مؤلفہ: بحر العلوم حضرت علامہ مولانا محمد عبد القدیر صدیقی قادری حسرتؔ مدظلہ
(وظیفہ یاب صدر شعبہ دینیات، جامعہ عثمانیہ، حیدر آباد دکن)
باہتمام: حبیب علی قدیری قادری
تعدادِ طبع: (۱۰۰۰) | قیمت: (۱۲ آنے)
حضرت سید عنایت حسین علی خان صاحب (سجادہ و دیوان درگاہِ حضرت خواجہ بندہ نواز گیسودراز رضی اللہ تعالیٰ عنہ) نے ایک ملاقات میں مجھ سے فرمایا کہ: "آج کل عامۃ الناس میں بڑی بحث ہو رہی ہے کہ بیٹوں کے ساتھ پوتوں کو ترکہ میں کچھ حصہ نہیں ملتا۔"
میں نے ان سے عرض کیا کہ: "نہ صرف پوتوں کے لیے، بلکہ نواسوں اور دیگر ایسے قرابتداروں کے لیے جن کو ترکہ میں سے کچھ نہیں ملتا، قرآن شریف میں وصیت کرنے کا حکم ہے۔"
صاحبِ مذکور نے مجھے فرمایا کہ: "آپ اس مسئلہ کو واضح طور سے بیان کر دیجیے۔"
ان کے حسبِ ارشاد میں نے یہ چند صفحات وصیت کے متعلق لکھ دیے ہیں۔ امید ہے کہ معرضِ بحث مسئلہ اس سے زیرِ ضو آ جائے گا۔ وَمَا عَلَيْنَا إِلَّا الْبَلَاغُ۔
الفقیر: محمد عبد القدیر صدیقی حسرتؔ
مدیر منزل، ملک پیٹھ، حیدر آباد دکن۔
ربیع الاول ۱۳۷۲ھ / دسمبر ۱۹۵۲ء۔
انسان زندگی میں تو اپنے مال و جائداد میں حسبِ مرضی تصرف کرتا رہتا ہے، لیکن انتقال کے بعد وہ اگر کچھ چھوڑتا ہے تو ترکہ کی تقسیم ایک اہم سوال بن جاتی ہے۔ چنانچہ یہ سوال کئی طرح حل کیا گیا ہے۔ مثلاً عیسائی قوموں میں 'طریقِ کلانیت' (Primogeniture) رائج ہے، تقریباً تمام ترکہ خاندان میں سب سے بڑے لڑکے کو مل جاتا ہے، اس کی عدم موجودگی میں اسی طرح بلحاظِ اخلاف دوسروں کو ملتا ہے۔
اس کے برعکس ہندوؤں میں 'مشترکہ خاندان' (Joint Family System) کا طریق رائج ہے، ترکہ فرداً فرداً تقسیم نہیں ہوتا بلکہ خاندان میں جمع رہتا ہے، اہل خاندان مل کر متمتع ہوتے ہیں۔
ان ہر دو طریق کا منشاء واحد ہے، وہ یہ کہ ترکہ یک جا محفوظ رہے، پارہ پارہ ہو کر تقسیم نہ ہو جائے۔ چنانچہ ان ہر دو طریق سے وہ صورت دولت اندوزی کی پیدا ہوتی ہے جو آج کل بدنام ہو رہی ہے، مال کے تعلق سے اس کو سرمایہ داری نظام (Capitalism) اور جائداد کے تعلق سے اس کو جاگیرداری نظام (Feudalism) کہتے ہیں، اور ہر دو مجموعی طور پر سامراجی نظام (Imperialism) کہلاتے ہیں۔
سامراجی نظام کی خرابیاں خطرناک ثابت ہونے پر اس کے توڑ میں ایک جدید نظام زور و شور سے جا بجا رائج کیا جا رہا ہے جو تھوڑے تھوڑے فرق پر کئی نام سے موسوم ہے۔ خاص کر سوشلزم اور کمیونزم کے نام زیادہ مشہور ہیں، تفصیلات کی یہاں ضرورت و گنجائش نہیں۔ مقصد یہ کہ خاندانوں میں دولت کہیں زیادہ جمع نہ ہونے پائے، بلکہ عام ارکان میں بکثرت و بسرعت تقسیم ہوتی رہے، اور بنظرِ حصولِ مقصد حکومت مال و جائداد کے تصرف میں راست دخیل رہے اور بہت زیادہ دخیل رہے، گویا کہ حکومت ایک خاندان ہے اور خاندان اس کے افراد۔ انتظام میں حکومتی مداخلت کی افراط ظاہر ہے جو دولتداری کی ایک صورت ہے۔
قدیم سامراجی نظام ہو کہ جدید اشتراکی نظام، ان کے طریق مختلف سہی، لیکن تعجب یہ کہ بالآخر نتیجہ واحد ہے، وہ یہ کہ مختلف صورتوں میں معیشت کی شخصی آزادی سلب ہوتے ہوتے معاشی غلامی کی نوبت آ جاتی ہے۔ غلامی عادۃً گوارا ہو یا طبعاً ناگوار گزرے، یہ دوسری بات ہے۔
سامراجی نظام اور اشتراکی نظام کے مقابل اسلامی نظام نے تیسرا طریق اختیار کیا جو پہلے دو طریقوں کی خرابیوں سے پاک ہے۔ اس کے مطابق عمل کیا جائے تو ممکن نہیں کہ خاندانوں میں زیادہ مال و جائداد جمع ہو۔ وجہ یہ کہ ترکہ پسماندگان میں وسیع پیمانہ پر فرداً فرداً تقسیم ہو جاتا ہے...
...ہو جاتا ہے اور شخصی آزادی بھی سلب نہیں ہوتی کہ وارثوں کو اپنے اپنے حصہ میں پورے تصرف کا حق حاصل رہتا ہے، گویا اسلامی نظام میں وہ دونوں خوبیاں جمع ہیں جو سامراجی نظام اور اشتراکی نظام کی دونوں خرابیوں کا کامل علاج ہیں۔ وجہ یہ کہ اسلامی نظام عینِ انسانی فطرت کے مطابق ہے، اس میں استبداد کی ضرورت و گنجائش نہیں۔
اور عجب نہیں غیر اسلامی دنیا بھی طویل تلخ تجربوں کے بعد اسلامی نظام قبول کرنے میں اپنی نجات سمجھے، چنانچہ یہ رجحان بعض معاشرتی شعبوں میں نمودار ہو چکا ہے مثلاً عقدِ بیوگان، طلاق وغیرہ۔
مزید برآں تقسیمِ ترکہ کی بابت اسلام نے دو طریق اختیار کیے ہیں جو پہلو بہ پہلو عمل کرتے ہیں۔ دونوں کے باہمی تعاون سے تقسیمِ مال و جائداد میں بہت کچھ توازن و اعتدال قائم رہتا ہے۔ یہ دو طریق کیا ہیں:
وصیت اور وراثت، اور بلحاظِ نوعیت وصیت کو وراثت پر مقدم رکھا ہے کہ وصیت، وراثت کی مصلح ہے۔ لیکن تعجب ہے کہ عملاً وصیت کا طریق بڑی حد تک متروک ہے، اس سے بہت کم کام لیا جاتا ہے، بالعموم سارا معاملہ وراثت پر چھوڑ دیا جاتا ہے جس سے محرومی کی تکلیف دہ صورتیں پیدا ہوتی ہیں۔ لوگ محرومی پر افسوس کرتے ہیں لیکن وصیت کے طریق پر توجہ نہیں کرتے، تکلیف سے پریشان ہوتے ہیں لیکن علاج پر توجہ نہیں ہوتے...
...نہیں ہوتے، وصیت سے کام نہیں لیتے۔
اس عدمِ توجہی اور بے اطمینانی کو رفع کرنے کی خاطر ضرورت تھی کہ وصیت کے طریق پر کافی زور دیا جائے تاکہ تقسیمِ ترکہ میں مزید توازن و اعتدال پیدا ہو، چنانچہ اسی اہم ضرورت کو حضرت علامہ محمد عبد القدیر صدیقی قادری مدظلہ (سابق صدر شعبہ دینیات جامعہ عثمانیہ حیدر آباد دکن) نے اختصار کے باوجود جامعیت کے ساتھ واضح فرمایا ہے اور یہ توجہ فرمائی ملت کی بڑی خدمت ہے۔ عالمِ اسلام کو اس توجہ فرمائی کی شدید ضرورت ہے کہ بیشمار حقوق سے اس کا دائمی اور لازمی تعلق ہے۔ بیوت میں خوشحالی اور تنگدستی بڑے پیمانہ پر اس سے وابستہ ہے۔ حضرت علامہ صدیقی مدظلہ کو اللہ تعالیٰ جزائے خیر عطا فرمائے کہ ایک عالمگیر اسلامی سوال پیش کر کے از روئے قرآن و حدیث اس کا حل پیش فرمایا اور وہ بھی ایسے سادہ، سلیس پیرایہ میں کہ لوگ بہ آسانی سمجھ لیں۔ البتہ علمائے کرام کے واسطے دقیق نکات کی بہر حال گنجائش ہے۔ ملت کی صلاح و فلاح کے سوال حل کرنا علمائے ربانی کا ہی کام ہے۔
مَا شَاءَ اللَّهُ وَالْحَمْدُ لِلَّهِ
محمد الیاس برنی (پروفیسر و سابق صدر شعبہ معاشیات، جامعہ عثمانیہ، حیدر آباد دکن)
وصیت اور وراثت
چونکہ آج کل لوگوں کے خیال میں وصیت کی کوئی اہمیت نہیں رہی، بعض احکامِ شرع سے ناواقف لوگ وارثِ بلا واسطہ اور وارثِ بالواسطہ میں فرق نہیں کرتے، ان کو قرب و بُعد میں امتیاز نہیں، حکمِ قرآنی پر اپنی ناقص رائے کو ترجیح دیتے ہیں۔ اصل یہ ہے کہ یہ نادان غیر مسلم قوانین اور رسوم سے مرغوب اور متاثر ہو گئے ہیں۔ توریث اور وصیت کے احکام پر انہوں نے غور ہی نہیں کیا اور اس کے اثرات سے سراسر غافل ہیں، لہٰذا اس فقیر نے اس مسئلہ کو صاف کرنے کے لیے چند سطریں لکھ دی ہیں۔ اللہ تعالیٰ مسلمانوں کو علمِ صحیح اور عملِ صالح سے سرفراز کرے۔
آمِيْن۔
مَا حَقُّ امْرِئٍ مُسْلِمٍ لَهُ شَيْءٌ يُوصِي فِيهِ...
(یعنی بغیر وصیت لکھ رکھنے کے دو راتیں بھی نہ گزارے)۔
آیاتِ قرآنی اور احادیثِ نبوی تو بیان کر دیے گئے۔ اب ہم بیان کرنا چاہتے ہیں کہ ان آیات و احادیث سے کیا احکام مستنبط ہوتے ہیں:
۱۔ 'كُتِبَ' کے معنی ہیں 'فُرِضَ' یعنی فرض کیا گیا، جیسے الصلوٰۃ المکتوبۃ یعنی فرض نماز، اور 'كُتِبَ عَلَيْكُمُ الصِّيَامُ' کے معنی "تم پر روزے فرض کیے گئے۔"
۲۔ وصیت کے معنی تاکیدی حکم کے ہیں، چنانچہ 'يُوصِيكُمُ اللَّهُ' کے معنی یہ ہیں کہ اللہ تعالیٰ تم کو تاکیدی حکم دیتا ہے۔ نیز وصیت کے معنی ہیں مرنے سے پہلے غیر وارثوں کو اور مذہبی اور قومی کاموں کے لیے خیر خیرات کا حکم دینا۔
۳۔ مطلق کے بعد تقیید کی جائے، مجمل مبہم کی تفسیر کی جائے تو یہ اجمال کی تفصیل ہے۔
۴۔ حدیث شریف میں 'أَوْصِ' کا لفظ ہے جو امر کا صیغہ ہے (اور اصل امر میں وجوب ہے)، اس حیثیت سے بھی وصیت کرنا واضح اور ضروری ہے۔
۵۔ قرآن شریف میں پہلے قرابت داروں کی امداد کرنے کا یعنی مطلق امداد کا حکم دیا گیا ہے۔ لفظ 'بِالْمَعْرُوفِ' اسی اطلاق، اجمال اور عموم کو ظاہر کرتا ہے اور یہ حکم 'كُتِبَ عَلَيْكُمُ' الخ کی وجہ سے فرض ہے۔
پھر 'يُوصِيكُمُ اللَّهُ فِي أَوْلَادِكُمْ' الخ میں جہاں وارثوں کے حصص متعین کیے گئے ہیں وہیں ادائے قرض اور وصیت کا حکم بھی دیا گیا ہے۔ پس 'كُتِبَ عَلَيْكُمُ' الخ کی 'يُوصِيكُمُ اللَّهُ' الخ سے تفصیل کی گئی ہے۔ اور اس میں تین چیزیں بیان کی گئی ہیں:
(۱) ورثہ کے حصص
(۲) ادائے قرض
(۳) وصیت
ورثہ کے حصص تو خود قرآن شریف میں معین کیے گئے ہیں اور غیر وارثوں کے لیے وصیت کا حکم دیا گیا ہے۔ مگر ان کے حصص متعین نہیں کیے گئے، حسبِ ضرورت مناسب طور سے ان کی امداد کا تعین موصی کے اختیارِ تمیزی پر چھوڑا گیا ہے۔ مگر نفسِ وصیت کا وجوب تو مسلم ہے۔
'كُتِبَ عَلَيْكُمُ' الخ میں جو اختیارِ تمیزی بطورِ عموم دیا گیا تھا، وہ ورثہ کے حصص کے تعین کے بعد غیر وارثوں کی حد تک خاص ہو گیا۔ تعینِ امداد کے متعلق اختیارِ تمیزی اس لیے دیا گیا ہے کہ غیر وارثوں کے حالات مختلف ہوتے ہیں، بعض ان میں سے قریب ہیں، بعض بعید، بعض شکستہ حال ہیں اور بعض خوش حال۔ اسی طرح دوسرے نیک کاموں کے بارے میں بھی وصیت ہو سکتی ہے۔
جن کی اہمیت کا سمجھنا بھی موصی کی رائے پر محول کیا گیا ہے۔ بعض اشخاص ایسے بھی ہوتے ہیں جو مورث کی خدمت کرتے اور اس سے غیر معمولی محبت رکھتے تھے، ان کی امداد کے تعین میں بھی موصی کی رائے کو اہمیت ہے۔
۶۔ کسی وارث کے حق میں وصیت درست نہیں کیونکہ ورثہ کے حصص معین ہیں، الا اس کے کہ دوسرے وارث ایسی وصیت پر راضی ہوں۔
۷۔ چونکہ ورثہ قریبی رشتہ دار ہوتے ہیں اس لیے وصیت کی انتہائی مالی مقدار ثلثِ مال (۱/۳) بتلائی گئی ہے تاکہ وارثوں کا زیادہ نقصان نہ ہو۔ اگر ورثہ راضی ہوں تو زیادہ کی وصیت بھی نافذ ہو سکتی ہے، اور اگر ورثہ ہوں ہی نہیں تو جمیع مال کی بھی وصیت ہو سکتی ہے کیونکہ اس کا کوئی مانع نہیں ہے۔
جب بالکل غیر آدمی کے حق میں وصیت کی جا سکتی ہے تو محروم الارث قرابت داروں کے حق میں وصیت کرنا بطریقِ اولیٰ ثابت ہوگا۔
کون کون سے قرابت دار محروم الارث ہیں:۔
مرحوم بیٹے کا بیٹا یا بیٹی یعنی پوتا یا پوتی، مرحومہ بیٹی کا بیٹا یا...
...بیٹی یعنی نواسہ یا نواسی، مرحوم بھائی کا بیٹا یا بیٹی یعنی بھتیجا یا بھتیجی، مرحومہ بہن کا بیٹا یا بیٹی یعنی بھانجا یا بھانجی، نانا جو جدِ فاسد ہے، خالہ، ماموں، مرحومہ پھوپھی کا بیٹا یا بیٹی یا خود پھوپھی جبکہ بیٹے کی وجہ سے محروم ہو، بلکہ متبنیٰ (لے پالک) لڑکا یا لڑکی، ان سب صورتوں میں شریعت نے مورث کو زندگی ہی میں وصیت کرنے کا حکم دیا ہے۔ ان میں سے بعض تو قریبی رشتہ داروں کی وجہ سے اور بعض عصبہ کے مقابل ذوی الارحام سے ہونے کی وجہ سے محروم ہو جاتے ہیں۔
وصیت کو قرآن میں قرض اور توریث دونوں سے مقدم کیا گیا ہے، اور اس طرح بیان کرنے میں مقدم کرنے کی وجہ یہ ہے کہ وارث تو اپنے مورث کے مال کو اپنا ہی مال سمجھتے ہیں، قرض دار بھی قرض حاصل کر ہی لیتا ہے چھوڑتا کب ہے۔
وصیت ہی ایک ایسی چیز ہے جس سے لوگ بے اعتنائی کرتے ہیں۔ حدیث شریف سے بھی ثابت ہو رہا ہے کہ دو راتیں ایسی نہ گزریں جن میں وصیت نامہ لکھا ہوا پاس نہ رہے۔ یہ وصیت نامہ محفوظ رہے گا اور موصی کے انتقال کے بعد کھولا جائے گا۔ وصیت نامہ کی اہمیت کی وجہ سے قرآن میں اس کی حفاظت کے لیے دو گواہوں کے رکھنے کا حکم ہے۔ اور میری رائے میں حسبِ حکمِ قرآن وصیت نامہ دو گواہوں کو...
...سنا دینے کے بعد دفترِ رجسٹریشن میں محفوظ رکھ دیا جائے تو زیادہ مناسب ہے تاکہ بوقتِ ضرورت سرکار اپنی قوت سے اس کی تعمیل کروا سکے۔
بعض دفعہ ایسا بھی ہوتا ہے کہ مورث لوگوں سے قرض لیتا ہے اور اس پر نہ کوئی شاہد رہتا ہے نہ گواہ۔ ایسی صورت میں قرض داروں کا قرض ضائع ہونے کا اندیشہ ہے۔ اگر ورثہ تسلیم نہ کریں تو وصیت سے اس کی ادائی ہو سکتی ہے۔
آیت 'وَإِذَا حَضَرَ الْقِسْمَةَ' الخ سے کیا ثابت ہو رہا ہے؟ اس کے مخاطب کون ہیں؟ اور یہ کس سے متعلق ہے؟
ظاہر ہے کہ تقسیمِ ترکہ کے وقت مورث تو زندہ نہیں رہتا۔ لہٰذا اس کے مخاطب ورثہ اور موصیٰ لہ ہیں، اور یہ متعلق ہے ایسے قرابت داروں اور متعلقین سے جو نہ وارث ہیں اور نہ ان کے متعلق وصیت کی گئی ہے۔ "فَارْزُقُوهُمْ" کے حکم کی بنا پر ان کو بھی کچھ نہ کچھ دینا چاہیے۔
حاصل یہ ہے کہ احکامِ اسلام جامع اور مکمل ہیں۔ توریث کے متعلق جو احکام دیے گئے ہیں وہ بھی منصوص اور ناقابلِ کمی و بیشی ہیں، محروم الارث قرابت داروں یا دوسرے مستحق لوگوں کے حق میں یا دوستوں اور ایسے مخلصوں کے حق میں جنہوں نے خدمت یا...
...ہمدردی کی ہو یا مذہبی یا قومی کاموں کے لیے وصیت کرنی چاہیے، احکامِ خدا و رسول تو موجود ہیں مگر تم خود بے اعتنائی کرتے ہو اور پھر شریعت کی شکایت کرتے ہو کہ محروم پوتوں اور نواسوں کو کچھ نہیں ملتا! اگر احکامِ خدا و رسول کی تعمیل کرو تو دیکھو نہ تم پوتوں اور نواسوں کے محروم الارث ہونے کا رونا روتے پھرو گے، اور نہ ان کو فلاکت اور تنگدستی کی وجہ سے دوسروں کی طرف دستِ سوال بڑھانے کی ضرورت پڑے گی، ونیز نہ تم کو مداخلت فی الدین کرنے کی ضرورت لاحق ہوگی۔ وَالسَّلَام۔
الفقیر: محمد عبد القدیر صدیقی
مدیر منزل، حیدر آباد دکن۔
ماہِ محرم ۱۳۷۲ ہجری۔
یہ فقیر اپنے محترم فاضل دوست مولانا صدیقی صاحب مدظلہ کا مصدق ہے۔ ممدوح موجودہ ماحول و عصرِ جدید کے نبض شناس محقق ہیں۔ مختصر تحریر کے اندر وصیت کی جملہ ضرورت کے بارے میں قرآن و حدیث کا ایک دریا بہ کوزہ نچوڑ پیش کیا ہے جس کی آج کل مسلمانوں کو بڑی ضرورت تھی۔ فجزاه الله خيراً، آمين۔ ۲ صفر ۱۳۷۲ھ۔
انسان آرزو کرتا ہے کہ اس کی جائداد کے مالک اس کے بچے اور بچیاں ہوں، مگر بسا اوقات ایسا ہوتا ہے کہ اس کے صاحبِ اولاد بچے اپنے ماں باپ کی زندگی میں اپنے بچوں کو دادا دادی کے سہارے چھوڑ کر رخصت ہو جاتے ہیں۔ اس کا اثر یہ مرتب ہوتا ہے کہ وہ اپنے دادا اور دادی کی جائداد سے (بہ سبب اپنے باپ کے انتقال کے) محروم الارث ہو جاتے ہیں، اپنے خاندانی مال و متاع سے ان غریب یتیموں کو کچھ نہیں ملتا۔ ایک طرف یہ دشواری محسوس کی جاتی رہی اور دوسری طرف ایک اور مشکل یہ پیش ہے کہ عامۃ المسلمین کا علمائے دینِ متین سے کوئی رابطہ نہیں، عوام ہیں کہ ناواقفیتِ احکامِ دین کے باوجود...
...علمائے دینِ متین کی طرف رجوع نہیں کرتے اور اپنے درد کا درماں ان سے نہیں چاہتے۔ نتیجہ یہ ہوا کہ یتیم پوتے پوتیاں دادا دادی کے متروکہ سے محروم ہوتے رہے اور ایسا معلوم ہونے لگا کہ گویا یہ چیز اب تک تشنہ ہی تھی کہ آخر ان یتیموں کا کیا علاج کیا جائے جو اس کی اولاد کی اولاد تو ہیں مگر اپنے ماں باپ کے انتقال کی وجہ سے ایک حبہ بھی پانے کے مستحق نہیں!
چونکہ یہ شریعت کے احکام ہیں اور دین مکمل ہے، اور اس میں تشنگی عوام کے لیے ضرور باعثِ تشویش تھی۔ خدائے تعالیٰ استاذ العلماء، اخی المحترم، عالمِ دینِ متین بحر العلوم حضرت مولانا الحاج شاہ محمد عبد القدیر صاحب صدیقی قادری مدظلہم العالی کو ملتِ اسلامیہ کی طرف سے جزائے خیر عطا فرمائے کہ حضرت نے ایک مختصر رسالہ "وصیت و وراثت" تحریر فرما کر اس گتھی کو بہت عمدگی کے ساتھ سلجھا دیا۔ "وَمَن يُؤْتَ الْحِكْمَةَ فَقَدْ أُوتِيَ خَيْرًا كَثِيرًا" اور "مَنْ يُرِدِ اللَّهُ بِهِ خَيْرًا يُفَقِّهْهُ فِي الدِّينِ"۔
برادرانِ اسلام جہاں جہاں ایسی صورت پائیں وہ حضرت ممدوح مدظلہم کی اس کتاب سے فائدہ حاصل کریں اور وصیت کے شرعی احکام اور ہمہ گیر قانونِ اسلامی سے مستفید و فیضیاب ہوں، فقط۔
۹ صفر المظفر ۱۳۷۲ ہجری۔
حضرت مولانا و بالفضل اولانا العلامة الفهامة مولوی محمد عبد القدیر صدیقی مدظلہ العالی شکر اللہ سعیہم نے محروم الارث قرابتداروں یا دوسرے مستحقین کے حق میں یا ایسے دوستوں اور مخلصوں کے بارے میں جنہوں نے اپنے کسی واجب الخدمت بزرگ کی خدمت یا ہمدردی کی ہو یا کسی مذہبی یا قومی کاموں کے لیے وصیت کرنی چاہتے ہوں تو اس کے جواز کے ثبوت میں "وصیت و وراثت" کے نام سے ان کے اس درد کا شرعی نقطۂ نظر سے جو مداوا تجویز فرمایا ہے وہ غافل مسلمانوں کے لیے مشعلِ راہ کا حکم رکھتا ہے۔
اگر مسلمان حضرت کی اس خیر خواہانہ نصیحت پر عمل پیرا ہو کر وصیتِ مسنونہ پر عمل درآمد کرنے لگیں تو ان کو اپنے غیر وارث مخلصوں اور محبوں کی آئندہ زندگی کی زبوں حالی کا خیال ان شاء اللہ سوہانِ روح نہ بن سکے گا۔
الدِّينُ يُسْرٌ وَلَيْسَ بِعُسْرٍ، هَدَانَا اللَّهُ وَجَمِيعَ الْمُسْلِمِينَ إِلَى صِرَاطِهِ الْمُسْتَقِيمِ وَطَرِيقِهِ الْقَوِيمِ، وَمِنَ اللَّهِ الْهِدَايَةُ وَالتَّوْفِيقُ، وَاللَّهُ أَعْلَمُ وَعِلْمُهُ أَتَمُّ۔
(۱) الدّين (زبان عربی): اس میں چار کتابیں ہیں: کتاب العلم، کتاب الایمان، کتاب الاسلام، کتاب الاحسان۔ سائز کراؤن، صفحات (۱۶۰)، قیمت ۲ روپے۔
(۲) معيار الكلام (زبان اردو): علمِ مناظرہ، اصولِ حدیث، اصولِ شہادتِ اسلام، اصولِ قانونِ شہادت، اصولِ تاویل، اصولِ فقہ، کلیاتِ فقہ و کلیاتِ اصولِ قانون، منطقِ جدید و طبعی طریقے پر ترتیب دیے گئے ہیں۔ اس جامعیت اور ترتیب کی کتاب اب تک تصنیف نہیں ہوئی تھی۔ وکلاء کے لیے تو اچھا خاصا مددگار ہے۔ سائز پونی، صفحات (۱۶۰)، قیمت ۳ روپے۔
(۳) حكمتِ اسلاميه (زبان اردو): تصوف و کلام و فلسفہ کی جان ہے۔ یہ عجیب و غریب کتاب ہے جس میں حکمت کے بڑے بڑے مشکل مسائل کا حل اور دیگر مذاہب کا رد بھی ہے۔ سائز کراؤن، صفحات (۲۴۰)، قیمت ۴ روپے۔
(۴) المعارف: تصوف و فلسفہ اور حقائق پر مولانا کے مقالات و ارشادات کا مجموعہ۔ حصہ اول و دوم و سوم۔ سائز کراؤن، صفحات (۱۶۰)، قیمت ہر حصہ ۱ روپیہ۔
(۵) مجموعہ ہائے کلام منظوم:
- نسيمِ عرفان (دوم): اردو غزلوں کا مجموعہ، صفحات (۸۰)، قیمت ۱ روپیہ۔
- نغمۂ محبت: نعتیہ کلام کا مجموعہ، صفحات (۴۴)، قیمت ۱۰ آنے۔
- زفرات الاشواق: عربی، فارسی، ہندی کلام کا مجموعہ، صفحات (۴۶)، قیمت ۱۲ آنے۔
(۶) ترجمہ فصوص الحكم: شیخ محی الدین محمد بن علی بن محمد العربی کی معرکۃ الآراء تصنیف ہے جو اسلامی تصوف کی جان۔ اس کتاب کا حال کیا ہے: "يُضِلُّ بِهِ كَثِيرًا وَيَهْدِي بِهِ كَثِيرًا"۔ حضرت ممدوح نے بڑی قابلیت اور محنت سے اس کا ترجمہ مع شرح کیا ہے جس کو جامعہ عثمانیہ نے طبع کر کے شائع کیا ہے۔ سائز رائل، صفحات (۵۰۰)، قیمت ۱۰ روپے۔
(۷) التوحيد (زبان فارسی): تصوف میں جامع اور مانع، نہایت اختصار کے ساتھ دریا کوزہ میں سمو دیا گیا ہے۔ قابلِ دید ہے۔ صفحات (۴۰)، قیمت ۸ آنے۔
(۸) اوراق الذهب (زبان عربی، فارسی، اردو): سونے کے اوراق، اسم با مسمّٰی ہے۔ سائز کراؤن، صفحات (۴۰)، قیمت ۸ آنے۔
حقائق و معانی و اسلوبِ بیان میں اپنی آپ نظیر ہے۔ ہر مسئلہ کو جدید العصر سائنسدانوں اور فلاسفہ کے نظریات سے بدلائلِ صحیحہ ثابت اور لاجواب کیا گیا ہے۔
ہر لفظ کے مفرد اور اصطلاحی معانی، اشتقاق اور خصوصیات کو عام فہم انداز میں واضح کر دیا گیا ہے اور زمانہ پر تطبیق دے کر آپ نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ قرآن ہی ایک ایسا مکمل ضابطۂ حیات ہے جو ہر زمانہ میں ہمارے لیے شمعِ ہدایت کا کام دے سکتا ہے۔
- تفسیر سورۂ فاتحہ، کراؤن سائز، با حجم (۳۲) صفحے، ہدیہ ۸ آنے۔
- تفسیر پارہ الم، کراؤن سائز، با حجم (۱۸۰) صفحے، ہدیہ ۲ روپے۔
- تفسیر پارہ سیقول، کراؤن سائز، با حجم (۲۴۰) صفحے، ہدیہ ۲ روپے۔
(مکمل ۳۰ پارے دستیاب ہیں)
کتب ملنے کے پتے:
مکتبۂ علمیہ، پتھر گٹی؛ مکتبۂ ابراہیمیہ، عابد روڈ؛ یا راست پتے ذیل سے طلب فرمائیے:
المشتہر:
اعجاز مہتمم دار الاشاعت، صدیقی منزل، ملک پیٹھ، حیدر آباد دکن۔