آبْشَارِ رِسَالَت
از: بحر العلوم محمد عبد القدیر صدیقی حسرتؔ، حیدر آبادی، سابق صدر شعبہ دینیات جامعہ عثمانیہ۔ ۱۱ جمادی الاولیٰ ۱۳۷۶ھ مطابق ۲۰ دسمبر ۱۹۵۶ء، قیمت (۱۲) بارہ آنے۔
از: بحر العلوم محمد عبد القدیر صدیقی حسرتؔ، حیدر آبادی، سابق صدر شعبہ دینیات جامعہ عثمانیہ۔ ۱۱ جمادی الاولیٰ ۱۳۷۶ھ مطابق ۲۰ دسمبر ۱۹۵۶ء، قیمت (۱۲) بارہ آنے۔
[صفحۂ سادہ / بیاض]
ایک عظیم الشان دربار ہال ہے۔ جس میں بہت سے حظیرے ہیں۔ ان میں ایک عظیم الشان زمرد کا گنبد ہے۔ اس پر سرخ جواہرات میں لکھا ہوا ہے:
اس گنبد میں سے ایک سبز نور نکل رہا ہے۔ اس قبۃ النور میں ایک جواہر نگار تخت بچھا ہوا ہے۔ اس کے اطراف طلائی کرسیاں دھری ہیں۔ اسی تخت پر دو مورچل بھی رکھے ہوتے ہیں۔ ان حظیروں میں سے ایک حظیرہ سونے کی اینٹوں سے بنا ہوا ہے۔ جس میں پیغمبر رونق بخش ہوتے ہیں، بعض حظیرے چاندی کی اینٹوں سے بنے ہوئے ہیں، جن پر سنہرا کام کیا ہوا ہے۔ بعض حظیرے صرف ایک ڈال آئینے کے ہیں، اس میں جو جاتا ہے اپنی صورت دیکھتا ہے۔ ان کے سوائے اور حظیرے بھی ہیں۔ جن کی تفصیل آگے آتی ہے۔ تمام حضرات اپنے اپنے حظیروں سے باہر آ کر سامنے کھڑے ہو جاتے ہیں۔ اور نقیب الانبیاء والاولیاء پکار کر ندا دیتے ہیں:
یہ ندا سنتے ہی سب اپنے سینوں پر ہاتھ رکھ کر سر اطاعت جھکا دیتے ہیں اور حبیب خدا محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم مع اپنے مخصوص خدام کے قبۃ النور میں براق پر سوار داخل ہوتے ہیں اور تخت نبوت پر تشریف فرما ہو جاتے ہیں۔
یہ سن کر اولیاء و رسل سمجھ لیتے ہیں کہ حضرت آدم علیہ السلام حظیرۃ القدس سے قبۂ نور میں داخل ہونے والے ہیں، حسبِ سابق اپنے سینوں پر ہاتھ رکھ کر گردنیں جھکا دیتے ہیں۔ حضرت آدم علیہ السلام قبۂ نور میں داخل ہوتے ہیں۔ حبیبِ خدا دیکھتے ہی سروقد کھڑے ہو جاتے ہیں اور اپنے جدِّ محترم کے آگے گردنِ تسلیم و تعظیم جھکاتے ہیں۔ حضرت آدم علیہ السلام تختِ نبوت پر چڑھ کر دونوں ہاتھوں سے سرِ مبارک پکڑ لیتے ہیں اور پیشانیِ انوار پر بوسہ دیتے ہیں اور نِعْمَ الْوَلَدُ الصَّالِحُ وَالنَّبِيُّ الصَّالِحُ فرماتے ہیں۔ آپ حضرت آدم علیہ السلام کا ہاتھ پکڑ کر تختِ نبوت کے ایک حصہ پر بٹھا لیتے ہیں۔
سب سمجھ جاتے ہیں کہ حضرت نوح علیہ السلام قبۂ نور میں داخل ہوتے ہیں۔ وہ بھی تختِ نبوت پر چڑھتے ہیں تو حبیبِ خدا صلی اللہ علیہ وسلم دادا کے سامنے سرِ تسلیم و تعظیم جھکاتے ہیں۔ حضرت نوح علیہ السلام بھی حضرت آدم علیہ السلام کی طرح سرِ مبارک کو اپنے دونوں ہاتھوں سے پکڑ کر جبینِ عظمت کو بوسہ دیتے ہیں اور فرماتے ہیں کہ نِعْمَ الْوَلَدُ الصَّالِحُ وَالنَّبِيُّ الصَّالِحُ۔ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم اُن کو بھی ہاتھ پکڑ کر تختِ نبوت کے ایک جانب بٹھا دیتے ہیں۔
سب حضرات سمجھ جاتے ہیں کہ حضرت ابراہیم علیہ السلام تشریف لا رہے ہیں اور حسبِ دستور سب اپنے سینوں پر ہاتھ رکھ لیتے ہیں اور گردن جھکا دیتے ہیں۔ وہ بھی تختِ نبوت پر پہنچتے ہیں تو حبیبِ خدا صلی اللہ علیہ وسلم اپنا سرِ باعظمت جھکا دیتے ہیں اور حضرت ابراہیم علیہ السلام پیشانیِ مبارک کو بوسہ دیتے ہیں اور فرماتے ہیں: نِعْمَ الْوَلَدُ الصَّالِحُ وَالنَّبِيُّ الصَّالِحُ۔ اور آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم ان کو بھی اپنے ساتھ تختِ نبوت پر ایک جانب بٹھا لیتے ہیں۔
سب لوگ سمجھ جاتے ہیں کہ حضرت موسیٰ علیہ السلام تشریف لا رہے ہیں اور تمام حضرات حسبِ قاعدہ سینوں پر ہاتھ رکھ لیتے ہیں اور گردن جھکا دیتے ہیں۔ جب قبۂ نور میں حضرت محمد مصطفےٰ صلی اللہ علیہ وسلم کھڑے ہو جاتے ہیں اور اُن سے معانقۂ محبت فرماتے ہیں تو وہ فرماتے ہیں: نِعْمَ الْأَخُ الصَّالِحُ وَالنَّبِيُّ الصَّالِحُ۔ آپ تختِ نبوت پر ان کو بھی جگہ دیتے ہیں۔
لوگ سمجھ جاتے ہیں کہ حضرت عیسیٰ علیہ السلام تشریف لا رہے ہیں۔ سب حضرات تعظیماً اُن کے سامنے بھی حسبِ دستور سینوں پر ہاتھ رکھ کر سر جھکا دیتے ہیں۔
حضرت عیسیٰ علیہ السلام قبۂ نور میں داخل ہوتے ہی آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم ان کا ہاتھ پکڑ کر تختِ نبوت پر چڑھا لیتے ہیں اور معانقۂ محبت فرماتے ہیں۔ جناب عیسیٰ علیہ السلام فرماتے ہیں: نِعْمَ الْأَخُ الصَّالِحُ وَالنَّبِيُّ الصَّالِحُ۔ آپ ان کو بھی اپنے ساتھ بٹھا لیتے ہیں۔
لوگ سمجھ جاتے ہیں کہ خلفائے اربعہ اور حسنین علیہم السلام کی حاضری ہو رہی ہے۔ رسولِ خدا صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمتِ عالیہ میں حضرت ابوبکر صدیق نذرِ عقیدت پیش کرتے ہیں۔ اور آنحضرت اُن کو اپنے دستِ مبارک سے خلعتِ صداقت و خلافت عطا فرماتے ہیں اور ایک سونے کی کرسی پر بیٹھنے کا اشارہ فرماتے ہیں۔ ان کے بعد حضرت فاروقِ اعظم نذرِ عقیدت پیش کرتے ہیں اور اُن کو سرکارِ نبوت سے خلعتِ عدالت و خلافت عطا کیا جاتا ہے، اُن کو بھی سونے کی کرسی پر بیٹھنے کا اشارہ ہوتا ہے۔ اُن کے بعد حضرت عثمان غنی ذو النورین نذرِ عقیدت پیش کرتے ہیں اور اُن کو خلعتِ شفقت و خلافت عطا ہوتا ہے اور سونے کی کرسی پر بیٹھنے کا اشارہ فرماتے ہیں۔ ان کے بعد مظہر العجائب حضرت علی ابن ابی طالب نذرِ عقیدت پیش کرتے ہیں اور ان کو بھی آنحضرت خلعتِ ولایت و خلافت عطا فرماتے ہیں اور سونے کی کرسی پر بیٹھنے کے لیے فرماتے ہیں۔ ان کے بعد حضرت امام حسن و حضرت امام حسین نذرِ عقیدت پیش کرتے ہیں اور رسولِ خدا صلی اللہ علیہ وسلم
اُن کے رخساروں اور پیشانیِ پرانوار کو بوسہ دیتے ہیں اور ان کو خلعتِ شہادت عطا فرماتے ہیں۔ دونوں صاحبزادے سامنے سے مورچل اٹھا لیتے ہیں؛ ایک بھائی ایک طرف سے مورچل ہلاتے ہیں تو دوسرے بھائی دوسری طرف سے۔ ان کے بعد تمام صحابۂ کرام مرکزِ نبوت کے سامنے سلام کے لیے حاضر ہو کر نذرِ عقیدت پیش کرتے ہیں اور اپنے اپنے مقامات پر جاگزیں ہوتے ہیں۔
اویس قرنی قبۂ نور میں داخل ہوتے ہیں اور عرض کرتے ہیں: آپ نے منع فرمایا ہے ورنہ میں بھی فرشتوں کی طرح آپ کو سجدہ کرتا، اور قدموں پر لوٹ جاتے ہیں۔ سرکارِ نبوت صلی اللہ علیہ وسلم ان کے سر پر دستِ شفقت پھیرتے ہیں اور اپنے مقام پر بیٹھنے کا اشارہ فرماتے ہیں۔ ان کے بعد تابعین، تبع تابعین حاضر ہوتے ہیں اور نذرِ عقیدت پیش کرتے ہیں۔ ان کے بعد اولیائے عظام حسبِ مراتب حاضر ہوتے ہیں اور نذرِ عقیدت پیش کرتے ہیں اور اپنے اپنے مقامات پر جاگزیں ہو جاتے ہیں۔ آخر دربار برخواست ہوتا ہے اور حضرت علیہ الصلوۃ والسلام عرشِ اعظم کے سامنے مقامِ محمود میں کرسیِ "اللَّهُ يُعْطِي وَأَنَا قَاسِمٌ" پر تشریف رکھتے ہیں۔
سینۂ احمدی کی وسعت سننا چاہتے ہو تو کان لگا کر سنو۔ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے:
خدا نے تم کو جو کچھ تم جانتے نہ تھے سکھا دیا، اس کی تعلیم دی اور تم پر خدا کا فضلِ عظیم ہے۔ آپ کو خدا نے سب کا علم دے دیا ہے۔ "مَا لَمْ تَكُن تَعْلَمُ" میں "مَا" عموم کا فائدہ دیتا ہے، یعنی سب کچھ اور تمام و کمال۔ لہٰذا دوسروں میں جہل اصل ہے اور آنحضرت میں علم اصیل۔ اور صاحبُو! آنحضرت نے خدا کو پایا، خدا ان کا ہو گیا، تو ان کو سب کچھ مل گیا۔ ہاں! کبھی کبھی مصلحت سے کوئی چیز چھپا دی جاتی ہے یا کسی وجہ سے آنحضرت ظاہر نہیں کرتے یا علم رکھ کر بھی سرکاری طور سے جریدۂ اعلامیہ میں شائع نہ ہونے کی وجہ سے بیان نہیں فرماتے۔ "مَا لَمْ تَكُن تَعْلَمُ" سے معلوم ہوتا ہے کہ ہر شے کا اجمالی علم آنحضرت کو عطا کیا گیا ہے، اور علمِ تفصیلی کے نہ ہونے سے علمِ اجمالی کا انکار دین کو دھکا دیتا ہے۔ ایک دفعہ لوگوں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے مختلف سوالات شروع کر دیے گویا وہ "عَلَّمَكَ مَا لَمْ تَكُن تَعْلَمُ" کا امتحان لینا چاہتے تھے۔ سرکار نے
شرحِ صدرِ محمدی کے بیان میں فقیر محمد عبد القدیر صدیقی کے خیال میں ایک مثال مرئی و نمایاں ہو رہی ہے کہ رسولِ خدا صلی اللہ علیہ وسلم کے سینۂ معارف گنجینہ سے ایک عظیم الشان زوردار آبشار نکل رہا ہے۔
قارئین کے گلے سے قرآن کی صورت میں نکلتا ہے۔ کہیں برق بن کر عاشقوں کے دلوں پر گرتا ہے، حرارت بن کر ان کے دلوں کو سوختہ کر دیتا ہے، یا اُن کی آہ و بکا کا باعث ہوتا ہے۔ کہیں حرکت بن کر جاں نثارانِ محمدی کے زور و قوت میں ہویدا ہوتا ہے، جانبازی پر برانگیختہ کرتا اور اعمالِ شاقہ کو آسان کر دیتا ہے اور کہیں۔ نہایت لطیف حرکت و افعال و آواز میں ادائے محبوبانہ اور دلربائی و دلکشیِ معشوقانہ بنتا ہے اور لوگوں کے دلوں کو مسخر کر لیتا ہے۔ یہی آبشار روشنی بن کر نمایاں ہوتا ہے اور اہلِ علم کے دلوں کو منور کر دیتا ہے تو کہیں حیاتِ جاودانی بن کر باقی باللہ افراد کو زندہ جاوید کر دیتا ہے۔ کہیں برِّ یقین و نورِ سکینہ اور اطمینانِ قلب بن کر بندگانِ خاص کے لیے باعثِ تسکینِ خاطر ہوتا ہے اور عامۃ المسلمین کے لیے سرمایۂ طہارت و لطافت بھی۔
اس آبشار کا پانی ایک بحیرہ یا ساگر میں جمع ہوتا ہے۔ اس کی ایک جانب بند باندھا گیا ہے۔ جس میں کئی دروازے یا در ہیں جو قیامت تک کبھی بند نہ ہونے والے ہیں۔ ہر ایک دروازے یا در پر کتبے لکھے ہوئے ہیں۔
یہ در قرآن کا ہے۔ اس کے پاس کئی تخت بچھے ہوئے ہیں۔ بعض بڑے ہیں، بعض چھوٹے ۔ ایک تخت پر جامعِ قرآن حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ تعالیٰ عنہ جلوہ گر ہیں جنہوں نے اپنے زمانے میں تمام اصحاب سے لے کر ایک جگہ جملہ مکتوباتِ قرآنی کو جمع کر دیا۔
ایک تخت پر جامعِ دوم حضرت عثمان ابن عفان رضی اللہ تعالیٰ عنہ تشریف فرما ہیں۔ آپ نے صدیقِ اکبر کے جمع کردہ صحیفے کو سات مصاحف کی صورت میں لکھوا کر سات شہروں میں تقسیم کر دیا۔ ایک اور تخت پر حضرت علی ابن ابی طالب رضی اللہ تعالیٰ عنہ، ایک پر حضرت عبداللہ ابن مسعود، ایک پر حضرت زید بن ثابت، اور ایک پر حضرت ابی ابن کعب بیٹھے ہوئے ہیں، پاس ہی دوسرے چھوٹے چھوٹے تخت بچھے ہوئے ہیں جن میں سے ایک پر عاصم کوفی معہ اپنے دونوں شاگردوں شعبہ و حفص کے بیٹھے ہوئے ہیں۔ ایک پر نافع مدنی معہ اپنے دونوں شاگردوں قالون و ورش کے۔ ایک پر ابو عمرو بصری اپنے دونوں شاگردوں دوری بصری اور سوسی کے ساتھ۔ ایک پر ابن کثیر مکی معہ اپنے دو شاگردوں بزی اور قنبل کے۔ ایک پر ابن عامر شامی معہ اپنے دو شاگردوں کے اور ایک پر علی کسائی کوفی معہ اپنے دو شاگردوں ابو حارث لیث اور دوری علی کے بیٹھے ہیں۔
احادیثِ نبوی سے ثابت ہے کہ حضرت جبرائیل خصوصاً ماہِ رمضان میں رسولِ خدا صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کو پورا قرآن سناتے اور آنحضرت سے سنتے۔ ممکن ہے کہ جبرائیل نے مختلف اوقات میں، مختلف طور سے، مختلف قبائل کے محاوروں کے مطابق قرآن پڑھا ہو اور آنحضرت نے سنا ہو۔ مثلاً کبھی رِضْوَان پڑھا ہو اور کبھی رُضْوَان، کبھی أَن پڑھا ہو اور کبھی إِنْ، کبھی سُدًّا اور کبھی سَدًّا۔ ایک دفعہ ایک صاحب نے ایک لفظ پڑھا اور دوسرے صاحب نے دوسرا لفظ۔
یہ در دعا کرنے والوں کا ہے۔ رسولِ خدا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے کونسی دعا ہے کہ اپنی امت کے لیے نہیں کی۔ قرآن اور حدیثوں پر غور کرو کہ توحید ان میں ہے، تہذیبِ نفس کی دعائیں ان میں ہیں۔ غرض کہ ہر ہر مسئلہ کے متعلق احادیثِ نبوی میں دعا کا خزانہ ملتا ہے۔
احادیثِ نبوی کی دعاؤں کو حضرت علامہ جزری رحمۃ اللہ علیہ نے 'حصنِ حصین' میں ایک جگہ جمع کر دیا ہے۔ 'حصنِ حصین' میں ہر وقت، ہر کام، ہر ضرورت کی دعائیں الگ الگ لکھی ہوئی ہیں۔ حضرت جزری رحمۃ اللہ علیہ اپنی حصنِ حصین کے ساتھ ایک چھوٹے تخت پر تشریف رکھتے ہیں۔ ایک اور مجموعۂ ادعیۂ نبویہ ملا علی قاری نے تالیف کیا ہے، اس کا نام 'حزب الاعظم' ہے، اس میں قرآن شریف کی دعائیں ہیں، حدیث شریف کی بھی ہیں، اور درود بھی اس میں ہے۔ ملا علی بن سلطان قاری مع 'حزب الاعظم' ایک چھوٹے تخت پر بیٹھے ہوئے ہیں۔ ایک اور چھوٹے تخت پر حضرت امام جزولی رحمۃ اللہ علیہ ہیں اور اُن کے
ہاتھ میں 'دلائل الخیرات' ہے، جس میں صلوٰۃ و سلام اور اہم ادعیہ ہیں۔ ان چھوٹے تختوں کے پاس چند بڑے تخت بھی ہیں، ان میں سے ایک تخت پر حضرت امام علی بن حسین زین العابدین رضی اللہ تعالیٰ عنہ تشریف فرما ہیں اور آپ کے دستِ مبارک میں 'صحیفۂ کاملہ' ہے جس کو نہایت دلگداز آواز سے پڑھ رہے ہیں۔ ایک اور تخت پر حضرت سیدی محی الدین عبد القادر جیلانی تشریف رکھتے ہیں اور آپ کے دستِ مبارک میں 'فیوضاتِ قادریہ' ہے۔ ایک اور تخت پر شیخ محی الدین ابن عربی متمکن ہیں اور ان کے دستِ مبارک میں بہت سے ادعیہ اور صلوات و سلام کا مجموعہ ہے۔ ایک اور تخت پر سیدی ابوالحسن علی شاذلی ہیں، ان کے دستِ مبارک میں 'الانوار القدسیہ' ہے جس میں حزب البحر، حزب النصر وغیرہ احزاب ہیں۔
یہ در استعاذہ، تعوذ اور عملیات کا در ہے۔ اس کے پاس ایک تخت پر حضرت عمر ابن الخطاب رضی اللہ عنہ اور ایک پر حضرت علی ابن ابی طالب رضی اللہ عنہ تشریف فرما ہیں۔ اور ایک پر ابو الحسن شاذلی ہیں اور ان کے ہاتھ میں حزب البحر وغیرہ ہے۔ ایک پر امام بونی ہیں اور اُن کے ہاتھ میں 'شمس المعارف' ہے۔ ایک پر حضرت سید غوث گوالیاری رحمۃ اللہ علیہ ہیں اور ان کے ہاتھ میں 'جواہرِ خمسہ' ہے۔
ایک پر حضرت شاہ کلیم اللہ جہاں آبادی ہیں اور ان کے ہاتھ میں مرقع شریف ہے۔
یہ در مفسرین کا ہے۔ اس در کے پاس ایک بڑے تخت پر حضرت عبداللہ ابن عباس تشریف فرما ہیں۔ ایک پر علامہ محمود زمخشری ہیں اور اُن کے ہاتھ میں تفسیرِ کشاف ہے۔ ایک پر امام فخر الدین رازی ہیں اور ان کے پاس تفسیرِ کبیر ہے اور ایک پر علامہ آلوسی ہیں اور اُن کے ساتھ روح المعانی ہے۔ ایک پر قاضی محی الدین بیضاوی ہیں اور اُن کے ہاتھ میں معالم ہے ایک اور تخت پر حضرت نجم الدین نسفی ہیں اور اُن کے ہاتھ میں تفسیرِ مدارک ہے۔ ایک تخت پر علاء الدین علی بن محمد المعروف خازن ہیں اور ان کے ہاتھ میں لباب التاویل ہے۔ ایک پر امام جلال الدین سیوطی ہیں جن کے پاس ایک بڑی تفسیر درِ منثور کی ہے جس میں سب حدیثیں ہیں، ان کے ہاتھ میں ایک چھوٹی سی تفسیر بھی ہے جس کے متعلق یہ بحث بھی ہے کہ قرآن کے الفاظ زیادہ ہیں یا حدیث کے، اس کا نام تفسیرِ جلالین ہے۔ یہیں ایک کونے پر ایک فقیر کھڑا ہے، جس نے اقتضائے زمانہ کا لحاظ کرتے اردو میں ایک عام فہم تفسیر 'تفسیرِ صدیقی' لکھی ہے اور اللہ سے دعا کر رہا ہے کہ اس کو شرفِ قبول عطا فرمائے اور امیدوار ہے کہ اس کو بھی ان تفاسیر کے تخت نشینوں کے پاس ہی
ایک چھوٹا سا اسٹول مل جائے گا۔
یہ در محدثین کا ہے۔ یہاں سینکڑوں ہزاروں چھوٹے بڑے تخت بچھے ہیں۔ ان میں سے چند تخت نشینوں کے نام یہ ہیں:
ایک تخت پر حضرت عبداللہ ابن عمر رضی اللہ عنہ، ایک پر حضرت عبداللہ بن عمرو بن العاص رضی اللہ عنہ ہیں جو آنحضرت ہی کے زمانے میں احادیث جمع کرنا شروع کر چکے تھے۔ ایک پر حضرت عبد اللہ ابن مسعود رضی اللہ عنہ ہیں، اور ایک حجرہ ہے جس پر پردہ چھوٹا ہوا ہے، اس میں حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا ہیں۔ ایک تخت پر حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ ہیں۔ ایک پر امام مالک بن انس ہیں اور آپ کے ہاتھ میں موطا شریف ہے۔ ایک تخت پر امام محمد ابن الحسن ہیں اور اُن کے ہاتھ میں اُن کی موطا ہے۔ ایک پر امام احمد بن حنبل تشریف رکھتے ہیں اور ان کے پاس مسندِ احمد ہے۔ ایک پر امام محمد بن اسماعیل بخاری ہیں، جنہوں نے صحیح احادیث کو انتخاب کر کے صحیح البخاری میں جمع کیا ہے، ان ہی کے پاس تاریخِ بخاری بھی ہے، جس میں تمام راویانِ حدیث کے حالات جمع کر دیے ہیں۔ ایک تخت پر امام مسلم ابن الحجاج ہیں اور ان کے ہاتھ میں صحیح مسلم ہے۔ ایک پر عبداللہ بن محمد ابن ماجہ ہیں اور ان کے ہاتھ میں سنن ابن ماجہ ہے۔ ایک پر عبد الرحمن احمد نسائی ہیں اور ان کے ہاتھ میں سنن نسائی ہے اور ایک تخت پر امام محمد بن عیسیٰ ترمذی ہیں اور ان کے ہاتھ میں سنن ترمذی ہے۔
ایک پر سلیمان بن اشعث ابو داؤد ہیں اور ان کے ہاتھ میں سنن ابو داؤد ہے۔ ایک تخت پر سیدنا شہاب الدین ہیں جن کے پاس مواہب اللدنیہ ہے جس میں رسولِ خدا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے حالات و سیرت کے احادیث ہیں، اور ایک چھوٹے تخت پر حضرت علی متقی ہیں۔ اُن کے پاس اُن کی کتاب 'کنز العمال' ہے جو احادیثِ نبوی کے دائرۃ المعارف کا حکم رکھتی ہے۔ وہیں ایک جانب احمد بن حجر عسقلانی بیٹھے ہیں اور اُن کے پاس تہذیب التہذیب ہے جس میں اسماء الرجال ہیں۔ ایک تخت پر شمس الدین ذہبی ہیں۔ اُن کے پاس تذکرۃ الحفاظ ہے جس میں حافظانِ حدیث کا ذکر ہے۔ واضح ہو کہ محدثین اس شخص کو حافظ کہتے ہیں جس کو کم از کم ایک لاکھ حدیثیں یاد ہوں۔
یہ در فقہاء کا ہے۔ اس در کے پاس کے تختوں میں سے ایک تخت پر حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ اور ایک ایک تخت پر حضرت عمر ابن الخطاب رضی اللہ عنہ، حضرت عثمان ابن عفان رضی اللہ عنہ اور حضرت علی ابن ابی طالب رضی اللہ عنہ تشریف فرما ہیں اور ایک حجرے میں حضرت ام المؤمنین عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا ہیں۔ ایک تخت پر حضرت عبداللہ ابن مسعود رضی اللہ عنہ، ایک پر حضرت عبداللہ ابن عباس رضی اللہ عنہ اور ایک پر حضرت زید بن ثابت رضی اللہ عنہ ہیں۔
ان ہی تختوں کے پاس امامِ اعظم ابو حنیفہ نعمان بن ثابت کوفی رحمۃ اللہ علیہ بیٹھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے قرآن و حدیث سے استنباطِ مسائل کیا۔ امام ابو حنیفہ کے تلامذہ امام زفر، امام ابو یوسف، امام محمد بن الحسن وغیرہ چالیس محدث و فقیہ ایک گول میز کے اطراف بیٹھے ہوئے ہیں۔ امام محمد ابن الحسن کے پاس سیرِ کبیر وغیرہ فقہ کی کتابوں کا انبار ہے۔ ایک جدا تخت پر امام مالک بن انس مع موطا کے تشریف فرما ہیں، موطا تمام کتبِ حدیث کی ماں ہے۔ ایک اور تخت پر امام محمد بن ادریس شافعی ہیں، ان کے پاس 'کتاب الام' ہے۔ امام محمد بن الحسن اور امام محمد بن ادریس شافعی کے باہمی مباحثات اور مذاکرات سے اصولِ فقہ اور اصولِ حدیث کی بنیاد پڑی۔ یہ وہ زمانہ تھا کہ رومن لا (Roman Law) کا نام و نشان بھی کوئی جانتا نہ تھا۔
یاد رکھو کہ قرآن و حدیث ہی فقہِ اسلام کا ماخذ ہیں۔ وہ شخص ہرگز فقیہ نہیں ہو سکتا جو بغیر قرآن و حدیث کے ماخذ کے ذاتی رائے رکھتا ہو۔ جس نے بلا ماخذ کوئی حکم دیا وہ اس پر رد ہے، اس پر بے حد گناہ ہے۔ ایک تخت پر حضرت امام احمد بن حنبل ہیں جن کے پاس مسندِ احمد ہے۔ یہ حدیث شریف کا بڑا ذخیرہ ہے۔ امام احمد ضعیف حدیث کے مقابل قیاس سے کام نہیں لیتے۔ دوسری کرسیوں پر مجتہد فی المذہب، اصحابِ تخریج، مجتہد فی المسئلہ بیٹھے ہوئے ہیں جو ہر زمانے کے اقتضاء کے موافق قرآن و حدیث سے استنباطِ مسائل کرتے ہیں۔ ہر زمانے میں چند افراد کو استنباطِ مسائل کی کرسی مل ہی جاتی ہے۔
یہ در متکلمین کا ہے۔ اس در کے پاس بھی بہت سے تخت بچھے ہیں۔ جن میں سے ایک تخت پر حضرت عبداللہ ابن عباس رضی اللہ عنہ ہیں۔ انہوں نے حضرت علی رضی اللہ عنہ کے حکم سے خوارج سے مناظرہ کیا، کیونکہ اس زمانہ میں خوارج اور روافض پیدا ہو چکے تھے۔ اس دور میں مذہبی اختلافات کا فوری فیصلہ تلوار کر دیتی تھی۔ یہ یاد رکھو! بعض لوگ بزرگوں کو مانتے ہیں اور بعض بالکل نہیں مانتے۔ اعتدال پر رہنے والے بہت کم ہوتے ہیں۔ بزرگوں کو ماننے والوں کی انتہاء شخصیت پرستی اور بت پرستی پر ہوتی ہے، اور خود پسندی کی انتہاء دہریت اور لادینی پر۔ خیر!
ایک تخت پر حضرت امام ابوحنیفہ نعمان بن ثابت کوفی ہیں اور ان کے ہاتھ میں 'فقہِ اکبر' ہے۔ امامِ اعظم کو خوارج سے ہر وقت مناظرے کرنے پڑتے تھے۔ ایک اور تخت پر حضرت ابو الحسن اشعری ہیں جو معتزلیوں کے رد میں سرگرم ہیں۔ معتزلہ کے پاس ان کی عقل کے خلاف کوئی چیز اسلام میں نہیں ہے؛ اصل میں ایک غلطی میں گرفتار ہیں کہ جو چیز میں نہیں جانتا یا میرے پاس ثابت نہیں وہ واقع ہی نہیں۔ ایک اور تخت پر امام محمد غزالی تشریف فرما ہیں اور ان کے ہاتھ میں 'تہافت الفلاسفہ' وغیرہ علمِ کلام کی کتابیں ہیں۔ امام غزالی کے زمانے سے پہلے عربی میں مختلف فلسفے کی کتابوں کا ترجمہ ہو چکا تھا۔ ان کی کتابوں سے عقائد، تصوف، تہذیبِ اخلاق وغیرہ سب کا افادہ ہوتا ہے۔ فلسفے کی کتابیں تیار کروانے میں خلیفہ مہدی اور ہارون رشید بہت پیش پیش رہے ہیں۔ ایک اور تخت پر امام فخر الدین رازی ہیں جنہوں نے فلسفۂ قدیم کے پرخچے اڑا دیے، اُن کے
ہاتھ میں 'مباحثِ مشرقیہ'، 'معالم' وغیرہ بیسیوں علمِ کلام کی کتابیں ہیں۔ ایک اور تخت پر قاضی عضد الملۃ والدین عبد الرحمن بن احمد ایجی بھی بیٹھے ہوئے ہیں اور ان کے ہاتھ میں 'مواقف' ہے۔ اس قاضی کی حسنِ تعلیم سے لاکھوں چنگیزی اشخاص مشرف بہ اسلام ہو گئے۔ اور دوسری کرسیوں اور چوکیوں پر ہزاروں خادمانِ دین متمکن ہیں جو ہمیشہ مخالفانِ اسلام کی تردید میں سرگرم و مستعد رہتے ہیں۔
یہ در جانبازانِ محمدی کا ہے، مجاہدین فی سبیل اللہ کا ہے۔ اس کے پاس ایک تخت پر حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ تشریف فرما ہیں جنہوں نے مرتدین سے جنگ کی، مانعینِ زکوٰۃ کو زکوٰۃ دینے پر مجبور کیا، اس طرح مرکزِ اسلام کی حفاظت کی۔ ایک اور تخت پر حضرت عمر ابن الخطاب تشریف فرما ہیں جن کے زمانے میں بیت المقدس، شام اور ایران فتح کر لیا گیا۔ ایک اور تخت پر حضرت عثمان ابن عفان تشریف فرما ہیں جن کے زمانے میں اسلامی سلطنت کے حدود دور دور تک پہنچ گئے تھے۔ ایک اور تخت پر حضرت علی ابن ابی طالب فاتحِ خیبر متمکن ہیں، ان کی تلوار بھی کام کرتی تھی، ان کی زبان بھی کام کرتی تھی، اور ان کی روحانی قوت بھی کام کرتی تھی۔ ایک اور تخت پر حضرت ابو عبیدہ بن الجراح فاتحِ شام، اور ایک تخت پر حضرت سعد بن ابی وقاص فاتحِ ایران و عراق، اور ایک پر حضرت عمرو بن العاص فاتحِ مصر بھی ہیں۔ اور
ان تختوں کے بیچ میں حضرت سیف اللہ ماہرِ علمِ جنگ خالد ابن ولید کا تخت ہے۔ پاس ہی ایک تخت پر خلیفہ بنی امیہ ولید بن عبد الملک بیٹھا ہوا ہے اور اس کے اطراف دوسرے تختوں پر محمد بن قاسم فاتحِ سندھ و ہند، موسیٰ بن نصیر اور اس کا خادم طارق فاتحِ اندلس اور قتیبہ بن مسلم فاتحِ ترکستان بیٹھے ہیں۔ ایک اور تخت پر سلطان محمد خان فاتحِ قسطنطنیہ ہے۔ ایک اور تخت پر نور الدین زنگی اور صلاح الدین اعظم ایوبی ہیں جنہوں نے صلیبی جنگوں میں کارہائے نمایاں کیے اور دوست دشمن سب نے داد دی۔ ایک تخت پر سلطان محمود غزنوی فاتحِ ہند اور ایک پر شہاب الدین غوری ہیں۔ ایک تخت پر جلال الدین خلجی بیٹھے ہوئے ہیں، جنہوں نے چنگیزی فوجوں کو شکستِ عظیم دی اور جب گرفتار شدہ ایک لاکھ قیدیوں کو رہا کر دیا تو وہ سب مسلمان ہو گئے، جن کے تخت کے ایک حصے پر علاء الدین خلجی بھی ہے۔ ایک پر احمد شاہ ابدالی متمکن ہیں جنہوں نے تھوڑی سی فوج سے مرہٹوں کو شکستِ عظیم دی۔
یہ در مدنیات، اصلاح و ترقیِ تمدن، حفظِ امن اور حفاظتِ اقتدارِ اعلیٰ کا ہے۔ اس کے پاس ایک بڑا تخت ہے جس پر حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ جلوہ افگن ہیں، جنہوں نے مانعینِ زکوٰۃ سے جنگ کی اور مرتدین سے جہاد کر کے شیرازۂ اسلام کو منتشر ہونے سے بچایا۔ اجنادین کی فتح بھی انہیں کے زمانے کی ہے۔ علماء نے اس کے متعلق کہا ہے: "ولقد قام مقام نبی"۔ حضرت صدیق نے تمام صحابہ سے لے کر ایک جگہ مکتوباتِ قرآنی کو جمع کر دیا اور اس طرح دینِ اللہ کی حفاظت فرمائی۔ پاس ہی ایک دوسرا تخت ہے جس پر حضرت فاروقِ اعظم رضی اللہ عنہ تشریف فرما ہیں
جن کے زمانے میں نہ صرف غیر معمولی فتوحات حاصل ہوئیں بلکہ زمین کی پیمائش، مختلف صیغوں کا انتظام، بلحاظِ ضرورت مختلف قوانین نافذ اور طرح طرح کے محصول رعایا پر عائد کیے گئے۔ ایک اور تخت پر خیر التابعین حضرت عمر بن عبد العزیز ہیں جنہوں نے آزاد تمدن کو اسلامی تمدن میں مبدل کرنے کی کوشش کی اور اس میں اپنی جان دے دی۔ ایک اور تخت پر شاگردِ امام مالک ہارون رشید ہے جس کے زمانے میں امن و امان اور علم و دولت دونوں انتہائی عروج پر تھے۔ ایک چھوٹے سے تخت پر جلال الدین خلجی ہے جس کے ایک گوشے پر علاء الدین خلجی بھی بیٹھا ہوا ہے جس کے زمانے میں فتوحات بھی ہوئیں اور ترقیِ تمدن بھی۔ ایک چھوٹے سے تخت پر شیر شاہ سوری بھی ہے، جس کے زمانے میں شہروں میں تنظیم، راستوں کا انتظام، مسافروں کے لیے سہولت اور مالگزاری کا ہر طرح سے بندوبست تھا۔
اس در کے ایک جانب علمائے مدنیات اپنے اپنے تختوں پر متمکن ہیں۔ ایک تخت پر حضرت ابو حامد محمد غزالی ہیں جن کے پاس ان کی اعلیٰ اور کثیر تصانیف دھری ہوئی ہیں۔ ان کی 'احیاء العلوم' میں اسلامی تمدن پر کافی بحث کی گئی ہے۔ ایک تخت پر حضرت شیخ احمد بن عبد الاحد فاروقی سرہندی مجدد الف ثانی ہیں۔ آپ اکبر اور جہانگیر کے ہم زمانہ تھے۔ ان کے زمانے میں تصوف الحاد میں مبدل ہو گیا تھا، خود پرستی اور شاہ پرستی کا زور تھا۔ حضرت شیخ احمد سرہندی کو اللہ تعالیٰ نے پیدا کیا اور یادگارِ فاروقِ اعظم نہایت پامردی سے حمایتِ دین پر قائم رہا۔ آپ کے فیضِ تربیت سے لاکھوں آدمی اب تک سیراب ہو رہے ہیں۔ آپ کے پاس 'مکتوباتِ شریف' کی تین جلدیں دھری ہوئی ہیں۔ ایک چھوٹے سے تخت پر ابن خلدون ہے جس کے پاس 'تاریخِ اسلام' اور 'مقدمہ' لکھے ہوئے ہیں۔ مقدمہ میں اصولِ تمدن اور فلسفۂ تاریخ پر کافی بحث موجود ہے۔ اور ایک چھوٹے سے تخت پر احمد بن عبد الرحیم المعروف بہ شاہ ولی اللہ محدث دہلوی بیٹھے ہیں جن کے پاس 'حجۃ اللہ البالغة' دھری ہے۔ یہ کتاب فلسفۂ اسلام پر ہے۔ ان کے پاس 'ازالۃ الخفاء عن خلافۃ الخلفاء'
بھی ہے جو ہے تو تاریخ مگر اس سے تمدنِ اسلام پر بھی خوب روشنی پڑتی ہے۔
یہ در تہذیبِ نفس کا ہے۔ اس کے پاس ایک تخت پر حضرت عبد الرحمن بن عمر اور ایک پر امام حسن مجتبیٰ رضی اللہ عنہما تشریف فرما ہیں۔ یوں تو اس در کے پاس بہت سی واجب التعظیم ہستیاں موجود ہیں مگر خصوصیت سے چند حضرات کے نام بیان کیے جاتے ہیں:
ایک تخت پر امام ابو حامد محمد غزالی اور ان کے پاس 'احیاء العلوم'، 'کیمیائے سعادت' وغیرہ کثیر تصانیف ہیں۔ احیاء العلوم کی چار جلدیں ہیں: ایک میں عقائد و معارف ہیں، ایک جلد میں سیاستِ مدن و تہذیبِ نفس، ایک جلد میں منجیات ہیں اور ایک جلد میں مہلکات۔ ایک اور تخت پر غوث الاعظم سیدی عبد القادر جیلانی رضی اللہ عنہ تشریف رکھتے ہیں، ان کے ہاتھ میں 'فتوح الغیب' اور 'الفتح الربانی' ہے۔ ایک کرسی پر علامہ جلال الدین دوانی ہیں اور ان کے پاس 'اخلاقِ جلالی' ہے۔ اس کے تین حصے ہیں: ایک میں سیاستِ مدن، ایک میں سیاست و انتظامِ خانہ داری، اور ایک میں تہذیبِ نفس۔ دوانی نے عقائدِ جلالی اور دیگر کتب میں فلسفۂ اسلام اور علمِ کلام پر بھی کافی مباحث لکھے ہیں۔ اور کئی کرسیوں پر بہت سے تہذیبِ نفس کے معلمین ہیں۔
یہ موحدین کا در ہے۔ یہاں کے حاضرین کئی قسم کے ہیں: بعض بڑا زور و شور سے توحید کی تعلیم دیتے ہیں، بعض اصحاب عظیم الشان کتابوں کے مصنف ہیں اور ان کے فیضِ تربیت اور توجہ سے لوگ موحد ہو جاتے ہیں۔ یہاں ایک بڑے تخت پر حضرت صدیقِ اکبر رضی اللہ عنہ تشریف فرما ہیں اور ان کی زبانِ مبارک سے نکل رہا ہے: "مَا رَأَيْتُ شَيْئًا إِلَّا وَرَأَيْتُ اللَّهَ قَبْلَهُ" (میں نے کسی شئے کو دیکھا تو شئے سے پہلے اللہ کو دیکھا)۔ آپ کے متعلق رسولِ خدا صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: مردۂ بدستِ زندہ چلتا پھرتا دیکھنا ہے تو ابوبکر کو دیکھو! نیز یہ بھی ارشاد ہوا کہ جس چیز سے خدا نے میرا شرحِ صدر کیا ہے اس سے میں نے ابوبکر کا بھی شرحِ صدر کیا۔ ان کے تخت کے اطراف قادریہ، نقشبندیہ اور شطاریہ کے تخت ہیں۔
ایک اور تخت پر حضرت علی ابن ابی طالب جلوہ گر ہیں اور وہ فرماتے ہیں: "سَلُونِي أُجِبْكُمْ" (مجھ سے مانگو میں دوں گا)۔ آپ کے بارے میں رسولِ خدا صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: "میرا گوشت علی کا گوشت ہے اور میرا خون علی کا خون"۔ آپ کے اطراف قادریہ، چشتیہ، رفاعیہ، اکبریہ، سہروردیہ، شاذلیہ اور بدویہ کے تخت ہیں۔ ان تختوں کے پاس اور دوسری محترم ہستیوں کے تخت بھی ہیں جیسے حضرت حسن بصری، حضرت معروف کرخی، حضرت جنید بغدادی، حضرت بایزید بسطامی، حضرت داؤد طائی، حضرت سہل بن عبداللہ تستری، حضرت کمیل بن زیاد، حضرت ذوالنون مصری، حضرت ابو القاسم قشیری۔ یہ وہ لوگ ہیں
جن کے زمانے میں بیرونی مصنفین کی کتابوں کا ترجمہ نہیں کیا گیا، بلکہ ان کی توجہِ الٰہی اور قوتِ قلبی سے لاکھوں کروڑوں آدمیوں نے زلالِ توحید سے سیرابی حاصل کی۔ ان تختوں کے پاس خصوصیت سے قابلِ ذکر تخت پر شیخِ اکبر محی الدین ابن عربی تشریف فرما ہیں اور ان کے پاس 'فتوحاتِ مکیہ' اور 'فصوص الحکم' وغیرہ کتابیں ہیں۔ ایک تخت پر مولانا جلال الدین رومی بیٹھے ہیں اور ان کے پاس 'مثنوی شریف' رکھی ہے۔
یہ در عشق و محبت کا ہے۔ اس در سے جو پانی آ رہا ہے اس کا ایک گھونٹ بھی پی لینا پینے والے کو مستِ الست کر دیتا ہے۔ جو اس کا پانی پیتے ہیں ان میں بعض عاشق کہلاتے ہیں اور بعض معشوق، کچھ محب ہوتے ہیں اور کچھ محبوب، کوئی چاہتا ہے اور کوئی چاہا جاتا ہے۔ غرض آیت "يُحِبُّهُمْ وَيُحِبُّونَهُ" سے معلوم ہوتا ہے کہ محبِ خدا محبوبِ خدا بھی ہوتا ہے اور محبوبِ خدا محبِ خدا بھی۔ مگر دونوں میں امتیاز صرف یہ ہوتا ہے کہ جو چیخا، چلایا وہ عاشق کہلایا، اور جس نے ضبط کیا، صبر و سکون سے بیٹھا وہ معشوق۔
اس در کے پاس ایک تخت ہے جس پر حضرت ابوبکر صدیق تشریف فرما ہیں۔ دوسرے تخت پر حضرت عمر فاروق، تیسرے پر حضرت عثمان غنی اور چوتھے پر حضرت علی رضی اللہ عنہ جلوہ فرما ہیں۔ ایک اور تخت پر امام حسن مجتبیٰ رضی اللہ عنہ، ایک پر امام حسین رضی اللہ عنہ، ایک تخت پر حضرت اویس قرنی
بھی ہیں، ایک تخت پر حضرت بلال حبشی رضی اللہ عنہ بیٹھے "أَحَدٌ! أَحَدٌ!" کے نعرے مار رہے ہیں۔ اس در کے پاس اور سینکڑوں تخت بچھے ہوئے ہیں اور یہ سلسلہ ان شاء اللہ قیامت تک جاری رہے گا۔ تاہم چند تخت نشینوں کے نام بیان کر دیے جاتے ہیں: سیدی شیخ عبد القادر جیلانی، سیدی شیخ شہاب الدین عمر سہروردی، سیدی خواجہ معین الدین حسن چشتی، سیدی احمد کبیر رفاعی، سیدی ابو العباس احمد بدوی، سیدی بہاء الدین محمد نقشبندی، سیدی ابوالحسن شاذلی، سیدی جلال الدین مولانا روم، سیدی محی الدین علی بن محمد ابن العربی، سیدی بدیع الدین شاہ قطب مدار، سیدی علاء الدین علی احمد صابر، سیدی نظام الدین محبوبِ الٰہی، اور سید محمد عبداللہ رحمہ اللہ اجمعین۔
یہ در عبدیت کا ہے۔ اس در کے لوگ عبدیت سے ممتاز ہیں اور مار گرائے ہیں۔ یہ بے ارادہ جیتے ہیں، مردہ بدستِ زندہ رہتے ہیں۔ خدا کو دینا ہوتا ہے تو ان کے
ہاتھ سے دیتا ہے کچھ کام لینا ہوتا ہے تو اُن کے ہاتھوں سے لیتا ہے۔ ہر شخص کو، ہر چیز کو، اس کا حق دینا ان کا کام ہے۔ اقتضاء وقت کے مطابق عمل کرنا ان کا شیوہ ہوتا ہے۔ تحت امر رہنا ہمیشہ اُن کے پیش نظر رہتا ہے۔ ایسے لوگ عامۃ الناس سے ایسے گھلے ملے رہتے ہیں کہ ان کا دوسروں سے امتیاز کرنا مشکل ہے۔ کھاتے پیتے ہیں شادی، بیاہ کرتے ہیں۔ ہنستے بولتے ہیں، ایسے لوگوں کی زبان پر یہ شعر ہوتا ہے:
غور کرنے سے معلوم ہوتا ہے کہ اس در سے سیراب ہونے والے محب بھی ہیں، محبوب بھی ہیں اور بندے بھی۔ مگر ایک گونہ خصوصیتِ بندگی کی وجہ سے ممتاز سمجھے جاتے ہیں۔ اس در کے پاس کئی تخت بچھے ہوتے ہیں۔ ایک تخت پر خلیفۂ رسول اللہ حضرت ابوبکر رضی اللہ عنہ، ایک پر حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ، ایک پر حضرت عثمان رضی اللہ عنہ، ایک پر حضرت علی رضی اللہ عنہ، ایک پر حضرت امام حسن رضی اللہ عنہ اور ایک پر حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ تشریف فرما ہیں۔ پاس ہی ایک تخت پر حضرت سید عبد القادر جیلانی ہیں، اور دوسرے کئی تختوں پر وہ سب حضرات بھی جلوہ فرما ہیں جن کے اسماء گرامی توحید اور عشق و محبت کے بیان میں گزر چکے ہیں۔
غرض سینۂ محمدی بہت کشادہ ہے۔ اس میں جو کچھ ہے اس کو قیامت تک تم بیان کرو، ساری دنیا بیان کرے، تم ختم ہو جاؤ گے اور دنیا ختم ہو جائے گی، مگر وہ نہ کبھی ختم ہوا ہے اور نہ ہو گا۔ فقط۔
[صفحۂ سادہ / بیاض]
مطبوعہ: حسینی پریس، چھتہ بازار، حیدرآباد دکن۔