مکاتیبِ عرفان از بحر العلوم حضرت محمد عبد القدیر صدیقی حسرتؔ (۱۲۸۸ھ - ۱۳۸۱ھ)، سابق پروفیسر و صدر شعبہ دینیات جامعہ عثمانیہ۔ باہتمام: محمد عباس علمبردار صدیقی۔ ناشرین: حسرت اکیڈیمی پبلیکیشنز، صدیق گلشن، بہادر پورہ، حیدر آباد ۵۰۰۲۶۴، آندھرا پردیش (انڈیا)۔ جملہ حقوق محفوظ۔ قیمت بار دوم (۱۰۰۰) روپے۔
مکاتیب عرفان از بحر العلوم حضرت محمد عبد القدیر صدیقی حسرت (۱۲۸۸ھ - ۱۳۸۱ھ)، سابق پروفیسر و صدر شعبہ دینیات جامعہ عثمانیہ۔ باہتمام: محمد عباس علمبردار صدیقی۔ ناشرین: حسرت اکیڈیمی پبلیکیشنز، صدیق گلشن، بہادر پورہ، حیدر آباد ۵۰۰۲۶۴، آندھرا پردیش (انڈیا)۔ جملہ حقوق محفوظ۔ قیمت بار دوم (۱۰۰۰) روپے۔
شمس المفسرین شیخ المحدثین استاذ العلماء بحر العلوم حضرت محمد عبد القدیر صدیقی حسرتؔ رحمہ اللہ علیہ حیدر آباد دکن کی ایک ایسی مایہ ناز اور بے مثال علمی شخصیت تھے جن کو بجا طور پر بحر العلوم اور استاد العلماء کے لقب سے یاد کیا جاتا ہے۔ آپ کی ولادت بروز جمعہ ۲۷ رجب ۱۲۸۸ھ (۱۳ اکتوبر ۱۸۷۱ء) حیدر آباد دکن کے ایک مشہور علمی گھرانے میں ہوئی۔ آپ نے پنجاب یونیورسٹی سے مولوی فاضل اور منشی فاضل کے امتحانات بدرجہ امتیاز کامیاب فرمائے اور ابتداءً آپ کا تقرر دار العلوم پر ہوا جو اس زمانہ میں حیدر آباد دکن کی بہت مشہور درسگاہ تھی، جب عثمانیہ یونیورسٹی کا قیام عمل میں لایا گیا تو آپ پروفیسر اور صدر شعبہ دینیات مقرر ہوئے۔ بذریعہ شاہی فرمان آپ کی ملازمت کی مدت میں دس سال تک مسلسل توسیع ہوتی رہی۔
آپ نے قرآن مجید کی مکمل تفسیر لکھی جو تفسیر صدیقی کے نام سے پاکستان میں شائع ہوئی، حیدر آباد دکن میں تفسیر صدیقی کی اشاعت کا سلسلہ جاری ہے اور انشاء اللہ جلد پایہ تکمیل کو پہنچے گا۔ ۱۹۴۱ء میں حیدر آباد اکیڈیمی کی جانب سے آپ کا تحقیقی مقالہ 'مسئلہ عدم نسخ قرآن' طبع ہوا جس میں آپ نے ثابت فرمایا ہے کہ قرآن شریف کی کوئی آیت منسوخ نہیں۔ آپ کی تالیف 'الدین' بزبان عربی جامعہ عثمانیہ کے نصاب فقہ میں شامل تھی۔ آپ نے علامہ شیخ اکبر محی الدین ابن عربی کی تصنیف 'فصوص الحکم' کا معرکۃ الآراء تحقیقی ترجمہ فرمایا جو جامعہ عثمانیہ کے دار الترجمہ سے شائع ہوا اور کافی شہرت رکھتا ہے۔ تصوف میں آپ کی کئی تصانیف ہیں جن میں الحکمۃ الاسلامیہ، المعارف، العرفان، التوحید (بزبان فارسی) اور مکاتیب عرفان شامل ہیں۔
آپ حسرت تخلص فرماتے تھے اور عربی، فارسی، اردو اور ہندی میں شعر کہتے تھے، آپ کا مجموعہ کلام کلیات حسرت کے نام سے زیور طبع سے آراستہ ہو چکا ہے۔ آپ نے ۱۷ شوال ۱۳۸۱ھ (۲۴ مارچ ۱۹۶۲ء) بروز شنبہ بوقت عصر اس دار فانی سے رحلت فرمائی۔ صدیق گلشن حیدر آباد، رجب ۱۴۱۳ھ — محمد عباس علمبردار صدیقی، مہتمم حسرت اکیڈیمی و کتب خانہ بحر العلوم۔
فہرست مضامین: عنوانات مع صفحہ نمبر:
مکاتیب:-
(۱) مکتب اہلِ تسلیم (صفحہ ۱)
(۲) مکتب اہلِ تفویض (صفحہ ۳)
(۳) مکتب اہلِ تاویل (صفحہ ۴)
(۴) مکتب اہلِ غیریت (صفحہ ۵)
(۵) مکتب اہلِ توحید (صفحہ ۱۰)
(۶) مکتب اہلِ تحقیق (صفحہ ۱۲)
مسائل اہلِ تحقیق:-
(۱) یہ 'ہے' کیا ہے؟ (صفحہ ۱۲)
(۲) آخر یہ 'ہے' اور وجود کب سے ہے اور کب تک رہے گا؟ (صفحہ ۱۳)
(۳) اللہ حق ما سوی ناحق پھر یہ ساری دنیا ہوئی کیسے پیدا؟ (صفحہ ۱۴)
(۴) روح حادث ہے یا قدیم؟ (صفحہ ۱۵)
(۵) معیار تقدم و تاخر؟ (صفحہ ۱۵)
(۶) احدیت و واحدیت اور وحدت کیا ہیں جن کو تنزلات کہتے ہیں؟ (صفحہ ۱۶)
(۷) صفات اور ذات میں کیا ربط ہے؟ (صفحہ ۱۶)
(۸) ہم میں اور اللہ میں کیا ربط ہے؟ (صفحہ ۱۶)
(۹) قرآن میں تین آیتیں ہیں ... ہر آیت کا محل کیا ہے ؟ اور تطبیق کی کیا صورت ہے ؟ (صفحہ ۱۶)
مکاتیب عرفان: فہرست مضامین (بقیہ):
(۱۰) وجود کے قوسین صعودی و نزولی کی کیا حقیقت ہے؟ (صفحہ ۱۸)
(۱۱) فنا اور بقاء کیا ہے؟ (صفحہ ۱۹)
(۱۲) وجود بہ معنی مصدری و انتزاعی اور وجود بہ معنی ما بہ الموجود یہ کیا ہیں؟ (صفحہ ۲۰)
(۱۳) خدا قدیم اس کے اسماء و صفات قدیم تو پھر یہ حادث کدھر سے کودا؟ (صفحہ ۲۱)
(۱۴) کیا فرق ہے ولی، نبی، رسول اور خاتم النبیین میں؟ (صفحہ ۲۳)
(۱۵) سحر، ہپناٹزم، عمل، کرامت، معجزہ کیا ہیں؟ (صفحہ ۲۴)
(۱۶) قرب فرائض و نوافل کیا ہیں؟ (صفحہ ۲۵)
(۱۷) لطائف ستہ کیا ہیں اور ان کے آثار کیا ہیں؟ (صفحہ ۲۶)
(۱۸) توجہ اور تموج میں کیا فرق ہے؟ (صفحہ ۲۸)
(۱۹) خطرات کیا ہیں اور وہ کس طرح سے دور کئے جا سکتے ہیں؟ (صفحہ ۲۹)
(۲۰) نفس رحمانی کیا ہے؟ (صفحہ ۳۳)
(۲۱) تجدد امثال کیا ہے؟ (صفحہ ۳۴)
(۲۲) انسان کامل کیا ہے اور کون ہے؟ (صفحہ ۳۴)
(۲۳) حقیقت محمدی کیا ہے؟ (صفحہ ۳۵)
(۲۴) اسم اعظم کیا ہے؟ (صفحہ ۳۶)
(۲۵) رب اور اللہ میں کیا فرق ہے؟ (صفحہ ۳۷)
(۲۶) سیر ہے کتنے قسم کی؟ (صفحہ ۳۸)
(۲۷) محبت کرنے والوں کی کتنی قسمیں ہیں؟ (صفحہ ۳۹)
(۲۸) کسی چیز کا یقین کتنے قسم کا ہوتا ہے؟ (صفحہ ۴۰)
(۲۹) امانت کیا ہے؟ اور رد امانت کیا ہے؟ (صفحہ ۴۱)
(۳۰) یہ لوح و قلم کیا ہیں؟ (صفحہ ۴۲)
(۳۱) یہ میزان کیا ہے؟ (صفحہ ۴۲)
(۳۲) مجذوب کی بڑ (صفحہ ۴۳)
مَکَاتِیْبِ عِرْفَان
واضح ہو کہ "ربطِ حادث بہ قدیم" یعنی عبد و رب میں کیا تعلق ہے، اس امر میں چھ مختلف الخیال مکاتیب ہیں جو حسبِ ذیل ہیں: (الف) اہلِ تسلیم، (ب) اہلِ تفویض، (ج) اہلِ تاویل، (د) اہلِ غیریت، (ہ) اہلِ وحدت، (و) اہلِ تحقیق۔ اب ہم ان کے خیالات اور ان کی تحقیق اور تدقیق کو بیان کرتے ہیں۔
پہلا گروہ اہلِ تسلیم کا ہے جو یہ کہتے ہیں کہ لَا إِلٰهَ إِلَّا اللهُ مُحَمَّدٌ رَّسُوْلُ اللهِ — اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں، محمد صلی اللہ علیہ وسلم اللہ کے رسول ہیں۔ ہمارا ایمان اور یقین ہے اللہ پر اور ان تمام چیزوں پر جن کو ماننا ضروری ہے۔ ہم کسی مضمون کو چاہے کیسی ہی خوبی کے ساتھ بیان کریں وہ قرآن و حدیث کے بیان کو نہیں پہنچ سکتا کیونکہ وہ معصوم کے توسط سے پہنچا ہے، اس لئے اس میں شک و شبہ کی گنجایش نہیں۔ پس كَانَ اللهُ وَلَمْ يَكُن مَّعَهُ شَيْءٌ یعنی پہلے اللہ تھا اور اس کے ساتھ کچھ نہ تھا۔ هُوَ الْحَيُّ الْقَيُّوْمُ وہ زندہ ہے اور سب کا محتاج الیہ ہے۔
ماسوا اللہ کا قیام اور دارومدار اللہ ہی پر ہے۔ وَهُوَ السَّمِيعُ الْعَلِيمُ — وہ سب کی باتیں سنتا ہے اور سب کچھ جانتا ہے۔ عَالِمِ الْغَيْبِ لَا يَعْزُبُ عَنْهُ مِثْقَالُ ذَرَّةٍ فِي السَّمَاوَاتِ وَلَا فِي الْأَرْضِ (سبا: ۳) — اس کے علم سے کوئی چیز باہر نہیں۔ إِنَّ اللَّهَ يَفْعَلُ مَا يَشَاءُ (الحج: ۱۸)، إِنَّ اللَّهَ يَحْكُمُ مَا يُرِيدُ (المائدة: ۱) — اللہ جو چاہتا ہے کرتا ہے، جس چیز کو چاہتا اور جس کا ارادہ کرتا ہے اس کا حکم دیتا ہے۔ ہم سیدھے سادے مسلمان اہل ایمان ہیں، کدو کاوش ہمارا کام نہیں۔ کدو کاوش عقل سے پیدا ہوتی ہے، اور عقل غیر معصوم ہے، محتمل خطا ہے۔ ہم کو ایمان لانے اور خدا و رسول کے ماننے میں اس خطا کار کی ضرورت نہیں۔
الرَّحْمٰنُ عَلَى الْعَرْشِ اسْتَوَى (طه: ۵) — وہ عرش پر براج رہا ہے، اس پر ہمارا ایمان ہے۔ وَسِعَ كُرْسِيُّهُ السَّمَاوَاتِ وَالْأَرْضَ (بقره: ۲۵۵) — اس کی کرسی میں آسمانوں اور زمین کی وسعت ہے۔ فَأَيْنَمَا تُوَلُّوا فَثَمَّ وَجْهُ اللَّهِ (بقره: ۱۱۵) — جدھر پلٹو ادھر ہی اللہ کا وجہ ہے۔ اس کا عرش کیسا ہے؟ کرسی کیسی ہے؟ اس کا وجہ کیسا ہے؟ ان کا جواب یہ ہے کہ وہ اس کے لائق ہیں۔ ہم اس کے بندے ہیں وہ ہمارا خالق ہے، بندے کو اللہ سے کیا نسبت۔ ہم اس کے "کن" فرمانے سے پیدا ہوتے ہیں، بندے اور مولا میں کیا مناسبت ہے۔ وہ عرش پر بیٹھا ہوا ہے اور فرشتوں کے ذریعہ ساری کائنات کا انتظام فرماتا ہے۔ پچھلی رات کو عرش سے اتر کر پہلے آسمان پر آتا ہے اور دعا کرنے والوں کے مقاصد بر لاتا ہے۔ غرض کہ جو کچھ قرآن و حدیث میں مذکور ہے اس پر ہمارا ایمان ہے۔ اس میں شک و شبہ کرنا یا اپنے دل سے تاویلات کرنا ایمان کے خلاف ہے۔ نجات پانے کے لئے ایمان اجمالی کافی ہے۔ ہم ان الفاظ کا جو تشبیہی معنی رکھتے ہیں ترجمہ کرنا بھی مناسب نہیں کہتے، ہم وجہ کا ترجمہ وجہ اور ید کا ترجمہ ید ہی کرتے ہیں۔ زیادہ بولو گے اس میں...
...تو اس کی ذمہ داری تمہارے سر پہ رہے گی۔ ہم خدا کے حکم کے تابع ہیں اس واسطے ہم پر کسی قسم کی ذمہ داری عائد نہیں ہوتی۔ اللہ اکبر! اللہ اکبر! ان کو لوگ 'عرشی' کہتے ہیں۔ اہل تسلیم کا مذہب سلامتی کا مذہب ہے۔ اس میں گناہ اور لغزش کا اندیشہ نہیں ہے۔ اللہ تعالی نے جیسا حکم دیا ہم نے مانا اور کچھ کدو کاوش نہیں کی، اور اپنے عقل کو دخل نہیں دیا۔ جو کچھ قرآن شریف میں ہے اور حدیث شریف میں ہے اس پر ہمارا ایمان ہے۔
دوسرا گروہ اہلِ تفویض کا ہے۔ یہ حضرات فرماتے ہیں کہ قرآن پاک میں جو کچھ آیا ہے سب برحق ہے، اور جو کچھ خدا کا مقصود ہے اس کو خدا کے حوالے کرتے ہیں۔ اس کے بعد اس میں تدبر نہیں کرتے۔ نہ وہ عرش کو تخت کہتے ہیں نہ کچھ اور۔ وہ کہتے ہیں کہ خدائے تعالیٰ نے فرمایا: هُوَ الَّذِي أَنْزَلَ عَلَيْكَ الْكِتَابَ مِنْهُ آيَاتٌ مُحْكَمَاتٌ هُنَّ أُمُّ الْكِتَابِ وَأُخَرُ مُتَشَابِهَاتٌ (آل عمران: ۷) — یعنی اس کتاب میں بعض آیتیں محکم ہیں، جن کے معنی واضح ہیں اور وہ اصل کتاب ہیں، اور بعض متشابہات ہیں جن کے معنی مشتبہ ہیں اور اللہ کے سوا ان کی اصل تاویل کوئی نہیں جانتا: وَمَا يَعْلَمُ تَأْوِيلَهُ إِلَّا اللَّهُ وَالرَّاسِخُونَ فِي الْعِلْمِ يَقُولُونَ آمَنَّا بِهِ كُلٌّ مِنْ عِنْدِ رَبِّنَا (آل عمران: ۷)۔ اہل تفویض کہتے ہیں کہ ہم پر ظاہر الفاظ کا ماننا ضروری ہے، مگر ان کی مراد اور حقیقت اللہ کے سپرد ہے۔ اس لئے ہم اس کی تاویل یا توجیہ میں اپنی رائے کا دخل نہیں دیتے۔
تیسرا گروہ اہلِ تاویل کا ہے۔ یہ اہل لسان اور ادیب ہیں۔ ان کا استدلال یہ ہے کہ کلام الہی انسانوں کی فہم کے مطابق نازل ہوا ہے، لہذا جس طرح انسانوں کے محاورات اور روزمرہ میں استعارات و کنایات استعمال ہوتے ہیں، اسی طرح کلام مجید میں بھی تمثیلی اور کنائی پیرایہ اختیار کیا گیا ہے۔ چنانچہ 'عرشِ خداوندی' سے مراد حکومتِ عامہ اور اقتدارِ اعلیٰ ہے۔ اسی طرح 'کرسیِ خداوندی' سے مراد حکومتِ خاصہ یا بیرونی حکومت مراد ہے۔ دیکھو ہم کہتے ہیں کہ فلاں بادشاہ کی تخت نشینی ہوئی یا تاج پوشی ہوئی، اس سے مراد یہ ہوتی ہے کہ اس کو اقتدارِ اعلیٰ یا حکومتِ کلی مل گئی۔ اسی طرح کہتے ہیں کہ کسی انجمن کے صدر یا عہدہ داروں کی کرسی نشینی ہوئی، یعنی اس کو کچھ امتیاز یا اقتدار مل گیا۔ اس کے لئے تخت ہی پر یا کرسی ہی پر بٹھایا جانا کچھ ضروری نہیں ہے۔
چنانچہ پچھلے زمانے میں بادشاہ کو جامع مسجد کے منبر پر بٹھایا جاتا اور شیخ الاسلام یا قاضی القضاۃ اور وزیر اعظم یہ سب حضرات منبر کی سیڑھیوں پر کھڑے ہوتے۔ پھر شیخ الاسلام منبر کی چوٹی پر آجاتے اور بادشاہ کا ہاتھ پکڑ کر فرماتے: 'میں بہ حیثیت وکیلِ مسلمانان اتنے کروڑ یا اتنے لاکھ رعایا کی حفاظت کا بار اور ان کی پرورش اور حق رسانی کا بوجھ تمہارے دوش پر ڈالتا ہوں، کیا تم اس کو قبول کرتے ہو؟' بادشاہ فرماتا کہ: 'میں بہ سر و چشم قبول کرتا ہوں! اور اللہ تعالی سے دعا کرتا ہوں کہ مجھے ان مقاصد میں کامیابی دے۔' پھر قاضی القضاۃ آگے بڑھتا اور ہاتھ میں قرآن شریف دیتا اور گلے میں تلوار لٹکا دیتا کہ قرآن کے مطابق فیصلے کریں اور تلوار سے مخالفین اسلام کی قوت کو پارہ پارہ کر دیں۔ وزیر اعظم قلمدانِ وزارت پیش کرتا اور اس پر اپنا ہاتھ رکھ دیتا اور سب لوگ مبارکباد کے نعرے مارتے۔ اس طرح تاج پوشی اور تخت نشینی ہو جاتی حالانکہ وہاں نہ تاج ہوتا تھا نہ تخت۔ اسی طرح ہمارے...
...زمانے میں زرین مسند اور گاؤ تکیے لگا دیے جاتے، اور زرین شامیانہ یا ڈنڈا پیشگی تان دیا جاتا۔ بادشاہ مسند پر تشریف رکھتا، امیر الامراء یا وزیر اعظم مورچل لے کر بادشاہ کے پیچھے کھڑا ہو جاتا۔ مردہ یا چوبدار صدا دیتا: 'نگاہ روبرو، روشن روبرو!' ادب قاعدے سے امراء و عہدہ دار سب لوگ فرشی سلام کرتے۔ مگر جو علماء ہوتے ہیں وہ اپنے دونوں ہاتھ اپنے سینے پر رکھ لیتے اور گردن جھکا دیتے۔ پھر امراء و عہدہ دار و دیگر معززین نذریں پیش کرتے، فوج کا افسر اشارہ کرتا اور توپ خانے سے سلامی دی جاتی۔ گویے مبارکباد گاتے اور روشن چوکی سے شادیانہ بجایا جاتا، ایک طرف سے بینڈ بھی بجتا۔ یوں بھی تو تخت نشینی ہوا کرتی ہے۔
اسی طرح 'وجہ' اور چہرے کے معنیٰ بھی لئے جاتے ہیں۔ مثلاً ہم کہتے ہیں کہ 'میرے سامنے تمہارے والد کا منہ ہے' یعنی تمہارے والد کی رضا مندی اور خوشنودی ہے یا ان کی خاطر مقصود ہے۔ اسی طرح عربی محاورے کے مطابق 'وجہ' کے لفظ سے ذاتِ خداوندی یا رضا مندیِ الہی مراد لی جاتی ہے، اور غضب سے استحقاقِ عذاب و سزا مقصود ہوتا ہے۔ بڑے بڑے ادیب اور ممتاز اہلِ زبان اسی انداز سے قرآن و حدیث کے متعلق کدو کاوش کرتے ہیں۔ اس وقت میرا مقصد صرف اہلِ تاویل کا طریقِ بیان واضح کرنا تھا۔ وَلِكُلٍّ وِجْهَةٌ هُوَ مُوَلِّيهَا (بقره: ۱۴۸) یعنی ہر ایک کے لئے ایک رخ ہے جس کی طرف وہ اپنا منہ کرتا ہے۔
چوتھا گروہ اہلِ غیریت کا ہے۔ یہ حضرات فرماتے ہیں کہ ہمارا وجود خدائے تعالیٰ سے وابستہ ہے اور کوئی شئے اللہ تعالیٰ سے مرتبط ہوئے بغیر موجود نہیں ہے، مگر خدا اور بندہ ایک دوسرے سے مبرا ہیں۔ بندے کا وجود خدا کا عطیہ ہے۔ البتہ جو لوگ ذکر و شغل کرتے ہیں ان کو حق تعالیٰ کی قربت حاصل ہو جاتی ہے اور وہ حق تعالیٰ میں ایسے محو ہو جاتے ہیں کہ خود کو بھی بھول جاتے ہیں۔
...بھول جاتے ہیں۔ كَمَا قِيْلَ: الرَّبُّ رَبٌّ وَإِنْ تَنَزَّلَ، وَالْعَبْدُ عَبْدٌ وَإِنْ تَرَقَّى۔ جس طرح کہ لوہا آگ کی قربت سے آگ کی طرح لال انگارا ہو جاتا ہے اور آگ کے صفات حاصل کر لیتا ہے اور 'أَنَا النَّارُ' پکارتا ہے اور آگ ہی کی طرح جلاتا بھی ہے، مگر کب تک؟ جب تک اس کو آگ کی قربت حاصل ہے۔ پھر جہاں اس سے جدا ہوا وہی لوہے کا لوہا ہے، وہی کالے کا کالا، وہی ٹھنڈے کا ٹھنڈا ہے۔ اب نہ وہ 'أَنَا النَّارُ' ہے نہ جلانا ہے، نہ وہ چمک ہے نہ وہ گرمی۔ اسی طرح ہر ایک انسان کو اپنی بندگی کا خیال رکھنا چاہیئے۔
او نادان! سراپا نسیان کیا خدائی کا دعویٰ کرتا ہے؟ ارے خدا تو وہ ہے جس نے تجھے اور ساری دنیا کو پیدا کیا ہے۔ خدا صمد ہے، اس کو کسی کی حاجت نہیں، وہ ازل سے باکمال ہے۔ وہ کبھی ناقص نہ تھا کہ بعد میں کامل ہوا۔ تو سراپا احتیاج ہے، کل کچھ تھا، آج کچھ ہے، کل کچھ ہو جائیگا۔ اس لئے خدا کے آگے سرِ نیاز جھکا دے۔ تو بندہ ہے، سراپا عجز رہ۔ دیکھ! نیستی میں ظہورِ ہستی ہے۔ جہل میں علم، ظلمت میں نور، عاجزی میں قدرت، اسی طرح سماعت، بصارت، ادراک یہ سب اعدام ہیں اور ان سے صفاتِ الہیہ کا ظہور ہوتا ہے۔ تمام انبیاء اور اولیاء خود حبیبِ خدا صلی اللہ علیہ وسلم ہمیشہ ان کے پیشِ نظر اپنی نیستیِ ذاتی رہتی اور وہ اپنے کو بندہ ہی کہتے رہے۔ او نادان! تو نے کبھی قرآن شریف پڑھا بھی ہے؟ دیکھ اس میں کیا ہے: لَنْ يَسْتَنْكِفَ الْمَسِيحُ أَنْ يَكُونَ عَبْدًا لِلَّهِ وَلَا الْمَلَائِكَةُ الْمُقَرَّبُونَ (النساء: ۱۷۲) — مسیح علیہ السلام اور مقرب فرشتے خدا کے بندے ہونے کو عار نہیں سمجھتے۔ دیکھو! رسولِ خدا محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم کیا فرماتے ہیں: اللَّهُمَّ إِنِّي عَبْدُكَ وَابْنُ عَبْدِكَ وَابْنُ أَمَتِكَ نَاصِيَتِي بِيَدِكَ مَاضٍ فِيَّ حُكْمُكَ عَدْلٌ فِيَّ قَضَاؤُكَ...
...خدایا بیشک میں تیرا بندہ ہوں اور تیرے بندے کا بیٹا ہوں اور تیری بندی کا بیٹا ہوں۔ میرے موئے پیشانی تیرے ہاتھ میں ہیں، میرے متعلق تو جو حکم دے وہ ہو کر رہے گا۔ تو جو فیصلہ فرمائے وہ عین عدل ہوگا۔ جو جتنا بڑا ہوگا اس کی بندگی بھی اتنی ہی بڑی ہوگی۔ صاحبو! ہمارے زمانے میں ایک صاحب تھے جو ہر شئے کو خدا کہتے اور خود کو بھی خدا سمجھتے۔ مرید یا شاگرد نے عرض کیا: 'حضرت مجھے خدا کے دیدار سے سرفراز کیجئے، اس کی صورت دکھا دیجئے!' تو پیر صاحب نے اپنے منہ پر ہاتھ پھیرا کہ 'یہ ہے!' اور پکار کر کہہ دیا کہ 'فَأَيْنَمَا تُوَلُّوا فَثَمَّ وَجْهُ اللَّهِ'۔ شاگرد تھا بڑا گستاخ، اس نے حضرت کی داڑھی مبارک پکڑ لی اور لگا ڈنڈے سے خبر لینے اور کہنے لگا کہ: 'تو نے میری بیوی بچوں کو مارا، باپ دادا کو قبر میں سلایا، خود مجھے کس قدر سختی میں رکھتا ہے، نہ تن کو برابر کپڑا ہے نہ پیٹ بھر کھانا!' پیر صاحب فرمانے لگے کہ: 'اس مسئلے کو تو سمجھ تو سہی!' شاگرد نے کہا کہ: 'میں خوب سمجھ چکا، اب آپ سے سمجھ لیتا ہوں!'
پانچواں گروہ اہلِ توحید کا ہے۔ یہ فرماتے ہیں کہ موجود بالذات صرف خدائے تعالیٰ ہے، اور جس قدر موجودات ہیں وہ سب بالعرض ہیں۔ خدا کے سوا کسی چیز کا وجود حقیقی نہیں۔ جو کچھ نظر آ رہا ہے وہ سب اعتباری اور ظہوری ہے، اصل میں وجود ایک ہی ہے اور وہ اللہ تعالیٰ کا وجود ہے۔
...ہیں، ایسے تمام موجودات عینِ حق ہیں۔ پس خدا کے سوا بندے کو بھی موجود سمجھنا شرک فی الوجود ہے۔ بھلا کس کی مقدور ہے کہ خدا کے سامنے اپنے موجود ہونے کا دعویٰ کر سکے۔
دیکھو خدائے تعالیٰ فرماتا ہے: هُوَ الْأَوَّلُ وَالْآخِرُ وَالظَّاهِرُ وَالْبَاطِنُ (الحديد: ۳) — وہی اول ہے، وہی آخر ہے، وہی ظاہر ہے، وہی باطن ہے۔ سنو! قاعدہ یہ ہے کہ جب اضداد بیان کئے جاتے ہیں، جیسے روز و شب، لیل و نہار، تو اس سے تمام احاطہ مقصود ہوتا ہے۔ جب اول بھی وہی اور آخر بھی وہی، ظاہر بھی وہی اور باطن بھی وہی، تو پھر بتاؤ کہ تیسری چیز کدھر سے آئی؟ کچھ بھی نہیں! اچھا، انسان، حیوانات، نباتات اور درختوں میں کیا چیز مشترک ہے؟ نامی ہونا۔ اب ان کے ساتھ پہاڑوں اور مٹی کو بھی ملاؤ تو ان میں 'جسم' ہونا مشترک ہے۔ اچھا، ان سب کے ساتھ ارواح اور فرشتوں کو ملاؤ تو 'امکان' یعنی ممکن ہونا مشترک ہے۔ اب ممکن اور واجب دونوں کو ملاؤ تو...
...وجود مشترک ہے، یعنی سب پر موجود کا لفظ صادق آتا ہے، اور وجود سب میں پایا جاتا ہے۔ مگر یاد رکھو کہ وجود دو طرح کا ہے: ایک وجود بالذات، دوسرا وجود بالعرض۔ بالذات وجود تو صرف خدا کا ہے اور ممکنات کا وجود بالعرض ہے۔ ذرا اتنا تو سوچو کہ وجود کے مقابل ہے کیا؟ عدم۔ عدم تو ہے ہی نہیں، پھر بھلا وہ کیا ہوگا؟ بہر حال جو کچھ ہے وہ وجود ہی ہے۔ دیکھو! آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کیا فرماتے ہیں: أَصْدَقُ كَلِمَةٍ قَالَتْهَا الْعَرَبُ كَلِمَةُ لَبِيدٍ: أَلَا كُلُّ شَيْءٍ مَا خَلَا اللَّهَ بَاطِلُ۔ آپ فرماتے ہیں کہ عربوں کے اقوال میں سب سے سچا قول اور درست ترین بات لبید کا قول ہے، یعنی ہر چیز جو خدائے تعالیٰ کے سوا ہے باطل ہے، ناحق ہے۔
صاحبو! پہلے زمانے کے فلاسفر کہتے تھے کہ سب چیزوں کی اصل ہیولیٰ اور صورت ہے، اور بعض کہتے ہیں کہ تمام اشیاء کی اصل مادہ ہے۔ آج کل برق پاروں کا مذہب خوب چمک رہا ہے، ان کے پاس تمام اشیاء برق پاروں کے سوا کچھ نہیں۔ بلکہ جو کچھ ہے انہی کا تماشا ہے۔ مگر ہمارے پاس تو جو کچھ ہے وہ اللہ کے نور کا ظہور ہے۔ چنانچہ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے: اللَّهُ نُورُ السَّمَاوَاتِ وَالْأَرْضِ (النور: ۳۵) — اللہ آسمانوں اور زمین کا نور ہے۔ فکرِ ہر کس بہ قدرِ ہمتِ اوست! ز دریا موجِ گوناگوں برآمد، ز بے چونی برنگِ چوں برآمد۔ وہی بے چوں یہاں چوں آیا، وہی صورت ہے وہی معنی۔
صاحبو! ذرا اس پر غور کرو کہ یہ میرا ہاتھ ہے۔ ہتھیلی اور انگلیاں ہیں، یہ سب مل جاتی ہیں اور سمٹ کر گول ہو جاتی ہیں تو گھونسہ ہے، ہڈی پسلی توڑنا اس کا کام ہے۔ پھر جب کھل کر اور لمبی ہو کر آپس میں ملتی ہیں تو تھپڑ اس کا نام ہے اور گال لال کرنا اس کا کام ہے۔ ہاتھ چاہے گھونسہ بنے یا تھپڑ، اس میں ایک بال برابر زیادتی یا کمی نہیں ہوتی اور سرمو فرق نہیں آتا، مگر دیکھو ان کے احکام کیسے بدل جاتے ہیں! کوئی کہے کہ گھونسہ اور تھپڑ ہاتھ ہی ہیں تو بالکل درست ہے۔ غرض ادھر ادھر کے فضول خیالات دفع ہو جاتے ہیں تو صرف 'وجود' رہ جاتا ہے۔ میں پوچھتا ہوں، وجود سے پہلے کیا ہے؟ کچھ نہیں۔ وجود کے بعد کیا ہے؟ کچھ نہیں۔ بس 'ہے' کے ساتھ وجود آ جاتا ہے۔ اچھا، جو وجود ازلی و ابدی ہو، جو سب کی اصل ہو، وہ کیا ہے؟ وہ 'حق' ہے، وہ اللہ ہے۔ لَا إِلٰهَ إِلَّا اللهُ۔ یہ باتیں کس نے سکھائیں؟ محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے!
کسی اور کو مستقل موجود سمجھنا شرک فی الوجود ہے، اور شرک فی الوجود سب سے برا شرک ہے۔ ذاتِ باری اور اس کی احدیت میں کسی ممکن کا کیا دخل؟ بندہ تو وہی ہے جو کچھ نہ رکھے اور سب کچھ جانے۔ یاد رکھو، جتنا خالی ہوتے جاؤ گے اتنا ہی بھرتے جاؤ گے۔ کچھ نہ رکھو گے تو سب کچھ پاؤ گے۔ 'اللہ بس، باقی ہوس!' یہ لوگ وحدت الوجود اور 'ہمہ اوست' کے قائل ہیں مگر حفظِ مراتب کے ساتھ۔
منظور منظور اے اہلِ دنیا! کہو اللہ میرا باقی
ہم دنیا کو دیکھ رہے ہیں، گھر بار ہے، آدمی ہیں، عورتیں اور بچے ہیں، جانور اور نباتات ہیں، جمادات اور پتھر وغیرہ ہیں۔ ذرا کیمیا داں سے پوچھو کہ دنیا کیا ہے؟ وہ کہے گا: چند معدنیات، جمادات اور گیسیں ہیں۔ اچھا طبیعیات والے سے پوچھو کہ دنیا کیا ہے؟ وہ کہے گا: ایک مادہ ہے، باقی سب اس کے مظاہر ہیں۔ بعض کہتے ہیں کہ ہیولیٰ و صورت ہے۔ بعض کہتے ہیں کہ جوہر اور اعراض کا مجموعہ ہے۔ بعض کہتے ہیں کہ دنیا برق پاروں کا مجموعہ ہے۔ جتنے منہ اتنی باتیں! مگر سب کا اتفاق اس بات پر تو ہے کہ یہ سب خیالی ہیں، کیا سب کچھ جھوٹ موٹ ہے؟ ہم جو کچھ دیکھ رہے ہیں غلط ہے؟ اس میں کیا شک ہے، غلط در غلط ہے۔ جو نظر آ رہا ہے وہ تو یقیناً غلط ہے، جو نظر نہیں آ رہا ہے اس کو سمجھتے ہیں کہ سچ ہے۔ بعض تو کہتے ہیں کہ دنیا جھوٹے خیالات کے جال کا نام ہے۔ اگر سب جھوٹ ہے تو آپ کا خیال بھی جھوٹا ہے۔ گفتگو تو اسی وقت ہو سکتی ہے جب کہ کسی بات کو سچ سمجھیں۔
مگر میں حق کو حق، ناحق کو ناحق سمجھتا ہوں۔ تمہارا وجود غلط ہے، ہوا کرے، میں اپنے احساس کی تکذیب نہیں کر سکتا۔ میں ہوں، یقیناً ہوں، کھاتا پیتا ہوں، چلتا پھرتا ہوں۔ اگر میں غلط ہوں تو ایک 'ہے' ضرور ہے۔ یعنی دنیا تمام 'ہے' کا ظہور ہے۔ جو چیز سب سے زیادہ عام ہو، بدیہی ہو اور واضح ہو، اس کی توضیح نہیں ہو سکتی۔ اس 'ہے' کا دوسرا نام 'وجود' ہے۔ وجود کو سب دیکھتے ہیں، سب محسوس کرتے ہیں۔ مگر ہم کو عادت پڑ گئی ہے جزئیات پر نظر جمانے کی، اس لئے وجود پر نظر نہیں ٹھہرتی۔ پھر جب نظر ہی نہ ٹھہرے تو دیکھے گا کیونکر؟ اے وجود! وجود تو ہی موجود ہے۔ تیرے سوا جو کچھ ہے مفقود ہے۔
وہ ازلی و ابدی ہے۔ وہ اول ہے اور وہی آخر ہے، اس سے پہلے کوئی نہیں، اس کے بعد کوئی نہیں۔ وہی حقیقی و اصلی ہے، وہی بالذات ہے، اس کے سوا جو کچھ ہے بالعرض ہے، ظہورات ہیں۔ اچھا بتاؤ کہ جو چیز بالذات ہو، ازلی و ابدی ہو، اول و آخر، ظاہر و باطن ہو، وہ ہے کیا؟ لَا إِلٰهَ إِلَّا اللهُ — اللہ کے سوا ایسا کون ہو سکتا ہے؟
سنو! اللہ تعالیٰ اپنے کمالات و صفات کے ساتھ ہے۔ اور امہات الصفات تین ہیں: (۱) حیات، (۲) علم، (۳) قدرت۔ علم کے دو مددگار ہیں: سماعت و بصارت۔ اور قدرت کے دو معاون ہیں: ارادہ و کلام۔ لہذا امہات الصفات سات ہیں: (۱) حیات، (۲) علم، (۳) سماعت، (۴) بصارت، (۵) قدرت، (۶) ارادہ، (۷) کلام۔ واضح ہو کہ اللہ تعالیٰ نے جان بوجھ کر یعنی علم کے ساتھ سب چیزوں کو پیدا کیا ہے، اور ایسا ہرگز نہیں ہوا کہ پیدا کرنے کے بعد جانا ہو کہ ارے میں نے یہ چیزیں پیدا کی ہیں! یاد رکھو، عاقل کا ارادہ پہلے ہوتا ہے اور زبان بعد، پہلے علم ہوتا ہے اور بعد قدرت۔ پیدا کرنا قدرت کا نتیجہ ہے۔ تمام چیزوں کے پیدا ہونے سے پہلے اللہ کو تمام چیزوں کا علم تھا، اور اللہ کے علم کی ان چیزوں کو 'معلومات' کہا جاتا ہے۔ ان تمام معلومات کو 'اعیانِ ثابتہ' کہتے ہیں۔
جب اسمائے الہیہ اپنے مربوبات پر اپنا عمل کرنا چاہتے ہیں تو حکمتِ مقدسہِ الہی سے 'حکیم' اور 'مقسط' کے اسماء ان اعیان کے ظہور کے لئے ترتیب پیدا کرتے ہیں۔ اور ان کا نمایاں ہونا ایک نظام کے مطابق ہوتا ہے۔ اس نظام میں بعض اول اور بعض آخر ہوتا ہے۔ دادا پہلے ہوتا ہے، بیٹا اس کے بعد، پوتا اس کے بعد پیدا ہوتا ہے۔ اس ترتیب کا نام 'تقدیر' ہے۔ جس کی حقیقت میں، جس کے عینِ ثابت میں نیکی ہے وہ نیک کام کرتا ہے۔ جس کی حقیقت میں کفر ہے وہ کافر ہوتا ہے۔ جس کی حقیقت میں توبہ ہے وہ پہلے گناہ کرتا ہے، پھر توبہ کرتا ہے۔ پس خدائے تعالیٰ جب عینِ ثابت کو 'کن' فرماتا ہے تو 'روح' نمایاں ہوتی ہے۔ روح میں کیا ہے؟ صرف صفات ہیں، صورت و شکل اور زمانہ اس میں نہیں ہوتا۔
روحوں کے اعیانِ ثابتہ علمِ الہی میں ہیں اور علمِ الہی قدیم ہے۔ لہذا اعیانِ ثابتہ علمِ الہی کا لحاظ کرتے ہوئے قدیم ہیں، مگر جب ان پر وجود کی تجلی پڑتی ہے اور وہ خارج میں ظاہر ہوتے ہیں تو اس لحاظ سے وہ حادث ہیں۔ روح تنزل کرتی ہے تو صورت اختیار کرتی ہے۔
روح پر یا اس کے عینِ ثابت پر اللہ تعالیٰ تازہ تجلی فرماتا ہے تو روح صورت و شکل اختیار کرتی ہے۔ اس وقت عالمِ ارواح عالمِ مثال بن جاتا ہے، یعنی روح تنزل کر کے مثالی بنتی ہے۔ عالمِ مثال میں کیا ہے کیا نہیں ہے؟ اس میں صفات ہیں، مزید برآں صورت بھی ہے۔ البتہ زمانہ اس میں نہیں ہے۔ اسی واسطے ہم بحالتِ خواب یک آن میں مکہ شریف یا مدینہ منورہ پہنچ جاتے ہیں۔ عالمِ مثال میں جو چیز آتی ہے دفعتاً آتی ہے، پھر مثال میں خیال اس کو بڑھاتا اور پھیلاتا ہے اور وہ اچھا خاصا قصہ بن کر نمایاں ہو جاتی ہے۔ کبھی نفس اس پر اپنے دل سے حاشیے بھی چڑھاتا ہے اور وہ کچھ کا کچھ ہو جاتا ہے۔ اگر اصل واقعہ بلا کم و کاست ہو تو وہ رویاۓ صادقہ اور سچا خواب ہے، اور دنیا میں اسی کے مطابق ظہور ہوتا ہے۔ بعض دفعہ ایک واقعہ کو تشبیہ و استعارے میں دکھایا جاتا ہے، ایسا خواب تعبیر طلب ہوتا ہے اور اس کا سمجھنا معبر کا کام ہے۔ عالمِ مثال کے بعد عالمِ شہادت کی باری ہے۔ یہاں جو کچھ ہوتا ہے تدریجاً، آہستہ آہستہ، رفتہ رفتہ ہوتا ہے اور وزن بھی بارِ دوش ہو جاتا ہے، وہ برق رفتاری باقی نہیں رہتی، رات دن کے چکر میں رہتا ہے۔
یعنی پہلے ہونے اور بعد ہونے کا حال سناتے ہیں۔ سنو! جو چیز رفتہ رفتہ ہوتی ہے اس کا معیار زمانہ ہے۔ دیکھو! باپ پہلے پیدا ہوتا ہے اور بیٹا بعد میں، لہذا یہ تقدم و تاخر زمانی کہلاتا ہے۔
صاحبو! تم قفل میں کنجی ڈال کر پھراتے ہو، انگلیوں کی حرکت اور کنجی کی حرکت معاً اور فوراً ہوتی ہے۔ ایسا ہرگز نہیں ہو سکتا کہ آپ کی انگلیاں تو حرکت کریں اور کنجی حرکت نہ کرے۔ مگر اس کے ساتھ ہی ہم یہ بھی کہتے ہیں کہ انگلیوں کی حرکت اول ہے۔ اصل میں یہاں زمانہ ایک ہے، مگر انگلیوں کی حرکت اصل ہونے کی وجہ سے اسے 'تقدم بالعلّیت' کہا جاتا ہے۔ عالمِ مثال میں جو چیزیں ہوتی ہیں تدریجاً نہیں ہوتیں، لیکن اس پر بھی عالمِ مثال کی چیزوں کو جو غیر تدریجی اور غیر زمانی ہوتی ہیں یعنی رفتہ رفتہ نہیں ہوتیں، مقدم و مؤخر کہا جاتا ہے، اور ایسے تقدم کو 'تقدم دہری' کہا جاتا ہے۔ مثلاً ہم یہ کہتے ہیں کہ روح مثال سے پہلے ہے تو یہ تقدم دہری ہوگا نہ کہ زمانی۔ اسی طرح جو چیزیں غیر تحادث یعنی دائمی اور ہمیشہ رہنے والی ہوں ان کا بھی یہی حال ہے۔ ہم کہتے ہیں: خدا کی ذات سب سے مقدم اور سب سے پہلے ہے، تو ایسا تقدم 'تقدم سرمدی' کہلاتا ہے۔
عالمِ مثال کے متعلق اتنا اور یاد رکھنا چاہئے کہ وہ معانی جو نظر آنے والی چیزیں نہیں ہیں، وہ بھی وہاں صورت و شکل لے کر نظر آ جاتی ہیں۔ چنانچہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے علم کو خواب میں دودھ کی شکل میں دیکھا، اور بخار کو ایک چھوکری کی شکل میں ملاحظہ فرمایا۔ اسی طرح کبھی محبت وغیرہ غیر مرئی چیزیں بھی کوئی شکل لے لیتی ہیں۔ بعض دفعہ اسمائے الہیہ اور صفات بھی مختلف اشکال میں نظر آتے ہیں تو ان کو تجلیات کہا جاتا ہے۔ لیکن تجلیات کے تشکل سے احدیتِ ذات پر کچھ بھی اثر نہیں پڑتا، کیونکہ احدیت کا مرتبہ صفات سے بھی اونچا ہے۔
'وحدت' ذات و صفات دونوں سے عام ہے، اس کو 'لا بشرطِ شئے' اور 'وحدتِ مطلقہ' کہتے ہیں۔ 'احدیت' ذات کو صفات سے موصوف نہ ہونے کی قید سے خالی کیا جائے تو اس کو 'بشرطِ لا شئے' کہا جاتا ہے۔
...سے خالی کیا جائے تو اس کو 'بشرطِ لا شئے' کہا جاتا ہے۔ واحدیت: ذات کے صفات سے موسوم ہونے کا نام ہے اور اس کو 'بشرطِ شئے' کہا جاتا ہے۔ اس مثال پر غور کرو: بچہ، اس کو کپڑے پہنے یا نہ پہنے دونوں سے عام کیا جائے تو یہ مثال وحدتِ مطلقہ کی ہے، اور احدیت کی مثال 'ننگا بچہ' ہے جو کپڑے پہنے ہوئے نہیں ہے، واحدیت کی مثال 'کپڑے پہنا ہوا بچہ' ہے جس میں کپڑے پہننے کی شرط ہے۔ یہ ایک چیز کے تین اعتبار ہیں، لیکن چیزیں تین نہیں ہیں۔
جس چیز کی وجہ سے ہم چیزوں کو 'ہے' کہتے ہیں وہ ما بہ الموجود یعنی وجود اور عین ذاتِ حق ہے۔ سب چیزوں کے پیدا ہونے سے پیشتر اللہ تعالیٰ سب چیزوں کو جانتا تھا، یعنی تمام چیزوں کو جو معلوماتِ حق ہیں، ان کو اعیانِ ثابتہ کہا جاتا ہے، ایک سے زیادہ ہوں تو 'اعیانِ ثابتہ' اور ایک کو 'عینِ ثابتہ' کہتے ہیں۔ یاد رہے کہ صفات ذات سے 'لا عین و لا غیر' ہیں۔ یعنی معنی کے لحاظ سے جدا ہیں اور عین ذات نہیں ہیں، مگر حقیقت اور منشاء کے لحاظ سے غیر ذات نہیں ہیں، کیونکہ ذات ہی ان کی اصل ہے۔
ہم بھی اللہ سے 'لا عین و لا غیر' ہیں یعنی سب کی اصل اللہ ہے۔ اسی واسطے ہم اللہ سے جدا نہیں ہیں۔ مگر ہم فانی ہیں اور اللہ باقی ہے۔ یعنی اس کا وجود بالذات ہے اور ہمارا وجود بالعرض ہے۔ وہ غنی ہے ہم محتاج ہیں، وہ رب ہے ہم بندہ۔
(الف) لَهَا مَا كَسَبَتْ وَعَلَيْهَا مَا اكْتَسَبَتْ (بقره: ۲۸۶) — یعنی خیر و شر نفسِ مکلف کی طرف سے ہے۔ ایک دوسری آیت میں ہے:...
(ب) مَا أَصَابَكَ مِنْ حَسَنَةٍ فَمِنَ اللَّهِ وَمَا أَصَابَكَ مِنْ سَيِّئَةٍ فَمِنْ نَفْسِكَ (نساء: ۷۹) — یعنی جو بھلائی ہے وہ اللہ کی طرف سے ہے اور جو بدی ہے وہ بندے کے نفس کی طرف سے ہے۔
ایک تیسری آیت میں ہے:
(ج) قُلْ كُلٌّ مِنْ عِنْدِ اللَّهِ (نساء: ۷۸) — بھلائی اور برائی سب اللہ کی طرف سے ہے۔
ہر ایک آیت کا کیا محل ہے اور تطبیق کی کیا صورت ہے؟ واضح ہو کہ فاعل و کاسب ہونے کے لحاظ سے بھلائی برائی سب بندے کی طرف سے ہے، یعنی اچھے کام کرتا ہے تو بندہ اور برے کام کرتا ہے تو بندہ۔ اور اس لحاظ سے کہ خدائے تعالیٰ بندے کو وجود عطا فرماتا ہے جو بالکل خیر ہے، لیکن بندہ اپنی طبیعت کی خرابی کی وجہ سے برے کام کرتا ہے، لہذا خیر اللہ کی طرف سے ہے اور شر بندے کی طرف سے ہے۔ اب رہ گئی تیسری آیت: ظاہر ہے کہ خدائے تعالیٰ وجود عطا نہ کرتا تو نہ خیر ظاہر ہوتا نہ شر، پس خیر و شر ہر ایک کی فطرت کے مطابق نمایاں کرنا اللہ ہی کا کام ہے۔
واضح ہو کہ بعض لوگ 'دو ذات، دو وجود' کے قائل ہیں، اور بعض 'دو ذات، ایک وجود' کے قائل ہیں، اور بعض 'ایک ذات، ایک وجود' کے قائل ہیں۔ ہمارے پاس تینوں مذہب حق ہیں، مگر ہر ایک کا جدا جدا مقام ہے۔ 'دو ذات، دو وجود' ناسوت و شہادت اور عالمِ اجسام میں ہیں۔ پہلے اس کو سمجھو کہ ذات کسے کہتے ہیں اور وجود کسے۔ ذات کہتے ہیں مرجعِ صفت یعنی موصوف کو۔ صفت وہ غیر مستقل چیز ہوتی ہے جو اپنے موصوف کے بغیر پائی ہی نہیں جاتی، مثلاً علم صفت ہے اور اس کا موصوف ذاتِ عالم ہے۔ واضح ہو کہ آثار وجود ہی پر مرتب ہوتے ہیں، جب چیز ہے ہی نہیں تو اس پر آثار مرتب نہ ہوں گے۔ مثلاً زید...
...ایک ذات ہے، اور بیٹے کی صفت بکر کی طرف کی جاتی ہے، لہذا وہ بھی ایک ذات ہے۔ پس زید و بکر دو جدا جدا ذاتیں ہیں، اور چونکہ زید باپ ہے لہذا اس کا وجود پہلے ہے اور بکر بیٹا ہے لہذا اس کا وجود بعد میں ہے۔ کیونکہ اگر زید و بکر کا وجود ایک ہوتا تو جب سے زید ہے تب سے بکر بھی ہوتا اور یہ بالکل خلافِ واقعہ ہے۔ غرض کہ ناسوت و شہادت میں یہ دو ذاتیں ہیں اور دو وجود ہیں۔ تمام چیزوں کو پیدا کرنے سے پیشتر تمام حقائق اور تمام معلوماتِ الہیہ اعیانِ ثابتہ علمِ الہی میں تو تھے مگر خارج میں ابھی پیدا نہیں ہوئے تھے۔
تمام مخلوقات کا ابتدائی ظہور قوسِ نزولی کہلاتا ہے۔ یعنی ذاتِ احدیت سے تنزل کر کے ارواح پیدا ہوئے، ارواح سے عالمِ مثال اور عالمِ مثال سے عالمِ اجسام و ناسوت پیدا ہوا۔ ناسوت میں پہلے جمادات، پھر نباتات، پھر حیوانات، اور حیوانات سے ترقی کر کے انسان پیدا ہوا۔ یہاں تنزل اپنی انتہا کو پہنچ گیا اور قوسِ نزولی مکمل ہو گیا۔ اب یہاں سے انسان اپنی معرفت اور سلوک کے ذریعے واپس اپنے رب کی طرف رجوع کرتا ہے، اس کو قوسِ صعودی کہتے ہیں۔
امانتوں کو واپس کرنے کا وقت آیا تو پہلے خود پسندی اور اختیار کو کھویا، مگر یہ کون کرتا ہے؟ جو خدا کا پاک بندہ ہوتا ہے۔ اس وقت وہ کھاتا پیتا، چلتا پھرتا تو ہے مگر بغیر خود پسندی کے۔ اس وقت وہ بے ارادہ زندہ رہتا ہے۔ پھر اس کے کھانے پینے پر بھی زوال آتا ہے، پھر وہ نشوونما پاتا ہے مگر بے ارادہ، گویا وہ لکڑی یا پتھر ہو گیا ہے۔ پھر نہ اس کو کھانے سے غرض ہے نہ نشوونما سے۔ وہ کچھ ہے تو ضرور مگر کیا ہے؟
ہم نے اس سے پہلے بیان کر دیا ہے کہ عالم اور اس میں جو کچھ ہے ان کی جیسی جیسی تحلیل و تجزیہ کیا جائے گا، ویسے ویسے خیالات کا جال ٹوٹتا جائے گا۔ آخر میں چند ایٹم یا قوتوں پر فلسفی حیران ہو کر بیٹھ جائیں گے، زیادہ سے زیادہ یہ کہیں گے کہ یہ سب جھوٹ ہے۔ مگر جو خدا پرست ہے اس کی انتہا خدا پر ہے: إِلَيْهِ يُرْجَعُ الْأَمْرُ كُلُّهُ (هود: ۱۲۳) یعنی سب کا انجام خدا پر ہے۔ یہ سلسلہ ذو الجلال والاکرام پر ختم ہوتا ہے۔ یہ بات یاد رکھنے کی ہے کہ پہلے ذاتِ الہی ہے، پھر اس کے اسماء و صفات کا مرتبہ ہے۔ جو صفات اور اسماء مخلوقات پر اثر کرتے ہیں ان کو 'افعال' کہتے ہیں، اسماء و افعالِ الہی سے جو چیزیں رونما ہوتی ہیں انہیں 'آثار' کہا جاتا ہے۔ ہم سب آثار و اسماء و صفاتِ الہیہ ہیں۔ پہلے تو سالک مخلوقات کے افعال کو بے اصل سمجھتا ہے، اس حالت کو 'فنائے افعال' کہتے ہیں، یعنی فنائے افعال والا کسی کے ہاتھ میں کچھ نہیں سمجھتا، لوگوں کے کام اس کی آنکھوں سے گر جاتے ہیں۔
پھر مخلوقات کی صفات بھی بے بود و بے نمو معلوم ہوتی ہیں۔ پھر وہ سب سے منہ موڑتا ہے اور خدا سے اپنی نسبت جوڑتا ہے۔ رات دن یادِ خدا میں رہتا ہے اور سب کو بھول جاتا ہے، اور آخر میں خود کو بھی بھول جاتا ہے اور یہ بھی بھول جاتا ہے کہ میں خدا کو یاد کر رہا ہوں۔ پھر فنائیت کی ایک بجلی گرتی ہے اور اس کا کام تمام کر دیتی ہے۔ ابتدائے فنائیت میں اس کو نہ ہوش رہتا ہے نہ بے ہوشی کا ہوش، جس طرح نیند کا متوالا سمجھتا ہے کہ میرے حواس خراب ہو رہے ہیں اور اب میں چلا۔ پھر رحمتِ رحمانی سے بے ہوش ہوش میں لایا جاتا ہے، اور جو کچھ کھو گیا تھا پھر پا لیتا ہے۔ صاحبو! بچے شروع شروع جب سیکل پر بیٹھتے ہیں تو بیالنس سنبھالتے ہیں تو ان کا دھیان ادھر ادھر سے ہٹ جاتا ہے، مگر جب پورا بیالنس سنبھل جاتا ہے تو پھر ادھر ادھر دیکھنے اور بولنے لگتے ہیں۔ اسی طرح جب خدائے تعالیٰ کی نسبت دائمی اور قوی ہو جاتی ہے تو دنیا کے تمام کام کرتے ہیں مگر ایک آن کے لئے خدا سے غفلت ان کے پاس نہیں پھٹکتی۔ یاد رکھو کہ جب خیال جاتا ہے تو ذو الجلال آتا ہے، کیونکہ خلو محال ہے! جتنا خالی ہوتے جاؤ گے اتنا ہی بھرتے جاؤ گے۔ اللہ بس باقی ہوس!
جس چیز کو ہم دیکھ کر 'ہے' کہتے ہیں، وہ وجود بہ معنی ما بہ الموجود ہی ہے۔ یہ وہ اصلی اور حقیقی چیز ہے جو خارج میں ہے۔ اور ہم جو اس کو 'ہے' کہتے ہیں وہ وجودِ انتزاعی ہے، اور خارج میں نہیں ہے، ہمارے ذہن میں ہے۔
...پس انتزاعی اور سمجھنے کی چیز کو وجودِ مصدری کہتے ہیں جو خارج میں نہیں، سمجھنے کی بات ہے۔ جناب! جسم ناسوتی و شہادی کیا ہے؟ مثالی و خیالی کیا ہے؟ اعیانِ ثابتہ میں سے کون حادث ہے کون قدیم ہے؟ اس دنیا میں یا عالمِ ناسوت میں جتنی چیزیں بھی ہیں تدریجی یعنی آہستہ آہستہ پیدا ہوتی ہیں اور حادثِ زمانی ہیں، اور عالمِ مثال یا عالمِ ارواح کی چیزیں غیر تدریجی ہیں، جو زماناً قدیم اور دہر کے لحاظ سے حادث ہیں۔ اسماء و صفات اور اعیانِ ثابتہ ذاتِ الہی کا لحاظ کرتے ہوئے سرمدی ہیں۔ پس جو ذات اپنی ہو سرمدی کہہ دو مگر ہیں قدیم ہی۔
کہتے ہیں کہ یہ حدوث ترتیب سے پیدا ہوا ہے۔ اعیانِ ثابتہ پر جب تجلی ہوتی ہے اور علم سے قدرت ملتی ہے تو یہ تمام مظاہر اور مخلوقات رونما ہوتے ہیں۔ ان مثالوں پر غور کرو: ہائیڈروجن اور آکسیجن غیر مرئی گیسیں ہیں، ان کے ملنے سے پانی پیدا ہوتا ہے۔ پانی بہ نسبت ان دونوں گیسوں کے حادث ہے۔ دیکھو، پانی کا حکم الگ ہے اور گیسوں کا حکم الگ ہے۔ کیا گیسوں کو ہم پی سکتے ہیں؟ نہیں! پانی کو ہم پیتے ہیں، اس سے نہاتے ہیں، کپڑے دھوتے ہیں۔ اور پانی ان گیسوں کے سوا موجود نہیں، تو کیا یہ دونوں گیسیں اپنی اپنی حقیقت چھوڑ کر پانی بن گئی ہیں؟ نہیں! ہائیڈروجن اب بھی ہائیڈروجن ہے اور آکسیجن اب بھی اپنی حقیقت پر ہے۔ نہ آکسیجن پانی بنا اور نہ ہائیڈروجن پانی بنا ہے، مگر ان دونوں کے ملنے سے پانی بنا اور نظر آنے لگا اور دوسرے قسم کا کام دینے لگا۔
اچھا جب پانی ان دونوں گیسوں کے سوا کچھ نہیں ہے تو کیا ان کا ہونا غلط ہے؟ کیا پانی نیست ہے یا ہستی سے اس کو کچھ حصہ ملا ہے؟ پانی اپنی حقیقت و اجزاء کا لحاظ کرتے ہوئے موجود بالعرض ہے، یعنی پانی اپنے مرکب ہونے کے لحاظ سے موجود بالعرض ہے۔ غرض کہ تمام ترکیبیات میں یہی ہوتا ہے کہ مرکب کا وجود اجزاء کی وجہ سے موجود ہوتا ہے۔ ایک معمولی مثال پر غور کرو: تانبا لال اور جست گونہ تاریک ہوتا ہے، مگر دونوں کے ملنے سے پیتل بنتا ہے جو پیلا ہوتا ہے، اور وہ خارجی و اعتباری واقعی و حقیقی ہوتا ہے۔ بعض کہتے ہیں کہ وجود ایک ہی چیز ہے جو مختلف تعینات و مظاہر میں جلوہ گر ہے، ہزاروں صورتوں میں ظاہر ہوتا جا رہا ہے اور سب کو دکھا رہا ہے اور خود چھپتا جا رہا ہے۔
ایک اور مثال سنو! ہمارے سامنے ایک ناند، ایک گھڑا، ایک صراحی، ایک آبخورہ اور کٹوریا دھری ہے۔ ناند میں کئی گھڑے اور گھڑے میں کئی صراہیوں کے برابر پانی، اور صراحی میں کئی آبخوروں کے برابر پانی سما سکتا ہے۔ یہ سب چیزیں جدا جدا ہیں اور ان کے آثار اور احکام بھی جدا جدا ہیں۔ اچھا، یہ سب کس کے نام ہیں؟ مٹی کے! مٹی نے یہ سب تعینات پیدا کر لئے ہیں۔ اب بھی مٹی کی ذات میں کوئی تغیر پیدا نہیں ہوا، اول بھی مٹی تھی اور آخر بھی مٹی۔ ہاں، سب برتنوں کے نام جدا ہیں اور کام بھی جدا ہیں لیکن ہیں وہی مٹی۔ یہ پہنچنے والے ناند سے لے کر کٹوریا تک پہنچ گئے مگر کیا سمجھے؟ وہی مٹی! غرض کہ جس کی نظر وجودِ حق پر تیرتی ہے اس کو سوائے ذاتِ حق کے اور کچھ نظر نہیں آتا کیونکہ ماسوی اللہ کا مرتبہ تحتانی ہے۔ یہ لوگ وحدت الوجود کے قائل ہیں اور وجودی کہلاتے ہیں۔
وحدت الشہود الگ چیز ہے اور وحدت الوجود الگ۔
ولی خدا کا وہ مقبول بندہ ہے جو پیغمبر کی زیرِ نگرانی اچھے کام کرتا ہے، پیغمبر کی اس قدر اتباع کرتا ہے کہ 'گر من گویم زمیں توئی مقصودم' کی نوبت آ جاتی ہے۔ نبی صاحبِ وحی ہوتا ہے، اور رسول صاحبِ وحی و کتاب ہوتا ہے، اور خاتم النبیین تو وہ ہے جس پر تمام کمالات کی انتہا ہے! آج کل نبیوں کا بڑا زور ہے، گھر گھر پیغمبر ہے، روحانیت نام کو نہیں، کمال کا پتہ نہیں اور دعویٰ ہے پیغمبری کا! ذرا قرآن شریف پڑھو تو معلوم ہو کہ نبوت کتنی عظیم چیز ہے۔
سحر ایک شیطانی عمل ہے جس میں شرکیہ کلمات اور ارواحِ خبیثہ کے واسطے سے اثر ڈالا جاتا ہے۔ ہپناٹزم قوتِ ارادی اور توجہ کے زور سے دوسرے کے ذہن کو مغلوب کرنے کا نام ہے۔
...ہے وہ چیز سچ مچ ویسی ہو جاتی ہے۔ ساحر لوگ ارواحِ نباتات سے بھی کام لیتے ہیں، اور ارواحِ نجوم سے بھی۔ ایک ستارے کی روح کے متعلق ایک خاص مہک، خاص رنگ، خاص کھانے پینے کی چیزیں ہوتی ہیں، وہ ان سب چیزوں کو جمع کر کے ستاروں کی روح سے مناسبت پیدا کرتے ہیں اور اس کی اتنی خوشامد کرتے ہیں کہ کفریات کی حد تک پہنچ جاتے ہیں۔
عمل: عمل میں قرآن شریف کی آیتیں، اسمائے الہیہ اور بزرگانِ دین کے ارواح سے مدد لیتے ہیں اور اسمائے الہی کی زکوٰۃ دیتے ہیں۔ لاکھ یا سوا لاکھ مرتبہ پڑھنے کا نام زکوٰۃ کہتے ہیں۔ ترکِ حیوانات جلالی و جمالی کرنے سے روح میں ایک لطافت آ جاتی ہے، اللہ ایسے لوگوں کی دعاؤں کو سن لیتا ہے۔
کرامت: وہ اللہ کی عنایت ہے، جس ولی کا اعزاز کرنا ہوتا ہے تو اس کے ہاتھ سے غیر معمولی کام ظاہر فرماتا ہے جو عادتاً انسان سے نہیں ہو سکتے۔
معجزہ: معجزہ تو خاص خدا کا کام ہے، اس میں پیغمبر کا کوئی دخل نہیں، وہ تو بے ارادہ رہتا ہے۔ اسی وجہ سے وہ معصوم ہوتا ہے، بے گناہ ہوتا ہے۔
یہ بھی یاد رکھو کہ خدا کے دونوں ہاتھ کھلے ہیں، وہ کافر کو بھی دیتا ہے، مسلمان کو بھی دیتا ہے۔ کافر سے کوئی غیر معمولی بات پیدا ہوتی ہے تو اس کو 'استدراج' کہتے ہیں۔ ایک بات یاد رکھنے کی ہے: یقین سے یقین لڑتا ہے، پکا یقین ہوگا تو تم جیت لو گے! کافر کو خود پر پورا بھروسہ ہے اور تم شک و شبہ میں پڑے رہو گے تو کافر جیت جائے گا۔ نام خدا کا لیتے ہو اور دل میں سمجھتے ہو کہ اس کا فائدہ ہوتا ہے یا نہیں، ایسے مشکوک ایمان سے کچھ آثار مرتب نہیں ہوتے۔ بعض نادانوں کو کہتے سنا کہ سفلی عمل کا اثر جلد ہوتا ہے اور علوی عمل کا اثر دیر سے...
...ہوتا، ایسا سمجھنا عدمِ اعتماد علی اللہ پر دلالت کرتا ہے۔ قرآن شریف میں ہے: وَكَانَ حَقًّا عَلَيْنَا نَصْرُ الْمُؤْمِنِينَ (الروم: ۴۷) — مگر کوئی پکا مسلمان بھی تو ہو! یہ تو مذبذبین ہیں: مُذَبْذَبِينَ بَيْنَ ذَٰلِكَ لَا إِلَىٰ هَٰؤُلَاءِ وَلَا إِلَىٰ هَٰؤُلَاءِ (النساء: ۱۴۳)۔
صاحبو! ایک شخص نے شب بیداری کی، خوب نمازیں پڑھیں مگر صبح کی نماز کے وقت سو گیا، اور دوسرا رات بھر سوتا رہا اور صبح کی نماز کے وقت دو رکعت فرض پڑھ لیں۔ بتاؤ ان دونوں میں سے کون بہتر ہے؟ وہ شخص یقیناً بہتر ہے جس نے دو رکعت فرض نماز پڑھ لی۔ اصل یہ ہے کہ من مانے کام کرنا الگ بات ہے اور تحتِ امر حکم کے مطابق کام کرنا الگ بات ہے۔ جو کام تحتِ امر یعنی حکم کے مطابق کیا جاتا ہے اس کو 'قربِ فرائض' کہتے ہیں، اور جو کام فرض کے سوا اپنی خوشی سے کر لیا جاتا ہے اس کو 'قربِ نوافل' کہتے ہیں۔ قربِ فرائض بڑی اہم چیز ہے، اس کا مقابلہ قربِ نوافل نہیں کر سکتا۔ قربِ فرائض کے واسطے اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ 'بندہ میرے ہاتھ پاؤں بن جاتا ہے'، اور قربِ نوافل کے متعلق فرمایا کہ 'میں بندے کے ہاتھ پاؤں بن جاتا ہوں'۔ یعنی قربِ فرائض والا جو کام کرتا ہے وہ خود سے نہیں کرتا، مجھے دینا ہوتا ہے تو اس کے ہاتھ سے دلواتا ہوں، دوسروں کو کھلانا پلانا منظور ہوتا ہے تو اس کے ہاتھ سے۔ یہ قربِ فرائض والا بے مقصد رہتا ہے، بے ارادہ رہتا ہے، خود سے کوئی حرکت نہیں کرتا۔ اور قربِ نوافل والا اپنا مقصد رکھتا ہے، اپنی غرض رکھتا ہے اور اسے اللہ سے پوری کرواتا ہے۔ قادریہ طریقہ میں قربِ فرائض کو بڑی اہمیت ہے۔ قادریوں کا کام ہے بے ارادہ جینا، بے خواہش رہنا۔ سرکارِ غوثِ اعظم فرماتے ہیں کہ: خدا کے ہاتھ میں ایسا ہو جا جیسا مردہ غسال کے ہاتھ میں! بیشک قربِ فرائض اور تحتِ امر رہنا بہت...
...بڑی امتیازی بات ہے۔ مگر ہم کیا کریں کہ ہمارے تمام کام تحتِ امر اور حکمِ رب ہوں؟ نماز، شغل، روزہ وغیرہ کا حکم قرآن و حدیث میں دیا گیا ہے، مگر باقی تمام کام کس طرح قربِ فرائض اور تحتِ امر میں شریک ہو سکتے ہیں؟ حدیث شریف میں ہے: جو استخارہ کرتا ہے وہ ناکام نہیں رہتا۔ لہذا قادری لوگ ہر کام کو الہام سے پوچھتے ہیں، جواب میں جو الہام ہوتا ہے اس پر کاربند ہوتے ہیں۔ ایک بات سمجھنے کے قابل ہے: ایک حکم قطعی اور یقینی طریقے سے معلوم ہوتا ہے، وہ قرآن و حدیث ہے، مگر الہام سے بھی جو معلوم ہوتا ہے وہ بھی امر ہے مگر ظنی ہے۔ غور کرو، تمام کام یقینیات پر مبنی ہوتے ہیں یا ظنیات پر بھی؟ دنیا ظنیات ہی پر چلتی ہے! اگر دنیا کے کاموں کو یقینیات پر منحصر کر دیں تو جینا مشکل ہو جائے گا۔ یہ گوشت کہاں سے آیا، مذبوح جانور کا ہے یا غیر مذبوح کا؟ کس نے ذبح کیا؟ وہ مسلمان تھا یا نہیں؟ اس کو ذبح کرتے وقت بسم اللہ اللہ اکبر کہتے ہوئے تم نے سنا؟ اسی واسطے کہتے ہیں کہ دنیا کے اکثر کام ظنیات پر چلتے ہیں۔
یہ لطائف: قلب، نفس، روح، سر، خفی، اخفیٰ ہیں۔ جو لوگ روحانیات سے واقف نہیں ہیں وہ نہ ان چیزوں کو سمجھتے ہیں نہ ان سے کچھ کام ہے۔ ہپناٹزم والے کچھ ادنیٰ درجے کے روحانیات سے واقف ہوتے ہیں۔ عامۃ الناس کے پاس انسان کھانے پینے، پہننے اور بچے جننے کے لئے پیدا ہوا ہے اور معدہ ہی ان کا مقصود ہے۔ خیر! بعض حکماء کے پاس قلب اصل ہے۔ نطفہ پر پہلا نقطہ قلب کا پڑتا ہے، سب سے پہلے حرکت دل کرتا ہے اور آخر میں دل کی حرکت بند ہوتی ہے۔ اس قسم کے حضرات کے پاس جو کچھ ہے وہ 'دل' ہے۔
...سب دل سے متعلق ہیں۔ ذکر میں ضرب لگاتے ہیں تو دل پر۔ اکثر قادریہ طریقے کے لوگ ساری توجہ ارادہ اور خیال پر رکھتے ہیں۔ فوجداری کا حاکم مجرم کے اسباب و علل پر غور کرے گا۔ جب اسے معلوم ہو جائے گا کہ اس نے بالارادہ یہ جرم کیا ہے تو سزا دے گا۔ ارادے کے بعد سے انسان مختار سمجھا جاتا ہے، جس کو ارادہ نہیں اختیار نہیں، اور ارادے سے پہلے کے جو اسباب ہیں چونکہ انسانی اختیار کو اس میں کچھ دخل نہیں اس واسطے اس میں مؤاخذہ بھی نہیں۔ ان فقیروں کی زد ہے تو ارادے پر ہے! اس واسطے وہ تاکید کرتے ہیں: بے ارادہ رہو۔ بعض حکماء کے پاس نطفہ پر تین نقطے پڑتے ہیں: ایک قلب کا، دوسرا جگر کا، تیسرا دماغ کا۔ امام غزالی فرماتے ہیں کہ دل یعنی قلب سے قوتِ غضبی متعلق ہے، جگر سے قوتِ شہوی، اور دماغ سے قوتِ عقلی۔ قلب سے متعلق نفسِ سبعی، لطیفہِ نفس سے متعلق نفسِ بہیمی، اور دماغ سے متعلق نفسِ ملکی۔ پس ان کے پاس یہ تین لطیفے ظاہر ہیں: قلب، نفس اور روح۔ ذکر اور شغل کرنے کے بعد یہ قوتیں احکامِ شرعی کے مطابق ہو جاتی ہیں اور پھر یہی تین قوتیں سر، مخفی اور اخفیٰ بن جاتی ہیں۔ ان میں پہلے قوتِ غضبی فنا ہوتی ہے، پھر قوتِ شہوی، پھر قوتِ عقلی۔ یہ تینوں قوتیں فنا ہو گئیں تو رہا کیا؟ جو رہنے والا ہے رہے گا، جو نہیں رہنے والا ہے نہیں رہے گا، یعنی باقی باقی رہے گا اور فانی فنا ہو جائے گا۔
اقتضاءات برابر ہوتے ہیں تو قلب کہلاتے ہیں۔ روحِ مجرد کے اقتضاءات کا نام 'سر' ہے۔ اگر دل یادِ الہی میں سب سے منہ موڑ کر صرف ذاتِ الہی کی طرف متوجہ ہو تو یہ 'سر' ہے۔ اس کی یاد میں خود اپنی طرف تک دھیان نہ رہے تو یہ 'خفی' ہے۔ ذکر، مذکور اور کسی کا خیال نہ رہے تو وہ 'اخفیٰ' ہے۔
توجہ کے معنی یہ ہیں کہ ذاکر و شاغل جس کو خدا سے ربط پیدا ہو گیا ہے، اپنی توجہ، پورا ول پاور، کامل انٹینشن ڈالتا ہے، اور اپنے زورِ خیال سے شاگرد یا مرید کے تمام برے صفات کو نیک صفات میں مبدل کر دیتا ہے۔ یہ تموج کیا ہے؟ وہ فقراء جو ہمیشہ خدائے تعالیٰ کی طرف متوجہ رہتے ہیں، ان کے قلوب سے روحانی لہریں پانی کی موجوں کی طرح اٹھتی ہیں اور مجلس میں موجود تمام لوگوں پر اثر انداز ہوتی ہیں۔
(۱) پہلا خطرہ شیطانی ہے، وہ برائیوں اور سرکشی کی طرف بلاتا ہے۔
...توجہ ہی نہ کر سکے۔ (۲) دوسرا خطرہ نفس کا ہے: کھانا پینا، پہننا، شادی کرنا، آرام سے رہنا، یہی اس کا مقصد ہوتا ہے۔ مگر نفس میں یہ بات بھی ہے کہ اچھی تربیت کرو تو اچھا بھی ہو جاتا ہے۔ گھوڑا بہت شرارت کرتا ہے، پیٹھ پر ہاتھ رکھنے نہیں دیتا، بڑی مشکل سے اس کو سدھاتے ہیں تو پھر وہ بگل پر تمام کام کرتا ہے۔ آپ زبردستی کر کے پچھلی رات کو اٹھا کریں تو چند روز کے بعد پچھلے پہر خود بخود نیند اچٹ جائے گی، اور آپ کا نفس کام کرنے کو تیار ہو جائے گا۔ شیطان کے اور نفس کے خطرات کی وجہ سے 'نفسِ امارہ' پیدا ہوتا ہے۔ (۳) تیسرا خطرہ ملکی ہے، وہ برائیوں سے روکتا ہے، بھلائی کو بھلائی اور برائی کو برائی دکھاتا ہے۔ یہ خطرہ ملکی ہے، اس کے بعد وہ 'نفسِ لوامہ' ہو جاتا ہے۔ (۴) چوتھا خطرہ خدا کے پاس کا ہے، یہ خطرہ رحمانی ہے، معارفِ الہیہ سے مالا مال کر دیتا ہے، اس وقت 'نفسِ مطمئنہ' بن جاتا ہے۔
ایک بات یاد رکھو: خطرہ وہ ہے جو آئے اور چلا جائے۔ جب کسی چیز کا پختہ ارادہ کر لیتے ہیں تو وہ خطرہ نہیں رہتا، 'عزم' ہو جاتا ہے۔ خطرہ قابلِ معافی، عزم ناقابلِ معافی! اگر ایک شخص نے کسی برے کام کا پختہ ارادہ کیا مگر کچھ واقعات مانع آ گئے کہ اس کا ارادہ عملی صورت نہ لے سکا، یہ عزم ہے جو گناہ ہے، اس پر سزا ہوگی مگر فعلِ بد سے کم۔ اور یوں تو صبح سے شام تک اچھے اور برے دونوں قسم کے خیالات آتے رہتے ہیں، آتے بھی رہتے ہیں اور جاتے بھی رہتے ہیں، ان پر کوئی مؤاخذہ نہیں ہوتا۔ ابھی ہم نے بیان کیا کہ عزم پر بازپرس ہے نہ کہ خطرے پر۔ آخر ان خطرات کو کس طرح دفع کیا جا سکتا ہے؟ دفعِ خطرات کے سلسلے میں ایک اہم اصول 'نظر بر قدم، خلوت در انجمن' ہے۔ ہمیشہ نیچی نگاہ رکھو، ادھر ادھر نہ دیکھو۔ انسان کی صورت میں بڑی کشش ہے، جس کو دیکھو گے اس...
...کی صورت آنکھوں سے دل میں آ جائے گی۔ چوطرف دیکھتے رہو گے تو دل پریشان ہوگا۔ خاطر جمعی کہاں سے حاصل ہوگی؟ انسان کی صورت آفت ہے، قیامت ہے! فقیر کہتے ہیں: انسان کا سر تصویرِ رحمان ہے۔ جملہ صفات اسی میں ہیں: حیات اسی میں ہے، علم اسی میں ہے، سب تو سب انس و محبت بھی اسی میں ہے۔ یہ آنکھیں بڑی شکاری ہیں، ڈورے کیا ہیں ایک جال ہے کہ بچھا ہوا ہے!
چند روز اپنی نظر کی حفاظت کرو اور دوسروں کی نظر سے بچو۔ جب دل ایک مرکز پر قائم ہو جائے گا تو حقیقت سامنے آ جائے گی، پھر کوئی چیز ضرر رساں نہ ہوگی، غیریت مٹ جائے گی تو پریشانی کیونکر آئے گی؟ جس کو دیکھو گے عینیت کی عینک سے دیکھو گے۔ سَنُرِيهِمْ آيَاتِنَا فِي الْآفَاقِ وَفِي أَنْفُسِهِمْ (فصلت: ۵۳)۔ دیکھو، ایک اور چیز ہے: قسم قسم کے کھانے نہ کھاؤ! یہ کھانے کی رنگا رنگی خیالات میں پراگندگی لاتی ہے۔ مرکب کھاؤ گے تو توحید کہاں سے پاؤ گے؟ پلاؤ، اس کے ساتھ شیرمال، قورمہ، دم کا گوشت، تلا ہوا مرغ، تلی ہوئی مچھلی، شامی کباب، مرغی کا سالن، دم کے بیگن، دوسری طرف انڈوں کے لوز، حلوہ، زعفرانی پڈنگ، خوبانی کا میٹھا! آخر یہ کیا ہے؟ کھاؤ کھاؤ پیٹ بھرنے کو آ گیا ہے، بس نہیں تو چورن چکھو، لیموں کا اچار چاٹوٹ آخر کتنا کھاؤ گے؟ پیٹ میں کچھ سانس لینے کے لئے بھی جگہ چھوڑو! ایک صاحب سے کہا گیا: 'کھانا بہت کھائے ہو کچھ ہضم کی دوا کھا لو۔' جواب دیتے ہیں: 'چورن کے لئے جگہ ہوتی تو ٹھلیا عظیم شاہی نہ کھاتا!' ایک خدا کے بندے کے سامنے جو ہمیشہ ابلے ہوئے گولر سے افطار کرتے تھے، کسی دوست کی خاطر ابالتے وقت تھوڑا سا نمک ڈال دیا گیا۔ جب ان کے سامنے لایا گیا تو چکھتے ہی پھینک دیا اور اٹھ کھڑے ہوئے، فرمایا: 'جس کی زبان کو یہ مزہ لگا ہو وہ خدا کا...
...یاد کرے گا۔ عمل کرو عمل!
دفعِ خطرات میں یہ بھی ایک مجرب صورت ہے۔ کیسا ہی بے ضرورت خیال آئے، بے وقت آئے، مہمل سے مہمل خیال آئے، موافق خیال کو ایجابی طور سے طلب کرو اور برے خیال سے بچانے کی دعا کرو، کیونکہ اللہ تعالیٰ کا حکم ہے: ادْعُونِي أَسْتَجِبْ لَكُمْ (غافر: ۶۰) اور الدُّعَاءُ مُخُّ الْعِبَادَةِ۔ ہمارے جمال اللہ نے 'یاد فراموش' باندھا تھا: آپس میں بیٹھتے ہوئے، بات چیت کرتے، کام کاج کرتے، ان میں سے ایک صاحب 'اللہ!' پکار کر بولتے۔ جن کا دل حاضر ہے وہ 'الحمد لله' کہتے، جن سے فراموشی ہوئی ہے وہ 'استغفر الله' کہتے۔ اس یاد فراموش کے معاہدہ سے نہ صرف دوامِ حضور کو مدد ملتی ہے بلکہ اپنی غلطی کا اعتراف کرنا پڑتا ہے، تمہارا کام اللہ فی اللہ ہو جاتا ہے۔ علاوہ ازیں دفعِ خطرات کے مزید مجرب طریقے درجِ ذیل ہیں: (۱) جب خطرات کثرت سے آئیں تو حالت کو بدلو، یعنی بیٹھے ہوئے ہو تو کھڑے ہو جاؤ، کھڑے ہو تو چلو یا بیٹھ جاؤ، اس کا اصل اصول حرکت ہے۔ (۲) جب تمہارے دل میں کوئی خطرہ آئے، خیال میں اس سے بھاگو۔ تھوڑی دیر میں خطرہ پیچھے رہ جائے گا اور تم نکل جاؤ گے اور اس سے رہائی پاؤ گے، یا خطرہ مجھ سے بھاگ رہا ہے عالمِ تخیل میں سمجھو، اس سے بھی خطرہ رفع ہو جائے گا۔ (۳) کوئی خطرہ آئے تو تم کہو کہ آپ ہم کو پریشان کریں گے تو پھر ہم کو فنا کہاں آئے گی؟ (۴) 'ہوں ہوں' بول کر سانس کو زور زور سے باہر کی جانب چھوڑو۔ (۵) جب خطرہ آئے تو بعض لوگ یہ کہتے ہیں: اچھا آپ تشریف لائیے! آپ لاکھ صورتیں بدل بدل کر آئیں تو کیا، میں ضرور آپ کو پہچانتا ہوں، اصل وجود آپ ہی کا ہے۔
(۶) اس آیت کے پڑھنے سے بھی خطرات کم ہوتے ہیں: إِنْ يَشَأْ يُذْهِبْكُمْ وَيَأْتِ بِخَلْقٍ جَدِيدٍ وَمَا ذَٰلِكَ عَلَى اللَّهِ بِعَزِيزٍ (فاطر: ۱۶-۱۷)۔ یہ آیت نماز میں پڑھی جائے تو نماز خراب نہیں ہوتی۔
(۷) قُلْ كُلٌّ مِنْ عِنْدِ اللَّهِ (نساء: ۷۸) پڑھنا۔
(۸) الَّذِينَ آمَنُوا وَتَطْمَئِنُّ قُلُوبُهُمْ بِذِكْرِ اللَّهِ أَلَا بِذِكْرِ اللَّهِ تَطْمَئِنُّ الْقُلُوبُ (الرعد: ۲۸) پڑھ کر 'اللہ اللہ' کا ضرب دل پر لگانا۔
(۹) 'یا قہار' کے پڑھنے سے وساوس جل جاتے ہیں، مگر کسی سے اجازت لے کر پڑھنا چاہیئے، ورنہ اختلاج ہوتا ہے۔ فقیر اس نامِ پاک کو ایک کروڑ دفعہ سے زیادہ پڑھا ہے۔
(۱۰) 'يَا خَلَّاقُ، يَا فَعَّالُ، يَا مُصَوِّرُ، يَا قَهَّارُ' پڑھنا۔
(۱۱) اکثر لکھے پڑھے حضرات کو تخیلات کی بری عادت رہتی ہے، اجمالاً آئندہ دو روز کا اقلاً تفصیلی نظام العمل دل میں تیار کر لینا چاہیئے، جب مسئلہ کا دوبارہ خیال آ جائے تو دل میں یہ کہنا چاہیئے کہ پہلے اس کا تصفیہ ہو چکا ہے، پھر وہی خیال کیوں آیا؟
(۱۲) جہاں کوئی خیال آئے کہ مجھے یہ چاہیئے اور میں اس امر کو اس طرح حاصل کر لوں گا، تو فوراً اس کو دعا میں تبدیل کر لے اور کہے کہ مجھے یہ چاہیئے میں اس کو اس طرح حاصل کرنا چاہتا ہوں، تو وہ شئے مجھے عطا کر اور اس کے حصول میں تو میری رہنمائی کر۔ بس جتنا سوچنا ہو سوچا کرو، تمہارے تخیلات دعا میں مبدل ہو جائیں گے، اور دعا مخ العبادہ ہے!
...سوچے گا۔ (۱۳) مگر سب طریقوں سے بہتر وہ طریقہ ہے کہ جس کی تعلیم خدا نے دی ہے اور وہ 'استعاذہ' ہے۔ استعاذہ دعا ہے اور دعا مخ العبادۃ ہے۔ بندے ہو تو اپنی کسی قوت پر اعتماد نہ کرو: لَا حَوْلَ وَلَا قُوَّةَ إِلَّا بِاللَّهِ — اپنے مالک کی پناہ میں آ جاؤ، وہ تم کو بالکل کافی ہے! وہی مستجیب الدعوات ہے، وہی کافی المہمات ہے۔ اس سے بغاوت، اس کی عدول حکمی کو چھوڑ کر اس کے دامنِ رحمت میں پناہ لو گے تو تم کو کون ستا سکتا ہے؟ نَفِرُّ إِلَى اللَّهِ — تم کو کون گمراہ کر سکتا ہے؟ وَالَّذِينَ جَاهَدُوا فِينَا لَنَهْدِيَنَّهُمْ سُبُلَنَا وَإِنَّ اللَّهَ لَمَعَ الْمُحْسِنِينَ (العنكبوت: ۶۹)۔
حق تعالیٰ کی وہ تجلیِ عام جو تمام اعیانِ ممکنات پر محیط ہے اور جس کے ذریعے عدم سے وجود کی خوشبو اعیان کو میسر آتی ہے، اس کو 'نفسِ رحمانی' کہتے ہیں۔ جس طرح منہ سے نکلنے والا سانس مختلف حروف اور آوازوں کی شکلیں اختیار کرتا ہے، اسی طرح نفسِ رحمانی تمام کائنات کے مظاہر میں متشکل ہوتا ہے۔
اللہ تعالیٰ ہر آن امدادِ وجود فرماتا ہے جس سے سب چیزیں قائم ہیں۔ عارف سمجھتا ہے کہ کائنات ہر آن فنا ہوتی جا رہی ہے۔ کس طرح؟ قہرِ احدیت سے۔ اور پھر اس کی رحمانیت اور شانِ ربوبیت کی تجلی سے ہر آن نئی شان سے موجود ہوتی ہے۔ اسی کا نام ہے 'تجددِ امثال'۔ تجددِ امثال کی مثال ایک اور طرح سے سمجھو: ایک برقی گولا ہے جس میں برقی رو کی وجہ سے روشنی ہوتی ہے۔ یہ برقی رو ہے جو مثبت سے صفر اور منفی، اور پھر منفی سے صفر اور مثبت ہو رہی ہے۔ یہ تبدیلی ایک سیکنڈ میں کئی ہزار دفعہ ہوتی ہے مگر اتنی تیزی سے کہ برقی گولا مسلسل روشن نظر آتا ہے۔ بعض دفعہ پاور ہاؤس میں خرابی کی وجہ سے تبدیلی کی رفتار سست ہو جاتی ہے تو برقی گولا ٹمٹمانے لگتا ہے۔ اسی طرح ہر آن مخلوقات فنا ہو رہے ہیں اور پھر انہیں اعطائے وجود سے باقی رکھا جا رہا ہے۔ یہ فنا و بقا اس قدر تیزی سے جاری ہے کہ مخلوق موجود نظر آ رہا ہے۔ اگر شانِ ربوبیت کی تجلی ایک آن کے لئے بھی منقطع ہو جائے تو سارا عالم معدومِ محض ہو جائے گا!
انسانِ کامل وہ ہے جس سے خدائے تعالیٰ کے تمام کمالات ظاہر ہوں، بعض تصویریں قدِ آدم ہوتی ہیں، آنکھ، ناک، ہر عضو اس میں پورا پورا نظر آتا ہے، بعض چھوٹی تصویریں رہتی ہیں مگر ان میں بھی تصویر کی ہر چیز نظر آتی ہے۔ بعض ناقص تصویریں ہوتی ہیں، کسی میں ہاتھ موجود نہیں کسی میں پاؤں ندارد، بعض میں صورت نظر آتی ہے تو عجیب و غریب۔ پہلی مثال انسانِ کامل بالذات کی ہے، دوسری مثال انسانِ کامل بالعرض کی ہے، اور تیسری قسم کی تصویریں سب ناقص ہیں۔ آخر وہ انسانِ کامل ہے کون جس کی شان ہے: 'آدَمُ وَمَنْ دُوْنَهُ تَحْتَ لِوَائِي' اور 'أُوْتِيْتُ عِلْمَ الْأَوَّلِينَ وَالْآخِرِينَ'؟ ذرا بتائیے!
...کے مظہرِ اتم محمد علیہ الصلوٰۃ والسلام ہیں۔ یہ جتنے اولیاء ہیں سب رسول اللہ کی تصویر کا عکس ہیں۔ ان میں بھی کچھ چھوٹے ہیں، کچھ بڑے ہیں: کوئی سید الاولیاء ہے، کوئی قطب ہے، کوئی غوث ہے، کوئی ابدال میں سے ہے تو کوئی اوتاد میں سے ہے۔ فَضَّلْنَا بَعْضَهُمْ عَلَىٰ بَعْضٍ (الإسراء: ۵۵)۔ انسانِ کامل ہی محلِ نظرِ الہی ہے، یعنی انسانِ کامل دنیا میں نہیں رہے گا تو سارا عالم درہم و برہم ہو جائے گا اور قیامت آ جائے گی۔
بعض چیزیں جزئیات ہوتی ہیں، بعض کلیات۔ کلیات جزئیات پر شامل ہوتی ہیں۔ زید ایک خاص آدمی کا نام ہے، وہ جزوِ حقیقی ہے۔ کثرت کو اس میں دخل نہیں، انسان کلی معنی ہے: زید و عمرو و بکر سب اس میں شامل ہیں۔ یہ بات یاد رکھو کہ کوئی چیز موجود نہیں ہو سکتی جب تک اس پر اسمائے الہی کا پرتو نہ پڑے۔ جزوی پر جزوی طور سے اور کلی پر کلی طور سے۔ فقیروں کا محاورہ ہے کہ اشیاء کو 'مربوب' اور تجلیاتِ الہی کو اس کا 'رب' کہتے ہیں۔ خاص کا رب خاص ہوگا، عام کا رب عام۔ ہے تو ایک ہی رب، مگر اس کو نسبتوں سے فرق ہے۔ ان سب چیزوں کو اعیانِ ثابتہ کہتے ہیں۔ جو عینِ ثابتہ عام ہے، سب پر حاوی ہے، سب پر شامل ہے، اس کو 'عین الاعیان' کہتے ہیں۔ ظاہر ہے کہ عین الاعیان جب سب پر شامل ہے، اس پر ہونے والی تجلی تمام تجلیات پر حاوی اور سب پر شامل ہے۔ اس تجلیِ جامع کو 'ربِ اعظم' اور 'شانِ الوہیت' کہتے ہیں، اور عین الاعیان کو جو تمام اعیان پر شامل ہے 'مربوبِ اعظم' یا 'مربوبِ عام' کہتے ہیں۔ بتائیے کہ ربوبیتِ عامہ کی تجلی کس پر ہوتی ہے؟
...عین الاعیان پر! رب العالمین کو معلوم ہے۔ لیکن یہ عین اور اعیان کون ہے، بتا دیجئے؟
کس کے لئے آیا ہے؟ اور "اللّٰهُ مُعْطِي وَأَنَا قَاسِمٌ" کس کے لئے آیا ہے؟
محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے لئے۔ اب آپ کی سمجھ میں حقیقتِ محمدی آئی ہوگی کہ اللہ سے لے کر سب کو دینے والی ذات، ذاتِ محمدی ہے! کوئی مانے یا نہ مانے میں تو یہی کہوں گا۔ محمد کا دیا ہوا لیتا ہوں، اُن کے ہاتھ سے دیا ہوا کھاتا ہوں۔ غرض کہ مجھے جو کچھ ملتا ہے اُن کے ہاتھ سے ملتا ہے کیوں کہ وہی تقسیم کرنے والے ہیں۔ مگر نادان نہیں سمجھتا، اور ذی فہم سمجھتا ہے۔
اسمِ اعظم اس اسم کو کہتے ہیں کہ اس کے پڑھنے سے اپنی حاجت پوری ہو۔ اللہ کے بہت سے نام ہیں ۔ ایک بھوکا اللہ کو کس طرح پکارے؟ کیا اسے یا ممیت یا دافع پکارنا چاہیئے ؟ یا یا رزاق ، یا وہاب۔ ظاہر ہے جس غرض کے لئے پکارتا ہے، اس کام کے مناسب نام ہی سے پکارنا چاہیئے۔ خیر! لوگ کہتے ہیں "اللہ" اسمِ ذات ہے۔ اس سے بڑھ کر کون سا اسم ہوگا؟ بعض لوگ کہتے ہیں "یا حی یا قیوم" اسمِ اعظم ہے، کیوں کہ صفاتِ الٰہی میں سب سے اہم حیات ہے، اور بندے کا خدا کی طرف احتیاج رکھنا یہی باعثِ دعا ہے لہٰذا قیوم بڑا اسمِ اعظم ہے۔ یہ ہم نے بیان کر دیا ہے کہ حقیقتِ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم تمام حقائق و اعیان پر شامل ہے، اور ان کا رب بھی تمام تجلیات پر شامل ہے۔
ذرا غور کرو ! محمد کے پاس کیا نہ ہوگا ؟ سب کچھ ہے ۔ لہٰذا "اللّٰهُمَّ رَبَّ النَّبِيِّ مُحَمَّدٍ" اسمِ اعظم ہے۔ ہم کو جو کچھ ملتا ہے ہمارے رب کے پاس سے ملتا ہے۔ مجھے اس تجلیِ خاص سے ملتا ہے، جو مجھ پر ہے ۔ لہٰذا کوئی اسمِ اعظم ہے ۔
بعض بعض وقت ایک صفت کا دور رہتا ہے اُس وقت وہ اسمِ الٰہی حاکمِ وقت ہوتا ہے۔ لڑائی کے زمانے میں "یا قہار" کی تجلی ہوتی ہے۔ کپڑے ملتے تھے تو وردی کی شکل میں، کھانا ملتا تھا تو راشن کی شکل میں، جیسا وقت ویسا ہی اُس کا اقتضا اور ویسے ہی اُس پر حاکم اسم ۔ مگر اللہ جسے سرفراز کرتا ہے اُسے معلوم ہوتا ہے کہ اس وقت کون سا اسم حاکم ہے ۔
اللہ اسمِ ذات ہے ۔ یہ تجلیات، خدا کے تماشے، اس کے اسماء و صفات کا ظہور سب کا مرجع ذاتِ خداوندی ہے اور رب اس پرورش کرنے والے کی قوتِ عطا کا نام ہے جو ہر شخص پر جدا جدا طور سے ظاہر ہوتی ہے۔ زید پر جس شانِ ربوبیت کی تجلی ہے، اس تجلی کا فیض ابو بکر پر جدا ہے۔ اسی واسطے کہا جاتا ہے کہ ہر ایک کا رب جدا ہے۔ ذات تو ایک ہے مگر نسبتیں مختلف ہیں۔ یہ بھی کہا جاتا ہے ہر عبد سے اُس کا رب راضی ہے ۔ راضی نہ ہوتا تو اُسے ایسا پیدا ہی کیوں کرتا ۔ مگر اللہ کا راضی ہونا ایمان اور اطاعت پر مبنی ہے۔ بزرگوں کی دعاؤں پر غور کر کے دیکھو، ہر دفعہ اللّٰهم اور اللہ کا ورد ہے ۔ "رَبِّي وَرَبُّ الْعَالَمِينَ" اور "رَبِّ مُحَمَّدٍ" نسبتوں کو ظاہر کرتے ہیں۔ بہر حال ذات تو ایک ہے، اُسی کا نام اللہ ہے۔ یہ سب اعتبارات اور نسبتوں کے تماشے ہیں۔ اللہ اسمِ جنس نہیں ہے ۔ اس کے معنی ہیں معبودِ برحق، اس کا شریک ہونا ممکن نہیں۔ اس واسطے علماء فرماتے ہیں کہ اللہ کا ترجمہ ممکن نہیں ۔ وہ اسمِ ذات ہے، اور تمام مذاہب میں نہ ایسی توحید ہے نہ ایسا جامع نام ہے۔
سیر، تین طرح کی ہوتی ہے ۔ (۱) شیخ کی (۲) رسولِ خدا صلی اللہ علیہ وسلم کی (۳) اللہ کی
(۱) ابتداءً سیر للشیخ فی الشیخ ۔ اس میں مرشد کے اندر مرشد کے کمالات کا مشاہدہ ہوتا ہے۔
(۲) سیر لرسول اللہ فی الشیخ ۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے مرشد کو کیا نسبت ہے ، وہ ظاہر ہوتا ہے ۔
(۳) سیر اللہ فی الشیخ ۔ مرشد کے اللہ سے کیسے تعلقات ہیں وہ معلوم ہوتے ہیں۔
سیر فی الشیخ کے واسطے تصورِ شیخ اگر اتنا قوی ہو گیا ہے کہ شیخ کے صفات، اخلاق اور خیالات ایسی قوت کے ساتھ مستولی اور غالب ہو جائیں کہ اپنا خیال باقی نہ رہے یہ فنا فی الشیخ ہے۔ اور نوبت بایں جا رسید کہ :۔
میں نے تو یہاں تک دیکھا جو لوگ فنا فی الشیخ ہو گئے ہیں ان کی جسمانی صورت بھی شیخ میں ملنے لگتی ہے۔ چلتے پھرتے ہیں تو لوگوں کو شیخ کی جھلک محسوس ہوتی ہے۔ رسولِ خدا صلی اللہ علیہ وسلم میں فنائیت کی حالت میں حضرت کے صفات، صورت، سیرت، چلنا پھرنا، آواز سب آ جاتے ہیں۔ یہ ہیں فنا فی الرسول کے معنے۔ اور آدمی اس دن فنا فی اللہ ہوتا ہے جب خدا کے سوا کسی کا خیال باقی نہ رہے۔ یہ بے ہوشی کی حالت نہیں۔
اس کے بعد تمام کھوئی ہوئی چیزیں مل جاتی ہیں اور نسبت الی اللہ سے غفلت نہیں ہوتی۔ ہم نے بیان کر دیا ہے کہ بائیسکل پر بیٹھنے والوں کو شروع شروع ہمہ تن سائیکل کے بیلنس...
...پر نظر رکھنی پڑتی ہے ۔ جب بیلنس قائم ہو جاتا ہے، پھر بات چیت کرتے ہیں، ہنستے بولتے ہیں ۔ ہینڈل چھوڑ کر بھی سائیکل چلاتے ہیں ۔ زمین پر رومال یا روپیہ ڈال کر اٹھاتے ہیں۔ مگر بیلنس میں کوئی فرق نہیں آتا ۔ بعض ترقی یافتہ طالب راست رسولِ خدا صلی اللہ علیہ وسلم سے لیتا ہے اور اُس کو سیر لرسول اللہ فی رسول اللہ نصیب ہوتی ہے ۔ اور آگے بڑھتا ہے تو سیر اللہ فی رسول اللہ نصیب ہوتی ہے ۔ ان سب کے بعد "اللہ فی اللہ، مِنَ اللہ، إِلَى اللہ" کا مقام ہے، مگر وہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے خاص ہے ۔ اس میں عامۃ الناس کو کوئی دخل نہیں ۔ مگر بعض لوگوں کو ایک دھوکہ ہو گیا ہے، لیتے تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ہاتھ سے ہیں چوں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم بہت شفاف ہو گئے ہیں ، اس واسطے نظر نہیں آتے ، اور وہ سمجھتے ہیں کہ اللہ کو راست دیکھتے ہیں۔ ان کو خبر نہیں کہ ہماری آنکھوں پر عینک ہے ۔ عینک خود نظر نہیں آ رہی ہے، اشیاء کو دکھا رہی ہے ۔
اس مغالطے میں بہت بڑے بڑے لوگ پھنس گئے ہیں۔ اللّٰهُمَّ أَرِنَا الْحَقَّ حَقًّا وَارْزُقْنَا اتِّبَاعَهُ، وَأَرِنَا الْبَاطِلَ بَاطِلًا وَارْزُقْنَا اجْتِنَابَهُ۔
بعض کسی شخصی حسن کے فریفتہ رہتے ہیں، یہ تو غافل ہیں ۔ بعض کو کسی خوبصورت شئے میں قدرتِ الٰہی کی کچھ جھلک نظر آ جاتی ہے ، بس اُسی کو پکڑ لیا۔ بعض شخصیت کے دام میں تو گرفتار نہیں ، مگر حسن پرست ہوتے ہیں ۔ حضرتِ دل بھی بڑے پہلے پیر ہیں، اچھی صورت دیکھی اور اڑ گئے ۔ بعض لوگ صورت کے دیوانے نہیں ہوتے ، بلکہ سیرت کے...
...دیوانے ہوتے ہیں۔ اچھوں کو اچھا سمجھتے ہیں اور ان کے معتقد رہتے ہیں۔ اور بہت سے اچھے برے کے جھگڑے میں نہیں پڑتے ، ان کے پیشِ نظر وجودِ مطلق رہتا ہے، جو کچھ ہے سو وہی ہے ۔ یہ مردانِ خدا ، جویانِ حق تعالیٰ ہیں ؎
(۱) علم الیقین (۲) عین الیقین (۳) حق الیقین
سب جانتے ہیں کہ آگ جلانے والی چیز ہے ۔ یہ بات یقینی ہے، اسے علم الیقین کہتے ہیں۔
ایک شخص نے کسی کو جلتا ہوا دیکھا، کپڑوں کو آگ لگی، چیخنے لگا، چلانے لگا، آنکھوں سے دیکھ لیا کہ آگ نے جلایا ، یہ عین الیقین ہے ۔
ایک شخص خود جل گیا، جلنے کو محسوس کر لیا، یہ حق الیقین ہے ۔ اگر جلنے کی حالت میں کپڑوں کے ساتھ اس کے جسم کے اجزاء مشتعل ہو گئے تو اسے بعض لوگ حق الیقین اور بعض حقیقت الیقین کہتے ہیں۔
بعض لوگوں کا خیال ہے امانت احکامِ الٰہی ہے، ردِ امانت اس پر عمل کرنا۔ غور کرنے سے معلوم ہوتا ہے کہ جن و انس دونوں مکلفِ شرعی ہیں ۔ احکام کی...
...اگر انسان کو ضرورت ہے تو جن کو بھی ہے ۔ پھر حضرتِ انسان کی کیا خصوصیت ؟ بعض علماء کہتے ہیں ، امانت سے مراد محبت ہے ۔ محبت کرنا ، چاہنا ، یہ حضرتِ انسان کا کام ہے۔ یہ بوجھ ہر ایک سے نہیں اٹھتا۔
ردِ امانت کے معنے یہ ہیں کہ محبت میں فنا ہو جانا ۔ غور کرنے سے معلوم ہوتا ہے محبت تو بے شک اچھی چیز ہے ، مگر واپس تو نہیں کی گئی بلکہ خود واپس ہو گیا۔ کدھر؟ جہاں سے آیا تھا اُدھر ۔
بہت سے فقراء کے پاس امانت، اسماء و صفاتِ الٰہی ہیں ۔ حیات، علم، قدرت۔ انسان اپنی جہالت سے ان کو اپنا سمجھتا تھا۔ اور خدائے تعالیٰ کے کمالات کو غصب کرنا چاہتا تھا ۔
ردِ امانت سے مراد یہ ہے، تمام صفات اللہ تعالیٰ کے پھر اسی کو واپس کر دیے جائیں۔ نہ یہ حیاتِ مستعار رہے نہ علم و قدرت رہے ۔ اللہ رہے اور کچھ نہ رہے ۔
اس خیال کے مطابق شرک کا استیصال ہو جاتا ہے ۔ بندے کے دونوں ہاتھ خالی ہو جاتے ہیں۔ "الْعَبْدُ وَمَا مَلَكَتْ يَمِينُهُ لِمَوْلَاهُ"۔ واہ رے صفر ! کچھ بھی نہیں، مگر ایک کو دس، دس کو سو دکھاتا ہے ۔ چکر کھاتا جاتا ہے اور سلسلے کو بڑھاتا جاتا ہے۔ یہ تمام صفر نکل جائیں تو پھر ایک کا ایک رہ جاتا ہے۔ یہ انسان، ظلوم و جہول کیوں ہے ؟ خودکشی کرنے سے بھی زیادہ کوئی جرم ہو سکتا ہے ؟ جب تک انانیت کی کچھ بو بھی باقی ہو، محبوب سے ملنا محال !
ہر چیز میں دو باتیں ہیں ۔ مثبت، منفی ۔ فعل، انفعال ۔ قلم کا کام لکھنا فعل ہے۔ فاعلیت قلم کی صفت ہے۔ لوح کا کام ہے، انفعال، اثر قبول کرنا، یہ فعل و انفعال سے ساری دنیا کا منڈان ہے۔ تجلیِ الٰہی سے عینِ ثابتہ کے اثر قبول کرنے کو ہم نے فیضِ اقدس کہا ہے، پہلا ظہور ہوا ۔ اسی طرح عینِ ثابتہ سے ، علم و قدرت کے اثر سے تمام ارواح پیدا ہوئے ۔ ان کی ترتیب سے "تقدیر" پیدا ہوئی ۔ یہ بھی لوح و قلم ہے۔ پھر عالمِ مثال میں اسی علم و قدرت کے ملنے سے مثالی ظہور ہوا جس میں تغیر و تبدل بھی ہوتا رہتا ہے۔ تقدیر جو ام الکتاب ہے جو مبرم ہے، اُس میں کوئی تغیر و تبدل نہیں ہوتا ۔ یہ عالمِ مثال اور عالمِ محو و اثبات ہے ۔ دنیا میں جو بھی ہو رہا ہے کچھ موثر ہے کچھ متاثر ہے ۔ یہ دنیا کیا ہے؟ ایک محو و اثبات ہے، صبح سے شام تک بدلتی رہتی ہے ؎
تمام عالم پر غور کرو ! اس کا ایک نظام ہے، ایک انتظام ہے ۔ جس کی جیسی قابلیت ہے ویسا اُس کو دیا جاتا ہے، نہ کم نہ زیادہ ۔ دنیا کی تمام چیزیں میزان اور بیلنس کے قیام پر چل رہی ہیں۔ اگر یہ میزان قائم نہ رہے اور اعتدال باقی نہ رہے تو کائنات ایک پلک کے لئے برقرار نہیں ہو سکتی۔
یہ ہم نے پہلے بیان کیا ہے کہ معانی اور افعال، عالمِ مثال میں صورت و شکل لیتے ہیں ۔ جو شخص دوسروں کو ایذا دیا کرتا تھا، اُس کے اعمال سانپ بچھو بن کر کاٹتے ہیں، آگ کی شکل لے کر جلاتے ہیں۔ اسی طرح محلِ حکومت عرش و کرسی کی شکل میں اور اعتدال و بیلنس ترازو کی شکل میں نظر آتے ہیں۔ اعمال چیزوں کی شکل میں آ کر تولے جاتے ہیں۔ حدیث شریف میں آیا ہے کہ "لَا إِلٰهَ إِلَّا اللّٰهُ مُحَمَّدٌ رَّسُولُ اللّٰهِ" کی چٹھی اتنی بھاری ہو جاتی ہے کہ تولنے میں سب گناہوں پر غالب آ جاتی ہے ۔
صاحبو ! میرا ایک طریقہ ہے، جو کچھ قرآن شریف و حدیث شریف میں آیا ہے، اس پر ایمان رکھتا ہوں جیسا کہ اہل تسلیم کرتے ہیں ۔ ایک لفظ سے بھی انکار نہیں کرتا ۔ اور پھر اس کو جو خدائے تعالیٰ کا مقصود ہے، خدا پر چھوڑتا ہوں ، جیسا کہ اہل تفویض کرتے ہیں ۔ مگر چپکا نہیں بیٹھتا ، اُس کے سمجھنے کے لئے کوشش بھی کرتا ہوں ۔
پر عمل کرتا ہوں، میرے سمجھنے اور کوشش کرنے میں میری عقل، میری کوشش محتملِ خطا ہے ۔ مگر چونکہ دنیا کا سارا کام ظنیات پر چلتا ہے، اس لئے اپنی کوشش سے دست بردار نہیں ہوتا مگر یہ کہتا جاتا ہوں، اگر یہ مرادِ الٰہی کے موافق ہے تو الحمد للہ اور اگر مرادِ الٰہی کے مطابق نہیں ہے تو استغفر اللہ اور مرادِ الٰہی اس کے علاوہ بھی کچھ ہے تو اس پر بھی میرا ایمان ہے ۔
یا اللہ ! تیری کنہ کے ادراک میں شہبازِ بلند پروازِ فکرِ سلیم پر و بال شکستہ ہے، اور تیری معرفت کے سنگستان میں توسنِ عقلِ قدیم سکندری خوردہ۔ تجھے کوئی نہیں...
...جانا، تو پھر میں کس کو مانتا ہوں ؟ تو پوشیدہ ہے تو تجھے کس نے چھپایا ؟ تو عیاں ہے تو پھر کہاں ہے ؟ اگر تو عرش پر ہے تو پَر و بال دے کہ تجھ کو دیکھ سکوں ۔ اگر تو دل میں ہے، تو برقی رَو بنا دے کہ اپنے آپ میں گھسوں اور تجھے پاؤں ۔ اگر تو مل نہیں سکتا تو ہم کو یہ فطرتاً طلب کیسی ؟ اگر خدا کا بندے سے ملنے کا قاعدہ نہیں تو میں زندگی سے بیزار ہوں، مرنے کو تیار ہوں ۔ اگر میں جلوں گا تو میرا دھواں عرش تک پہنچے گا۔ اگر میں راکھ ہو جاؤں گا تو بگولہ بن کر اڑوں گا اور تیرے دامن تک پہنچوں گا۔ مجھے صہبائے بے رحمی سے مخمور کر دے، طلس و لمس کر دے، نیست و نابود کر دے۔ نہ میں رہوں نہ کوئی آفت ہو۔ یہی تو ہے ! میں اسی میں شاد ہوں کہ میں مردہ رہوں اور میرا مقصود زندہ رہے، میں نابود رہوں اور میرا محبوب موجود رہے ۔ ؎
تَمَّتْ بِالْخَيْرِ
الْحَمْدُ لِلّٰهِ
تَمَّتْ بِالْخَيْر۔ مطبوعہ: حسرت اکیڈیمی پبلیکیشنز، صدیق گلشن، بہادر پورہ، حیدر آباد دکن۔