تقریرِ دلپذیر: حضرت بحر العلوم استاذ العلماء علامہ محمد عبد القدیر صدیقی قادری حسرت رحمۃ اللہ علیہ، سابق صدر شعبہ دینیات، جامعہ عثمانیہ، حیدر آباد دکن۔ حسبِ فرمائش: مولوی رحیم الدین صاحب قادری سپروائزر۔ تاریخ: ۱۵ نومبر ۱۹۵۰ء / ۱۳۶۹ھ (ماہِ ربیع الثانی)۔ قیمت: چار آنے۔
[صفحۂ بیاض — اصل نسخہ میں یہ سرورق کی پشت پر سفید صفحہ ہے]
کیا یہ ساری دنیا غلط ہے، جھوٹے خیالات کا مجموعہ ہے؟ ایک نظرِ غائر ڈالنے والے کے سامنے ہر چیز بے حقیقت معلوم ہوتی ہے۔ میں جنابِ عالی سے پوچھتا ہوں، کیا سب غلط ہے؟ اگر یہ صحیح ہے تو آپ کا فرمودہ بھی غلط ہے۔ آپ اپنے آپ کو غلط کہہ لیجیے، مگر میں اپنے کو غلط نہیں کہہ سکتا۔ میں اپنے کو دیکھ رہا ہوں، سمجھ رہا ہوں، یہ ہرگز غلط نہیں ہے، میں صحیح، میرا دیکھنا صحیح، اسی طرح اور آدمی میرے ارد گرد جو کچھ ہے وہ سب صحیح۔ غلط اور ناحق وہ چیز ہوتی ہے جس کا نہ ٹھاؤ ہو نہ ٹھکانا۔ ہم جو کچھ دیکھتے ہیں سنتے ہیں اس کا منشا ہے، بے فائدہ اور لاطائل نہیں ہے۔ سب کے منشا کو ہم آئندہ بیان کریں گے۔
صاحبو! مدرسے کے ایک حجرے میں چند طالب علم ہیں۔ ایک بچہ دوسرے بچے پر آ گرا، وہ بگڑ کر کہنے لگا: تم مجھ پر کیوں آن کر گرے؟ وہ کہنے لگا: میں خود سے نہیں گرا، دوسرا بچہ مجھ پر آ گرا ہے۔ اب جس سے پوچھتا ہے وہ یہی کہتا ہے کہ...
وہ یہی کہتا ہے کہ میں خود سے نہیں گرا دوسرے نے دھکا دیا۔ وہ بچہ جس پر دوسرا بچہ گرا تھا، بگڑ جاتا ہے، اور ہرگز نہیں مانتا اور کہتا ہے: شرارت کی ابتدا جب تک کسی نے نہ کی ہو، جب تک کسی نے پہل نہ کی ہو یہ سلسلہ چل نہیں سکتا۔ سمجھے! یہ بچہ کیا کہہ رہا ہے؟ وہ کہہ رہا ہے، جب تک ابتدا کوئی دھکا دینے والا نہ ہو، دھکا دینے کی صورت ہی نہیں پیدا ہوتی، یا دوسرے الفاظ میں جب تک بالذات نہ ہو بالعرض ممکن نہیں۔
صاحبو! تھوڑی دیر کے لئے اس بات پر غور کرو کہ گھر کا ایک بڑا ہوتا ہے، ریاست کا ایک پادشاہ ہوتا ہے، حکومت کا ایک صدر ہوتا ہے، مدرسے کا ایک پرنسپل یا ہیڈ ماسٹر ہوتا ہے۔ بے سری حکومت اور بے نظام سلطنت چل ہی نہیں سکتی۔ گھر میں مختلف کمرے ہوتے ہیں اور مختلف اغراض و مقاصد میں استعمال کئے جاتے ہیں۔ کیا گھر کا کوئی نظام اور اس کا انجینیر نہیں ہوتا؟ یہ سب ناتجربہ کاروں کی باتیں ہیں۔ صاحبِ عقلِ سلیم سمجھتا ہے کہ نظام بغیر منظم کے ممکن نہیں۔ میں آپ سے پوچھتا ہوں، ستارے حرکت کرتے ہیں تو ان کا بھی ایک نظام ہے، چاہیں آپ نظامِ شمسی کہیں یا نظامِ بطلیموسی یا فیثاغورثی۔ وقت پر چاند نکلتا ہے، وقت پر آفتاب نکلتا ہے، سورج گہن لگتا ہے تو وقت پر، چاند گہن لگتا ہے تو اپنے وقت پر، کبھی اس کا خلاف ممکن نہیں۔ کیا اس تمام عالم کو منظم حالت میں رکھنے والا کوئی ہے یا نہیں؟ ہم نے ابھی ثابت کیا ہے، کوئی بچہ قبول نہیں کر سکتا کہ کوئی بالعرض حرکت بغیر اصلی محرک کے ہو سکتی ہے۔
بغیر محرک کے عالم کا ایک باقاعدہ منظم طور سے حرکت کرنا ناممکن ہے۔ وہ محرک کون ہے؟ تم اللہ کہو یا گاڈ کہو، جس نام سے پکارو، اُس کا جو نام رکھو، وہ ہے اور یقیناً ہے۔ وہی حق ہے اور اس کا ماسوا ناحق۔
ہم نے ابھی بیان کیا ہے کہ بغیر بالذات اور ایک ہی صدر کے انتظام چل ہی نہیں سکتا۔ اگر کئی کئی اعلیٰ منتظم ہوں اور کوئی کسی کی مخالفت نہیں کر سکتا تو ایک کے سوا سب فضول ہیں۔ اگر مخالفت کر سکتا ہے تو جس کی نہ چلے، وہ خدائی کیا کرے گا؟ ہر ایک کچھ کر سکتا ہے تو ایک کچھ چاہے گا اور ایک کچھ، دونوں کی لڑائی میں دنیا تباہ ہو گی، دو ملاؤں میں مرغی مردار ہو گی۔
صاحبو! ایک اور بات پر تھوڑی توجہ کرو۔ انسان کیا ہے؟ ایک زندہ شے ہے جس کو قیاس اور استنباطِ مسائل کی قوت ہے۔ ہم ہر زندے کو حیوان کہتے ہیں۔ اچھا یہ حیوان کیا ہے؟ وہ بھی ایک نشو و نما پانے والی چیز ہے۔ طبعی طور سے طول، عرض اور عمق میں بڑھنے والی چیز ہے۔ ہم نشو و نما پانے والی چیز کو نامی کہتے ہیں۔ یہ نامی کیا ہے؟ یہ طول، عرض اور عمق رکھنے والی شے ہے، چیز ہے، جسم ہے جو طبیعت کے اقتضاء کے مطابق بڑھتا اور پھیلتا ہے۔ یہ جسم کیا ہے؟ وہ بھی ایک چیز ہے، جو طول و عرض و عمق رکھتی ہے، یہ سب تو صفات ہیں، آخر وہ چیز ہے کیا؟ بس "ہے" ہے۔ کسی چیز کے موجود ہونے کا دار و مدار اسی پر ہے، ہم اس کو "وجود" یا "ہست" یا "ہے" کہتے ہیں۔
دوستو! میں آپ سے پوچھتا ہوں، وجود سے پہلے کیا ہے؟ اور وجود کے بعد کیا ہے؟ وجود کے مقابل عدم ہے، اگر وجود سے پہلے کوئی چیز ہو گی تو "ہونا" پکار کر کہے گا کہ یہ تو میں ہی ہوں۔ اگر بعد کوئی چیز ہو گی تو وجود پکار کر کہے گا کہ اس وقت بھی میں ہی ہونگا۔ اگر ایک منٹ کے لئے وجود نہ رہے تو دنیا معدوم، سب نیست و نابود! وجود پر سب کا قیام ہے۔ کیا اس پر یہ صادق نہیں آتا کہ وہی اول ہے، وہی آخر ہے، وہی ظاہر ہے، وہی باطن ہے؟
ابھی ہم نے بیان کیا کہ سب کا قیام وجود پر ہے لہٰذا وہی وجود ہے، وہی موجود ہے، وہی بالذات ہے، اصل میں وہی ہے۔ بھلا ایسی چیز کیا ہو گی؟ اس سے پہلے ہم نے بیان کیا ہے کہ اس کا جو نام چاہو رکھ لو، اللہ بولو یا گاڈ یا پرماتما بولو تو اُس سے بھی انکار نہیں۔ صاحبو! اللہ کی خاص صفت کیا ہے؟ بالذات ہونا، کسی کا محتاج نہ ہونا۔ اسی واسطے اُس کو واجب الوجود کہتے ہیں اور حقِ معبود۔ اچھا اُس کے اور صفات بھی ہیں، وہ ہے اور حی ہے، زندہ ہے، خدا مردہ ہوتا تو کس کام کا ہوتا؟ وہ حی ہے اور سب میں جو حیات پائی جاتی ہے وہ سب اسی کی ہے۔ تالاب میں پانی نہ ہو تو نل میں سے کیسے نکلے گا؟ وہ علم بھی رکھتا ہے، علم کا سرچشمہ بھی وہی ہے۔ جس کو علم نہیں وہ کیا حکومت کرے گا؟ ایسا بے خبر کس کام کا۔ وہ دیکھتا بھی ہے یعنی سمیع و بصیر بھی ہے، ہماری حاجتوں کو...
ہماری دعاؤں کو سنتا ہے اور ہم کو دیکھتا ہے۔ اس کو قدرت بھی ہے؟ اپاہج، بے کار دوسروں کو کیا فائدہ پہنچا سکتا ہے؟ وہ صاحبِ ارادہ بھی ہے۔ بے ارادہ کام کرنے والا مجبور ہے، بے حس، بے کار ہے، بے اختیار ہے۔ وہ حکم بھی دیتا ہے، اُس کا حکم دینا ہی ہے کہ چیز پیدا ہو جاتی ہے۔ اچھا ہماری اس تقریر سے کیا معلوم ہوا؟ خدا حی ہے، علیم ہے، سمیع ہے، بصیر ہے، قدیر ہے، مرید ہے، اور «کُن» کا حکم دینے والا کلیم ہے۔
صاحبو! ایک اور بات پر بھی غور کرو، دور سے ایک چیز نظر آتی ہے، صرف اتنا معلوم ہوتا ہے کہ کچھ ہے اور اندھیرے میں ہے۔ کیسا ہے؟ کچھ معلوم نہیں ہوتا، پھر وہ چیز ہماری طرف بڑھتی ہے اور نزدیک آنا شروع ہوتی ہے۔ جیسے جیسے نزدیک آتی ہے اُس کی خصوصیات معلوم ہوتے جاتے ہیں۔ آخر میں یہ معلوم ہوتا ہے کہ یہ تو ہمارا قدیمی دوست عبد اللہ ہے۔ دیکھو، مرکبات کی تحلیل کرتے جاؤ اور خصوصیات سے قطع نظر کرو تو آخر میں کیا رہے گا؟ یہی کہ "کچھ ہے" اور باقی تمام اس کے خصوصیات ہیں۔ تم کوشش کرو کہ خصوصیات تمہاری نظر سے گر جائیں، بس ایک "ہے" رہ جائے۔
دوستو! تم ایک ڈرامہ سوچتے ہو، ایک کہانی بناتے ہو، ایک منصوبہ گانٹھتے ہو، یہ سب چیزیں کہاں تھیں؟ تمہارے علم میں۔ اس میں ایک پادشاہ ہے، ایک فقیر ہے، عورت ہے، مرد ہے، چور ہے، شاہ ہے۔ تم اپنے زورِ تخیل سے...
اپنے متفرق خیالات میں ایک نظام پیدا کرتے ہو اور ہر ایک کے خواص اور کیریکٹر نمایاں کرتے ہو۔ چور کو پیدا کرتے ہو اور اُس سے چوری نمایاں کرتے ہو۔ تم اُس کے صفات اور کیریکٹر ٹھیک ٹھیک بتاؤ تو تمہارا ڈرامہ درست، اگر تھوڑی بھی فروگزاشت ہوئی تو تمہارا ڈرامہ ناقص، بے کار اور فضول۔ اسی طرح خوب سمجھو کہ خدائے تعالیٰ نے بھی ساری دنیا کا ایک ڈرامہ بنایا ہے اور ہر ایک سے اس کے لائق اعمال ظاہر کرواتا ہے۔ کیا چور اگر چوری نہ کرے تو تمہاری ڈرامہ نویسی درست ہے؟ غلط! اسی طرح تمہارے ڈرامے میں جتنے کام کرنے والے ہیں ان سب کے کمالات دکھاؤ، تب ہی تمہارا ڈرامہ قابلِ تعریف ہو گا، ورنہ ناقابلِ قبول۔
اللہ تعالیٰ دنیا کے نظام میں جو کچھ دکھا رہا ہے وہ درست و مناسب ہے۔ ڈرامہ بھی ایسا عمدہ ہے کہ چون و چرا کی وہاں گنجائش نہیں۔ بعض نادان سمجھتے ہیں کہ اللہ اچھے خاصے آدمی سے چوری کرواتا ہے اور پھر سزا بھی دیتا ہے۔ یہ خیال بالکل غلط ہے۔ خدا چور کو پیدا کرتا ہے، چوری اُس کے لوازم سے ہے، اور سزا دینا چوری کے لوازم سے۔ ایک سلسلہ لازم و ملزوم ہے کہ چلا جا رہا ہے۔ ملزوم پایا جائے اور اس کا لازم نہ پایا جائے، سرتاسر غلط ہے! چور سے چوری ظاہر ہو گی۔ اور کوتوالی والے اُس کو گرفتار کرنے میں سرگرم رہیں گے، چور کو عدالت میں پیش کریں گے، جرم ثابت کرنے میں کوشش کریں گے اور بعض اُسی کے چھڑانے میں اپنا زورِ تقریر بتائیں گے۔ عدالت سب کچھ سن کر فیصلہ سنائے گی۔
یہی چوری ہتکڑیاں اور بیڑیاں بن کر اُس کے ہاتھ پاؤں میں پڑے گی اور حاکمِ عدالت کے حکم سے محبس میں داخل کرائے گی۔ دیکھو! ایک چوری کے جرم میں کتنے افراد سرگرمِ کار ہیں، اتنے مختلف لوگوں کے کام کرنے کے بعد کہیں چوری کا پارٹ ادا ہوا۔ اسی طرح دنیا میں جو کچھ ہو رہا ہے مسلسل مرتب ہو رہا ہے۔ خدائے تعالیٰ نے یہ جو ناقابلِ تغیر ترتیب دی ہے، سمجھے وہ کیا ہے؟ وہی تقدیر ہے۔
جب تقدیر میں جو لکھا ہوا وہ ہو کر رہے گا تو ہم کو اختیار کہاں؟ یہ تو جبرِ محض ہے۔ خود مقدر فرمائے اور خود ہی سزا دے! اس مسئلہ کی تحقیق یہ ہے۔ خارجی قوت اگر عمل کرے یا روکے تو اس کو جبر کہہ سکتے ہیں۔ یہاں الف سے ب اور ب سے ج پیدا ہوا، ایک سلسلہ علت و معلول کا ہے کہ چلا ہے۔ یہاں کونسی قوت ہے جو کسی کام کے کرنے پر مجبور کر رہی ہے یا روک رہی ہے؟ کوئی نہیں ہے۔ یہاں استلزام ہے۔ ملزوم کے ساتھ لازم کا رہنا واجب ہے۔ ابھی ہم نے لکھا ہے کہ اس سلسلے میں فاعل کا ارادہ بھی ایک کڑی ہے۔ ارادے کے بعد سے آدمی مختار سمجھا جاتا ہے۔ بعض اسباب کے پیدا ہونے سے ارادے کا پیدا ہونا لوازمِ استلزام سے ہے۔ بہرحال علتِ تامہ کا لحاظ کرتے کسی کو کوئی اختیار نہیں، علتِ ناقصہ کے اعتبار سے اختیار معلوم ہوتا ہے۔ ایک مولوی کے پاس، حاکمِ عدالت کے پاس فاعل مختار ہے، مجرم مختار ہے اور سزا کا سزاوار ہے۔ پورے سلسلے کو دیکھنے والا صوفی یا فلاسفر فاعل کو مختار نہیں کہتا...
جو کچھ ہو رہا ہے، دیکھ رہا ہے اور اُس کے ہونے کو ضروری بھی سمجھتا ہے۔ صوفی کے حصے میں حیرت ہے۔ سب دیکھتا ہے اور ہنستا ہے جو پورے سلسلے سے ناواقف ہیں وہی اعتراض کرتے ہیں۔ مستحق کو اس کا حق دینا عینِ حکمت ہے۔ جیسی جیسی قابلیت ظاہر ہوتی جائے گی، فیاضِ مطلق اس سے ویسے ہی آثار نمایاں کرے گا۔ تم کو رونا ہے تو اپنے آپ پر روؤ۔ ہاتھی کو بڑا سر دیا، سونگھنے اور پکڑنے اور پانی پینے کے لئے ایک لمبی ناک بھی دی جو ہاتھ کا بھی کام دیتی ہے۔ صاحبِ نظر دیکھتا ہے اور ہاتھی کی فطرت کے مطابق اُس کے نظامِ جسم کا لحاظ کرتے سونڈ کی بھی تعریف کرتا ہے، چھوٹی گردن کی بھی تعریف کرتا ہے۔ ابھی ہم نے بیان کیا کہ اللہ تعالیٰ چور سے چوری ظاہر کرتا ہے نہ کہ اچھے خاصے آدمی سے۔ چور کی طبیعت چیخ رہی ہے کہ مجھے پیدا کر، مجھ سے چوری ظاہر کر اور اس کے ساتھ اس کے لوازم کو بھی نمایاں کر۔
جب تقدیر کا لکھا اٹل ہے تو دعا کر کے کیا حاصل؟ اس کا جواب یہ ہے: اگر تقدیر ہی میں یہ لکھا ہوا ہے کہ تم دعا کرو گے اور اللہ قبول کرے گا تو تمہاری دعا بھی اس زنجیر کی ایک کڑی ہے۔ لوگ مختلف دعائیں کرتے ہیں۔ کوئی دعا کرتا ہے کہ خوب پانی برسے، دوسرا دعا کرتا ہے کہ پانی نہ برسے کیونکہ مکان پرانا ہے، گر جائے گا اور بہت نقصان ہوگا۔ اب خدا کس کی دعا قبول کرے گا اور کس کی نہ کرے گا؟ حالانکہ وہ فرماتا ہے: "تم دعا کرو میں قبول کرتا ہوں۔"
صاحبو! ایک بات یاد رکھو۔ اگر ایک شخص ایک چیز نہ دے مگر بہترین معاوضہ دے وہ بھی دینا ہے، قبول کرنا ہے۔ مسئلہ زیرِ بحث میں جو دعا نظامِ عالم کے موافق ہے وہ تو اسی دنیا میں قبول ہو جاتی ہے اور جو اس دنیا کے قابل نہیں اس کا بدلہ آخرت میں ملے گا۔ اور ایسا ملے گا کہ جن کی دعائیں دنیا میں قبول ہوئی ہیں وہ کہیں گے کہ کاش ہماری ایک دعا بھی دنیا میں قبول نہ ہوتی! دنیا فانی کا عطیہ اور آخرت کا عطیہ، ان دونوں میں کیا جوڑ ہے! بہرحال کوئی دعا بغیر قبولیت کے نہیں رہتی۔ اس کا راز یہ ہے کہ دعا وہی کرتا ہے جو اپنے کو محتاج سمجھتا ہے، اور یہی اصل بندگی ہے جو اعلیٰ درجے کی عبادت ہے۔ اسی واسطے کوئی دعا بغیر قبولیت کے نہیں رہتی۔ دعا ایسی کرنی چاہیئے کہ کرنے والے کی حالت کے مناسب ہو، معمولی آدمی اگر دعا کرے کہ مجھے بادشاہت مل جائے تو یہ تو اور فضول ہے۔ آدمی اپنی کمبل دیکھ کر پاؤں پھیلائے۔
اب ہم چند اصطلاحی الفاظ بھی بیان کر دیتے ہیں تاکہ تم کو اُس سے بھی واقفیت ہو اور کوئی بات تمہارے کانوں کو نامانوس نہ معلوم ہو۔ سنو! ذاتِ حق کو صفاتِ الٰہی سے قطع نظر کر کے دیکھو تو وہ "احد" ہے، "احدیت" ہے، صفاتِ الٰہی سے موصوف ہونے کے لحاظ سے دیکھو تو یہ "واحدیت" ہے۔ یہ بات ظاہر ہے کہ اللہ تعالیٰ سب چیزوں کو جانتا ہے۔ جہل کو اس کے ساحتِ عزت تک رسائی نہیں۔ یہ بھی ظاہر ہے کہ علم کے ساتھ معلوم بھی لگا ہو گا۔
ہمارے محاورے میں معلومِ الٰہی کو "عینِ ثابتہ" کہتے ہیں۔ عینِ ثابتہ کہاں رہتا ہے؟ اللہ کا علم ہے تو اس کی ذات ہی میں رہے گا۔ ذاتِ الٰہی سے اس کی جدائی ممکن نہیں۔ ذاتِ الٰہی میں سے اعیانِ ثابتہ کے نمایاں اور ظاہر ہونے کو "فیضِ اقدس" کہتے ہیں۔ یہ یاد رکھو، اللہ تعالیٰ ہر چیز کو ایک دوسرے سے ممتاز طور پر جانتا ہے، ہاتھی کو ہاتھی جانتا ہے، گھوڑے کو گھوڑا، کافر کو کافر، مسلمان کو مسلمان، جیسی چیز ہو گی ویسے ہی جانے گا۔ جزئی اور شخصی کو جزئی اور شخصی جانے گا، کلی کو کلی، عام کو عام، خاص کو خاص۔ عام کی حقیقت میں بہت سے خاص کی گنجائش ہے۔ دہائی میں کئی اکائیوں کی گنجائش ہے، سینکڑے میں کئی دہائیوں کی اور ہزار میں کئی سو کی۔ جو سب سے زیادہ عام عینِ ثابتہ ہو گا اُس میں سارے عالم کی گنجائش ہو گی۔ ہم اس کو "عین الاعیان" کہتے ہیں۔
صاحبو! یہ دنیا کی رنگا رنگی کیوں ہے؟ اسمائے الٰہی کے مختلف طور سے گرہ کھانے کا نتیجہ ہے۔ اللہ تعالیٰ کے تمام صفاتِ مجموعہ کو شانِ "الوہیت" کہتے ہیں۔ یہ الوہیت کی تجلی کس پر ہوتی ہے؟ عین الاعیان پر جس کو "حقیقتِ محمدی" بھی کہتے ہیں۔ خدا دینے والا، نبی لینے والا، ہم دینے والے اور بانٹنے والے دونوں کے محتاج۔ یہ بات خوب سمجھو، جزئی اور شخصی عینِ ثابتہ پر اللہ تعالیٰ کے اسماء و صفات کی شخصی تجلی ہو گی، حقیقتِ کلیہ پر کلی تجلی، عینِ ثابتہ پر اللہ تعالیٰ اپنے اسماء و صفات کی تجلی ڈالتا ہے اور عینِ ثابتہ کو حکم دیتا ہے "تو موجود ہو جا"، تو وہ...
موجود ہو جاتا ہے۔ یہی معنی ہیں امرِ «کُن» کے۔ «کُن» سے کیا چیز پیدا ہوتی ہے؟ سب سے پہلے روح پیدا ہوتی ہے۔ روح کے ایسے پیدا ہونے کو "فیضِ مقدس" کہتے ہیں۔ عینِ ثابتہ کا علمِ الٰہی میں نمایاں ہونا "فیضِ اقدس" ہے اور عینِ ثابتہ پر تجلیِ الٰہی سے تمام مخلوقات کا پیدا ہونا "فیضِ مقدس" ہے۔
صاحبو! روح میں کیا کیا ہے، اور کیا نہیں ہے؟ روح میں سبعہ صفات ہیں: حیات، علم، سماعت، بصارت، قدرت، ارادہ، کلام۔ روح جیسے جیسے تنزل کرے گی تو دوسرے صفات بھی پیدا ہوتے جائینگے، یہ وہ صفات تو فرشتوں میں بھی ہیں تو کیا ہم بھی فرشتوں کے جیسے ہیں؟ بیشک تم روح ہونے میں فرشتوں کے جیسے ہو۔ پھر فرشتے بھی ارواح ہیں مگر وہ تنزل نہیں کرتے۔ روح جب تنزل کرتی ہے تو اس کو صورت و شکل لاحق ہوتی ہے مگر وزن اور زمانہ لاحق نہیں ہوتا۔ اس عالم کا نام "عالمِ مثال" یا "عالمِ برزخ" ہے۔ دیکھو! تم عالمِ مثال میں مکہ شریف، مدینہ شریف کو ایک آن میں پہنچ جاتے ہو اور جو امریکہ وغیرہ کے طالب ہیں وہ اپنے مقصدِ خاص کو پہنچ جاتے ہیں، جو اس سے بھی تنزل کرتے ہیں یا ارتقاء کرتے ہیں، مجسم یا جسم ہو جاتے ہیں۔ فرشتے عالمِ ارواح، عالمِ علوی میں رہتے ہیں اور صورت و شکل سے بھی پاک ہیں، جن عالمِ مثال میں رہتے ہیں، اس لئے جو شکل چاہیں لیتے ہیں اور آناً فاناً جہاں چاہتے ہیں پہنچ جاتے ہیں۔ حضرتِ انسان عالمِ اجسام یا عالمِ شہادت میں رہتے ہیں، اس لئے زمانے اور دفن سے مقید رہتے ہیں، پھر جب تمام قیودات اور تعینات سے آزاد ہوتے ہیں تو فرشتوں سے اعلیٰ و ارفع ہو جاتے ہیں...
حضرتِ انسان اپنی خودی کو بھی بھول جاتے ہیں یا ترک کر دیتے ہیں تو خدا جانے کیا سے کیا ہو جاتے ہیں! فنائیت کو قبول کرنا انسان ہی کا خاصہ ہے، یہ بات نہ فرشتوں میں ہے نہ جن میں ہے۔
تجردِ روح وغیرہ کے متعلق حکمائے اولین مختلف الخیال ہیں، فلسفی اور طبی جھگڑوں سے ہم کو کوئی غرض نہیں، اُن کے پاس آج ایک نظریہ ہے تو کل ایک نظریہ، ہماری غرض روحِ انسانی کے غیر مادی ہونے سے ہے، جس کے لوازم سے ہے حشر و نشر اور عذاب و ثواب۔ یہ روحِ انسانی، انسان کے جسم میں کس حصے سے متعلق ہے؟ ہمارے پاس تقریباً وسطِ دماغ میں ایک مقام ہے جو مرکزِ توجہِ نفسِ انسانی ہے، وہ مقام بہت سے مقامات پر حاکم ہے، یا یوں کہو کہ اس مقام کے توسط سے روحِ انسانی تمام جسم پر حکومت کرتی ہے۔ بزرگانِ ملت کے پاس دماغ کے سوا قلب، جگر، شش کی بھی بڑی اہمیت ہے، بعض کے پاس معدے کی بھی اہمیت ہے۔ ذاکر و شاغل لوگ ان مقامات پر کلمہ شریفہ یا اسمِ جلالہ کی ضرب لگاتے ہیں، رفتہ رفتہ روحِ انسانی کا تعلق بدن سے زیادہ عالمِ علوی سے ہو جاتا ہے تو وہ، وہ کام کرتی ہے جو جسمِ انسانی سے ناممکن ہے۔ جب روحِ انسانی کو عالمِ علوی اور ارواحِ طیبہ سے قوی رابطہ پیدا ہو جاتا ہے تو اس جسم کا چھوڑنا اس پر آسان ہو جاتا ہے اور خوشی خوشی جان جان آفریں کے حوالے کر دیتی ہے۔
مذہبی آدمی روح کو غیر مادی جانتا ہے، فلسفی مادیات سے باہر نکل ہی نہیں سکتا، مذہب کی نظر میں روح غیر مادی ہے۔ جزا و سزا اور قیامت اور آخرت، خود خدا کو ماننا، مجرد عن المادہ یعنی غیر مادی شے کے ماننے پر مذہب کی بنا ہے۔ ایک شخص جس نے ہمیشہ کھایا پیا من مانے کام کئے، لوگوں پر ظلم و ستم کئے، ان مظالم کی فلسفے میں کوئی دوا نہیں ہے۔ مگر مذہب کب چھوڑتا ہے، اگر دنیا میں کوئی سزا نہ ملی تو مذہب کی رو سے اُس کو سزا ہو کر رہے گی۔ کہاں ہو گی؟ آخرت میں ہو گی۔ خدا کے ہاتھ سے کوئی ظالم چھوٹ نہیں سکتا، ہر شخص اپنے کیفرِ کردار کو پہنچے گا۔ تم دنیا میں امن چاہتے ہو تو دل میں خدا کا ڈر رکھو، کوتوالی کا ڈر، حاکمِ عدالت کا ڈر کہاں تک؟ ایسے بھی جرائم ہوتے ہیں جن کا نہ کوئی گواہ ہے نہ کوئی حقیقتِ حال سے واقف۔ حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے فرمایا: "اگر خدا نہیں ہے تو ہم بھی چھوٹے اور تم بھی، اگر ہے تو بتاؤ کس کی مٹی خراب ہو گی، تمہاری یا ہماری؟"
یاد رکھو! ہر شے کے ساتھ اُس کے لوازم لگے ہوئے رہتے ہیں۔ میں پھر کہتا ہوں مذہب کی رو سے جرائم کا مرتکب بچ نہیں سکتا۔ اللہ تعالیٰ سے کوئی ذرہ چھوٹ نہیں سکتا، تمہارے ہر فعل اور ہر حرکت و خیال سے وہ واقف ہے، جب وہ تمہارے حالات سے تفصیلی طور سے واقف ہے تو وہ سزا دے گا اور بیشک دے گا۔
صاحبو! قدیم فلسفی ہر اس چیز کو جو اپنی شکل اور ہیئت کی حفاظت کرتی ہے جامد، ارض، خاک یا مٹی کہتے ہیں۔ جو شے...
وہ اپنی شکل کی حفاظت نہیں کرتی مگر سطحِ بالائی کی حفاظت کرتی ہے اس کو مائع، پانی یا آب کے نام سے موسوم کرتے ہیں۔ جو چیز اپنی سطحِ بالائی کی بھی حفاظت نہیں کرتی اس کو سیال یا ہوا کہتے ہیں۔ ان تینوں چیزوں کو امہاتِ ارضی یا سفلی کہتے ہیں، اور انوارِ نجوم کو نار، آگ اور آبائے علوی کہتے ہیں۔ ایتھر بھی یہی ہے، آبائے علوی امہاتِ سفلی پر جب اثر کرتے ہیں تو دنیا جہان کی چیزیں پیدا ہوتی ہیں۔
خدا پرست حکماء کے پاس خدائے تعالیٰ نے آگ یا ایتھر کو پیدا کیا، وہ گرم اور مشتعل تھے، رفتہ رفتہ وہ کچھ سرد ہونے لگے اور اُن میں کشش بڑھتی گئی۔ جتنے سیارے ہیں، کیا ہیں؟ وہ ہنوز مشتعل مادہ ہیں۔ ٹھنڈے ہونے کے سلسلے میں پہلے ہوا (گیس) پیدا ہوتی ہے، پھر پانی (مائع) بنتا ہے، پھر مٹی (ٹھوس) بنتی ہے، نجوم کے اقترانِ خاص سے جو انعکاسِ نور مادیات پر ہوتا ہے اس سے ایک گرہ پڑتی ہے، یا ایک بیضے یا بیج کی ابتدا ہوتی ہے۔ چونکہ تمام نجوم گردش میں ہیں اور ان کے انوار کبھی نہ ایک طرح سے ہیں نہ اک جگہ ہیں، لہٰذا ہزارہا حقیقتیں، ہزارہا بیج، ہزارہا بیضے ایجاد ہوتے ہیں اور پھر انہی آبائے علوی اور امہاتِ سفلی کی امداد سے مختلف چیزیں نشو و نما پاتی اور ارتقاء حاصل کرتی ہیں۔ قسم قسم کے درخت پھلتے پھولتے ہیں، قسم قسم کے حیوانات پیدا ہوتے ہیں۔ حضرتِ انسان کا بھی نطفہ پیدا ہوتا ہے اور ارتقائی صورتیں حاصل کرتا ہے۔ جب اشیاء میں قابلیتیں پیدا ہوتی ہیں تو ان پر ان کے قابل ایک روحِ مدبر فیاضِ مطلق سے صادر ہوتی ہے۔ اسی طرح دنیا کی...
بوقلمونی پیدا ہوتی ہے۔ بعض چیزیں جلد جلد پیدا ہوتی ہیں اور جلد فنا بھی ہوتی ہیں۔ تم دیکھتے ہو کہ بعض کیڑے چند روز کے لئے پیدا ہو کر فنا ہو جاتے ہیں، بعض درخت یا نباتات جلد پیدا ہوتے ہیں اور جلد فنا ہو جاتے ہیں۔ بعض میں توالد و تناسل کا سلسلہ ایک حدِ معین تک جاری رہتا ہے۔ جانوروں کے ڈھانچے، انبر پنجر جو کان کنی سے نکلے ہیں، شیر ہے تو عجیب و غریب، سانپ ہیں تو انوکھے، جو چیز ہے مختلف رنگ، مختلف صورت و شکل کی۔ آخر ہوا کیا؟ سب تہہِ خاک! چونکہ امہاتِ سفلی اور آبائے علوی موجود تھے اور ہیں، نیست و نابود نہیں ہوئے۔ لہٰذا ان اقترانات کی وجہ سے رنگا رنگ کی چیزیں پیدا ہوئیں، ہو رہی ہیں اور ہونگی۔ فرض کرو کہ درندہ صفت انسان ایٹم بم، ہائیڈروجن بم وغیرہ جیسی مہلک چیزوں سے زمینی مخلوقات کو فنا کر دیں۔ چونکہ آبائے علوی اور امہاتِ سفلی موجود ہیں تو دنیا ایک دوسری نمود و شکل میں نمایاں ہو گی۔
آبائے علوی و امہاتِ سفلی کی ترکیب سے دنیا کی تمام چیزوں کا پیدا ہونا، یہ شیخ بو علی سینا کی رائے ہے۔ بعض فلسفیوں کا مذہب بروز و کمون کا ہے یعنی دنیا میں جتنے ذرے، جزء لا یتجزٰی اور ایٹم ہیں ان میں نہ زیادتی ہو سکتی ہے نہ کمی۔ وہی ذرے یا ایٹم مختلف اجتماع سے مختلف صورتوں میں نمایاں ہوتے ہیں۔ بعض ذرے نمایاں ہوتے ہیں تو ان کو بروز کہتے ہیں، چھپ جاتے ہیں، نظر نہیں آتے تو اس کو کمون کہتے ہیں۔ دنیا اسی بروز و کمون پر قائم ہے۔
بعضی اشخاص کے پاس آگ، ہوا، پانی، مٹی بنی اور اُن کے اجتماع سے مختلف چیزوں کا ارتقاء ہوتا ہے۔ ہر چیز ترقی کرتے کرتے ایک نوع سے دوسری نوع میں مبدل ہو جاتی ہے، چنانچہ مرجان ہے تو جامد شے، مگر نباتات سے قریب ہونے کی وجہ سے اس میں شاخیں اور ڈالیاں پیدا ہوتی ہیں۔ اور نباتات ترقی کرتے کرتے حیوانات سے قریب ہونے کی وجہ سے چھوٹی موٹی یا شرمندی کا پودا پیدا ہو جاتا ہے، اگر اُس کو چھوئیں تو سکڑ جاتا ہے۔ بعض نباتات ایسے بھی ہیں کہ ان کے پاس کوئی حیوان جائے تو اس کا خون چوس لیتے ہیں۔ درختوں میں بھی نر اور مادہ ہوتے ہیں، مثلاً نر کھجور کا پھول اگر مادہ کو ڈالیں تو مادہ پھلتی ہے۔ بعض حیوانات ترقی کر کے انسان کے قریب ہو جاتے ہیں جیسے لنگور، بندر۔
ہم کو ان جھگڑوں سے کوئی غرض نہیں۔ مذہب کے پاس مہتم بالشان روح غیر مادی ہے جو سارے جسم پر حکومت کرتی ہے۔ روح بمنزلہ سوار کے ہے اور جسم بمنزلہ گھوڑے کے۔ سوار گھوڑے کو جدھر چاہتا ہے، لے جاتا ہے۔ جسم اور جسمانیات سب بے عقل ہیں۔ روحِ انسانی صاحبِ علم و ادراک ہے۔ ذمہ داری تمام افعال کی روحِ انسانی پر ہے۔ خدائے تعالیٰ بعض دفعہ انسان کو عبرت دلاتا ہے، اور اس کو غفلتوں سے باخبر کرتا ہے: یاد رکھو! برے کام کرو گے تو خدائے تعالیٰ بغیر سزا دیئے نہ چھوڑے گا۔ اچھے کام کرو گے تو تمہارا دامن طلب درِ مقصود سے مالا مال کر دے گا۔ انسان کو اللہ تعالیٰ بار بار متوجہ کرتا ہے کہ تو مٹی سے پیدا ہوا، تیری ابتدائی حالت بڑی ذلت کی تھی، جس نے ذلت کے بعد عزت دی، وہ عزت کے بعد ذلت بھی دے سکتا ہے۔
او انسان! تو ایک نجس پانی کا قطرہ ہے یعنی نطفہ، پھر خون بستہ ہوا، پھر گوشت کا لوتھڑا بنا، پھر کتنے دنوں کے بعد تو اس قابل ہوا کہ تجھ میں روحِ انسانی پھونکی جائے، یعنی روحِ غیر مادی کو جسمِ مادی سے مرتبط کیا جائے۔
صاحبو! اللہ تعالیٰ قیامت کے حالات بیان کرتا ہے کہ وہ یقیناً آنے والی ہے۔ زلزلے ہونگے، بدحواسی میں شیر اور بکری ایک گھاٹ پر آ جائینگے۔ جا بجا سے زمین کا خول پھٹ جائے گا اور اس میں سے لاوا یعنی گرم مادہ اتنا نکلے گا کہ سمندر کا پانی تیل کی طرح جلے گا۔ ایک ستارہ زمین پر دھڑام سے آ گرے گا اور زمین کے خول کو پارہ پارہ کر دے گا۔ تارے تمام بے نور ہو جائینگے، اور چونکہ آفتاب سے حرارت اور روشنی نکلی چلی جا رہی ہے، کہیں سے اس کو امداد نہیں پہنچتی تو وہ بھی آخر میں بے نور ہو جائے گا۔ ستاروں میں کشش باقی نہ رہے گی، سب آپس میں ٹکرا جائینگے۔ روحِ انسانی کا محلِ نظر باقی نہ رہے گا۔ اب اس کی نظر مادیات کی طرف سے روحانیات اور علویات کی طرف ہو جائے گی۔ دربارِ الٰہی میں جانا ہو گا۔ احکم الحاکمین اچھے کو جزا اور برے کو سزا دے گا۔ جزا کے مقام کا نام جنت ہے اور سزا کے مقام کا نام جہنم۔
صاحبو! تم کھانا کھاتے ہو، پانی پیتے ہو، بیسیوں چیزیں حوالہِ شکم کرتے ہو مگر اس کے ساتھ پاخانے، پیشاب کو بھی جاتے ہو۔ تمہارے جسم سے پسینہ نکلتا ہے، سانس لیتے ہو تو خراب حصہ خارج ہو جاتا ہے اور نیا حصہ جزوِ بدن ہوتا ہے۔ اس جمع و خرچ کا نتیجہ کیا ہے؟ پرانا بے کار حصہ دور ہو جاتا ہے اور تازہ نیا حصہ اس کا قائم مقام ہو جاتا ہے۔ تمہارے جسم کا کون سا حصہ ہے جو ہمیشہ برقرار ہے؟ کچھ نہیں! سات یا بارہ برس میں تمام جسم نیا ہو جاتا ہے...
پہلے کی کوئی چیز باقی نہیں رہتی، ذرا یہ بھی تو بولو تمہارے "میں" میں، "انا" میں، "آئی" (I) میں کچھ فرق آیا؟ ہرگز نہیں! وہ "الآن کما کان" ہے۔ ذرا بولو، متغیر اور غیر متغیر دونوں ایک ہو سکتے ہیں؟ ہرگز نہیں! تمہارا "انا"، "میں" یا "آئی" غیر متغیر ہے اور جسم ہر آن، ہر لحظہ محلِ تغیر، لہٰذا تم غیر مادی ہو۔ غیر مادی کو ماننا ہی روحانیات اور مجردات کا دروازہ ہے۔ اسی واسطے کہتے ہیں کہ خودی ہی میں خدا فہمی ہے۔ روحِ انسانی غیر مادی ہے مگر جسم پر حکومت کرتی ہے، جو چاہتی ہے اس سے کام لیتی ہے۔
مذہب بتاتا ہے کہ صاحبِ فہم و ادراک کے لئے خدا کو ماننا اور اس کو عادل سمجھنا بھی ضروری ہے۔ مذہب سکھاتا ہے کہ ہر کام میں اعتدال رہے۔ لین دین میں نہ کمی ہو نہ زیادتی۔ ترازو سے تول کر لو اور تول کر دو۔ ہر کام میں میزان اور پیمانے کا خیال رکھو۔ اگر تم صحیح فیصلہ نہیں کر سکتے تو خدا کے شاگردوں سے پوچھو، وہ تم کو سیدھا راستہ بتائیں گے۔ معلوم ہے یہ شاگردانِ خدا کون ہیں؟ پیغمبر ہیں، رسول ہیں، پرانٹس (Prophets) ہیں۔ معصوم ہوتے ہیں، اللہ ان کو غلطی کرنے سے بچاتا ہے، ان کے قدم بہ قدم چلو گے تو تم کو کامیابی کا راستہ ملے گا۔ تم اس قابل بنو گے کہ اللہ تعالیٰ کے اس امتحان کے بعد خوش و خرم واپس نکلو۔
دیکھو! نجات کے لئے مذہب ضروری ہے، مذہب کی حاجت ہے۔ یہ بھی یاد رکھو کہ امن قائم رکھنے کے لئے بھی مذہب کی ضرورت ہے۔ کیسی بڑی افسوس کی بات ہے کہ مذہب جو امن پیدا کرنے والا تھا اُسی کو لڑائی جھگڑے کی رزم گاہ بنا لیا۔ خدا کو سمجھتے، اُس سے ڈرتے، اُس سے خیر کی امید رکھتے تو یہ سارے جھگڑے کیوں ہوتے؟ لڑنا جھگڑنا شاگردانِ خدا و رسول کا کام نہیں، یہ سب کرشمے کالے دیو کے ہیں۔ کالا دیو کون ہے؟ شیطان ہے، اس کا مددگار نفس ہے۔
مجھ پر بچپن گزر گیا، جوانی گزر گئی، بڑھاپا گزر رہا ہے، مگر میرے "میں پن" میں کوئی تغیر نہیں آیا۔ بڑھاپے میں دانت گر جاتے ہیں، جنگ میں ہاتھ پاؤں کٹ جاتے ہیں مگر وہی میں ہوں، اور میری انانیت ہے کہ اس میں کوئی فرق نہیں آیا۔ اس سے صاف طور سے واضح ہوتا ہے کہ میں مادی نہیں ہوں۔ مجھے کل کی بات بھی یاد ہے اور پچاس برس پہلے کی بات بھی یاد ہے۔ اگر میں اور میرا علم مادی ہوتا تو بارہ برس میں سب بھول جاتا، کیونکہ بارہ برس میں انسان کا تمام جسم نیا ہو جاتا ہے، مگر میں تو وہی ہوں جو پہلے تھا۔ اگر ان باتوں کو کوئی نہ سمجھے تو اس کو خدا سمجھے!
یہ ہم نے بیان کیا ہے کہ عالمِ ارواح اور عالمِ اجساد دونوں کے درمیان ایک تیسرا عالم ہے جس کو عالمِ مثال کہتے ہیں یا عالمِ برزخ۔ اس عالم کا سمجھنا تشبیہ کے سمجھنے پر موقوف ہے اور تعبیرِ خواب کی بھی یہی اصل ہے۔ دیکھو، ہم کہتے ہیں: ہم نے ایک شیر کو تیر اندازی کرتے دیکھا ہے۔ یہاں شیر بہادر کی ایک مثال ہے۔ وہ لومڑی ہے، ایک راستہ بند ہوتا ہے تو دوسرا راستہ نکال لیتی ہے یعنی وہ بہت مکار ہے۔ مکار کی تشبیہ لومڑی سے دی جاتی ہے۔ تم کتے کی باتوں پر التفات نہ کرو، وہ کتا ہے بھونکتا ہے یعنی بدگو ہے، بدگو کی تشبیہ کتے سے ہے۔ شیطان دربارِ الٰہی کا کتا ہے، نااہل کو دربارِ الٰہی میں جانے نہیں دیتا، اپنے دربان ہے۔ کتے کو دربان سے بھی تشبیہ دی جاتی ہے۔ وہ بڑا چور ہے، ایک کالا کوا ہے، غنیمت کا مال دیکھا اور اس پر جھپٹا۔ شاعری کا بہت بڑا حصہ تشبیہ کے حسن و خوبی پر مبنی ہے۔ اب یہ درست ہو...
اور اس میں لطافت پیدا کی گئی ہو تو شعر بھی اچھا ہے اور تخیل بھی اچھا۔ انسان اپنے صفات میں ترقی یا تنزل کرتا ہے، اچھی صفت ہو گی تو عالمِ مثال میں اچھی صورت میں ظاہر ہو گی۔ شکلیں بدلتے بدلتے، صفات میں تغیر آتے آتے کہیں انسان کی شکل آتی ہے۔ دو آنکھ، دو کان اور ایک ناک کا نام انسان نہیں ہے۔
نجات کے لئے انسانی صفات کا پیدا کرنا اور انسان بننا ضروری ہے۔
ناواقف لوگ عالمِ مثال کے تغیرات کو دیکھ کر اور ان کی حقیقت نہ جان کر تناسخ کے قائل ہو گئے۔ ان کو یہ خبر نہیں کہ زندگیِ دنیا میں ہی یہ اطوار، یہ مثالیں، پلٹیں بدلتی ہیں۔ مرنے کی ضرورت نہیں، مرنے کے بعد تو ایک دوسرے ہی عالم میں جانا ہے۔ اس عالم کے مناسب اس پر احکام جاری ہونگے۔ ہمارے پاس تو ارتقاء ہی ارتقاء ہے، واپسی نہیں! بھلا یہ بھی کوئی بات ہے کہ سزا تو ہو گئی اور سزا پانے والے کو خبر تک نہیں کہ مجھے کیوں یہ صورت دی گئی ہے۔ خدا کے پاس روحوں کی کمی کیا پڑی ہے کہ تازہ روح کے عوض مستعمل (سکنڈ ہینڈ) روح کو جسم سے متعلق کرتا؟ درخت میں قابلیت پیدا ہوئی تو اپنے پاس سے ایک روحِ نباتی اس سے متعلق کر دی، حیوانیت کی قابلیت آئی تو خدا کے پاس سے اس جسم کو روحِ حیوانی دی گئی۔ جب جب کالبدِ انسان میں قابلیتِ عظیمہ پیدا ہو گئی تو اس پر روحِ انسانی فائز ہوئی۔ شروع سے آخر تک تازہ روحیں عطا ہوتی گئیں۔ کیا دلیل ہے کہ یہ تازہ روح نہیں فرسودہ روح ہے؟ روح کے ساتھ علم لگا ہوا ہے۔ قدیم روح ہوتی تو قدیم علم بھی ہوتا۔ پہلے کی ایک بات بھی یاد نہیں، مگر ہے روحِ قدیم! یہ بھی کوئی لچر بات ہے۔
تناسخ کے ماننے والوں سے کوئی پوچھے کہ حضرت ابراہیم ابن ادہم بادشاہ تھے۔ بادشاہی کو فضول اور ادنیٰ چیز سمجھ کر چھوڑ دیا اور فقیر ہو گئے۔ اب اُن کو دوبارہ دنیا میں کیا ملے گا؟ توبہ توبہ! وہی دنیا جس کو برا سمجھ کر چھوڑا تھا! حضرت سلیمان علیہ السلام کو دنیا میں کیا نہیں دیا تھا، کیا وہ مر کر دنیا میں پھر آ کر تخت و بخت پر بیٹھیں گے؟ یہ سب باتیں واہیات ہیں۔ یہ لوگ طالبانِ حق تھے، محبوب ملا تو ساری دنیا ان کے حق میں جہنم ہے۔ آئندہ عالمِ لطیف میں ان کو ان کا محبوب ملے گا۔ اُس کا دیدار سرمۂ چشمِ بے قرار، اور کلام راحتِ دلِ بیقرار، باعثِ «لِيَطْمَئِنَّ قَلْبِي» ہو گا۔ یاد رکھو: دنیا ہمہ ہیچ و کارِ دنیا ہمہ ہیچ!
یہ ہم نے بیان کر دیا ہے کہ عینِ ثابتہ پر اسماءِ الٰہی کی تجلی ہوتی ہے تو سب چیزیں پیدا ہوتی ہیں۔ یہ بھی ہم نے بیان کر دیا ہے کہ عین الاعیان جو عبدیت کا مظہر ہے، اس پر شانِ الوہیت کی تجلی پڑتی ہے جو جامعِ جمیعِ صفاتِ کمالیہ ہے تو حقیقتِ کلیہ رونما ہوتی ہے۔ اس مسئلہ پر عیسائیوں نے توجہ کی تو ان کی سمجھ میں کیا آیا؟ باپ، بیٹا، روح القدس! ہم ان کی تردید کے عوض ان کے قول کی تاویل کر لیں گے۔ باپ سے مراد اصل، تمام عالم کا مربی، اللہ، ذاتِ احدیت؛ بیٹے سے مراد وہی عینِ ثابتہ، وہی شانِ عبدیت؛ روح القدس سے مراد تجلیِ الوہیت۔ ان تینوں چیزوں کو اقانیمِ ثلاثہ کہتے ہیں۔ اُن کے پاس عجب منطق ہے کہ یہ تینوں چیزیں مستقل ہیں، موجود بالذات ہیں، مگر ہیں یہ تینوں ایک ہی! بات بنانا منظور ہے تو کہہ دو یہ تینوں غیر مخلوق ہیں، ذاتِ واحد کے تین اعتبار ہیں...
ہیں، ان کا بیٹے اور روح القدس کو موجود بالذات سمجھنا غلط ہے۔ ظاہر ہے کہ بیٹے کے مرتبے سے باپ کا مرتبہ مقدم ہے، اور صفات کے مرتبے سے ذات کا مرتبہ مقدم ہے۔ فرقِ مراتب نہ کرنے سے یہ سارا خلفشار مچا ہوا ہے۔
صاحبو! الٰہین یعنی خدا پرست اور وثنین یعنی بت پرست کا اختلاف اور جھگڑا ابراہیم علیہ السلام بلکہ نوح علیہ السلام کے زمانے سے چلا آ رہا ہے۔ اہل مذہب ایک خدا کے قائل ہیں، وثنین ہزاروں لاکھوں دیوتا کے قائل ہیں۔ اُن میں جو ذرا ذی فہم تھے، ان کی نگاہ ستاروں پر تھی اور وہ ان کے خیالی خواصوں کو مانتے تھے۔ عطارد کو ایک دیوتا اور اُس کو ایک تیز رو علم کا دیوتا جانتے تھے، اور زہرہ کو ایک خوبصورت اور عشق و محبت کی دیوی سمجھتے، مریخ کو ایک خونخوار سپاہی خیال کرتے تھے۔ مشتری کو ایک بچے والا دیوتا مانتے اور اُس کو سعدِ اکبر کہتے، کیونکہ اُس کے ساتھ آٹھ چاند ہیں۔ زحل کو نحوست کا دیو۔ تھوڑے زمانے پہلے یورینس اور نیپچون ستارے دریافت ہوئے، چلو اور دو دیوتاؤں کا پتہ بھی مل گیا! آفتاب بھی ایک دیوتا ہے جس کی پوجا ہوتی ہے۔ یہ چھوٹے تارے بھی آفتاب ہی ہیں، اور کہکشاں میں کروڑہا کروڑ آفتاب ہیں، پوجاری محدود ہیں اور دیوتا غیر محدود! زمین کو دھرتی ماتا کہتے ہیں، غالباً اُس کی بھی پوجا ہوتی ہو گی۔ بعض عالم کی اصل مہادیو اور پاروتی جی کو سمجھتے ہیں۔ اور بعض کے نزدیک برہما (پیدا کرنے والا)، وشنو (پالنے والا)، اور مہیشورا یا شیو یا مہادیو (ہلاک کرنے والا)—ان دیوتاؤں پر عالم کا قیام ہے۔ بعض کے پاس ادویت (بے مثل دیوتا) اور دویت...
بڑا دیوتا اور کائنات اور ترویت—پرماتما یعنی بڑی روح، شیو اور آتما یعنی روح، اور پرکرتی یا مایا یا جسم—ان تینوں دیوتاؤں پر دنیا کا دار و مدار ہے۔ بعض کے پاس اصل ایک لنگم ہے جو سب کا خالق ہے۔ اور وہ لنگ کی صورت بنا کر گلے میں ڈالتے ہیں اور اُس کی پوجا کرتے ہیں۔ بعض مردانہ علامت اور زنانہ علامت دونوں کو مان کر اِن شکلوں کی پوجا کرتے ہیں۔ بعض انسان کے سوائے جملہ نباتات، حیوانات سب کی پوجا کرتے ہیں۔ ایک بد نصیب انسان ہے کہ وہ پوجا کا مستحق نہیں، بلکہ وہ سب کی پوجا کرتا ہے۔ ان کے پاس سب سے بدتر کون ہے؟ صرف ایک انسان ہے! یہ خلیفۃ اللہ کی انتہائی قدردانی ہے! ان بت پرستوں میں کوئی چیز مشترک نہیں بجز موحدین کی عداوت کے۔ اول سے گھر گھر بت تھے ہی، اب جا بجا اور تازہ بت قائم ہوتے چلے جا رہے ہیں۔
کیا فرق ہے فلسفے اور مذہب میں؟ فلسفہ عقل سے پیدا ہوتا ہے، اس کی تھیوریاں بدلتی رہتی ہیں۔ فلسفے کو خدا اور مذہب سے کوئی تعلق نہیں۔ مذہب پیغمبروں کے ذریعہ سے ملتا ہے، وہ عطیۂ خدا ہے، احکامِ الٰہی ہے۔ وحیِ الٰہی کا دعویٰ کرنا صرف پیغمبر کا کام ہے، بلکہ پیغمبر اپنی خودی سے حرکت نہیں کر سکتا، ایک لفظ منہ سے نہیں نکال سکتا۔ اُس کا کہا خدا کا کہا ہے۔ جو مذہب کا دعویٰ کرتا ہے اُس کو ہمارے سے لے کر بذریعہ پیغمبر خدا تک روایت پہنچانے کی ضرورت ہوتی ہے۔ "ہمارے مذہب میں یہ ہے"—وہی شخص کہہ سکتا ہے جس کا سلسلہ خدا تک پہنچا ہے۔ فلسفے کو مذہب کہنا بدتمیزی ہے، غیر یقینی کو یقینی کہنا ہے۔ تمام پیغمبروں کا مذہب ایک ہی ہے اور وہ...
توحید ہے! پیغمبروں میں اختلاف اللہ تعالیٰ کے متعلق نہیں ہے، کیونکہ وہ سچے ہیں اور خدائے تعالیٰ وہی ہے جو ازل سے ابد تک ہے، ناقابلِ تغیر ہے۔ ظاہر ہے کہ ایسی صورت میں پیغمبروں میں خدا کے متعلق اختلاف نہیں ہو سکتا، اختلاف طریقۂ عبادت اور بعض احکام میں ہوتا ہے، جو حالات کے بدلنے کی وجہ سے متغیر ہوتے ہیں۔ کدھر بت پرستی، کدھر توحید! کدھر فلسفہ، کدھر مذہب! باتیں بنانے سے مذہب ثابت نہیں ہوتا۔ کوئی دعویٰ بغیر دلیل کے قابلِ قبول نہیں ہوتا۔ ہر دعوے پر شہادت کی ضرورت ہے، بغیر شہادت کے کوئی قول مانا نہیں جا سکتا۔ یہ ہے فرق فلسفے اور مذہب میں۔
صاحبو! محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی کیسی پاکیزہ تعلیم ہے، کیسی ہمہ گیری ہے! اسلام کیسا صلح جو مذہب ہے، اس مصلحِ اعظم کو نہ ماننا بدنصیبی ہے، بدبختی ہے! ذرا اس مصلحِ اعظم رحمۃ للعالمین کو دیکھو کہ اُس کی تعلیم کا دروازہ تمام عالم کے لئے کھلا ہوا ہے۔ وہ علم کا شہر ہیں اور اُس کا دروازہ بہت بلند، وہ سب کو اپنے سینے سے لگانے کے لئے تیار ہیں۔ ان کے پاس "بیٹوں کی روٹی کتوں کو نہ ڈالنا" نہیں ہے، اور نہ "کوئی دید سنے تو اُس کے کان میں سیسہ پگھلا کے ڈالنا" ہے۔ نہ نیچ ذات اونچ ذات کا جھگڑا ہے۔
مطبوعہ: مجتبائی پریس، چھتہ بازار، حیدر آباد دکن۔