🏠 Portal 🔍 Proofreading Workbench 📘 Bilingual Edition 📄 Markdown
مشاجراتِ صحابہؓ و اختلافاتِ ائمہؒ
Mushajirat al-Sahabah wa Ikhtilafat al-Aimmah
حضرت بحر العلوم مولانا محمد عبد القدیر صدیقی حسرت رحمۃ اللہ علیہ
Hazrat Bahr al-Uloom Maulana Muhammad Abdul Qadeer Siddiqi Hasrat (Rh.A)
Mahmoodi Steam Press, Charminar, Hyderabad Deccan · Classical Scholarly Edition (High Fidelity)
آیتِ قرآنی
وَلَوْ رَدُّوهُ إِلَى الرَّسُولِ وَإِلَى أُولِي الْأَمْرِ مِنْهُمْ لَعَلِمَهُ الَّذِينَ يَسْتَنْبِطُونَهُ مِنْهُمْ
مشاجراتِ صحابہؓ
معہ
اختلافاتِ ائمہؒ

تالیف: بحر العلوم مولوی محمد عبد القدیر صاحب صدیقی حسرت، سابق صدر شعبۂ دینیات جامعہ عثمانیہ
حسب فرمائش: قاضی محمد معین الدین صاحب قادری
باہتمام: محمد مظہر الدین قدیری القادری
محمودی اسٹیم پریس، چار مینار، حیدر آباد دکن

بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيمِ
مشاجراتِ صحابہ رضوان اللہ علیہم اجمعین
وقال الله تعالى: اللہ تعالیٰ فرماتا ہے:
آیتِ قرآنی
مُحَمَّدٌ رَسُولُ اللَّهِ وَالَّذِينَ مَعَهُ أَشِدَّاءُ عَلَى الْكُفَّارِ رُحَمَاءُ بَيْنَهُمْ (جز ۲۶ - الفتح - رکوع ۴)
[محمد اللہ کے رسول ہیں اور جو لوگ ان کے ساتھ ہیں، کافروں پر سخت ہیں، باہم مہربان ہیں۔]
آیتِ قرآنی
لَقَدْ رَضِيَ اللَّهُ عَنِ الْمُؤْمِنِينَ إِذْ يُبَايِعُونَكَ تَحْتَ الشَّجَرَةِ (جز ۲۶ - الفتح - رکوع ۳)
[البتہ تحقیق اللہ راضی ہو گیا مومنین سے جبکہ وہ آپ کے ہاتھ پر درخت کے نیچے بیعت کرتے ہیں۔]
آیتِ قرآنی
وَإِنْ طَائِفَتَانِ مِنَ الْمُؤْمِنِينَ اقْتَتَلُوا (جز ۲۶ - الحجرات - رکوع ۱)
[اور جب دو جماعتیں مسلمانوں کی قتل و قتال کریں (تو ان میں صلح کراؤ)]
آیتِ قرآنی
وَلَا تَقُولُوا لِمَنْ أَلْقَى إِلَيْكُمُ السَّلَامَ لَسْتَ مُؤْمِنًا (جز ۵ - النساء - رکوع ۱۴)
[اور جو شخص تمہارے سامنے سلام ظاہر کرے اس سے یہ نہ کہو کہ تو مسلمان نہیں ہے۔]
آیتِ قرآنی
لِيَغِيظَ بِهِمُ الْكُفَّارَ (جز ۲۶ - الفتح - رکوع ۴)
[تاکہ کفاروں کو غیظ و غصہ دلائے، ان کو جلائے۔]
آیتِ قرآنی
يَا نِسَاءَ النَّبِيِّ لَسْتُنَّ كَأَحَدٍ مِنَ النِّسَاءِ (جز ۲۲ - الاحزاب - رکوع ۴)
[اے نبی کی بیویو! تم اور عورتوں کی طرح نہیں ہو۔]
آیتِ قرآنی
وَأَزْوَاجُهُ أُمَّهَاتُهُمْ (جز ۲۱ - الاحزاب - رکوع ۱)
[اور پیغمبر کی بیویاں ان کی (یعنی مسلمانوں کی) مائیں ہیں۔]
حدیث نبوی ﷺ
عَنْ جَابِرٍ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ قَالَ قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: لَا تَمَسُّ النَّارُ مُسْلِمًا رَآنِي أَوْ رَأَى مَنْ رَآنِي
[جابر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہا کہ رسول خدا صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: آگ کسی ایسے مسلمان کو چھو نہیں سکتی جس نے مجھے دیکھا یا میرے دیکھنے والے کو دیکھا۔]
حدیث نبوی ﷺ
(أخرجه الترمذي - تيسير ج ۲ ص ۲۲۸)
[دیکھنے والے کو دیکھا۔]
حدیث نبوی ﷺ
عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ قَالَ قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: «لَا تَسُبُّوا أَصْحَابِي، فَوَالَّذِي نَفْسِي بِيَدِهِ لَوْ أَنَّ أَحَدَكُمْ أَنْفَقَ مِثْلَ أُحُدٍ ذَهَبًا مَا بَلَغَ مُدَّ أَحَدِهِمْ وَلَا نَصِيفَهُ» (رواه مسلم - تيسير ج ۲ ص ۲۲۷)
[ابی ہریرہ روایت ہے کہا کہ رسول خدا صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: میرے صحابہ کو سب و شتم نہ کرو، کیونکہ قسم ہے اس ذات کی جس کے قبضۂ قدرت میں میری جان ہے، اگر کوئی شخص احد پہاڑ کے برابر سونا بھی خرچ کرے تو ان میں سے کسی کے مد اور نصیف کو پہنچ نہیں سکتا ہے۔]
حدیث نبوی ﷺ
عَنِ ابْنِ عَبَّاسٍ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُمَا قَالَ قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: «أَحِبُّوا اللَّهَ لِمَا يَغْذُوكُمْ بِهِ مِنْ نِعَمِهِ، وَأَحِبُّونِي لِحُبِّ اللَّهِ، وَأَحِبُّوا أَهْلَ بَيْتِي لِحُبِّي» (أخرجه الترمذي - كنز العمال - تيسير ج ۲ ص ۲۲۷)
[ابن عباس رضی اللہ عنہما روایت ہے کہا کہ رسول خدا صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: اللہ کو محبت کرو اس نعمت کی وجہ سے جو تم کو اس سے سرفراز کرتا ہے، اور اللہ کی محبت کی وجہ سے مجھ سے بھی محبت رکھو، اور میری محبت کی وجہ سے میرے گھر والوں سے بھی محبت کرو۔]
حدیث نبوی ﷺ
عَنْ عَائِشَةَ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهَا: قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ لِنِسَائِهِ: «إِنَّ أَمْرَكُنَّ مِمَّا يَهُمُّنِي مِنْ بَعْدِي، وَلَنْ يَصْبِرَ عَلَيْكُنَّ إِلَّا الصَّابِرُونَ الصِّدِّيقُونَ» (الترمذي - تيسير)
[حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا روایت ہے کہا کہ رسول خدا صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنی بیویوں سے متعلق فرمایا: بے شک تمہارا امر یعنی دیکھ بھال ان امور میں سے ہے جو میرے بعد مجھے فکر میں ڈالتے ہیں، اور تمہارے بار پر کوئی صبر نہ کرے گا بجز صابرین اور صدیقین کے۔]
حدیث نبوی ﷺ
«خِيَارُكُمْ خِيَارُكُمْ لِنِسَائِي» (ابن عساكر عن أبي هريرة - كنز ج ۶)
[تم میں کا نیک وہ ہے جو میری بیویوں کے ساتھ نیک ہے۔]
حدیث نبوی ﷺ
«لَا تَسُبُّوا أَبَا بَكْرٍ وَعُمَرَ فَإِنَّهُمَا سَيِّدَا كُهُولِ أَهْلِ الْجَنَّةِ مِنَ الْأَوَّلِينَ وَالْآخِرِينَ إِلَّا النَّبِيِّينَ وَالْمُرْسَلِينَ، وَلَا تَسُبُّوا الْحَسَنَ وَالْحُسَيْنَ فَإِنَّهُمَا سَيِّدَا شَبَابِ أَهْلِ الْجَنَّةِ مِنَ الْأَوَّلِينَ وَالْآخِرِينَ، وَلَا تَسُبُّوا عَلِيًّا فَإِنَّهُ مَنْ سَبَّ عَلِيًّا فَقَدْ سَبَّنِي وَمَنْ سَبَّنِي فَقَدْ سَبَّ اللَّهَ وَمَنْ سَبَّ اللَّهَ عَذَّبَهُ اللَّهُ» (ابن عساكر وابن النجار عن الحسين بن علي - كنز ج ۶ ص ۱۱۵)
[ابوبکر اور عمر کو سب و شتم نہ کرو کیونکہ یہ دونوں بجز نبیوں اور پیغمبروں کے اگلے اور پچھلے تمام ادھیڑ جنتیوں کے سردار ہیں، اور حسن و حسین کو سب و شتم نہ کرو کیونکہ یہ دونوں اگلے اور پچھلے نوجوان جنتیوں کے سردار ہیں، اور علی کو سب و شتم نہ کرو کیونکہ جس نے علی کو برا کہا پس اس نے مجھے برا کہا اور جس نے مجھے برا کہا پس اس نے اللہ کو برا کہا، اور جو اللہ کو برا کہے تو اللہ اس کو عذاب دے گا۔]
حدیث نبوی ﷺ
عَنْ سَعِيدِ بْنِ زَيْدٍ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ قَالَ: سَمِعْتُ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ يَقُولُ: «أَبُو بَكْرٍ فِي الْجَنَّةِ، وَعُمَرُ فِي الْجَنَّةِ، وَعُثْمَانُ فِي الْجَنَّةِ، وَعَلِيٌّ فِي الْجَنَّةِ، وَطَلْحَةُ فِي الْجَنَّةِ، وَالزُّبَيْرُ فِي الْجَنَّةِ، وَسَعْدُ بْنُ مَالِكٍ فِي الْجَنَّةِ، وَعَبْدُ الرَّحْمَنِ بْنُ عَوْفٍ فِي الْجَنَّةِ، وَأَبُو عُبَيْدَةَ بْنُ الْجَرَّاحِ فِي الْجَنَّةِ»، وَسَكَتَ عَنِ الْعَاشِرِ، فَقَالُوا: مَنِ الْعَاشِرُ؟
[سعید بن زید رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہا میں نے رسول خدا صلی اللہ علیہ وسلم کو ارشاد فرماتے سنا ہے: ابوبکر جنتی ہیں، اور عمر جنتی ہیں، اور عثمان جنتی ہیں، اور علی جنتی ہیں، اور طلحہ جنتی ہیں، اور زبیر جنتی ہیں، اور سعد بن مالک جنتی ہیں، اور عبد الرحمن بن عوف جنتی ہیں، اور ابو عبیدہ بن الجراح جنتی ہیں؛ اور دسویں کے متعلق چپ ہو گئے۔ لوگوں نے پوچھا: دسواں کون ہے؟]
حدیث نبوی ﷺ
فَقَالَ سَعِيدُ بْنُ زَيْدٍ يَعْنِي نَفْسَهُ (أخرجه أبو داود وهذا لفظه والترمذي)
[پوچھا دسواں کون؟ کہا کہ سعید بن زید یعنی خود۔]
حدیث نبوی ﷺ
عَنْ أَبِي إِدْرِيسَ الْخَوْلَانِيِّ قَالَ: لَمَّا عَزَلَ عُمَرُ بْنُ الْخَطَّابِ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ عُمَيْرَ بْنَ سَعْدٍ عَنْ حِمْصَ وَوَلَّى مُعَاوِيَةَ فَقَالَ النَّاسُ: عَزَلَ عُمَيْرًا وَوَلَّى مُعَاوِيَةَ! فَقَالَ عُمَرُ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ: «لَا تَذْكُرُوا مُعَاوِيَةَ إِلَّا بِخَيْرٍ، فَإِنِّي سَمِعْتُ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: اللَّهُمَّ اهْدِهِ» (أخرجه الترمذي)
[ابی ادریس خولانی سے مروی ہے، کہا کہ جب عمر ابن الخطاب نے عمیر بن سعد کو حمص سے معزول کیا اور معاویہ کو والی و گورنر بنایا تو لوگوں نے کہا کہ عمیر کو معزول کیا اور معاویہ کو والی و گورنر بنایا؟ حضرت عمر نے فرمایا کہ معاویہ کا ذکر بجز بھلائی کے نہ کرو کیونکہ میں نے رسول خدا صلی اللہ علیہ وسلم کو ارشاد فرماتے سنا ہے: «اے اللہ اس کو ہدایت دے!»]
حدیث نبوی ﷺ
عَنِ الْحَسَنِ الْبَصْرِيِّ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ قَالَ: سَمِعْتُ أَبَا بَكْرَةَ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ قَالَ: رَأَيْتُ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ عَلَى الْمِنْبَرِ وَالْحَسَنُ بْنُ عَلِيٍّ إِلَى جَانِبِهِ وَهُوَ يُقْبِلُ عَلَى النَّاسِ مَرَّةً وَعَلَيْهِ أُخْرَى وَيَقُولُ: «إِنَّ ابْنِي هَذَا سَيِّدٌ وَلَعَلَّ اللَّهَ تَعَالَى أَنْ يُصْلِحَ بِهِ بَيْنَ فِئَتَيْنِ عَظِيمَتَيْنِ مِنَ الْمُسْلِمِينَ» (أخرجه البخاري - تيسير ج ۲ ص ۳۱)
[حسن بصری رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہا میں نے ابی بکرہ کو کہتے سنا کہ رسول خدا صلی اللہ علیہ وسلم کو میں نے منبر پر بیٹھے دیکھا ہے، اور حسن ابن علی ان کی ایک جانب تھے اور حضرت کبھی لوگوں کی طرف دیکھتے اور کبھی حسن مجتبیٰ کی طرف، اور فرماتے: بے شک میرا یہ بیٹا سردار ہے اور شاید کہ اللہ تعالیٰ اس کی وجہ سے مسلمانوں کی دو بڑی جماعتوں میں صلح کرا دے۔]

واضح ہو کہ موسویوں سے اگر سوال کیا جائے کہ سب سے اچھے لوگ کون تھے؟ تو وہ کہیں گے کہ اصحابِ موسیٰ۔ اسی طرح عیسائیوں سے اگر پوچھا جائے کہ سب سے اچھے لوگ کون تھے؟ تو وہ جواب دیں گے کہ حضرت عیسیٰ کے حواری۔ اور اگر مسلمانوں سے کوئی سوال کرے کہ سب سے اچھے لوگ کون تھے؟ تو وہ یہی کہیں گے کہ اصحابِ رسول۔

مگر شیخین یعنی حضرت ابوبکر صدیق اور حضرت عمر کے زمانہ کے بعد فتوحات بکثرت ہوئیں، بڑی بڑی سلطنتیں زیر ہو گئیں، اور روپیہ پانی کی طرح بہنے لگا، خانہ جنگیوں کے دروازے کھل گئے۔ ایک طرف تو اہل حق تھے جو سنت و جماعت کے تابع تھے اور دوسری طرف ہوا و ہوس کے بندے اور باطل پرست۔ پھر ان باطل پرستوں کے بھی دو فرقے ہو گئے: بعض علی کے سوا سب کو کافر خیال کرتے تھے۔ بات بات پر دوسروں کی تکفیر! وہ خود کو بڑا متقی اور پرہیزگار جانتے اور دوسروں کو نہ محض گنہگار بلکہ کافر سمجھتے تھے۔ ان اہل ہوا و ہوس میں بعض ایسے بھی تھے جو صرف حضرت علی کو مانتے اور دیگر سب کو کافر جانتے۔

اس تمہید کے بعد میں یہ ثابت کروں گا کہ صحابہ میں سے کوئی نہ خدا اور رسول کا مخالف تھا نہ آپس میں ایک دوسرے کو کافر سمجھتا تھا۔ ان کی خانہ جنگی غلط فہمی پر مبنی تھی۔ آئندہ انہی غلط فہمیوں کے اسباب بیان کئے جائیں گے۔ اور ان شاء اللہ یہ چند صفحے ان لوگوں کے لیے جن کے دلوں میں خدا اور رسول کی محبت ہے، شمعِ ہدایت کا کام دیں گے اور یہی ان کو صحیح رائے قائم کرنے کے لیے اساس بن سکیں گے۔

صحابہ کرام رضوان اللہ تعالیٰ علیہم اجمعین میں جو اختلافات رونما ہوئے اور جو لڑائیاں واقع ہوئیں، ان میں غور و فکر کرنے اور سمجھنے کے لیے چند امور کو پیش نظر رکھنا ضروری ہے؛ کیونکہ صحابہ کرام کے غیر معتبر ٹھیرنے سے تمام احادیث کی روایت، قرآن شریف کا تواتر اور اس کا یقینی ہونا باقی نہیں رہتا۔ جب قرآن، حدیث ہی باقی نہ رہے تو پھر دین کہاں، ایمان کہاں؟ مع ہذا صحابہ سے سوء ظن بربادیِ اسلام تک پہنچاتا ہے۔ العیاذ باللہ۔

العیاذ باللہ۔
قرآن شریف اور حدِ مشہور سے جو چیز ثابت ہو اس کے خلاف ضعیف روایات، غیر معتبر تاریخی بیانات، جھوٹی کہانیاں، بے اصل تشہیرات اور سیاسی اکاذیب کو کوئی وقعت نہیں دی جا سکتی۔ صحابہ کے متعلق قرآن مجید میں وارد ہوا ہے: ﴿لَقَدْ رَضِيَ اللَّهُ عَنِ الْمُؤْمِنِينَ إِذْ يُبَايِعُونَكَ تَحْتَ الشَّجَرَةِ﴾ یعنی اللہ راضی ہو گیا ہے مومنین سے جبکہ وہ تمہارے ہاتھ پر درخت کے نیچے بیعت کرتے ہیں۔ ایک جگہ یہ بھی ہے: ﴿مُحَمَّدٌ رَسُولُ اللَّهِ وَالَّذِينَ مَعَهُ أَشِدَّاءُ عَلَى الْكُفَّارِ رُحَمَاءُ بَيْنَهُمْ﴾ یعنی محمد اللہ کے رسول ہیں اور وہ لوگ جو ان کے ساتھ ہیں کافروں پر سخت ہیں، باہم بڑے مہربان ہیں۔

یہ بھی قابلِ غور ہے کہ: «وَإِنْ طَائِفَتَانِ مِنَ الْمُؤْمِنِينَ اقْتَتَلُوا» [الحجرات: ۹]، «إِنَّ ابْنِي هَذَا سَيِّدٌ وَلَعَلَّ اللَّهَ تَعَالَى أَنْ يُصْلِحَ بِهِ بَيْنَ فِئَتَيْنِ عَظِيمَتَيْنِ مِنَ الْمُسْلِمِينَ» [البخاري]، اور «إِخْوَانُنَا بَغَوْا عَلَيْنَا» سے ثابت ہے کہ صحابہ کرام کے درمیان جو جنگیں ہوئیں ان میں سے کوئی بھی خلافِ مذہب جنگ نہ تھی، اور کوئی گروہ ایمان و اسلام سے نہیں نکلا۔ اس لیے نہ «مُخَالِفُوهُ فَسَقَة» صحیح ہے نہ «مُحَارِبُوهُ كَفَرَة» ہی درست؛ کیونکہ یہ باہمی جنگ مبنی بر تاویل و اجتہاد تھی۔

حضرت امام حسن مجتبیٰ رضی اللہ عنہ باوجودیکہ وہ اپنے زمانہ میں سید اور سب سے افضل تھے، مگر بہبودی و فلاحِ مسلمین اسی میں دیکھی کہ امیر معاویہ رضی اللہ عنہ کو دنیوی حکومت و خلافت دے دیوے اور اپنی دینی خلافت پر قناعت کریں۔
کوئی شہادت اس وقت تک معتبر نہیں سمجھی جا سکتی جب تک کہ اس پر مخالف جرح نہ کر لے۔ بنی عباس، فاطمیینِ مصر اور اسماعیلیین نے اپنی سلطنت قائم کرنے کے لیے بنی امیہ کو بدنام کرنے اور غلط پروپیگنڈہ کرنے میں کوئی کوتاہی نہ کی، اور بنی امیہ کو...

اپنی صفائی میں اور مخالف روایات پر جرح کرنے کا موقع ہی نہ ملا۔ عقلِ سلیم اور فہمِ مستقیم کیونکر تسلیم کرے کہ دمشق کے بنی امیہ ایسے برے تھے کہ گویا ان کو اسلام سے کوئی ربط ہی نہ تھا، اور اندلس کے بنی امیہ حق پرست، قوتِ اسلام، منبعِ علم و ہنر اور مرجعِ فضل و کمال تھے؟

غیر سیاسی حضرات جن کی نظر صرف نقطۂ ایمان و تقویٰ پر پڑتی تھی جیسے محدثین و فقہاء و مفسرین وغیرہ بنی امیہ سے برابر روایت کرتے ہیں۔ نہ ان کو فاسق سمجھتے ہیں نہ غیر عدل۔ امام بخاری و امام مسلم وغیرہ مشدد نقادوں کی صحاح بنی عباس، بنی فاطمہ، بنی امیہ کی احادیث سے مالا مال ہیں۔ ان کی تحقیق میں کوئی بھی دائرۂ عدالت سے خارج نہیں: نہ معاویہ بن ابی سفیان (صخر بن حرب)، نہ عمرو بن العاص، اور نہ مغیرہ بن شعبہ۔ بڑے بڑے نقادانِ حدیث کے پاس سب عدل تھے، ثقہ تھے۔ دشمنانِ اسلام کا کام ہے کہ مشاہیرِ اسلام کی توہین کریں اور ان کی تحقیر کریں تاکہ نہ وہ رہیں نہ اسلام ہی رہے۔

روایات کی تصدیق جب ہی ممکن ہے اور ان پر اطمینان اسی وقت ہو سکتا ہے کہ پہلے ان کے رواۃ کی تنقید کر لی جائے۔ اگر کوئی شخص ان تباہ کن فتنہ انگیز روایات کے رجال کی تنقید کر کے دیکھے تو ایک روایت بھی اصل واقعہ تک نہیں پہنچتی۔ اکثر رجال وضاع، کذاب، سیاسی اور صاحبِ غرض ہوتے ہیں۔ پھر درایت ایک دقیقہ کے لیے بھی ان اکاذیب اور ان اباطیل کو قبول کرنے کے لیے تیار نہیں۔
مفتوح، شکست خوردہ یہودی، عیسائی، پارسی، بت پرست وغیرہ گو بظاہر جان بچانے کے لیے مسلمان تو ہو گئے مگر دلوں میں نفاق و عداوت قائم و دائم رہی۔ نورِ ایمان ان کے قلوب میں آیا ہی نہیں: «وَلَمَّا يَدْخُلِ الْإِيمَانُ فِي قُلُوبِكُمْ»۔ وہ بہر طور اسلام کو نقصان پہنچانے کی دھن میں لگے رہے۔ کبھی محدثین کی صورت میں، کبھی ادیبوں کے نام کے ساتھ، کبھی تاریخ پر خامہ فرسائی کرتے ہوئے، کبھی مشائخ کے جبے و قبے میں، کبھی حریت و مساوات اور «إِنِ الْحُكْمُ إِلَّا لِلَّهِ» کا...

نعرہ لگاتے ہوئے اور کبھی اہل بیت کی محبت کا راگ الاپتے ہیں۔ شمعِ دین بجھانے کی کوشش کرتے ہیں، مگر:

وہ شمع کیا بجھے جسے روشن خدا کرے!

﴿يُرِيدُونَ أَنْ يُطْفِئُوا نُورَ اللَّهِ بِأَفْوَاهِهِمْ وَيَأْبَى اللَّهُ إِلَّا أَنْ يُتِمَّ نُورَهُ وَلَوْ كَرِهَ الْكَافِرُونَ﴾ [التوبة: ۳۲]۔ غرض ایسی فتنہ انگیز روایتوں یا کہانیوں سے بہت سی کتابیں بھری پڑی ہیں جو بالکل نا قابل قبول اور نا قابل تسلیم ہیں۔

بعض لوگ بزرگ پرست ہوتے ہیں اور بعض آزادی پسند، بعض لبرل ہوتے ہیں بعض کنزرویٹو، بعض بت پرست ہوتے ہیں اور بعض لا مذہب، بعض مقلد ہوتے ہیں اور بعض غیر مقلد۔ ایسی فرقہ بندی مختلف طبیعی مذاق کا نتیجہ ہے۔ اعتدال پسند، صراطِ مستقیم پر چلنے والے بہت کم ہوتے ہیں۔ اہلِ دنیا کے ان مختلف فرقوں میں نزاعات ہوتے ہیں۔ ہر ایک خود کو حق پر سمجھتا ہے۔ کوئی غور کر کے کہے کہ ان میں سے کوئی کیا نفسِ سلطنت کا مخالف ہے یا نفسِ مذہب کا؟ ہرگز نہیں! اپنا اپنا مذاق ہے۔ مگر پھر بھی کشت و خون کی گرم بازاری ہوتی ہے۔ ہر ایک سمجھتا ہے کہ میں حق پر ہوں، میرے اصول صحیح ہیں، میرا طریقہ درست ہے۔

جب دوسری سلطنت یا دوسرے مذہب سے مقابلہ پڑتا ہے تو سب ایک ہو جاتے ہیں۔ یہ ایک واضح دلیل اس امر کی ہے کہ ان میں سے کوئی بھی نہ سلطنت کا مخالف ہے نہ مذہب کا۔ آپس کی لڑائیاں طریقہ اور مذاق کے اختلافات کا نتیجہ ہیں نہ کہ نفسِ سلطنت و مذہب کی مخالفت کا۔ یہ اور بات ہے کہ دشمنانِ سلطنت و مذہب، اہل مذہب کا روپ بھر کر سلطنت و مذہب کو تباہ کرنا چاہیں۔
میری گفتگو تو مخلصین کے متعلق ہے۔ مگر اکثر دیکھا گیا ہے کہ خانہ جنگیوں سے سلطنت و مذہب تباہ ہو جاتا ہے۔ ہماری آنکھوں کے سامنے روس اور اسپین کی تباہی حاضر و ناظر ہے۔ اختلافِ رائے کو اس کی حدود کے اندر ہی رہنا چاہیے۔ بادشاہ یا وزیرِ اعظم یا ڈکٹیٹر و آمر بدلتا ہے تو اس کا دار الندوہ، مجلسِ علمیہ، کابینہ و پارلیمنٹ...

بھی بدلتے ہیں۔ ظاہر ہے کہ جب تک ہاتھ پاؤں موافق نہ ہوں، ارکانِ سلطنت معین نہ ہوں کام نہیں چل سکتا۔ لہٰذا افسرِ اعلیٰ کے تغیر کے ساتھ کچھ نہ کچھ عزل و نصب اور رد و بدل ہوتا ہی ہے۔ ایسا تغیر و تبدل بدنیتی یا طرفداری پر محمول نہیں کیا جا سکتا بلکہ اس کی ضرورت سمجھی جائے گی۔

بنی ہاشم خادمِ کعبہ، مذہبی پیشوا تھے جیسے برہمن، اور بنی امیہ منتظمِ فوج و سیاست دان مثلاً چھتری۔ بنی ہاشم جزئیات و دقائقِ مذہب سے خوب واقف تھے اور بنی امیہ امورِ سلطنت میں بہت ماہر تھے۔ ظہورِ اسلام کے بعد بھی یہی انداز رہا۔ بنی ہاشم کے سامنے ہمیشہ لفظِ 'مذہب' رہا۔ جزئیات میں مذہب سے بے پروائی کلیات سے بھی مستغنی کر دیتی ہے۔ بنی ہاشم مذہب پر اپنی جان و مال قربان کرتے رہے۔ بنی امیہ کے پیشِ نظر سدا سلطنت رہی۔ ان کے خیال میں سلطنت رہے تو دین کی بقا ہے؛ سلطنت کی بربادی کے ساتھ مذہب بھی تباہ ہو جاتا ہے۔ شخصی نقصان کو ملکی نقصان کے لیے اختیار کرنا چاہیے؛ اصولِ مذہب کو ہاتھ سے نہ دینا چاہیے۔ فروعات پر نزاعات شیرازۂ ملت و مذہب کو درہم برہم کر دیتے ہیں۔ اسی لیے «أَهْوَنُ الشَّرَّيْنِ» قابلِ اختیار ہے۔

حضرت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم آخر زمانہ میں مکمل طور پر دین و دنیا کے رہبر تھے؛ یعنی آپ رسول بھی تھے اور بادشاہ کا کام بھی انجام فرماتے تھے۔ آپ کے بعد جمہورِ امت کا خیال تھا کہ اسلامی سلطنت جمہوری ہونی چاہیے۔ اسلام دنیا میں مساوات پھیلانے آیا ہے۔ یہاں 'فلاں ابنِ فلاں چیزے نیست'، لیاقتوں کی کارفرمائی ہے۔ قوم جس فرد پر اعتماد کرے، جو شخص قوم کی خدمت اچھی طرح کر سکتا ہو وہی صدر، وہی سرکار ہے۔
بنی ہاشم حضرت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو بادشاہ مان کر خود کو ان کا وارث سمجھتے تھے۔ بنی فاطمہ خود کو جزوِ نبی ہونے کی وجہ سے احق خیال کرتے تھے، اور بنی عباس عصبہ ہونے کی وجہ سے خود کو مستحق تر جانتے تھے۔ بنی امیہ میں چونکہ ہمیشہ سے امارت و حکومت رہی ہے، لہٰذا وہ اہلیتِ سلطنت خود میں سمجھتے تھے، اور دوسروں کو...

نا قابلِ سلطنت و نا اہلِ سیاست جانتے تھے۔
غرض جو حکمران متقی و پرہیزگار تھے وہ ہر جزئی بات پر امر بالمعروف اور نہی عن المنکر ضروری سمجھتے؛ دنیا دار حکام بجائے اس کے قبول کرنے کے اس چیز کو بغاوت پر محمول کرتے اور نوبت قتل تک پہنچتی۔

یہ بات بھی یاد رکھنے کے قابل ہے کہ جو افراد شجاع، شریف، نرم دل اور عادل ہوتے ہیں، ان کی زبان ان کے دل کی تابع ہوتی ہے۔ ان کا ظاہر و باطن ایک رہتا ہے۔ وہ مذہب و عزت پر جان و مال قربان کرتے ہیں۔ بر خلاف اس کے دنیا دار سیاسی اشخاص کے پاس جان و مال کی اہمیت ہوتی ہے، آبرو اور مذہب کی ان کے نزدیک زیادہ وقعت نہیں ہوتی۔ ایک شجاع شخص گالی کا جواب زبانِ تیغ سے دے گا، کبھی ازالۂ حیثیتِ عرفی کا دعویٰ نہ کرے گا۔ زنا کی سزا بہادر کے پاس قتل ہے نہ کہ عورت کی طرف سے زنا بالجبر کا مقدمہ! ظاہر کچھ باطن کچھ، جھوٹ بولنا، غیبت کرنا نامردوں اور کمینوں کا کام ہے۔ سابقینِ اولین ان عیوب سے پاک تھے۔ ان میں منافقت کو ہرگز راہ نہ تھی۔ ان کے خیالات میں، اقوال میں، افعال میں صدق ہی صدق تھا۔ صادق شجاع ہوتا ہے، صاف دلی و حق گوئی سے کام لیتا ہے، مخالف سے لڑتا ہے اور اپنی شکست کو بھی فتح سے کم نہیں سمجھتا۔

آخرِ زمانہ نبوت تک مدینہ منورہ مرکزِ اسلام و مقامِ اہل حل و عقد رہا۔ جب اسلام دور دور تک پہنچ گیا اور اقطاعِ عالم میں پھیل گیا تو بڑے بڑے لوگ بھی باہر نکل گئے۔ اس وجہ سے یہ امر مابہ النزاع ہو گیا کہ کیا صرف اہل مدینہ کو حقِ حل و عقد ہے یا دوسرے شہر والوں کو بھی اس میں حصہ ہے؟ صرف اہل مدینہ کے انتخاب سے ہی خلیفہ منتخب ہونا چاہیے یا اس میں سرحد پر پڑے ہوئے اشخاص کی رائے بھی ضرور رہے؟
بعض حضرات کی فطرت میں دور اندیشی، انجام بینی، سیاست پسندی رہتی ہے کہ واقعات کے تباہ کن ہونے سے پیشتر ہی روک تھام شروع ہو گئی۔ ادھر فساد کا خطرہ پیدا ہوا ادھر موانع پیدا کر دیے گئے۔ ادھر سازش کی ابتدا ہوئی ادھر تغیر و تبدل، عزل و نصب...

واقع ہو گیا۔ بدمعاشوں کی کمریں توڑ دی گئیں، ہمتیں شکستہ کر دی گئیں۔ مگر ایسا انتظام کرنے والے افراد اور نقطۂ اعتدال پر رہنے والے بہت کم ہوتے ہیں۔ اکثر جھوٹ کا جواب جھوٹ سے دیتے ہیں، ظلم کا انتقام مستنظم سے لیتے ہیں۔ بعض حضرات کی طبیعت، ان کا مذاق، ان کی میزانِ عمل حاکمِ فوجداری کے اصول پر مبنی ہوتی ہے۔ وہ بغیر قطعی شہادت کے فیصلہ نہیں کرتے۔ ہمیشہ شبہ کا فائدہ ملزم کو دیتے ہیں اور ہر شخص کو بے گناہ سمجھتے ہیں۔ ان کے پاس ظنیات نا قابلِ قبول ہیں۔ سیاست و قضا کے اصول جدا جدا نہیں سمجھتے۔ اس کی وجہ سے سازشی، بدمعاش، مفسد، شیاطین کو قوت ملتی جاتی ہے جس کا انجام خود ان پاک دل، نیک منش حضرات کی شہادت ہوتی ہے یا سلطنت کا نقصان ہوتا ہے۔ ان کے بعد مصلح اور سلطنت چلانے والے بادشاہ کے لیے مفسدین کو سخت سزائیں دینے کی ضرورت ہوتی ہے بلکہ وہ بھی ظالم یا اظلم تک ہو جاتا ہے۔

فتنہ و فساد کے وقت کتنی ہی کوشش کی جائے صحیح واقعات نہیں ملتے۔ لڑنے والوں کو آپس میں لڑانے میں مزہ ملتا ہے۔ ایک کی دوسرے کو بتلانا، اچھی بات کو برے الفاظ میں بیان کرنا، دوسروں کی نیت پر حملے کرنا ان کا پیشہ ہے۔ جب تک خوشامد، جھوٹی تعریف، دوسروں کی مذمت نہ کریں، بڑوں کے پاس جگہ بھی نہیں ملتی۔ صحیح واقعات کا ملنا بڑا مشکل ہے۔ تاریخ ضرور دیکھنی چاہیے مگر صحیح نتائج تک پہنچنا فضلِ خداوندی پر موقوف ہے۔ تصحیحِ روایت اور تنقیحِ درایت ہو تو کام نکلے۔ بغیر صحیح تاریخ ہی سے اسلام میں فرقہ بندی پیدا ہو گئی، شیرازۂ اسلام ٹوٹ گیا اور اوراق پریشان رہ گئے۔ فاتحین نے ملک کو فتح کیا، مفتوحین نے بظاہر ان کا مذہب اختیار کر لیا، مگر وہ وہ دسائس استعمال کیے کہ فاتحین کا دین، ان کے خصائص سب تباہ و برباد ہو گئے۔ غور کرو تو فاتحین ہی مفتوح تھے۔

حضرت ابوبکر صدیق و حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہما نہ تو بنی ہاشم سے تھے نہ بنی امیہ سے۔ قربِ زمانہ نبوت، یاروں میں موافقت، دلوں میں جوشِ دین، نیتوں میں اخلاص، سادہ زندگی، قدیم عربیت، دبدبے نے ان کو بدگمانیوں کا نشانہ نہ بنایا۔ قوم نے انتخاب کیا اور قوم نے ان پر اعتماد کیا۔ نہ انہوں نے اپنے قرابت داروں کو عہدے دیے، نہ ان پر طرفداری کا خیال ہی کیا گیا۔ انہوں نے بنی ہاشم...

و بنی امیہ سے کام لیا۔ کوئی رعایت کا وہم تک نہ کر سکتا تھا۔ ان کے ماتحت عہدہ داروں کی کمزوری اور غلطی مرتکب تک محدود رہتی تھی؛ وہ غلطی کبھی خلیفہ کے سر ڈالی نہیں جاتی تھی۔ ان حضرات کا پنجۂ آہنی ایسا سخت تھا کہ کوئی سرتابی ہی نہیں کر سکتا تھا۔ گورنروں، صوبہ داروں کو معزول کر دیا مگر کوئی چوں تک نہ کر سکا۔ بڑے بڑے سپہ سالاروں کو موقوف کر دیا، دوسرے کے ماتحت کر دیا، ان کے کاموں میں فرق نہ آیا؛ جس طرح پہلے اطاعت میں سرگرمِ کار تھے اسی طرح کام کرتے رہے۔

پھر حضرت عثمان غنی رضی اللہ عنہ کو بھی قوم نے منتخب کیا تھا۔ اتفاق سے وہ بنی امیہ سے تھے۔ حضرت عثمان کے زمانہ کے اموی عہدہ داروں کی غلطیاں خلیفہ کی طرف منسوب ہونے لگیں۔ دائرۂ اسلام بہت پھیل گیا تھا، مختلف مذاہب کے لوگ رعایائے سلطنت تھے۔ اب تکلفات بھی ہیں، حضارت و تمدن کے عیوب بھی پیدا ہو گئے ہیں۔ منافق مفتوحین کو موقع مل گیا کہ ذرا ذرا سی بات کا بتنگڑ بنائیں، خلیفہ کو بدنام کریں، فساد پھیلائیں۔ دروغِ دیوزاد کی امت میں شریک ہو گئے۔ نتیجہ کیا ہوا؟ حضرت عثمان غنی نے جامِ شہادت نوش فرمایا۔ اب کیا تھا؟ فساد کا دریا موجزن تھا۔

حضرت علی رضی اللہ عنہ کو بھی قوم نے منتخب کیا۔ مگر وہ اتفاق سے بنی ہاشم میں سے تھے۔ پہلے بنی ہاشم کو شکایت تھی اور ان کی آڑ میں شکار کھیلنے والے شکار کھیل رہے تھے۔ اب بنی امیہ کو شکایت ہے۔ حضرت علی جس کا تقرر کریں، جس کو معزول کریں، وہ بنی امیہ کی عداوت اور بنی ہاشم کی طرفداری پر محمول کیا جانے لگا۔ یہودی زادے، پارسی زادے اپنا کام کیے جا رہے تھے۔ اسلامی سلطنت کا مٹانا ان کا مقصد تھا، اور وہ اپنے مقصد میں کامیاب بھی ہو گئے۔ حضرت علی شہید کر دیے گئے۔

حضرت امام حسن رضی اللہ عنہ کو بھی قوم نے منتخب کیا۔ مگر زمانہ کا رنگ بدل گیا تھا۔ صحیح طور سے آپ کا ساتھ دینے والا کوئی نہ تھا۔ مجبورا حضرت امام حسن رضی اللہ عنہ کو اصلاحِ ظاہر چھوڑ کر اصلاحِ باطن کی خلافت پر قناعت کرنا پڑا۔
شیخین کے زمانہ میں بیرونی اعداء کی طرف سب کی توجہ مبذول تھی، بیرونی دشمنوں کے...

مقابلہ میں تمام قوم ایک ہو جاتی ہے۔ جب زمانہ امن کا ہوتا ہے اور سست آرام دہ ہونے لگتا ہے تو خانگی و خاندانی نزاعات سر اٹھاتے ہیں، باہم نکتہ چینی کی سوجھتی ہے، اور تباہی و بربادی کو راستہ مل جاتا ہے۔ انجام کار نئی سلطنت پیدا ہوتی ہے اور قدیم سلطنت خواب و خیال ہو جاتی ہے۔
خلافت و سلطنت حاصل کرنے کا ان نہایت مقدس حضرات کو کیوں شوق تھا؟ بات یہ ہے کہ خلافِ شرع کام کرنے کو، لوگوں کی حق تلفیوں کو، من مانے احکام جاری کرنے کو یہ لوگ دیکھ نہیں سکتے تھے۔ ان حضرات کو اپنی رائے پر، اپنی قابلیت پر، اپنی دیانت داری پر پورا اعتماد تھا۔ سمجھتے تھے کہ دین اور سلطنت کی خدمت، اقتدارِ اعلیٰ کی حفاظت بہ نسبت موجود الوقت حکام کے ہم زیادہ خوبی سے کر سکتے ہیں۔ چونکہ سلطنت کا اثر عامۃ المسلمین پر پڑتا ہے، اس سے تبلیغِ دین اور جہاد فی سبیل اللہ اچھی طرح ہو سکتا ہے۔ اصلاحِ مسلمین سلطان کے ذریعہ سے بہ سہولت ہو سکتی ہے۔ لہٰذا یہ حضرات خدمتِ سلطنت و حفاظتِ اقتدارِ اعلیٰ کو خیرِ عظیم کا حامل سمجھتے تھے۔

حضرت ابوبکر، حضرت عمر، حضرت عثمان، حضرت علی رضوان اللہ تعالیٰ علیہم اجمعین کے تفصیلی حالات پر غور کرو۔ ان کو سلطنت سے کیا فائدہ حاصل ہوا؟ حضرت ابوبکر تجارت کرتے تھے تو زیادہ خوش حال تھے، مالدار تھے۔ خلافت کے زمانہ میں کیسی عسرت اور کتنی تنگدستی میں گزارتے تھے! یہی حال حضرت عمر و حضرت علی کا تھا۔ بظاہر شہنشاہ تھے مگر ان کی خانگی زندگی بالکل فقیرانہ تھی۔ خلافت طلبی دنیا طلبی نہ تھی، خدمتِ خلق و خدمتِ دین کا شوق تھا! حضرت امام حسین، حضرت امام محمد بن علی، حضرت امام زید بن علی، حضرت امام نفسِ زکیہ، اور حضرت یحییٰ نے دین پر بادشاہوں کا عمل پیرا نہ دیکھا تو خود اس بارِ عظیم کو اٹھانے کے لیے آگے بڑھے۔ مگر زمانہ نے ان کا ساتھ نہ دیا اور انہوں نے خوشی خوشی جامِ شہادت نوشِ جان کیا۔
وہ سمجھتے تھے کہ مصلح کو کامیابی ضروری نہیں۔ «السَّعْيُ مِنِّي وَالْإِتْمَامُ مِنَ اللَّهِ» (کوشش کرنا میرا کام ہے اور پورا کرنا اللہ کے ہاتھ میں ہے)۔ ناکامیوں سے ان کا عزمِ قوی کمزور نہ ہوا، نہ ہمتِ عالی پست ہوئی۔ إِنَّا لِلَّهِ وَإِنَّا إِلَيْهِ رَاجِعُونَ۔

آیتِ قرآنی
﴿إِنَّ صَلَاتِي وَنُسُكِي وَمَحْيَايَ وَمَمَاتِي لِلَّهِ رَبِّ الْعَالَمِينَ﴾ [الانعام: ۱۶۲]
شعر:
موت و حیات میری دونوں ترے لیے ہیں
جینا تیری گلی میں، مرنا تیری گلی میں!
اختلافاتِ ائمہ رحمہم اللہ تعالیٰ
قال الله تعالى: اللہ تعالیٰ فرماتا ہے:
آیتِ قرآنی
وَالَّذِينَ جَاهَدُوا فِينَا لَنَهْدِيَنَّهُمْ سُبُلَنَا (جز ۲۱ - عنکبوت - رکوع ۷)
[اور جو لوگ ہمارے متعلق، ہمارے احکام اور ان کے سمجھنے سے متعلق کوشش کرتے ہیں، ہم ضرور ان کو اپنے راستوں کی ہدایت اور رہبری کرتے ہیں۔]
آیتِ قرآنی
فَاسْأَلُوا أَهْلَ الذِّكْرِ إِنْ كُنْتُمْ لَا تَعْلَمُونَ (جز ۱۴ - النحل - رکوع ۶)
[پس اگر تم کو علم نہیں ہے تو اہلِ ذکر (اہلِ علم) سے سوال کرو۔]
آیتِ قرآنی
وَلَا تَقْفُ مَا لَيْسَ لَكَ بِهِ عِلْمٌ إِنَّ السَّمْعَ وَالْبَصَرَ وَالْفُؤَادَ كُلُّ أُولَئِكَ كَانَ عَنْهُ مَسْئُولًا (جز ۱۵ - بنی اسرائیل - رکوع ۴)
[اور جس کا تم کو علم نہیں اس کے پیچھے تم ہرگز نہ پڑو؛ بیشک سماعت اور بصارت اور دل، ان سب سے اس کے متعلق سوال کیا جائے گا۔]
آیتِ قرآنی
فَاعْتَبِرُوا يَا أُولِي الْأَبْصَارِ (جز ۲۸ - حشر - رکوع ۱)
[اے دیدۂ بینا رکھنے والو! عبرت لو؛ ظاہر سے باطن کی طرف جاؤ، مجاز سے حقیقت کی طرف پہنچو، ماخذ و مدارک کو ٹٹولو، علت سے معلول تک چلو، اصل سے فرع کو نکالو، کلی سے جزئی کا حکم دریافت کرو۔]
آیتِ قرآنی
وَلَوْ رَدُّوهُ إِلَى الرَّسُولِ وَإِلَى أُولِي الْأَمْرِ مِنْهُمْ لَعَلِمَهُ الَّذِينَ يَسْتَنْبِطُونَهُ مِنْهُمْ (جز ۵ - النساء - رکوع ۱۰)
[اور اگر اس کا رجوع کرتے رسول اور ان میں کے صاحبِ امر کی طرف، تو البتہ جانتے ان میں سے وہ لوگ جو استنباطِ مسائل کر سکتے ہیں، قیاسِ صحیح کر سکتے ہیں۔]
آیتِ قرآنی
إِنْ جَاءَكُمْ فَاسِقٌ بِنَبَإٍ فَتَبَيَّنُوا (جز ۲۶ - الحجرات - رکوع ۱)
[اگر تمہارے پاس کوئی فاسق کوئی خبر لائے تو تم اس کی تحقیق کرو، بلا تحقیق اس کی بات کا یقین نہ کرو۔]
حدیث نبوی ﷺ
عَنْ جَابِرٍ قَالَ قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: «أَلَا سَأَلُوا إِذْ لَمْ يَعْلَمُوا، فَإِنَّمَا شِفَاءُ الْعِيِّ السُّؤَالُ»
(جابر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول خدا صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: کیوں نہیں پوچھ لیا جب جانتے نہ تھے؟ بے علمی کی شفا سوال ہی تو ہے۔)
حدیث نبوی ﷺ
(أَلَا سَأَلُوا إِذْ لَمْ يَعْلَمُوا فَإِنَّمَا شِفَاءُ الْعِيِّ السُّؤَالُ - رواه أبو داود وابن ماجه - مشكاة ص ۵۶)
[علیہ وسلم نے فرمایا: کیوں نہیں پوچھ لیا جب جانتے نہ تھے؟ بے علمی کی شفا سوال ہی تو ہے۔]
حدیث نبوی ﷺ
عَنْ أَبِي سَعِيدٍ الْخُدْرِيِّ قَالَ: خَرَجَ رَجُلَانِ فِي سَفَرٍ فَحَضَرَتِ الصَّلَاةُ وَلَيْسَ مَعَهُمَا مَاءٌ، فَتَيَمَّمَا صَعِيدًا طَيِّبًا فَصَلَّيَا، ثُمَّ وَجَدَا الْمَاءَ فِي الْوَقْتِ، فَأَعَادَ أَحَدُهُمَا الصَّلَاةَ بِوُضُوءٍ وَلَمْ يُعِدِ الْآخَرُ، ثُمَّ أَتَيَا رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ فَذَكَرَا ذَلِكَ لَهُ، فَقَالَ لِلَّذِي لَمْ يُعِدْ: «أَصَبْتَ السُّنَّةَ وَأَجْزَأَتْكَ صَلَاتُكَ»، وَقَالَ لِلَّذِي تَوَضَّأَ وَأَعَادَ: «لَكَ الْأَجْرُ مَرَّتَيْنِ» (رواه أبو داود والدارمي والنسائي)
[ابو سعید خدری سے روایت ہے کہ دو شخص سفر کو نکلے، نماز کا وقت آ گیا اور ان کے پاس پانی نہ تھا، پاک مٹی سے تیمم کر لیا اور نماز پڑھ لی۔ ابھی وقت باقی ہی تھا کہ ان کو پانی مل گیا۔ ان میں سے ایک صاحب نے وضو کر کے دوبارہ نماز پڑھ لی اور دوسرے نے نہیں پڑھی۔ پھر وہ دونوں رسول خدا صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہوئے اور واقعہ کو عرض کیا۔ جس نے دوبارہ نماز نہیں پڑھی تھی اس کو آپ نے فرمایا: تم نے سنت کے مطابق کام کیا اور تمہاری نماز تم کو کافی ہے۔ اور جس نے وضو کیا اور دوبارہ نماز پڑھ لی اس سے فرمایا: تم کو دو دفعہ اجر ملا۔]
حدیث نبوی ﷺ
عَنْ عَمْرِو بْنِ الْعَاصِ أَنَّهُ سَمِعَ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ يَقُولُ: «إِذَا حَكَمَ الْحَاكِمُ فَاجْتَهَدَ ثُمَّ أَصَابَ فَلَهُ أَجْرَانِ...»
[عمرو بن العاص رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ انہوں نے رسول خدا صلی اللہ علیہ وسلم کو فرماتے سنا ہے: جب حاکم بعد اجتہاد و سعیِ بلیغ کے کوئی حکم کرے اور اگر اس میں صحیح حکم دیا ہے تو اس کے لیے دو اجر ہیں...]
حدیث نبوی ﷺ
وَإِنْ حَكَمَ فَاجْتَهَدَ ثُمَّ أَخْطَأَ فَلَهُ أَجْرٌ (رواه البخاري تجريد ج ۲ ص ۲۲۳)
[لئے دو اجر ہیں: ایک کوشش کا اور دوسرا حق رسی کا۔ اور اگر بعد کوشش کے بھی وہ خطا کر جائے تو اس کے لیے ایک ہی اجر ہے یعنی سچی کوشش کا۔]
حدیث نبوی ﷺ
عَنْ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ عُمَرَ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُمَا قَالَ: قَالَ النَّبِيُّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ لَنَا لَمَّا رَجَعَ مِنَ الْأَحْزَابِ: «لَا يُصَلِّيَنَّ أَحَدٌ الْعَصْرَ إِلَّا فِي بَنِي قُرَيْظَةَ»، فَأَدْرَكَ بَعْضَهُمُ الْعَصْرُ فِي الطَّرِيقِ، فَقَالَ بَعْضُهُمْ: لَا نُصَلِّي حَتَّى نَأْتِيَهَا، وَقَالَ بَعْضُهُمْ: بَلْ نُصَلِّي، لَمْ يُرَدْ مِنَّا ذَلِكَ، فَذُكِرَ ذَلِكَ لِلنَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ فَلَمْ يُعَنِّفْ وَاحِدًا مِنْهُمْ (رواه البخاري تجريد ص ۲۲۳)
[عبد اللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ رسول خدا صلی اللہ علیہ وسلم نے ہم سے فرمایا جب آپ جنگِ احزاب سے واپس ہو رہے تھے: کوئی شخص عصر کی نماز بنو قریظہ پہنچنے سے قبل نہ پڑھے۔ بعض اصحاب کو راستہ ہی میں عصر کا وقت آ گیا، پھر ان میں سے بعض نے کہا: ہم وہاں پہنچنے سے قبل نماز نہ پڑھیں گے، اور بعض نے کہا: ہم نماز پڑھ لیں گے، حضرت کا مقصد یہ نہیں تھا بلکہ مقصد جلد پہنچنا ہے۔ اس واقعہ کو حضرت کی خدمت میں عرض کیا گیا تو آپ نے ان میں سے کسی کی سرزنش و ملامت نہیں کی۔]
حدیث نبوی ﷺ
عَنْ عَلِيٍّ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ قَالَ: قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: «لَا تَقِيسُوا فِي الدِّينِ فَإِنَّ الدِّينَ لَا يُقَاسُ وَأَوَّلُ مَنْ قَاسَ إِبْلِيسُ» (رواه الديلمي عن علي)
[حضرت علی رضی اللہ عنہ سے مروی ہے، کہا کہ رسول خدا صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: دین میں قیاس آرائی نہ کرو کیونکہ دین میں بے وجہ قیاس نہیں چلتا، اور سب سے پہلے ابلیس نے قیاس لڑایا تھا۔]
حدیث نبوی ﷺ
عَنْ عَلِيٍّ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ قَالَ: قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: «نِعْمَ الرَّجُلُ الْفَقِيهُ فِي الدِّينِ، إِنِ احْتِيجَ إِلَيْهِ نَفَعَ، وَإِنِ اسْتُغْنِيَ عَنْهُ أَغْنَى نَفْسَهُ» (رواه رزين - مشكاة ص ۳۶)
[حضرت علی رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، کہا کہ رسول خدا صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: اچھا شخص وہ فقیہ فی الدین ہے یعنی جس کو امورِ دینیہ میں تفقہ و تدبر حاصل ہو۔ لوگ اس کے پاس محتاج ہو کر آئیں گے یعنی اس سے پوچھیں گے تو وہ نفع پہنچائے گا (مسائل سمجھائے گا)، اگر لوگ اس سے بے پروائی کریں گے تو وہ خود کو نفع پہنچائے گا یعنی علم کے مطابق عمل کر کے نفع اٹھائے گا۔]
حدیث نبوی ﷺ
عَنْ مُعَاوِيَةَ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ قَالَ: قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: «مَنْ يُرِدِ اللَّهُ بِهِ خَيْرًا يُفَقِّهْهُ فِي الدِّينِ، وَإِنَّمَا أَنَا قَاسِمٌ وَاللَّهُ يُعْطِي» (متفق عليه)
[جناب معاویہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے، کہا کہ رسول خدا صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: اللہ جس کے ساتھ خیر و بھلائی چاہتا ہے اس کو دین کا فقیہ بناتا ہے یعنی امورِ دینیہ میں غور و فکر کی توفیق عطا کرتا ہے، اور میں تو تقسیم کرنے والا ہوں اور اللہ ہی عطا کرنے والا ہے۔]

ان آیات و احادیث پر غور کرو کہ ان سے کیا کیا مسائل معلوم ہوتے ہیں؟ اور اختلافِ مذاق سے کس طرح استنباطِ احکام میں فرق پیدا ہو جاتا ہے؟ اور قبولِ حدیثِ ظنی میں اختلاف رونما ہوتا ہے۔
یہ ایک حقیقت ہے کہ عالم و جاہل دونوں برابر نہیں ہوتے۔ عالم کا بڑا مرتبہ ہوتا ہے۔ جاہلوں کا کام ہے کہ جو بات معلوم نہ ہو اس کو عالموں سے پوچھیں، ان سے سوالات کریں، ان پر اعتماد کریں، ان کے فتوؤں پر عمل کریں۔ بلا تحقیق کوئی...

بات قابلِ تسلیم نہیں ہوتی۔ علماء کو تحقیق و تدقیق کرنی چاہیے، خواہ آیاتِ قرآنی ہوں یا احادیثِ رسول۔
مبہم و مہمل امور کی تعمیل میں کوئی صورت اختیار کی جائے تو وہ غلط نہیں ہوتی۔ اختیارِ تمیزی پر ایک امر چھوڑا گیا اور اس کی تعمیل مختلف لوگوں نے اپنے اپنے اختیارِ تمیزی کے موافق کی تو سب حق پر ہوں گے۔ یہ نہیں کہ ایک حق پر ہو اور سب باطل پر۔

یاد رہے کہ ایک حق پر اور سب باطل پر اسی وقت ہوں گے جب کوئی رائے واقعات پر مبنی ہو۔ کیونکہ جو امر مطابقِ واقعہ ہو وہ 'صادق' ہے، اور جو مطابقِ واقعہ نہ ہو وہ 'کاذب' ہے۔ امرِ مبہم جو اختیارِ تمیزی پر موقوف ہو اس کا کوئی واقعہ و محکی عنہ ہی نہیں ہوتا، تو مطابق و غیر مطابق اور صادق و کاذب کی وہاں گنجائش ہی کہاں؟ لہٰذا اپنے اپنے اعتبار سے سب صحیح و درست ہو سکتے ہیں۔

بعض قیاسات کا ماخذ قرآن و حدیث ہوتے ہیں، وہ صحیح اور درست ہیں۔ بعض رائیوں کا ماخذ نہ قرآن ہوتا ہے نہ حدیث ہی ہوتی ہے، وہ درست نہیں۔ بعض دفعہ بعض امام قرآن و حدیث سے کسی حکم کا استنباط کرتے ہیں، کم فہم اس کے ادراک سے عاجز رہتے ہیں؛ وہ سمجھتے ہیں کہ یہ نری رائے ہے، اس کا کوئی ماخذ نہیں ہے، حالانکہ ان لوگوں کی نظر اس قدر دقیق نہیں۔
یہ ایک طبعی بات ہے کہ ہر شخص اپنے اساتذہ، اپنے خاندان، اپنے شہر کے لوگوں کے حالات سے زیادہ واقف ہوتا ہے، انہی پر زیادہ اعتماد رکھتا ہے، اور نہ وہ دوسروں کے تفصیلی حالات سے واقف ہوتا ہے، نہ ان پر اعتماد ہی کرتا ہے۔

یہ بات بھی قابلِ غور ہے کہ ایک شخص کو کثرتِ روایت سے یقین یا ظن پیدا ہوتا ہے، اور دوسرا راویوں کے ثقہ و فقیہ ہونے کو اہم سمجھتا ہے۔
امام ابو حنیفہ قرآن کے عام اور مطلق کو اس کے افراد میں یقینی سمجھتے ہیں اور حدیثِ غیر متواتر سے قرآن شریف کی نہ تعیین کرتے ہیں نہ تقیید؛ کیونکہ ان کی رائے میں موجبہ کلیہ کا نقیض سالبہ جزئیہ ہے۔ عام و مطلقِ قرآن کے خلاف اس کے نقیض پر عمل کرنے کو انکارِ قرآن کے مماثل جانتے ہیں۔

بعض ائمہ قرآن کے عام کو قطعی و یقینی نہیں سمجھتے، ان کے نزدیک ہر عام میں کچھ نہ کچھ تخصیص ہوتی ہے، لہٰذا وہ خبرِ آحاد سے جو ظنی ہے قرآن کی تخصیص و تقیید کرتے ہیں، اور نہ اس کو حدیث کی خلاف ورزی سمجھتے ہیں، اور قرآن کی تخصیص و تقیید نہ کرنے والوں کو اہل الرائے اور مخالفِ حدیث سمجھتے ہیں۔ «وَلِكُلٍّ وِجْهَةٌ»۔
حضرت کے بہت سے اصحاب مثلاً زبیر ابن العوام الفاظِ نبوی حفظ ہوتے تو روایت کرتے ورنہ نہیں، یعنی روایت بالمعنیٰ کو وہ مناسب نہیں سمجھتے تھے؛ اور بہت سے دوسرے اصحاب روایت بالمعنیٰ کو جائز سمجھتے تھے۔

مالکی لوگ اہل مدینہ کے تعاملِ عام کے خلاف کسی دوسرے شہر کا آدمی روایت کرتا تو یہ سمجھتے کہ اس نے گویا تمام خلفائے راشدین اور مرکزِ نبوت یعنی مدینہ اور اس کے رہنے والوں کو جاہل سمجھا۔ دوسرے مذاہب والے اس کو جائز سمجھتے ہیں کہ اہل مدینہ بے خبر رہے ہوں اور دوسرے شہر والوں کو اطلاع مل گئی ہو۔
حضرت عمر رضی اللہ عنہ وغیرہ حضرات ہر حکم کی بابت شہادت...

کے نصاب کے موافق ثبوت طلب کرتے تھے۔ یعنی دو مرد یا ایک مرد اور دو عورتوں کی روایت کے بغیر کوئی حکم ثابت نہیں سمجھتے تھے۔
حضرت علی رضی اللہ عنہ کے سامنے کوئی حکمِ نبوی سنایا جاتا اور نصابِ شہادت پورا نہ ہوتا تو قسم دیتے اور قسم کو تکملۂ شہادت سمجھتے۔

متقدمین ائمہ کے پاس عامۃ الناس آتے اور ان سے سوال کرتے کہ اس مسئلہ میں کیا حکم ہے؟ ان کو ائمہ پر اتنا اعتماد ہوتا کہ وہ نہ قرآن پوچھتے نہ حدیث؛ امام جو حکم دیتا اس پر عمل کرتے۔ بعض ائمہ ہر سوال کا جواب قال اللہ و قال الرسول سے دیتے۔ متعلقہ آیات کے سوا متنِ حدیث سنا دیتے اور سند بیان نہ کرتے۔ ایسی احادیث کو 'مرسل' کہتے ہیں۔ حنفی مذہب میں حدیثِ مرسل قابلِ استناد ہے چاہے سند نہ بیان کی گئی ہو، بشرطیکہ راوی یا امام معتمد علیہ اور موثق بہ ہو۔ محدثین احادیثِ مرسل کو تسلیم نہیں کرتے مگر بخاری شریف میں مقطوعات بکثرت ہیں۔

امام بخاری ایک حدیث کا ٹکڑا ایک جگہ لکھ دیتے ہیں مگر کسی دوسری جگہ پوری حدیث مع سند بیان کرتے ہیں۔ امام بخاری استاد و شاگرد کی ملاقات کو ضروری سمجھتے ہیں ورنہ حدیث قبول نہیں کرتے؛ امام مسلم دونوں کے ہم زمانہ ہونے کو کافی سمجھتے ہیں۔ بعض حضرات صرف حدیثِ صحیح کو قبول کرتے ہیں؛ اگر تائید میں دوسری حدیث مل جاتی ہے تو اس کو صحیح لغیرہ کہتے ہیں۔ بعض ضعیف حدیث کو بھی مستحبات میں قابلِ عمل سمجھتے ہیں...

اسی طرح ائمہ کے مختلف مذاق ہیں۔ ہر ایک اپنے مذاق کے موافق حدیث کو قبول کرتا ہے۔ کوئی امام ایسا نہیں جو بلا تحقیق بلا شرط صرف حدیث کا نام سنتے ہی اس پر عمل کرنے کو تیار ہو جاتا ہو، بلکہ «فَتَبَيَّنُوا» پر عمل کر کے شرائط کے موافق حدیث تسلیم کرتے ہیں۔ اس سے یہ لازم نہیں آتا کہ وہ خلافِ حدیث عمل پیرا ہوتے ہیں۔ اصل یہ ہے کہ رسول خدا صلی اللہ علیہ وسلم اور ہمارے درمیان مختلف قسم کے راوی ہیں، ان کی تنقید ضروری ہے۔ بھلا کوئی مسلمان فرمانِ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی سرتابی کیونکر کر سکتا ہے؟ ائمہ کو مخالفِ حدیث سمجھنا صرف زبان درازی ہے۔

صحاحِ ستہ اور دیگر کتبِ حدیث شائع و ذائع ہیں۔ حنفی، شافعی، حنبلی، مالکی سب کے سامنے ہیں۔ ان کتبِ حدیث کی اتباع میں علماء نے شرح کی ہے۔ ان پر یہ الزام لگانا کہ باوجود احادیث کے مطالعہ کے اپنے امام کے مذہب پر اڑا رہے، سخت سوء ظن ہے۔ «إِنَّ بَعْضَ الظَّنِّ إِثْمٌ» [الحجرات: ۱۲]۔

اب ذرا اس پر بھی غور کرو کہ ان چاروں ائمہ کی تقلیدِ شخصی کی جاتی ہے یا یہ چار مذہب چار مکتب اور اسکول ہیں جن میں وقت بہ وقت مسائل تحقیق ہوتے رہتے ہیں؟ ثبوتِ حدیثِ صحیح اور عرف کے بدلنے، نئے حالات کے پیدا ہونے کی وجہ سے امام سے اختلاف کیا جاتا ہے۔ ہر مذہب کی فقہ و اصولِ فقہ کی کتابیں ملاحظہ فرمائیے۔ نہ صرف فروع میں امام سے اختلاف کیا جاتا ہے بلکہ اصول میں بھی۔ تاہم ایک مذہب میں بہ نسبت...

دوسرے مذہب کے افراد کی قربت اور مناسبت پائی جاتی ہے۔ مثلاً اصولی اختلاف امام ابو حنیفہ اور ان کے شاگردوں امام ابو یوسف، امام محمد، امام زفر اور امام حسن بن زیاد میں بھی ہے۔ علماء و محققین کبھی امام ابو یوسف کے قول پر، کبھی امام محمد کے قول پر، اور کبھی امام زفر کے قول پر فتوے دیتے ہیں۔ تحقیق کو نری تقلیدِ شخصی سمجھنا اور کسی امام کے متعلق یہ خیال کرنا کہ وہ احادیثِ صحیحہ کو نہیں مانتے، اپنی جہالت کا ثبوت دینا ہے۔

یہ بھی تو غور کرو کہ مسائلِ شرعیہ کے حل کرنے والے کتنی قسم کے عالم ہیں؟ ہر قسم کے عالم کے لیے کس قسم کی معلومات کی ضرورت ہے؟
عربی ادب کی بہر صورت ضرورت ہے۔ عربی کے لیے لغت، محاورات، نحو، صرف، معانی، بیان سے واقفیت کی حاجت ہے۔
قرآن شریف اور اس کے لیے تفسیر و اصولِ تفسیر کی احتیاج ہے۔
حدیث اور اس کے لیے اصولِ حدیث، اسمائے رجال کا علم لابد ہے۔
فقہ اور اس کے لیے اصولِ فقہ، منطق، اجماعی مسائل و اختلافِ ائمہ سمجھنے کے بغیر چارہ نہیں۔ زمانے کے نئے نئے مسائل سے واقفیت، اسرار و مقاصدِ دین، عرف، عامۃ البلویٰ، غرض کہ بیسیوں امور کے جاننے کے بعد کہیں ایک حکمِ شرعی معلوم کیا جا سکتا ہے۔

علماء میں بعض مجتہدینِ مطلق ہوتے ہیں۔ وہ مستقل صاحب الرائے ہوتے ہیں۔ ان کا ایک خاص مذاق ہوتا ہے، ان کا ایک خاص اجتہاد، خاص طرزِ استدلال ہوتا ہے۔
بعض مجتہد فی المذہب ہوتے ہیں۔ استاد کا ان پر بڑا اثر رہتا ہے، کہیں...

کہیں استاد سے اصولی اختلاف بھی رکھتے ہیں، فروع میں اپنے اجتہاد پر رہتے ہیں۔
مجتہد فی المسئلہ: کوئی نئی صورت پیدا ہو جائے تو اس کا جواب دے سکتے ہیں۔ احادیث پر غور و فکر کرتے ہیں، کوئی حدیث صحیح ثابت ہوتی ہے تو اپنے اساتذہ کے خلاف اس پر فتوے دیتے ہیں، صحیح عمل کی طرف رہنمائی کرتے ہیں۔
اصحابِ استنباط خود قرآن و احادیث سے ذاتی تحقیق نہیں کر سکتے مگر اپنے مذہب کے کلیات سے تفریعات کرتے ہیں، جزئیات کا حکم نکالتے ہیں۔
اصحابِ ترجیح جن میں قوتِ تمیزی کم ہوتی ہے، مختلف اقوال میں سے ایک قول کو ترجیح دیتے ہیں۔

بعض مفتی کہلاتے ہیں جو فقہ کی کتابوں سے جزئیات نکالتے ہیں۔ یہ لوگ اصل میں ناقل ہوتے ہیں، ذاتی کوشش صرف اس قدر ہوتی ہے کہ کتابوں میں سے تلاش کر کے مسئلہ کا جواب نکالتے ہیں۔ ان کے خیال میں تحقیقات و استنباط کا دروازہ بند ہو گیا ہے، ہر نئی بات کو حرام و ناجائز سمجھتے ہیں۔ شافعی میں بھی، مالکی میں بھی، اور حنبلی میں بھی، اور حنفی میں بھی۔

صحابہ کے زمانہ میں اختلافِ آراء ہوتا تھا مگر باہم ایک دوسرے کو باطل و بے دین نہیں سمجھتے تھے۔ ائمہ باوجود باہمی اختلاف کے ایک دوسرے کے پیچھے نماز پڑھتے تھے۔
افسوس! یہ کیا زمانہ آ گیا ہے؟ آمین بالجہر اور رفع یدین کرنے والوں کی مسجد جدا، اور حنفی و شافعی کی مسجد الگ۔ ایک دوسرے کے پیچھے نماز پڑھنے سے انکار کرتے ہیں، آپس میں مقدمہ بازی کرتے ہیں، اور غیر مسلم حکام جو فیصلہ کریں اس کو تسلیم کرتے ہیں۔

ایک دفعہ بغداد شریف میں مسجدِ غوثیہ میں فقیر نے مغرب کی نماز پڑھی۔ حنفیوں اور حنبلیوں کی دو جماعتیں صف کے بازو صف لگا کر بہ یک وقت نماز پڑھ رہی تھیں! 'اللہ اکبر' کی آواز سن کر انسان چونک جاتا تھا کہ یہ ہمارے امام کی آواز ہے یا دوسرے امام کی!
سلطان عبد العزیز نوری نے ایک نماز کے لیے حنفی، ایک نماز کے لیے شافعی، ایک کے لیے حنبلی اور ایک کے لیے مالکی امام مقرر کیا ہے، اور تمام مذاہب والوں کو اسی امام کے پیچھے نماز پڑھنی ہی پڑتی ہے۔