🏠 Portal 🔍 Proofreading Workbench 📘 Bilingual Edition 📄 Markdown
صَلَا عَام
Salā-e-‘Ām: The Universal Proclamation
شمس المفسرین بحر العلوم حضرت محمد عبد القدیر صدیقی قادری حسرت رحمۃ اللہ علیہ
Ḥaḍrat Muḥammad ‘Abd al-Qadīr Ṣiddīqī Qādrī ‘Ḥasrat’ (Baḥr al-‘Ulūm)
حسرت اکیڈیمی پبلیکیشنز صدیق گلشن، بہادر پورہ، حیدرآباد دکن · چوتھا ایڈیشن، محرم ۱۳۹۸ھ / 4th Edition (1398 AH / 1978 CE)
آیتِ قرآنی
اُنْظُرْ إِلَىٰ مَا قَالَ وَلَا تَنْظُرْ إِلَىٰ مَنْ قَالَ
صَلَا عَام ہے یارانِ نکتہ داں کے لئے
صَلَا عَام
از: بحر العلوم حضرت محمد عبد القدیر صدیقی قادری حسرت رحمۃ اللہ علیہ

باہتمام: محمد عباس علم بردار صدیقی
سلسلۂ اشاعت حسرت اکیڈیمی، صدیق گلشن، نزد بہادر پورہ - حیدرآباد دکن
چوتھا ایڈیشن، محرم ۱۳۹۸ھ
قیمت: ۱/۵۰ روپے

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

آج کل دنیا کیسے جوبن پر ہے، اپنے کیسے کمالات دکھا رہی ہے! مواصلات اور آمد و رفت کی چیزیں سفر میں کیسی سہولتیں پیدا کر رہی ہیں۔ پہلے زمانے میں قحط میں ہزاروں آدمی مر جاتے اور ذریعۂ ملاقات مفقود یا دشوار ہونے کی وجہ سے کوئی کسی کی مدد نہیں کر سکتا تھا۔ اب موٹریں ہیں، ریلیں ہیں، ہوائی جہاز ہیں۔ سنتے ہیں کہ ایٹمی قوت سے اس سے بھی زیادہ آئندہ نقل و حرکت میں سہولت ہوگی۔ ایک شخص دوسرے شخص سے ملے ہیں، بلکہ ایک قوم دوسری قوم سے ملنے میں کتنی سہولتیں پیدا ہو گئی ہیں۔ اُڑن کھٹولہ ہم کہانیوں میں سنتے تھے، اب طیاروں کو آنکھوں سے دیکھ رہے ہیں۔ پہلے تارِ برقی کہاں تھی! ٹیلیفون کدھر تھا! ریڈیو اور ٹیلی ویژن کہاں تھے! دیکھو کیسے کیسے ایجادات ہو رہے ہیں۔

آپ نے جتنا کچھ بیان کیا دنیا کا ایک پہلو ہے، اس کے مقابل دوسرا پہلو کیا ہے؟ ہر ایک دوسروں سے اپنی پرستش کروانا چاہتا ہے۔ دوسروں کا مال لوٹ لیا، دوسروں کو قبر میں سلا دیا، نہیں بلکہ نیست و نابود کرنا مقصود ہے! آپ مواصلات میں سہولت پیدا ہونے کو بہت اہم سمجھے تھے، اب یہی مواصلات دوسروں کو تباہ کرنے میں سہولت پیدا کر رہے ہیں۔ ابھی آپ نے ایٹمی قوت کا ذکر کیا، میں کہتا ہوں:

یہی ایٹمی قوت تمام لوگوں کو تباہ کر کے رکھے گی۔ ایک طرف اشتراکیین! ایک طرف سرمایہ دار! ایک دوسرے کو ہلاک کرنے کے لئے منتظر ہیں۔ آپ کہتے ہیں ہر طرف آرام ہے، میں کہتا ہوں ہر طرف بے چینی ہے، اور سب اس وقت سے خائف ہیں کہ یہ ایٹم بم، ہائیڈروجن بم کب کام میں لائے جائیں گے اور یہ دنیا اور اس کے رہنے والے کب کتمِ عدم میں آرام سے ہو جائیں گے۔ دنیا میں تو راحت و اطمینان معدوم ہے اور تباہی کے بادل تمام لوگوں کے سروں پر منڈلا رہے ہیں۔ یہ سب کیوں ہو رہا ہے؟ خدا کو بھول گئے ہیں۔ خدا کی پرستش اب کہاں! گھر گھر دیوتا ہے جس کی پوجا کی جاتی ہے۔ باہر کیوں جائیں، خود اپنی پرستش کرتے ہیں اور دوسروں کو بھی اپنی پرستش پر مجبور کرتے ہیں۔

خدا سے منہ موڑے ہو تو اب آرام کہاں؟ چین کدھر؟ ہمارے پاس کثرت سے زحمت ہے اور وحدت سے راحت۔ خدا کو پکڑو، اس کا دامنِ محبت ہاتھ سے جانے نہ دو۔ خدا ایک ہے، عینِ وحدت ہے۔ تم اس وحدت کے زیرِ سایہ نہ رہو گے تو اطمینان کہاں سے پاؤ گے؟ آج کل ایک خدا کا مسئلہ سب کے پیشِ نظر ہے۔ بت پرستی کرنے والے بھی دعوے کر رہے ہیں کہ ہم بت پرستی نہیں کرتے بلکہ خدا پرستی کرتے ہیں۔ خدا تو سب کا ہے، ربوبیت اس کی شان ہے۔ حیات، علم، سمع، بصر، قدرت اس کی صفات ہیں۔ تم کو چاہیے کہ خدا کے رنگ میں رنگین ہو جاؤ:

آیت [سورۃ البقرۃ 2:۱۳۸]
صِبْغَةَ اللَّهِ ۖ وَمَنْ أَحْسَنُ مِنَ اللَّهِ صِبْغَةً ۖ وَنَحْنُ لَهُ عَابِدُونَ ۝

اللہ کے رنگ سے کس کا رنگ اچھا ہے؟ اللہ کی صفت تو حیات ہے، حیات دینا ہے۔ تم تو لوگوں کو مارنے اور برباد کرنے کے لئے کوشش کر رہے ہو۔

خدا کی صفت ہے ربوبیت، پالنا، پرورش کرنا۔ تم اپنا تو پیٹ بھی بھرتے ہو اور دوسروں کا کھانا چھیننے کے لئے سرگرم ہو۔ خدا کی صفت ہے رحمت، اور تم سے نمایاں ہے زحمت اور مصیبت! تم اس کو چاہتے اور اس سے محبت کرتے تو اس کے بنائے ہوئے کھلونوں کو، پتلیوں کو ضائع کرنے کے لئے جد و جہد نہ کرتے۔ خدا کا کام ہے ہر چیز کو پیدا کرنا اور تمہارا کام ہے ہر چیز کو فنا کرنا۔ خدا کو سمجھتے تو اس کی صفات تم سے بھی ظاہر ہوتے۔ تم خدا کی تصویر بن جاتے، مگر اپنی تصویر جو پیش کر رہے ہو وہ خدا کی نہیں شیطان کی ہے!

ہمارے پاس وحدت میں راحت ہے اور کثرت میں آفت ہے۔ ذرا غور کرو، مختلف چیزوں میں جب میزان قائم ہوتا ہے اور تناسب پیدا ہوتا ہے تو وہ وحدت کی صورت لیتی ہے۔ یہ وحدت صورت و شکل میں آتی ہے تو وہ حسن بنتی ہے؛ اعضاء کی حرکات میں تناسب پیدا کرتی ہے تو وہ ادا ہو جاتی ہے؛ ضربات میں پیدا ہوتی ہے تو وہ تال بنتی ہے؛ آواز میں جاتی ہے تو سر بنتی ہے۔ کیا سریلی آواز ہے! یعنی اس کی آواز میں کس قدر تناسب ہے، وحدت ہے۔ تم تو جس کو دیکھتے ہو غیریت کی نگاہ سے دیکھتے ہو۔ یہ غیریت، یہ کثرت آفت ہے، قیامت ہے، سراپا لعنت ہے۔ خدا سے ربط پیدا کرو اور سب میں خدائی رشتہ جوڑو۔ اللہ کے احکام پر چلو، جس بات سے منع کیا ہے اس کو ہرگز مت کرو۔ چند باتیں ہیں، اگر ان کا لحاظ رکھو گے تو تمہارا دین بھی اچھا ہوگا دنیا بھی۔

تکبّر (Arrogance)

اپنے کو دوسروں سے بہتر سمجھنا، یہ تکبر شیطانی صفت ہے۔

تکبر عزازیل را خوار کرد به زندان لعنت گرفتار کرد

خدا نے دیا ہے تو پھر شکریہ ادا کرو، مگر دوسروں کو ذلیل تو مت سمجھو۔ عُجب یعنی خود پسندی، اپنے میں آپ نازاں ہونا کہ میں اچھا ہوں۔ تکبر میں دوسروں کو دیکھنا پڑتا ہے اور عُجب میں دوسروں کو دیکھنے کی ضرورت نہیں، بلکہ میں اچھا، میں عالم، میں نیک، میں خوبصورت! دنیا پھر کر دیکھو گے تو تم سے زیادہ مالدار بھی ہیں، خوبصورت بھی ہیں، قوی اور طاقتور بھی ہیں۔ نہ دنیا کا پیسہ قابلِ اعتماد، نہ حسن و جمال قابلِ بھروسہ۔ خاک کے پتلے بنے ہو تو خاکساری چاہیے!

غیبت (Backbiting)

دوسروں کی برائیاں کرنا۔ بعض لوگ بڑی جراءت سے کہتے ہیں کہ ہم جو کچھ کہہ رہے ہیں سچ ہے۔ میں کہتا ہوں اگر سچ نہ ہوتا تو غیبت نہ ہوتی بلکہ تہمت ہوتی! دنیا میں اکثر لڑائیاں جھگڑے بدگوئی سے پیدا ہوتے ہیں۔ تم کسی کو برا نہ بولو گے تو دوسرا کیا دیوانہ ہے کہ خواہ مخواہ تمہارے سر آئے گا! آدمی کو اپنی غلطی معلوم نہیں ہوتی، دوسرے کی آنکھ کا تنکا نظر آتا ہے اور اپنے گلے کا طوق نظر نہیں آتا۔

راست گوئی (Truthfulness & Temperance in Speech)

سچ بولو، مگر بے ضرورت نہ بولو۔ آدمی زیادہ گوئی کرتا ہے تو اس سے زیادہ غلطیاں صادر ہوتی ہیں۔ زبان ہے تو چھوٹی چیز، مگر بڑے بڑے فسادات اسی سے ہوتے ہیں۔

حسد (Envy)

دوسروں کو خوشحال دیکھ کے جلنا اور دل میں خواہش رکھنا کہ اس کی عزت و آبرو باقی نہ رہے۔ دنیا میں سب سے پہلا گناہ جو ہوا حسد ہے۔ شیطان جل کر آدم کی عزت دیکھ نہیں سکا، پھر تکبر کیا، پھر خدا کے نہ ماننے پر تیار ہو گیا، اور آدمیوں کو گمراہ کرنے کے لئے دل میں ٹھان لی۔ دیکھو ان ساری بلاؤں کی اصل کیا تھی؟ حسد! حسد ایک آگ ہے، دوسروں کو نقصان پہنچانا ایک طرف، وہ خود جلتا جلتا فنا ہو جاتا ہے۔ حقیقتاً حسد خدا پر اعتراض کرنا ہے کہ خدا نے غیر مستحق کو دیا اور مجھے نہیں دیا۔

ریا (Ostentation / Hypocrisy)

دکھاوے کے کام۔ دوسروں کے دکھانے کے لئے کوئی اچھا کام کرنا ایک قسم کا شرک ہے۔ تمہارا مقصود اگر خدا ہوتا تو تم کو دوسروں کی کیا پروا ہوتی! تم نے تو اپنی عبادت کا بدلہ آدمیوں سے حاصل کر لیا؛ عابد، نیک، مشہور ہو گئے۔ اب خدا سے کس بات کا بدلہ چاہتے ہو؟ توبہ کرو، ریا سے بچو۔ کام کرو تو خالص اللہ کے واسطے کرو۔ کام میں اخلاص بڑی اہم چیز ہے۔ یہ رذائل ہیں، عیوب ہیں۔ اب ہم چند اور باتیں بیان کرتے ہیں، ان کو بھی یاد رکھو۔ ایک اہم بات یاد رکھنے کی ہے: جھوٹ سے بچنا۔ جھوٹ ہمیشہ ذلیل و خوار، ناقابلِ اعتبار۔

دوسروں سے ڈر کر جھوٹ بولنا، یہ اصل میں اللہ سے نہ ڈرنا ہے۔ جو اللہ سے ڈرتا ہے وہ کسی سے نہیں ڈرتا۔ دوسروں کے ہاتھ میں دھرا کیا ہے کہ نفع نقصان دے گا؟ مکاری کرنا، لوگوں کو دھوکہ دینا، وہ بھی چند پیسوں کے لئے یا جھوٹی عزت کے لئے! دوسروں کو دھوکہ دیا، دراصل خود کو دھوکہ دیا کہ بری بات کو اچھی سمجھ رہے ہیں۔ اللہ کا دل بڑا ہے، اس کا قصور کرو تو ممکن ہے کہ بخش دے۔ یہ آدمی بڑے چھوٹے دل کا ہے، اگر تم نے اس کا قصور کیا ہے تو وہ ہرگز نہیں بخشتا۔

دیکھو! ہر چیز کا ایک حق ہے، اور حقدار کو اس کا حق نہ دینا ظلم ہے۔ ماں باپ کی عزت کرو، خدمت کرو۔ جورو بچوں کو کھلاؤ پلاؤ، یہ ان کا حق ہے۔ قرابت داروں کا بھی حق ہے، پڑوسیوں کا بھی حق ہے، سلطنت کا بھی حق ہے، سلطنت کے دیگر ارکان کا بھی حق ہے۔ اور تو اور، تمہارا بھی تم پر حق ہے! تم خود کشی نہیں کر سکتے۔ ضرورت سے زیادہ کھانا بھی ظلم ہے، ضرورت سے زیادہ بھوکا رہنا بھی ظلم ہے۔ ہم اپنے آپ کو تکلیف دیتے ہیں نہ کہ دوسرے کو! جنابِ من! تم اپنے کب ہو؟ تم تو دوسرے کی ملک ہو، اس کے بندے ہو۔ اگر اپنے آپ کو راحت میں رکھنا نہیں چاہتے، تو اللہ کے اس بندے یعنی خود کو تکلیف دینے کا کیا حق ہے؟

یاد رکھو! پارہ نقطۂ اعتدال پر رہے۔ گرمی زیادہ ہوئی تو حرارت اور موت، گرمی کم ہو جائے تو ضعف اور موت۔

ایک بات یاد رکھو! قوم کے گنہگار مت بنو۔ قومی گناہ کرو گے تو تمام افرادِ قوم کے گنہگار ہوگے۔ ناجائز طور سے ایک پیسہ قوم کا لینا تمام قوم کے افراد کو باز پرس کرنے کا حق دیتا ہے۔

ایک بات اور یاد رکھو! امن تمام ضروریات سے اہم ہے۔ بدامنی سے تمدن خراب ہو جاتا ہے۔ ایک اور بات یاد رکھو! بڑے شر کے مقابل چھوٹے شر کو اختیار کرو، مگر ہمیشہ حق بات کہو۔ ہمت ہے تو حق بول کر مرو، یہی عرفان ہے، یہی گیان ہے، دھیان ہے۔

خدا کو جانتے ہو تو اس کے حکموں کو مانو۔ اس کے احکام کلی ہیں۔ شخصی فوائد کو چھوڑ دو، شخصی فوائد پر کلی فوائد کو ترجیح دو، یہی ایمان ہے، یہی دھرم ہے۔ تم نادان ہو، جاہل ہو۔ ایسے کی بات پر چلو جس کی انتہا خدا پر ہو۔ عقل کے ڈھکوسلے، نفسیات کے کرشمے، سب ہیچ ہیں، بے پایہ باتیں ہیں، بے پیندے کا لوٹا! جو خدا سے لیتا ہے، اس کے حکم پر چلتا ہے، ماشاء اللہ اس کی کیا بات ہے! یہ تو سب ظاہر کی باتیں تھیں اور ظاہر کی اصلاح کے لئے ضروری تھیں۔

چند اچھی باتوں کو بھی یاد رکھو۔ اس سے پہلے ہر کام میں، ہر وقت، ہر سانس میں اللہ کا خیال رکھو۔ رجوع الی اللہ آئندہ زندگی میں کامیابی کا دروازہ کھول دیتا ہے۔

تقویٰ (God-Consciousness)

ہر ایسی چیز سے بچو جس کا انجام برا ہو۔ جو خدا سے ڈرتا رہتا ہے اس کو کسی کا ڈر نہیں۔ دو ڈر ہرگز نہیں ہوتے؛ خدا سے نہیں ڈرتے ہو تو انجام سے ڈرتے رہو۔

صبر (Patience & Fortitude)

دنیا میں ہزاروں قسم کی مصیبتیں ہیں۔ مصیبت پر بے قرار ہونے سے مصیبت نہیں جاتی۔ مصیبت کیوں آتی ہے؟ یا تو تمہارے اعمال کی سزا ہے یا تمہارا امتحان ہے۔

ثابت قدمی عشق کی اُن پر بھی ہو ثابت وہ ظلم اگر کرتے ہیں، بے جا نہیں کرتے
قناعت (Contentment)

تھوڑے پر صبر کرنا قناعت ہے۔ خدا نے جو کچھ دے رکھا ہے اس پر خوش رہو، حرص مت کرو۔ مگر اپنی حالت کی درستی، اپنی عزت کی زیادتی، کوشش کر کے طلب کرو۔ آرزوئیں کرنے سے کیا حاصل؟ کچھ کام کرو۔ صبر ہے تو کڑوا، مگر اس کا ثمرہ میٹھا ہے۔

جو ہوتا ہے وہ ہوتا ہے، جو ملتا ہے وہ ملتا ہے جب اس کا ارادہ چلتا ہے تو اپنا ارادہ کون کرے!

انسان کو جو کچھ ملا ہے اس کو قبول کرے اور جو تکالیف اور مصائب اس پر پڑیں برداشت کر لے تو وہ صبر ہی ہے۔ صبر اور امتحان کے زمانے میں بڑی بڑی مصیبتیں اس پر پڑتی ہیں۔ بیوی بچے مر جاتے ہیں یا کھانے پینے کی سخت تکلیف ہوتی ہے، لوگ دشمن ہو جاتے ہیں اور جن جن سے مدد کی امید تھی سب پہلو تہی کرتے ہیں، مگر ان سب واقعات کو از جانبِ خدا سمجھ کر برداشت کر لیتا ہے، مگر ناگواری باقی رہتی ہے تو یہ صبر ہے۔

جب ناگواری چلی جائے اور اس سخت حالت کے ہوتے نہ ہونے کو برابر سمجھے تو یہ تسلیم ہے۔ اور جب تکلیفات کے برداشت کرنے میں لذت ملنے لگے اور خوشی ہوتی جائے تو یہ رضا ہے۔ مثلاً افیون کھانے والے کو تلخی محسوس ہوتی ہے، پھر جب اس کی عادت ہو جاتی ہے تو اسی میں مزہ ملنے لگتا ہے اور افیون نہ کھانے سے تکلیف ہوتی ہے، میٹھا کھانا اس تکلیف کے مقابلے میں ہیچ ہو جاتا ہے۔

ایک بزرگ ہستی کا مقولہ ہے کہ میں تکلیف کو، مصیبت کو، فقر و فاقے کو سیدھے ہاتھ سے لیتا ہوں، اور صحت اور عافیت کو، خوشحالی اور تونگری کو بائیں ہاتھ سے لیتا ہوں؛ یعنی تکالیف مجھے پسند ہیں، اور راحت آئے تو اس کو بھی قبول کر لیتا ہوں مگر بادلِ نخواستہ۔

ایک اور دوسری بزرگ ہستی کا قول ہے: اللہ ان صاحب پر رحم کرے، میں تو جو کچھ خدا دیتا ہے اس کو سیدھے ہی ہاتھ سے لیتا ہوں! یعنی جب سب منجانب اللہ سمجھا جاتا ہے تو سب اچھا ہی اچھا ہے۔ ان کی نظر دینے والے پر ہے نہ کہ دی ہوئی چیز پر۔ ایسے زمانے میں لوگوں کے تمام افعال اس کی نظر سے گر جاتے ہیں۔ کسی شخص کے ہاتھ میں کوئی چیز اور اس کے تحتِ قدرت نہیں سمجھتا۔ وہ خدا کے سوائے کسی کو موثر بالذات نہیں سمجھتا۔

پھر اس کی نظر سے سب کی خوبیاں ساقط ہو جاتی ہیں، اور سمجھتا ہے کہ خوبی ہو یا کسی قسم کا کمال ہو، وہ سب خدا کا کمال ہے۔ ہر چیز کو دیکھتا ہے اور خدا کے کمال کے خیال تک پہنچ جاتا ہے۔ اس کی نگاہ سے ماسوا اللہ کی تمام خوبیاں ہیچ پوچ ہو جاتی ہیں۔ وہ تمام خوبیوں کا موصوف ذاتِ خداوندی کو سمجھتا ہے۔ ہر حال میں الحمد للہ کہتا ہے، چونکہ ہر چیز میں سے خدائے تعالیٰ کے کمال کا جلوہ اس کی نظروں کے سامنے آ جاتا ہے، لہٰذا وہ کہتا ہے: سبحان الله و الحمد لله۔

ما سوا اللہ کے افعال تو اس کی نظر سے ساقط ہو چکے تھے، اب ما سوا کے صفات بھی اس نقطہ پر اس کی نظر سے گر جاتے ہیں۔ اب وہ ہے اور یادِ خدا ہے۔ اللہ کی یاد کرتا ہے اور اس کی یاد میں شاد رہتا ہے۔

غیر کا خیال اگر کبھی آ جائے تو استغفار پڑھ کر نکال دیتا ہے، پھر اس کی یاد میں ایسا منہمک و مستغرق ہو جاتا ہے کہ اتنا خیال بھی باقی نہیں رہتا، نہ اس کا خیال رہتا ہے کہ میں اللہ کو یاد کر رہا ہوں۔ لفظ 'میں' اس کے پاس لفظِ بلا معنی ہے، چونکہ اپنی انانیت کو قربانِ الوہیت کر دیتا ہے، اس واسطے اس وقت نہ ذکر ہے نہ ذاکر، صرف مذکور ہے۔

ابتدائی زمانے میں نیم بے ہوشی کی حالت میں کچھ بڑبڑاتا ہے۔ کبھی یہ کہتا ہے کہ میں لیلیٰ ہوں، کبھی یہ کہتا ہے نہ مجنوں ہے نہ لیلیٰ، کچھ ہے؟

جانتا ہوں کہ میں کچھ ہوں بیشک پر یہ معلوم نہیں کیا ہوں میں
کبھی ہنستا ہوں کبھی روتا ہوں میں یار کا ایک تماشا ہوں میں
ان کے قدموں میں پڑا رہتا ہوں قدِ محبوب کا سایہ ہوں میں

اس کے بعد کیا ہوتا ہے؟ نہ بولتا ہے نہ چلتا ہے، نہ بکواس ہے نہ بڑبڑاتا ہے۔ ایک بجلی گرتی ہے اور ما سوا اللہ کو فنا کر دیتی ہے۔

آنا گیا، ھُو رہ گیا۔ بلکہ ایک ھُو کا میدان ہو گیا۔ یہ حالت کیا ہے؟ موت کا بھائی ہے، نہ انا ہے نہ انا کا علم۔ فنا ہے، فناء الفناء ہے۔ پھر خدائے تعالیٰ کی رحمانیت اس کو زندہ کرتی ہے۔ جو کچھ کھو چکا تھا پھر پاتا ہے۔ عامۃ الناس میں اور اس میں صرف اتنا فرق رہ جاتا ہے کہ اس کو دوامِ حضورِ حق رہتا ہے۔

همه را بسته آن زلف پریشاں داری غمزه خاص به هر گبر و مسلمان داری

وہ سب کا حق ادا کرتا ہے، مگر ہستیِ حق کا شعور تحت الشعور ہو جاتا ہے، بلکہ عین شعور بن جاتا ہے۔

لَا إِلٰهَ إِلَّا اللّٰهُ مُحَمَّدٌ رَّسُوْلُ اللّٰهِ

یہ سب تعلیم محمد رسول اللہ کی ہے، یہی ایمان ہے، یہی اسلام ہے۔
اللہ، بس! باقی ہوس!
فقیر محمد عبد القدیر صدیقی حسینی حسرت حیدرآبادی

نصیحت: از بحر العلوم حضرت محمد عبد القدیر صدیقی حسرت رحمۃ اللہ علیہ
سن لو میری نصیحت ہے جس میں سراسر حکمت ہے مال تو آتا جاتا ہے، علم و ہنر سے عزت ہے
صبر کرو ہر مشکل میں، آخر فتح و نصرت ہے شیر و شکر آپس میں رہو، میٹھی سب سے محبت ہے
قدم بڑھاتے ہی رہنا، مرد وہی ہے جو باہمت ہے وقت کو تم ضائع نہ کرو، وقت بہت لاقیمت ہے
جو ہوتا ہے اچھا ہے، اپنی اپنی قسمت ہے پھل کاموں کا ملتا ہے، جس کی جیسی نیت ہے
باتوں سے کیا ہوتا ہے، کام سے سب کچھ عزت ہے جھوٹا خوار ہے دنیا میں، جھوٹے کی کیا وقعت ہے
گرد میں مردوں کی رہنا، اس میں سراسر عزت ہے اپنے دل کو پاک رکھو، بہتر دل کی طہارت ہے
اللہ ہر شئے پر ہے قدیر اس کا بندہ حسرت ہے
بحر العلوم حضرت حسرت صدیقی کی بعض اور تصانیف

۱- اعجاز القرآن: وجوہِ اعجازِ قرآن پر بحر العلوم کا جامعہ عثمانیہ کی طرف سے فاضلانہ خطبہ (ایک نقشِ نگیں)
۲- آیاتِ بینات: منتخبہ آیاتِ قرآنی مع ترجمہ جو امت کے اتحاد کے لئے مشعلِ ہدایت ہیں
۳- درسِ قرآن: سورۃ والضحیٰ سے سورۃ الناس تک تفسیر جس میں بعض اہم مسائل سے بحث کی گئی ہے
۴- تفسیر لطیفی: پارۂ عم کی تفسیر جس میں خاص طور سے عورتوں سے مخاطبت ہے
۵- تفسیر صدیقی: قرآن مجید کی مکمل و بے نظیر تفسیر
۶- المعارف: تصوف و فلسفہ پر معرکۃ الآراء تصنیف
۷- حکمتِ اسلامیہ: اسلامی فلسفہ و اخلاقیات پر شاہکار رسالہ
۸- حقیقتِ بیعت: بیعت کی حقیقت کیا ہے اور بیعت کیوں ضروری ہے
۹- وصیت و وراثت: وصیت کن کو کی جا سکتی ہے، وصیت و وراثت کے سلسلہ میں ایک مکمل ہدایت
۱۰- سماع: سماع یا قوالی کے جواز پر مدلل بحث
۱۱- تفہیماتِ صدیقی: مختلف آیاتِ قرآنی کی تفہیم و تطبیق، تصوف کی اصطلاحات سے لے کر آیاتِ قرآنی کے متعلق مختلف سوالات کی تفہیمِ عمیق
۱۲- کلیاتِ حسرت: بحر العلوم کے اردو، فارسی، ہندی اور عربی کلام کا مجموعہ

ملنے کا پتہ (Distribution Depots)

۱- اسٹوڈنٹس بک ڈپو، چار کمان، حیدرآباد
۲- بک سلیکشن سنٹر، رائل مارکیٹ، حیدرآباد
۳- مکتبۂ القلم، نیو روڈ، حیدرآباد
۴- درگاہ شریف صدیق گلشن، بہادر پورہ، حیدرآباد دکن