از: بحر العلوم مولانا محمد عبد القدیر صدیقی حسرتؔ حیدرآبادی رحمۃ اللہ علیہ
سلسلۂ اشاعت حسرت اکیڈیمی
صدیق گلشن بیرونِ دریچۂ بواہیر، حیدر آباد دکن ۲۰
شعبان المعظم ۱۳۸۴ھ
بارِ اول (۵۰۰) | قیمت ۲۵ پیسے
[صفحۂ بیاض — اصل مطبوعہ نسخہ میں یہ سرورق کی پشت پر سفید صفحہ ہے]
تالیف: بحر العلوم مولانا محمد عبد القدیر صدیقی حسرتؔ حیدرآبادی رحمۃ اللہ علیہ
سلسلۂ اشاعت حسرت اکیڈیمی
صدیق گلشن بیرونِ دریچۂ بواہیر، حیدر آباد دکن ۲۰
شعبان المعظم ۱۳۸۴ھ
بارِ اول (۵۰۰) | قیمت ۲۵ پیسے
مطبوعہ: اعجاز پرنٹنگ پریس، پریس لین، چھتہ بازار، حیدر آباد
جب آدمی اس عالم سے عالمِ آخرت میں منتقل ہو جاتا ہے تو وہاں کیا ہوتا ہے؟ ایک عالم کو دوسرے عالم پر قیاس کرنا قیاس مع الفارق ہے۔ جس پر بیتتی ہے اسی کو معلوم ہوتا ہے۔ وہ عالم تو «مَا لَا عَيْنٌ رَأَتْ وَلَا أُذُنٌ سَمِعَتْ وَلَا خَطَرَ عَلَىٰ قَلْبِ بَشَرٍ» کا ہے، پھر بھی کچھ نہ کچھ بیان کرنا ہی پڑتا ہے۔
ہمارے خیال میں اچھے لوگ کئی قسم کے ہوتے ہیں:
۱۔ انسانِ کامل، عبد اللہ
۲۔ موحد، عارف
۳۔ عاشق، صاحبِ محبت
۴۔ عابد، زاہد، متقی، پرہیزگار
ہمارے خیال میں ہر ایک کی جنت جدا ہے۔ ہم اپنے تخیل کے مطابق ہر ایک کی جنت کو بیان کریں گے۔ سب سے پہلے زاہد، متقی، پرہیزگار کی جنت بیان کریں گے۔ انہوں نے جنت کی امید پر دنیا کے تمام خواہشات کو چھوڑا، قسم قسم کی تکلیفیں اٹھائیں۔ خدا نے بھی ان کا بدلہ ایسا دیا جو ان کی امیدوں سے زیادہ تھا۔ اس کا ایک خیالی منظر پیش کیا جاتا ہے۔
جنت میں زاہدوں کے لئے ایک نہایت سرسبز باغ، ایک اچھا خوبصورت مکان ہے۔ باغ میں آرائشی درخت ہیں، اور پھول پھل بھی ہیں۔ عموماً دنیا میں بعض موسم میں بعض پھول پھل ہوتے ہیں اور دوسرے موسم میں دوسرے قسم کے پھول پھل، مگر اس عجیب و غریب باغ میں ہر قسم کے پھول اور پھل ہر وقت موجود ہیں۔ روشیں درست ہیں، فوارے پھوٹ رہے ہیں۔
پھلوں میں انجیر، کھجور، انار، آم، جام، موسمی، سیب، سنترہ، لال پیلے اور سبز موز موجود ہیں۔ منڈووں پر انگور کی بیلیں بھی چڑھی ہوئی ہیں۔ حیدرآباد کے شریفے اور املی کے درخت بھی ہیں۔ غرض کہ ہر قسم کے میوے ہیں اور اس کثرت سے ہیں کہ ڈالیاں جھکی جا رہی ہیں اور ٹوٹی پڑ رہی ہیں۔
اسی طرح پھولوں میں گلاب، کیوڑہ، چنبیلی، موتیا، موگرا، پچپھنا، حنا، عنبر بیل۔ کچھ گھاس بھی ہے جس میں سے خوشبو نکلتی ہے جیسے خس اور روسا۔ غرض ہر قسم کے پھول بھی اس باغ میں موجود ہیں۔
مکان بھی نہایت سجا ہوا ہے، آراستہ پیراستہ ہے۔ کم عمر خادم اور خادمات میووں کی کشتیاں اور پھولوں کی چنگیریں لئے کھڑے ہیں۔ دسترخوان بچھا ہوا ہے۔ دوسرے خادم کھانوں کو رکابیوں اور ڈشوں میں رکھتے جا رہے ہیں۔ کھانے بڑے خوش ذائقہ ہیں۔ ان کی خوشبو سے دل باغ باغ ہو جاتا ہے۔
رکابیوں پر شیرمال، باقرخانی، مختلف اقسام کی چپاتیاں، پھلکے ہیں۔ تلے ہوئے مرغ اور بٹیر تیتر، تلی ہوئی مچھلی رکھے ہوئے ہیں۔ شامی کباب، کوفتے، پسندے، دہی کی کڑھی، چقندر کا سالن، کھٹ، بگھارے بیگن۔ غرض مختلف مذاق والوں کے لئے مختلف قسم کے سالن اور کھانے ہیں۔ حیدر آباد کا پلاؤ اور ہندوستان کا متنجن بھی ہے۔ سموسے، ورقی سموسے، دہی میں پڑے ہوئے سموسے، برہانی، کری پفس۔
قسم قسم کے آچار بھی ہیں جیسے آم کا آچار، لیمو کا آچار، املی کا آچار، انڈوں کا آچار، مرغ کا آچار، مچھلی کا آچار، بھیلیوں کا آچار، ترکاری کا آچار۔ کئی قسم کی چٹنیاں بھی ہیں: دہی کی چٹنی، ٹماٹے کی چٹنی، نورتن، نارنجک۔ ان کے علاوہ میٹھے بھی ہیں: قلاقند، گلاب جامن، لڈو، پیڑے، سوہن پپڑی، برفی، بادام کا میٹھا، پستے کے لوز، بادام کی جالی، ڈبل کا میٹھا، خوبانی کا میٹھا۔ ان کے علاوہ اعلیٰ درجے کے بلورین گلاسوں میں مختلف قسم کے شربت ہیں جیسے انناس،
کیوڑہ، گلاب، بادام کا شربت، راس بیری، کشمش کا شربت، لیمو کا شربت، انگور کا شربت، املی کا زلال۔ ان تمام چیزوں کو میز اور دستر خوانوں پر نہایت ہی سلیقے سے چنا گیا ہے۔ غرض کوئی کہاں تک کہے، جو دل چاہتا ہے وہاں ان کو ملتا ہے، تیار ہے۔
اس جنت میں ایک عابد، زاہد تشریف رکھتے ہیں۔ ان کی بیوی بھی ہیں جو حورانِ بہشتی سے زیادہ خوبصورت اور قیمتی زیور سے زرق برق کپڑوں سے مزین و مجلا ہیں۔ جو بچے ان کے سامنے دنیا میں انتقال کر گئے تھے وہ سب موجود ہیں۔ فرحت بخش ہوائیں چلتی ہیں اور نہایت شیریں پانی کی نہریں بہتی ہیں۔ جدھر آنکھ اٹھا کر دیکھتے ہیں آنکھوں میں خوشی کی لہر آ جاتی ہے۔ رنج و غم، درد دکھ سب کافور۔
کبھی کبھی دربارِ الٰہی میں حاضری ہوتی ہے اور ہر ایک کو اس کی صلاحیت کے مطابق دیدارِ الٰہی سے حصہ ملتا ہے۔
دیدارِ الٰہی کے مقابل دوسری ساری لذتوں کو بھول جاتے ہیں۔ دربار سے واپسی پر زاہد کے چہرے پر اک نورِ سکینہ نمایاں رہتا ہے۔ اس کی بیوی بچے دیکھ کر حیرت میں آ جاتے ہیں۔ قدیم دوست بھی ان کے پاس آتے جاتے ہیں۔ عمدہ قالینوں کا فرش ہے، قیمتی صوفوں پر بیٹھ کر اللہ تعالیٰ کے عطایا کو بیان کرتے ہیں۔
دوسرا باغ عاشقوں کا ہے۔ ایک نہایت ہی پر فضا باغ اور ایک سنگِ سرخ کا اس میں مکان ہے، دیواروں پر طلائی کام ہے۔ جابجا عود دان دھرے ہیں۔ کسی میں اگر جل رہا ہے، کسی میں عود، کسی میں لوبان، مختلف قسم کی اگر بتیاں بھی ہیں جس میں سے گلاب، مشک، عنبر وغیرہ کی خوشبو نکل رہی ہے۔ اس باغ میں بجائے پانی کے شراب کی نہریں بہہ رہی ہیں۔
عاشق بلوری گلاس سے شراب لیتا ہے اور پیتا جاتا ہے، مست ہو گیا ہے۔ ایک کنارہ نہر پر پہنچ کر ایک چیخ مارتا ہے اور دوڑتا ہوا دوسرے کنارے پر پہنچتا ہے۔ وہاں پہنچ کر پھر چیخ مارتا ہے۔ کبھی نہایت دردناک آواز میں کچھ گاتا بھی ہے۔ ارے یہ گوشت بھونے جانے کی بو کہاں سے آ رہی ہے؟ اسی کے پاس سے! چیختا چیختا غریب لیٹ جاتا ہے۔ اس کے کپڑوں میں آگ لگ جاتی ہے۔
بے چارہ اف اف کرتا ہے اور اس کے منہ سے آگ کے شرارے نکلتے ہیں اور نور میں متبدل ہو جاتے ہیں۔ اس کا عجیب حال ہے، خدا جانے کیا دیکھتا ہے۔ ایسے چکر کاٹتا ہے جیسے کسی کے صدقے ہو رہا ہے۔ کبھی دوڑتا ہے، دوڑ کر بلائیں لیتا ہے، کبھی سجدے میں گرتا ہے اور ایسا معلوم ہوتا ہے جیسے کسی کے پاؤں پڑ رہا ہے۔ اپنے آپ میں بڑبڑاتا بھی ہے:
«ہر رنگ میں تیری خود نمائی، ہر ایک ادا میں دلربائی»
اس کے پاس نہایت ہی تجربہ کار خوش آواز گانے والے بھی ہیں اور کیا ہی اچھا گاتے ہیں۔ سبحان اللہ کیا تان پلٹتے ہیں، کیا درد بھری آواز ہے۔ کیا گا رہے ہیں:
الحمد للہ! الحمد للہ کہتا ہوا کھڑا ہو جاتا ہے۔ پھر وہی زور کے نعرے۔
اور ادھر سے ادھر ادھر سے ادھر دوڑتا ہے۔ کبھی اچھلتا بھی ہے اور ایسی سبکی کے ساتھ کہ گویا اس کا جسم گراں بار ہی نہیں۔ غزل پر غزل، ٹھمری پر ٹھمری سنتا ہے اور تھکتا نہیں۔ بڑی مشکل سے رکتا ہے۔ پھر کھڑے قد سے گرتا ہے، پٹڑیوں پر غوطے کھاتا ہے۔ سماع ختم ہوتا ہے اور گانے والے چلے جاتے ہیں تو خود گنگنانے بیٹھتا ہے۔ کبھی کوئی شعر تو کبھی کوئی شعر۔
اس کے باغ اور مکان میں سب کچھ ہے مگر اس کی نظر میں سب ہیچ ہے۔ کھانے کی چیزوں کی طرف جاتا ہے جو نہایت خوش ذائقہ ہیں، میوہ لیتا ہے، وہ بھی اس کے دل کو نہیں بھاتا۔ چکھتا ہے، تھوکتا ہے۔ اللہ اکبر کی چیخ لگاتا ہے، پھر وہی دوڑنا، بلائیں لینا، صدقے ہونا۔
”موت پہلے ہی ذبح کر دی جاتی ہے۔“ بیوی بچے سب ہیں۔ بعض دفعہ بیوی سے مخاطب ہو کر کہتا ہے: اجی! ذرا مجھ سے باتیں کرو۔ بیوی ہنستی ہے اور اللہ کے احسانات بیان کرنا شروع کر دیتی ہے۔ مگر وہ جس کا دیوانہ ہے دیوانہ ہے۔ راحت ہے تو دیدار سے، وہی اس کا یارِ غمگسار ہے۔ چیختے چیختے کبھی ہنس بھی دیتا ہے۔ گویا اس کو دو جہاں مل گئے ہیں۔ پھر روتا ہے۔ آدمی کیا ہے، اک تماشا ہے۔
کبھی زور سے نعرہ مارتا ہے: «اللَّهُ أَكْبَرُ كَبِيراً، وَالْحَمْدُ لِلَّهِ كَثِيراً، وَسُبْحَانَ اللَّهِ بُكْرَةً وَأَصِيلاً»۔ اس کی ملاقات کے لئے ایک قدیمی دوست آتے ہیں، مشکل سے دو چار باتیں کرتا ہے اور اپنے سینے سے لگا لیتا ہے، وہ حضرت بھی چیخنے لگتے ہیں۔
آبِ رحمت سے وضو کرتا ہے اور «قُرَّةُ عَيْنِي فِي الصَّلَاةِ» کہہ کر نماز پڑھتا ہے۔ نماز کے بعد درود شریف پڑھنے لگتا ہے تو اک گونہ آرام ہوتا ہے۔
پھر ایک ولولہ اٹھتا ہے اور مرشد کے عالی شان مکان کی طرف دوڑتا ہے۔ وہاں مریدوں اور محبوں کا جمگھٹا لگا ہوا ہے۔ یہ بھی اف اف کرتا ہوا آگے بڑھتا ہے تو سب لوگ ہٹ کر راستہ دیدیتے ہیں۔
مرشد کی صورت نظر آتے ہی بے اختیار دوڑتا ہے اور قدموں پر گر جاتا ہے۔ مرشد اس کو اٹھاتے ہیں، اپنے سینے سے لگاتے ہیں اور فرماتے ہیں:
«وَاصْبِرْ وَمَا صَبْرُكَ إِلَّا بِاللَّهِ»
«هُوَ الَّذِي أَنزَلَ السَّكِينَةَ فِي قُلُوبِ الْمُؤْمِنِينَ لِيَزْدَادُوا إِيمَانًا مَّعَ إِيمَانِهِمْ»
ایسا معلوم ہوتا ہے کہ جیسے جلتی آگ پر گلاب پاشی کر دی گئی ہے۔ جب تک مرشد کے سامنے بیٹھتا ہے، خاموش اور اطمینان سے بیٹھتا ہے۔ پھر جب گھر آتا ہے تو پھر وہی ”جامہ دری اور وہی صحرا ہو گا“ کا مصداق ہو جاتا ہے۔ زندگی بھر آرام نہیں ملا۔
اے محبت! تو سراپا بے قراری ہے، مگر اس کے ساتھ لذت داری بھی ہے۔
باعثِ روح ہیں عاشق کی بلائیں
تو جو پیارا ہے تو ہے درد بھی پیارا تیرا
چیختے چیختے، چلّاتے چلّاتے آنکھ بند کر لیتا ہے۔ کیا دیکھتا ہے کہ حسن و جمال کا ایک مظہرِ اتم سامنے کھڑا ہے! کیا رنگ ہے: رخساروں میں ہلکی سرخی، سر کے بال سیاہ عنبر بو، پیشانی کشادہ درخشاں، باریک کمانی دار ابرو، آنکھیں بڑی بڑی بادامی اس میں سرخ ڈورے، پتلے پتلے ہونٹ۔ بات کرتے ہیں تو گویا پھول جھڑتے ہیں، سانس لیتے ہیں تو پھولوں کی مہک آتی ہے۔
تبسم مرہمِ قلبِ عاشقان، شفاف روشن بتیسی جیسے موتیوں کی لڑی، صراحی دار گردن، پتلی پتلی انگلیاں، ہاتھ میں «يَدُ اللَّهِ فَوْقَ أَيْدِيهِمْ» کا انداز، سینہ کشادہ ابھرا ہوا، کمر سڈول، ساق سیمیں «يَوْمَ يُكْشَفُ عَن سَاقٍ»۔ ہاتھ حرکت کرتے ہیں تو گویا عاشقِ جانباز کے سینے میں خنجر ہے کہ پیوست ہو جاتا ہے۔ چلتے ہیں تو خرامِ ناز میں قیامت ہے کہ ٹھوکریں کھا رہی ہے۔ مسکرا دیتے ہیں، کبھی ہنس دیتے ہیں تو ایک بجلی ہے کہ گر گئی۔
دیکھتے ہی قدموں پر گر جاتا ہے۔ قدموں پر سے اٹھا لیتے ہیں، فرماتے ہیں: «رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُمْ وَرَضُوا عَنْهُ»۔ پھر قدموں پر گرتا ہے۔ پھر اٹھاتے ہیں اور فرماتے ہیں: «يُحِبُّهُمْ وَيُحِبُّونَهُ» اور «وَالَّذِينَ آمَنُوا أَشَدُّ حُبًّا لِلَّهِ»۔ صدقے ہوتا ہے، طواف کرتا ہے تو فرماتے ہیں: «لَا تَحْزَنْ إِنَّ اللَّهَ مَعَنَا»۔ پھر آنکھ کھولتا ہے اور چلّا اٹھتا ہے۔ نہ آنکھ بند کرنے میں راحت، نہ کھولنے میں سکون۔
آخر یہ مصیبت کب تک؟ تمہاری فطرت جب تک۔ نہ فطرت قابلِ انتقال، نہ عشق قابلِ زوال: «لَا تَبْدِيلَ لِخَلْقِ اللَّهِ ذَٰلِكَ الدِّينُ الْقَيِّمُ»۔ ہزار بار 'انا لیلیٰ' کہو، پھر ہوش آئے گا تو جو پہلے تھے وہی رہو گے۔ جس کام کے لئے پیدا ہوئے ہو وہی کام کرتے رہو گے۔
عاشق کہتا ہے: توبہ، توبہ! غیب سے آواز آتی ہے: کیا ہم تجھ پر ظلم کر رہے ہیں؟ کیا تو اس بات پر تیار ہے کہ سابقہ حالت پر عود کر دیا جائے؟ نہیں! جی نہیں! لا واللہ، کلا واللہ! اللہ اکبر! «رَضِينَا بِمَا حَلَا وَمَرَّ»، اس توبہ سے بھی توبہ کرتا ہوں۔
ایک اور باغ ہے جس میں عالی شان سنگِ مرمر کا مکان ہے۔ کیا اچھا سنگِ مرمر ہے، نہ داغ نہ دھبہ۔ باغ میں بجائے پانی کے دودھ کی نہریں بہہ رہی ہیں۔ اس مکان میں روشنی کا بڑا ہی انتظام ہے۔ مختلف قسم کے کنول اور گلوب ہیں۔ گلوب کے رنگ قسم قسم کے ہیں: سبز، سرخ، نیلا، اودا۔ روشنی بڑی ٹھنڈی ہے۔ دیکھنے والے کے دل کو بڑی راحت ملتی ہے۔ اس باغ اور مکان کے اندر جانے والے کا دل باغ باغ ہو جاتا ہے۔
اس باغ میں ایک سبزہ زار ہے۔ نہایت ہرا بھرا ہے۔ مگر یہ کیا! جو اس میں داخل ہوتا ہے اس کے تن بدن میں ایک سنسنی پیدا ہوتی ہے اور دماغ چکر کھانے لگتا ہے۔ جو لکھا پڑھا تھا سب بھول جاتا ہے۔ دوسرے لوگوں کو تو کیا خود اپنے کو بھی بھول جاتا ہے۔ ایک بے خودی اور خود فراموشی اس پر چھا جاتی ہے اور کچھ ایسی باتیں کرتا ہے کہ عام لوگ اس کو کفر و شرک سمجھتے ہیں۔ یہ مقام عارفِ موحد کا ہے۔
وہ چوطرف پھرتا ہے اور «وَهُوَ مَعَكُمْ أَيْنَ مَا كُنتُمْ» پڑھتا ہے۔ خود کو دیکھتا ہے اور «وَفِي أَنفُسِكُمْ أَفَلَا تُبْصِرُونَ» پڑھتا ہے۔ کھڑے رہ کر گھومتا ہے اور «فَأَيْنَمَا تُوَلُّوا فَثَمَّ وَجْهُ اللَّهِ» پڑھتا ہے۔ ایک ایک پھول کو توڑتا ہے، سونگھ سونگھ کر کہتا ہے: کیا یہ گلاب ہے یا چنبیلی؟
یا گلِ حنا ہے؟ ان پھولوں میں نہ گلاب کی بو ہے نہ چنبیلی کی اور نہ کسی اور پھول کی، ایک ہوش ربا خوشبو ہے۔ ہر ایک پھول سے ایک جدا ہی مہک آتی ہے۔ پھل توڑتا ہے اور چکھتا ہے تو عام میوؤں کا مزا نہیں، ایک جدا ہی ذائقہ ہے۔ ان پھولوں کی خوشبو اور ان میوؤں کے مزے سے بھی اس پر ایک خود فراموشی طاری ہوتی ہے۔ قسم قسم کے لذیذ کھانے ہیں، ان کے مزے سے حیرت انگیز ہوتی ہے۔
بیوی بچے بھی ساتھ ہیں۔ بیوی سے گفتگو کرتا ہے اور اثنائے گفتگو میں تھوڑی دیر کے لئے خاموش ہو جاتا ہے۔ پھر اللہ اکبر کہتا ہے اور ہوش میں آ جاتا ہے۔ بیوی پوچھتی ہیں: آپ کہاں تھے؟ وہ مسکرا کر جواب دیتا ہے: میں تو نہیں تھا! اچھا تو بولو، کیا بول رہے تھے؟ بیوی ان کی باتوں پر ہنستی ہے اور کہتی ہے: یہ کہہ رہی تھی کہ میں اور خدا کے احسانات کا شکریہ؟ چھوٹا منہ بڑی بات! لہٰذا یا اللہ! ادائے شکر میں تجھ کو اپنا وکیل کرتی ہوں، تیرے احسانات بڑے ہیں تو میرا وکیل بھی بہت بڑا ہے! میاں ہنستے ہیں اور کہتے ہیں: شاد باش، ان شاء اللہ!
کھانے پینے سے فارغ ہوتا ہے اور ایک یک تارہ لے کر بیٹھتا ہے اور مضراب سے ٹن ٹن کی آواز آتی ہے اور یہ شعر گنگناتا ہے:
دن میں پانچ مرتبہ مرشد کے محل میں جاتا ہے اور ان کے دربارِ خاص میں داخل ہوتا ہے اور عزتِ دیدار سے سرفراز ہوتا ہے۔ رونا دھونا اس کے پاس نہیں پھٹکتا، شادی و خرمی کی روشنی اس کے در و دیوار سے نکلتی ہے۔
بعض دفعہ نماز پڑھتا ہے: کھڑا ہے تو کھڑا ہی ہے، رکوع میں ہے تو رکوع ہی میں، سجدے میں پڑا ہے تو اسی میں! بڑی مشکل سے نماز ختم کرتا ہے۔ نماز سے فارغ ہوتا ہے تو یوں نغمہ سرا ہوتا ہے:
«گم شدن در گم شدن دینِ من است
نیستی در نیست آیینِ من است»
کبھی کہتا ہے: «أَلَا كُلُّ شَيْءٍ مَا خَلَا اللَّهَ بَاطِلُ»۔
بعض دفعہ کمبل اوڑھ کر لیٹ جاتا ہے اور بیوی ڈھونڈتی ہیں: کمبل ہے نہ کمبل پوش! ہوشیار ہوتا ہے تو کمبل بھی موجود اور کمبل پوش بھی۔ یہ مکان محلِ حیرت ہے، کبھی فنا کا دورہ ہوتا ہے تو کبھی بقا کا:
لَا إِلَٰهَ إِلَّا اللَّهُ مُحَمَّدٌ رَسُولُ اللَّهِ
ایک اور نہایت ہی عالی شان باغ ہے اور اس میں موتی کا بہترین مکان ہے۔ اس سے پہلے کے دوسرے باغوں میں جو کچھ تھا وہ اس میں موجود ہے: پھول بھی ہیں، پھل بھی ہیں، کھانے پینے کی تمام چیزیں ہیں، آرائش اور دوسری زینت کی چیزیں بھی ہیں، تخت ہیں، صوفے ہیں، کرسیاں ہیں۔ کیا چیز ہے جو اس گھر میں نہیں ہے؟ ”با ہمہ و بے ہمہ، کج دار و مریز“ اس کا کام ہے۔
یہ مقام عبد اللہ کا ہے۔ اس میں کیا ہے؟ علم ہے، معرفت ہے، توحید ہے، عشق و محبت ہے۔ آدمی کیا ہے؟ کمالات کا مجسمہ، طلسمات کا پتلا ہے۔ گھر میں بیوی بچے بھی ہیں: بیوی سے محبت ہے اور بچوں پر شفقت۔
اس بڑے باغ کے اندر سیکڑوں ہزاروں باغیچے اور گھر ہیں جن میں اس کے معتقدین اور مریدین رہتے ہیں۔ کھانے پینے اور دوسری ضروریات کی افراط ہے۔ عبد اللہ اپنے شیوخِ طریقت سے بھی ملتا رہتا ہے۔ ہر گھڑی دربارِ الٰہی میں اس کی یاد ہوتی ہے۔ خدا تعالیٰ کسی کو کچھ دینا چاہتا ہے تو اسی کے ہاتھ سے دلواتا ہے، اس پر صادق آتا ہے کہ وہ خدا کا ہاتھ پاؤں بن گیا ہے۔ دربارِ الٰہی سے دربارِ محمدی کو اور دربارِ محمدی سے جو احکامات جاری ہوتے ہیں وہ اسی کے توسط سے جاری ہوتے ہیں۔ اس کا کام ہے سردارِ انبیاء کے تخت کے پاس مورچھل لے کر کھڑے رہنا اور مرکزِ نبوت پر ہلاتے رہنا اور یہ پڑھتے رہنا:
عبد اللہ مذکور نہ صرف ایک بڑے باغ کے مالک ہیں بلکہ وہ بہت بڑے جاگیردار بھی ہیں۔ جاگیر بھی اتنی بڑی ہے کہ انہوں نے دوسروں کو چھوٹی چھوٹی جاگیریں دے رکھی ہیں۔ یہ لوگ کون ہیں؟ ان کے خلفا ہیں۔ ہر خلیفہ کے پاس کئی کئی باغ ہیں جن میں ان کے مرید رہتے ہیں۔ یہ باغ بھی ہر طرح آراستہ و پیراستہ ہیں، حضورِ یار اور زندگی کی برکات بافراط ہیں۔ یہ لوگ اکثر اپنے مرشد کے پاس 'ھو حق' میں شریک رہتے ہیں اور ان کے توسط سے دربارِ الٰہی اور دوسرے درباروں میں حاضر ہوتے ہیں۔ عبد اللہ کا مقولہ ہے:
«دیتا ہی چلا جاؤں ہر شخص کو جو مانگے
تو اپنے خزانے سے یا رب مجھے اتنا دے»
عبد اللہ کے اطراف عاشقوں، عارفوں، عباد اللہ کا جمال اللہ رونق دہِ مجلس ہوتا ہے۔ ایک صاحب آتے ہیں جن کے ہاتھ میں دف ہوتا ہے، وہ اپنے ایقاع یعنی تال کا کمال دکھاتے ہیں۔ کیا لے ہے، کیا تناسب ہے! کبھی اکہرا، کبھی دوہرا۔ یہ تال کیا ہے؟ سراپا جمال ہے! پھر نغمہ سنجی میں یہ ٹھمری الاپتے ہیں:
«میں نہ چھوڑوں گی تمہارا دامن
تم پہ واروں گی اپنا تن من»
سامعین کی آنکھوں میں شادی و خرمی کی سرخی دوڑ جاتی ہے، اور وہ جب یہ کہتا ہے:
«جس کو دیکھو تصدق ہے تم پر
مل گیا تم کو کیسا جوبن»
عبد اللہ اٹھتے ہیں اور ادھر سے ادھر ادھر سے ادھر ٹہلتے ہیں۔ ہاتھ میں ایک زرین دستی ہے، مسکراتے جاتے ہیں اور دستی ہلاتے جاتے ہیں۔ چھوٹے چھوٹے قدم بھی ڈالتے ہیں، اپنے دوستوں کو دیکھتے بھی جاتے ہیں اور مسکراتے بھی جاتے ہیں۔
ان کی ہر ایک ادا سے محبت ظاہر ہوتی ہے۔ ان کے دستی ہلانے، جھکنے پر ناز و ادا تصدق ہو رہے ہیں۔ وہ خدا پر تصدق ہو رہے ہیں اور سب ان کے حرکات و سکنات پر۔ جب گانے والے صاحب یہ شعر پڑھتے ہیں:
«سب تماشے ہیں پیارے کے پیارے
کیسا دولہا کدھر کی دلہن»
تو جناب عبد اللہ کبھی جھکتے ہیں، کبھی سیدھے ہوتے ہیں، کبھی دونوں ہاتھ پھیلا کر یا اونچے کر کے ایک ہی جگہ کھڑے رہ کر چکر کاٹتے ہیں اور سامعین 'ھو حق' کے نعرے لگاتے ہیں۔ مجلس ختم ہوتی ہے تو دستی سے منہ اور گلا پونچھتے ہیں۔ وہ بیٹھتے ہیں تو سب بیٹھ جاتے ہیں۔
نہایت باریک کمبل کی جائے نماز بچھی ہوئی ہے۔ نہایت خشوع و خضوع سے نماز پڑھتے ہیں۔ کیا اطمینان ہے، کیا حضورِ قلب ہے! صاحبِ تمکین ہیں، صاحبِ یقین ہیں۔ اللہ اکبر کہتے ہیں اور دل وفورِ شادی سے مالا مال ہو جاتا ہے۔ مختلف مذاق کے حضرات بھی ان کی اقتداء کرتے ہیں۔
دوامِ حضور جان ہے، عشق و محبت ان کا ایمان ہے۔ خلوت میں جلوت میں محبوبِ رب العالمین ہیں، منظورِ ختم المرسلین ہیں۔ زندگی میں جہاں سے رحمت للعالمین کا قدم اٹھتا تھا، وہیں ان کا قدم پڑتا تھا۔ اس اتباعِ نبوت سے ساری عزت و حرمت ملی ہے: ﴿قُلْ إِن كُنتُمْ تُحِبُّونَ اللَّهَ فَاتَّبِعُونِي يُحْبِبْكُمُ اللَّهُ﴾۔
پیغمبر کے سامنے سر جھکاتے ہیں تو سرفراز ہوتے ہیں، «وَمَا أَرْسَلْنَاكَ إِلَّا رَحْمَةً لِّلْعَالَمِينَ» کی تصویر ہیں۔
وَالصَّلَاةُ وَالسَّلَامُ عَلَىٰ نَبِيِّهِ الْكَرِيمِ، الْمَلِكِ الْحَقِّ الْمُبِينِ. لَا إِلَٰهَ إِلَّا اللَّهُ مُحَمَّدٌ رَسُولُ اللَّهِ الصَّادِقُ الْوَعْدِ الْأَمِينُ. وَالسَّلَامُ عَلَىٰ جَمِيعِ الْأَنْبِيَاءِ وَالْمُرْسَلِينَ، وَالصِّدِّيقِينَ وَالشُّهَدَاءِ وَالصَّالِحِينَ. وَالْحَمْدُ لِلَّهِ رَبِّ الْعَالَمِينَ.
نشانِ سلسلہ | صفحہ | سطر | غلط | صحیح
۱ | ۱ | ۱ | بیتی ہے | بیتتی ہے
۲ | ۲ | ۴ | مہر | نہر
۳ | ۳ | ۸ | چنیلی | چنبیلی
۴ | ۴ | ۵ | غفورحیم | غفور رحیم
۵ | ۷ | ۹ | گنگناتے | گنگنانے
۶ | ۸ | ۱۳ | ليزداد وايمانا | لِيَزْدَادُوا إِيمَاناً
۷ | ۱۰ | ۵ | رضوعنہ | رَضُوا عَنْهُ
۸ | ۱۲ | ۴ | عقبی | عُقْبَىٰ
۹ | ۱۳ | ۸ | الله | اللَّهُ
پریس لین، چھتہ بازار، حیدر آباد ۲۴، آندھرا پردیش۔