بحر العلوم حضرت محمد عبد القدیر صدیقی حسرتؔ (رحمہ اللہ) Hazrat Bahr al-Uloom Muhammad Abdul Qadeer Siddiqi (Rh.A) Hasrat Academy Publications / Hyderabad Deccan · Scholarly Authenticated First Digital Edition (2026)
اعیانِ ثابتہ کو متعلقاتِ اشیاء، معلوماتِ الٰہیہ، حقائقِ کونیہ، حقائقِ الٰہیہ، صورِ علمیہ اور حجرِ بحت بھی کہتے ہیں۔
۲۔ حقائقِ کونیہ اور حقائقِ الٰہیہ میں کیا فرق ہے؟
حقائق دو قسم کے ہوتے ہیں۔ ایک یہ کہ اللہ اپنی صفات کو سمجھا اور دوسرے یہ کہ مخلوقات کی حقیقتوں کو سمجھا۔ یہاں دو نسبتیں ہیں۔ ایک عالمیت کی اور دوسری معلومیت کی۔ عالمیت حقائقِ الٰہیہ سے ہے۔ پھر معلومیت میں بھی وہ معلومات جو اللہ کی صفات ہیں وہ بھی حقائقِ الٰہیہ کہلائیں گی اور وہ معلومات جو حقائقِ اشیاء ہیں، حقائقِ کونیہ کہلائیں گی۔ حقائقِ کونیہ سے مراد بندوں اور مخلوقات کی معلومات یعنی وہ چیزیں ہیں، جن کو اللہ نے جانا۔ میرے خیال کے مطابق حقائقِ کونیہ کبھی حقائقِ الٰہیہ نہیں بنتے۔ حقائقِ کونیہ معلوماتِ ممکنہ ہیں۔ عالمیت الگ چیز ہے معلومیت الگ۔ معلومیت، "عالمیت" کیسے ہو جائے گی؟ مخلوقات کو جاننا اللہ کی طرف نسبت رکھتا ہے اسے حقائقِ الٰہیہ کہیں گے اور خود وہ چیز یعنی مخلوقات، حقائقِ کونیہ کہلائیں گی۔ ذاتِ الٰہی سے جو سب کا منشاء ہے علمِ الٰہی میں تعین...
ہونے کے لحاظ سے پہلے حقیقتِ شئے ہے اور بعد علم، مگر یہ تقدم و تاخر سب اعتباری ہے۔ حقیقتِ شئے ذاتِ الٰہی سے علیحدہ کوئی چیز نہیں۔ اس سے مراد ذاتِ الٰہی کا ایسا ہونا ہے کہ اُس سے کوئی چیز سمجھ میں آ سکے، انتزاع کی جا سکے۔ یہ صحیح ہے کہ اس مقام پر ابھی بندے اور مخلوقات علم ہی کے مرتبہ میں ہیں لیکن یہاں بھی انہیں مخلوق ہی کہیں گے کیونکہ اللہ نے اشیاء کو ان کی حقیقت کے مطابق جانا۔ بندہ کو بندہ سمجھا اور مخلوق کو مخلوق۔ علمِ الٰہی میں بھی بندہ کی حقیقت سے غیریت ہے۔ اگرچہ کہ وہ پیدا نہیں ہوا لیکن اس وقت بھی اس حقیقت کی طبیعت کا اقتضا یہی ہے کہ وہ مخلوق ہو۔ بندہ بندہ ہے خدا خدا۔ گو سب چیزیں احدیتِ ذات ہی سے نکلی ہیں لیکن پھر بھی بندہ کی حقیقت احتیاجِ ذاتی ہے۔ احتیاجِ ذاتی نہ ہوتا تو کبھی پیدا ہی نہ ہوتا۔ اس کی حقیقت، حقائقِ الٰہیہ میں کیوں کر شمار ہو سکتی ہے۔
۳۔ عینِ ثابتہ کا ثبوت؟
اللہ تعالیٰ نے جان کر پیدا کیا یا پیدا کر کے جانا؟ پیدا کر کے جانا تو پہلے جہل لازم آئے گا۔ اس کا علم تو قدیم ہے کہ جو نہ گھٹے نہ بڑھے۔ اس لئے پیدا کرنے سے پہلے ہی اللہ ہر چیز کی صلاحیتوں کو جانتا تھا۔ یہی قابلیتیں اشیاء میں اللہ تعالیٰ کے جاننے سے ثابت کہلاتی ہیں۔
۴۔ شیخ محی الدین ابن عربی کہتے ہیں عینِ ثابتہ موجود نہیں؟ اس کے کیا معنے ہیں؟
شیخ کے پاس وجود اور ثبوت میں فرق ہے۔ ہم جسے وجودِ علمی کہتے ہیں شیخ اسے ثبوت کہتے ہیں۔ چونکہ عینِ ثابتہ کو وجود کی بو تک نہیں لگی ہے اس لئے شیخ اس کو وجودِ علمی بھی نہیں کہتے بلکہ اس کے لئے ایک نیا لفظ ثبوت استعمال کرتے ہیں۔
۵۔ عینِ ثابتہ کلی ہے یا جزئی؟
ایک مکتبِ خیال یہ ہے کہ جزئی ہی پائی جاتی ہے۔ کلی انتزاعی چیز ہے۔ جزئیات کو دیکھ کر کلی کا اختراع کرتے ہیں۔ اس لئے عینِ ثابتہ جزئی ہے۔ دوسرا مکتبِ خیال کہتا ہے کہ...
کلی ہی پائی جاتی ہے۔ جزئی انتزاعی ہوتی ہے۔ خالی چیز نہیں پائی جاتی، حقیقی چیز ہی پائی جاتی ہے۔ زید، بکر، عمرو سمجھنے کی چیزیں ہیں۔ ان سب میں انسانیت جو مشترک ہے وہی حقیقی ہے۔ اس لئے انسانیت ہی پائی جاتی ہے۔ اس طرح عینِ ثابتہ کلی ہے۔ تیسرا مکتبِ خیال یہ ہے کہ ایک حیثیت سے کلی ہے اور ایک حیثیت سے جزئی۔ عینِ ثابتہ جزئی ہے مگر اس میں یہ قابلیت ہے کہ اس سے بہت سی چیزیں انتزاع کر سکتے ہیں۔ ہر انتزاع کے ساتھ ایک خاص بات سمجھ میں آتی ہے۔ اصل میں ایک ذات ہے جو ناقابلِ تکثیر ہے۔ اب اس کی بعض حالتوں کو دیکھ کر اُس کی چند خصوصیتیں سمجھ میں آئیں۔ خصوصیت کے ساتھ ایک عینِ ثابتہ ہے۔ اس طرح وہ ذات کلی ہوئی اور مختلف اعیانِ ثابتہ اس کی جزئیات ہیں اور ان سب کا منشاء و منتزع عنہ وہی ذاتِ واحد ہے۔ پھر ہر عینِ ثابتہ کی اپنی خصوصیات بھی ہوتی ہیں۔ یہ تمام خصوصیات اس کی جزئیات ہیں اور خود عینِ ثابتہ ان خصوصیات کا منشاء ہونے کے اعتبار سے کلی ہے۔ عینِ ثابتہ کو جیسے جیسے تعین عارض ہوتا جائے گا، ویسے ویسے خصوصیات جو اس کی جزئیات ہیں نمایاں ہوتی جائیں گی۔ جیسے کہ حبیب علی ایک کل ہے، اب اس سے حبیب علی کا بیٹھا ہونا، کھڑا ہونا سب کچھ سمجھ میں آ رہا ہے۔ یہ انتزاعات حبیب علی کی جزئیات ہیں۔ حالانکہ اس سے اوپر کے درجہ میں خود حبیب علی کسی بڑی کلی سے منتزع اور اس کی جزئیات میں سے ہیں۔ لہٰذا عینِ ثابتہ اپنے تعینات کے اعتبار سے کلی ہے اور اپنی ذات کے اعتبار سے جزئی ہے۔
۶۔ عینِ ثابتہ محمدی کی حقیقت کیا ہے؟
عینِ ثابتہ محمدی کو جو پھیلاؤ نصیب ہے وہ اور کسی کو نہیں۔ عین الاعیان یعنی عینِ ثابتہ محمدی باعتبارِ ذاتِ خداوندی کے جزئی ہے لیکن اسے جیسے جیسے تعین عارض ہوتا گیا ایک نیا عینِ ثابتہ پیدا ہوا، اسی طرح اُس سے سینکڑوں جزئیات پیدا ہوئیں۔ اس لحاظ سے عینِ ثابتہ محمدی کلی بھی ہے۔ ذاتِ الٰہی سے ہمیشہ عام تر چیز آئے گی پھر خاص ہوگی پھر اس سے خاص ہوگی...
پھر اس سے بھی خاص ہوگی حتیٰ کہ آکر ایک خاص چیز آئے گی۔ یہ تمام چیزیں اور جزئیات اسی عین الاعیان سے پیدا ہوئیں۔ عین الاعیان دوڑ کر تمام اعیان کو سمو لیتا ہے۔ عینِ ثابتہ محمدی ہی سے دوسرے تمام اعیان کو ملتا ہے۔
حدیث نبوی ﷺ
«اللَّهُ يُعْطِي وَأَنَا قَاسِمٌ»
اچھا، عینِ ثابتہ محمدی میں کچھ ہے؟ کچھ نہیں۔ ادھر سے ملا تو ادھر دیتا ہے۔ اس کے مقابل کیا ہے؟ "اَنَا كَهَاتَيْنِ" ہے۔ ایک بات یہ یاد رکھو! لوگوں کو ایک غلطی ہوتی ہے، وہ کہتے ہیں کہ جو کچھ ہم میں ہے وہ سرکار میں ہے۔ وہ یہ نہیں سمجھتے کہ یہ سب آیا کہاں سے؟
۷۔ جو چیز موجود نہیں جس کو کوئی جانتا نہیں اس پر احکام کیسے لگائے جا سکتے ہیں؟
ایجابی احکام نہیں لگا سکتے، عدمی احکام لگائے جا سکتے ہیں۔
۸۔ معدوم کو جبکہ وہ نہیں ہے ہم کس طرح سے جانیں؟
موجود چیز کو دیکھ کر معدوم کو سمجھتے ہیں۔ ڈاکٹر صاحب میرے گھر میں ہیں، اپنے گھر میں نہیں ہیں۔ اُن کو میرے گھر میں دیکھ کر اُن کا اپنے گھر میں نہ ہونا سمجھ میں آ رہا ہے۔ معدوم نام رکھا ہے ہم نے ایسے خیال کا جو نہیں ہے۔ لفظِ لا سے ہم عدم کو سمجھتے ہیں۔ جو موجود ہے اُسے عنوان بنا کر اس کے ذریعہ ایک ایسی چیز کو سمجھتے ہیں جو موجود نہیں ہے۔ موجود کے ذریعہ ہی ہم عدم کو انتزاع کر سکتے ہیں۔ اچھا، معدومِ مطلق کو کس طرح سمجھیں؟ اللہ کو دیکھ کر جو موجودِ مطلق ہے۔ اسی طرح وجودِ اضافی کے ذریعہ عدمِ اضافی سمجھ میں آتا ہے۔ معدوم کا مفہوم اور عنوان تو سمجھ میں آتا ہے لیکن اس کا مصداق نہ ذہن میں ہوتا ہے نہ خارج میں۔
۹۔ خدائے تعالیٰ نے کُن کا حکم کس کو دیا، موجود کو یا غیر موجود کو؟ موجود کو حکم دیا تو تحصیلِ حاصل ہے، پھر کُن کہنے کی کیا ضرورت؟ اگر معدوم کو حکم دیا گیا ہے تو وہ تو ہے ہی نہیں، جو چیز نہ ہو اس کو کیونکر حکم دیا جا سکتا ہے؟
خدائے تعالیٰ نے ان معلوماتِ الٰہیہ کو کُن کا حکم دیا جو مرتبہ علم میں موجود یعنی ثابت تھیں۔ انہیں حکم دینا تحصیلِ حاصل اس لئے نہیں کہ وہ معلومات علمِ الٰہی میں تو موجود تھیں لیکن ان کا کوئی خارجی وجود نہیں تھا۔ ان کے کُن کے بعد وہ مرتبہ ثبوت یعنی وجودِ علمی سے مرتبہ وجود یعنی وجودِ خارجی میں ظہور پذیر ہوئیں۔
۱۰۔ علمِ الٰہی قدیم ہے پھر اس کو غیر موجود ہونے کا حکم کس طرح دیا جا سکتا ہے؟ کیونکہ جیسے خدا ہے، تب سے اُس کا علم بھی ہے۔
بے شک علمِ الٰہی قدیم ہے لیکن معلومات یا حقائق، علمِ الٰہی میں موجود تھیں کہ خارج میں؟ وجودِ علمی کو ثبوت کہتے ہیں۔ ان معلومات کو "کُن" یعنی خارج میں ظاہر ہونے کا حکم دیا گیا تو وہ موجود ہو گئیں، اور اس کو "وجودِ خارجی" کہتے ہیں۔
۱۱۔ خدائے تعالیٰ شئی ہے یا نہیں؟ اگر شئی ہے تو پھر «اللَّهُ خَالِقُ كُلِّ شَيْءٍ» کیا معنی؟ کیا خدا اپنا آپ بھی خالق ہے؟
شئے کے دو معنی ہیں۔ ایک یہ کہ «مَا يُخْبَرُ عَنْهُ» یعنی جس کے بارے میں کچھ خبر دی جا سکے۔ اس معنی میں اللہ بھی شئے ہے۔ جیسے «إِنَّ اللَّهَ بِكُلِّ شَيْءٍ عَلِيمٌ»، اللہ کو اپنا علم بھی ہے۔ دوسرے معنی میں شئے مخلوق کو کہتے ہیں...
مخلوق کو کہتے ہیں جیسے «اللَّهُ خَالِقُ كُلِّ شَيْءٍ»۔ یہاں شئے سے مراد ماسوی اللہ یعنی مخلوق ہے۔
۱۲۔ خدائے تعالیٰ نے کُن فرمایا تو مخلوقات پیدا ہوئیں کیا فرشتے بھی کُن کے بعد پیدا ہوئے؟
کوئی زمانہ ایسا نہیں گزرا جس میں فرشتے نہ رہے ہوں۔ اس لئے فرشتے حادثِ زمانی تو نہیں البتہ حادثِ دہری ہیں۔ اس لئے وہ اللہ کے سابق بھی نہیں اور اللہ سے بے نیاز بھی نہیں۔
۱۳۔ کُن کے بعد سب سے پہلے کیا چیز پیدا ہوئی؟
کُن کے بعد سب سے پہلے روح پیدا ہوئی۔
۱۴۔ تمھاری انا بسیط ہے یا مرکب؟ اگر بسیط ہے تو خدا کی انا بھی بسیط ہے تو کیا تم خدا ہو؟ کیونکہ مرکب مخلوق ہوتا ہے۔ بسیط چیز مخلوق نہیں ہوتی۔
ہماری انا ایک حیثیت سے بسیط ہے اور ایک حیثیت سے مرکب۔ ہماری انا اپنی صفات کے لحاظ سے بسیط ہے یعنی صفات کی کثرت ہماری ذات میں نہیں ہے۔ اور اس اعتبار سے کہ ہمارا عینِ ثابتہ اسماء و صفاتِ الٰہیہ کی تجلی سے مرکب ہوا ہے، ہماری انا مرکب ہے۔ اس طرح ہم مخلوق ہونے کے اعتبار سے مرکب ہیں اور اپنی ذات کے لحاظ سے بسیط ہیں یعنی ہمارا تعینِ ذاتی بسیط ہے۔
اس کے برعکس خدا کی انا کسی بھی اعتبار سے مرکب نہیں ہے۔ مرکب حادث ہوتا ہے، مرکب خیالی ہوتا ہے۔ خدا کی انا جزئیِ حقیقی ہے۔ پھر یہ کہ ہماری انا بن نہیں سکتی جب تک کہ اسماء و صفاتِ الٰہیہ کی اس پر تجلی نہ ہو۔ مگر اللہ تعالیٰ کی انا اس کی صفات پر موقوف نہیں۔
۱۵۔ تمھاری انا کا محل کیا ہے تم انا کہہ کر اپنی روح کو مراد لیتے ہو یا کسی اور چیز کو؟
ہماری انا کا محل روح ہے۔ ہم انا کہہ کر اپنی روح ہی کو مراد لیتے ہیں۔
۱۶۔ تمھاری انا میں صفات ہیں یا نہیں؟ اگر صفات ہیں تو وہ مرکب ہوگی۔ مرکب ہے تو اس کے کیا کیا صفات ہیں؟
ہماری انا یعنی روح مرکب ہے اور اس میں سبعہ صفات ہیں۔
۱۷۔ تمھاری انا مرکب ہے یا بسیط؟ اگر بسیط ہے تو اس کا کیا مطلب ہے؟
صفاتِ خارجی کے اعتبار سے ہماری انا بسیط ہے اور یہ سبعہ صفات اس کے اندر ہیں۔
۱۸۔ انا اور روح میں کیا فرق ہے؟
روح، انا کا محل ہے۔ انا تو اصل ہے، ایک حقیقت ہے۔ اجسام کا لحاظ کرتے ہوئے روح کہتے ہیں۔ انا کا مقابلہ کسی سے نہیں، انا کہتے وقت صفات کا خیال نہیں آتا۔ صفات اس کے اندر ہیں، عارض نہیں ہوئے۔ روح...
کے ساتھ صفات کا خیال آتا ہے۔ روح کو یہ "میں ہوں" کا علم رہتا ہے۔
۱۹۔ روح کو پہلے سے علم ہے تو پھر ہم کو عالمِ ارواح کا علم کیوں نہیں؟
روح کو پہلے ہی سے علم ہے مگر عالمِ شہادت میں آکر انہماک کی وجہ سے بھول جاتی ہے۔ علم توجہ سے ہوتا ہے۔ توجہ نہیں ہے تو علم بھی نہیں۔ آپ اس دنیا میں اٹک کر نہیں رہیں گے تو کشف سے ماضی اور مستقبل سب کھل جائیں گے۔ اس دنیا میں آنے سے پہلے آپ پر کیا گزری اور آئندہ کیا گزرے گی آپ کو معلوم ہو سکے گا۔
۲۰۔ روح میں کیا کیا صفات ہیں اور کیا نہیں ہیں؟
روح میں سبعہ صفات ہیں۔ عالمِ مثال اور عالمِ شہادت کے آثار یعنی صورت، شکل، وزن اور زمانہ نہیں ہیں۔
۲۱۔ ذات، صفت اور اسم میں کیا فرق ہے؟
ذات مرجعِ صفت کو کہتے ہیں اور صفت وہ غیر مستقل شئے ہے جو کسی مستقل شئے میں پائی جائے۔ اور اسم، ذات و صفت کے مجموعہ کا نام ہے۔ پس زید ذات ہے، علم اُس کی صفت ہے، اور عالم اسم ہے، اس میں ذات بھی ہے اور صفت بھی۔
۲۲۔ "دو ذات دو وجود"، "دو ذات ایک وجود"، اور "ایک ذات ایک وجود" (یا ایک ذات جو وجود)، ان میں صحیح کون ہیں؟ کیا آپ ان تینوں کو صحیح ثابت کر سکتے ہیں؟
الف: "دو ذات دو وجود" :- یعنی خدائے تعالیٰ کی ذات اور وجود الگ ہے اور...
(الف جاری): ہماری ذات و وجود الگ۔ دو وجود کی کیا دلیل؟ رحیم صاحب اور ہیں اور میں اور ہوں۔ ان دونوں میں جیسے میں ہوں، تب سے رحیم صاحب نہیں ہیں بلکہ بعد میں پیدا ہوئے۔ تو معلوم ہوا کہ میرا وجود الگ ہے اور ان کا وجود الگ۔ اچھا! دو ذات کی کیا دلیل؟ میری طرف باپ پن جا رہا ہے اور اُن کی طرف بیٹا پن، تو معلوم ہوا کہ اُن کی ذات الگ اور میری ذات الگ۔ وجود کب بولیں گے؟ جب کہ آثار نمایاں ہوں۔ چونکہ میرے اوپر آثار جدا ہیں اور رحیم صاحب پر جدا، اس لئے میرا وجود الگ اُن کا وجود الگ۔ اور چونکہ میری صفت باپ ہونا ہے اور ان کی صفت بیٹا ہونا، اس لئے ان کی ذات جدا میری ذات جدا۔ صفت کے لحاظ سے ذات کہتے ہیں اور آثار کے لحاظ سے وجود۔ خدا تو ہمیشہ سے ہے مگر ہم پر آثار بعد میں مرتب ہوئے تو معلوم ہوا کہ ہمارا وجود الگ ہے خدا کا وجود الگ۔ خدا قدیم ہے اور ہم حادث۔ خدا کی طرف خدائی کی صفت جاتی ہے، ہماری طرف بندگی کی۔ اس لئے خدا کی ذات جدا اور ہماری ذات جدا۔
ب: "دو ذات ایک وجود" :- تمام چیزوں کو پیدا کرنے سے پہلے خدا اپنے آپ کو بھی جانتا تھا اور تمام مخلوق کو بھی۔ اس لئے دو ذاتیں ہوئیں۔ لیکن خدا کا وجود بالذات ہے اور ہمارا بالعرض۔ بالعرض، نہیں کے برابر ہے۔ اس طرح وجود ایک ہی ہوا۔ بندہ کے وجود کو کالعدم سمجھتے ہیں۔ کیونکہ ہونا خدا کو جاتا ہے۔ وجود خدا ہی کا ہے کہہ سکتے ہیں۔ اس کے برعکس بندگی ہماری ذاتی چیز ہے۔ بندگی بھی خدا ہی کی ہے، نہیں کہہ سکتے۔
ج: "ایک ذات ایک وجود" اور "ایک ذات جو وجود" :- بعض لوگ ایک ذات ایک وجود کہتے ہیں اور بعض ایک ذات جو وجود۔ اگر ایک ذات ایک وجود کہیں تو وجود ذات کی صفت ہوتی ہے۔ صفت بولتے ہی ذات پہلے ہونی چاہیئے کیونکہ صفت بغیر موصوف یعنی ذات کے نہیں پائی جاتی۔ اس واسطے اگر ایک ذات ایک وجود کہیں تو اول ذات نکلی...
پھر "ہونا" بولیں تو وجود نکلا۔ یہ دو چیزیں پہلے اور بعد ہونے سے دو وجود ہو جاتے ہیں۔ اسی لئے دوسرا مکتبِ خیال "ایک ذات جو وجود" کہتا ہے۔ ان کے پاس وجود اللہ کی صفت نہیں ہے، وہی ذات ہے وہی وجود ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ وجود کے واسطے کوئی الگ چیز نہیں۔ تمام صفات، ذات سے ایک حد تک الگ سمجھے جا سکتے ہیں مگر اللہ میں وجود کو ہم ذات سے الگ نہیں سمجھ سکتے۔ ذات کو ہم سمجھ کر "ہے" بولے۔ ہمارا یہ سمجھنا اصل چیز ہے یا جس کو ہم سمجھے ہیں وہ اصل ہے؟ جس کو ہم سمجھے ہیں وہ اصل ہے۔ اور "ہے" بولیں تو یہ ہونا انتزاعی ہو گیا۔ "اللہ ہے" میں "ہے" انتزاعی اور اللہ مستقل ہوا۔ "ہے" کے معنی یہ ہیں کہ اس پر آثار مرتب ہو سکتے ہیں۔ ہمارا یہ سمجھنا انتزاعی ہے۔ عینِ ذات اصلی اور مستقل ہونے کی وجہ سے سب کا منشاء بنی ہوتی ہے۔ اللہ ہمارے انتزاع سے پاک ہے۔ کوئی ہے بولے تو کیا نہ بولے تو کیا؟ ہے سو ہے۔ وجود عینِ ذات ہے کیا بات؟ یعنی اس کی ذات ایسی مکمل ہے کہ تمام آثار کا اُس پر مرتب ہونا سمجھ میں آ سکتا ہے۔ وجود کا لفظ دو جگہ استعمال کیا جاتا ہے۔ ایک جگہ وجود کہہ کر ذات مراد لیتے ہیں جس سے ساری دنیا کی چیزیں انتزاع کی جاتی ہیں، اس کو مَا بِهِ الْمَوْجُودِيَّة کہتے ہیں۔ اور ایک جگہ وجود کا لفظ ہونے کے معنی میں استعمال کرتے ہیں، ہمارا اس ذات کو سمجھنا مراد ہوتا ہے، اس کو کَوْن و حُصُول کہتے ہیں۔
۲۳۔ کیا دنیا میں شر ہے؟ شر ہے تو آیا کہاں سے، کیونکہ خدا تو خیرِ محض ہے، شر کو ساحتِ عزتِ الٰہی میں دخل نہیں۔
شر ہے ہی نہیں! شر ایک اضافی چیز ہے جو ایک دوسرے کو نسبت دینے سے سمجھ میں آتی ہے۔...
(۲۳ جاری): سمجھ میں آ رہی ہے۔ زید اور عمرو کو بلا کر دیکھوں۔ زید میں عمرو نہیں اور عمرو میں زید نہیں۔ زید کے اعتبار سے دیکھوں تو عمرو معدوم ہے اور عمرو کے لحاظ سے دیکھوں تو زید معدوم ہے۔ اگر زید اور عمرو کے اعتبارات کو ہٹا لیا جائے تو سوائے انسان کے اور کچھ نہیں۔ ایک لحاظ سے جو شئے خیر ہوتی ہے دوسرے لحاظ سے وہی شئے شر ہو جاتی ہے۔ زہر سانپ کے لئے خیر ہے اور آدمی کے لئے شر۔ اگر کسی کا ہاتھ سڑ جائے تو ڈاکٹر اُسے کاٹ دیتا ہے تاکہ سارا جسم بچ جائے۔ ایک عضو کا کٹ جانا اس عضو کے لحاظ سے شر ہے مگر پورے جسم کی زندگی کے لحاظ سے خیرِ محض ہے۔ پس خیر و شر سب اضافی اور اعتباری ہیں۔
۲۴۔ کیا شر مخلوق ہے یا غیر مخلوق؟
شر عدمی چیز ہے اور عدم، مخلوق نہیں ہوتا۔ جو چیز وجود رکھتی ہے وہ خیر ہے اور وہ اللہ کی پیدا کی ہوئی ہے۔ شر اس وجود کے کمالات کے فقدان یا نامناسب نسبت کا نام ہے۔
۲۵۔ مخلوق کسے کہتے ہیں؟
مخلوق اسے کہتے ہیں جو اپنے وجود میں غیر کی محتاج ہو اور عدم سے وجود میں آئی ہو۔ اگر کچھ بھی نہ نکلا تو وہ حبیب علی کی ذات ہے، اُن کا ہاتھ کہاں ہوا؟ وجود تو ایک ہی ذات کا ہے، لیکن جب تعین کی وجہ سے چند چیزیں نکل جائیں تو اُسے وجودِ اضافی کہتے ہیں۔ اسی وجودِ اضافی کو جو ایک سمجھ میں آنے والی چیز ہے، مخلوق کہتے ہیں۔
۲۶۔ خلق کے کیا معنی ہیں اور کیا آدمی بھی خالق ہو سکتا ہے؟ پھر کیا معنے ہیں «إِذْ تَخْلُقُ مِنَ الطِّينِ كَهَيْئَةِ الطَّيْرِ» کے؟
خلق کے دو معنے ہیں۔ ایک نیست سے ہست کرنا۔ دوسرے یہ کہ ایک چیز ایک چیز میں نہیں تھی وہ دی گئی، ایسا نہیں کہ سرے سے کوئی چیز ہی نہ تھی۔ معدوم سے موجود کرنا اللہ کے ساتھ خاص ہے۔ بندہ ایک ذرہ کو بھی پیدا نہیں کر سکتا۔ وہ صرف ترتیب دے سکتا ہے، آگے پیچھے کر سکتا ہے اور جمع کر سکتا ہے۔ یہ خلق بالعرض ہے۔ اس کو ایسا سمجھو! مختلف رنگ کی دس گولیاں ہیں۔ ان کی ترتیبات کو بدلتے گئے، ہر ترتیب کے ساتھ ایک شکل اور اس کا ایک نام آتا گیا۔ حضرت عیسیٰ کا مٹی سے پرندہ تخلیق کرنا بھی ایسا ہی ہے لیکن جو ترتیب حضرت عیسیٰ دے سکتے تھے وہ دوسرا نہیں دے سکتا، اس لئے وہ معجزہ ہے۔...
(۲۶ جاری): ایک بات اور یاد رکھو! قرآن میں یہ کہاں آیا ہے کہ حضرت عیسیٰ "خالق" ہیں؟ وہاں تو خلق کرنا کہا گیا ہے، فعل آیا ہے نہ کہ اسمِ فاعل؟ اسی طرح ایک اور بات بھی یاد رکھنے کے قابل ہے، وہ یہ کہ قرآن میں اللہ نے اپنے لئے «يُضِلُّ بِهِ كَثِيرًا وَيَهْدِي بِهِ كَثِيرًا» فرمایا ہے...
۲۷۔ اسنادِ حقیقی اور اسنادِ مجازی کی تعریف کرو اور بتاؤ کہ قرینے کی ضرورت کس کو ہے؟
کسی چیز کو اصلی چیز کی طرف نسبت کریں تو یہ اسنادِ حقیقی ہے اور اسی چیز کے متعلقات میں سے کسی کی طرف نسبت کریں تو یہ اسنادِ مجازی ہے، اور اسنادِ مجازی کے لئے ہی قرینے کی ضرورت ہے۔ جیسے کسی نے کہا "بارش نے کھیت اگایا" تو اگر کہنے والا مسلمان ہے تو سمجھا جائے گا کہ اس سے مراد یہ ہے کہ بارش کھیت کے اُگنے کا سبب بنی، مسبب الاسباب تو خدا ہی کی ذات ہے۔ یہی بات اگر کوئی غیر مسلم کہے تو چونکہ خدا کا اُس کے پاس کوئی صحیح مقام نہیں اس لئے ہو سکتا ہے کہ وہ بارش ہی کو کھیت کے اُگنے کا سببِ اصلی اور حیات بخش سمجھتا ہو۔...
(۲۶ جاری خلاصہ): یعنی قرآن کے ذریعہ ہر ایک کی اپنی فطرت کے مطابق اللہ بہت سوں کو گمراہ کرتا ہے اور بہت سوں کو ہدایت دیتا ہے۔ اس کا ہرگز یہ مطلب نہیں کہ اللہ "مضل" ہے۔ اللہ نے خود کو مضل تو نہیں فرمایا۔ تو قاعدہ کیا ہوا؟ اگر کوئی لفظ فعل کی حالت میں استعمال ہوا ہے تو ہم اس بناء پر اسے فاعل کے طور پر استعمال نہیں کر سکتے۔ قرآن و حدیث میں جو خاص الفاظ استعمال کئے گئے ہیں ان سے مشتقات نکال کر استعمال کرنا درست نہیں۔ "خلق کرنا" کہیں تو اس میں مفعول کا لحاظ رہتا ہے، "خالق" کہیں تو یہ ذاتی چیز ہے، اسے مفعول کے ساتھ نسبت لگانے کی ضرورت نہیں۔
جبرئیلؑ نے بی بی مریمؑ سے کہا تھا کہ میں تمہیں پاکیزہ بیٹا دینے آیا ہوں۔ یہ اسنادِ مجازی ہے۔ معنی یہ ہوئے کہ خدا نے جبرئیل کو بی بی مریم پر پھونک مارنے کا حکم دیا تھا، اس طرح وہ واسطہ بنے بی بی مریم کو بیٹا دینے میں۔
قرآن مجید میں کہا گیا ہے: «وَآتُوا الْيَتَامَى أَمْوَالَهُمْ»، یتیموں کو اُن کا مال دے دو۔ حالانکہ اس سے مراد یہ ہے کہ یتیموں کو اُن کا مال اس وقت واپس کر دو جب وہ باشعور اور جوان ہو جائیں، جب وہ یتیم نہیں رہتے۔ اسنادِ مجازی کی کئی ایک صورتیں ہیں۔ حضرت عیسیٰؑ کا پرندہ تخلیق کرنا بھی مجازاً ہے: «وَإِذْ تَخْلُقُ مِنَ الطِّينِ كَهَيْئَةِ الطَّيْرِ بِإِذْنِي فَتَنْفُخُ فِيهَا فَتَكُونُ طَيْرًا بِإِذْنِي». ادھر سے «بِإِذْنِ اللَّهِ» کی مدد نہ آئے تو عیسیٰ بھی کچھ نہیں۔ بعض نادانوں نے کہا کہ بزرگانِ دین نے "باذن اللہ" کہہ کر شرکِ جلی کو شرکِ خفی بنانے کی کوشش کی ہے۔ ارے نادان! سوچ تو سہی تو کس پر اعتراض کر رہا ہے؟ حضرت عیسیٰ پر جنہوں نے باذن اللہ کہا تھا؟ یا اللہ تعالیٰ پر جس نے خود باذنِ اللہ فرمایا ہے؟
۲۸۔ قرآن شریف میں تین آیتیں ہیں: ۱۔ «لَهَا مَا كَسَبَتْ وَعَلَيْهَا مَا اكْتَسَبَتْ» (خیر و شر بندہ کرتا ہے) ۲۔ «مَا أَصَابَكَ مِنْ حَسَنَةٍ فَمِنَ اللَّهِ وَمَا أَصَابَكَ مِنْ سَيِّئَةٍ فَمِنْ نَفْسِكَ» (بُرائی بندہ کی، بھلائی اللہ کی) ۳۔ «قُلْ كُلٌّ مِنْ عِنْدِ اللَّهِ» (سب کچھ اللہ کی طرف سے ہے) ان تینوں آیتوں میں تطبیق کی کیا صورت ہے؟
۱۔ پہلی آیت کا مطلب یہ ہے کہ فاعلیت اور کسب کے اعتبار سے خیر و شر بندہ کی طرف ہی جاتا ہے۔ اس لئے "بندہ نیک کام کرتا ہے" یا "بندہ برے کام کرتا ہے" کہنا صحیح ہے کیونکہ اللہ خالقِ فعل تو ہے مگر کاسبِ فعل نہیں، کسب کرنا بندہ کی طرف جاتا ہے۔ ۲۔ دوسری آیت کا مطلب یہ ہے کہ خدائے تعالیٰ اعطائے وجود کرتا ہے۔ خدا تو دینے والا ہے مگر کوئی اپنی فطرت کے اقتضاء کے لحاظ سے کچھ لیتا ہے کچھ نہیں لیتا...
(۲۸ جاری): دینا تو خیر ہی خیر ہے۔ کچھ نہ لینا شر ہے۔ شر عدمیت سے آتا ہے۔ اس لئے شر بندہ کی طرف سے ہے اور دینا یعنی وجود بخشنا جو خیر ہے اللہ کی طرف سے ہے۔ ہر ایک کو اُس کا حق دینا تو خیرِ محض ہے، عینِ حکمت ہے۔ ۳۔ تیسری آیت میں یہ بتلایا گیا ہے کہ اللہ ہی چونکہ وجود بخشتا ہے، اچھے برے تمام افعال کو بندہ سے نمایاں کرتا ہے، اس لئے "سب کچھ اللہ ہی کی طرف سے ہے" کہنا بھی درست ہے۔
یہاں ایک بات یاد رکھنے کی ہے۔ اللہ حکم دیتا ہے مگر ایک آدمی اس کی تعمیل نہیں کرتا، تو کیا اس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ اللہ کا حکم نہ چل سکا؟ یہ بات نہیں۔ اصل یہ ہے کہ کسی شخص کو نماز پڑھنے کا حکم دینے سے کچھ نہیں ہوتا۔ جب نماز کے فعل کو "کُن" کا حکم ہوتا ہے تو وہ اس شخص سے ظاہر ہوتی ہے۔ "نماز پڑھو" کا جو حکم ہے اس کا مطلب یہ ہے کہ نماز پڑھنا اچھی بات ہے، ضروری چیز ہے۔ نماز کے وجود میں آنے کے لئے اس فعل کو بھی حکم کی ضرورت ہے لیکن اس سے یہ اعتراض نہیں ہو سکتا کہ احکام کی عدمِ تعمیل کی ذمہ داری سے بندہ بری ہے۔ کیونکہ اللہ بندے میں جو کچھ فطرت ہے اسے نمایاں کرتا ہے۔ کسی طبیعت کا اقتضاء نماز پڑھنا نہ ہو تو فعلِ نماز کو اس سے ظاہر ہونے کا حکم نہیں ہوتا، باوجود اس کے کہ نماز پڑھنے کے حکم کا وہ بندہ مکلف ہے۔ کیونکہ اللہ فطرت کو نمایاں کرتا ہے، خلق نہیں کرتا۔ فطرت چار قسم کی ہوتی ہے: ۱۔ خیر ہی خیر ہوتی ہے کہ شر اس کے پاس آتا ہی نہیں، جیسے معصوم پیغمبر۔ ۲۔ دوسری اس کے مقابل شر ہی شر ہوتی ہے، جیسے ابلیس۔ ۳۔ تیسری غالب خیر کی ہوتی ہے مگر کبھی بشریت کی وجہ سے لغزش ہو جاتی ہے۔ ۴۔ چوتھی فطرت تائب کی ہوتی ہے کہ اول گناہ کرتا ہے اور پھر توبہ کر کے برائیوں سے دور ہو جاتا ہے۔
۲۹۔ کیا خدا کا دیدار ممکن ہے؟ ممکن ہے تو پھر «لَا تُدْرِكُهُ الْأَبْصَارُ» کیا بات؟ اور اگر ممکن نہیں تو پھر «وُجُوهٌ يَوْمَئِذٍ نَاضِرَةٌ إِلَى رَبِّهَا نَاظِرَةٌ» کے کیا معنی؟
۱۔ پہلے تو یہ کہ قرآن میں «لَا تُدْرِكُهُ الْأَبْصَارُ» آیا ہے تو ادراک کے معنے احاطہ کرنے کے ہیں۔ خدا کا علم تو ہو سکتا ہے مگر اُس کے تمام کمالات کا احاطہ نہیں ہو سکتا۔ کسی چیز کا بھی کلی ادراک ممکن نہیں۔ اللہ کا تو کیا، کسی بھی چیز کا کلی ادراک نہیں ہو سکتا۔ ۲۔ دوسرے یہ کہ یہاں "الابصار" کہا گیا ہے، یعنی عالمِ شہادت کی آنکھ سے اس کا دیدار نہیں ہو سکتا۔ کسی دوسرے عالم کے مطابق آنکھیں ملیں اور خدا کا دیدار ہو تو یہاں اُس کی نفی کب ہو رہی ہے؟ ۳۔ تیسرے یہ کہ خدا کا دیدار تشبیہ میں ہو سکتا ہے تنزیہ میں نہیں۔ «وُجُوهٌ يَوْمَئِذٍ نَاضِرَةٌ» کہیں تو تشبیہ میں ہے، اور «لَا تُدْرِكُهُ الْأَبْصَارُ» کہیں تو تنزیہ میں ہے۔ خود آپ میں بھی دو چیزیں ہیں: ایک تنزیہ اور ایک تشبیہ۔ یہ سفید داڑھی، سفید شیروانی، سفید ٹوپی وغیرہ، یہ آپ کی تشبیہی شکل ہے۔ "آپ" کہا جائے تو آپ جو ہیں سو ہیں، برسوں سے مختلف شکلیں بدلتی گئیں لیکن آپ کی ذات نہیں بدلی، آپ کی وہ ذات تنزیہی ہے۔ اگر میں کہوں کہ "میں نے حبیب علی کو نہیں دیکھا" تو صحیح ہے، کیونکہ میں اُن کی تنزیہ کو نہیں دیکھ سکا۔ اور اگر یہ کہوں کہ "میں نے حبیب علی کو دیکھا ہے"، تو یہ بھی صحیح ہے، کیونکہ ان کی آنکھ، ناک، صورت، شکل جو تشبیہی ہے میں اُسے دیکھ سکتا ہوں۔
۳۰۔ کتنے عوالم ہیں؟ ان میں سے آپ کتنوں کو جانتے ہیں اور ان کی تمیز و ثبوت کیا ہے؟
خلق کے بعد ہی عوالم کی ابتدا ہوتی ہے۔ سب سے پہلے عالمِ ارواح ہے، اس کے بعد عالمِ مثال، پھر عالمِ شہادت۔ اس کے بعد عالمِ برزخ اور عالمِ قیامت۔ عالمِ شہادت میں وزن، زمانہ اور صورت و شکل ہوتی ہے۔ عالمِ مثال میں زمانہ اور وزن نہیں ہوتا، صرف صورت و شکل ہوتی ہے۔ عالمِ ارواح صورت اور شکل سے بھی پاک ہے۔ میں اس کی مثال اس طرح دیتا ہوں کہ حبیب علی میرے سامنے بیٹھے ہیں، یہ تو عالمِ شہادت ہے۔ حبیب علی صاحب نے اپنے آپ کو خواب میں دیکھا اور وہاں خوشی و رنج کا احساس بھی کیا، یہ عالمِ مثال ہے۔ پھر حبیب علی صاحب نے خواب میں خود کو کبھی مرد دیکھا کبھی عورت، کبھی بچہ دیکھا کبھی بوڑھا، تو معلوم ہوا کہ اُن کی اصل ذات عورت پن اور مرد پن وغیرہ سے پاک ہے، یہ ارواح کا مرتبہ ہے۔
۳۱۔ اب آپ کو کون کون سے عوالم میں جانا ہے؟
اب ہم کو مرنے کے بعد عالمِ برزخ میں اور پھر زندہ ہو کر عالمِ قیامت میں جانا ہے۔
۳۲۔ معانی صورت لیتے ہیں اس کو تجربات سے ظاہر کرو؟
خوش ذائقگی ایک معنی ہے لیکن یہ جب کبھی پائی جائے گی کسی نہ کسی شکل میں پائی جائے گی، جیسے لیموں یا شکر میں۔ اصل میں جب شکر یا لیموں جیسی شئے کے ساتھ روح مس کرتی ہے تو ایک کیفیت پیدا ہوتی ہے، وہ کیفیت کہاں پیدا ہوئی؟ مجھ میں پیدا ہوئی۔ زبان ایک مادی چیز ہے، اس کو کھٹا اور میٹھا کہاں محسوس ہوتا ہے، یہ تمام ذائقے میں محسوس کرتا ہوں، اس کا علم میری ذات کو ہو رہا ہے۔...
(۳۲ جاری): ذات کو ہو رہا ہے۔ آپ نے عطر سونگھا، آپ کی ناک کیا سونگھے گی؟ عطر سے آپ کی روح نے مس کیا تو اس میں ایک خاص کیفیت پیدا ہوئی، اس کا نام خوشبو ہے۔
۳۳۔ خیال، کشف اور خواب پیدا کہاں ہوتے ہیں؟ اور ان میں سے کون کون غلط ہو سکتے ہیں؟
ہر خیال مجہول میں پیدا ہوتا ہے، وہ اللہ ہی کی طرف سے آتا ہے لیکن اللہ کے پاس سے جو چیز آتی ہے وہ مجمل رہتی ہے۔ یہ تخیلہ اُسے پھیلاتا اور اپنی طرف سے اُس میں تھکے لگاتا ہے۔ خیال ہو، کشف ہو کہ خواب، وہ یا تو صادق ہوگا یا تخیلہ کے اثر سے تعبیر طلب بن گیا ہوگا، یا بالکل ہی من گھڑت ہوگا۔ جس کا نفس جتنا ساکن رہے گا اتنا ہی صحیح خیال، صحیح کشف اور صحیح خواب نظر آئے گا۔ خواب انسان کو دنیا و مافیہا سے بے خبر کر دیتا ہے۔ انسان اتنا منہمک ہو جاتا ہے کہ اپنی مرضی سے کچھ نہیں کر سکتا۔ کشف میں بھی انسان کی ساری توجہ ادھر رہتی ہے لیکن اُسے اپنا ہوش رہتا ہے۔ وہ سمجھتا ہے کہ یہ سب خیالات ہیں لیکن اوپر سے آ رہے ہیں، انہیں میں ہٹا نہیں سکتا، وہ کسی حد تک بے اختیار رہتا ہے۔ اور اگر صرف خیال ہو تو وہ پوری طرح ہوش میں رہتا ہے اور سمجھتا ہے کہ یہ میرے خیالات ہیں، جب چاہے میں انہیں ہٹا سکتا ہوں۔ لیکن اس خیال کی بھی اتنی ہی اہمیت ہے جتنی کشف و خواب کی۔ خیال و خطرات کو فضول سمجھنا غلط ہے، اس میں الہام رہتا ہے۔ ہر شخص پر خدا کی طرف سے الہام آتا ہے، بیوقوف نے ضائع کر دیا اور سمجھدار اس سے فائدہ اٹھاتا ہے۔ کشف، خواب اور خیال میں بغیر آنکھ کے دیکھتے، بغیر کان کے سنتے اور بغیر زبان کے بولتے ہیں۔ یہ علم روح کا ہے، کیونکہ ذاتی چیز ذرائع کی محتاج نہیں۔
۳۴۔ کیا ایک ہی شخص کا متعدد مقامات میں اور مختلف صورتوں میں موجود ہونا ممکن ہے؟
آپ مجھے دیکھ رہے ہیں۔ اگرچہ کہ میں شخصی ہوں میری ذات ایک ہی ہے، مگر میں آپ کے پاس بھی ہوں، آپ کے پاس بھی ہوں اور آپ کے پاس بھی (مختلف حاضرین کی طرف اشارہ کرتے ہوئے)۔ تو معلوم ہوا کہ میں مثالی شکل میں نظر آیا۔ دراصل کسی نے مجھے کہاں دیکھا؟ میری مثالی شکل دیکھی۔ عالمِ مثال، عالمِ شہادت سے اعلیٰ ہے۔ جب تک عالمِ مثال میں صورت نہ لے کوئی چیز عالمِ شہادت میں آئے گی کیسے؟ جن میں روحانی قوت ہوتی ہے، اُن کی یہ مثالی شکلیں بھی کام کرتی ہیں۔ عزرائیل عالمِ شہادت میں کئی مقامات پر کئی صورتیں لے کر جاتے ہیں۔ بعض اولیاء اللہ ایک ہی زمانے میں پچاس شکلیں لے کر پچاسوں کو متاثر کر سکتے ہیں۔ انہیں ان پچاسوں اشکال کا علم بھی رہتا ہے۔ اُن میں ایک قسم کی کلیت آ جاتی ہے۔ پہلا اجمالی رہتا ہے، تفصیلی علم کے لئے اس کی طرف متوجہ ہونا پڑتا ہے جیسے کہ سر کے بال کھنچ جائیں تو ہر بال کا درد محسوس ہوتا ہے، یہ اجمالی اور کلی علم ہے۔
۳۵۔ خدا حکم فرماتا ہے: «ادْعُونِي أَسْتَجِبْ لَكُمْ»، پھر کیا وجہ ہے کہ ہماری بعض دعائیں قبول نہیں ہوتیں؟ کیا «ادْعُونِي أَسْتَجِبْ لَكُمْ» منصوص نہیں؟
اصل میں یہ ہے کہ جو دعائیں نظامِ عالم کے مطابق ہوتی ہیں وہ تو یہیں پوری کر دی جاتی ہیں، اور جو اس کے مطابق نہیں ہوتیں وہ محفوظ رہتی ہیں اور ان کا اجر اس عالم میں ملتا ہے...
(۳۵ جاری): جن کی دعائیں اس عالم میں پوری نہیں ہوئی تھیں انہیں آخرت میں اتنا اجر ملے گا کہ دوسرے لوگ تمنا کریں گے کہ کاش ہماری دعائیں بھی دنیا میں پوری نہ ہوئی ہوتیں۔ بعض دعائیں اس وجہ سے قبول نہیں ہوتیں کہ آدمی اس کا اہل نہیں ہوتا۔ اگر کوئی بھکاری دعا کرے کہ مجھے شہنشاہ بنا دے تو یہ دعا کسی صورت سے اُس کے مناسب نہیں کیونکہ وہ اُس کا اہل ہی نہیں۔ قرآن میں جو «ادْعُونِي أَسْتَجِبْ لَكُمْ» ہے اس کے معنی یہ ہیں کہ مناسب دعائیں مانگی جائیں۔ مناسب دعائیں سب کی قبول ہی سمجھی جائیں گی کیونکہ جن کا بدلہ یہاں نہیں ملتا اُن کا اجر آخرت میں تو یقیناً ملتا ہے۔ آج کے بجائے کل دینا اور زیادہ دینا کیا دینے میں شمار نہیں؟! ایک اور نکتہ یہ ہے کہ دعا کے وقت بندہ جو رجوع الی اللہ ہو جاتا ہے، یہ خود ایک بڑا معاوضہ ہے اُس دعا کا۔
جانِ توفیقِ شکر ہے نعمت❖جس کا شکر ادا نہیں ہوتا
۳۶۔ تقدیر کیا چیز ہے؟ کتنے قسم کی ہوتی ہے اور اُس کا ثبوت کیا ہے؟
اس مسئلہ کو میں اس طرح ادا کرتا ہوں کہ اللہ جان کر پیدا کرتا ہے۔ اچھا! ایک چیز کو جان کر پیدا کرتا ہے یا سب کو؟ سب ہی کو جان کر پیدا کرتا ہے، تو کیا اس کی ان معلومات میں کسی قسم کی گڑبڑ اور بے نظمی ہے یا سب ایک نظام کے تحت ہیں؟ یقیناً ایک نظام کے تحت ہیں، اسی نظام اور حکمت کو تقدیر کہتے ہیں۔ جو کچھ ہو رہا ہے تقدیر کے مطابق یعنی ترتیب و حکمت کے ساتھ ظاہر ہو رہا ہے۔ تقدیر میں دو پہلو ہیں: ایک اللہ کی نسبت کرتے ہوئے اور دوسرے ہماری نسبت کرتے ہوئے۔ کبھی ایسا ہوتا ہے کہ کوئی بات پوری طرح ظاہر نہیں ہوتی۔ اب یہاں دو باتیں پیدا ہوئیں...
(۳۶ جاری): اس بات کے پوری طرح ظاہر ہونے کے لئے ایک علت آئے گی۔ اگر اس علتِ آخر سے وہ بات تکمیل پا جائے تو وہ علت "متمم" کہلائے گی اور اگر اس علتِ آخر سے وہ بات ناقابلِ وقوع ہو جائے تو وہ علت "مانع" کہلائے گی۔ ایسی تقدیر جس کے تعلق سے ابھی قطعی طور سے کچھ معلوم نہ ہو سکا ہو وہ قضائے معلق کہلاتی ہے، اور جب متمم یا مانع کے ذریعہ بات پوری طرح سے ظاہر ہو جائے تو اُسے قضائے مبرم کہیں گے۔ یاد رکھو! کہ اللہ تعالیٰ کے اعتبار سے سب کچھ مبرم ہے۔ «يَمْحُو اللَّهُ مَا يَشَاءُ وَيُثْبِتُ وَعِنْدَهُ أُمُّ الْكِتَابِ». تقدیر اصل میں مبرم ہی ہے مگر دیکھنے والے کے لحاظ سے معلق معلوم ہوتی ہے۔
۳۷۔ کیا ارواح دنیا میں تصرف کرتی ہیں؟
یہ صحیح ہے کہ مرنے کے بعد جب تک کہ ان پر قیامت قائم نہ ہو جائے ارواح کو روک ٹوک اور پابندی ہے مگر سبھی قیدی یکساں نہیں ہوتے۔ جو لوگ دنیا میں اچھے کام کرتے ہیں، دوسروں کو نفع پہنچاتے ہیں، اُن کا خیال اُن کا تخیل قوی ہو کر ہر جگہ جا سکتا ہے، اُن کی روحانیت کام کرتی ہے، وہ مرنے کے بعد بھی نظر آتے ہیں...
(۳۷ جاری): امیدوارِ فضل و کرم پر ایک قسم کی روک ضرور ہے مگر وہ کسی حد تک تصرف بھی کر سکتے ہیں۔ اسی طرح بد ارواح میں بھی فرق ہے، بعض خبیث نفس مرنے کے بعد بھی اثر انداز ہوتے ہیں۔
۳۸۔ ہمزاد کی حقیقت کیا ہے؟
مذہبی اعتبار سے ہمزاد ثابت نہیں۔ قرآن میں اس کا کوئی ذکر نہیں، البتہ بعض احادیث میں اس طرح آیا ہے کہ ہر آدمی کے ساتھ ایک شیطان (قرین) پیدا ہوتا ہے، ممکن ہے اس سے مراد نفسِ سرکش ہو۔ یہ کیا ضروری ہے کہ وہی ہمزاد مقصود ہو جس کے متعلق وکیل بن کر کام نکالنے کے قصے مشہور ہیں؟ کہتے ہیں کہ چند خاص آیتوں کی زکوٰۃ سے ہمزاد نظر آتا ہے اور "کام بولو کام بولو" کا مطالبہ کرتا ہے۔ اس سلسلے میں میری اپنی کوئی قطعی رائے نہیں کیونکہ ہو سکتا ہے کہ شیاطین ہی دھوکہ دے رہے ہوں۔
۳۹۔ کیا فرق ہے کرامت، عمل، ہپناٹزم، سحر، معجزہ، استدراج اور ارہاص میں؟
ہپناٹزم اپنی نفسیاتی قوت سے کام لینے کا نام ہے۔ ہر انسان کو اللہ تعالیٰ نے چند قوتیں دی ہیں، ان کو ترقی دے کر ان کے اثر سے کام لیں تو یہ ہپناٹزم ہے۔ بعض لوگ اپنی نفسیاتی قوتوں کے بجائے اسمائے الٰہیہ کی زکوٰۃ دے کر ان سے اپنی نسبت کو قوی کرتے ہیں اور اُن کے اثر سے کام لیتے ہیں، یا ارواحِ طیبہ سے تعلق پیدا کر کے اُن سے کام لیتے ہیں، یہ عملیات ہیں۔ بعض لوگ نہ اپنی ذاتی قوتوں کو ترقی دیتے ہیں نہ اسمائے الٰہیہ و ارواحِ طیبہ سے کام لیتے ہیں...
(۳۹ جاری): بلکہ اللہ اُن پر اپنی عنایت اور ان کے اعزاز کے اظہار کے لئے اُن سے غیر معمولی کام ظاہر فرماتا ہے تاکہ لوگ ان کو پہچانیں، یہ کرامت ہے۔ کرامت میں ارادہ نہیں ہوتا، اپنے ارادہ کو دخل ہو تو وہ کرامت نہیں عمل ہے۔ بعض لوگ مقبول الدعا ہوتے ہیں اللہ تعالیٰ ان کی ہر بات سن لیتا ہے، یہ بھی کرامت ہے۔ بعض مقبول بندے کسی بات پر اڑ جاتے ہیں اور خدا سے ضد کرتے ہیں کہ ایسا ہی ہو، یہ بھی داخلِ کرامت ہے کیونکہ ان کا اڑ جانا تو ایک قسم کی دعا ہے لیکن اس دعا کو سن لینا یا نہ سننا خدا کا کام ہے۔ جب اُس نے سن لیا تو یہ بھی کرامت ہے۔ اصل یہ ہے کہ جو غیر معمولی کام بندے کی توجہ یا ذاتی قوتوں کے بغیر ہو اور اس بندہ کو ممتاز کرنے کے لئے ہو تو وہ کرامت ہے۔ سحر بھی ہپناٹزم کی ایک صورت ہے: ناجائز ذرائع سے خرقِ عادت پیدا کیا جائے یا جائز ذرائع سے ناجائز مقاصد کے لئے غیر معمولی کام کیا جائے تو یہ سحر ہے۔ اللہ کی طرف سے ایسا غیر معمولی کام جو مدعیِ نبوت کے اعزاز کے لئے ظاہر ہو تو اسے معجزہ کہیں گے۔ بعض دفعہ غیر مسلم ریاضت کرنے اور روحانی کام کرنے والے سے بھی اللہ تعالیٰ چند خلافِ عادت آثار کو نمایاں کرتا ہے، اُسے اپنی سرکشی اور طغیان ہی میں ڈھیل دیتا ہے، اس میں اس بندہ کے شرعی عمل اور توجہ کو دخل نہیں ہوتا، اسے "استدراج" کہتے ہیں۔ پیغمبر کے مبعوث ہونے سے پہلے اللہ تعالیٰ بہت سے تمہیدی خوارقِ عادت جاری فرماتا ہے، جیسے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پیدا ہونے سے پہلے ساوہ کی جھیل سوکھ گئی، سینکڑوں سال سے جلنے والے آتش کدہ کی آگ بجھ گئی...
(۳۹ جاری): نوشیروان کے محل کے کنگرے ٹوٹ کر گر گئے، اس کو "ارہاص" کہتے ہیں۔
۴۰۔ مشہور ہے کہ حشر سے پہلے بعض لوگ دوزخ میں رہیں گے اور بعض جنت میں، اس کے کیا معنی؟
اس کا مطلب یہ ہے کہ فی الجملہ تکلیف و راحت میں ہوں گے جو مقدمہ ہے جنت اور دوزخ کا۔ کیونکہ ان میں سے کوئی امیدوارِ فضل و کرم ہے تو کوئی مجرم، زیرِ دریافت رنج و راحت میں گرفتار رہیں گے۔ عذاب و ثواب تو قیامت میں حساب و کتاب کے بعد ہوگا۔ اچھا! کیا مطلب ہے «مَنْ مَاتَ فَقَدْ قَامَتْ قِيَامَتُهُ» کا؟ اس کا مطلب یہ ہے کہ اس عالم سے جو چلا جاتا ہے اُسے اجمالی طور سے معلوم ہو جاتا ہے کہ کیا ہونے والا ہے۔
۴۱۔ خدائے تعالیٰ عرش پر براج رہا ہے، اس کو مختلف عوالم میں تم کیسا دیکھتے ہو؟
ہر عالم کے اقتضاء کے مطابق خدائے تعالیٰ کا عرش پر براجنا صورت لیتا ہے۔ عرش یعنی تخت سے مراد اقتدارِ اعلیٰ ہے۔ اب یہ اقتدارِ اعلیٰ عالمِ شہادت میں بھی مختلف صورتوں میں ظاہر ہو رہا ہے۔ ایک آدمی نے ایک جواہر نگار شہری میں تخت دیکھا، اس کے اوپر اللہ تعالیٰ کی تجلی ہو رہی ہے۔ ایک آدمی نے دیکھا سیلاب آیا ہے اور کشمیر کو تباہ کر دیا، اس کے معنی یہ ہیں کہ اقتدارِ اعلیٰ نے ایسا کیا...
(۴۱ جاری): یہ بھی عرش پر براجنے کی ایک صورت ہے۔ ویسے تو دنیا کے تمام واقعات عرش پر براجنے (یعنی اقتدارِ اعلیٰ) ہی کی صورت میں ہیں لیکن کسی غیر معمولی واقعہ اور حالت کو دیکھ کر ذہن اس طرف متوجہ ہو جاتا ہے۔ آپ اللہ کے اقتدارِ اعلیٰ کو ہمیشہ کسی نہ کسی صورت ہی میں دیکھ سکتے ہیں۔ اقتدارِ اعلیٰ ایک کلی چیز ہے اور ہر صورت اُس کا ایک تعینِ جزئی ہے۔ عالمِ شہادت میں یہ جو کچھ ہو رہا ہے اللہ عرش پر براج کر ہی کرتا ہے۔ یہاں گاہ عرش پر براجنا ایسا ہے۔
بے شک خدا نے جو چاہا وہ ہوا جو نہ چاہا نہ ہوا۔ اب یہ بات کہ قضا دعا سے ہی ٹل سکتی ہے، اس کا مطلب یہ ہے کہ چاہت میں یہ بھی تھا کہ بندہ دعا کرے اور کوئی سبب آ کر قضائے معلق کو قضائے مبرم بنا دے۔ یاد رکھو! تقدیر اصل میں مبرم ہی ہے۔ اللہ جسے چاہے دکھا دیتا ہے جس سے چاہے چھپاتا ہے۔ قضائے معلق دیکھنے والے کے لحاظ سے ہے۔ حضرت حماد دَبَّاس اور غوثِ پاک کے واقعہ سے تم پر قضائے معلق کا مسئلہ کھل جائے گا۔ اس واقعہ میں غوثِ پاک کا دعا کرنا اور ہونے والے حادثہ کا خواب میں تبدیل ہو جانا بھی ام الکتاب میں تھا: «يَمْحُو اللَّهُ مَا يَشَاءُ وَيُثْبِتُ وَعِنْدَهُ أُمُّ الْكِتَابِ».
یہ خط عالمِ شہادت میں ہے، عالمِ مثال میں ہے، عالمِ ارواح میں ہے اور علمِ الٰہی میں ہے۔ یاد رکھو! کوئی چیز عالمِ شہادت میں اس وقت تک نہیں آ سکتی جب تک کہ وہ علمِ الٰہی میں نہ ہو اور پھر اس کے بعد تدریجاً عالمِ ارواح اور عالمِ مثال میں نہ آئے۔
۴۴۔ فقراء کے پاس ایک ایک حرف کس کس مقام سے متعلق ہے اور موجودات میں سے کس عالم سے تعلق رکھتا ہے؟
مثال میں کسی اور شکل میں ہوں گے اور عالمِ ارواح میں کسی اور حالت میں۔ یہی فلسفہ ہے تعویذ نویسی کا کہ چونکہ ہندسے حروف کا باطن ہوتے ہیں اس لئے ہندسوں میں تعویذ لکھا جائے تو باطن پر بلاواسطہ اثر کرتا ہے، راست دل پر موثر ہوتا ہے۔ حروف چونکہ ظاہر ہیں اس لئے ان کا اثر ظاہر پر ہی ہوگا۔ مگر چونکہ باطن ان ظاہر کے ساتھ ہی ہے یعنی حروف میں ہندسے پوشیدہ ہیں اس لئے باطن پر بھی الفاظ و حروف اثر انداز ہو سکتے ہیں مگر راست اور بالواسطہ نہیں بلکہ ظاہر کے توسط سے۔
میں قرآن کے ہر ہر لفظ پر ایمان رکھتا ہوں۔ اس لحاظ سے میرے پاس عرش کے معنی عرش، کرسی کے معنی کرسی، قلم کے معنی قلم، نون کے معنی نون اور میزان کے معنی میزان ہیں۔ لیکن اللہ تعالیٰ نے «وَالَّذِينَ جَاهَدُوا فِينَا لَنَهْدِيَنَّهُمْ سُبُلَنَا» فرمایا ہے۔ لہٰذا غور کرتا ہوں تو ان میں سے ہر ایک کے مختلف مصادیق ہیں۔ عرش سے مراد اقتدارِ اعلیٰ ہے، کرسی سے مراد اقتدارِ جزئی ہے، قلم سے مراد موثر اور لوح سے مراد متاثر ہے، نون کے معنے دوات ہیں اس سے بھی مراد متاثر ہے، میزان سے مراد عدل و توازن ہے۔ مگر اس مراد میں میری عقل کو دخل ہونے کی وجہ سے جتنا یقین ان قرآنی الفاظ پر ہے اتنا یقین ان مصادیق پر نہیں۔ لہٰذا میں اس کے ساتھ «آمَنْتُ بِمُرَادِ اللَّهِ» بھی کہتا ہوں۔ میرے پاس ہر آن اللہ عرش پر ہے، عالمِ شہادت میں بھی اللہ عرش پر ہے۔ چونکہ "اللہ عرش پر مستوی ہے" اللہ نے فرمایا ہے اس لئے اُس پر میرا ایمان ہے۔ لیکن اس کا مطلب جو میں سمجھا ہوں یعنی اقتدارِ اعلیٰ تو اس کا بھی مجھے یقین ہے۔ اللہ صاحبِ اقتدارِ اعلیٰ ہے، یہی عرش پر مستوی ہونے کا مطلب ہے۔ پھر اگر اس کے علاوہ اور بھی کچھ اللہ نے مراد لی ہو تو اس پر بھی میرا ایمان ہے۔ میں اپنی جہد سے اتنا سمجھا ہوں، اور بھی سمجھائے تو سمجھنے کو تیار ہوں۔ کیا ضروری ہے کہ عرش کا مطلب جو ہم نے لیا ہے یہ اللہ کی بھی مراد ہو؟ ممکن ہے کچھ اور بھی مراد ہو جس کا مجھے علم نہیں۔ میاں! میں علم کا بھی مزا لیتا ہوں بے علمی کا بھی۔ بے علمی میں کیا ہوا؟ بندگی آئی!
۴۶۔ کیا خدائے تعالیٰ کی تجلی عالمِ شہادت میں بھی ہوتی ہے؟
آپ آنکھوں سے جو دیکھ رہے ہیں، کانوں سے جو سن رہے ہیں یہ سب خدائے تعالیٰ کی تجلیات ہیں۔ یاد رکھو! خدائے تعالیٰ کی تجلی ہمیشہ تشبیہ میں رہے گی۔ کیونکہ تنزیہِ ذات میں دوئی کی گنجائش ہی نہیں تو اُسے دیکھنے والا کہاں سما سکتا ہے؟ یہ بات بھی یاد رکھو کہ جو چیز بھی اوپر کے عالم سے ہو کر عالمِ شہادت میں آئے گی وہ اس عالم کے آثار کے ساتھ آئے گی۔ اس طرح دنیا میں جو کچھ ہو رہا ہے خدائے تعالیٰ کی تجلیات ہی کا ظہور ہے۔ میں یہاں ہوں یا آپ مجھے دیکھیں، وہ کیا چیز ہے جس پر آپ کی نظر ٹھہری؟ آپ کی نظر "ہے" یعنی وجود پر ٹھہری، اور وجود بالذات تو اللہ ہی کا ہے۔ اللہ کی ایک صفت «هُوَ الظَّاهِرُ» بھی ہے، جو اللہ کو ظاہر نہ سمجھے اس کے ایمان میں نقصان ہے۔
۴۷۔ رسول اللہ کے بعد کیا کسی کے پاس جبرئیل آ سکتے ہیں؟
وحیِ تشریعی لے کر نہیں آتے، دوسرے کاموں کے لئے کیوں نہیں آ سکتے؟ اللہ تعالیٰ نے یہ کہاں فرمایا ہے کہ جبرئیل صرف وحی کے لئے ہیں اس کے بعد بیکار؟
۴۸۔ جب سب فنا ہو گئے تو خدائے تعالیٰ نے «لِمَنِ الْمُلْكُ الْيَوْمَ» کس سے پوچھا؟
یہ قصہ علمِ الٰہی سے لے کر عالمِ شہادت تک ہو رہا ہے۔ اس وقت بھی یہی ہو رہا ہے کہ فرشتے آدم کو سجدہ کر رہے ہیں، شیطان انکار کر رہا ہے، پھر شیطان آدم کو بہکا رہا ہے۔ ماضی کا قصہ بھی یہی تھا، حال میں بھی یہی ہو رہا ہے اور مستقبل میں بھی یہی ہوتا رہے گا۔ عالمِ مثال میں ہوا سو میں نے بھی دیکھا ہے۔ عالمِ ارواح میں جو ہوا وہ تو میں نے نہیں دیکھا، بڑے لوگوں میں سے کوئی دیکھے ہوں تو ہوں۔ جو علمِ الٰہی میں ہوا وہ اللہ نے دیکھا۔
۵۰۔ آدم تو پیغمبر تھے پھر ان سے غلطی کیسی؟
اول تو یہ کہ پیغمبر امت کی نسبت سے ہوتا ہے۔ عالمِ شہادت میں ابھی آدم آئے نہیں تھے تو امت کہاں کی؟ آدم اُس وقت ابھی پیغمبر ہی نہیں تھے۔ دوسرے یہ کہ غلطی جسے کہتے ہیں وہ عالمِ شہادت کی چیز ہے۔ عالمِ ارواح کے معاملات کے لئے غلطی یا گناہ کا لفظ نہیں کہا جا سکتا، وہاں نہ کالا پن ہے نہ گورا پن، عورت پن ہے نہ مرد پن، وہاں غلطی کیا ہوگی؟ آپ جسے گناہگاری کہہ رہے ہیں یہ عالمِ شہادت کی بات ہے۔ ہر جگہ کام دوسرا ہوتا ہے، نام دوسرا ہوتا ہے، آثار دوسرے ہوتے ہیں۔ اس مقام پر ہم اسے غلطی نہیں کہہ سکتے، اللہ کہے تو کہے۔
۵۱۔ موسیٰ نے حضرت آدم سے پوچھا: آپ اتنے بڑے آدمی ہمارے دادا ہو کر خاطی کیسا کئے؟
تو آدم بولے: ارے! تم پر تقدیر نہیں کھلی۔ حقیقت یہ ہے کہ جن کے اوپر تقدیر کھل جاتی ہے وہ خیر و شر کے ظاہری تنازعات سے ماوراء ہو جاتے ہیں۔
سرکار صلی اللہ علیہ وسلم ایک مرتبہ ایک خاص کیفیت میں تشریف فرما تھے کہ بی بی عائشہ داخل ہوئیں۔ آہٹ پر آپ نے پوچھا: "مَنْ؟" (کون؟)۔ بی بی نے جواب دیا: عائشہ۔ پوچھا: «مَنْ عَائِشَة؟» یعنی کون عائشہ؟ بولیں: بنتِ صدیق (صدیق کی بیٹی)۔ فرمایا: مَنْ صِدِّيق؟ (کون صدیق؟)۔ بی بی نے جواب دیا کہ صدیقِ محمد (محمد کے صدیق)۔ آپ نے پوچھا: مَنْ مُحَمَّد؟ (کون محمد؟)۔ یہ کیفیت دیکھ کر بی بی عائشہ چپ چاپ واپس چلی گئیں کیونکہ وہ جواب میں "محمد رسول اللہ" یعنی اللہ کے رسول محمد فرماتیں تو سوال ہو سکتا تھا کہ: مَنِ اللَّه؟ (کون اللہ؟)۔ سرکار نے جو پوچھا کون محمد؟ تو اس سے پتہ چلتا ہے کہ وقت ایسا ہی خاص تھا جس کے متعلق خود آپ نے فرمایا ہے: «لِي مَعَ اللَّهِ وَقْتٌ لَا يَسَعُنِي فِيهِ مَلَكٌ مُقَرَّبٌ وَلَا نَبِيٌّ مُرْسَلٌ». محمد رسول اللہ نبیِ مرسل ہی تو تھے مگر اُس وقتِ خاص میں آپ کی بشریت کی بھی سمائی نہ تھی۔ یہ کیوں سمجھیں کہ ایک ہی وقت ہوا؟ کئی دفعہ ہوا، اس وقت بھی ہو رہا ہے۔
۵۳۔ حضرت عائشہؓ کے متعلق مشہور ہے کہ وہ معراجِ جسمانی کی قائل نہ تھیں۔ اس کی تحقیق کیا ہے؟
حضرت بی بی عائشہ معراجِ جسمانی سے انکار کرتی ہیں تو ان کے والد حضرت ابوبکر صدیق جسمانی معراج کے قائل ہیں۔ اب میں دادا کی سنوں یا چھوٹی کی؟ میرے پاس تو یہ ہے کہ بی بی عائشہ نے بھی غلط نہیں کہا۔ اُن کا مطلب یہ ہے کہ اس عالمِ شہادت کے جسم سے نہیں گئے...
(۵۳ جاری): جسم سے نہیں گئے۔ یہ درست ہے کہ جہاں تک عالمِ شہادت کی حدود تھیں جیسے بیت المقدس میں جا کر نماز پڑھانا، یہ جسمِ خاک سے ہی ہوا۔ مگر عالمِ شہادت سے آگے عالمِ مثال میں یہ جسم اُسی عالم کے مناسب ہو گیا۔ پھر عالمِ ارواح میں وہاں کے لحاظ سے تبدیل ہو گیا، پھر عالمِ خیال، پھر تجلیاتِ الٰہی، جہاں جہاں گئے وہاں کے مطابق جسمِ اطہر لیا گیا۔ صدیقِ اکبر رضی اللہ عنہ نے فرمایا کہ جب روحیں اس عالم میں صورت لے کر آ سکتی ہیں تو سرکار صلی اللہ علیہ وسلم کے لئے صورت و شکل چھوڑ کر غیر مادی ہو جانا کیا مشکل ہے، کیونکہ کسی شئے کا اپنی اصل کی طرف لوٹنا آسان ہے۔
۵۴۔ عزرائیل کی صورت اور موسیٰ علیہ السلام کا طمانچہ مارنے کا کیا واقعہ ہے؟
عزرائیل جب موسیٰ علیہ السلام کے پاس آئے تو ایک انسانی صورت میں آئے۔ موسیٰ علیہ السلام نے غیر آدمی سمجھ کر طمانچہ مار دیا جس سے اُس مثالی صورت کی آنکھ پھوٹ گئی۔ اس سے عزرائیل کی اصل ملکوتی حقیقت پر کوئی اثر نہیں پڑا۔ پھر حبیب تو بڑے سے بڑے فرشتے سے بھی مرتبہ میں بڑا ہوتا ہے۔
۵۵۔ موسیٰ نے آگ کو دیکھا اور جب آگ سے «إِنِّي أَنَا اللَّهُ» کی آواز آئی تو آپ نے اس کی تصدیق کی، کیا یہ آتش پرستی نہیں؟
نہیں! کیونکہ انہوں نے آگ کو کب خدا سمجھا؟ آگ میں اللہ کی عجیب تجلی ہوئی تو اس وقت اللہ کی طرف متوجہ ہو کر سجدے میں گر پڑے۔...
(۵۵ جاری): برخلاف اس کے ایک آتش پرست، آگ ہی کو سمجھتا ہے کہ "خدا ہے" یا "اس میں ضرور خدا حلول کئے ہوئے ہے"۔ تجلیِ الٰہی جہاں ہونے کی تھی وہاں ہوئی۔ عالمِ شہادت میں اس کے آثار یہ ظاہر ہوئے کہ موسیٰ کو جوتا اتارنے کا حکم ہوا: «فَاخْلَعْ نَعْلَيْكَ إِنَّكَ بِالْوَادِ الْمُقَدَّسِ طُوًى».
۵۶۔ فرعون کا دعویٰ «أَنَا رَبُّكُمُ الْأَعْلَى» اور حلاج کا «أَنَا الْحَقُّ» میں کیا فرق ہے؟
فرعون نے کبر، خود پسندی اور اپنی انا کی بنیاد پر ربوبیت کا دعویٰ کیا، جبکہ منصور حلاج نے فنائے کامل کے عالم میں "انا الحق" کہا جہاں ان کی اپنی ذات مٹ چکی تھی اور متکلم خود ذاتِ حق تھی۔
۵۷۔ بایزید بسطامی کے قول «سُبْحَانِي مَا أَعْظَمَ شَأْنِي» کی کیا تاویل ہے؟
یہ شطحیات ہیں جو غلبۂ حال اور استغراق میں صادر ہوتی ہیں۔ بایزید نے اپنی ذات کی تسبیح نہیں کی بلکہ حق تعالیٰ نے ان کی زبان سے اپنی تسبیح فرمائی۔
۵۸۔ وحدت الوجود اور حلول میں کیا فرق ہے؟
حلول میں دو مستقل وجود مانے جاتے ہیں کہ ایک وجود دوسرے وجود کے اندر داخل ہو گیا۔ جبکہ وحدت الوجود میں وجودِ حقیقی صرف ایک ہی ہے، دوئی ہے ہی نہیں تو حلول کیسا؟
بعض کہتے ہیں کہ امانت علم ہے۔ میں کہتا ہوں کہ امانت "محبت" ہے۔ علم آئے تو انسان مجبور و بے اختیار نہیں ہوتا، مگر جب محبت آتی ہے تو انسان مجبور و بے اختیار ہو جاتا ہے...
(۶۱ جاری): تو مجبور و لاچار ہو جاتا ہے، اپنے اوپر قابو نہیں رہتا، ایک حیرانی میں پھنس جاتا ہے۔ «إِنَّهُ كَانَ ظَلُومًا جَهُولًا».
۶۲۔ اللہ نے تم کو کیوں پیدا کیا؟
ایک مرتبہ مجھ سے پوچھا گیا کہ اللہ نے تم کو کیوں پیدا کیا؟ میں نے جواب دیا کہ مجھے اللہ نے اس کے ہر کام کی واہ واہ کرنے کے لئے پیدا کیا ہے۔ انہوں نے کہا دیکھو یہ بہت بڑا کام ہے۔ میں نے کہا تین بیویاں اور ۲۰ بچے گزر گئے، خود میں مختلف امراض میں مبتلا ہوں اور اب تک اس کی واہ واہ کئے جا رہا ہوں۔ تھوڑی سی رہ گئی ہے خدا اُسے بھی واہ واہ کرتے گزار دے۔ انشاء اللہ واہ واہ کرتے ہوئے ہی چلا بھی جاؤں گا۔
چاہے بگاڑو چاہے سنوارو❖میں راضی تو سے رام نے
۶۳۔ اچھا کیا شیطان کی بھی واہ واہ کرو گے؟
بے شک اس کی بھی واہ واہ کروں گا، کیونکہ اُس نے لعنت کا ٹوکرا اپنے سر پر اٹھا لیا ورنہ معلوم نہیں کن کن پر یہ لعنت تقسیم ہوتی!
۶۴۔ وحدت الوجود اور وحدت الشہود میں کیا فرق ہے؟
وحدت الشہود والے کہتے ہیں کہ اللہ الگ ہے بندہ الگ، دونوں غیر غیر ہیں...
(۶۴ جاری): بر خلاف اس کے وحدت الوجود والے یہ کہتے ہیں کہ بندہ ایک خیالی اور انتزاعی چیز ہے، ورنہ اللہ کے سوا کوئی نہیں۔ وحدت الشہود والے کہتے ہیں کہ دنیا اللہ کا ایک خیال ہے، اللہ کے خیالات مختلف صورتوں میں نمایاں ہو رہے ہیں۔ وحدت الوجود والے کہتے ہیں کہ اللہ ہی مختلف صورتوں میں نمایاں ہو رہا ہے۔
ز دریا موجِ گوناگوں برآمد❖ترا بے چونی بہ رنگِ چوں برآمد
وحدت الوجود والے کہتے ہیں کہ موج جو دریا کی سطح پر نمایاں ہو رہی ہے، وہ یقیناً ایک خیالی چیز ہے مگر دریا تو حقیقی ہے۔ موج خیالی ہے مگر اس کا قیام اور وجود دریا سے ہے، اس لئے وہ خیالی واقعی ہے۔ دریا کے سوا موج میں ہے ہی کیا؟ لیکن وحدت الشہود والے کہتے ہیں کہ موج الگ ہے دریا الگ، ایک خبط ہے موج کا جو وہ سمجھتی ہے کہ میں دریا ہی تو ہوں۔ وحدت الوجود میں وجود واقعی ایک ہے اور وحدت الشہود میں خیال ایک ہے۔ وحدت الوجود واقعیت پر مشتمل ہے اور وحدت الشہود خیال پر۔ وحدت الوجود میں دوئی اور شرک کی گنجائش نہیں اور وحدت الشہود میں زندقہ و بے دینی کا گزر نہیں۔ وحدت الشہود والے کہتے ہیں کہ خاصیت کی حالت میں بندہ کو ایک خیال آتا ہے کہ خدا کے سوا کچھ نہیں، جبکہ وحدت الوجود والوں کا کہنا ہے کہ یہ غلط خیال نہیں بلکہ واقعہ اور علمِ صحیح کا انکشاف ہے۔ اس کے بعد غیر کی طرف متوجہ ہو جانے پر بھی وہ علمِ صحیح تحت الشعور ہو جاتا ہے۔ اصل یہ ہے کہ ایک بات حقوق ادا کرنے کے وقت کی ہے اور دوسری ادائیِ حقوق سے فراغت کے بعد کی۔ حقوق ادا کرتے وقت بندگی کا خیال رہنا چاہیئے، دنیا و مافیہا کے مرتبے کا لحاظ کرنا چاہیئے۔ جب حقوق کی ادائی کا وقت نہیں تو پھر خدا کے سوا غیر کا خیال ہی کیوں آئے؟ «فَإِذَا فَرَغْتَ فَانْصَبْ»...
«وَإِلَى رَبِّكَ فَارْغَبْ». ایک بات کام کے وقت کی ہے، ایک فراغت کے بعد کی۔ اللہ اور بندوں میں سے کسی کی طرف بھی بے وقت اور غیر معمولی توجہ نہیں ہونی چاہیئے تاکہ توازن گرنے نہ پائے: «أَلَّا تَطْغَوْا فِي الْمِيزَانِ».
۶۵۔ تجلیِ اعظم کیا ہے؟
تجلیِ اعظم کی تفصیل ساری دنیا میں ہونے والی تجلیات ہیں۔ یہ تجلی دو قسم کی ہے: ایک مؤقت اور ایک غیر مؤقت۔ غیر مؤقت تجلیِ اعظم حقیقتِ محمدی ہے۔ ایک ایک زمانے میں ایک پیغمبر یا قطب پر مؤقت تجلی ہوتی ہے۔ یہ مؤقت تجلیات حقیقتِ محمدی ہی کی تفصیل ہیں جو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم پر تھی۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے پہلے تجلیِ اعظم کا مؤقتی مظہر پیغمبر تھے اور آپ کے بعد غوث، تجلیِ اعظم کے مظہر ہوتے ہیں۔
۶۶۔ اسمِ اعظم کیا ہے؟
اسمِ اعظم کے معنے ایسا بڑا نام کہ اس کی قوت سے بڑے سے بڑا کام بھی ہو جائے، اور یہ مختلف ہوتا ہے: ۱۔ «اللَّهُ يُعْطِي وَأَنَا قَاسِمٌ»، اللہ دینے والا ہے اور رسول اللہ تقسیم کرنے والے، تو بانٹنے والے پر جو تجلی ہوتی ہے اسی سے سب کو ملتا ہے اور وہی اسمِ اعظم ہے۔ اس لئے ربِ محمد کو پکارتے ہیں: "اللَّهُمَّ رَبَّ النَّبِيِّ مُحَمَّدٍ". ۲۔ ہر اسم ایک صفتِ خاص کا مظہر ہے۔ اس لئے جس قسم کی ضرورت ہو وہ اسم پکارا جائے تو وہی اسمِ اعظم بن جاتا ہے: جیسے کھانے پینے کا محتاج ہو تو "یا رزاق" پکارے، پردہ پوشی چاہے تو "یا ستار" پکارے، امراض سے نجات چاہتا ہو تو "یا شافی" پکارے، جنگ اور مقابلے کے وقت "یا قہار"، "یا قوی"، "یا ذا الجلال والاکرام" اسمِ اعظم ہے۔ ۳۔ ایک بات اور ہے، وہ یہ کہ جس زمانے اور وقت میں جس قسم کی تجلی برسرِ کار ہو وہی اسمِ اعظم ہوگا، دوسرے اسماء اس کے تحت آ جائیں گے۔ جیسے جنگ کے زمانے میں "یا قہار" کی تجلی کارفرما ہوگی اور دوسری صفاتِ الٰہی اس کے تابع ہو جائیں گی۔ "یا ستار" کی تجلی اس کے تابع ہو کر فوجی وردیاں پہنائے گی، "یا رزاق" کی تجلی اس کے تابع ہو کر راشن دلائے گی، لیکن کسی وقت بھی کوئی اسم بیکار نہیں رہتا۔...
(۶۶ جاری): یہ بات مجھ پر کھلی ہے وہ یہ کہ مجھ پر تجلیِ خاص ہوگی اس سے مجھے سہارا ملے گا اور دوسری تمام تجلیات اس کے اندر آ جائیں گی۔ "رَبِّی" میں یا رزاق، یا ستار، یا شافی وغیرہ سب موجود ہیں، اس لئے یہی میرے لئے اسمِ اعظم ہے۔
۶۷۔ غوث، اقطاب اور ابدال وغیرہ کا نظامِ باطن کیا ہے؟
نظامِ ظاہر، باطن کا پرتو ہے۔ یہ دنیا نمونہ ہے آخرت کا۔ تمام عالم پر جو پھیل گیا وہ غوث ہوتا ہے، چھوٹے بڑے خطے پر جو پھیلا وہ قطب ہوتا ہے۔ ہر زمانہ میں ایک قطبِ اعظم ہوتا ہے اسے غوث کہتے ہیں۔ اس کے تحت دو قطب عالمِ علوی و سفلی کے، اور چار اوتاد اور سات ابدال ہوتے ہیں۔ ہر شہر میں ایک قطب ہوتا ہے۔ بعض اولیاء "افراد" ہوتے ہیں جو اقطاب کے زیرِ اثر نہیں رہتے۔ کافروں کی حمایت کے لئے بھی قطب مامور ہوتا ہے اور وہ مسلمانوں میں سے ہی ہوتا ہے۔ چنگیز خان کی فوج بغداد پر حملہ آور ہوئی، فرید الدین عطارؒ نے کٹورا اوندھا دیا۔ اب کیا تھا ادھر چنگیزی فوج بھٹکنے لگی، اُسے کسی طرح بغداد میں داخل ہونے کا راستہ نہ مل سکا۔ خواجہ خضرؑ آئے اور بولے: الٹ دو، سیدھا کر دو یہ کٹورا، کیونکہ تقدیرِ الٰہی میں بغداد کا برباد ہونا لکھا ہے!
بعض لوگوں نے بارہ خلفاء کو متصل مانتے ہوئے یزید کو بھی شامل کر لیا ہے، حالانکہ امام محمد مہدی جو قربِ قیامت میں آنے والے ہیں وہ بھی خلفاء میں اہمیت رکھتے ہیں کیونکہ ان کا آنا احادیث سے ثابت ہے۔ بارہ خلفاء کو متصل ماننا اس طرح بھی غلط ہے کہ حدیث میں کہا گیا ہے کہ سب عادل اور متقی ہوں گے اور یزید متقی نہیں تھا۔ دوسرے اگر یزید کو خلیفہ مان لیں تو امام حسین رضی اللہ عنہ کو نعوذ باللہ باغی تسلیم کرنا پڑے گا۔ لہٰذا اس حدیثِ غیر متواتر کے معنے یہ ہیں کہ تمام امتِ محمدیہ سے جو قیامت تک خلیفہ ہوں گے ان میں سے بارہ اشخاص مختار و برگزیدہ ہیں...
(۶۸ جاری): جن میں ایک آخری امام محمد مہدی بھی ہیں۔ چار تو خلفاء راشدین ہیں اور حضرت امام حسن ہیں، پھر عمر بن عبد العزیز بھی ہیں کیونکہ عمر بن عبد العزیز کے خلیفہ و پیشوا ہونے پر امتِ محمدیہ نے اتفاق کیا ہے۔ بقیہ پانچ قیامت تک مختلف اوقات میں ہو سکتے ہیں۔
۶۹۔ قرآن میں «رُحَمَاءُ بَيْنَهُمْ» آیا ہے پھر صحابہ میں آپس کی لڑائیاں کیسی؟
صحابہ کرام کے باہمی اختلافات دنیوی اقتدار یا ذاتی ہوس کے لئے نہیں تھے بلکہ دین کی حفاظت اور مصلحت کے اجتہاد پر مبنی تھے۔ دونوں فریق نیک نیتی پر تھے اور قرآنِ مجید نے بھی دونوں فریق کو مؤمن فرمایا ہے: «وَإِنْ طَائِفَتَانِ مِنَ الْمُؤْمِنِينَ اقْتَتَلُوا». یاد رکھو! جہاں اجتہاد اور انسان کی عقل کا دخل ہو وہاں ایک دوسرے کو کافر نہیں کہا جا سکتا، ان کے دلوں میں باہمی محبت اور الفت برقرار تھی۔
۷۰۔ کلام اللہ کے "مخلوق" یا "غیر مخلوق" ہونے کی کیا بحث تھی؟
معترضین کا کہنا یہ تھا کہ تمھاری زبان حادث ہے، اس سے جو ادا کریں وہ قدیم کیسے ہو سکتا ہے؟ اس کا جواب یہ ہے کہ جو تعلق حادث سے ہے وہ حادث ہے نہ کہ اصل شئے! کلام اللہ تو مومنوں کے دلوں میں رہتا ہے اور لوحِ محفوظ میں بھی ہے۔ تمہاری زبان حادث ہے تو تمھارا بیان کرنا حادث ہوا۔ امراء القیس کا شعر آپ پڑھ رہے ہوں تو آپ کا یہ پڑھنا اس وقت کا حادث فعل ہے نہ کہ شعر؟
۷۱۔ ایک اور اعتراض یہ تھا کہ بیان، واقعہ کے بعد ہوا کرتا ہے۔ لہٰذا «وَكَلَّمَ اللَّهُ مُوسَى تَكْلِيمًا» کا بیان اللہ کے کلام کے بعد کا ہے، پھر قدیم کہاں ہوا؟
اس کا جواب یہ ہے کہ شیکسپیئر نے جو ڈرامہ لکھا وہ اُس کے واقع ہونے (یعنی اسٹیج ہونے) سے پہلے لکھا تھا۔ اللہ کی ذات بھی قدیم ہے اور اس کی صفت بھی قدیم۔ وہ ساری دنیا پیدا ہونے سے پہلے جانتا تھا کہ موسیٰ پیدا ہوں گے اور میں ان سے یہ کلام کروں گا۔ (حضرت عمرؓ ایک تقریر کرنے والے تھے، حضرت ابوبکرؓ نے کہا ٹھہرو اور خود تقریر کرنے لگے۔ حضرت عمرؓ نے کہا: میں نے سوچ رکھا تھا ایک قول، یعنی ایک بات ایک تقریر۔ یہاں معلوم ہوا کہ منہ سے ادا کرنے سے پہلے بھی جو بات کہنے کے لئے سوچ کر رکھی جائے اسے قول کہہ سکتے ہیں)۔ پس کلامِ الٰہی اپنے ظہور کے باوجود بھی قدیم ہے کیونکہ کلام کرنے اور اس کی تفصیل کا علم اللہ کو دنیا کی تخلیق سے بہت پہلے ازل میں بھی تھا۔ (تمت بالخیر)
کتابت و اہتمام: خادم الفقراء، نظامی پریس / حیدر آباد دکن۔