑا نہیں۔ خدا کے سب بندے ہیں اور آپس میں برابر ہیں۔ اسلام میں بزرگی کا معیار نہ خاندان ہے، نہ نسل ہے، نہ رنگ ہے، نہ زبان، بلکہ بزرگی کا معیار تقویٰ اور مکارمِ اخلاق ہے: «إِنَّ أَكْرَمَكُمْ عِندَ اللَّهِ أَتْقَاكُمْ»۔ «بُعِثْتُ لِأُتَمِّمَ مَكَارِمَ الْأَخْلَاقِ»: "میں اس لئے بھیجا گیا ہوں کہ مکارمِ اخلاق کی تکمیل کروں"۔

عورتوں کو اسلام نے آزادی عطا کی، ان کو تملک کا حق دیا۔ اسلام میں اگر مردوں کو طلاق دینے کا حق ہے تو عورتوں کو بھی خلع لینے کا حق حاصل ہے۔ اگر مرد اپنے بزرگوں کے وارث ہو سکتے ہیں تو عورتیں بھی وارث ہو سکتی ہیں۔ اسلام میں طلاق دینا آسان نہیں، مہرِ مؤجل دینا پڑتا ہے۔ اسلام میں ایک کا بوجھ دوسرا نہیں اٹھاتا: «وَلَا تَزِرُ وَازِرَةٌ وِزْرَ أُخْرَىٰ»۔ کسی نے اگر قتل کیا ہے تو اسی سے قصاص لیا جائے گا، نہ کہ اس کے خاندان کے دوسرے لوگ یا اس کی قوم کے دیگر افراد مارے جائیں گے۔ یہ خانہ خراب اُمّ الخبائث، شیشہ میں کی لال پری آفات سے بھری ہے...

اسلام نے اس کو حرام کر دیا۔ شراب و فساد برپا کرتے ہیں، قمار بازی بھی کم نہیں ہے، لہذا وہ بھی اسلام میں حرام ہے۔ صاحبِ حاجت خوشحال و تو نگر کے پاس جا کر قرض مانگتا ہے۔ اس کی احتیاج کی پروا نہ کر کے قرض کے ساتھ سود اور سود در سود کا طالب ہونا غریبوں کو تباہ و برباد کرنا ہے، اس لئے اسلام نے سود کو بھی حرام کیا ہے۔

دوسرے پیغمبر خاص خاص امتوں اور قوموں کے لئے بھیجے گئے تھے: «وَلِكُلِّ قَوْمٍ هَادٍ»۔ محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کافۃ للناس یعنی تمام لوگوں کے لئے بھیجے گئے ہیں: «وَمَا أَرْسَلْنَاكَ إِلَّا رَحْمَةً لِّلْعَالَمِينَ»۔ آپ جہاں پیدا ہوئے، وہاں ہر مذہب کے لوگ جمع تھے: دہریے بھی تھے، یہودی بھی اور نصرانی بھی۔ سب کو اسلام کی تبلیغ کی گئی۔ مکہ شریف جو جغرافیائی حیثیت سے بھی وسطِ زمین پر ہے، اس کے ایک طرف اگر ایشیا ہے تو دوسری طرف افریقہ و یورپ۔ چراغ روشن ہے اور بیچ میں روشن ہے تاکہ سب کو روشنی پہنچنے میں کسی قسم کی دقت نہ ہو۔

اسلام سے پہلے غلاموں پر بڑا ظلم و ستم ہوتا تھا۔ اسلام نے بیسویں صورتیں ایسی پیدا کر دیں جس سے وہ آزاد ہو گئے۔ تاریخ پڑھنے والے جانتے ہیں کہ اسلامی ممالک میں آزاد شدہ غلام بادشاہ ہوئے ہیں اور بڑے بڑے بادشاہوں نے اپنے آزاد کردہ غلاموں سے اپنی بیٹیوں کی شادیاں بھی کر دی ہیں۔

اسلام میں زبردستی مسلمانی کرنا نہیں ہے: «لَا إِكْرَاهَ فِي الدِّينِ»۔ اسلام میں کج بحثی نہیں: «قَد تَّبَيَّنَ الرُّشْدُ مِنَ الْغَيِّ»۔ فرعون جیسے مخاطب کو بھی نرمی سے گفتگو کرنے کا حکم ہے، پس اس سے بھی نرمی سے کہو: «فَقُولَا لَهُ قَوْلًا لَّيِّنًا»۔ اسلام میں دوسروں کو اور ان کے معبودوں کو گالی دینے کی ممانعت ہے، اگر ردِ عمل کے طور پر وہ گالی دیں تو اس کے سبب تم ہو گے: «وَلَا تَسُبُّوا الَّذِينَ يَدْعُونَ مِن دُونِ اللَّهِ فَيَسُبُّوا اللَّهَ عَدْوًا بِغَيْرِ عِلْمٍ»۔ رسولِ خدا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ہمیشہ مدافعانہ جنگ کی ہے، اور حضرت کے زمانہ میں کل منکرینِ اسلام جو مارے گئے ان کی تعداد ساڑھے چار سو سے زیادہ نہیں ہے۔ اسلام میں سانپ، بچھو، چیونٹی اور کھٹمل کو بھی آگ میں ڈالنے کی اجازت نہیں۔ لڑائی تک میں بچوں، بوڑھوں اور عورتوں کو مارنے کی سخت ممانعت کی گئی ہے۔

ذرا غور کرو: ایمان کے معنی دوسروں کو امن دینا، اور اسلام کے معنی ہیں دوسروں کی سلامتی چاہنا اور خود کو اللہ کے حوالہ کر دینا۔ غرض کہ ایک خدا کے بندوں، ایک آدم کی اولاد کو متحد کر سکتا ہے تو اسلام اور صرف اسلام۔

حدیث نبوی ﷺ
حضرت بی بی عائشہ صدیقہؓ سے کسی نے پوچھا: رسولِ خدا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے اخلاق کیسے تھے؟ تو آپ نے فرمایا: «كَانَ خُلُقُهُ الْقُرْآنَ» یعنی ان کے اخلاق کیا تھے؟ عملی قرآن۔

محمد رسول اللہ کیا تھے؟ قرآنِ ناطق تھے۔ منہ سے کہتے اور کر کے دکھاتے، اسی لئے ارشاد ہوا ہے: «لَّقَدْ كَانَ لَكُمْ فِي رَسُولِ اللَّهِ أُسْوَةٌ حَسَنَةٌ»۔ اگر «فَاتَّبِعُونِي يُحْبِبْكُمُ اللَّهُ» کے مصداق بننا چاہتے ہو تو محمد رسول اللہ کی تصویر بن جائیے۔ عاشق کو اپنے معشوق کی تصویر بھی محبوب ہوتی ہے۔ سارا قرآن حکمِ «وَاعْمَلُوا» سے بھرا پڑا ہے۔ یاد رکھو! اسلام عملی مذہب ہے، کچھ خیالی نہیں!

اوپر قیامِ امن کے لئے اسلامی اصول بیان کئے گئے۔ اب روحانی اور باطنی اصلاح کے لئے بھی چند ضروری اصول بیان کر دیئے جاتے ہیں۔ سب سے اہم مسئلہ توبہ کا ہے۔ توبوا الی اللہ! توبہ کیا ہے؟ جو کام خلافِ حکمِ خدا کئے گئے ہیں ان پر نادم ہونا اور آئندہ کے لئے عزم بالجزم کرنا کہ آئندہ کاموں میں پابندِ احکامِ شرع ہوں گا، خلاف نہ ہوں گا۔ توبہ کا موقع دوسرا عالم کھلنے سے پیشتر تک ہر وقت حاصل ہے۔

چونکہ ہر شخص کو اپنی غلطی کا احساس نہیں ہوتا، اس لئے کسی تجربہ کار صاحبِ علم ہادی کی ضرورت ہے۔ «يَا أَبَانَا اسْتَغْفِرْ لَنَا» اور «فَاسْتَغْفَرُوا اللَّهَ وَاسْتَغْفَرَ لَهُمُ الرَّسُولُ» کے تحت اپنے ہادی کی دعاؤں کی بھی ضرورت ہے۔ پھر ناجائز خواہشات اور نقصان دہ جذبات سے بچنے اور پرہیز کرنے کی بھی حاجت ہے، اسی کا نام تقویٰ ہے۔ ناجائز اور مشتبہ امور سے بچنے کا نام زہد ہے۔ زاہد اچھی چیز بھی بے ضرورت ہو تو اس سے احتراز کرتا ہے۔ دوسروں کی خوشحالی پر ناخوش ہونا اور اس کے زوال کی خواہش کرنا، خدا نے اپنے بندوں کو جو کچھ دیا ہے اس سے ناخوش ہونا حقیقت میں خدا پر اعتراض کرنا ہے۔

یہی تو حسد ہے! خدا کے دونوں ہاتھ کھلے ہیں: «بَلْ يَدَاهُ مَبْسُوطَتَانِ» جو دوسروں کو دیتا ہے تم کو بھی دے گا۔ اپنی خوشحالی کی طلب اور اس کے لئے خدا سے دعا کرنا غبطہ اور رشک ہے جو جائز ہے۔ خدا کے فضل و کرم سے جو کچھ ملتا ہے اس کا احسان ماننا شکر ہے۔

جب آدمی برے کام سے بچتا اور اچھے کام کرتا ہے تو پھر اس کا امتحان شروع ہو جاتا ہے۔ آسمانی، سلطانی ہر قسم کے آفات آتے ہیں، رزق کی تنگی، لوگوں کی دشمنی اور امراض کا ہجوم ہوتا ہے۔ اگر وہ اس کو بادلِ ناخواستہ قبول کر لیتا ہے تو یہ صبر ہے، لیکن اگر تکلیفات میں بھی اس کو مزا ملنے لگتا ہے تو یہ رضا و تسلیم ہے۔

جب اس پر اس بات کا انکشاف ہو جاتا ہے کہ نافع اور ضار خدا کے سوا کوئی نہیں اور کسی کو اصلی قوت نہیں، اس کے پاس سب کے افعال فنا ہو جاتے ہیں، تو اس کو "فنائے افعال" کہتے ہیں۔ وہ «لَا حَوْلَ وَلَا قُوَّةَ إِلَّا بِاللَّهِ» کو پیشِ نظر رکھتا ہے۔

اور ترقی کرتا ہے، اسے معلوم ہوتا ہے کہ بندہ اپنی عدمیتِ اصلی پر ہے، تمام خوبیوں کا مرجع ایک خدا ہے۔ یہ امر اگر منکشف ہو جائے تو اس کو "فنائے صفات" کہتے ہیں۔ اس کے پیشِ نظر ہمیشہ «الْحَمْدُ لِلَّهِ رَبِّ الْعَالَمِينَ» رہتا ہے، یعنی سب تعریفیں خدا کی ہیں۔

اور ترقی کرتا ہے تو خدا کی ذات اور اس کے صفات کے سوا کسی کو بالذات نہیں جانتا۔ اپنے آپ کو ڈھونڈتا ہے اور کہیں نہیں پاتا۔ چونکہ اس کی نظر صرف خدا پر رہتی ہے اور ما سوا اللہ سے اعراض کرتا اور اپنے خیال کو غیر سے پاک کر دیتا ہے تو اپنے آپ کو بھول جاتا ہے۔ کہنا کچھ چاہتا ہے اور منہ سے نکلتا کچھ ہے۔ اس کی زبان سے خدا کے نام کے سوا کچھ نہیں نکلتا۔ یہ زمانہ خود فراموشی اور عقل کے چھپ جانے کا ہے۔ اسی حالت کو "فنائے ذات" کہتے ہیں۔ بعض افراد پر خود فراموشی کی حالت ایک طویل زمانہ تک رہتی ہے اور وہ مجذوب ہو جاتے ہیں۔ مگر جو انسانِ کامل ہیں، ان کو پھر عقل و ہوش عطا کئے جاتے ہیں، جو کچھ کھو گیا تھا ان کو پھر ملتا ہے۔ یہ لوگ خود کو اور سب کو ذاتِ وحدہٗ لا شریک لہٗ سے وابستہ کرتے ہیں۔ کسی چیز کو...

...لا طائل اور بے منشاء نہیں سمجھتے۔ ان کی نظر اپنے پر بھی رہتی ہے اور منشاء پر بھی: «رَبَّنَا مَا خَلَقْتَ هَٰذَا بَاطِلًا»۔ وہ نفی بھی کرتے ہیں تو موجودات کے بالعرض ہونے کی وجہ سے۔ وہ «أَلَا كُلُّ شَيْءٍ مَا خَلَا اللَّهَ بَاطِلُ» کہتے بھی ہیں تو ہر ایک کو اس کا حق ادا کرتے ہیں، اقتضائے وقت کا بڑا خیال رکھتے ہیں۔ ایک کا حق دوسرے کو دینے کو اور ایک مقام کا نام اور حکم دوسرے مقام پر دینے کو ظلم سمجھتے ہیں۔ وہ یہ بھی جانتے ہیں کہ ظلم تاریکی ہے اور تعدی ضلالت ہے۔ یہی عبدیت ہے، خدا کی بندگی ہے، «مُحَمَّدٌ عَبْدُهُ» کی شان ہے۔

الحاصل اسلام میں اور محمد رسول اللہ کی تسلیم میں ہر ایک کو اس کا حق ادا کرنے کو بڑی اہمیت ہے۔ «رَبَّنَا أَرِنَا حَقَائِقَ الْأَشْيَاءِ كَمَا هِيَ»، «تَوَفَّنِي مُسْلِمًا وَأَلْحِقْنِي بِالصَّالِحِينَ»۔ آخر میں میں پھر کہتا ہوں: أَشْهَدُ أَنْ لَا إِلٰهَ إِلَّا اللَّهُ وَأَشْهَدُ أَنَّ مُحَمَّدًا عَبْدُهُ وَرَسُولُهُ۔

نَعْتِ شَرِیْف ماورائے این و آن، صَلِّ عَلٰی صَلِّ عَلٰی
برتر از وہم و گماں، صَلِّ عَلٰی صَلِّ عَلٰی مظہرِ ذات و صفات و باعثِ کون و مکاں
رونقِ بزمِ جہاں، صَلِّ عَلٰی صَلِّ عَلٰی مہبطِ علمِ لدنی، طوطیِ شیریں بیاں
ساقیِ تشنہ لباں، صَلِّ عَلٰی صَلِّ عَلٰی مرحبا شانِ ہدایت، مشعلِ راہِ خدا
کاشفِ سرِّ نہاں، صَلِّ عَلٰی صَلِّ عَلٰی معدنِ لطفِ عمیم و شافعِ روزِ جزا
چارۂ بے چارگاں، صَلِّ عَلٰی صَلِّ عَلٰی آرامِ جاں آرامِ جانی، تسکین دہِ درماندگاں
اے کہ تو ہے جانِ جاں، صَلِّ عَلٰی صَلِّ عَلٰی قلبِ کسے مضطرب ہے، چشمِ کوئی منتظر
ہے یہی وردِ زباں، صَلِّ عَلٰی صَلِّ عَلٰی
أَفْضَلُ الذِّكْرِ
طریقۂ اذکارِ کلمۂ طیبہ

صاحبو! کلمۂ طیبہ کا ذکر کئی طریقوں سے کیا جاتا ہے:
۱. ذکرِ دو ضربی:
کلمہ "لا" کو دل میں سے کھینچتے ہوئے "الہ" کہہ کر سیدھے شانہ تک پہنچو، اور ماسوا اللہ کی نفی کرو۔ "الا اللہ" کی ضرب دل پر لگا کر ذاتِ حق کا اثبات کرو۔

۲. ذکرِ سہ ضربی:
لفظ "لا" کو ناف سے کھینچو اور "الہ" کو داہنے شانہ تک پہنچاؤ، پھر باعتدالِ تمام اپنے سر کو تھوڑی گردش دے کر سیدھے شانہ پر "ہہ" کہو اور "الا اللہ" کی دل پر ضرب لگاؤ۔

۳. ذکرِ چہار ضربی:
مربع یعنی چار زانو بیٹھو۔ لفظ "لا" کو بائیں گھٹنے سے کھینچ "الہ" کی ضرب سیدھے گھٹنے پر دو، اور "ہہ" کی ضرب سیدھے شانہ تک پہنچا کر ماسوا اللہ کی نفی کرو، پھر دل پر "الا اللہ" کی ضرب سے اثباتِ حق کرو۔ جب خطرات کم ہو جائیں تو لفظ "اللہ" کہنا ہی کافی ہے۔

۴. ذکرِ ہا-ہو-ہی:
"لَا إِلٰهَ إِلَّا اللهُ مُحَمَّدٌ رَّسُوْلُ اللهِ" کا اختصار ہے۔ سیدھی طرف "ہا"، بائیں طرف "ہو" اور دل پر "ہی" کی ضرب دو۔

۵. ذکرِ مشی الاقدام:
آہستہ چلو تو سیدھے قدم پر "لا الہ" اور بائیں قدم پر "الا اللہ" کی ضرب دو۔

۶. ذکرِ تیز گام:
اگر تیزی سے چلنے لگو تو ایک قدم پر "لا"، دوسرے قدم پر "الہ"، تیسرے قدم پر "الا"، اور چوتھے قدم پر "اللہ" کہو۔

۷. ذکرِ عینی:
آنکھیں کھول کر "لا الہ" کہتے ہوئے ماسوا اللہ کی نفی کرو، اور آنکھیں بند کر کے "الا اللہ" کہہ کر اللہ کا اثبات کرو۔

واضح ہو کہ دو ضربی، سہ ضربی اور چہار ضربی ذکر کو حبسِ دم سے بھی کرتے ہیں۔ ذکرِ جہر سے جوشِ محبت اور حبسِ دم اور ذکرِ خفی سے حرارت اور مدہوشی پیدا ہوتی ہے۔ بزرگوں کا قول ہے کہ پہلے ذکرِ جہر سے محبت پیدا کرو، پھر حبسِ دم سے مدہوشی اور فنائیت حاصل کرو۔

شِعْر: کسانے کہ یزدان پرستی کنند
بہ جامِ ازل دورِ مستی کنند
تَوَجُّهَاتِ کَلِمَۂ طَیِّبَہ
تَوَجُّہِ اَوَّل: لَا إِلٰهَ إِلَّا اللهُ

توجه: لَا إِلٰهَ إِلَّا اللهُ (۳ بار) إِلٰهِي أَظْهِرْ عَلَى ظَاهِرِي سُلْطَانَ لَا إِلٰهَ إِلَّا اللَّهُ (۳ بار) وَحَقِّقْ عَلَى بَاطِنِي بِحَقَائِقِ لَا إِلٰهَ إِلَّا اللَّهُ (۳ بار) وَاسْتَغْرِقْ فِيكَ ظَاهِرِي وَبَاطِنِي بِإِحَاطَةِ لَا إِلٰهَ إِلَّا اللَّهُ (۳ بار) وَاحْفَظْنِي اللَّهُمَّ بِكَ لَكَ فِي مَرَاتِبِ وُجُودِكَ وَشُهُودِكَ حَتَّى لَا أَشْهَدَ غَيْرَ أَفْعَالِكَ وَصِفَاتِكَ لِوَجْهِ الْحَقِّ الَّذِي لَا إِلٰهَ إِلَّا أَنْتَ بِسِرِّ لَا إِلٰهَ إِلَّا اللهُ، لَا إِلٰهَ إِلَّا اللهُ، لَا إِلٰهَ إِلَّا اللَّهُ مُحَمَّدٌ رَّسُولُ اللَّهِ.

تَوَجُّہِ دُوَم: اَللَّهُ

توجه: إِلٰهِي دُلَّنِي بِكَ عَلَيْكَ وَارْزُقْنِي الثَّبَاتَ عِنْدَ وُجُودِكَ مَا يَكُونُ مُنَادِيًا بَيْنَ يَدَيْكَ: يَا اللَّهُ يَا اللَّهُ يَا اللَّهُ - إِلٰهِي بِعَظَمَتِكَ وَجَلَالِكَ ارْزُقْنِي حُبَّكَ، يَا اللَّهُ يَا اللَّهُ يَا اللَّهُ، إِلٰهِيَ اجْعَلْ...

قَلْبَ عَبْدِكَ الضَّعِيفِ مَظْهَرًا لِذَاتِكَ وَمَنْبَعًا لِآيَاتِكَ، يَا اللَّهُ يَا اللَّهُ يَا اللَّهُ.

تَوَجُّہِ سِوَم: يَا حَيُّ

توجه: يَا حَيُّ يَا حَيُّ يَا حَيُّ، أَحْيِنِي حَيَاةً طَيِّبَةً، وَاسْقِنِي مِنْ شَرَابِ مَحَبَّتِكَ أَعْذَبَهُ وَأَطْيَبَهُ. إِلٰهِي حَقِّقْ حَيَاتِي بِكَ، يَا حَيُّ يَا حَيُّ يَا حَيُّ، حَيِّ رُوحِي بِكَ حَيَاةً أَبَدِيَّةً، وَمَتِّعْ سِرِّي بِسِرِّكَ فِي الْحَضَرَاتِ الشُّهُودِيَّةِ، وَامْلَأْ قَلْبِي بِالْمَعَارِفِ الرَّبَّانِيَّةِ، وَأَطْلِقْ لِسَانِي بِالْعُلُومِ اللَّدُنِّيَّةِ الذَّاتِيَّةِ، يَا حَيُّ يَا حَيُّ يَا حَيُّ، أَحْيِنِي بِكَ وَأَمِتْنِي عَنْ غَيْرِكَ.

تَوَجُّہِ چَہَارُم: يَا وَاحِدُ

توجه: اجْعَلْنِي مُوَحِّدًا بِنُورِ وَحْدَانِيَّتِكَ، مُؤَيَّدَ الشُّهُودِ بِفَرْدَانِيَّتِكَ، يَا وَاحِدُ (۳ بار). إِلٰهِي أَنْتَ الْمُوَحَّدُ فِي ذَاتِكَ بِأُلُوهِيَّتِكَ، يَا وَاحِدُ يَا وَاحِدُ يَا وَاحِدُ.

تَوَجُّہِ پَنْجُم: يَا عَزِيزُ

توجه: يَا عَزِيزُ (۳ بار) اجْعَلْنِي بِعِزَّتِكَ مِنَ الْأَعَزِّينَ بَيْنَ يَدَيْكَ. يَا عَزِيزُ (۳ بار) وَاسْتَعْمِلْنِي بِأَعْمَالِ الْأَعَزِّينَ لَدَيْكَ. يَا عَزِيزُ (۳ بار) اجْعَلْنِي مِنْ عِبَادِكَ الْأَعَزِّينَ، يَا عَزِيزُ (۳ بار). «إِنَّ الْعِزَّةَ لِلَّهِ جَمِيعًا»، قُلْ: «فَلِلَّهِ الْعِزَّةُ وَلِرَسُولِهِ وَلِلْمُؤْمِنِينَ».

تَوَجُّہِ شَشُم: يَا وَهَّابُ

توجه: يَا وَهَّابُ (۳ بار) هَبْ لِي مِنْ جَزِيلِ هِبَتِكَ مَا يُبَلِّغُنِي إِلَى مَرْضَاتِكَ. يَا وَهَّابُ (۳ بار) «هَبْ لَنَا مِن لَّدُنكَ رَحْمَةً إِنَّكَ أَنتَ الْوَهَّابُ». يَا وَهَّابُ (۳ بار) يَا وَاهِبَ الْأَسْرَارِ هَبْ لِي مِنْ أَسْرَارِكَ فَيْضًا تَجْعَلُنِي بِهِ دَائِمًا مُسْتَحْفِظًا لِمَوْهِبَتِكَ. يَا وَهَّابُ (۳ بار) إِلٰهِي حَقِّقْنِي بِمَوَاهِبِ حَقِيقَةِ حَقِيقَتِكَ. يَا وَهَّابُ (۳ بار) إِلٰهِي كَوْنِي شَاهِدٌ عَلَيَّ بِالِافْتِقَارِ إِلَى غِنَائِكَ الْمُطْلَقِ الْكَامِلِ بِالذَّاتِ، فَامْنُنْ عَلَى عَبْدِكَ الضَّعِيفِ بِغِنًى أَكُونُ بِهِ...

عَلِيًّا مُغْنِيًا مَنْ شِئْتَ غِنَاهُ بِوَصْفِ الْفَقْرِ بَيْنَ يَدَيْكَ، إِنَّكَ أَنْتَ الْغَنِيُّ الْوَهَّابُ. يَا وَهَّابُ يَا وَهَّابُ يَا وَهَّابُ، «وَقَالَتِ الْيَهُودُ يَدُ اللَّهِ مَغْلُولَةٌ غُلَّتْ أَيْدِيهِمْ وَلُعِنُوا بِمَا قَالُوا بَلْ يَدَاهُ مَبْسُوطَتَانِ يُنفِقُ كَيْفَ يَشَاءُ».

تَوَجُّہِ ہَفْتُم: يَا وَدُودُ

توجه: يَا وَدُودُ (۳ بار) اجْعَلْ فِي قَلْبِي وُدًّا لَكَ، يَا وَدُودُ (۳ بار). إِلٰهِي أَعْطِنِي وُدًّا فِي قُلُوبِ عِبَادِكَ الْمُؤْمِنِينَ، يَا وَدُودُ (۳ بار). إِلٰهِي اكْفِنِي شَرَّ مَنْ كِفَايَتُهُ بِيَدِكَ، يَا وَدُودُ (۳ بار). «وَمِنَ النَّاسِ مَن يَتَّخِذُ مِن دُونِ اللَّهِ أَندَادًا يُحِبُّونَهُمْ كَحُبِّ اللَّهِ وَالَّذِينَ آمَنُوا أَشَدُّ حُبًّا لِّلَّهِ».

قِطْعَۂ تَارِیْخِ طَبَاعَت
از قلم: محمد لطف اللہ احمد قادری
ہجری: طبع ایں کنوز کردارِ شادات شدہ
عبد القدیر مسئلہ توحید گشتہ سال از لطف اللہ احمد! سالِ طباعت در سنہ ہجری نویس
گشت مطبوع نورِ ایمان لا الہ الا اللہ (۱۳۷۵ھ) عیسوی:
شد مکمل معارفِ کلمہ للہ الحمد معشر من الظفر معنیِ لا الہ الا اللہ گشت اکنوں عیاں بوجہِ نکو
گر بخواہی سنہ بہ مسیح احمد افضل الذکر طبع باد بگو (۱۹۵۵ء)
تَفْسِیْرِ صِدِّیْقِی
تَعَارُف و تَارِیْخِ اِشَاعَت

از قلم: شمس المفسرین، بحر العلوم، خادمِ قرآن حضرت علامہ محمد عبد القدیر صدیقی قادریؔ حسرت رحمۃ اللہ علیہ

تفسیرِ صدیقی کی اشاعت کا کام حیدر آباد دکن میں شروع کیا گیا تھا۔ چنانچہ وہاں سے سورۂ فاتحہ، یٰسین، دہر اور عمّ کی تفسیریں شائع کی گئیں۔ لیکن بعد میں یہ کام پاکستان میں ادارۂ اشاعتِ تفسیر صدیقی نے اپنے ذمہ لے لیا۔ اور اب تک ابتدائی چھبیس پاروں کو طبع کرا کر شائع کیا ہے۔ یہ پارے پانچ پانچ پاروں کی جلدوں میں حاصل کئے جاتے ہیں۔ مزید برآں حیدر آباد دکن سے ۲۷ ویں، ۲۸ ویں پارے حسرت اکیڈمی کی جانب سے شائع کئے گئے ہیں۔ باقی اور پارے بھی بہت جلد زیورِ طبع سے آراستہ ہو کر شائع ہو جائیں گے۔

تفسیرِ صدیقی عام فہم اردو میں لکھی گئی ہے۔ طرزِ بیان آسان اور دلنشین ہے۔ ہر قرآنی لفظ کے علیحدہ علیحدہ معنی بیان کئے گئے ہیں۔ حقیقی معنی کے ساتھ اعتباری اور امتیازی معنی بھی بیان کئے گئے ہیں۔ اگر اردو میں اسی لفظ کا کوئی مشتق استعمال ہوتا ہے تو اسے بھی استعمال کیا گیا ہے، تاکہ پڑھنے والے قرآنی نفسیات سے زیادہ مانوس ہو جائیں۔

معرکۃ الآرا مسائل جیسے سود، دار الحرب، سرمایہ داری، اشتراکیتِ اسلامی اور تصوف کے مختلف مسائل پر سیر حاصل بحث کی گئی ہے۔ اور اس کے علاوہ اس بات کو ثابت کیا گیا ہے کہ قرآن کی کوئی آیت منسوخ نہیں ہے۔

تفسیرِ صدیقی میں جا بجا احکامِ قرآنی کو زمانۂ حال پر منطبق کر کے موجودہ مسلمانوں کو قرآنی آئینے میں ان کی صورت دکھائی گئی ہے۔ مستشرقین اور دیگر مخالفینِ اسلام کے اعتراضات کے تشفی بخش جوابات دیئے گئے ہیں۔ اس تفسیر کے پڑھنے سے پتہ چلتا ہے کہ قرآن نہ صرف بلاغت میں اعجاز ہے بلکہ وہ ہر اعتبار سے اعجاز ہے اور امتیاز ہے۔

اس تفسیر کی اشاعت میں مدد فرمائیے اور قرآن کو عام لوگوں تک پہنچا کر «كُنتُمْ خَيْرَ أُمَّةٍ...» الخ کا حقیقی مصداق بن جائیے۔

قیمت و تفصیل:
۱- تفسیرِ سورۂ فاتحہ، ۲۸ صفحات، قیمت: ایک روپیہ
۲- پہلے پانچ پاروں کی جلد معہ مقدمہ: ۱۶ روپے
۳- باقی پانچ پانچ پاروں کی جلدیں فی جلد: ۱۶ روپے
ملنے کا پتہ:
۱- صدر دفتر: ادارۂ اشاعتِ تفسیر صدیقی، ۲۴-سی، پیلی بھیت برار سوسائٹی، بلاک ۷ و ۸، کراچی
۲- شاخ: ادارۂ اشاعتِ تفسیر صدیقی، شاہ لطیف آباد، حیدر آباد سندھ (پاکستان)