🏠 Portal 🔍 Proofreading Workbench 📘 Bilingual Edition 📄 Markdown
اِبلیس اِزم
Iblisism: The Anatomy of Satanic Arrogance, Racism, and Civilizational Conflict
بحر العلوم حضرت مولانا محمد عبد القدیر صدیقیؔ حسرتؒ
Bahr al-‘Uloom Hazrat Maulana Muhammad Abdul Qadeer Siddiqi Qadri Hasrat (Rh.A)
Hasrat Academy, Siddiq Gulshan, Hyderabad Deccan · Second Edition, Jumada al-Ukhra 1384 AH
آیت [سورۃ الاعراف / ص 7:12 / 38:76:۱۲ / ۷۶]
قَالَ أَنَا خَيْرٌ مِّنْهُ خَلَقْتَنِيْ مِنْ نَّارٍ وَّخَلَقْتَهُ مِنْ طِيْنٍ
اِبلیس اِزم
از: بحر العلوم حضرت مولانا محمد عبد القدیر صاحب صدیقیؔ حسرتؒ
(صدر شعبۂ دینیات، کلیہ جامعہ عثمانیہ، حیدرآباد دکن)
سلسلۂ اشاعت حضرت اکیڈیمی — نمبر ۱۲
«صدیق گلشن»، بیرونِ دریچہ، حیدرآباد دکن
جمادی الاُخریٰ ۱۳۸۴ھ — بار دوم — تعداد ۵۰۰ — قیمت ۱۰ پیسے

دنیا میں شر و فساد، قتل و کُشت کا بازار گرم ہے۔ ہر ایک بنی نوعِ انسان کو برباد کرنے میں کوشاں ہے۔ امن و امان کا لفظ شرمندۂ معنی ہو کر رہ گیا ہے۔ صنعت و حرفت اور علم و ایجاد سب انسان کو فنا کرنے کے لیے ہیں۔ وہی مہذّب و متمدّن سمجھا جاتا ہے جو دوسروں کو مارے، جلائے، شہروں کو ویران کرے، عورتوں، بچّوں، بوڑھوں اور بیماروں پر رحم نہ کھائے، اور سب کو کُشتۂ تیغِ نیستی کر دے۔

آیت [سورۃ الروم 30:۴۱]
ظَهَرَ الْفَسَادُ فِي الْبَرِّ وَالْبَحْرِ بِمَا كَسَبَتْ أَيْدِي النَّاسِ

آخر امن کی بھی کوئی صورت ہے؟ اتحادِ ملّت کی بھی کوئی شکل ہے؟ کیا تمام قومیں ایک بھی ہو سکتی ہیں؟ کیا یہ اختلاف و عداوت رفع بھی ہو سکتی ہے؟
اس مسئلہ کا حل دریافت کرنے کے لیے پہلے منشأِ فساد اور اصلِ اختلاف کو تلاش کرنا چاہیے کہ وہ کون سا نظریہ ہے، کون سا اصول ہے جو اس تباہی کا باعث ہوا۔ سب سے پہلے فساد اور جھگڑے کی ابتدا کس نے کی؟ اُستاذ الملائکہ کو جب آدم علیہ السلام سے علمی امتحان و مقابلہ میں شکست ہوئی، تو اس نے اپنی اعلیٰ ذات والا ہونے کا دعویٰ کیا:

آیت [سورۃ الاعراف / ص 7:12 / 38:76:۱۲ / ۷۶]
قَالَ أَنَا خَيْرٌ مِّنْهُ خَلَقْتَنِيْ مِنْ نَّارٍ وَّخَلَقْتَهُ مِنْ طِيْنٍ

یہی تکبّر و خودپسندی تمام مفاسد کی ماں ہوگئی۔ اس نے دعویٰ تو توحید کا کیا، مگر خدا کے فعل پر اعتراض کیا کہ اس نے فاضل کے ہوتے ہوئے مفضول کو خلافت کیوں دی؟

گویا کہ خدا کو اتنی بھی تمیز نہ تھی! اس کے خیال میں خدا کو کوئی حکم دینے کا حق نہ تھا؛ حکم کرنے میں وہ عقل ہی کو اصل جانتا تھا۔ مگر اُس کم عقلِ خراب کو خَلَقْتَهٗ مِنْ طِیْنٍ تو نظر آیا، مگر نَفَخْتُ فِیْهِ مِنْ رُوْحِیْ نہ سنائی دیا، نہ اس کے آثار دکھائی دیے۔ علم کی فضیلت اس کے نزدیک ناقابلِ توجہ تھی۔ ہاں! اصلی فساد اور بانیِ شرور یہی ہے کہ آدمی خود کو اعلیٰ ذات اور دوسروں کو ادنیٰ ذات کا سمجھے۔

اس وقت دنیا میں بیسیوں قومیں آباد ہیں، مگر ان کی قومیت کا رشتہ کہیں ہم قبیلہ ہونا ہے، کہیں ہم وطن یا ہم زمین ہونا، کہیں ہم رنگی ہے تو کہیں ہم زبانی۔ ہر شخص اپنی قوم کو اعلیٰ و برتر سمجھتا ہے اور دوسری قوموں کو حقیر و ذلیل جانتا ہے۔ یورپ و امریکہ میں بعض ہوٹلوں کے دروازے پر لکھا ہوتا ہے: اس ہوٹل میں کتّے اور انڈین کے آنے کی اجازت نہیں۔ امریکہ میں ایشیائیوں کی کیسی تحقیر و تذلیل ہوتی اور ان پر کیسے ظلم ڈھائے جاتے ہیں، حالانکہ ان میں اکثر کرسچن ہو چکے ہیں، ان کے ہم مذہب ہیں۔

اپنی سیاہ فام رعایا پر اٹلی نے کیا کیا ستم ڈھائے، صرف اس لیے کہ وہ سیاہ رنگ تھے، اُن کی طرح سپید پوست نہ تھے۔ ہندوستان میں لاکھوں کرسچن ہو گئے ہیں؛ کیا ان میں سے کوئی یورپینوں کے گرجے میں جا سکتا ہے؟ ہرگز نہیں۔ کیا ان کی دعوت میں شریک ہو سکتا ہے؟ ہرگز نہیں۔ طرابلس پر اٹلی نے حملہ کیا، مصر نے طرابلس کی مدد کرنی چاہی مگر اسے روک دیا گیا، حالانکہ مصر آزاد تھا — کیونکہ اٹلی ہم رنگ تھا۔ اُس وقت بھی صنعت و حرفت کے وہ کئی کارخانے، جو دشمن یورپین قوموں کے پاس ہیں، کھولنے کی اجازت نہ ملی۔ یہ سب ملک و رنگ کی عصبیت ہے۔

نازی و نسلی عصبیت کے ہوتے ہوئے کیا کوئی اپنی مفتوحہ رعایا کو اپنی قومیت میں شریک کر لیتا ہے؟ ہرگز نہیں۔ ریڈ انڈین نابود کیے جا رہے ہیں، مگر امریکہ کی قومیت میں ہرگز شریک نہیں کیے جاتے۔ آرین قوم کئی ہزار سال سے ہندوستان میں ہے، مگر ہے آرین قوم غیر ملکی، بدیسی — نہ روٹی، نہ بیٹی۔ یہ بدیسی قومیں ملکیوں کو مَلیچھ اور نیچ کہتی ہیں، ان کے ساتھ جانوروں سے بدتر سلوک کرتی ہیں۔ رسوئی کے پاس سے کتّا گزرے تو پروا نہیں، مگر کوئی مسلمان یا اچھوت نہ گزرے، نہ پانی بھرنے والے کو ہاتھ لگائے۔

جاہل و بدکار برہمن بھی عالم و نیک کردار ملکیوں سے اعلیٰ و افضل سمجھا جائے گا! پھر کس منہ سے اپنے ہندوستانی ہونے کا دعویٰ کرتے ہیں؟ اور اونچی ذات والوں کا ظلم ہے کہ نیچ ذات والوں کو مردم شماری میں اپنی بڑی تعداد دکھانے کے لیے تو ہندو شمار کرتے اور اپنے میں ملاتے ہیں؛ مگر جب سلوک اور حقوق کا وقت آتا ہے، تو پھر وہی شودر، وہی مَلیچھ! وید پڑھنے کی نیچ ذات والوں کو اجازت نہیں؛ وہ لاکھ نیک ہوں، عالم ہو جائیں، مذہبی پیشوا نہیں بن سکتے۔

یہ سب ابلیس ازم کی اسکیمیں ہیں اور اَنَا خَیْرٌ مِّنْهُ پر مبنی ہیں۔ یہ تعصّبات نہ کبھی امن ہونے دیں گے، نہ اتحاد۔ جب تک رنگ و زمین وغیرہ کی عصبیت ہے، اتحاد و اتفاق کی کوئی صورت نہیں۔ ملکیوں کے گاڑھے پسینے سے فائدہ اٹھانا، عیش پرستی کرنا، پھر انہیں ذلیل و خوار کرنا اور بھوکا مارنا — کیا یہ تہذیب ہے؟ تہذیب تو اصلاحِ نفس، حُسنِ خُلق اور شفقت علیٰ خلق اللہ کا نام ہے؛ ان کے نزدیک حُسنِ نیت کا تہذیب میں کوئی حصہ نہیں۔ حالانکہ تہذیب (کلچر) خوبیِ صفاتِ نفسانی و مَلَکاتِ روحانی کا نام ہے،

جس کے آثار اعمالِ بدنی سے ظاہر ہوتے ہیں۔ مگر افسوس، آج کل تہذیب نام ہے بندگانِ خدا کو غلام بنانے کا، قتل و خون کرنے کا، اپنی قوم کے سوا سب کو غارت کرنے اور لوٹنے کا، شراب خواری، زنا کاری اور جوئے بازی کا۔ ضرورت پڑے تو مذہب کا نام صرف دوسری قوموں سے لڑانے کے لیے یاد آتا ہے۔ ضرورت پڑے تو اینٹی گاڈ والوں کی تائید سے بھی دریغ نہیں، اور خدا پرستوں کو تباہ کرنے میں کوئی کوتاہی نہیں۔

اصل میں تہذیبِ جدید بھی مادہ پرستی اور اینٹی گاڈ ہی کی ایک قسم ہے۔ ان کا نظریہ ایک ہی ہے: کھاؤ پیو، دوسروں کو مارو مٹاؤ، قتل و خون کا بازار گرم کرو، ان کا ملک و مال لوٹو، غارت کرو، ان کی آبادی گھٹاؤ، انہیں جنگ میں کاٹو، اور صرف اپنے ہی فوائد کو پیشِ نظر رکھو — چاہے دنیا تباہ ہو جائے، خلقِ اللہ برباد ہو جائے۔ رحم بزدلوں کا کام ہے؛ بہادر وہ ہے جو ہزاروں کو فنا کرے۔ ظلم و ستم قوی کے لوازم میں سے ہے۔

اپنی عزت دوسروں سے منوانا، اور ایک قوم کی ذلت ہی کو دوسری قوم کی عزت سمجھنا — یہی ان کا دین ہے۔ چند دیہاتیوں کو مار پیٹ کر ان کا مال زبردستی چھین لینے والے کو ڈاکو کہتے ہیں؛ مگر جو شخص ایک شہر، ایک ملک کو ویران و تباہ کرے، بم باری کرے، ملٹری و سول دونوں کے خون سے اپنے ہاتھ رنگین کرے، وہ فاتح ہے، وہ بڑا مہذّب و متمدّن ہے! خلاصہ یہ کہ آج کل اَنَا خَیْرٌ مِّنْهُ کا وہی قدیم نظریہ مدارِ تہذیب ہے۔ آج کل تہذیب دل کی صفت نہیں، مہلک اسلحہ کی صفت ہے۔

اور بعض کے نزدیک تہذیب صرف دھوتی، چپل اور پیتل کی لُٹیا تک محدود ہے! واہ ری تہذیب، ماشاء اللہ کے کلچر! بندگانِ غرض سے دنیا بھری پڑی ہے، اور بندگانِ خدا گوشہ نشین، پسے ہوئے ہیں۔ اَلْاَماں!
اَلْاَمَانُ مِنْ شُرُوْرِ هٰذَا الزَّمَانِ ۖ یَا حَنَّانُ، یَا مَنَّانُ، یَا رَحِیْمُ، یَا رَحْمٰنُ

جب کسی قوم میں یہ قابلیت نہیں کہ روئے زمین کے ہر بنی آدم کو — خواہ وہ کسی رنگ، قبیلے، زمین یا زبان کا ہو — اپنی قوم میں شریک کر لے، کیونکہ ساری دنیا کی زبان ایک نہیں ہو سکتی، نہ کسی ایک ملک میں ساری دنیا کے لوگ آباد ہو سکتے ہیں، نہ سب ایک قبیلے کے بن سکتے ہیں، نہ سب ایک رنگ کے ہو سکتے ہیں — تو آخر ان کے ایک ہونے کی کیا سبیل ہے؟
سب لوگوں کا خدا ایک ہے۔ اقل درجہ یہ کہ تمام دیوتاؤں کا ایک صدر دیوتا تو سب کو متفق علیہ ہے — خواہ وہ بطور پریسیڈنٹ ہو یا ڈکٹیٹر۔ اس اشتراک میں تو کسی کو اختلاف نہیں؛ مختلف معبودوں کے ماننے ہی سے آپس میں اختلاف پیدا ہوتا ہے، کیونکہ ہر ایک اپنے معبود کی طرفداری کرتا ہے، جس کا انجام فساد اور جنگ ہے۔ حاکموں اور آمروں کے اختلاف سے بھی اختلاف پیدا ہوتا ہے۔ لہٰذا خدا ایک ہے؛ اس کے سوا کسی اور کو آمر بننے اور حکم دینے کا حق نہیں۔

تمام رنگ و نسل کی عصبیتیں توڑ کر خدائی رشتے میں داخل ہو جاؤ، پھر امن ہی امن ہے۔ اور جہاں آمرِ حقیقی اللہ تعالیٰ ہے، وہاں اُس نے جزئیات میں اجتہاد کرنے کی بھی اجازت دی:

آیت [سورۃ الحشر 59:۲]
فَاعْتَبِرُوْا یَا اُولِی الْاَبْصَارِ

اِن بیسیوں ازموں میں صرف اسلام ہی خدائی ازم ہے۔ اسلام ہی تمام بنی آدم کو اپنی قومیت میں شریک کر لیتا ہے۔ اس میں حرّیت و مساوات ہے۔ اسی کا اعلان ہے:

آیت [سورۃ الحجرات 49:۱۳]
جَعَلْنٰکُمْ شُعُوْبًا وَّقَبَآئِلَ لِتَعَارَفُوْا

ہم نے تمہارے بڑے چھوٹے قبائل اسی لیے بنائے کہ باہم تعارف ہو۔ اور اسی میں ہے:

آیت [سورۃ الحجرات 49:۱۳]
اِنَّ اَکْرَمَکُمْ عِنْدَ اللّٰهِ اَتْقٰىکُمْ

یعنی جو زیادہ پرہیز گار ہے، وہی اللہ کے نزدیک بزرگ و معزّز ہے۔ اور اسی میں ہے:

آیت [سورۃ الحجرات 49:۱۰]
اِنَّمَا الْمُؤْمِنُوْنَ اِخْوَةٌ
حدیث نبوی ﷺ [شعب الایمان للبیہقی (۷۰۴۸)]
« اَلْخَلْقُ عِیَالُ اللّٰهِ، وَاَحَبُّهُمْ اِلَی اللّٰهِ اَنْفَعُهُمْ لِعِیَالِهٖ »
(رواہ البیہقی فی شُعَبِ الایمان)
حدیث نبوی ﷺ [صحیح البخاری (۱۳)، صحیح مسلم (۴۵)]
« لَا یُؤْمِنُ اَحَدُکُمْ حَتّٰی یُحِبَّ لِاَخِیْهِ مَا یُحِبُّ لِنَفْسِهٖ »
(متفق علیہ)
حدیث نبوی ﷺ [صحیح البخاری (۴۸۱)، صحیح مسلم (۲۵۸۵)]
« اَلْمُؤْمِنُ لِلْمُؤْمِنِ کَالْبُنْیَانِ یَشُدُّ بَعْضُهٗ بَعْضًا »
(متفق علیہ)
حدیث نبوی ﷺ [شعب الایمان (۷۰۴۸)، قوت القلوب]
« اَلتَّعْظِیْمُ لِاَمْرِ اللّٰهِ وَالشَّفَقَةُ عَلٰی عِیَالِ اللّٰهِ »
(رواہ البیہقی فی شُعَبِ الایمان)

کسی مسجد میں جا کر دیکھو: سیّد، شیخ، مغل، پٹھان؛ گورا، سانولا، کالا؛ عرب، ہندوستانی، ایرانی، افغانی، مصری، ترک، روسی — کسی میں کوئی امتیاز نہیں۔ مسلمان کا امتیاز صرف وہی ہے جو بابا آدم کا ہے۔ یہاں غلام شہنشاہ بن سکتا ہے۔ ہندوستان کے بادشاہوں میں خاندانِ غلاماں کا دور کس سے مخفی ہے؟ یہ ترک کون تھے؟ پہلے بت پرست تھے؛ سبحان اللہ کہ وہ بھی آگے چل کر خلیفہ و بادشاہ مانے گئے۔
سب سے پہلے حضرت ابوبکر صدیقؓ اور حضرت عمر فاروقؓ — جو بنی ہاشم سے تھے نہ بنی امیہ سے، نہ کسی بڑے قبیلے کی طرف منسوب — کس طرح خلافت کے لیے منتخب کیے گئے، اور کس طرح انہوں نے امن و امان سے خلافت کا کام چلایا! مگر جب ہمارے ہاں اعلیٰ خاندان اور فضل و برتری کا مسئلہ اٹھا، تو مسلمانوں میں بھی یہی روش پیدا ہونے لگی۔ دوسرے رشتوں کی طرفداری سے خدائی رشتہ ہاتھوں سے نکل گیا، اختلاف و تفریق پیدا ہوگئی، اور جہاں وفاق تھا وہاں نفاق آ گیا۔

اب ذرا اس وقت ہندوستان کے مسلمانوں پر غور کرو۔ ان میں سیّد و شیخ سبھی ہیں، اور اسلام میں نئے داخل شدہ بھی ہیں۔ سب کی قومیت کیا ہے؟ — مسلم۔ اورنگ زیب کے زمانے میں مسلمانوں کی مردم شماری ہوئی تو تین کروڑ مسلمان تھے۔ ان کے بعد ہندوستان میں کب کروڑوں عرب آئے؟ خود عربستان میں کروڑوں کی آبادی کب ہے؟ مگر اِس سال کی مردم شماری میں دس کروڑ سے زائد مسلمان ہیں۔ یہ کون ہیں؟ یہ وہی ہندوستانی ہیں جو داخلِ قومیت ہو گئے۔

سیّد و شیخ، جو عرب کی اولاد ہیں، ان کی آبادی ایک کروڑ سے زائد نہیں۔ غور کرو! کیا اِن برہمن و کھشتری اعلیٰ ذات والوں نے ہزاروں سال کے بعد بھی اپنی قوم میں دوسروں کو شریک کیا؟ نہ انہوں نے ہندوستانیوں سے شادی بیاہ کیا، اور ہندوستان والوں سے نہ ملنے کے سبب غیر ملکی کے غیر ملکی ہی رہے۔ اور مسلمانوں نے دوسروں کو اپنی قومیت یعنی خدائی رشتے میں شریک کیا، اصلی باشندوں سے شادی بیاہ کیا، یہاں تک کہ عربوں کی اولاد میں بھی ہندی خون مل گیا۔ پس مسلمان بے شک ہندی ہیں، اور آرین بت پرست بدیسی ہی رہے۔

ان بدیسیوں کو ہند میں رہنے کا کیا حق ہے؟ وہ اپنے وطن صحرائے گوبی یا وسط ایشیا کو چلے جائیں، سرزمینِ ہند کو اپنے وجود سے نیچ نہ بنائیں۔ نیچ تو تمہاری زبان ہے جو دوسروں کو نیچ کہتی ہے؛ نیچ تو تمہارا دل ہے جو اپنے ہی بنی نوع کو نیچ سمجھتا ہے۔ اے پردیسیو! غریب ہندیوں کی بڑی تعداد کو اپنی تعداد میں شریک کرنے کا تمہیں کوئی حق نہیں۔

مسلمانوں کی دیکھا دیکھی بعض ادھرمی لوگ دوسروں کو اپنے سماج میں شریک کرنے لگے ہیں، مگر انہوں نے فساد برپا کرنے کے سوا کوئی کام نہیں کیا۔ ان کے پاس نہ دھرم ہے نہ شاستر؛ اپنی عقلِ ناقص کے بندے ہیں۔ یہ ادھرمی، دھرم شاستر کے احکام کے خلاف مجلسِ وضعِ قوانین سے قانون پاس کراتے ہیں۔ سناتن دھرم والے تو دھرمی ہیں، شاستر کو مانتے ہیں؛ وہی کہتے ہیں: تم ادھرمی ہو، تمہارے پاس نہ دین ہے نہ خدائی آئین و قوانین۔

چند بے دین اور چند نام نہاد دھرمیوں نے کم عمری کی شادی کی ممانعت کے لیے مجلسِ وضعِ قوانین میں قانون پاس کرانے کی تحریک کی تھی۔ چونکہ حضرت عائشہؓ اور سیتا جی کی شادی قبل از بلوغ ہوئی تھی، لہٰذا ادھرمی اور بے دین ایک زبان ہو گئے۔ مگر مسلمانوں اور سناتن دھرمیوں کے اتفاق سے وہ قانون پاس ہوا اور یہ ادھرمی تحریک مسترد کر دی گئی، کیونکہ یہ مداخلت فی الدین سمجھی گئی۔

خود پرستی کا یہ نظریہ شاہِ ظلمات (ابلیس) کا ہے، نہ کہ خدا پرستوں کا۔ صلح و آشتی ان کا مقصد نہیں، اور امن پیدا کرنا ان کے پیشِ نظر نہیں۔
ہماری اس تقریر سے معلوم ہو گیا ہوگا کہ صرف اسلام ہی دوسروں کو اپنی قومیت میں داخل کرتا اور ان سے مساوات کا سلوک کرتا ہے۔ اسلام ہی تمام بنی آدم کو ایک کر سکتا ہے، اور ان میں اتحاد و اتفاق پیدا کر سکتا ہے۔ امن و امان پیدا کرنے کی صرف ایک صورت ہے: اسلام، اسلام، اسلام!

۞ ❁ ۞
وَاللّٰهِ الْحَمْدُ اَوَّلًا وَّآخِرًا وَّظَاهِرًا وَّبَاطِنًا
تمّت — «صدیق گلشن»، حیدرآباد دکن