باہتمام: محمد عباس علمبردار صدیقی
حسرت اکیڈیمی پبلیکیشنز، صدیق گلشن، حیدرآباد دکن - ۵۰۰۲۹۲
جملہ حقوق محفوظ
یعنی بیشک جو لوگ تم سے بیعت کرتے ہیں وہ اللہ ہی سے بیعت کرتے ہیں۔ اللہ کا ہاتھ ان کے ہاتھوں پر ہے۔ پھر بیعت کے بعد جو عہد توڑ دیتا ہے تو اس کا وبال خود اس پر پڑے گا اور جو اللہ سے کئے ہوئے عہد پر وفاداری سے رہے گا تو عنقریب اللہ اس کو اجرِ عظیم عطا کرے گا۔
صاحبو! بیعت کیا ہے؟ اور اس کے اغراض و مقاصد کیا ہیں؟ بیعت ایک معاہدہ ہے۔ عربوں کی ایک عادت یہ ہے کہ کوئی معاہدہ کیا جاتا ہے تو ہاتھ پر ہاتھ مارتے ہیں۔ تمام سلطنتوں میں حلفِ وفاداری لیا جاتا ہے، اسی طرح کسی اہم بات کی تاکید پر بیعت لی جاتی ہے۔ رسولِ خدا صلی اللہ علیہ وسلم کے زمانہ میں کوئی مسلمان ہوتا تو بیعت کرتا؛ توبہ کرتا تو بیعت لی جاتی۔ بیعتِ تقویٰ و توبہ عورتوں سے بھی لی جاتی۔
بعض دفعہ رسولِ خدا صلی اللہ علیہ وسلم نے اللہ اور اس کے رسول کی محبت میں ثابت قدم رہنے کے لئے بھی بیعت لی ہے۔ غرض کہ کسی اہم چیز پر عہد لینے کا نام بیعت ہے۔
قرآن شریف، حدیث اور کتبِ فقہ سب ہمارے سامنے ہیں، پھر کسی کے ہاتھ پر بیعت کرنے کی کیا ضرورت ہے؟
دیکھو! ذرا غور کر کے اس کا جواب دو کہ دو اور دو چار ہوتے ہیں۔ چار میں سے اگر دو تفریق کریں تو دو باقی رہتے ہیں۔ حساب ایسا یقینی علم ہے کہ دوسرا کوئی علم اس قدر یقینی و قطعی نہیں ہو سکتا۔ مگر پہلی جماعت سے لے کر دسویں جماعت تک حساب کی تعلیم اساتذہ سے حاصل کی جاتی ہے تب کہیں اس میں مہارت حاصل ہوتی ہے۔ اصل بات یہ ہے کہ آدمی کو اپنی غلطی معلوم نہیں ہوتی، استاد شاگرد کی غلطیوں کو پکڑتا جاتا ہے۔ جب ایسی صریح چیزوں میں علم کے باوجود غلطی کے امکان سے استاد کی ضرورت ہوتی ہے، تو لطیف اور نازک باطنی چیزوں میں غلطیوں کا ہونا کیا انوکھا ہے؟ استاد شاگردوں کی نگرانی کرتا ہے اور ان کو ان کی غلطیوں پر متنبہ کرتا رہتا ہے۔ اسی طرح دینی کاموں میں استاد کی ضرورت ہوتی ہے، تو راہِ خدا کے سلوک کے روحانی استاد، پیر و شیخ کی کیوں ضرورت نہ ہوگی؟
اچھا! ایک شیخ کی تعلیم کے پابند رہنے کی کیا وجہ ہے؟ مختلف لوگوں کے مختلف خیالات سن کر ایک شخص متذبذب ہو جاتا ہے، اس واسطے اپنے مقتضائے طبیعت کے موافق ہستی کو اپنا پیر بنانا چاہیے۔
ذرا غور کرو! کسی اہم مقدمہ کے لئے اگر ہر پیشی پر ایک نیا وکیل بدلا جائے تو نہ کامیابی کی توقع ہو سکتی ہے نہ مقدمہ سلجھ سکتا ہے۔ اردو اور انگریزی میں قانون کی بیسیوں کتب موجود ہیں، کیا کوئی شخص ان کو دیکھ دیکھ کر خود مقدمہ چلا سکتا ہے؟ نہیں! ہر کام میں ایک شخص ماہر ہوتا ہے، اسی پر اعتماد کر کے اپنے تمام مقدمات و معاملات کو اس کے حوالے کرنے کی ضرورت ہے۔
عام طور پر پیرانِ عظام کس طرح بیعت لیتے ہیں؟ مریدوں کا ہاتھ پکڑتے ہیں اور ان سے عہد لیتے ہیں کہ اللہ اور اس کے رسول کے حکم کے مطابق رہیں گے، اور ان سے جس قدر ہو سکے گا رذائل سے اجتناب اور فضائل پر کاربند رہیں گے۔ اور اگر کسی کو پوری تعلیم نہ ہوئی ہو تو دوسرے شیخ کی ارادت حاصل کی جاتی ہے اور اس کو طالب ہونا کہتے ہیں۔
بعض لوگ کسی اچھے اور تجربہ کار مذہبی شخص سے دوستی پیدا کرتے ہیں اور اس کے نیک مشوروں کو سنتے اور ان پر عمل کرتے ہیں۔ ایسے شخص کو رفیقِ راہِ خدا کہا جاتا ہے؛ ایسا شخص مرشد تو نہیں مگر مشیر ضرور ہوتا ہے۔
بیعت کے وقت استغفار و عہد کے الفاظ کہنے کے بعد «إِنَّ الَّذِينَ يُبَايِعُونَكَ إِنَّمَا يُبَايِعُونَ اللَّهَ...» إلی آخرہ پڑھتے ہیں۔ اور بعض شیوخ مرید کو اس آیت کی وصیت کرتے ہیں:
ترجمہ: یقیناً اللہ تم کو حکم دیتا ہے عدل اور احسان کا اور قرابت داروں کو دینے کا، اور تم کو منع کرتا ہے بے حیائی اور منکر اور حق تلفی و سرکشی کی باتوں سے؛ تم کو نصیحت کرتا ہے تاکہ تم نصیحت قبول کرو۔
اس کے بعد شیخ ہمیشہ مرید کو اپنی نگرانی میں رکھتا ہے، اور ہر وقت اپنے حسنِ توجہ سے، روحانی امداد سے، اور قوتِ خیالی و ارادی سے مرید کو بری باتوں سے روکتا ہے اور نیک اعمال کو اور ان کی نیتوں کو درست رکھتا ہے۔
بعض دفعہ چھوٹے کم سمجھ بچوں سے بھی بیعت کی جاتی ہے، اس کو بیعتِ برکت کہتے ہیں۔ یہ تو مردوں کی بیعت کا ذکر تھا۔ عورتوں کی بیعت میں خالی زبان سے بیعت کر لینا کافی ہوتا ہے۔ بزرگانِ دین اپنے رومال یا چادر کا ایک گوشہ خود پکڑتے ہیں اور دوسرا گوشہ عورت کو دیتے ہیں کہ پکڑے۔ بعض لوگ لگن میں پانی رکھتے ہیں اور اس کے ایک جانب شیخ کا ہاتھ ہوتا ہے اور دوسری جانب مرید ہونے والی عورت کا۔ اکثر عورتیں معمر اور بوڑھے شیخ کے سامنے بے پردہ ہوتی ہیں، مگر مرید ہونے والی عورت کا شیخ کے سامنے بے پردہ ہونا کوئی ضروری چیز نہیں ہے، چاہے شیخ معمر اور بوڑھا ہی کیوں نہ ہو۔
بیعت کے وقت مرید کیسا ہونا چاہیے؟ بعض لوگ کہتے ہیں کہ جوان ہو، اور بعض فرماتے ہیں کہ صاحبِ فہم و فراست ہو، اچھی بری بات میں تمیز کر سکتا ہو۔ اچھا تو شیخ کیسا ہونا چاہیے؟ مریدی کی غرض اور مقصد کو پورا کرنے کی قابلیت رکھنے والا ہو۔ بعض شیوخ کا خیال ہے کہ مرشد قرآن شریف کے احکام کی آیتوں اور حدیث و فقہ کے ضروری مسائل سے بھی واقف ہو، اور کسی تجربہ کار متقی کے فیضِ صحبت سے بہرہ یاب ہو۔ بعض بزرگوں نے اچھے مرشد کی یہ تمیز بتائی ہے کہ جس کی صحبت میں وساوس اور فضول خیالات سب بند ہو جائیں، اور آدمی کا دل خدا اور رسول کے ساتھ وابستہ ہو جائے۔
اچھے اور برے کو جانچنے کا ایک بڑا معیار انسان کی آنکھ ہے۔ جس کا دل مستقیم ہوتا ہے اس کی آنکھ بھی ایک نقطہ پر قائم ہوتی ہے؛ پریشان خاطر کی آنکھ بھی پریشان رہتی ہے۔ یہ بات یاد رکھنے کے قابل ہے کہ ہر شخص میں سے اس کے خیالات اور اس کی صحبت کے اثرات تموج کرتے ہیں اور چاروں طرف پھیلتے ہیں۔ نیک کی صحبت سے نیکی حاصل ہوتی ہے اور بد کی صحبت سے بدی۔
پانی پر اگر ایک کنکر ڈالیں تو اس سے تھوڑا تموج اور چھوٹا دائرہ پیدا ہوگا۔ اگر ایک کنکر اور ایک بڑا پتھر دونوں بیک وقت پانی پر ڈالے جائیں تو بڑے پتھر کا تموج کنکر کے تموج کو اپنے تموج میں مضمحل کر دے گا۔ اسی طرح معمولی خیالات والا آدمی، کمزور یقین کا شخص اگر کسی کامل کی صحبت میں بیٹھے تو اس کے وساوس اور واہی تباہی خیالات مضمحل اور معدوم ہو جائیں گے، اور وہ کامل اور قوی ارادہ والے شخص کے اثرِ صحبت سے متاثر ہو جائے گا۔
اس سے بھی شیخِ کامل کے اثرِ صحبت کی ضرورت ثابت ہوتی ہے۔ الغرض شیخِ کامل کی صحبت کی ضرورت اور اس کے اثرات ناقابلِ انکار ہیں۔
یہ بات بھی قابلِ یادداشت ہے کہ اگر کسی سے بیعت کے بعد کچھ خطا صادر ہو تو پھر توبہ کرے۔ اگر بے گناہ شخص بھی استغفار کرے تو یہ اس کے حق میں اچھا ہی ہوگا۔
کیا ہر شخص کو مرید ہونا ضروری ہے؟ ایک شخص رذائل سے مجتنب اور اوصافِ حسنہ سے متصف ہونے کو ضروری سمجھتا ہے اور اس کو ایک اعلیٰ معیار پر ادا کرنا چاہتا ہے۔ اگر آپ اس کو ضروری نہیں سمجھتے تو آپ کو محرومیت مبارک! بزرگوں کا مقولہ ہے: «مَنْ لَا شَيْخَ لَهُ فَشَيْخُهُ الشَّيْطَانُ» (جس کا کوئی پیر نہیں ہوتا اس کا پیر شیطان ہوتا ہے)۔
یہ بھی واضح ہے کہ قرآن و حدیث کی کتابیں موجود ہیں، تصوف اور سلوک کی کتابیں بھی مہیا ہیں؛ پھر یہ قادری، چشتی، نقشبندی وغیرہ مختلف طریقے کیوں پیدا ہوئے؟ اس کا جواب یہ ہے کہ قرآن و حدیث سے استنباط کرنے والے ائمۂ فقہ جس طرح مختلف ہیں—کوئی حنفی ہے، کوئی شافعی، کوئی مالکی اور کوئی حنبلی—اسی طرح راہِ سلوک طے کرنے والے بھی قادری، چشتی، نقشبندی وغیرہ ہیں۔
ایک بات یاد رکھو: لوگوں کے مذاق مختلف ہوتے ہیں، ان کے طبائع جدا ہوتے ہیں۔ کسی کو شوخی و محبت پسند ہوتی ہے اور کسی کو متانت و سنجیدگی۔ ہر ایک اپنے ہم مذاق شیخ کو ڈھونڈتا ہے:
دیکھو! «لَوَجَدُوا اللّٰهَ تَوَّابًا رَّحِيْمًا» کی علت یا سبب «وَاسْتَغْفَرَ لَهُمُ الرَّسُوْلُ» ہے۔ اس سے تو صاف معلوم ہو رہا ہے کہ اکیلے اکیلے استغفار کر لینے سے کام نہیں چلتا، کسی روشن دل شخص کی بھی دعائیں لینی چاہییں۔ جب تک سرکار پردہ نہیں فرمائے تھے، حضرت خود دعائے مغفرت فرماتے تھے۔ اب جب کہ جاہلوں کی آنکھوں سے پردہ فرمایا ہے تو ان کا جانشین، ان کا قائم مقام دعائے مغفرت دے گا جس کی امیدِ قبولیت ہے۔
قرآن شریف میں ہے کہ اولاد اگر عمل میں کم بھی ہو تو اللہ تعالیٰ ان کو ان کے مومن ماں باپ سے ملا دیتا ہے۔ یہ مرید کون ہیں؟ روحانی اولاد ہیں! انشاء اللہ مریدین اپنے مرشد سے ملحق ہو جائیں گے، ان کے ساتھ اٹھیں گے، جہاں مرشد رہیں گے وہیں مرید بھی رہیں گے۔
یہ خلافت کیا چیز ہے؟ یہ مرید کے لائق ہونے کی تصدیق ہے۔ طالب علم پڑھتے پڑھتے جب لائق ہو جاتا ہے تو استاد سند دیتا ہے، سرکار سے سرٹیفکیٹ عطا کیا جاتا ہے۔ مگر یاد رکھو! نہ رسمی مریدی کام آتی ہے نہ رسمی خلافت مفید ہے۔ اعتقاد اور عمل دونوں خدا کی نعمت ہیں، خدا کا عطیہ ہیں۔ کوشش کرو کہ تم عطایائے الٰہی کے مستحق ہو جاؤ۔
آخر اس خلیفہ کی تحقیق کیا ہے؟ خلیفہ 'خلف' سے ماخوذ ہے، خلف کے معنی پیچھے کے ہیں۔ جو پچھلا شخص پہلے شخص کی اتباع کرتا ہے اور اس کا کام انجام دیتا ہے وہ اس کا خلیفہ ہے۔ رسولِ خدا صلی اللہ علیہ وسلم سے مسلمانوں کو قرآن پہنچا، حدیث پہنچی، آپ کے فیضِ صحبت سے تزکیۂ نفس ہوا۔ جو شخص قرآن شریف کو پڑھ کر سناتا ہے اور دوسروں کو صحیح پڑھنے کی تعلیم دیتا ہے یعنی قاری ہے، وہ بھی خلیفہ ہے۔ جو قرآن شریف کے معانی کی توضیح کرتا ہے یعنی تفسیر لکھتا ہے، وہ مفسر ہے، خلیفہ ہے۔ جو احادیثِ نبوی کی روایت کرتا ہے اور تحقیق کے بعد امت کو پہنچاتا ہے یعنی محدث ہے، وہ بھی خلیفہ ہے۔ جو قرآن اور حدیث سے احکام کو مستنبط کرتا ہے یعنی مجتہد اور فقیہ ہے، وہ بھی خلیفہ ہے۔
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو ظاہری حکومت و سلطنت بھی دی گئی تھی، لہٰذا جو عادل بادشاہ اتباعِ شریعت کرتا ہے اور دوسروں کو قواعدِ اسلام کا پابند کرتا ہے وہ بھی خلیفہ ہے۔ جو اسرارِ دین بیان کرتا ہے، تزکیۂ نفس اور اصلاحِ خیالات کرتا ہے اور روحانیات کی تعلیم دیتا ہے، وہ بے شک خلیفہ ہے اور بہتر خلیفہ ہے۔
غرض کہ جو جس قدر رسولِ خدا صلی اللہ علیہ وسلم کی اتباع کرے گا، آپ کی تعلیم کی تبلیغ کرے گا، اور «بَلِّغْ مَا أُنْزِلَ إِلَيْكَ» کے نقشِ قدم پر چلے گا تو وہ اسی پیمانہ کا خلیفہ ہوگا۔ اور جو ابتدا سے انتہا تک تمام کاموں میں رسالت کی خدمت کرے گا اس کے کیا کہنے! وہ جانشینِ نبی ہے، وہ تصویرِ محمدی ہے؛ جیسے حضرت ابوبکر صدیق، حضرت عمر فاروق، حضرت عثمان غنی، حضرت علی مرتضیٰ رضی اللہ عنہم اجمعین۔
ہمارے زمانہ میں کئی قسم کے مشائخ تھے۔ مرید مرشد کے پاس صرف تعلیم کے لئے حاضر ہوتے، اپنے اپنے گھروں میں رہتے تھے، اپنے کھانے پینے کا انتظام خود کرتے تھے؛ تعلیم کے سوا کسی اور چیز کی ذمہ داری مرشدوں پر نہ آتی۔ بعض مشائخ ایسے بھی تھے کہ ان کا اور ان کے بیوی بچوں کا بار صرف ان کی ذاتی آمدنی پر رہتا۔ انہی بزرگوں میں سے ایک کی بیوی کے پاس پان کی تھیلی رہتی، پاندان تک موجود نہیں۔ باہر مدرسہ ہے، خانقاہ ہے، رہنے سہنے کا انتظام ہے۔ جو آمدنی ہوتی ہے وہ سب گھر کے باہر مہمانوں اور طالب علموں پر خرچ ہوتی ہے۔
پیر صاحب اور ان کے بچوں کا کھانا پینا الگ، اور اس کا بار پیر صاحب کے ذاتی مال پر پڑتا۔ قومی کام الگ، شخصی کام الگ! گھر میں دال روٹی، اور باہر قومی سرمایہ سے پلاؤ بھی پک رہا ہے، عرس بھی ہو رہا ہے، لوگوں کو دعوتیں بھی دی جا رہی ہیں۔ ان کے مرید بھی ایسے ہیں کہ: حضرت! آپ کی صاحبزادی کے لئے فلاں فلاں جگہ سے نسبت آئی ہے، آپ ان میں سے کسی نسبت کو انتخاب فرمائیں۔ حضرت صاحب ایک نسبت کو پسند فرماتے ہیں، اور مرید لوگ صاحبزادی کے جہیز اور شادی کا ایسا انتظام کرتے ہیں کہ باید و شاید!
بعض ایسے بھی مشائخ تھے کہ مرید جو کچھ نذر کرتے وہ حضرت پیر و مرشد کے پاس جمع ہوتا۔ مردانہ کا انتظام بھی پیر صاحب فرماتے اور زنانہ کا بھی۔ خود پیر صاحب مذہبی، اخلاقی، روحانی تعلیم و تربیت کے سوائے یتیم لڑکے اور لڑکیوں کی شادی بیاہ، نوکری چاکری اور دوسرے تمام ضروریات کی تکمیل کرتے۔ اس زمانہ میں نہ قومی چندوں کی مانگ تھی نہ یتیم خانوں کی ضرورت! مرشد کو نذر دینے میں مرید کوتاہی نہ کرتے، اور مرشد اپنے مریدوں کی تربیت و پرورش میں کسی قسم کی کمی نہ کرتے۔
اب زمانہ بدل گیا ہے: نہ وہ مرشد رہے نہ وہ مرید! صبح سے شام تک ہائے ہائے اور چندہ بازی ہے، مگر کوئی کام چلتا نظر نہیں آتا۔ کامیابی و خوشحالی ایک حجرے میں بیٹھ کر دروازہ لگا لی ہے۔ آج کل بیواؤں اور یتیموں کے لئے چندہ وصول ہوتا ہے، مگر بیوہ کون ہے؟ خود حضرت کی بیوہ! اور یتیم کون ہیں؟ حضرت کے صاحبزادے اور صاحبزادیاں! میری آنکھیں یہ سب کچھ تماشا دیکھ چکی ہیں۔ اب میرا کام کیا ہے؟ دل سے رونا اور زبان سے افسوس کرنا!
إِلٰهِيْ أَظْهِرْ عَلَىٰ ظَاهِرِيْ سُلْطَانَ لَا إِلٰهَ إِلَّا اللّٰهُ (۳ بار)۔
وَحَقِّقْ عَلَىٰ بَاطِنِيْ بِحَقَائِقِ لَا إِلٰهَ إِلَّا اللّٰهُ (۳ بار)۔
وَاسْتَغْرِقْ فِيكَ ظَاهِرِيْ بِإِحَاطَةِ لَا إِلٰهَ إِلَّا اللّٰهُ (۳ بار)۔
وَاحْفَظْنِي اللَّهُمَّ بِكَ لَكَ فِي مَرَاتِبِ وُجُودِكَ وَشُهُودِكَ حَتَّىٰ لَا أَشْهَدَ غَيْرَ أَفْعَالِكَ وَصِفَاتِكَ بِوَجْهِ الْحَقِّ الَّذِي لَا إِلٰهَ إِلَّا أَنْتَ بِسِرِّ لَا إِلٰهَ إِلَّا اللّٰهُ (۳ بار)۔
مُحَمَّدٌ رَّسُوْلُ اللّٰهِ (ایک بار)۔
إِلٰهِيْ بِعَظَمَتِكَ وَجَلَالِكَ ارْزُقْنِيْ حُبَّكَ يَا اللّٰهُ (۳ بار)۔
إِلٰهِي اجْعَلْ قَلْبَ عَبْدِكَ الضَّعِيفِ مَظْهَرًا لِذَاتِكَ وَمَنْبَعًا لِأَنْوَارِكَ يَا اللّٰهُ (۳ بار)۔
يَا وَاحِدُ (۳ بار)! اجْعَلْنِيْ مُوَحِّدًا بِنُورِ وَحْدَانِيَّتِكَ، مُفْرَدًا فِيْ شُهُودِ فَرْدَانِيَّتِكَ يَا وَاحِدُ (۳ بار)۔ إِلٰهِيْ أَنْتَ الْمُتَوَحِّدُ فِيْ ذَاتِكَ بِأُلُوهِيَّتِكَ يَا وَاحِدُ (۳ بار)۔
يَا عَزِيزُ (۳ بار)! اجْعَلْنِيْ بِعِزَّتِكَ مِنَ الْأَعَزِّينَ بَيْنَ يَدَيْكَ يَا عَزِيزُ (۳ بار)۔ وَاسْتَعْمِلْنِيْ بِأَعْمَالِ الْأَعَزِّينَ لَدَيْكَ يَا عَزِيزُ (۳ بار)۔
يَا وَهَّابُ (۳ بار)! هَبْ لِيْ مِنْ جَزِيلِ هِبَتِكَ مَا يُبَلِّغُنِيْ إِلَىٰ مَرْضَاتِكَ يَا وَهَّابُ (۳ بار)۔
إِلٰهِيْ حَقِّقْنِيْ بِمَوَاهِبِ حَقِيقَةِ حَقِيقَتِكَ يَا وَهَّابُ (۳ بار)۔
إِلٰهِي كَوْنِيْ شَاهِدٌ عَلَيَّ بِالِافْتِقَارِ إِلَىٰ غِنَاكَ الْمُطْلَقِ الْكَامِلِ بِالذَّاتِ، فَامْنُنْ عَلَىٰ عَبْدِكَ الضَّعِيفِ بِغِنًى أَكُونُ بِهِ غَنِيًّا مُغْنِيًا، مَعَ شِدَّةِ غِنَاهُ بِوَصْفِ الْفَقْرِ بَيْنَ يَدَيْكَ، إِنَّكَ أَنْتَ الْغَنِيُّ الْوَهَّابُ يَا وَهَّابُ (۳ بار)۔
إِلٰهِيْ أَعْطِنِيْ وُدًّا فِيْ قُلُوبِ عِبَادِكَ الْمُؤْمِنِينَ يَا وَدُودُ (۳ بار)۔
إِلٰهِي اكْفِنِيْ شَرَّ مَنْ كِفَايَتُهُ بِيَدِكَ يَا وَدُودُ (۳ بار)۔
(خَتْمْ شُدْ)